کتاب 77: كتاب اللباس
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 5803
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی۔ ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! مُحرم کیا کپڑے پہنے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قمیص نہ پہنو اور نہ پگڑیاں اور نہ پاجامے اور نہ ٹوپی والے کوٹ اور نہ ہی موزے مگر جس کے پاس جوتیاں نہ ہوں تو وہ موزے ہی پہن لے اور ان کو ٹخنوں کے نیچے تک کاٹ دے اور نہ ہی کوئی ایسے کپڑے پہنے جن کو زعفران یا ورس لگا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5804
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے جابر بن زید سے، جابر نے حضرت ابن عباسؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جسے تہ بند نہ ملے تو وہ پاجامہ پہن لے اور جس کے پاس جوتیاں نہ ہوں تو وہ موزے پہن لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5805
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کھڑا ہوا، کہنے لگا: یا رسول اللہ! جب ہم احرام باندھیں تو آپؐ ہمیں کیا پہننے کا حکم دیتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: قمیص، پاجامے، پگڑیاں، ٹوپی والے کوٹ اور موزے نہ پہنو۔ مگر یہ کہ کوئی ایسا شخص ہو جس کے پاس جوتیاں نہیں تو وہ موزے پہن لے جو ٹخنوں سے نیچے تک ہوں اور کوئی ایسا کپڑا نہ پہنو جسے زعفران یا ورس لگی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5806
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے زہری سے سنا۔ زہری نے کہا: مجھے سالم نے بتایا، سالم نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: مُحرم نہ قمیص پہنے اور نہ پگڑی اور نہ پاجامہ نہ ٹوپی والا کوٹ اور نہ ہی کوئی ایسا کپڑا جسے زعفران یا ورس لگی ہو اور نہ ہی موزے مگر جس کے پاس جوتیاں نہیں اس کو اجازت ہے کہ اگر وہ ان کو نہ پائے تو ٹخنوں سے نیچے تک ان کو کاٹ لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5807
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: حبشہ کی طرف کچھ مسلمان ہجرت کر گئے تھے اور حضرت ابوبکرؓ نے بھی ہجرت کرنے کے لئے تیاری کی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ٹھہر جاؤ کیونکہ میں بھی امید رکھتا ہوں کہ مجھے اجازت مل جائے گی۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میرے ماں باپ آپؐ پر قربان۔ کیا آپؐ بھی امید رکھتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ اس لئے حضرت ابوبکرؓ نے نبی ﷺ کی خاطر اپنے آپ کو روکے رکھا کہ آپؐ کے ساتھ ہی جائیں اور دو اونٹنیوں کو جو اُن کے پاس تھیں چار ماہ تک ببول کے پتے کھلاتے رہے۔
عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: ایک دن ہم عین دوپہر کے وقت اپنے گھر میں بیٹھے ہوئے تھے تو ایک کہنے والے نے حضرت ابوبکرؓ سے کہا کہ رسول اللہ ﷺ اپنا سر منہ ڈھانکے ہوئے اس وقت چلے آرہے ہیں کہ آپؐ اس وقت عموماً ہمارے پاس آیا نہیں کرتے تھے۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میرے ماں باپ آپؐ پر قربان ہوں۔ اللہ کی قسم آپؓ اس وقت کسی ضروری کام کے لئے ہی آئے ہیں۔ نبی ﷺ آ پہنچے اور اندر آنے کی اجازت مانگی۔ حضرت ابوبکرؓ نے آپؐ کو اجازت دی۔ آپؐ اندر آئے۔ حضرت ابوبکرؓ سے فرمانے لگے: جو لوگ آپ کے پاس ہیں انہیں باہر بھیج دیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یہ آپؐ ہی کے گھر والے ہیں یا رسول اللہ میرا باپ آپؐ پر قربان۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے تو (یہاں سے) نکلنے کی اجازت مل گئی ہے۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یا رسول اللہ میرا باپ آپؐ پر قربان، اکٹھے ہی جائیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میرا باپ آپؐ پر قربان آپؐ میری ان دو سواریوں میں سے ایک لے لیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: قیمتاً۔ حضرت عائشہؓ بیان کرتی تھیں: ہم نے ان دونوں کے لیے سفر کا سامان جو جلدی سے جلدی تیار ہو سکتا تھا تیار کر لیا۔ ہم نے ان کا زاد راہ ایک تھیلے میں رکھ دیا۔ اسماءؓ بنت ابی بکرؓ نے اپنے کمر بند سے ایک ٹکڑا پھاڑ کر اس سے تھیلے کو باندھ دیا۔ اسی لئے ان کو ذات النطاقین کہا جاتا تھا۔
پھر نبی ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ پہاڑ کی ایک غار میں جا پہنچے جسے ثور کہا جاتا تھا اور اس میں تین راتیں ٹھہرے رہے۔ حضرت عبداللہ بن ابی بکرؓ ان دونوں کے پاس جاکر رات رہتے اور وہ جوان، ہوشیار، ذہین و فہیم لڑکے تھے اور سحری کے وقت ہی ان کے پاس سے چلے آتے اور صبح کو مکہ میں قریش کے ساتھ ہوتے جیسے کہ وہیں رات رہے ہیں تو وہ جو تدبیر بھی سنتے جو ان دونوں کے متعلق کی جاتی تو وہ اس کو اچھی طرح یاد رکھتے اور جب اندھیرا چھا جاتا تو وہ آ کر ان کو اس تدبیر کی اطلاع دیتے۔ اور حضرت ابوبکرؓ کے غلام عامر بن فہیرہؓ ان کے پاس اپنی بکریوں میں سے دودھ والی بکری چراتے ہوئے لے جاتے جب عشاء سے کچھ گھڑی گزر جاتی تو وہ اس کو ان کے پاس لے آتے اور وہ اس کا تازہ دودھ پی کر رات گزارتے پھر ابھی رات کا اندھیرا ہی ہوتا کہ عامر بن فہیرہؓ ان کو ہُش ہُش کرتے ہوئے لے آتے۔ وہ ان تین راتوں میں ہر روز ایسا ہی کرتے تھے۔
قَالَ عُرْوَةُ قَالَتْ عَائِشَةُ فَبَيْنَا نَحْنُ يَوْمًا جُلُوسٌ فِي بَيْتِنَا فِي نَحْرِ الظَّهِيرَةِ فَقَالَ قَائِلٌ لأَبِي بَكْرٍ هَذَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مُقْبِلاً مُتَقَنِّعًا فِي سَاعَةٍ لَمْ يَكُنْ يَأْتِينَا فِيهَا. قَالَ أَبُو بَكْرٍ فِدًا لَهُ بِأَبِي وَأُمِّي وَاللَّهِ إِنْ جَاءَ بِهِ فِي هَذِهِ السَّاعَةِ إِلاَّ لأَمْرٍ. فَجَاءَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَاسْتَأْذَنَ فَأَذِنَ لَهُ فَدَخَلَ فَقَالَ حِينَ دَخَلَ لأَبِي بَكْرٍ " أَخْرِجْ مَنْ عِنْدَكَ ". قَالَ إِنَّمَا هُمْ أَهْلُكَ بِأَبِي أَنْتَ يَا رَسُولَ اللَّهِ. قَالَ " فَإِنِّي قَدْ أُذِنَ لِي فِي الْخُرُوجِ ". قَالَ فَالصُّحْبَةُ بِأَبِي أَنْتَ يَا رَسُولَ اللَّهِ. قَالَ " نَعَمْ ". قَالَ فَخُذْ بِأَبِي أَنْتَ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِحْدَى رَاحِلَتَىَّ هَاتَيْنِ. قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " بِالثَّمَنِ ". قَالَتْ فَجَهَّزْنَاهُمَا أَحَثَّ الْجِهَازِ وَضَعْنَا لَهُمَا سُفْرَةً فِي جِرَابٍ فَقَطَعَتْ أَسْمَاءُ بِنْتُ أَبِي بَكْرٍ قِطْعَةً مِنْ نِطَاقِهَا فَأَوْكَتْ بِهِ الْجِرَابَ وَلِذَلِكَ كَانَتْ تُسَمَّى ذَاتَ النِّطَاقِ
ثُمَّ لَحِقَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَبُو بَكْرٍ بِغَارٍ فِي جَبَلٍ يُقَالُ لَهُ ثَوْرٌ فَمَكُثَ فِيهِ ثَلاَثَ لَيَالٍ يَبِيتُ عِنْدَهُمَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي بَكْرٍ وَهْوَ غُلاَمٌ شَابٌّ لَقِنٌ ثَقِفٌ فَيَرْحَلُ مِنْ عِنْدِهِمَا سَحَرًا فَيُصْبِحُ مَعَ قُرَيْشٍ بِمَكَّةَ كَبَائِتٍ فَلاَ يَسْمَعُ أَمْرًا يُكَادَانِ بِهِ إِلاَّ وَعَاهُ حَتَّى يَأْتِيَهُمَا بِخَبَرِ ذَلِكَ حِينَ يَخْتَلِطُ الظَّلاَمُ وَيَرْعَى عَلَيْهِمَا عَامِرُ بْنُ فُهَيْرَةَ مَوْلَى أَبِي بَكْرٍ مِنْحَةً مِنْ غَنَمٍ فَيُرِيحُهَا عَلَيْهِمَا حِينَ تَذْهَبُ سَاعَةٌ مِنَ الْعِشَاءِ فَيَبِيتَانِ فِي رِسْلِهَا حَتَّى يَنْعِقَ بِهَا عَامِرُ بْنُ فُهَيْرَةَ بِغَلَسٍ يَفْعَلُ ذَلِكَ كُلَّ لَيْلَةٍ مِنْ تِلْكَ اللَّيَالِي الثَّلاَثِ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5808
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ فتح کے سال نبی ﷺ اپنے سر پر خود پہنے ہوئے مکہ میں داخل ہوئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5809
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ چل رہا تھا اور آپؐ نجران کی چادر پہنے ہوئے تھے جس کا حاشیہ موٹا تھا اتنے میں ایک اعرابی آپؐ سے ملا اور اُس نے آپؐ کی چادر پکڑ کر زور سے کھینچا۔ یہاں تک کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے گردن کے اس حصے کو دیکھا جو کندھے کی طرف ہوتی ہے اس کے زور سے کھینچنے کی وجہ سے اس چادر کے حاشیہ نے نشان ڈال دیا تھا۔ (کھینچ کر) کہنے لگا: محمدؐ! مجھے اللہ کے اس مال سے دینے کیلئے حکم دو جو تمہارے پاس ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کو مڑ کر دیکھا اور آپؐ ہنس پڑے پھر آپؐ نے اس کو کچھ دینے کا حکم دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5810
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبد الرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم (سلمہ بن دینار) سے، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعدؓ (ساعدی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک عورت ایک چادر لائی۔ حضرت سہلؓ نے ابو حازم سے پوچھا: کیا تم جانتے ہو کہ وہ چادر کیسی تھی؟ انہوں نے کہا: ہاں وہ ایک اوڑھنے کی چادر تھی جس کے کناروں پر حاشیہ بُنَا ہوا تھا۔ وہ عورت کہنے لگی: یا رسول اللہ! میں نے یہ اپنے ہاتھ سے بُنی ہے تاکہ میں اسے آپ کو پہناؤں۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کو لے لیا آپؐ کو اس کی ضرورت تھی۔ رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس باہر آئے اور وہی چادر آپؐ کا تہ بند تھی۔ لوگوں میں سے ایک شخص نے ہاتھ لگا کر دیکھا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! یہ مجھے پہننے کے لئے دیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: ٹھیک ہے۔ پھر جتنی دیر اللہ نے چاہا آپؐ مجلس میں بیٹھے رہے۔ پھر آپؐ واپس گئے اور تہ کرکے اس کو بھیج دی، لوگوں نے اسے کہا: تم نے اچھا نہیں کیا تم نے آنحضرت ﷺ سے چادر مانگی اور تم جانتے تھے کہ آپؐ کسی سائل کو رد نہیں کرتے۔ وہ شخص بولا: اللہ کی قسم! میں نے تو اس کو محض اس لئے مانگا ہے کہ یہ جس دن میری وفات ہو، یہ میرا کفن ہو۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: پھر وہ چادر اس کا کفن ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5811
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے سعید بن مسیب نے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: میری امت میں سے ستر ہزار لوگ جنت میں داخل ہوں گے۔ ان کے چہرے چاند کی طرح چمکتے ہوں گے۔ یہ سن کر حضرت عکاشہ بن محصن اسدیؓ اپنی چادر اٹھاتے ہوئے کھڑے ہوئے، کہنے لگے: یا رسول اللہ! میرے لئے بھی دعا کریں کہ وہ مجھے ان میں شامل کر دے۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! اس کو بھی انہی میں سے کر دے۔ پھر انصار میں سے ایک شخص کھڑا ہوا، کہنے لگا: میرے لیے بھی دعا کریں کہ وہ مجھے بھی اُن میں شامل کر دے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عکاشہؓ تم پر سبقت لے گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5812
عمرو بن عاصم نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا: نبی ﷺ کو کون سے کپڑے بہت پسند تھے؟ انہوں نے کہا: یمنی چادر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5813
عبداللہ بن ابی الاسود نے مجھے بتایا کہ معاذ (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا ، ان کے باپ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: کپڑوں میں سے نبی ﷺ کو یمنی چادر پہننا بہت پسند تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5814
ابوالیمان نے مجھ سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا مجھے ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن بن عوف نے بتایا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ کی جب وفات ہوئی تو ایک یمنی چادر آپؐ پر ڈال دی گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5815
یحيٰ بن بکیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: مجھے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے خبر دی کہ حضرت عائشہ اور حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم دونوں کہتے تھے کہ جب رسول اللہ ﷺ پر بیماری کی شدت ہوئی تو آپؐ اپنی چادر کو اپنے چہرے پر ڈال لیتے اور جب گھبراہٹ محسوس کرتے تو اسے اپنے چہرے سے ہٹا دیتے۔ آپؐ اسی حالت میں تھے کہ آپؐ نے فرمایا: یہود و نصاریٰ پر اللہ کی لعنت کہ انہوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو مسجدیں بنا لیا۔ جو انہوں نے کیا اس سے بچنے کیلئے آپؐ متنبہ فرماتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5816
یحيٰ بن بکیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: مجھے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے خبر دی کہ حضرت عائشہ اور حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم دونوں کہتے تھے کہ جب رسول اللہ ﷺ پر بیماری کی شدت ہوئی تو آپؐ اپنی چادر کو اپنے چہرے پر ڈال لیتے اور جب گھبراہٹ محسوس کرتے تو اسے اپنے چہرے سے ہٹا دیتے۔ آپؐ اسی حالت میں تھے کہ آپؐ نے فرمایا: یہود و نصاریٰ پر اللہ کی لعنت کہ انہوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو مسجدیں بنا لیا۔ جو انہوں نے کیا اس سے بچنے کیلئے آپؐ متنبہ فرماتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5817
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم بن سعد نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے ہمیں بتایا ، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا : رسول اللہ ﷺ نے اپنی ایک اُونی حاشیہ دار چادر میں نماز پڑھی جس پر نقش تھے۔ آپؐ نے اس کے نقوش کو ایک نظر دیکھا۔ جب آپؐ نے سلام پھیرا تو فرمایا: میری یہ چادر ابوجہمؓ کے پاس لے جاؤ کیونکہ اس نے ابھی میری نماز سے توجہ ہٹائی اور ابو جہمؓ کی سادہ چادر میرے پاس لے آؤ۔ ابوجہمؓ حذیفہ بن غانم کے بیٹے تھے جو بنو عدی بن کعب میں سے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5818
مسدد نے مجھے بتایا کہ اسماعیل (بن علیہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب نے ہمیں بتایا، ایوب نے حمید بن ہلال سے، حمید نے ابوبردہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: حضرت عائشہؓ ہمارے پاس ایک چادر اور ایک موٹا تہ بند نکال کر لائیں اور کہنے لگیں کہ جب نبی ﷺ کی وفات ہوئی آپ نے یہی دو (چادریں) پہنی ہوئی تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5819
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ عبدالوہاب (بن عبدالمجید ثقفی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ (عمری) نے ہم سے بیان کیا۔ عبیداللہ نے خبیب (بن عبدالرحمٰن) سے، خبیب نے حفص بن عاصم سے، حفص نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے بیعِ ملامسہ اور بیعِ منابذہ سے اور دو نمازوں سے منع فرمایا۔ ایک فجر کے بعد جب تک کہ سورج بلند نہ ہو جائے دوسری عصر کے بعد جب تک کہ سورج ڈوب نہ جائے اور یہ کہ آدمی ایک ہی کپڑے میں گوٹھ مار کر اس طرح نہ بیٹھے کہ اس کی شرمگاہ پر کچھ نہ ہو جو اس کے اور آسمان کے درمیان حائل ہو اور نیز اس طرح کپڑا لپیٹ کر نہ بیٹھے کہ ہاتھ پاؤں باہر نہ نکل سکیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5820
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا؛ مجھے عامر بن سعد (بن ابی وقاص) نے بتایا کہ حضرت ابوسعید خدریؓ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے دو قسم کے لباس سے اور دو قسم کی خرید و فروخت سے منع فرمایا یعنی آپؐ نے خرید و فروخت میں ملامسہ اور منابذہ سے منع فرمایا اور ملامسہ یہ ہے کہ آدمی دوسرے کے کپڑے کو اپنے ہاتھ سے چھو لے رات کو یا دن کو اور اس کو الٹ پلٹ کر نہ دیکھے صرف اسی پر خریدے، اور منابذہ یہ ہے کہ ایک آدمی دوسرے کی طرف اپنا کپڑا پھینک دے اور دوسرا اپنا کپڑا پھینک دے اور اس طرح بغیر دیکھنے کے اور بغیر باہمی رضا مندی سے ان کی خرید و فروخت قرار پائے۔ اور لباس کی دو قسمیں جن سے آپؐ نے منع فرمایا ان میں سے ایک اشتمال الصماء ہے اور صماء کے یہ معنی ہیں کہ آدمی اپنے کپڑے کو اپنے ایک کندھے پر ڈال لے اور اس کا ایک پہلو کھلا رہے اس پر کپڑا نہ ہو اور دوسرا لباس یہ ہے کہ وہ بیٹھے ہوئے اپنے کپڑے سے اس طرح گوٹھ مارے کہ اس کی شرمگاہ پر کچھ نہ ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5821
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے دو طرح کے کپڑے پہننے سے منع فرمایا ہے۔ ایک یہ کہ آدمی ایک کپڑے میں اس طرح گوٹھ مار کر بیٹھے کہ اس کی شرمگاہ پر کچھ نہ ہو اور ایک یہ کہ ایک ہی کپڑے کو اس طرح لپیٹے کہ اس کے ایک پہلو پر کچھ نہ ہو اور نیز آپؐ نے ملامسہ اور منابذہ سے (بھی منع فرمایا)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5822
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا مخلد (بن یزید) نے مجھے بتایا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ ابن جریج نے کہا کہ مجھے ابن شہاب نے بتایا۔ ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے اشتمالِ صماء سے منع فرمایا اور نیز اس سے کہ کوئی آدمی ایک ہی کپڑے میں اس طرح گوٹھ مار کر بیٹھے کہ اس کی شرمگاہ پر کچھ نہ ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah