کتاب 77: كتاب اللباس

صحیح بخاری, حصہ 3

صحیح بخاری 5823

ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق بن سعید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اپنے باپ سعید بن فلاں سے جو کہ عمرو بن سعید بن عاص ہیں۔ انہوں نے حضرت اُم خالد بنت خالد ؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھی کہ نبی ﷺ کے پاس کچھ کپڑے لائے گئے جن میں ایک چھوٹی سی سیاہ اونی نقش دار چادر بھی تھی۔ آپؐ نے پوچھا: تمہارا کیا خیال ہے کہ ہم اس کو کسے پہنائیں؟ لوگ خاموش رہے۔ آپؐ نے فرمایا: میرے پاس اُم خالدؓ کو لے آؤ۔ اس کو اٹھا کر لائے۔ آپؐ نے وہ چادر اپنے ہاتھ میں لی اور اس کو پہنا دی اور فرمایا کہ یہ دیر تک بار بار پہنتی رہو اور اس میں سبز یا زرد نقش تھے۔ آپؐ نے حضرت اُمِ خالدؓ سے فرمایا: یہ بہت اچھی ہے اور سَنَاهْ حبشی زبان کا لفظ ہے۔

حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ سَعِيدٍ عَنْ أَبِيهِ سَعِيدِ بْنِ فُلاَنٍ ـ هُوَ عَمْرُو بْنُ سَعِيدِ بْنِ الْعَاصِ ـ عَنْ أُمِّ خَالِدٍ بِنْتِ خَالِدٍ أُتِيَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم بِثِيَابٍ فِيهَا خَمِيصَةٌ سَوْدَاءُ صَغِيرَةٌ فَقَالَ " مَنْ تَرَوْنَ نَكْسُو هَذِهِ ". فَسَكَتَ الْقَوْمُ قَالَ " ائْتُونِي بِأُمِّ خَالِدٍ ". فَأُتِيَ بِهَا تُحْمَلُ فَأَخَذَ الْخَمِيصَةَ بِيَدِهِ فَأَلْبَسَهَا وَقَالَ " أَبْلِي وَأَخْلِقِي ". وَكَانَ فِيهَا عَلَمٌ أَخْضَرُ أَوْ أَصْفَرُ فَقَالَ " يَا أُمَّ خَالِدٍ هَذَا سَنَاهْ ". وَسَنَاهْ بِالْحَبَشِيَّةِ حَسَنٌ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5824

محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا ابن ابی عدی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن عون سے، ابن عون نے محمد (بن سیرین) سے، محمد نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب حضرت اُمّ سلیمؓ کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی تو مجھ سے کہنے لگیں: انسؓ! اس بچے کا خیال رکھو۔ اسے کوئی کچھ کھلائے نہیں اور اسے نبی ﷺ کے پاس صبح سویرے ہی لے جاؤ تاکہ آپؐ اسے گھٹی دیں۔ چنانچہ میں صبح کو اسے لے گیا کیا دیکھا کہ آپؐ ایک باغ میں ہیں اور آپؐ ایک حریثی اونی چادر پہنے ہوئے ہیں اور آپؐ اس (اونٹ کی) سواری کو داغ رہے ہیں جو فتح مکہ کے زمانہ میں آپؐ کو ملی۔

حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى قَالَ حَدَّثَنِي ابْنُ أَبِي عَدِيٍّ عَنِ ابْنِ عَوْنٍ عَنْ مُحَمَّدٍ عَنْ أَنَسٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ لَمَّا وَلَدَتْ أُمُّ سُلَيْمٍ قَالَتْ لِي يَا أَنَسُ انْظُرْ هَذَا الْغُلاَمَ فَلاَ يُصِيبَنَّ شَيْئًا حَتَّى تَغْدُوَ بِهِ إِلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم يُحَنِّكُهُ. فَغَدَوْتُ بِهِ فَإِذَا هُوَ فِي حَائِطٍ وَعَلَيْهِ خَمِيصَةٌ حُرَيْثِيَّةٌ وَهْوَ يَسِمُ الظَّهْرَ الَّذِي قَدِمَ عَلَيْهِ فِي الْفَتْحِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5825

محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب (بن عبدالمجید ثقفی) نے ہمیں بتایا کہ ایوب نے ہمیں خبر دی۔ ایوب نے عکرمہ سے روایت کی کہ رفاعہؓ نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی اور پھر عبدالرحمٰن بن زبیر قرظیؓ نے اس سے نکاح کر لیا۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: وہ سبز چادر اوڑھے ہوئے تھی اس نے حضرت عائشہؓ کے پاس آ کر شکایت کی۔ اپنے جسم پر ان کو نیل دکھائے۔ جب رسول اللہ ﷺ آئے اور عورتیں ایک دوسرے کی مدد کیا ہی کرتی تھیں۔ حضرت عائشہؓ کہنے لگیں: جیسی تکلیف مؤمن عورتیں اٹھاتی ہیں میں نے کبھی نہیں دیکھی کسی نے اٹھائی ہو۔ اس کا جسم تو اس کے کپڑے سے بھی زیادہ (گہرا) سبز ہے۔ عکرمہ کہتے تھے اور عبدالرحمٰنؓ نے سنا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس پہنچی ہے وہ بھی آ گئے۔ ان کے ساتھ ان کے دو بچے تھے جو دوسری عورت سے تھے۔ کہنے لگی، اللہ کی قسم! اس نے میرے ساتھ کوئی بدسلوکی نہیں کی، مگر بات یہ ہے کہ جو اس کے پاس ہے وہ میرے لئے اس سے زیادہ کار آمد نہیں اور اس نے اپنے کپڑے کے حاشیہ کو پکڑا۔ عبدالرحمٰنؓ کہنے لگے۔ اس نے جھوٹ کہا ہے۔ اللہ کی قسم یا رسول اللہ! میں تو اس کو چمڑے کی طرح ادھیڑ کر رکھ دیتا ہوں مگر یہ نافرمان ہے۔ یہ رفاعہؓ کو پسند کرتی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سن کر عورت سے فرمایا: اگر ایسی بات ہے تو تم رفاعہؓ کے لئے حلال نہیں ہو سکتی یا اس کے پاس جانے کے لائق نہیں جب تک کہ (عبدالرحمٰنؓ) تجھ سے مزہ نہ اٹھائے۔ عکرمہ کہتے تھے اور آپؐ نے اس کے ساتھ دو بچے دیکھے۔ آپؐ نے عبدالرحمٰنؓ سے پوچھا یہ تیرے بیٹے ہیں؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے عورت سے فرمایا: یہ وہ شخص ہے جس کے متعلق ایسا گمان کرتی ہے جو تو کرتی ہے۔ اللہ کی قسم! یہ اس سے ایسے ہی ملتے جلتے ہیں جیسے ایک کوّا دوسرے کوّے سے۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَهَّابِ أَخْبَرَنَا أَيُّوبُ عَنْ عِكْرِمَةَ أَنَّ رِفَاعَةَ طَلَّقَ امْرَأَتَهُ فَتَزَوَّجَهَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ الزَّبِيرِ الْقُرَظِيُّ قَالَتْ عَائِشَةُ وَعَلَيْهَا خِمَارٌ أَخْضَرُ. فَشَكَتْ إِلَيْهَا وَأَرَتْهَا خُضْرَةً بِجِلْدِهَا فَلَمَّا جَاءَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَالنِّسَاءُ يَنْصُرُ بَعْضُهُنَّ بَعْضًا قَالَتْ عَائِشَةُ مَا رَأَيْتُ مِثْلَ مَا يَلْقَى الْمُؤْمِنَاتُ لَجِلْدُهَا أَشَدُّ خُضْرَةً مِنْ ثَوْبِهَا. قَالَ وَسَمِعَ أَنَّهَا قَدْ أَتَتْ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَجَاءَ وَمَعَهُ ابْنَانِ لَهُ مِنْ غَيْرِهَا. قَالَتْ وَاللَّهِ مَا لِي إِلَيْهِ مِنْ ذَنْبٍ إِلاَّ أَنَّ مَا مَعَهُ لَيْسَ بِأَغْنَى عَنِّي مِنْ هَذِهِ. وَأَخَذَتْ هُدْبَةً مِنْ ثَوْبِهَا فَقَالَ كَذَبَتْ وَاللَّهِ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنِّي لأَنْفُضُهَا نَفْضَ الأَدِيمِ وَلَكِنَّهَا نَاشِزٌ تُرِيدُ رِفَاعَةَ. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " فَإِنْ كَانَ ذَلِكَ لَمْ تَحِلِّي لَهُ ـ أَوْ لَمْ تَصْلُحِي لَهُ ـ حَتَّى يَذُوقَ مِنْ عُسَيْلَتِكِ ". قَالَ وَأَبْصَرَ مَعَهُ ابْنَيْنِ فَقَالَ " بَنُوكَ هَؤُلاَءِ ". قَالَ نَعَمْ. قَالَ " هَذَا الَّذِي تَزْعُمِينَ مَا تَزْعُمِينَ فَوَاللَّهِ لَهُمْ أَشْبَهُ بِهِ مِنَ الْغُرَابِ بِالْغُرَابِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5826

اسحاق بن ابراہیم حنظلی نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن بشر نے ہمیں خبر دی کہ مسعر (بن کدام) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے، سعد نے اپنے باپ (ابراہیم بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے، ابراہیم نے حضرت سعد (بن ابی وقاصؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے جنگ احد کے دن نبی ﷺ کے دائیں اور آپؐ کے بائیں دو شخص دیکھے جن کے کپڑے سفید تھے۔ میں نے ان کو نہ پہلے دیکھا اور نہ بعد۔

حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ الْحَنْظَلِيُّ أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بِشْرٍ حَدَّثَنَا مِسْعَرٌ عَنْ سَعْدِ بْنِ إِبْرَاهِيمَ عَنْ أَبِيهِ عَنْ سَعْدٍ قَالَ رَأَيْتُ بِشِمَالِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَبِيَمِينِهِ رَجُلَيْنِ عَلَيْهِمَا ثِيَابٌ بِيضٌ يَوْمَ أُحُدٍ مَا رَأَيْتُهُمَا قَبْلُ وَلاَ بَعْدُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5827

ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حسین (بن ذکوان) سے، حسین نے عبداللہ بن بریدہ سے، عبداللہ نے یحيٰ بن یعمر سے روایت کی کہ انہوں نے ان کو بتایا کہ ابوالاسود دیلی نے انہیں بتایا کہ حضرت ابوذر (غفاری) رضی اللہ عنہ نے انہیں بتایا۔ وہ کہتے تھے: میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ نے سفید کپڑے پہنے ہوئے تھے اور اس وقت آپؐ سو رہے تھے۔ پھر میں آپؐ کے پاس آیا اور آپؐ بیدار ہو گئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی بھی ایسا بندہ نہیں جو لَا إِلَهَ إِلَّا الله کا اقرار کرے۔ پھر اسی اقرار پر مر جائے تو وہ ضرور جنت میں داخل ہوگا۔ میں نے کہا، گو اس نے زنا کیا ہو؟ گو اس نے چوری کی ہو؟ آپؐ نے فرمایا: گو اس نے زنا کیا ہو، گو اس نے چوری کی ہو۔ پھر میں نے کہا: گو اس نے زنا کیا ہو گو اس نے چوری کی ہو۔ آپؐ نے فرمایا: گو اس نے زنا کیا ہو گو اس نے چوری کی ہو۔ میں نے کہا: گو اس نے زنا کیا ہو گو اس نے چوری کی ہو۔ آپؐ نے فرمایا: (ہاں) گو اس نے زنا کیا ہو اور گو اس نے چوری کی ہو۔ ابوذرؓ کے برا منانے کے باوجود۔ اور حضرت ابوذرؓ جب یہ حدیث بیان کرتے تو کہا کرتے گو ابوذرؓ کو برا معلوم ہو۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: یہ موت کے قریب یا اس سے پہلے جب وہ توبہ کرے اور پشیمان ہو اور لَا إِلَهَ إِلَّا الله کا اقرار کرے تو اس کی بخشش کی جائے گی۔

حَدَّثَنَا أَبُو مَعْمَرٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَارِثِ عَنِ الْحُسَيْنِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ بُرَيْدَةَ عَنْ يَحْيَى بْنِ يَعْمَرَ حَدَّثَهُ أَنَّ أَبَا الأَسْوَدِ الدِّيلِيَّ حَدَّثَهُ أَنَّ أَبَا ذَرٍّ ـ رضى الله عنه ـ حَدَّثَهُ قَالَ أَتَيْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم وَعَلَيْهِ ثَوْبٌ أَبْيَضُ وَهْوَ نَائِمٌ ثُمَّ أَتَيْتُهُ وَقَدِ اسْتَيْقَظَ فَقَالَ " مَا مِنْ عَبْدٍ قَالَ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ. ثُمَّ مَاتَ عَلَى ذَلِكَ إِلاَّ دَخَلَ الْجَنَّةَ ". قُلْتُ وَإِنْ زَنَى وَإِنْ سَرَقَ قَالَ " وَإِنْ زَنَى وَإِنْ سَرَقَ ". قُلْتُ وَإِنْ زَنَى وَإِنْ سَرَقَ قَالَ " وَإِنْ زَنَى وَإِنْ سَرَقَ ". قُلْتُ وَإِنْ زَنَى وَإِنْ سَرَقَ قَالَ " وَإِنْ زَنَى وَإِنْ سَرَقَ عَلَى رَغْمِ أَنْفِ أَبِي ذَرٍّ ". وَكَانَ أَبُو ذَرٍّ إِذَا حَدَّثَ بِهَذَا قَالَ وَإِنْ رَغِمَ أَنْفُ أَبِي ذَرٍّ.
قَالَ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ هَذَا عِنْدَ الْمَوْتِ أَوْ قَبْلَهُ إِذَا تَابَ وَنَدِمَ وَقَالَ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ. غُفِرَ لَهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5828

آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ قتادہ نے ہم سے بیان کیا قتادہ نے کہا: میں نے ابوعثمان نہدی سے سنا۔ انہوں نے کہا: ہمارے پاس حضرت عمرؓ کا خط آیا اور ہم اس وقت حضرت عتبہ بن فرقدؓ کے ساتھ آذربائیجان میں تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے ریشمی کپڑا پہننے سے منع فرمایا مگر اتنا اور آپؐ نے دونوں انگلیوں سے جو انگوٹھے کے قریب ہیں اشارہ فرمایا۔ ابوعثمان نہدی نے کہا: جہاں تک ہمیں علم ہوا ہے آپؐ کی اس سے مراد بیل بوٹے حاشیہ وغیرہ ہے۔

حَدَّثَنَا آدَمُ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ حَدَّثَنَا قَتَادَةُ قَالَ سَمِعْتُ أَبَا عُثْمَانَ النَّهْدِيَّ أَتَانَا كِتَابُ عُمَرَ وَنَحْنُ مَعَ عُتْبَةَ بْنِ فَرْقَدٍ بِأَذْرَبِيجَانَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم نَهَى عَنِ الْحَرِيرِ إِلاَّ هَكَذَا وَأَشَارَ بِإِصْبَعَيْهِ اللَّتَيْنِ تَلِيَانِ الإِبْهَامَ قَالَ فِيمَا عَلِمْنَا أَنَّهُ يَعْنِي الأَعْلاَمَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5829

احمد بن یونس نے ہمیں بتایا۔ زہیر (بن معاویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ عاصم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو عثمان سے روایت کی، انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ نے ہمیں لکھا اور ہم اس وقت آذربائیجان میں تھے کہ نبی ﷺ نے ریشمی کپڑا پہننے سے منع فرمایا ہے مگر اتنا اور نبی ﷺ نے اپنی دو انگلیاں سیدھی ملا کر ہمیں بتایا اور زُہَیر نے درمیانی انگلی اور شہادت کی انگلی کو اٹھایا۔

حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ حَدَّثَنَا عَاصِمٌ عَنْ أَبِي عُثْمَانَ قَالَ كَتَبَ إِلَيْنَا عُمَرُ وَنَحْنُ بِأَذْرَبِيجَانَ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم نَهَى عَنْ لُبْسِ الْحَرِيرِ إِلاَّ هَكَذَا وَصَفَّ لَنَا النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم إِصْبَعَيْهِ. وَرَفَعَ زُهَيْرٌ الْوُسْطَى وَالسَّبَّابَةَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5830

مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سلیمان) تیمی سے، تیمی نے ابوعثمان (نہدی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت عتبہؓ کے ساتھ تھے تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ان کو لکھا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: دنیا میں صرف وہی ریشمی کپڑا پہنے گا جس نے آخرت میں اس کو نہ پہننا ہو۔ حسن بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعثمان نے ہمیں یہی حدیث بتائی اور ابوعثمان نے اپنی دو انگلیوں سے اشارہ کیا یعنی شہادت کی انگلی اور درمیانی انگلی سے۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا يَحْيَى عَنِ التَّيْمِيِّ عَنْ أَبِي عُثْمَانَ قَالَ كُنَّا مَعَ عُتْبَةَ فَكَتَبَ إِلَيْهِ عُمَرُ ـ رضى الله عنه ـ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " لاَ يُلْبَسُ الْحَرِيرُ فِي الدُّنْيَا إِلاَّ لَمْ يُلْبَسْ فِي الآخِرَةِ مِنْهُ ". حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ عُمَرَ حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ حَدَّثَنَا أَبِي حَدَّثَنَا أَبُو عُثْمَانَ وَأَشَارَ أَبُو عُثْمَانَ بِإِصْبَعَيْهِ الْمُسَبِّحَةِ وَالْوُسْطَى.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5831

سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم (بن عتیبہ) سے، حکم نے (عبدالرحمٰن) بن ابی لیلیٰ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت حذیفہؓ مدائن میں تھے۔ انہوں نے پانی مانگا تو ایک دہقان چاندی کے ایک برتن میں پانی ان کے پاس لایا۔ انہوں نے وہ برتن اس پر پھینک دیا اور کہنے لگے کہ میں نے صرف اس لیے پھینکا ہے کہ میں نے اس کو منع کیا اور وہ باز نہیں آیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سونا، چاندی، حریر اور دیباج یہ دنیا میں ان کے لئے ہیں اور آخرت میں تمہارے لئے۔

حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنِ الْحَكَمِ عَنِ ابْنِ أَبِي لَيْلَى قَالَ كَانَ حُذَيْفَةُ بِالْمَدَايِنِ فَاسْتَسْقَى فَأَتَاهُ دِهْقَانٌ بِمَاءٍ فِي إِنَاءٍ مِنْ فِضَّةٍ فَرَمَاهُ بِهِ وَقَالَ إِنِّي لَمْ أَرْمِهِ إِلاَّ أَنِّي نَهَيْتُهُ فَلَمْ يَنْتَهِ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " الذَّهَبُ وَالْفِضَّةُ وَالْحَرِيرُ وَالدِّيبَاجُ هِيَ لَهُمْ فِي الدُّنْيَا وَلَكُمْ فِي الآخِرَةِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5832

آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عبدالعزیز بن صہیب نے ہم سے بیان کیا۔ عبدالعزیز نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ شعبہ کہتے تھے: میں نے (عبدالعزیز سے) پوچھا: کیا حضرت انسؓ نے یہ نبی ﷺ سے روایت کی ہے؟ تو عبدالعزیز نے زور دے کر کہا کہ ہاں نبی ﷺ سے ہی روایت کی ہے آپؐ نے فرمایا: جس نے دنیا میں ریشمی کپڑا پہنا تو وہ اس کو آخرت میں ہرگز نہیں پہنے گا۔

حَدَّثَنَا آدَمُ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ صُهَيْبٍ قَالَ سَمِعْتُ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ ـ قَالَ شُعْبَةُ فَقُلْتُ أَعَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ شَدِيدًا عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم ـ فَقَالَ " مَنْ لَبِسَ الْحَرِيرَ فِي الدُّنْيَا فَلَنْ يَلْبَسَهُ فِي الآخِرَةِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5833

سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ سے سنا وہ لوگوں سے مخاطب ہو کر یہ کہہ رہے تھے کہ محمد ﷺ نے فرمایا: جس نے دنیا میں ریشم پہنا وہ اس کو آخرت میں نہیں پہنے گا۔

حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ عَنْ ثَابِتٍ قَالَ سَمِعْتُ ابْنَ الزُّبَيْرِ يَخْطُبُ يَقُولُ قَالَ مُحَمَّدٌ صلى الله عليه وسلم " مَنْ لَبِسَ الْحَرِيرَ فِي الدُّنْيَا لَمْ يَلْبَسْهُ فِي الآخِرَةِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5834

علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابو ذبیان خلیفہ بن کعب سے روایت کی۔ ابو ذبیان نے کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عمرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے دنیا میں ریشم پہنا وہ آخرت میں اس کو نہیں پہنے گا اور ہم سے ابو معمر نے کہا کہ ہمیں عبدالوارث نے یزید (ضبعی) سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ معاذہ (بنت عبداللہ عدویہ) کہتی تھیں کہ مجھے امّ عمرو بنت عبداللہ (بن زبیر) نے بتایا کہ (وہ کہتی تھیں:) میں نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے سنا۔ انہوں نے حضرت عمرؓ سے سنا۔ حضرت عمرؓ نے نبی ﷺ سے سنا۔

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ الْجَعْدِ أَخْبَرَنَا شُعْبَةُ عَنْ أَبِي ذُبْيَانَ خَلِيفَةَ بْنِ كَعْبٍ قَالَ سَمِعْتُ ابْنَ الزُّبَيْرِ يَقُولُ سَمِعْتُ عُمَرَ يَقُولُ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " مَنْ لَبِسَ الْحَرِيرَ فِي الدُّنْيَا لَمْ يَلْبَسْهُ فِي الآخِرَةِ ". وَقَالَ لَنَا أَبُو مَعْمَرٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَارِثِ عَنْ يَزِيدَ قَالَتْ مُعَاذَةُ أَخْبَرَتْنِي أُمُّ عَمْرٍو بِنْتُ عَبْدِ اللَّهِ سَمِعْتُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ الزُّبَيْرِ سَمِعَ عُمَرَ سَمِعَ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم نَحْوَهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5835

محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ عثمان بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مبارک نے ہمیں بتایا۔ علی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے عمران بن حطان سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ سے ریشمی کپڑے کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے کہا: ابن عباسؓ کے پاس جاؤ اور ان سے پوچھو۔ عمران کہتے تھے: میں نے ان سے پوچھا۔ وہ کہنے لگے: حضرت ابن عمرؓ سے پوچھو۔ عمران کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عمرؓ سے پوچھا۔ انہوں نے کہا: مجھے ابو حفص یعنی حضرت عمر بن خطابؓ نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دنیا میں ریشم صرف وہی پہنتا ہے جس کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔ (عمران کہتے تھے:) میں نے (یہ حدیث سن کر) کہا: ابو حفصؓ نے سچ کہا۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ پر جھوٹ نہیں کہا۔ اور عبداللہ بن رجاء نے کہا: ہمیں حرب نے بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عمران (بن حطان) نے مجھ سے بیان کیا اور پھر انہوں نے بھی ساری حدیث نقل کی۔

حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ عُمَرَ حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ الْمُبَارَكِ عَنْ يَحْيَى بْنِ أَبِي كَثِيرٍ عَنْ عِمْرَانَ بْنِ حِطَّانَ قَالَ سَأَلْتُ عَائِشَةَ عَنِ الْحَرِيرِ فَقَالَتِ ائْتِ ابْنَ عَبَّاسٍ فَسَلْهُ. قَالَ فَسَأَلْتُهُ فَقَالَ سَلِ ابْنَ عُمَرَ. قَالَ فَسَأَلْتُ ابْنَ عُمَرَ فَقَالَ أَخْبَرَنِي أَبُو حَفْصٍ ـ يَعْنِي عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ ـ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " إِنَّمَا يَلْبَسُ الْحَرِيرَ فِي الدُّنْيَا مَنْ لاَ خَلاَقَ لَهُ فِي الآخِرَةِ ". فَقُلْتُ صَدَقَ وَمَا كَذَبَ أَبُو حَفْصٍ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم. وَقَالَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ رَجَاءٍ حَدَّثَنَا حَرْبٌ عَنْ يَحْيَى حَدَّثَنِي عِمْرَانُ. وَقَصَّ الْحَدِيثَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5836

عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے حضرت براء (بن عازب) ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کو ایک ریشمی کپڑا تحفہ دیا گیا تو ہم اس کو چھونے لگے اور اس سے تعجب کرنے لگے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کیا تم اس سے تعجب کرتے ہو؟ ہم نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: سعد بن معاذؓ کے رومال جنت میں اس سے کہیں بہتر ہیں۔

حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُوسَى عَنْ إِسْرَائِيلَ عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ عَنِ الْبَرَاءِ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ أُهْدِيَ لِلنَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم ثَوْبُ حَرِيرٍ فَجَعَلْنَا نَلْمُسُهُ وَنَتَعَجَّبُ مِنْهُ فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " أَتَعْجَبُونَ مِنْ هَذَا ". قُلْنَا نَعَمْ. قَالَ " مَنَادِيلُ سَعْدِ بْنِ مُعَاذٍ فِي الْجَنَّةِ خَيْرٌ مِنْ هَذَا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5837

علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا۔ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے (عبداللہ) بن ابی نجیح سے سنا۔ عبداللہ نے مجاہد سے، مجاہد نے ابن ابی لیلیٰ سے، ابن ابی لیلیٰ نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں سونے اور چاندی کے برتنوں میں پینے اور ان میں کھانے سے منع فرمایا۔ نیز حریر اور دیباج پہننے سے اور ان پر بیٹھنے سے منع فرمایا۔

حَدَّثَنَا عَلِيٌّ حَدَّثَنَا وَهْبُ بْنُ جَرِيرٍ حَدَّثَنَا أَبِي قَالَ سَمِعْتُ ابْنَ أَبِي نَجِيحٍ عَنْ مُجَاهِدٍ عَنِ ابْنِ أَبِي لَيْلَى عَنْ حُذَيْفَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ نَهَانَا النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم أَنْ نَشْرَبَ فِي آنِيَةِ الذَّهَبِ وَالْفِضَّةِ وَأَنْ نَأْكُلَ فِيهَا وَعَنْ لُبْسِ الْحَرِيرِ وَالدِّيبَاجِ وَأَنْ نَجْلِسَ عَلَيْهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5838

محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعث بن ابی شعثاء سے روایت کی کہ معاویہ بن سوید بن مقرن نے ہمیں بتایا۔ معاویہ نے حضرت (براء) بن عازبؓ سے روایت کی۔ حضرت براءؓ نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں لال ریشمی زین پوشوں اور قسی کے کپڑوں سے منع فرمایا۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ مُقَاتِلٍ أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ أَخْبَرَنَا سُفْيَانُ عَنْ أَشْعَثَ بْنِ أَبِي الشَّعْثَاءِ حَدَّثَنَا مُعَاوِيَةُ بْنُ سُوَيْدِ بْنِ مُقَرِّنٍ عَنِ ابْنِ عَازِبٍ قَالَ نَهَانَا النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم عَنِ الْمَيَاثِرِ الْحُمْرِ وَالْقَسِّيِّ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5839

محمد (بن سلام) نے مجھ سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں خبر دی۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے زبیرؓ اور عبدالرحمٰنؓ کو ریشم پہننے کی اجازت دی کیونکہ ان دونوں کو خارش کی بیماری تھی۔

حَدَّثَنِي مُحَمَّدٌ أَخْبَرَنَا وَكِيعٌ أَخْبَرَنَا شُعْبَةُ عَنْ قَتَادَةَ عَنْ أَنَسٍ قَالَ رَخَّصَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم لِلزُّبَيْرِ وَعَبْدِ الرَّحْمَنِ فِي لُبْسِ الْحَرِيرِ لِحِكَّةٍ بِهِمَا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5840

سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ نیز محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے عبدالملک بن میسرہ سے، عبدالملک نے زید بن وہب سے، زید نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھے ایک ریشمی جوڑا جس میں زرد دھاریاں تھیں پہننے کے لئے دیا۔ میں اس کو پہن کر نکلا تو میں نے آپؐ کے چہرے پر ناراضی دیکھی۔ پھر میں نے اس کو پھاڑ کر اپنی عورتوں میں تقسیم کر دیا۔

حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ح وَحَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ عَبْدِ الْمَلِكِ بْنِ مَيْسَرَةَ عَنْ زَيْدِ بْنِ وَهْبٍ عَنْ عَلِيٍّ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ كَسَانِي النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم حُلَّةً سِيَرَاءَ فَخَرَجْتُ فِيهَا فَرَأَيْتُ الْغَضَبَ فِي وَجْهِهِ فَشَقَّقْتُهَا بَيْنَ نِسَائِي.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5841

موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: جویریہ نے مجھ سے بیان کیا۔ جویریہ نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت کی کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ایک زرد دھاری دار ریشمی جوڑا بکتے دیکھا کہنے لگے: یا رسول اللہ! اگر آپؐ اس کو خرید لیں جب وفود آپؐ کے پاس آئیں تو ان کے لئے اور جمعہ کے دن اسے پہنا کریں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ تو وہی پہنتا ہے جس کے لئے کوئی بھلائی نہیں اور یہ کہ نبی ﷺ نے اس کے بعد حضرت عمر ؓ کو زرد دھاری دار ریشمی جوڑا بھیجا۔ حضرت عمر ؓ نے کہا: آپؐ نے مجھے یہ پہننے کے لئے دیا ہے؟ حالانکہ میں آپؐ سے سن چکا ہوں کہ آپؐ اس کے متعلق وہ رائے رکھتے ہیں جو آپؐ بتلا چکے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: میں نے یہ تمہیں اس لئے بھیجا تھا کہ تم اسے بیچو یا یہ (کسی کو) پہناؤ۔

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ قَالَ حَدَّثَنِي جُوَيْرِيَةُ عَنْ نَافِعٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ أَنَّ عُمَرَ ـ رضى الله عنه ـ رَأَى حُلَّةً سِيَرَاءَ تُبَاعُ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ لَوِ ابْتَعْتَهَا تَلْبَسُهَا لِلْوَفْدِ إِذَا أَتَوْكَ وَالْجُمُعَةِ. قَالَ " إِنَّمَا يَلْبَسُ هَذِهِ مَنْ لاَ خَلاَقَ لَهُ ". وَأَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم بَعَثَ بَعْدَ ذَلِكَ إِلَى عُمَرَ حُلَّةَ سِيَرَاءَ حَرِيرٍ كَسَاهَا إِيَّاهُ فَقَالَ عُمَرُ كَسَوْتَنِيهَا وَقَدْ سَمِعْتُكَ تَقُولُ فِيهَا مَا قُلْتَ فَقَالَ " إِنَّمَا بَعَثْتُ إِلَيْكَ لِتَبِيعَهَا أَوْ تَكْسُوَهَا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5842

ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا: مجھے حضرت انس بن مالکؓ نے بتایا کہ انہوں نے حضرت اُمّ کلثوم علیہا السلام کو جو رسول اللہ ﷺ کی بیٹی تھیں زرد دھاری دار ریشمی جوڑا پہنے ہوئے دیکھا۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ أَنَّهُ رَأَى عَلَى أُمِّ كُلْثُومٍ ـ عَلَيْهَا السَّلاَمُ ـ بِنْتِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بُرْدَ حَرِيرٍ سِيَرَاءَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی