کتاب 77: كتاب اللباس

صحیح بخاری, حصہ 6

صحیح بخاری 5883

حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے کہا: مجھے عدی (بن ثابت) نے خبر دی، عدی نے کہا: میں نے سعید (بن جبیر) سے سنا۔ سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے عید کے دن دو رکعتیں پڑھیں۔ ان سے پہلے اور نہ ان کے بعد آپؐ نے کوئی نماز پڑھی۔ پھر آپؐ عورتوں کے پاس آئے اور آپؐ کے ساتھ بلالؓ تھے تو آپؐ نے ان کو صدقہ کا حکم دیا تو کوئی عورت اپنی بالی ڈالنے لگی۔

حَدَّثَنَا حَجَّاجُ بْنُ مِنْهَالٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ قَالَ أَخْبَرَنِي عَدِيٌّ قَالَ سَمِعْتُ سَعِيدًا عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم صَلَّى يَوْمَ الْعِيدِ رَكْعَتَيْنِ لَمْ يُصَلِّ قَبْلَهَا وَلاَ بَعْدَهَا ثُمَّ أَتَى النِّسَاءَ وَمَعَهُ بِلاَلٌ فَأَمَرَهُنَّ بِالصَّدَقَةِ فَجَعَلَتِ الْمَرْأَةُ تُلْقِي قُرْطَهَا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5884

اسحاق بن ابراہیم حنظلی نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ بن آدم نے ہمیں خبر دی کہ ورقاء بن عمر نے ہمیں بتایا۔ ورقاء نے عبیداللہ بن ابی یزید سے، عبیداللہ نے نافع بن جبیر سے، نافع نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں مدینہ کے بازاروں میں سے ایک بازار میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھا۔ آپؐ وہاں سے واپس لوٹے اور میں بھی لوٹا۔ آپؐ نے تین بار پکارا: چھوٹا بچہ کہاں ہے؟ حسن بن علیؓ کو بلاؤ۔ حسن بن علیؓ اٹھ کر چلتے ہوئے آیا اور اس کے گلے میں لونگ وغیرہ کا ہار تھا۔ نبی ﷺ نے ہاتھ اس طرح پھیلایا تو حسنؓ نے بھی اپنا ہاتھ اس طرح پھیلایا اور آپؐ نے اس کو گلے لگایا اور فرمایا: اے اللہ! میں اس سے محبت رکھتا ہوں تو بھی اس سے محبت رکھ اور جو اس سے محبت کرتا ہے اس سے بھی محبت کر۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے جو فرمایا اس کے بعد حسن بن علیؓ سے بڑھ کر مجھے کوئی پیارا نہ تھا۔

حَدَّثَنِي إِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ الْحَنْظَلِيُّ أَخْبَرَنَا يَحْيَى بْنُ آدَمَ حَدَّثَنَا وَرْقَاءُ بْنُ عُمَرَ عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي يَزِيدَ عَنْ نَافِعِ بْنِ جُبَيْرٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ كُنْتُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي سُوقٍ مِنْ أَسْوَاقِ الْمَدِينَةِ فَانْصَرَفَ فَانْصَرَفْتُ فَقَالَ " أَيْنَ لُكَعُ ـ ثَلاَثًا ـ ادْعُ الْحَسَنَ بْنَ عَلِيٍّ ". فَقَامَ الْحَسَنُ بْنُ عَلِيٍّ يَمْشِي وَفِي عُنُقِهِ السِّخَابُ فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم بِيَدِهِ هَكَذَا فَقَالَ الْحَسَنُ بِيَدِهِ هَكَذَا فَالْتَزَمَهُ فَقَالَ " اللَّهُمَّ إِنِّي أُحِبُّهُ فَأَحِبَّهُ وَأَحِبَّ مَنْ يُحِبُّهُ ". قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ فَمَا كَانَ أَحَدٌ أَحَبَّ إِلَىَّ مِنَ الْحَسَنِ بْنِ عَلِيٍّ بَعْدَ مَا قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مَا قَالَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5885

محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ محمد بن جعفر (غندر) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ان مردوں پر لعنت کی جو عورتوں کی طرح بنیں اور ان عورتوں پر لعنت کی جو مردوں کی طرح بنیں۔ (غندر کی طرح) اس حدیث کو عمرو (بن مرزوق) نے بھی روایت کیا کہ ہمیں شعبہ نے بتایا۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ قَتَادَةَ عَنْ عِكْرِمَةَ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ لَعَنَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم الْمُتَشَبِّهِينَ مِنَ الرِّجَالِ بِالنِّسَاءِ وَالْمُتَشَبِّهَاتِ مِنَ النِّسَاءِ بِالرِّجَالِ. تَابَعَهُ عَمْرٌو أَخْبَرَنَا شُعْبَةُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5886

معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ان مردوں پر لعنت کی جو مخنث بنیں اور ان عورتوں پر لعنت کی جو مردوں کی طرح بنیں اور فرمایا: ان کو اپنے گھروں سے نکال دو۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: اور نبی ﷺ نے فلاں شخص کو نکال دیا اور حضرت عمرؓ نے فلاں عورت کو نکال دیا۔

حَدَّثَنَا مُعَاذُ بْنُ فَضَالَةَ حَدَّثَنَا هِشَامٌ عَنْ يَحْيَى عَنْ عِكْرِمَةَ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ لَعَنَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم الْمُخَنَّثِينَ مِنَ الرِّجَالِ وَالْمُتَرَجِّلاَتِ مِنَ النِّسَاءِ وَقَالَ " أَخْرِجُوهُمْ مِنْ بُيُوتِكُمْ ". قَالَ فَأَخْرَجَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فُلاَنًا وَأَخْرَجَ عُمَرُ فُلاَنًا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5887

مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ زہیر (بن معاویہ) نے ہمیں بتایا کہ ہشام بن عروہ نے ہم سے بیان کیا کہ عروہ نے ان کو بتایا۔ حضرت زینب بنت اُم سلمہؓ نے اُن کو بتایا۔ حضرت اُم سلمہؓ نے ان کو خبر دی کہ نبی ﷺ ان کے گھر میں تھے اور گھر میں ایک مخنث بھی تھا تو وہ حضرت اُم سلمہؓ کے بھائی عبداللہؓ سے کہنے لگا: عبداللہؓ ! اگر اللہ نے تمہیں کل طائف کی فتح دی تو میں تمہیں غیلان کی بیٹی کا پتہ دوں گا۔ کیونکہ وہ آتی ہے تو اس کے چار بل نظر آتے ہیں اور جب جاتی ہے تو آٹھ بل نظر آتے ہیں۔ نبی ﷺ نے یہ سن کر فرمایا: یہ (لوگ) تمہارے پاس ہرگز نہ آیا کریں۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: تُقْبِلُ بِأَرْبَعٍ کے یہ معنی ہیں کہ اس کے پیٹ پر چار بل پڑتے ہیں۔ گویا وہ ان کو لے کر آتی ہے اور اس کا یہ کہنا کہ تُدْبِرُ بِثَمَانٍ تو اس کی یہ مراد ہے کہ جب وہ پیٹھ پھیر کر جاتی ہے تو ان چار بلوں پر اور چار بل پڑتے ہیں کیونکہ وہ اس کے دونوں پہلوؤں پر ہوتے ہیں جو ان سے مل جاتے ہیں اور ثَمَانِيَة نہیں کہا تو اس لئے کہ اس سے مراد اطراف کا مفرد یعنی طرف ہے جو کہ مذکر ہے کیونکہ وہ ثَمَانِيَةَ أَطْرَافٍ نہیں کہہ سکتا تھا۔

حَدَّثَنَا مَالِكُ بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ عُرْوَةَ أَنَّ عُرْوَةَ أَخْبَرَهُ أَنَّ زَيْنَبَ ابْنَةَ أَبِي سَلَمَةَ أَخْبَرَتْهُ أَنَّ أُمَّ سَلَمَةَ أَخْبَرَتْهَا أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم كَانَ عِنْدَهَا وَفِي الْبَيْتِ مُخَنَّثٌ فَقَالَ لِعَبْدِ اللَّهِ أَخِي أُمِّ سَلَمَةَ يَا عَبْدَ اللَّهِ إِنْ فُتِحَ لَكُمْ غَدًا الطَّائِفُ فَإِنِّي أَدُلُّكَ عَلَى بِنْتِ غَيْلاَنَ فَإِنَّهَا تُقْبِلُ بِأَرْبَعٍ وَتُدْبِرُ بِثَمَانٍ. فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " لاَ يَدْخُلَنَّ هَؤُلاَءِ عَلَيْكُنَّ ".
قَالَ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ تُقْبِلُ بِأَرْبَعٍ وَتُدْبِرُ بِثَمَانٍ يَعْنِي أَرْبَعَ عُكَنِ بَطْنِهَا فَهْىَ تُقْبِلُ بِهِنَّ وَقَوْلُهُ وَتُدْبِرُ بِثَمَانٍ. يَعْنِي أَطْرَافَ هَذِهِ الْعُكَنِ الأَرْبَعِ لأَنَّهَا مُحِيطَةٌ بِالْجَنْبَيْنِ حَتَّى لَحِقَتْ وَإِنَّمَا قَالَ بِثَمَانٍ. وَلَمْ يَقُلْ بِثَمَانِيَةٍ. وَوَاحِدُ الأَطْرَافِ وَهْوَ ذَكَرٌ لأَنَّهُ لَمْ يَقُلْ ثَمَانِيَةَ أَطْرَافٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5888

مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا انہوں نے حنظلہ سے، حنظلہ نے نافع سے، (امام بخاری نے) کہا: ہمارے ساتھیوں نے مکی (بن ابراہیم) سے مکی نے حضرت ابنِ عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے نبی ﷺ سے، آپؐ نے فرمایا: مونچھوں کا چھوٹا کرنا فطرت میں سے ہے۔

حَدَّثَنَا الْمَكِّيُّ بْنُ إِبْرَاهِيمَ عَنْ حَنْظَلَةَ عَنْ نَافِعٍ قَالَ أَصْحَابُنَا عَنِ الْمَكِّيِّ عَنِ ابْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " مِنَ الْفِطْرَةِ قَصُّ الشَّارِبِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5889

علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے روایت کیا، کہا: زہری نے سعید بن مسیب سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ پانچ باتیں فطرتی ہیں یا (کہا:) پانچ باتیں فطرت میں سے ہیں۔ ختنہ کرنا، زیر ناف بال صاف کرنا، بغل کے بال صاف کرنا اور ناخن کاٹنا اور مونچھیں چھوٹی کرانا۔

حَدَّثَنَا عَلِيٌّ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ قَالَ الزُّهْرِيُّ حَدَّثَنَا عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيَّبِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رِوَايَةً " الْفِطْرَةُ خَمْسٌ ـ أَوْ خَمْسٌ مِنَ الْفِطْرَةِ ـ الْخِتَانُ وَالاِسْتِحْدَادُ وَنَتْفُ الإِبْطِ وَتَقْلِيمُ الأَظْفَارِ وَقَصُّ الشَّارِبِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5890

احمد بن ابی رجاء نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حنظلہ سے سنا۔ حنظلہ نے نافع سے، نافع حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: زیر ناف بال صاف کرنا، ناخن اتارنا اور مونچھیں چھوٹی کرانا یہ فطرتی باتیں ہیں۔

حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ أَبِي رَجَاءٍ حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ سُلَيْمَانَ قَالَ سَمِعْتُ حَنْظَلَةَ عَنْ نَافِعٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " مِنَ الْفِطْرَةِ حَلْقُ الْعَانَةِ وَتَقْلِيمُ الأَظْفَارِ وَقَصُّ الشَّارِبِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5891

احمد بن یونس نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم بن سعد نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا) کہ ابن شہاب نے ہمیں بتایا، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ میں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے ہیں: فطرتی باتیں پانچ ہیں۔ ختنہ کروانا، زیر ناف بال صاف کرنا، مونچھیں کتروانا، ناخن اتارنا اور بغل کے بال صاف کرنا۔

حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ سَعْدٍ حَدَّثَنَا ابْنُ شِهَابٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيَّبِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " الْفِطْرَةُ خَمْسٌ الْخِتَانُ وَالاِسْتِحْدَادُ وَقَصُّ الشَّارِبِ وَتَقْلِيمُ الأَظْفَارِ وَنَتْفُ الآبَاطِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5892

محمد بن منہال نے ہمیں بتایا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ عمر بن محمد بن زید نے ہمیں بتایا، عمر نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مشرکوں کے برخلاف کرو، داڑھیاں بڑھاؤ اور مونچھوں کو اچھی طرح کترواؤ اور حضرت ابن عمرؓ کی عادت تھی کہ جب وہ حج یا عمرہ کو جاتے تو اپنی داڑھی کو مٹھی میں لیتے اور جو زائد ہوتی اس کو کاٹ ڈالتے۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ مِنْهَالٍ حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ زَيْدٍ عَنْ نَافِعٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " خَالِفُوا الْمُشْرِكِينَ وَفِّرُوا اللِّحَى وَأَحْفُوا الشَّوَارِبَ ". وَكَانَ ابْنُ عُمَرَ إِذَا حَجَّ أَوِ اعْتَمَرَ قَبَضَ عَلَى لِحْيَتِهِ فَمَا فَضَلَ أَخَذَهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5893

محمد (بن سلام) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں خبر دی۔ عبیداللہ بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مونچھوں کو بالکل صاف کرو اور داڑھی کو بڑھنے دو۔

حَدَّثَنِي مُحَمَّدٌ أَخْبَرَنَا عَبْدَةُ أَخْبَرَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ عُمَرَ عَنْ نَافِعٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " انْهَكُوا الشَّوَارِبَ وَأَعْفُوا اللِّحَى ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5894

معلّی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد بن سیرین سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ نے خضاب لگایا؟ انہوں نے کہا: آپؐ کے بال سفید نہیں ہوئے مگر تھوڑے سے۔

حَدَّثَنَا مُعَلَّى بْنُ أَسَدٍ حَدَّثَنَا وُهَيْبٌ عَنْ أَيُّوبَ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ سِيرِينَ قَالَ سَأَلْتُ أَنَسًا أَخَضَبَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم قَالَ لَمْ يَبْلُغِ الشَّيْبَ إِلاَّ قَلِيلاً.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5895

سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انسؓ سے نبی ﷺ کے خضاب لگوانے کے متعلق پوچھا گیا۔ انہوں نے کہا: یہاں تک نوبت نہیں پہنچی تھی کہ خضاب لگواتے۔ اگر میں چاہتا تو آپؐ کے وہ چند سفید بال جو آپؐ کی داڑھی میں تھے گن لیتا۔

حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ عَنْ ثَابِتٍ قَالَ سُئِلَ أَنَسٌ عَنْ خِضَابِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ إِنَّهُ لَمْ يَبْلُغْ مَا يَخْضِبُ لَوْ شِئْتُ أَنْ أَعُدَّ شَمَطَاتِهِ فِي لِحْيَتِهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5896

مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عثمان بن عبداللہ بن موہب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے میرے گھر والوں نے حضرت اُم سلمہؓ کی طرف پانی کا ایک پیالہ دے کر بھیجا اور اسرائیل راوی نے تین انگلیاں بند کر لیں۔ اس پیالی میں نبی ﷺ کے بالوں میں سے کچھ بال تھے اور جب کسی انسان کو نظر لگ جاتی یا کچھ ہو جاتا تو وہ پانی کا برتن حضرت اُم سلمہؓ کے پاس بھیج دیتا۔ عثمان کہتے تھے کہ میں نے اس پیالی میں جھانک کر دیکھا تو میں نے اس میں کچھ سرخ بال دیکھے۔

حَدَّثَنَا مَالِكُ بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا إِسْرَائِيلُ عَنْ عُثْمَانَ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَوْهَبٍ قَالَ أَرْسَلَنِي أَهْلِي إِلَى أُمِّ سَلَمَةَ بِقَدَحٍ مِنْ مَاءٍ ـ وَقَبَضَ إِسْرَائِيلُ ثَلاَثَ أَصَابِعَ ـ مِنْ فِضَّةٍ فِيهِ شَعَرٌ مِنْ شَعَرِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَكَانَ إِذَا أَصَابَ الإِنْسَانَ عَيْنٌ أَوْ شَىْءٌ بَعَثَ إِلَيْهَا مِخْضَبَهُ فَاطَّلَعْتُ فِي الْجُلْجُلِ فَرَأَيْتُ شَعَرَاتٍ حُمْرًا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5897

موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ سَلّام (بن ابی مطیع) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عثمان بن عبداللہ بن موہب سے روایت کی انہوں نے کہا: میں حضرت اُم سلمہؓ کے پاس گیا تو وہ نبی ﷺ کے بالوں میں سے کچھ بال ہمارے پاس نکال کر لائیں جو خضاب سے رنگے ہوئے تھے۔

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا سَلاَّمٌ عَنْ عُثْمَانَ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَوْهَبٍ قَالَ دَخَلْتُ عَلَى أُمِّ سَلَمَةَ فَأَخْرَجَتْ إِلَيْنَا شَعَرًا مِنْ شَعَرِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم مَخْضُوبًا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5898

اور ابو نعیم نے ہم سے کہا کہ نُصیر بن (ابی) الاشعث نے (عثمان بن عبد اللہ) بن موہب سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ حضرت اُم سلمہؓ نے ان کو نبی ﷺ کے بال دکھلائے جو سرخ رنگ کے تھے۔

وَقَالَ لَنَا أَبُو نُعَيْمٍ حَدَّثَنَا نُصَيْرُ بْنُ أَبِي الأَشْعَثِ عَنِ ابْنِ مَوْهَبٍ أَنَّ أُمَّ سَلَمَةَ أَرَتْهُ شَعَرَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَحْمَرَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5899

(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ زہری نے ہمیں بتایا، زہری نے ابوسلمہ اور سلیمان بن یسار سے ان دونوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: یہود و نصاریٰ خضاب نہیں لگاتے تم ان کے خلاف کرو۔

حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ حَدَّثَنَا الزُّهْرِيُّ عَنْ أَبِي سَلَمَةَ وَسُلَيْمَانَ بْنِ يَسَارٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " إِنَّ الْيَهُودَ وَالنَّصَارَى لاَ يَصْبُغُونَ فَخَالِفُوهُمْ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5900

اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک بن انس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمٰن سے، ربیعہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے ان سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نہ تو بہت لمبے تھے اور نہ ہی بہت چھوٹے اور نہ ہی بہت زیادہ سفید تھے اور نہ ہی گندم گوں تھے اور نہ آپؐ کے بال بہت ہی کنڈلی دار گنگھریالے تھے اور نہ ہی بالکل سیدھے۔ اللہ نے آپؐ کو چالیس برس ختم ہونے پر مبعوث فرمایا اور آپؐ مکہ میں دس سال رہے اور مدینہ میں بھی دس سال رہے اور اللہ نے آپؐ کو ساٹھ برس کے ختم ہونے پر وفات دی اور اس وقت آپؐ کے سر اور آپؐ کی داڑھی میں بیس بال بھی سفید نہ تھے۔

حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ قَالَ حَدَّثَنِي مَالِكُ بْنُ أَنَسٍ عَنْ رَبِيعَةَ بْنِ أَبِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ـ رضى الله عنه ـ أَنَّهُ سَمِعَهُ يَقُولُ كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لَيْسَ بِالطَّوِيلِ الْبَائِنِ وَلاَ بِالْقَصِيرِ وَلَيْسَ بِالأَبْيَضِ الأَمْهَقِ وَلَيْسَ بِالآدَمِ وَلَيْسَ بِالْجَعْدِ الْقَطَطِ وَلاَ بِالسَّبْطِ بَعَثَهُ اللَّهُ عَلَى رَأْسِ أَرْبَعِينَ سَنَةً فَأَقَامَ بِمَكَّةَ عَشْرَ سِنِينَ وَبِالْمَدِينَةِ عَشْرَ سِنِينَ وَتَوَفَّاهُ اللَّهُ عَلَى رَأْسِ سِتِّينَ سَنَةً وَلَيْسَ فِي رَأْسِهِ وَلِحْيَتِهِ عِشْرُونَ شَعَرَةً بَيْضَاءَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5901

مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے کہا میں نے حضرت براءؓ سے سنا وہ کہتے تھے۔ میں نے کسی کو سرخ جوڑے میں نبی ﷺ سے بڑھ کر خوبصورت نہ دیکھا۔ (امام بخاریؒ نے کہا:) میرے بعض ساتھیوں نے مالک (بن اسماعیل) سے یوں نقل کیا ہے کہ آپؐ کے بال کندھوں کے قریب تک پہنچتے تھے۔ ابواسحاق نے کہا: میں نے حضرت براءؓ کو یہ حدیث کئی بار بیان کرتے سنا جب بھی وہ اس حدیث کو بیان کرتے تو وہ ضرور ہنستے۔ (ابواسحاق کی طرح) شعبہ نے بھی یہی روایت کیا کہ آپؐ کے بال آپؐ کے کانوں کی لَو تک پہنچتے تھے۔

حَدَّثَنَا مَالِكُ بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا إِسْرَائِيلُ عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ سَمِعْتُ الْبَرَاءَ يَقُولُ مَا رَأَيْتُ أَحَدًا أَحْسَنَ فِي حُلَّةٍ حَمْرَاءَ مِنَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم. قَالَ بَعْضُ أَصْحَابِي عَنْ مَالِكٍ إِنَّ جُمَّتَهُ لَتَضْرِبُ قَرِيبًا مِنْ مَنْكِبَيْهِ. قَالَ أَبُو إِسْحَاقَ سَمِعْتُهُ يُحَدِّثُهُ غَيْرَ مَرَّةٍ مَا حَدَّثَ بِهِ قَطُّ إِلاَّ ضَحِكَ. تَابَعَهُ شُعْبَةُ شَعَرُهُ يَبْلُغُ شَحْمَةَ أُذُنَيْهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5902

عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آج رات میں نے اپنے آپؐ کو (خواب میں) کعبہ کے پاس دیکھا تو میں نے (وہاں) ایک گندم گوں شخص دیکھا ایسا خوبصورت کہ جیسے تم گندم گوں مردوں میں سے نہایت خوبصورت انسان کو دیکھتے ہو۔ اس کے بال ایسے عمدہ تھے کہ جو تم عمدہ سے عمدہ بال دیکھتے ہو۔ اس نے ان کو کنگھی کی ہوئی تھی اور ان سے پانی ٹپک رہا تھا۔ وہ دو آدمیوں کا سہارا لیے ہوئے تھا یا (کہا) دو آدمیوں کے کندھوں پر سہارا لئے تھا بیت اللہ کا طواف کر رہا ہے۔ میں نے پوچھا: کون ہے ؟ تو کسی نے کہا: مسیح ابن مریم ہے۔ اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک اور شخص ہے جس کے بال سخت گھنگھریالے ہیں داہنی آنکھ سے کانا ہے ایسے جیسے پھولا ہوا انگور۔ میں نے پوچھا: کون ہے؟ تو کسی نے کہا: مسیح دجال ہے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنْ نَافِعٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " أُرَانِي اللَّيْلَةَ عِنْدَ الْكَعْبَةِ فَرَأَيْتُ رَجُلاً آدَمَ كَأَحْسَنِ مَا أَنْتَ رَاءٍ مِنْ أُدْمِ الرِّجَالِ لَهُ لِمَّةٌ كَأَحْسَنِ مَا أَنْتَ رَاءٍ مِنَ اللِّمَمِ قَدْ رَجَّلَهَا فَهْىَ تَقْطُرُ مَاءً مُتَّكِئًا عَلَى رَجُلَيْنِ أَوْ عَلَى عَوَاتِقِ رَجُلَيْنِ يَطُوفُ بِالْبَيْتِ فَسَأَلْتُ مَنْ هَذَا فَقِيلَ الْمَسِيحُ ابْنُ مَرْيَمَ. وَإِذَا أَنَا بِرَجُلٍ جَعْدٍ قَطَطٍ أَعْوَرِ الْعَيْنِ الْيُمْنَى كَأَنَّهَا عِنَبَةٌ طَافِيَةٌ فَسَأَلْتُ مَنْ هَذَا فَقِيلَ الْمَسِيحُ الدَّجَّالُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی