کتاب 77: كتاب اللباس
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 5863
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ اشعث بن سلیم نے ہم سے بیان کیا، اشعث نے کہا: میں نے معاویہ بن سوید بن مقرن سے سنا۔ معاویہ نے کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہمیں نبی ﷺ نے سات باتوں سے منع فرمایا۔ سونے کی انگوٹھی سے یا کہا سونے کے چھلے سے منع فرمایا اور ریشمی کپڑے اور استبرق اور دیباج اور سرخ ریشمی زین پوش اور قسی اور چاندی کے برتنوں سے بھی منع فرمایا اور ہمیں سات باتوں کا حکم دیا۔ بیمار پرسی کرنے، جنازوں کے ساتھ جانے اور چھینکنے والے کو دعا دینے اور سلام کا جواب دینے اور دعوت کرنے والے کی دعوت قبول کرنے اور قسم کھانے والے کی قسم کو پورا کرنے اور مظلوم کی مدد کرنے کا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5864
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے نضر بن انس سے، نضر نے بشیر بن نہیک سے، بشیر نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے سونے کی انگوٹھی سے منع فرمایا اور عمرو (بن مرزوق باہلی) نے کہا کہ ہمیں شعبہ نے قتادہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایسا ہی نضر سے سنا۔ نضر نے بشیر سے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5865
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے کہا کہ مجھے نافع نے بتایا۔ نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے سونے کی ایک انگوٹھی بنوائی اور آپؐ نے اس کا نگینہ اس طرف رکھا جو ہتھیلی کے قریب تھا۔ پھر لوگوں نے بھی انگوٹھیاں بنوائیں۔ یہ دیکھ کر آپؐ نے اس کو پھینک دیا اور آپؐ نے چاندی کی انگوٹھی بنوائی۔ راوی نے وَرَق کا لفظ بیان کیا یا فِضَّہ کا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5866
یوسف بن موسیٰ نے ہمیں بتایا کہ ابواسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ (عمری) نے ہم سے بیان کیا۔ عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے سونے کی یا (کہا) چاندی کی انگوٹھی بنوائی اور اس کا نگینہ اس طرف رکھا جو آپ کی ہتھیلی کے قریب تھا اور اس میں یہ کندہ کرایا: محمد رسول اللہ۔ تو لوگوں نے بھی ایسی ہی انگوٹھیاں بنوائیں۔ جب آپؐ نے دیکھا کہ وہ بھی انگوٹھیاں پہننے لگے ہیں تو آپؐ نے اس کو پھینک دیا اور فرمایا: میں اسے کبھی نہیں پہنوں گا۔ پھر آپؐ نے چاندی کی انگوٹھی بنوائی اور لوگوں نے بھی چاندی کی انگوٹھیاں بنوائیں۔ حضرت ابن عمر ؓ کہتے تھے: نبی ﷺ کے بعد وہ انگوٹھی حضرت ابوبکرؓ نے پہنی پھر حضرت عمرؓ نے پھر حضرت عثمانؓ نے اور آخر وہ انگوٹھی حضرت عثمانؓ سے أَریس کے کنوئیں میں گر گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5867
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے عبداللہ بن دینار سے، انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ سونے کی انگوٹھی پہنا کرتے تھے۔ پھر آپؐ نے اس کو پھینک دیا اور فرمایا: میں اس کو کبھی نہ پہنوں گا اور لوگوں نے بھی اپنی انگوٹھیاں پھینک دیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5868
یحيٰ بن بکیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا کہ مجھے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بتایا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے ہاتھ میں ايك دن چاندی کی انگوٹھی دیکھی۔ پھر لوگوں نے بھی چاندی کی انگوٹھیاں بنوائیں اور انہیں پہنا۔ یہ دیکھ کر رسول اللہ ﷺ نے اپنی انگوٹھی پھینک دی اور لوگوں نے بھی اپنی انگوٹھیاں پھینک دیں۔ (یونس کی طرح) اس حدیث کو ابراہیم بن سعد اور زیاد اور شعیب نے بھی زہری سے روایت کیا اور (عبدالرحمٰن بن خالد) ابن مسافر نے زہری سے یوں نقل کیا: میں سمجھتا ہوں کہ چاندی کی انگوٹھی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5869
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زریع نے ہمیں خبر دی کہ حمید (طویل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت انسؓ سے پوچھا گیا: کیا نبی ﷺ نے انگوٹھی پہنی؟ تو انہوں نے کہا: ایک رات آپؐ نے عشاء کی نماز میں آدھی رات تک دیر کر دی۔ پھر آپؐ ہماری طرف رخ کئے ہوئے آئے تو گویا اب بھی میں آپؐ کی انگوٹھی کی چمک کو دیکھ رہا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: لوگ نماز پڑھ چکے ہیں اور سو گئے ہیں اور تم نماز میں رہے ہو جب تک تم اس کا انتظار کرتے رہے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5870
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے حمید سے سنا۔ حمید حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے کہ نبی ﷺ کی انگوٹھی چاندی کی تھی اور اس کا نگینہ بھی چاندی کا تھا۔ اور یحيٰ بن ایوب نے اپنی سند میں یوں کہا: مجھ سے حمید نے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5871
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہل (بن سعد انصاریؓ) سے سنا وہ کہتے تھے: ایک عورت نبی ﷺ کے پاس آئی۔ کہنے لگی: میں اس لئے آئی کہ اپنے تئیں ہبہ کر دوں۔ وہ دیر تک کھڑی رہی۔ آپؐ نے اس کو دیکھا اور نگاہ نیچے کر لی۔ جب وہ دیر تک کھڑی رہی ایک شخص نے کہا: مجھ سے ہی اس کا نکاح کر دیں اگر آپؐ کو ضرورت نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تمہارے پاس کچھ ہے جو اس کو مہر میں دو۔ اس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو۔ وہ گیا اور پھر لوٹ آیا اور کہنے لگا: اللہ کی قسم! کچھ نہیں ملا۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ اور ڈھونڈو گو لوہے کی انگوٹھی ہی سہی۔ وہ گیا اور پھر لوٹ آیا۔ کہنے لگا: اللہ کی قسم لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں ملی اور اس نے ایک تہ بند پہنا ہوا تھا اس پر اوپر کی چادر بھی نہ تھی۔ اس نے کہا: میں اسے اپنا یہ تہ بند مہر میں دیئے دیتا ہوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تمہارا تہ بند؟ اگر اس نے وہ پہنا تو اس میں سے تم پر کچھ نہ رہے گا اور اگر تم نے وہ پہنا تو اس پر اس میں سے کچھ نہ رہے گا۔ (یہ سن کر) وہ شخص الگ ہو کر بیٹھ گیا۔ پھر نبی ﷺ نے اس کو پیٹھ موڑ کر جاتے ہوئے دیکھا۔ آپؐ نے حکم دیا اور وہ بلایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں قرآن سے کیا یاد ہے۔ اس نے چند سورتوں کو گن کر کہا: فلاں فلاں سورۃ۔ آپؐ نے فرمایا: جو تمہیں قرآن یاد ہے اس کے بدلے میں یہ عورت تمہارے قبضے میں کئے دیتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5872
عبدالاعلیٰ (بن حماد) نے ہمیں بتایا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ سعید نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی اللہ ﷺ نے ایک جماعت کو یا (کہا کہ) چند لوگوں کو جو عجم کے تھے خط لکھوانے چاہے تو آپؐ سے کہا گیا کہ وہ کوئی ایسا خط قبول نہیں کرتے جس پر مہر نہ ہو۔ نبی ﷺ نے چاندی کی انگوٹھی بنوائی۔ اس پر یہ نقش تھا: محمد رسول اللہ۔ (مجھے یہ ایسا یاد ہے) کہ گویا کہ میں اب بھی اس انگوٹھی کی چمک کو دیکھ رہا ہوں جو نبی ﷺ کی انگلی میں تھی یا (کہا) آپؐ کے ہاتھ میں تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5873
محمد بن سلام (بیکندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبد اللہ بن نمیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبید اللہ (عمری) سے، عبید اللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے چاندی کی ایک انگوٹھی بنوائی اور وہ آپؐ کے ہاتھ میں رہی۔ پھر آپؐ کے بعد حضرت ابوبکرؓ کے ہاتھ میں رہی۔ پھر ان کے بعد حضرت عمرؓ کے ہاتھ میں۔ پھر ان کے بعد حضرت عثمانؓ کے ہاتھ میں رہی۔ آخر وہ انگوٹھی أریس کے کنوئیں میں گر پڑی۔ اس پر محمد رسول اللہ کندہ تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5874
ابو معمر نے ہمیں بتایا کہ عبد الوارث (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ عبد العزیز بن صہیب نے ہمیں بتایا۔ عبد العزیز نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک انگوٹھی بنوائی اور فرمایا: ہم نے ایک انگوٹھی بنوائی ہے اور ہم نے اس میں ایک نقش کندہ کرایا ہے تو اس نقش کے مطابق وہ نقش کوئی کندہ نہ کرائے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے کہ میں آپؐ کی چھنگلی میں اس کی چمک اب بھی دیکھ رہا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5875
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے جب رومیوں کو خط لکھوانا چاہا تو آپؐ سے کہا گیا۔ وہ آپؐ کے خط کو کبھی نہیں پڑھیں گے جب تک اس پر مہر نہ لگی ہو۔ اس لئے آپؐ نے ایک چاندی کی انگوٹھی بنوائی جس پر محمد رسول اللہ کندہ کروایا۔ مجھے ایسا یاد ہے کہ اس کی سفیدی کو آپؐ کے ہاتھ میں دیکھ رہا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5876
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے ان کو بتایا کہ نبی ﷺ نے سونے کی ایک انگوٹھی بنوائی اور جب آپؐ اس کو پہنتے تو نگینہ کو اپنی ہتھیلی کی طرف رکھتے تھے تو لوگوں نے بھی سونے کی انگوٹھیاں بنوائیں، آپؐ یہ دیکھ کر منبر پر چڑھے اور اللہ کی حمد و ثنا کی اور فرمایا: میں نے سونے کی انگوٹھی بنوائی تھی اب اسے نہیں پہنوں گا۔ یہ کہہ کر آپؐ نے اتار ڈالی اور لوگوں نے بھی اتار ڈالی۔ جویریہ کہتے تھے کہ میں سمجھتا ہوں کہ نافع نے یہ بھی کہا تھا کہ آپؐ نے اپنے داہنے ہاتھ میں پہنی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5877
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز بن صہیب سے، عبدالعزیز نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے چاندی کی ایک انگوٹھی بنوائی اس میں محمد رسول اللہ کندہ کرایا اور فرمایا: میں نے چاندی کی ایک انگوٹھی بنوائی ہے اور اس میں محمد رسول اللہ کندہ کروایا ہے اس لئے اس نقش کے مطابق کوئی نقش نہ کرائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5878
محمد بن عبداللہ انصاری نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ ان کے باپ نے ثمامہ (بن عبداللہ بن انس) سے، ثمامہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ جب خلیفہ ہوئے انہوں نے ان کو ایک خط لکھا اور مہر کا نقش تین سطروں میں تھا۔ محمد ایک سطر اور رسول ایک سطر اور اللہ ایک سطر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5879
ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا اور احمد (بن حنبل) نے اپنی سند میں اتنا اور بیان کیا کہ (محمد بن عبداللہ) انصاری نے ہم سے بیان کیا انہوں نے کہا: مجھے میرے باپ نے بتایا۔ انہوں نے ثمامہ سے، ثمامہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی انگوٹھی آپؐ کے ہاتھ میں اور آپؐ کے بعد حضرت ابوبکرؓ کے ہاتھ میں اور حضرت ابوبکرؓ کے بعد حضرت عمرؓ کے ہاتھ میں رہی۔ جب حضرت عثمانؓ خلیفہ ہوئے تو وہ أریس کے کنوئیں پر بیٹھے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے کہ انہوں نے وہ انگوٹھی نکالی اور اس کو یونہی ادھر ادھر کرنے لگے وہ گر گئی۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: ہم حضرت عثمانؓ کے ساتھ تین دن وہاں جاتے رہے اور کنوئیں کا پانی سارے کا سارا نکالا مگر وہ ہمیں نہ ملی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5880
ابوعاصم (نبیل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی کہ حسن بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے طاؤس سے، طاؤس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ میں نبی ﷺ کے ساتھ عید میں شریک ہوا تو آپؐ نے خطبہ سے پہلے نماز پڑھائی۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اور ابن وہب نے ابن جریج سے روایت کرتے ہوئے اتنا اور بڑھایا پھر آپؐ عورتوں کے پاس آئے اور ان کو صدقہ کا حکم دیا۔ اور وہ حضرت بلالؓ کے کپڑے میں چھلے اور انگوٹھیاں ڈالنے لگیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5881
محمد بن عرعرہ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی بن ثابت سے، عدی نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا: نبی ﷺ عید کے دن باہر گئے اور دو رکعتیں نماز پڑھائی۔ اس سے پہلے اور اس کے بعد کوئی نماز نہیں پڑھائی۔ پھر آپؐ عورتوں کے پاس آئے اور صدقہ کا حکم دیا اور عورتیں اپنی بالیاں اور اپنے قرنفل مشک وغیرہ کے ہار صدقہ میں دینے لگیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5882
اسحاق بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؐ فرماتی تھیں: اسماءؓ کا ایک ہار گم ہوگیا تو نبی ﷺ نے اس کی تلاش میں چند آدمیوں کو بھیجا اور نماز کا وقت ہوگیا جبکہ وہ باوضو نہ تھے اور نہ انہیں پانی مل سکا تو لوگوں نے بغیر وضو کے ہی نماز پڑھی۔ انہوں نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا اور اللہ نے تیمم کی آیت نازل کی۔ ابن نمیر نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے اتنا اور بڑھایا کہ جو انہوں نے اسماءؓ سے مستعار لیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah