کتاب 77: كتاب اللباس
صحیح بخاری, حصہ 8
صحیح بخاری 5923
اسحاق بن نصر نے مجھے بتایا کہ یحيٰ بن آدم نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا، اسرائیل نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے عبدالرحمٰن بن اسود سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی، فرماتی تھیں: میں نبی ﷺ کو عمدہ سے عمدہ خوشبو جو آپؐ کو مل سکتی لگایا کرتی تھی ایسی عمدہ تھی کہ میں آپؐ کے سر اور داڑھی میں اس خوشبو کی چمک کو دیکھتی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5924
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سہل بن سعد سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ کے گھر میں ایک سوراخ سے جھانک کر دیکھا اور نبی ﷺ اپنے سر کو پشت خار سے کھجلا رہے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر مجھے علم ہوتا کہ تم دیکھ رہے ہو تو میں ضرور تمہاری آنکھ میں وہی پشت خار چبھو دیتا۔ دیکھنے کی وجہ سے ہی اجازت لینا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5925
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: میں رسول اللہ ﷺ کے سر میں اس وقت بھی کنگھی کیا کرتی تھی جب کہ میں حائضہ ہوتی۔ عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے ایسا ہی بتایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5926
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعث بن سلیم سے، اشعث نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ اپنے بالوں میں کنگھی کرنے نیز وضو کرتے وقت جہاں تک ہو سکتا دائیں طرف سے شروع کرنا پسند فرماتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5927
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف صنعانی) نے ہمیں بتایا کہ معمر نے ہمیں خبر دی، معمر نے زہری سے، زہری نے (سعید) بن مسیب سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا (کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے) بنی آدم کے تمام کام اس کے لئے ہیں سوائے روزے کے کیونکہ وہ میرے لئے ہے اور میں اس کا بدلہ دوں گا اور روزے دار کے منہ کی بو اللہ کو مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ پسند ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5928
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا کہ وہیب نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا، ہشام نے عثمان بن عروہ سے، عثمان نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: میں نبی ﷺ کو آپؐ کے احرام باندھتے وقت عمدہ سے عمدہ خوشبو جو مجھے ملتی لگایا کرتی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5929
ابو نعیم نے ہمیں بتایا کہ عزرہ بن ثابت انصاری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ثمامہ بن عبداللہ نے مجھے بتایا۔ ثمامہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ خوشبو کو ردّ نہیں کیا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ نبی ﷺ خوشبو کو ردّ نہیں کیا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5930
عثمان بن ہیثم نے ہم سے بیان کیا، یا محمد (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی کہ عمر بن عبداللہ بن عروہ نے مجھے بتایا۔ عمر نے عروہ اور قاسم (بن محمد) سے سنا ان دونوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کو اپنے ہاتھ سے حجۃ الوداع میں جب کہ آپؐ نے احرام کھولا اور احرام باندھا زریرہ کی خوشبو لگائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5931
عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہؓ (بن مسعود) سے روایت کی کہ اللہ نے گودنے والیوں اور گدوانے والیوں کو اور چہرے کے روئیں نکالنے والیوں اور خوبصورتی کے لئے دانت کشادہ کرانے والیوں کو جو اللہ تعالیٰ کی بناوٹ کو تبدیل کرنے والیاں ہیں، پر لعنت کی ہے۔ مجھے کیا ہے کہ میں ان کو لعنتی نہ ٹھہراؤں جن کو نبی ﷺ نے لعنتی ٹھہرایا ہے حالانکہ یہ حکم کتاب اللہ میں ہے یعنی جو رسول نے تمہیں دیا ہے اس کو لو۔ اور جس سے تمہیں روکے اُس سے رُک جاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5932
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حمید بن عبدالرحمٰن بن عوف سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت معاویہ بن ابی سفیانؓ سے سنا۔ جس سال انہوں نے حج کیا اور وہ منبر پر تھے اور کہہ رہے تھے اور انہوں نے بالوں کا ایک چٹلا لیا جو ان کے محافظ کے ہاتھ میں تھا تمہارے علماء کہاں ہیں؟ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ اس قسم کے کام سے منع کرتے تھے اور فرماتے تھے: بنی اسرائیل تو اسی وجہ سے تباہ ہوئے کہ جب ان کی عورتوں نے یہ کام شروع کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5933
اور ابن ابی شیبہ نے کہا کہ ہم سے یونس بن محمد نے بیان کیا کہ ہمیں فلیح (بن سلیمان) نے بتایا۔ فلیح نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے چٹلا لگانے والی اور لگوانے والی کو اور گودنے والی اور گدوانے والی کو اپنی رحمت سے دور رکھا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5934
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن مرہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حسن بن مسلم بن یناق سے سنا۔ وہ صفیہ بنت شیبہ سے بیان کرتے تھے۔ صفیہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انصار کی ایک لڑکی نے نکاح کیا اور وہ بیمار ہوگئی اور اس کے بال جھڑ گئے تو اس کے رشتہ داروں نے چاہا کہ اس کے بالوں میں پیوند لگائیں۔ انہوں نے نبی ﷺ سے پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے چٹلا لگانے والی اور لگوانے والی کو اپنی رحمت سے دور رکھا ہے۔
(شعبہ کی طرح) اس حدیث کو (محمد) بن اسحاق نے ابان بن صالح سے، ابان نے حسن (بن مسلم) سے، حسن نے صفیہ سے، صفیہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کیا۔
تَابَعَهُ ابْنُ إِسْحَاقَ عَنْ أَبَانَ بْنِ صَالِحٍ عَنِ الْحَسَنِ عَنْ صَفِيَّةَ عَنْ عَائِشَةَ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5935
احمد بن مقدام نے مجھ سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا کہ منصور بن عبدالرحمٰن نے ہم سے بیان کیا۔ منصور نے کہا: میری ماں نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی کہ میں نے اپنی بیٹی کا نکاح کیا۔ پھر اس کو کوئی بیماری ہوگئی جس سے اس کے سر کے بال جھڑ گئے اور اس کا خاوند اس کے متعلق مجھے زور دے رہا ہے تو کیا میں اس کے سر میں چٹلا لگاؤں تو رسول اللہ ﷺ نے چٹلا لگانے والی اور لگوانے والی کی مذمت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5936
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنی بیوی فاطمہ (بنت منذر) سے، فاطمہ نے حضرت اسماء بنت ابی بکرؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے بالوں میں جوڑ لگانے والی اور لگوانے والی کو لعنتی قرار دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5937
محمد بن مقاتل نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ عبیداللہ نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ نے چٹلا لگانے والی اور لگوانے والی اور گودنے والی اور گدوانے والی کو اپنی رحمت سے دور رکھا ہے۔ نافع نے کہا: مسوڑے کو بھی گودا جاتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5938
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا کہ عمرو بن مرہ نے ہم سے بیان کیا۔ (عمرو نے کہا:) میں نے سعید بن مسیب سے سنا۔ سعید نے کہا: حضرت معاویہؓ جب آخری بار مدینہ میں آئے انہوں نے ہمیں مخاطب کیا اور بالوں کا چٹلا نکالا اور کہنے لگے: میں سوائے یہود کے کسی کے متعلق نہیں سمجھتا تھا کہ وہ ایسا کرتا ہوگا کیونکہ نبی ﷺ نے اس کا نام فریبی رکھا ہے یعنی اس عورت کا نام جو بالوں میں جوڑا لگاتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5939
اسحاق بن ابراہیم (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہؓ (بن مسعود) نے گودنے والیوں اور چہرے پر سے بال نکالنے والیوں اور خوبصورتی کے لئے دانتوں کے کشادہ کرنے والیوں کو جو اللہ کی پیدائش میں تبدیلی کرتی ہیں لعنتی قرار دیا۔ اُم یعقوب یہ سن کر کہنے لگیں: یہ کیا ہے؟ حضرت عبداللہؓ نے کہا: مجھے کیا ہے کہ میں ان پر لعنت نہ کروں جن پر رسول اللہ ﷺ نے لعنت کی اور کتاب اللہ میں بھی ایسا ہی ہے۔ کہنے لگیں: اللہ کی قسم، میں نے ان دو جلدوں میں جو ہے اس کو پڑھا ہے، میں نے تو یہ نہیں پایا۔ انہوں نے کہا: اللہ کی قسم، اگر تم نے اس کو پڑھا ہوتا تو ضرور اس کو پالیتی یعنی جو رسول تم کو دے اس پر عمل کرو اور جس سے تم کو روکے اس سے رک جاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5940
محمد (بن سلام) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے چٹلا لگانے والی اور لگوانے والی اور گودنے والی اور گدوانے والی کو لعنتی قرار دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5941
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے فاطمہ بنت منذر سے سنا۔ فاطمہ کہتی تھیں: میں نے حضرت اسماءؓ سے سنا۔ کہتی تھیں: ایک عورت نے نبی ﷺ سے پوچھا کہنے، لگی: یا رسول اللہ ! میری بیٹی کو چیچک کی بیماری ہوئی جس سے اس کے بال جھڑ گئے اور میں نے اس کا نکاح کیا تھا تو کیا میں اس کے بالوں میں جوڑ لگاؤں؟ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے بالوں میں جوڑ لگانے والی کو اور جوڑ لگوانے والی کو اپنی رحمت سے دور رکھا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5942
یوسف بن موسیٰ نے مجھے بتایا کہ فضل بن دکین نے ہم سے بیان کیا کہ صخر بن جویریہ نے ہمیں بتایا۔ صخر نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ میں نے نبی ﷺ سے سنا یا یوں کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: گودنے والی اور گدوانے والی اور جوڑ لگانے والی اور لگوانے والی کو نبی ﷺ نے لعنتی قرار دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah