کتاب 78: كتاب الأدب
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5970
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ کہا: ولید بن عیزار نے مجھے خبر دی۔ کہا: میں نے ابوعمرو شیبانی سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہمیں اس گھر والے نے خبر دی اور انہوں نے اپنے ہاتھ سے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کے گھر کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے پوچھا: اللہ عزوجل کو کونسا عمل زیادہ پسند ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اپنے وقت پر نماز پڑھنا۔ انہوں نے پوچھا: اس کے بعد کونسا؟ آپؐ نے فرمایا: پھر والدین سے نیکی کرنا۔ پوچھا: پھر اس کے بعد کونسا؟ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی راہ میں جہاد کرنا۔ (حضرت عبداللہؓ) کہتے تھے: انہوں نے یہ باتیں مجھ سے بیان کیں (اور کہا:) اگر میں آپؐ سے اَور پوچھتا تو آپؐ مجھے اور بتاتے۔
صحیح بخاری 5971
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُمارہ بن قعقاع بن شُبرمہ سے، عمارہ نے ابوزُرعہ سے، ابوزرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اس نے پوچھا: یا رسول اللہ! کون زیادہ حق دار ہے جس سے میں حسن معاشرت کے ساتھ پیش آؤں۔ آپؐ نے فرمایا: تمہاری ماں ہے۔ اُس نے کہا: پھر کون؟ آپؐ نے فرمایا: تمہاری ماں۔ پوچھا: پھر کون؟ آپؐ نے فرمایا: تمہاری ماں۔ پوچھا: پھر کون؟ آپؐ نے فرمایا: پھر تمہارا باپ۔ اور ابن شبرمہ اور یحيٰ بن ایوب نے کہا کہ ہم سے ابوزُرعہ نے اسی طرح سے بیان کیا۔
صحیح بخاری 5972
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) اور شعبہ سے روایت کی۔ ان دونوں نے کہا: حبیب (بن ابی ثابت) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا۔ اور محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حبیب سے، حبیب نے ابوالعباس (سائب) سے، ابوالعباس نے حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے کہا: میں جہاد کو جاتا ہوں۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تمہارے ماں باپ ہیں؟ اُس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر اُنہی کے متعلق جہاد کرو۔
صحیح بخاری 5973
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سعد بن ابراہیم بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے، اُن کے باپ نے حمید بن عبدالرحمٰن سے، حمید نے حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بڑے سے بڑے گناہوں میں سے یہ بھی ہے کہ آدمی اپنے والدین پر لعنت کرے۔ پوچھا گیا: یا رسول اللہ! آدمی اپنے والدین پر کس طرح لعنت کرتا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ایک آدمی دوسرے آدمی کے باپ کو گالی دیتا ہے تو وہ پھر اُس کے باپ کو گالی دیتا ہے۔ اور وہ اُس کی ماں کو گالی دیتا ہے پھر وہ اس کی ماں کو گالی دیتا ہے۔
صحیح بخاری 5974
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل بن ابراہیم بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے خبر دی۔ نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: ایک بار تین شخص اکٹھے چلے جا رہے تھے کہ ان کو بارش نے آ لیا۔ وہ راستہ چھوڑ کر پہاڑ کی ایک غار میں چلے گئے تو اُن کی غار کے منہ پر پہاڑ سے ایک پتھر آ گرا۔ اس (پتھر) نے اُن پر (غار) بند کر دی تو وہ ایک دوسرے سے کہنے لگے: ایسے نیک عملوں میں غور کرو جو تم نے اللہ کے لئے کئے ہوں اور ان کے وسیلے سے اللہ سے دعا کرو، شاید وہ اس پتھر کو ہٹا دے۔ اِس پر اُن میں سے ایک نے یوں دعا کی: اے میرے اللہ! میرے بہت ہی بوڑھے ماں باپ تھے اور میرے چھوٹے چھوٹے بچے بھی تھے۔ میں اُن کے لئے بکریاں چرایا کرتا تھا۔ جب شام کو اُن کے پاس آتا تو میں دودھ دوہ کر پہلے اپنے والدین سے شروع کرتا، ان کو اپنے بچوں سے پہلے دودھ پلاتا، اور ایک دن ایسا ہوا کہ مجھے درخت چرانے کے لئے دُور جانا پڑا۔ میں اس وقت آیا کہ شام ہو چکی تھی۔ میں نے اُن کو سوئے ہوئے پایا۔ میں نے دودھ دوہا جیسا کہ دوہا کرتا تھا اور دوہا ہوا دودھ لا کر اُن کے سرہانے کھڑا ہوگیا۔ میں ناپسند کرتا تھا کہ اُن کو اُن کی نیند سے جگاؤں اور یہ بھی ناپسند کرتا تھا کہ اُن سے پہلے بچوں کو دوں حالانکہ بچے میرے پاؤں کے پاس بلبلا رہے تھے۔ میری اور ان کی یہی حالت رہی یہاں تک کہ صبح ہو گئی۔ پس اگر تُو جانتا ہے کہ میں نے یہ کام تیری رضا مندی کے لئے کیا تھا تو ہمارے لئے اس پتھر کو کچھ ہٹا کہ ہم اس سے آسمان تو دیکھیں۔ چنانچہ اللہ نے ان کے لئے تھوڑا سا پتھر ہٹا دیا اور وہ اس سے آسمان دیکھنے لگے۔ اور دوسرے نے یوں دعا کی: اے اللہ! میری ایک چچا کی بیٹی تھی جس سے میں محبت رکھتا تھا، ایسی سخت محبت جو مرد عورتوں سے رکھتے ہیں۔ میں نے اس کو ورغلانا چاہا اور اُس نے نہ مانا جب تک کہ میں اس کو ایک سو اشرفی نہ لادوں۔ میں نے محنت مزدوری کرکے ایک سو اشرفیاں اکٹھی کیں اور ان کو لے کر اُس سے ملا۔ جب میں اس کی دونوں ٹانگوں کے درمیان بیٹھا تو وہ کہنے لگی: اللہ کے بندے! اللہ سے ڈرو اور یہ مُہر جائز طریق کے بغیر نہ کھولو۔ یہ سنتے ہی میں اس سے الگ ہوکر ایک طرف کھڑا ہوگیا۔ اے اللہ! اگر تو جانتا ہے کہ میں نے یہ کام تیری رضا مندی کی خاطر کیا تھا تو اس پتھر کو ہمارے لئے ہٹا دے۔ چنانچہ اللہ نے وہ پتھر کچھ اور ہٹا دیا۔ اور دوسرے نے کہا: اے اللہ! میں نے ایک مزدور ایک فرق چاول کے معاوضے میں مزدوری پر لگایا تھا۔ جب وہ اپنا کام کر چکا کہنے لگا: میرا حق مجھے دو تو میں نے اُس کا حق اُس کے سامنے پیش کیا۔ وہ اس کو چھوڑ گیا اور اس نے اسے منظور نہ کیا تو میں ان چاولوں کو بوتا رہا یہاں تک کہ میں نے اس سے گائے، بیل اور ان کا چرواہا اکٹھے کر لئے۔ پھر وہ میرے پاس آیا اور کہنے لگا: اللہ سے ڈرو اور مجھ پر ظلم نہ کرو اور میرا حق مجھے دو۔ میں نے کہا: ان گائے، بیلوں اور اُن کے چرواہے کے پاس جا کر انہیں لے لو۔ وہ کہنے لگا: اللہ سے ڈرو اور مجھ سے ہنسی مت کرو۔ میں نے کہا: میں تم سے ہنسی نہیں کرتا۔ وہ گائے، بیل اور اُن کا چرواہا لے لو۔ اس نے ان کو لیا اور لے کر چلا گیا۔ اگر تُو جانتا ہے کہ میں نے یہ کام تیری رضا مندی کے لئے کیا تھا تو جو باقی رہتا ہے اس کو بھی کھول دے۔ تو اللہ تعالیٰ نے اُن سے وہ پتھر ہٹا دیا۔
صحیح بخاری 5975
سعد بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے مسیب سے، مسیب نے ورّاد سے، ورّاد نے حضرت مغیرہ بن شعبہ ؓ سے، حضرت مغیرہ ؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپ ؐ نے فرمایا: اللہ نے ماؤں کی نافرمانی تم پر حرام کی ہے اور یہ بھی حرام کیا ہے کہ خود نہ دے اور کہے کہ لاؤ۔ اور بیٹیوں کو زندہ گاڑنا بھی حرام کیا ہے۔ اور تمہارے لئے قیل و قال اور بہت سوالات کرنا اور مال کو ضائع کرنا ناپسند کیا ہے۔
صحیح بخاری 5976
اسحاق (بن شاہین واسطی) نے مجھ سے بیان کیا کہ خالد (بن عبداللہ) واسطی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سعید بن ایاس) جُریری سے، جُریری نے عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں نہ بتاؤں کہ بڑے سے بڑے گناہ کیا ہیں؟ ہم نے کہا: کیوں نہیں یا رسول اللہ! ضرور۔ آپؐ نے تین بار فرمایا: اللہ کا شریک ٹھہرانا اور والدین کی نافرمانی کرنا اور آپؐ اس وقت تکیہ لگا کر بیٹھے تھے۔ اُٹھ بیٹھے اور فرمایا: سنو! جھوٹ بولنا اور جھوٹی گواہی دینا۔ سنو! جھوٹ بولنا اور جھوٹی گواہی دینا۔ آپؐ ان کلمات کو اتنی بار دہراتے رہے کہ میں نے سمجھا آپؐ خاموش نہیں ہوں گے۔
صحیح بخاری 5977
محمد بن ولید نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبیداللہ بن ابی بکر نے مجھے بتایا۔ (عبیداللہ نے) کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے کبیرہ گناہوں کا ذکر کیا یا کہا کہ کبیرہ گناہوں کے متعلق آپؐ سے پوچھا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کا شریک ٹھہرانا اور ناحق خون کرنا اور والدین کی نافرمانی کرنا، پھر آپؐ نے فرمایا: کیا میں تمہیں بڑے سے بڑا گناہ نہ بتاؤں؟ فرمایا: جھوٹی بات کہنا یا فرمایا: جھوٹی شہادت دینا۔ شعبہ نے کہا: اور میرا غالب گمان یہ ہے کہ آپؐ نے فرمایا: جھوٹی شہادت دینا۔
صحیح بخاری 5978
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) مجھے میرے باپ نے بتایا کہ حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما نے مجھ سے بیان کیا۔ وہ کہتی تھیں: میری ماں نبی ﷺ کے زمانہ میں شوق سے میرے پاس آئیں۔ میں نے نبی ﷺ سے پوچھا: کیا میں ان سے نیک سلوک کروں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ (سفیان) ابن عیینہ کہتے تھے: اللہ تعالیٰ نے اس کے متعلق یہ آیت نازل کی ہے: یعنی اللہ تمہیں اُن لوگوں کے ساتھ سلوک کرنے سے نہیں روکتا جو تم سے دین کی وجہ سے نہیں لڑتے۔
صحیح بخاری 5979
اور لیث نے کہا: ہشام نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت اسماءؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ میری ماں جو کہ مشرکہ تھیں، اپنے باپ کے ساتھ ان دنوں میں آئیں کہ جب قریش نے نبی ﷺ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اور مہلت دی تھی۔ میں نے نبی ﷺ سے پوچھا: میں نے کہا کہ میری ماں اپنی خواہش سے آئی ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ اپنی ماں سے نیک سلوک کرو۔
صحیح بخاری 5980
یحيٰ (بن بکیر) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے اُن کو بتایا۔ حضرت ابوسفیانؓ نے ان سے بیان کیا کہ ہرقل نے ان کو بلا بھیجا تو اُس نے کہا: وہ یعنی نبی ﷺ کس چیز کا حکم دیتے ہیں؟ ابو سفیانؓ نے کہا: وہ ہمیں نماز، صدقہ، بدکاری سے بچنے اور لوگوں سے نیک سلوک کرنے کا حکم دیتے ہیں۔
صحیح بخاری 5981
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مسلم نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا۔ عبداللہ نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عمرؓ نے ایک ریشمی دھاری دار جوڑا بکتے ہوئے دیکھا اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! اسے خرید لیں اور آپؐ اس کو جمعہ کے دن پہنا کریں اور نیز اس وقت کہ جب آپؐ کے پاس نمائندے آئیں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ تو وہی پہنتا ہے جس کے لئے کوئی بھلائی نہیں۔ پھر نبی ﷺ کے پاس اسی قسم کے کئی جوڑے آئے اور آپؐ نے حضرت عمرؓ کو بھی ایک جوڑا بھیجا۔ انہوں نے کہا: میں اسے کیسے پہنوں جبکہ آپؐ اس کے متعلق فرما چکے ہیں جو فرما چکے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے تمہیں یہ اس لئے نہیں دیا کہ تم اس کو پہنو بلکہ تم اس کو بیچو یا کسی کو پہننے کے لئے دو۔ تب حضرت عمرؓ نے وہ جوڑا اپنے ایک بھائی کو بھیج دیا جو مکہ میں رہتا تھا پیشتر اس کے کہ وہ مسلمان ہوا ہو۔
صحیح بخاری 5982
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھے (عمرو) ابن عثمان نے بتایا، کہا: میں نے موسیٰ بن طلحہ سے سنا۔ موسیٰ نے حضرت ابوایوب (انصاریؓ) سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: کسی نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے ایسا عمل بتائیے کہ جو مجھے جنت میں داخل کرے۔
صحیح بخاری 5983
نیز مجھ سے عبدالرحمٰن بن بشر نے بیان کیا کہ بہز (بن اسد بصری) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (عمرو) ابن عثمان بن عبداللہ بن موھب اور ان کے باپ عثمان بن عبداللہ نے ہمیں بتایا کہ ان دونوں نے موسیٰ بن طلحہ سے سنا۔ وہ حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے۔ ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے ایسا عمل بتائیے جو مجھے جنت میں داخل کرے۔ لوگوں نے کہا: اسے کیا ہوگیا، اسے کیا ہوگیا؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس کو ضرورت ہے، اس کو کیا ہوگیا؟ پھر نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ کی عبادت کرو۔ اس کا کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور نماز کو سنوار کر پڑھو اور زکوٰۃ ادا کرو اور رشتہ داروں سے نیک سلوک کرو۔ (آپؐ نے فرمایا:) اس (میری اونٹنی) کو چھوڑ دو۔ راوی کہتے ہیں: گویا آپؐ اپنی سواری پر تھے۔
صحیح بخاری 5984
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے محمد بن جبیر بن مطعم سے، محمد نے کہا: جبیر بن مطعم نے ان کو بتایا کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: رشتہ داروں سے قطع تعلق کرنے والا جنت میں داخل نہ ہوگا۔
صحیح بخاری 5985
ابراہیم بن منذر نے مجھے بتایا کہ محمد بن معن نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید بن ابی سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جس شخص کو یہ بات پسند ہو کہ اس کے رزق میں کشائش کی جائے، اُس کی عمر کو اُس کے لئے بڑھا دیا جائے تو وہ اپنے رشتہ داروں سے نیک سلوک کرے۔
صحیح بخاری 5986
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے حضرت انس بن مالکؓ نے خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو شخص پسند کرتا ہے کہ اس کے رزق میں کشائش ہو اور اس کی عمر کو اس کے لئے بڑھا دیا جائے تو وہ اپنے رشتہ داروں سے نیک سلوک کرے۔
صحیح بخاری 5987
بشر بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ نے ہمیں خبر دی کہ معاویہ بن ابی مزرّد نے ہمیں بتایا۔ معاویہ نے کہا: میں نے اپنے چچا سعید بن یسار کو بیان کرتے ہوئے سنا۔ سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کیا۔ جب اس کو پیدا کرنے سے فارغ ہوا تو رحم کہنے لگا: یہ میں کھڑا ہوں جو قطع تعلقی سے تیری پناہ میں آیا ہوں۔ اللہ نے فرمایا: ہاں کیا تم خوش نہیں ہو اس سے کہ میں اس سے تعلق رکھوں جس نے تجھ سے تعلق رکھا اور اس سے تعلق قطع کروں جس نے تجھ سے تعلق قطع کیا؟ رحم بولا: ہاں کیوں نہیں ضرور اے میرے ربّ۔ اللہ نے فرمایا: یہ بات تمہارے لئے ہو چکی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا ہو سکتا ہے اگر تم حکمران بنو تو زمین میں بگاڑ پیدا کرو اور اپنے رشتہ داروں سے تعلقات توڑو۔
صحیح بخاری 5988
خالد بن مخلد نے ہمیں بتایا کہ سلیمان (بن بلال) نے ہم سے بیان کیا۔ عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ (فرمایا:) رحم بھی رحمٰن کا ایک پیوند ہے۔ اللہ نے فرمایا: جس نے تجھ سے جوڑا میں بھی اس سے جوڑوں گا اور جس نے تجھ سے تعلق توڑا میں بھی اس سے تعلق توڑوں گا۔
صحیح بخاری 5989
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھے معاویہ بن ابی مزرد نے بتایا۔ انہوں نے یزید بن رومان سے، یزید نے عروہ سے، عروہ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: رحم بھی ایک پیوند ہے۔ جس نے اس سے تعلق رکھا میں اس سے تعلق رکھوں گا اور جس نے اس سے تعلق توڑا میں اس سے تعلق توڑوں گا۔