کتاب 78: كتاب الأدب
صحیح بخاری, حصہ 13
صحیح بخاری 6210
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ نیز ایوب نے ابو قلابہ سے، ابو قلابہ نے حضرت انس (بن مالک) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک سفر میں تھے اور ایک غلام ان اونٹوں کو گیت گاتے ہوئے لے جا رہا تھا، اسے انجشہ کہتے تھے۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا: انجشہ! آہستہ آہستہ۔ خیال رکھو تم شیشوں کو لے جا رہے ہو۔ ابو قلابہ نے کہا: یعنی عورتوں کو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6211
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ حبان (بن ہلال) نے ہمیں بتایا۔ ہمام نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ حضرت انس بن مالکؓ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کا ایک حادی تھا جسے انجشہ کہتے تھے اور وہ خوش آواز تھا۔ نبی ﷺ نے اس سے فرمایا: انجشہ! آہستہ آہستہ۔ کہیں اِن شیشوں کو نہ توڑ ڈالیو۔ قتادہ نے کہا: یعنی کمزور عورتوں کو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6212
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے روایت کی۔ شعبہ نے کہا: قتادہ نے مجھ سے بیان کیا۔ قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مدینہ میں کچھ گھبراہٹ ہوئی۔ رسول اللہ ﷺ حضرت ابو طلحہؓ کے گھوڑے پر سوار ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: ہم نے کچھ بھی نہیں دیکھا اور اس گھوڑے کو تو ایک دریا پایا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6213
محمد بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ مخلد بن یزید نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ ابن شہاب نے کہا: یحيٰ بن عروہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے عروہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عائشہؓ نے کہا: کچھ لوگوں نے رسول اللہ ﷺ سے کاہنوں کے متعلق پوچھا تو رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: وہ کچھ بھی نہیں۔ وہ کہنے لگے: یا رسول اللہ! وہ کبھی کبھی کوئی بات بتاتے ہیں جو سچی ہوجاتی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ بات جو سچی ہوتی ہے جِنِّی اس کو جھپٹ کر اُڑا لیتا ہے اور پھر اسے اپنے دوست کے کان میں اسی طرح ڈال دیتا ہے جس طرح مرغی کڑ کڑ کرتی ہے تو وہ اُس میں سو سے بھی زیادہ جھوٹ ملا دیتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6214
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ ابن شہاب نے کہا: میں نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے سنا۔ وہ کہتے تھے: مجھے حضرت جابر بن عبداللہؓ نے بتایا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: پھر اس کے بعد وحی مجھ سے بند رہی۔ ایک دفعہ اسی اثنا میں کہ میں چلا جا رہا تھا۔ میں نے آسمان سے ایک آواز سنی۔ میں نے نگاہ جو آسمان کی طرف اُٹھائی تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہی فرشتہ ہے جو حراء میں میرے پاس آیا تھا۔ آسمان اور زمین کے درمیان کرسی پر بیٹھا ہوا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6215
(سعید) ابن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: شریک (بن عبداللہ بن ابی نمر) نے مجھے خبر دی۔ شریک نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: میں حضرت میمونہؓ کے گھر میں رات رہا اور نبی ﷺ بھی انہی کے پاس تھے۔ جب رات کی آخری تہائی یا (کہا:) اس کا کچھ حصہ رہ گیا، آپؐ بیٹھ گئے اور آسمان کی طرف دیکھا اور یہ آیتیں پڑھیں: اِنَّ فِيْ خَلْقِ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ… یعنی آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں اور رات اور دن کے آگے پیچھے آنے میں عقلمندوں کے لئے یقیناً کئی نشان (موجود) ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6216
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عثمان بن غیاث سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) ہم سے ابوعثمان (نہدی) نے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت ابوموسیٰ ؓ سے روایت کی کہ وہ نبی ﷺ کے ساتھ مدینہ کے باغوں میں سے ایک باغ میں تھے اور نبی ﷺ کے ہاتھ میں ایک لکڑی تھی جسے آپؐ کبھی پانی اور کبھی کیچڑ میں مار رہے تھے۔ اتنے میں ایک شخص آیا اور اس نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کے لئے دروازہ کھولو اور اس کو جنت کی بشارت دو۔ میں گیا اور کیا دیکھتا ہوں کہ حضرت ابوبکر ؓ ہیں۔ اور ان کے لئے دروازہ کھول دیا اور انہیں جنت کی خوشخبری دی اور پھر ایک اور شخص نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کے لئے دروازہ کھولو اور اس کو جنت کی بشارت دو، کیا دیکھتا ہوں کہ حضرت عمر ؓ ہیں۔ میں نے اُن کے لئے دروازہ کھولا اور میں نے جنت کی بشارت دی۔ پھر ایک اور شخص نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ اس وقت آپؐ ٹیک لگائے ہوئے تھے۔ آپؐ اُٹھ بیٹھے اور فرمایا: اس کے لئے دروازہ کھولو اور اس کو جنت کی بشارت دو، اُس مصیبت کے باوجود جو اُسے پہنچے گی یا (فرمایا:) ہوگی، تو میں گیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ حضرت عثمان ؓ ہیں۔ میں نے اُن کے لئے دروازہ کھولا اور جنت کی بشارت دی اور اُن کو وہ بات بتائی جو آپؐ نے فرمائی تھی۔ کہنے لگے: اللہ ہی سے مدد مل جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6217
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان اور منصور سے، ان دونوں نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابو عبدالرحمٰن سُلمی سے، ابو عبدالرحمٰن نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک جنازے میں تھے تو آپؐ ایک لکڑی سے زمین کو کریدنے لگے اور فرمایا: تم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں کہ جس کا ٹھکانہ جنت میں یا آگ میں مقرر نہ کیا گیا ہو۔ صحابہ نے (یہ سن کر) کہا: کیا ہم پھر بھروسہ نہ کریں؟ آپؐ نے فرمایا: عمل کرتے رہو کیونکہ ہر ایک کو سہولت دی گئی ہے۔ پس جس نے (خدا کی راہ میں) دیا اور تقویٰ اختیار کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6218
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ (زہری نے کہا:) ہند بنت حارث نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: نبی ﷺ جاگے اور فرمایا: سبحان اللہ۔ کیا کیا خزانے اُتارے گئے ہیں اور کیا کیا فتنے اُتارے گئے ہیں۔ کون ان حجروں والیوں کو جگائے؟ آپؐ کی اس سے مراد اپنی ازواج تھیں تاکہ وہ نماز پڑھیں۔ کتنی ہی دنیا میں کپڑے پہنے ہوئے ہیں جو آخرت میں ننگی ہوں گی۔ ابن ابی ثور نے کہا: انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے حضرت عمرؓ سے نقل کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے پوچھا: کیا آپؐ نے اپنی ازواج کو طلاق دی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: اللہ اکبر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6219
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ اور اسماعیل نے بھی ہم سے بیان کیا، کہا: میرے بھائی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے محمد بن ابی عتیق سے، محمد نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے (زین العابدین) علی بن حسین سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت صفیہ بنت حییؓ نے ان کو بتایا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کی ملاقات کے لئے آئیں اور آپؐ مسجد میں رمضان کی آخری دس راتوں میں اعتکاف بیٹھے تھے۔ تو وہ آپؐ کے پاس کچھ دیر باتیں کرتی رہیں۔ پھر اُٹھ کر لوٹنے لگیں تو نبی ﷺ اُن کے ساتھ اُٹھے تا کہ انہیں گھر پہنچائیں۔ جب آپؐ مسجد کے اس دروازے کے پاس پہنچے جو نبی ﷺ کی زوجہ حضرت اُم سلمہؓ کی جائے رہائش کے قریب تھا تو ان دونوں کے سامنے سے دو انصاری گزرے۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو السلام علیکم کہا۔ پھر جلدی سے آگے بڑھے تو رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا: ذرا ٹھہر جاؤ۔ یہ صفیہ بنت حیی ہی ہے۔ وہ دونوں بولے: سبحان اللہ یا رسول اللہ۔ اور اُن پر یہ بات شاق گزری۔ آپؐ نے فرمایا: شیطان تو ابن آدم میں وہاں تک چل کر پہنچتا ہے جہاں خون پہنچتا ہے۔ اور میں ڈرا کہ کہیں تمہارے دل میں کوئی وسوسہ نہ ڈال دیا جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6220
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے قتادہ سے روایت کی۔ قتادہ نے کہا: میں نے عقبہ بن صہبان ازدی سے سنا۔ عقبہ نے حضرت عبداللہ بن مغفل مزنیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ٹھیکری پھینکنے سے روکا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: یہ نہ تو شکار مارتی ہے اور نہ دشمن کو زخمی کرتی ہے۔ اور یہ ضرور ہوتا ہے کہ وہ آنکھ کو پھوڑ دیتی ہے اور دانت توڑ دیتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6221
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا، کہا: سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس دو آدمیوں نے چھینکا تو آپؐ نے اُن میں سے ایک کو جواب دیا اور دوسرے کو جواب نہیں دیا۔ آپؐ سے پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: اس نے اللہ کا شکر کیا تھا اور اس نے اللہ کا شکر نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6222
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعث بن سُلیم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے معاویہ بن سُوَید بن مقرن سے سنا۔ انہوں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں سات باتوں کا حکم دیا اور سات باتوں سے روکا۔ آپؐ نے ہمیں بیمار پرسی کرنے اور جنازے کے ساتھ جانے اور چھینک مارنے والے کا جواب دینے اور دعوت کرنے والے کی دعوت قبول کرنے اور سلام کا جواب دینے اور مظلوم کی مدد کرنے اور قسم دے کر مانگنے والے کی قسم کو پورا کرنے کا حکم دیا۔ اور آپؐ نے ہمیں سات باتوں سے روکا۔ یعنی سونے کی انگوٹھی یا کہا: سونے کا چھلا پہننے سے اور حریر اور دیباج اور سندس کے پہننے سے اور ریشمی لال زِین پوشوں سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6223
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ سعید مقبری نے ہم سے بیان کیا۔ سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند کرتا ہے۔ جب کوئی چھینکے تو اللہ کا شکریہ کرے تو ہر ایک مسلمان پر جس نے اُسے سنا فرض ہے کہ اس کا جواب دے اور جو جمائی ہے تو وہ شیطان کی طرف سے ہوتی ہے۔ اسے جہاں تک ہو سکے روکے۔ اور جب جمائی لیتا ہے تو شیطان اس پر ہنستا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6224
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی سلمہ نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن دینار نے ہمیں خبر دی۔ عبداللہ نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی چھینکے تو وہ کہے: الْحَمْدُ لِلہِ۔ اور اس کا بھائی یا (فرمایا:) اس کا ساتھی اسے کہے: يَرْحَمُكَ اللهُ۔ یعنی اللہ تم پر رحم کرے۔ اور جب وہ اُس سے يَرْحَمُكَ اللهُ کہے تو وہ کہے: يَهْدِيكُمُ اللهُ وَيُصْلِحُ بَالَكُمْ۔ یعنی اللہ تمہاری راہنمائی کرے اور تمہاری حالت کو درست کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6225
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ سلیمان تیمی نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: دو آدمیوں نے نبی ﷺ کے پاس چھینکا تو آپؐ نے اُن میں سے ایک کو جواب دیا اور دوسرے کو جواب نہ دیا تو وہ شخص کہنے لگا: یا رسول اللہ! آپؐ نے اُسے جواب دیا اور مجھے نہ دیا۔ آپؐ نے فرمایا: اُس نے تو اللہ کا شکر کیا تھا اور تم نے شکر نہ کیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6226
عاصم بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اللہ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند کرتا ہے۔ اس لئے جب تم میں سے کوئی چھینکے اور اللہ کا شکر کرے تو ہر مسلمان پر جس نے اس کو سنا فرض ہے کہ اسے کہے: يَرْحَمُكَ اللهُ۔ یعنی اللہ تجھ پر رحم کرے۔ اور جمائی جو ہے تو وہ شیطان کی طرف سے ہوتی ہے۔ اس لئے جب تم میں سے کوئی جمائی لے تو جہاں تک ہوسکے اُس کو روکے کیونکہ تم میں سے کوئی جب جمائی لیتا ہے تو شیطان اس پر ہنستا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah