کتاب 78: كتاب الأدب
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 6010
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی، کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہ ؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نماز میں کھڑے ہوئے اور ہم بھی آپؐ کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ اتنے میں ایک گنوار جبکہ وہ نماز میں ہی تھا دعا کرنے لگا: اے اللہ! مجھ پر رحم کر اور محمدؐ پر بھی اور ہمارے ساتھ کسی پر رحم نہ کیجیو۔ جب نبی ﷺ نے سلام پھیرا تو آپؐ نے اس گنوار سے فرمایا: تم نے ایک وسیع چیز کو تنگ کیا ہے۔ آپؐ کی مراد (اس سے) اللہ کی رحمت تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6011
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ زکریا نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عامر سے روایت کی۔ زکریا نے کہا: میں نے عامر سے سنا، وہ کہتے تھے: میں نے حضرت نعمان بن بشیرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تو مؤمنوں کو آپس میں ایک دوسرے پر رحم کرنے اور آپس میں محبت کرنے اور ایک دوسرے سے مہربانی سے پیش آنے میں ایک جسم کی طرح دیکھتا ہے کہ جب ایک عضو بیمار ہوتا ہے تو اُس کا باقی جسم بے خوابی اور بخار کی وجہ سے نڈھال ہو جاتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6012
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس مسلمان نے بھی کوئی پودا لگایا ہو اور پھر اس سے انسان یا کوئی جانور کھائے تو وہ ضرور ہی اُس کے لئے صدقہ ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6013
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: زید بن وہب نے مجھے بتایا، کہا: میں نے حضرت جریر بن عبداللہؓ سے سنا۔ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جو رحم نہیں کرتا اُس پر رحم نہیں کیا جاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6014
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ابوبکر بن محمد نے مجھے خبر دی۔ ابوبکر نے عمرہ سے، عمرہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جبریلؑ مجھے ہمسایہ سے سلوک کرنے کی ہمیشہ تاکید کرتے رہے ہیں یہاں تک کہ میں نے یہ خیال کیا کہ عنقریب اس کو بھی وارث قرار دیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6015
محمد بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ عمر بن محمد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جبریلؑ مجھے ہمسایہ کے متعلق اتنی تاکید کرتے رہے ہیں کہ میں نے خیال کیا وہ اُس کو بھی وارث بنائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6016
عاصم بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوشریحؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ کی قسم مؤمن نہیں ہوتا، اللہ کی قسم مؤمن نہیں ہوتا، اللہ کی قسم مؤمن نہیں ہوتا۔ آپؐ سے پوچھا گیا: کون یا رسول اللہ؟ آپؐ نے فرمایا: وہ شخص جس کے شر سے اس کا ہمسایہ امن میں نہ ہو۔ (عاصم کی طرح) اس حدیث کو شبابہ اور اسد بن موسیٰ نے بھی روایت کیا۔ اور حمید بن اسوَد اور عثمان بن عمر اور ابوبکر بن عیاش اور شعیب بن اسحاق نے بھی اس حدیث کو ابن ابی ذئب سے روایت کیا۔ انہوں نے مقبری سے، مقبری نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6017
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ سعید نے، وہی جو مقبری ہیں، ہم سے بیان کیا۔ سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ فرماتے تھے: اے مسلمان عورتو! کوئی پڑوسن اپنی پڑوسن کی حقارت نہ کرے اگرچہ وہ ایک بکری کا کُھر ہی کیوں نہ بھیجے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6018
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالاحوص نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حصین سے، ابو حصین نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو وہ اپنے پڑوسی کو دُکھ نہ دے اور جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو تو وہ اپنے مہمان کی خاطر داری کرے اور جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو تو وہ بھلی بات کہے یا چپ رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6019
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: سعید مقبری نے مجھ سے بیان کیا۔ سعید نے حضرت ابوشریح عدویؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے دونوں کانوں نے سنا اور میری دونوں آنکھوں نے دیکھا۔ جب نبی ﷺ بات کر رہے تھے آپؐ نے فرمایا: جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو وہ اپنے پڑوسی کے ساتھ عزت سے پیش آئے اور جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو تو وہ اپنے مہمان کو نوازے جیسا کہ مہمان نوازی کا دستور ہے۔ (حضرت ابوشریحؓ نے) پوچھا: یا رسول اللہ! مہمان نوازی کا کیا دستور ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ایک دن رات۔ اور مہمان نوازی تین دن تک بھی ہوتی ہے۔ جو اس کے بعد ہو، وہ اُس کے لئے صدقہ ہی ہوگا اور جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو تو وہ بھلی بات کہے یا خاموش رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6020
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابوعمران نے مجھے خبر دی، کہا: میں نے طلحہ (بن عبداللہ بن عثمان) سے سنا۔ طلحہ نے حضرت عائشہ ؓ سے روایت کی۔ وہ بیان کرتی ہیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے دو ہمسائے ہیں۔ اُن میں سے کس کو ہدیہ بھیجوں؟ آپ ؐ نے فرمایا: اُن میں سے جس کا دروازہ تم سے زیادہ نزدیک ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6021
علی بن عیاش نے ہم سے بیان کیا کہ ابو غسان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: محمد بن منکدر نے مجھ سے بیان کیا۔ محمد نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے، حضرت جابرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: ہر بھلی بات صدقہ ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6022
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ سعید بن ابی بُردہ بن ابی موسیٰ اشعری نے ہم سے بیان کیا۔ سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: ہر ایک مسلمان کے ذمہ ایک صدقہ ہے۔ لوگوں نے کہا: اگر نہ پا سکے؟ آپؐ نے فرمایا: تو اپنے ہاتھ سے محنت کرے اور اپنے آپ کو بھی فائدہ پہنچائے اور صدقہ بھی کرے۔ لوگوں نے کہا: اگر محنت نہ کر سکے یا نہ کرے۔ آپؐ نے فرمایا: تو اُس حاجت مند کی مدد کرے جو تھک کر رہ گیا ہو۔ لوگوں نے کہا: اگر یہ بھی نہ کرے؟ آپؐ نے فرمایا: تو بھلی بات کا حکم کرے یا فرمایا: تو معروف بات ہی کہے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر یہ بھی نہ کرے۔ فرمایا: تو شر سے رُکا رہے کیونکہ یہ بھی اُس کے لئے صدقہ ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6023
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: عمرو نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے خیثمہ سے، خیثمہ نے حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے دوزخ کا ذکر کیا اور اس سے پناہ مانگی اور اپنا منہ پھیر لیا۔ پھر آپؐ نے دوزخ کا ذکر کیا اور اس سے پناہ مانگی اور اپنا منہ پھیر لیا۔ شعبہ نے کہا: دو دفعہ آپؐ نے ایسا کیا، اِس کے متعلق مجھے کوئی شک نہیں پھر آپؐ نے فرمایا: دوزخ سے بچو اگرچہ کھجور کا ایک ٹکڑا ہی دے کر۔ اگر (یہ بھی) نہ ہو تو اچھی بات ہی سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6024
عبدالعزیز بن عبداللہ (اویسی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی تھیں: یہودیوں کی ایک جماعت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور انہوں نے کہا: السَّامُ عَلَيْكُمْ۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں ان کی یہ بات سمجھ گئی۔ میں نے کہا: وَعَلَيْكُمُ السَّامُ وَاللَّعْنَةُ۔ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عائشہ! ٹھہرو۔ اللہ ہر معاملے میں نرمی پسند کرتا ہے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے نہیں سنا جو انہوں نے کہا ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں جواب دے چکا ہوں وَعَلَيْكُمْ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6025
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ ایک گنوار نے مسجد میں پیشاب کر دیا۔ لوگ اُٹھ کر اُس کی طرف لپکے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس کا پیشاب مت روکو۔ پھر آپؐ نے پانی کا ایک ڈول منگوایا اور وہاں ڈال دیا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6026
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو بُردہ بُرید (بن عبد اللہ) بن ابی بُردہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے دادا ابو بُردہ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے اپنے باپ حضرت ابو موسیٰؓ سے، حضرت ابو موسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ فرماتے تھے: مؤمن مؤمن کے لیے عمارت کی طرح ہے جس کا ایک حصہ دوسرے حصہ کو مضبوط کیے رکھتا ہے۔ اور آپؐ نے اپنی انگلیوں کو قینچی کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6027
اور نبی ﷺ بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک شخص آیا جو سوال کر رہا تھا یا کسی ضرورت کو ہمارے سامنے پیش کر رہا تھا تو آپؐ نے (لوگوں سے) فرمایا: تم بھی سفارش کرو، تمہیں ثواب ملے گا۔ اور اللہ اپنے نبی کی زبان سے جتنی چاہے گا حاجت پوری کر دے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6028
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرَید سے، بُرَید نے ابوبُردہ سے، ابوبُردہ نے حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) سے، حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ جب آپؐ کے پاس کوئی سائل یا حاجت مند آتا تو آپؐ (لوگوں سے) فرماتے: تم بھی سفارش کرو تا کہ تمہیں بھی اجر دیا جائے۔ اور پھر اللہ جو چاہے اپنے رسول کی زبان سے اس کی حاجت کو پورا کردے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6029
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے روایت کی۔ (کہا:) میں نے ابو وائل سے سنا۔ (ابو وائل نے کہا:) میں نے مسروق سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عبداللہ بن عمرو (بن عاصؓ ) نے کہا۔ نیز قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے شقیق بن سلمہ، شقیق نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے پاس آئے جب وہ معاویہ کے ساتھ کوفہ کی طرف گئے۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کا ذکر کیا۔ کہنے لگے کہ آپؐ نہ بد خُلق تھے اور نہ بد زبان۔ اور کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سب سے بہتر وہی ہیں جن کے اَخلاق اچھے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah