کتاب 79: كتاب الاستئذان
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6227
یحيٰ بن جعفر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ عبدالرزاق نے معمر سے، معمر نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبیؐ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے آدم کو اپنی صورت پر پیدا کیا۔ اُس کا قد ساٹھ ہاتھ تھا۔ جب اللہ اُن کو پیدا کر چکا تو فرمایا: جاؤ اُن چند فرشتوں پر جو بیٹھے ہیں سلام کہو اور جو وہ تمہیں جواب دیں اس کو غور سے سنو۔ کیونکہ وہ تمہارا اور تمہاری ذریت کا جواب ہوگا۔ آدم نے کہا: السَّلَامُ عَلَيْكُمْ تو انہوں نے کہا: السَّلَامُ عَلَيْكَ وَرَحْمَةُ اللهِ۔ تو انہوں نے اس (کے سلام) پر وَرَحْمَةُ اللهِ بڑھایا۔ اب جو بھی جنت میں داخل ہوگا وہ آدم ہی کی صورت پر داخل ہوگا۔ اس کے بعد اس وقت تک بناوٹ کم ہوتی گئی ہے۔
صحیح بخاری 6228
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی، کہا: سلیمان بن یسار نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے قربانی کے دن فضل بن عباسؓ کو اپنے پیچھے اُونٹنی کی پشت پر سوار کر لیا اور فضلؓ خوبصورت شخص تھے۔ نبی ﷺ لوگوں کے لئے ٹھہر گئے کہ اُن کے سوالوں کا جواب دیں۔ اور خثعم (قبیلہ) کی ایک خوبصورت عورت سامنے سے آئی کہ رسول اللہ ﷺ سے مسئلہ پوچھے۔ فضلؓ اس کو دیکھنے لگے اور ان کو اس کا حسن پسند آیا۔ نبی ﷺ نے مڑ کر جو دیکھا تو فضلؓ اس کو دیکھ رہے تھے۔ تو آپؐ نے اپنا ہاتھ پیچھے کر کے فضلؓ کی ٹھوڑی کو پکڑا اور اس کے منہ کو پھیر دیا تا کہ اسے نہ دیکھے۔ وہ کہنے لگی: یا رسول اللہ! اللہ کا فرض حج کے متعلق اپنے بندوں پر ایسے وقت مقرر ہوا کہ میرا باپ اتنا بوڑھا تھا کہ اونٹنی پر سیدھا نہیں بیٹھ سکتا تھا۔ تو کیا میں اُس کی طرف سے حج کروں تو یہ اس کے حج کو ادا کردے گا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔
صحیح بخاری 6229
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعامر نے ہمیں بتایا۔ زُہیر (بن محمد) نے ہم سے بیان کیا۔ زہیر نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: راستوں پر بیٹھنے سے اپنے آپ کو بچاتے رہو۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہمیں تو اپنی مجلسوں سے کوئی چارہ نہیں۔ ہم ان میں بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تم نے بیٹھنا ہی ہے تو راستے کو اس کا حق دو۔ انہوں نے پوچھا: یا رسول اللہ! راستے کا حق کیا ہوتا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: نگاہ نیچی رکھنا اور تکلیف دہ چیز کو ہٹانا اور سلام کا جواب دینا اور بھلی بات کا حکم دینا اور بُری بات سے روکنا۔
صحیح بخاری 6230
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے کہا کہ شقیق نے مجھے بتایا۔ شقیق نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ہماری عادت تھی کہ جب نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھتے تو ہم یوں کہتے: اللہ پر سلامتی ہو پیشتر اس کے کہ اس کے بندوں پر سلامتی ہو، جبریل پر سلامتی ہو اور میکائیل پر سلامتی ہو اور فلاں اور فلاں پر سلامتی ہو۔ جب نبی ﷺ نماز پڑھ چکے تو آپؐ ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: اللہ ہی تو سلامتی ہے اس لئے جب کوئی تم میں سے نماز میں بیٹھے تو یوں کہے: تمام تحفے اللہ تعالیٰ کے لئے ہیں اور تمام عبادتیں اور مالی قربانیاں۔ اے نبی تجھ پر سلامتی ہو اور اللہ کی رحمت اور برکت ہو۔ ہم پر سلامتی ہو اور اللہ کے نیک بندوں پر۔ کیونکہ جب وہ یوں کہے گا تو ہر نیک بندے کو جو آسمان اور زمین میں ہے یہ دعا پہنچے گی۔ پھر یہ کہے: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اس کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔ پھر اس کے بعد بہتر سے بہتر دعا جو مانگنا چاہے مانگے۔
صحیح بخاری 6231
محمد بن مقاتل ابوالحسن نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا کہ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمام بن منبہ سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: چھوٹا بڑے کو، گزرنے والا بیٹھے ہوئے کو اور تھوڑے بہتوں کو سلام کریں۔
صحیح بخاری 6232
محمد بن سلام نے مجھ سے بیان کیا کہ مخلد (بن یزید) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ ابن جریج نے کہا: مجھے زیاد (بن سعد) نے بتایا کہ انہوں نے ثابت سے سنا جو کہ (عبدالرحمٰن) بن زید کے غلام تھے۔ ثابت نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سوار پیدل کو اور چلنے والا بیٹھے ہوئے کو سلام کرے اور تھوڑے بہتوں کو سلام کریں۔
صحیح بخاری 6233
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ روح بن عبادہ نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے زیاد نے بتایا کہ ثابت نے ان کو خبر دی جو کہ عبدالرحمٰن بن زید کے غلام تھے۔ ثابت نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہ ؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی۔ آپ ؐ نے فرمایا: سوار پیدل کو سلام کرے اور چلنے والا بیٹھے ہوئے کو اور تھوڑے بہتوں کو۔
صحیح بخاری 6234
اور ابراہیم بن طہمان نے کہا: ابراہیم نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے صفوان بن سلیم سے، صفوان نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: چھوٹا بڑے کو سلام کرے اور گزرنے والا بیٹھے ہوئے کو اور تھوڑے بہتوں کو۔
صحیح بخاری 6235
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شیبانی سے، شیبانی نے اشعث بن ابی شعثاء سے، اشعث نے معاویہ بن سوید بن مقرن سے، معاویہ نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں سات باتوں یعنی بیمار پرسی کرنے، جنازوں کے ساتھ جانے، چھینک مارنے والے کو جواب دینے اور کمزور کی یاوری کرنے اور مظلوم کی مدد کرنے اور عام طور پر سلام کرنے اور قسم دے کر مانگنے والے کی قسم پورا کرنے کا حکم دیا اور آپؐ نے ہمیں چاندی کے برتن میں پینے، سونے کی انگوٹھی پہننے اور ریشمی لال زین پوشوں پر سوار ہونے اور حریر اور دیباج اور قسی اور استبرق کے پہننے سے منع فرمایا۔
صحیح بخاری 6236
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ لیث نے کہا: یزید نے مجھ سے بیان کیا۔ یزید نے ابوالخیر سے، ابوالخیر نے حضرت عبداللہ بن عمرو (بن عاصؓ) سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے پوچھا: اسلام کی کون سی بات بہتر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: یہ کہ تم کھانا کھلاؤ اور جس کو پہچانتے ہو اس کو بھی سلام کہو اور اس کو بھی جسے تم نہ پہچانو۔
صحیح بخاری 6237
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے عطاء بن یزید لیثی سے، عطاء نے حضرت ابو ایوب (انصاری) رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابو ایوبؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کسی مسلمان کو یہ درست نہیں کہ وہ اپنے بھائی کو تین رات سے زیادہ چھوڑے رکھے۔ آپس میں ملیں تو یہ بھی رُکے اور یہ بھی رکے اور ان دونوں میں سے بہتر وہ ہے جو پہلے سلام کہے۔ اور سفیان نے ذکر کیا کہ انہوں نے یہ حدیث زُہری سے تین بار سنی۔
صحیح بخاری 6238
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ یونس نے مجھ سے بیان کیا۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے مجھے بتایا کہ وہ دس برس کے تھے جب رسول اللہ ﷺ مدینہ میں آئے اور میں نے رسول اللہ ﷺ کی خدمت دس برس کی۔ یعنی جب تک آپؐ زندہ رہے۔ اور میں سب لوگوں سے پردے کے حکم کو زیادہ جانتا ہوں۔ جب وہ نازل کیا گیا اور حضرت ابيّ بن کعبؓ بھی مجھے اس کے متعلق پوچھا کرتے تھے۔ اور سب سے پہلے جو یہ حکم نازل ہوا تو اس وقت جب رسول اللہ ﷺ حضرت زینب بنت جحشؓ کو اپنے گھر لائے نبی ﷺ صبح کو ان کے دلہا تھے۔ آپؐ نے لوگوں کو دعوت دی۔ انہوں نے کھانا کھایا اور پھر چلے گئے اور چند آدمی ان میں سے رسول اللہ ﷺ کے پاس بیٹھے رہے اور دیر تک بیٹھے رہے۔ یہ دیکھ کر رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور باہر چلے گئے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ چلا گیا تا کہ وہ لوگ نکلیں۔ رسول اللہ ﷺ چلے۔ میں بھی آپؐ کے ساتھ چلا یہاں تک کہ آپؐ حضرت عائشہؓ کے حجرے کی دہلیز پر پہنچے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے خیال کیا کہ وہ چلے گئے ہوں گے۔ یہ خیال کر کے رسول اللہ ﷺ لوٹے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ لوٹا اور حضرت زینبؓ کے پاس آئے تو دیکھا کہ وہ بیٹھے ہوئے ہیں ابھی تک منتشر نہیں ہوئے۔ نبی ﷺ یہ دیکھ کر پھر لوٹے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ ہی لوٹا اور حضرت عائشہؓ کے حجرے کی دہلیز تک پہنچے اور پھر خیال کیا کہ اب تو وہ ضرور ہی نکل گئے ہوں گے۔ یہ خیال کرکے آپؐ لوٹے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ لوٹا۔ کیا دیکھا کہ وہ چلے گئے ہیں۔ تب حجاب کے متعلق آیت نازل کی گئی اور آپؐ نے میرے اور اپنے درمیان پردہ ڈالا۔
صحیح بخاری 6239
ابوالنعمان نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے کہا: ابو مجلز نے ہم سے بیان کیا۔ ابو مجلز نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ نے حضرت زینبؓ سے نکاح کیا تو لوگ اندر آئے اور انہوں نے کھانا کھایا پھر باتیں کرنے بیٹھ گئے تو آپؐ نے یوں اظہار کیا گویا آپؐ اُٹھنے کے لئے تیار ہو رہے ہیں مگر وہ نہ اُٹھے۔ جب آپؐ نے یہ دیکھا تو آپؐ کھڑے ہوئے جب آپؐ کھڑے ہوئے تو لوگوں میں سے وہ بھی کھڑے ہوئے جو کھڑے ہوئے اور باقی بیٹھ رہے اور نبی ﷺ اندر جانے کے لئے آئے تو کیا دیکھا کہ وہ لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔ پھر اس کے بعد وہ اٹھ کر چلے گئے اور میں نے نبی ﷺ کو بتایا۔ آپؐ آئے اور اندر چلے گئے اور میں بھی اندر جانے لگا مگر آپؐ نے میرے اور اپنے درمیان پردہ ڈالا اور اللہ تعالیٰ نے یہ حکم اُتارا۔ یعنی اے مؤمنو! نبی کے گھروں میں ہرگز داخل نہ ہوا کرو۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: یہ بات سمجھنے والی ہے کہ آپؐ نے ان سے اجازت نہیں لی۔ جب آپؐ کھڑے ہوئے اور باہر گئے۔ اور اس میں یہ ہے کہ آپؐ کھڑے ہونے کے لئے تیار ہوئے اور آپؐ کا مقصد یہ تھا کہ وہ اُٹھ جائیں۔
صحیح بخاری 6240
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: مجھے عروہ بن زبیر نے بتایا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی تھیں کہ حضرت عمر بن خطابؓ رسول اللہ ﷺ سے کہا کرتے تھے: اپنی ازواج سے پردہ کرائیں۔ فرماتی تھیں: مگر آپؐ نے ایسا نہ کیا اور نبی ﷺ کی ازواج رات کو ہی مناصع کی طرف جایا کرتی تھیں۔ حضرت سودہ بنت زمعہؓ نکلیں اور وہ دراز قامت عورت تھیں تو حضرت عمر بن خطابؓ نے انہیں دیکھ لیا۔ وہ کسی مجلس میں تھے۔ کہتے تھے: سودہؓ! میں نے تمہیں پہچان لیا ہے۔ اس لئے کہ انہیں یہ بہت ہی خواہش تھی کہ پردے کا حکم نازل کیا جائے۔ فرماتی تھیں: پھر اللہ عزوجل نے وہ آیت نازل کی جس میں حجاب کا حکم ہوا۔
صحیح بخاری 6241
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ زہری نے کہا کہ یہ حدیث میں نے حضرت سہل بن سعدؓ سے سن کر ایسے ہی یاد رکھی ہے جیسے کہ تمہیں یہ یقین ہے کہ تم یہاں ہو۔ (حضرت سہلؓ نے) کہا کہ ایک آدمی نے نبی ﷺ کے حجروں میں ایک سوراخ سے جھانک کر دیکھا اور نبی ﷺ کے پاس پشت خار تھا جس سے آپؐ اپنے سر کو کھجلا رہے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر میں جانتا کہ تم دیکھ رہے ہو تو میں ضرور وہی تمہاری آنکھ میں چبھو دیتا۔ اجازت لینا اس لئے مقرر کیا گیا ہے کہ نظر نہ پڑے۔
صحیح بخاری 6242
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن ابی بکر سے، عبیداللہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ کے کسی حجرے میں جھانک کر دیکھا تو نبی ﷺ چپٹے پھل کا ایک تیر یا کہا کچھ تیر لے کر اس کی طرف جانے کے لئے اٹھے۔ گویا میں آپؐ کو اب بھی دیکھ رہا ہوں کہ آپؐ دبے پاؤں اس شخص کی طرف جا رہے تھے تا کہ اس کو ماریں۔
صحیح بخاری 6243
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) ابن طاؤس سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوہریرہؓ کے قول سے زیادہ مناسب اور کوئی قول میں لَمَم کی تفسیر میں نہیں پاتا۔ اور محمود (بن غیلان) نے بھی مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا کہ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن طاؤس سے، ابن طاؤس نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں حضرت ابوہریرہؓ کے اس قول سے بڑھ کر لَمَم کے مفہوم کے مشابہ اور کوئی قول نہیں دیکھتا جو انہوں نے نبی ﷺ سے نقل کیا کہ اللہ نے ابن آدم کے لئے جو اس کا حصہ زنا سے ہے لکھ دیا ہے جس کو وہ ضرور پالے گا۔ آنکھ کا زنا نظر ہے اور زبان کا زنا بولنا ہے اور نفس بھی آرزو کرتا ہے اور خواہش رکھتا ہے اور شرمگاہ ان سب کو سچا کرتی ہے یا جھٹلاتی ہے۔
صحیح بخاری 6244
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالصمد نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ثمامہ بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ ثمامہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کی عادت تھی کہ جب سلام کہتے تو تین بار سلام کہتے اور جب کوئی بات فرماتے تو اس کو تین بار دہراتے۔
صحیح بخاری 6245
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ یزید بن خُصیفہ نے ہم سے بیان کیا۔ یزید نے بسر بن سعید سے، بسر نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں انصار کی مجلسوں میں سے ایک مجلس میں تھا۔ اتنے میں حضرت ابوموسیٰؓ آئے جیسے وہ گھبرائے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمرؓ سے تین بار اندر آنے کی اجازت مانگی۔ انہوں نے مجھے اجازت نہیں دی اس لئے میں لوٹ آیا۔ پھر حضرت عمرؓ نے مجھ سے کہا: تم کھڑے کیوں نہیں رہے ؟ میں نے کہا: میں نے آپؓ سے تین بار اجازت مانگی اور آپؓ نے اجازت نہیں دی اس لئے میں لوٹ گیا اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی تین بار اجازت مانگے اسے اجازت نہ دی جائے تو پھر وہ لوٹ جائے۔ حضرت عمرؓ نے یہ سن کر فرمایا: اللہ کی قسم تمہیں اس حدیث پر کوئی ثبوت پیش کرنا ہو گا۔ کیا تم میں سے کوئی ہے جس نے یہ نبی ﷺ سے سنا؟ حضرت اُبيّ بن کعبؓ نے کہا: اللہ کی قسم تمہارے ساتھ شہادت کے لئے وہ جائے گا جو لوگوں میں سب سے چھوٹا ہوگا۔ (حضرت ابوسعیدؓ کہتے تھے) میں سب لوگوں سے چھوٹا تھا میں اُٹھ کر ان کے ساتھ گیا۔ میں نے حضرت عمرؓ کو بتایا کہ نبی ﷺ نے ایسا فرمایا۔ اور ابن مبارک نے کہا: مجھے ابن عیینہ نے بتایا کہ مجھ سے یزید (بن خصیفہ) نے بیان کیا کہ انہوں نے بُسر سے روایت کی کہ میں نے حضرت ابوسعیدؓ سے یہ سنا۔
صحیح بخاری 6246
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ عمر بن ذر نے ہمیں بتایا اور محمد بن مقاتل نے بھی مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا، (کہا:) عمر بن ذر نے ہم سے بیان کیا کہ مجاہد نے ہمیں بتایا۔ مجاہد نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ اندر گیا تو آپؐ نے پیالے میں کچھ دودھ پایا۔ آپؐ نے فرمایا: ابو ہر اہل صفہ کے پاس جاؤ اور انہیں بلا لاؤ۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: میں ان کے پاس آیا اور ان کو بلایا۔ وہ چلے آئے اور انہوں نے اندر آنے کی اجازت مانگی اور انہیں اجازت دی گئی۔ پھر وہ اندر آئے۔