کتاب 79: كتاب الاستئذان
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 6247
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سیار (بن وردان) سے، سیار نے ثابت بنانی سے، ثابت نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ کچھ بچوں کے پاس سے گزرے۔ انہوں نے ان کو السلام علیکم کہا اور کہنے لگے: نبی ﷺ ایسا ہی کیا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6248
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہلؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم جمعہ کے دن خوشی منایا کرتے تھے۔ میں نے حضرت سہلؓ سے کہا: کیوں؟ انہوں نے کہا: ہماری ایک بوڑھیا تھی جو بضاعہ کی طرف کسی کو بھیجتی۔ ابن مسلمہ نے کہا: بضاعہ مدینہ میں ایک نخلستان تھا۔ اور وہ چقندر کی جڑیں لیتی اور ان کو ہانڈی میں ڈالتی اور جَو کے کچھ دانے ڈالتی۔ جب ہم نماز پڑھ چکتے تو وہاں سے لوٹتے اور اس کو السلام علیکم کہتے تو وہ یہ کھانا ہمارے سامنے رکھتی اور ہم اس لئے خوش ہوتے اور ہم نہ قیلولہ کرتے اور نہ دوپہر کا کھانا کھاتے مگر جمعہ کے بعد۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6249
(محمد) ابن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا کہ معمر نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے زُہری سے، زہری نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے، ابوسلمہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ بیان کرتی ہیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یا عائشہ! یہ جبریل ہیں جو تم کو السَّلَامُ عَلَیْکُمْ کہتے ہیں۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نے کہا: وَعَلَيْهِ السَّلَامُ وَرَحْمَةُ اللهِ۔ آپؐ وہ کچھ دیکھتے ہیں جو ہم نہیں دیکھتے۔ حضرت عائشہؓ کی مراد اس سے رسول اللہ ﷺ سے تھی۔ (معمر کی طرح) اس حدیث کو شعیب نے بھی روایت کیا۔ اور یونس اور نعمان نے بھی زہری سے یہی نقل کیا۔ اس میں وَبَرَکَاتُہُ بھی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6250
ابوالولید ہشام بن عبدالملک نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے روایت کی۔ محمد نے کہا: میں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ میں نبی ﷺ کے پاس ایک قرضے کے متعلق آیا جو میرے باپ کے ذمہ تھا۔ میں نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ آپؐ نے فرمایا: کون ہے؟ میں نے کہا: میں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تو میں ہوں۔ جیسے آپؐ نے اسے ناپسند فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6251
اسحاق بن منصور نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن نمیر نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ عبیداللہ نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص مسجد میں آیا اور رسول اللہ ﷺ مسجد کے ایک طرف بیٹھے ہوئے تھے۔ اس نے نماز پڑھی اور اس کے بعد آ کر آپؐ کو سلام کہا تو رسول اللہ ﷺ نے اس سے کہا: وَعَلَيْكَ السَّلَامُ واپس جاؤ اور نماز پڑھو کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ وہ لوٹا اور نماز پڑھی۔ پھر آیا اور سلام کہا۔ آپؐ نے فرمایا: وَعَلَيْكَ السَّلَامُ واپس جاؤ اور نماز پڑھو کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ اس نے دوسری بار یا اس کے بعد کہا: یا رسول اللہ! مجھے سکھائیں۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم نماز کے لئے کھڑے ہو تو پورے طور پر وضو کرو پھر قبلے کی طرف منہ کرو اور اللہ اکبر کہو۔ پھر قرآن سے وہ آیتیں پڑھو جو تم آسانی سے پڑھ سکو۔ پھر رکوع کرو یہاں تک کہ رکوع کی حالت میں تمہیں اطمینان حاصل ہو جائے۔ پھر سر اُٹھاؤ یہاں تک کہ تم سیدھے کھڑے ہو جاؤ۔ پھر سجدہ کرو یہاں تک کہ سجدے کی حالت میں تمہیں اطمینان حاصل ہو جائے۔ پھر سر اُٹھاؤ یہاں تک کہ تم اطمینان سے بیٹھ جاؤ۔ پھر سجدہ کرو یہاں تک کہ سجدے کی حالت میں تمہیں اطمینان حاصل ہو جائے۔ پھر سر اُٹھاؤ یہاں تک کہ تم اطمینان سے بیٹھ جاؤ۔ پھر ساری نماز میں اسی طرح کرو۔ اور ابواسامہ نے (دوسرے سجدے کے ذکر کے) آخر میں یوں کہا: یہاں تک کہ تم سیدھے کھڑے ہو جاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6252
(محمد) ابن بشار نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ (بن سعید قطان) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے کہ سعید (مقبری) نے مجھ سے بیان کیا۔ سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: پھر تم سر اُٹھاؤ یہاں تک کہ بیٹھ کر تمہیں اطمینان ہو جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6253
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ زکریا نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے عامر سے سنا۔ عامر کہتے تھے: مجھے ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن نے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے ان سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا) کہ نبی ﷺ نے ان سے فرمایا: جبریل تمہیں سلام کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا: وَعَلَيْهِ السَّلَامُ وَرَحْمَةُ اللهِ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6254
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زُہری سے، زہری نے عروہ بن زبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے حضرت اسامہ بن زیدؓ نے بتایا کہ نبی ﷺ ایک گدھے پر سوار ہوئے جس پر پالان تھی۔ اس پر فدک کی چادر پڑی تھی اور آپؐ نے حضرت اسامہ بن زیدؓ کو اپنے پیچھے سوار کیا اور آپؐ بنی حارث بن خزرج کے محلے میں حضرت سعد بن عبادہؓ کی عیادت کو جا رہے تھے۔ اور یہ جنگ بدر سے پہلے کا واقعہ ہے۔ جاتے ہوئے آپؐ ایک ایسی مجلس کے پاس سے گزرے جس میں مسلمان اور مشرک بُت پرست اور یہودی ملے جلے تھے اور ان میں عبداللہ بن اُبيّ بن سلول بھی تھا اور اس مجلس میں حضرت عبداللہ بن رواحہؓ بھی تھے۔ جب مجلس پر جانور کی گرد پڑنے لگی تو عبداللہ بن اُبيّ نے اپنی چادر سے اپنی ناک کو ڈھانپ لیا پھر کہا: ہم پر غبار مت اُڑاؤ۔ نبی ﷺ نے انہیں السَّلَامُ عَلَیْکُمْ کہا۔ پھر ٹھہر گئے اور نیچے اُتر آئے۔ آپؐ نے ان کو اللہ کی طرف بلایا اور ان کے سامنے قرآن پڑھا۔ عبداللہ بن اُبيّ بن سلول بولا: بھلے آدمی! اگر جو تم کہتے ہو سچ ہے تو اس سے اچھی اور کوئی بات نہیں مگر ہمیں ہماری مجلسوں میں آکر تکلیف نہ دیا کرو۔ اپنے ڈیرے کو لوٹ جاؤ۔ جب ہم میں سے کوئی تمہارے پاس وہاں آئے تو اس کو یہ قصے سنانا۔ حضرت ابن رواحہؓ بولے: آپؐ ہماری مجلسوں میں آیا کریں کیونکہ ہم یہ باتیں پسند کرتے ہیں۔ اس پر مسلمان اور مشرک اور یہود ایک دوسرے کو بُرا بھلا کہنے لگے یہاں تک کہ وہ ایک دوسرے پر حملہ کرنے کے لئے بھی آمادہ ہوئے۔ نبی ﷺ ان کے جوش کو فرو کرتے رہے۔ پھر آپؐ اپنے جانور پر سوار ہوگئے اور حضرت سعد بن عبادہؓ کے پاس آئے۔ آپؐ نے فرمایا: سعدؓ تم نے سنا نہیں جو ابوحباب نے کہا؟ یعنی عبداللہ بن اُبيّ نے ایسا ایسا کہا ہے۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس کو معاف کریں اور اس سے درگزر فرمائیں۔ اللہ کی قسم! اللہ نے آپؐ کو جو دیا ہے، اس بستی والوں نے آپس میں یہ ٹھہرا ہی لیا تھا کہ اس کو تاج پہنائیں اور اس کے سر پر سرداری کی پگڑی باندھیں۔ جب اللہ نے اس کو اس حق کی وجہ سے جو اس نے آپؐ کو دیا منظور نہ کیا تو اس سے اس کا گلا گُھٹ گیا اسی لئے اس نے ایسا کیا ہے جو آپؐ نے دیکھا۔ نبی ﷺ نے یہ سن کر اس سے درگزر کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6255
(یحيٰ) بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن کعب سے، عبدالرحمٰن نے عبداللہ بن کعب سے، عبداللہ نے کہا: میں نے حضرت کعب بن مالکؓ سے سنا۔ وہ اس واقعہ کے متعلق بیان کرتے تھے جبکہ وہ تبوک سے پیچھے رہ گئے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے ہم سے بات چیت کرنا منع کردیا اور میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آتا اور آپؐ کو السلام علیکم کہتا اور پھر اپنے دل میں کہتا: کیا آپؐ نے سلام کا جواب دینے میں اپنے ہونٹوں کو ہلایا یا نہیں۔ آخر اس طرح پچاس راتیں پوری ہوگئیں اور نبی ﷺ نے اعلان کیا کہ ہماری توبہ قبول ہوگئی اس وقت جبکہ آپؐ نے صبح کی نماز پڑھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6256
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ زہری نے کہا: مجھے عروہ نے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: یہودیوں میں سے کچھ لوگ نبی ﷺ کے پاس آئے اور کہا: السَّامُ عَلَيْكَ۔ میں سمجھ گئی۔ میں نے بھی کہا: عَلَيْكُمُ السَّامُ وَاللَّعْنَةُ۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سن کر فرمایا: عائشہ! ٹھہرو۔ اللہ ہر معاملہ میں نرمی پسند کرتا ہے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپ ﷺ نے سنا نہیں جو انہوں نے کہا؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں بھی تو جواب دے چکا ہوں عَلَیْکُمْ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6257
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ بن دینار نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب یہود تمہیں سلام کریں۔ ان میں سے ایک یہی کہتا ہے: السَّامُ عَلَيْكُمْ۔ تم کہو: وَعَلَیْکَ یعنی تم ہی پر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6258
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ بن ابی بکر بن انس نے ہم سے بیان کیا۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: جب اہل کتاب تمہیں سلام کریں تو تم کہو: وَعَلَیْکُمْ۔ یعنی تم ہی پر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6259
یوسف بن بہلول نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن ادریس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھے حصین بن عبدالرحمٰن نے بتایا۔ حصین نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابوعبدالرحمٰن سلمی سے، سلمی نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے اور زبیر بن عوامؓ اور ابومرثد غنویؓ کو بھیجا اور ہم میں سے ہر ایک شہسوار تھا۔ آپؐ نے فرمایا: چلے جاؤ یہاں تک کہ جب روضہ خاخ میں پہنچو تو وہاں مشرکوں کی ایک عورت ہے اس کے پاس حاطب بن ابی بلتعہؓ سے مشرکوں کے نام ایک خط ہے۔ حضرت علیؓ کہتے تھے: ہم نے اس کو وہیں پایا جہاں رسول اللہ ﷺ نے ہم سے فرمایا تھا، اپنے ایک اونٹ پر سوار جا رہی تھی۔ کہتے تھے، ہم نے کہا: وہ خط کہاں ہے جو تمہارے پاس ہے؟ کہنے لگی: میرے پاس تو کوئی خط نہیں۔ ہم نے اُس کا اونٹ بٹھا دیا اور ہم اس کے کجاوے میں ڈھونڈنے لگے مگر ہم نے کچھ نہ پایا۔ میرے دونوں ساتھیوں نے کہا: ہم تو کوئی خط نہیں دیکھتے۔ حضرت علیؓ کہتے تھے: میں نے کہا: میں خوب جانتا ہوں کہ رسول اللہ ﷺ نے غلط نہیں کہا۔ اسی ذات کی قسم ہے کہ جس کی قسم کھائی جاتی ہے، تمہیں اس خط کو نکالنا ہوگا ورنہ میں تمہاری جامہ تلاشی لوں گا۔ کہتے تھے: جب اس نے مجھ سے سنجیدگی کو دیکھا تو اس نے اپنا ہاتھ اپنے نیفے کی طرف جھکایا اور اس نے موٹی چادر باندھی ہوئی تھی اور اس خط کو نکالا۔ حضرت علیؓ کہتے تھے: ہم وہ خط لے کر رسول اللہ ﷺ کے پاس چلے گئے۔ آپؐ نے فرمایا: حاطبؓ ! تمہیں اس کام پر جو تم نے کیا ہے کس نے آمادہ کیا؟ وہ کہنے لگے: مجھے کیا جنون تھا کہ میں اللہ اور اس کے رسول پر ایمان نہ رکھوں؟ میں نے کوئی اور دین نہیں اختیار کیا نہ ہی اپنے دین کو بدلا ہے۔ میں چاہتا تھا کہ ان لوگوں پر میرا کوئی احسان ہو جس کے ذریعہ سے اللہ میرے گھر بار اور مال سے شر کو دور کرے اور آپؐ کے ساتھیوں میں سے یہاں کوئی بھی ایسا نہیں جس کا کوئی ایسا نہ ہو کہ جس کے ذریعہ سے اللہ اس کے گھر بار اور مال سے مدافعت کر رہا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس نے سچ کہا اس لئے اس کے متعلق سوائے بھلی بات کے کچھ نہ کہو۔ حضرت علیؓ کہتے تھے: حضرت عمر بن خطابؓ نے یہ سن کر کہا: اس نے اللہ اور اس کے رسول اور مؤمنوں سے خیانت کی ہے اس لئے مجھے اجازت دیں کہ اس کی گردن اُڑا دوں۔ کہتے تھے: آپؐ نے فرمایا: عمرؓ! تمہیں کیا پتہ شاید اللہ نے بدر والوں کو جھانک کر دیکھا ہو اور فرمایا ہو: اب جو چاہو کرو، تمہارے لئے جنت تو ہو چکی۔ حضرت علیؓ کہتے تھے: یہ سن کر حضرت عمرؓ کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے اور کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6260
محمد بن مقاتل ابوالحسن نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہم سے بیان کیا۔ یونس نے زُہری سے روایت کی۔ زہری نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ نے اُن سے بیان کیا۔ ابوسفیان بن حرب نے انہیں خبر دی کہ ہرقل نے اُن کو قریش کے کچھ آدمیوں سمیت بلا بھیجا اور وہ شام میں تجارت کے لئے گئے تھے۔ وہ اس کے پاس آئے۔ پھر حضرت ابن عباسؓ نے ساری حدیث ذکر کی۔ ابوسفیان نے کہا: پھر ہرقل نے رسول اللہﷺ کا خط منگوایا اور وہ پڑھا گیا۔ اس میں یہ مضمون تھا: اللہ کے نام کے ساتھ جو رحمٰن اور رحیم ہے۔ محمد جو اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں، کی طرف سے روم کے بادشاہ ہرقل کی طرف۔ اس پر سلامتی ہو جس نے ہدایت کی پیروی کی۔ اس کے بعد…
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6261
اور لیث نے کہا: مجھے جعفر بن ربیعہ نے بیان کیا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن ہرمز سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے بنی اسرائیل کے ایک شخص کا ذکر کیا کہ اس نے ایک لکڑی لی، اس کو کُریدا اور اس میں ہزار دینار اور اپنی طرف سے ایک خط اپنے ساتھی کے نام ڈال دیا۔ اور عمر بن ابی سلمہ نے اپنے باپ سے نقل کیا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ اس نے ایک لکڑی اندر سے کرید کر خالی کی اور مال اس کے اندر رکھ دیا اور اس کی طرف ایک خط لکھا: فلاں کی طرف سے فلاں کو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6262
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے، سعد نے ابوامامہ بن سہل بن حنیف سے، ابوامامہ نے حضرت ابوسعیدؓ سے روایت کی کہ قریظہ والے حضرت سعدؓ کے فیصلہ پر اُتر آئے اور نبی ﷺ نے ان کو بلا بھیجا۔ وہ آئے اور آپؐ نے فرمایا: اپنے سردار کے استقبال کے لئے اُٹھو یا فرمایا: اپنے میں سے بہتر کے لئے۔ وہ نبی ﷺ کے پاس بیٹھ گئے اور آپؐ نے فرمایا کہ تمہارے فیصلہ پر اُترے ہیں۔ حضرت سعدؓ نے کہا: پھر میں یہ فیصلہ کرتا ہوں کہ ان میں سے جو لڑنے والے تھے ان کو قتل کیا جائے اور ان لڑنے والوں کے بال بچے قید کر لئے جائیں۔ آپؐ نے سن کر فرمایا: تم نے وہ فیصلہ کیا ہے جو اس بادشاہ (یعنی خدا) نے فیصلہ کیا۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: میرے بعض ساتھیوں نے ابوالولید سے حضرت ابوسعیدؓ کا قول نقل کرتے ہوئے یوں بتایا: یعنی عَلٰی حُكْمِكَ کی بجائے إِلَى حُكْمِكَ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6263
عمرو بن عاصم نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ کے صحابہ میں مصافحہ کرنے کا رواج تھا؟ انہوں نے کہا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6264
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: حیوہ نے مجھے بتایا، کہا: ابوعقیل زہرہ بن معبد نے مجھ سے بیان کیا۔ ابوعقیل نے اپنے دادا عبداللہ بن ہشام سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم نبی ﷺ کے ساتھ تھے اور آپؐ حضرت عمر بن خطابؓ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6265
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سیف نے ہمیں بتایا۔ سیف نے کہا: میں نے مجاہد سے سنا۔ وہ کہتے تھے: عبداللہ بن سخبرہ ابو معمر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت ابن مسعودؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے مجھے تشہد سکھایا جبکہ میرا ہاتھ آپؐ کے ہاتھوں کے درمیان تھا۔ مجھے آپؐ نے اس طرح تشہد سکھایا جس طرح آپؐ مجھے قرآن کی کوئی سورت سکھاتے۔ تمام تحفے اللہ تعالیٰ کے لئے ہیں اور تمام بدنی عبادتیں اور مالی عبادتیں اللہ کے لئے ہیں۔ اے نبی تجھ پر سلامتی ہو اور اللہ کی رحمت اور برکت ہو۔ ہم پر سلامتی ہو اور اللہ کے نیک بندوں پر۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اس کے بندے اور رسول ہیں اور آپؐ اس وقت ہمارے درمیان موجود تھے۔ جب آپؐ کی وفات ہو گئی ہم نے کہا: سلامتی ہو، یعنی نبی ﷺ پر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6266
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ بشر بن شعیب نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے کہا: عبداللہ بن کعب نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے ان کو خبر دی کہ حضرت علیؓ یعنی ابن ابی طالب نبی ﷺ کے پاس سے نکلے۔ اور احمد بن صالح نے بھی ہم سے بیان کیا کہ عنبسہ (بن خالد) نے ہمیں بتایا کہ یونس (بن یزید) نے ہم سے بیان کیا۔ یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: عبداللہ بن کعب بن مالک نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے ان کو بتایا کہ حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نبی ﷺ کے پاس سے اس بیماری میں جس میں آپؐ فوت ہوئے، باہر نکلے تو لوگوں نے پوچھا: ابو حسنؓ! رسول اللہ ﷺ آج صبح کیسے ہیں؟ تو انہوں نے کہا: الحمد للہ آپؐ آج صبح اچھے ہیں۔ حضرت عباسؓ نے اُن کا ہاتھ پکڑا اور کہا: کیا تم نہیں سمجھتے کہ تم اللہ کی قسم تین دن کے بعد ڈنڈے کے غلام ہوگے؟ اللہ کی قسم! میں تو رسول اللہ ﷺ کو دیکھتا ہوں کہ عنقریب آپؐ اس بیماری میں فوت ہو جائیں گے اور میں عبدالمطلب کے بیٹوں کے چہروں سے موت پہچان لیتا ہوں۔ چلو ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس چلیں اور آپؐ سے پوچھیں کہ یہ امر کس کے لئے ہوگا؟ اگر تو ہمارے لئے ہوگا تو ہمیں اس کا علم ہوجائے گا اور اگر ہمارے سوا کسی اور کے لئے ہوا تو آپؐ ہمارے متعلق وصیت کریں گے۔ حضرت علی نے کہا: اللہ کی قسم! اگر ہم نے رسول اللہ ﷺ سے اس کے متعلق پوچھا اور آپؐ ہمیں محروم کر دیں تو پھر لوگ ہمیں یہ کبھی نہ دیں گے اور میں تو رسول اللہ ﷺ سے یہ کبھی نہیں پوچھوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah