کتاب 79: كتاب الاستئذان
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 6287
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ زہری نے ہم سے بیان کیا۔ زُہری نے کہا: عباد بن تمیم نے اپنے چچا (عبداللہ بن زید انصاری) سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو مسجد میں دیکھا کہ آپؐ اپنا ایک پاؤں دوسرے پر رکھے ہوئے چت لیٹے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6288
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ نیز اسماعیل (بن ابی اویس) نے بھی ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تین آدمی ہوں تو دو تیسرے کو چھوڑ کر آپس میں سرگوشیاں نہ کریں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6289
عبداللہ بن صباح نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر بن سلیمان نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ (وہ کہتے تھے) کہ نبی ﷺ نے مجھے ایک راز کی بات بتائی تو میں نے آپؐ کے بعد وہ کسی کو بھی نہیں بتائی۔ اور حضرت اُم سُلیمؓ نے بھی مجھ سے پوچھا تو میں نے اُن کو بھی وہ بات نہیں بتائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6290
عثمان (بن ابی شیبہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا کہ جب تم تین آدمی ہو تو دو آدمی تیسرے کو چھوڑ کر اُس وقت تک آپس میں سرگوشی نہ کریں کہ تم میں اَور لوگ شامل ہو جائیں۔ اس لئے کہ کہیں یہ بات اس کو رنجیدہ نہ کردے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6291
عبدان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حمزہ (محمد بن میمون) سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے شقیق سے، شقیق نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک دن مال تقسیم کیا تو انصار میں سے ایک شخص نے کہا: یہ تو ایسی تقسیم ہے کہ اس سے اللہ کی رضا مندی نہیں چاہی گئی۔ میں نے کہا: دیکھو! اللہ کی قسم میں نبی ﷺ کے پاس ضرور جاؤں گا۔ چنانچہ میں آپؐ کے پاس آیا اور آپؐ اس وقت بھری مجلس میں تھے۔ میں نے چپکے سے (آپؐ کے کان میں) وہ بات کہی تو آپؐ (سن کر) اس قدر غصے میں آئے کہ آپؐ کا چہرہ سرخ ہوگیا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: موسیٰؑ پر اللہ کی رحمت ہو۔ اُنہیں اس سے زیادہ دکھ دیا گیا اور انہوں نے صبر کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6292
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبدالعزیز (بن صہیب) سے، عبدالعزیز نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نماز کے لئے تکبیر ہو گئی اور ایک شخص رسول اللہ ﷺ سے سرگوشی کر رہا تھا۔ اور وہ آپؐ سے اتنی دیر تک سرگوشی کرتا رہا کہ آپؐ کے صحابہ سو گئے۔ پھر اس کے بعد آپؐ کھڑے ہوئے اور نماز پڑھائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6293
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم سونے لگتے ہو تو اپنے گھروں میں آگ نہ رہنے دیا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6294
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرید بن عبداللہ سے، بُرید نے ابو بُردہ سے، ابو بردہ نے حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مدینہ میں رات کو ایک گھر جل گیا جس میں گھر والے تھے تو نبی ﷺ کو اُن کے متعلق بتایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ آگ تمہاری دشمن ہے۔ اس لئے جب تم سونے لگو تو اس کو بجھا کر بے فکر ہو جایا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6295
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کثیر سے جو ابن شنظیر ہیں، کثیر نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: برتنوں کو ڈھانپ دیا کرو اور دروازوں کو بند کر لیا کرو اور چراغوں کو بجھا دو کیونکہ چوہا کبھی کبھی بتی گھسیٹ کر لے جاتا ہے اور گھر والوں کو جلا دیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6296
حسان بن ابی عباد نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے حضرت جابر (بن عبداللہ انصاریؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم سونے لگو تو رات کو چراغ بجھا دیا کرو اور دروازوں کو بند کر لیا کرو اور مشکوں کے منہ باندھو اور کھانے اور پینے کی چیزوں کو ڈھانپو۔ ہمام نے کہا: اور میں سمجھتا ہوں (کہ عطاء نے یہ بھی) کہا: گو ایک لکڑی سے ہی جو وہ اُس پر آڑی رکھ دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6297
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: فطری باتیں پانچ ہیں۔ ختنہ کرانا اور زیر ناف بال صاف کرنا اور بغل کے بال صاف کرنا اور مونچھیں کاٹنا اور ناخن تراشنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6298
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب بن ابی حمزہ نے ہمیں بتایا۔ ابو زناد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: حضرت ابراہیمؑ نے اسّی سال کے بعد ختنہ کروایا تھا اور تیشے سے ختنہ کروایا تھا۔ (یہ لفظ قَدُوْم ہے دال کی) تخفیف سے۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ مغیرہ (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو زناد سے روایت کی اور انہوں نے کہا: یہ لفظ قَدُّوْم ہے تشدید کے ساتھ اور یہ ایک جگہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6299
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ عباد بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل بن جعفر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابواسحاق (سبیعی) سے، ابواسحاق نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا گیا: آپؓ کس عمر کے تھے جب نبی ﷺ کی وفات ہوئی؟ تو انہوں نے کہا: میں ان دنوں ختنہ شدہ تھا۔ (ابواسحاق نے) کہا: اور وہ آدمی کا ختنہ نہیں کیا کرتے تھے جب تک کہ وہ بالغ نہ ہو جاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6300
اور (عبداللہ) ابن ادریس (بن یزید) نے اپنے باپ سے نقل کیا۔ انہوں نے ابواسحاق (سبیعی) سے، ابواسحاق نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی وفات ہوئی اور میرا ختنہ ہو چکا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6301
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حمید بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جو کوئی قسم کھائے اور اپنی قسم میں لات اور عزیٰ کا نام لے تو وہ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کا اقرار کرے اور جس نے اپنے ساتھی سے کہا: آؤ میں تم سے جوا کھیلوں تو وہ صدقہ دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6302
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق نے جو کہ سعید کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ اسحاق نے سعید (بن عمرو) سے، سعید نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے آپ کو نبیﷺ کی معیت میں دیکھا جبکہ میں نے اپنے ہاتھ سے ایک گھر بنایا تھا جو مجھے بارش سے بچاتا اور دھوپ سے مجھ پر سایہ کرتا۔ اللہ کی مخلوق سے کسی نے بھی مجھے اس کے بنانے میں مدد نہیں دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6303
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن دینار) نے کہا: حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم جب سے نبی ﷺ کی وفات ہوئی میں نے اینٹ پر اینٹ نہیں رکھی اور نہ ہی کھجور کا کوئی درخت لگایا۔ سفیان نے کہا: میں نے ان کے گھر والوں میں سے کسی سے اس کا ذکر کیا تو اس نے کہا: اللہ کی قسم انہوں نے گھر بنایا تھا۔ سفیان کہتے تھے: میں نے کہا: شاید انہوں نے گھر بنوانے سے پہلے کہا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah