کتاب 80: كتاب الدعوات
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6304
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہر ایک نبی کی ایک مقبول دعا ہوتی ہے جو وہ مانگتا ہے۔ اور میں چاہتا ہوں کہ میں اپنی دعا کو چھپائے رکھوں تا کہ آخرت میں میری امت کے لیے وہ شفاعت (کا موجب) بنے۔
صحیح بخاری 6305
اور خلیفہ (بن خیاط) نے مجھ سے کہا کہ معتمر (بن سلیمان) کہتے تھے: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ حضرت انس سے، حضرت انس نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپ نے فرمایا: ہر ایک نبی نے کچھ مانگا ہے یا فرمایا: ہر ایک نبی کی ایک خاص دعا ہے کہ جو اُس نے مانگی ہے - اور وہ قبول کی گئی۔ میں نے اپنی دعا کو قیامت کے دن اپنی امت کے لئے بطور شفاعت کے رکھ چھوڑا ہے۔
صحیح بخاری 6306
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ حسین (بن ذکوان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبد اللہ بن بریدہ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا: ) بشیر بن کعب عدوی نے مجھ سے رضى اللہ عنہ نے مجھے بتایا۔ حضرت شداد نے نبی صلى اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ سید الاستغفار یہ ہے کہ وہ یہ دعا کرے: اے میرے اللہ! تو ہی میرا ربّ ہے۔ کوئی معبود نہیں مگر تو ہی۔ تو نے مجھے پیدا کیا۔ میں تیرا بندہ ہوں۔ میں تیرے عہد اور تیرے وعدے پر قائم ہوں جہاں تک میں طاقت رکھتا ہوں۔ جو میں نے کیا اُس کے شر سے میں تیری پناہ لیتا ہوں۔ میں تیرے حضور اقرار کرتا ہوں کہ تو نے مجھ پر احسان کئے اور میں اپنے گناہ کا اقرار کرتا ہوں۔ مجھ پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے میرے گناہوں سے درگزر فرما کیونکہ کوئی گناہوں کی مغفرت نہیں کرتا مگر تو ہی۔ آپ نے فرمایا: اور جو شخص دن کو یہ دعا یقین رکھتے ہوئے کرے گا پھر وہ اس دن شام ہونے سے پہلے مر جائے تو وہ جنتیوں میں سے ہو گا اور جس نے رات کو یہ دعا کی جبکہ اس پر وہ یقین رکھتا ہے پھر وہ صبح ہونے سے پہلے مر جائے تو وہ بھی جنتیوں میں سے ہو گا۔
صحیح بخاری 6307
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ابو سلمہ بن عبد الرحمن نے مجھے خبر دی۔ ابو سلمہ نے کہا: حضرت ابوہریرۃ نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپ فرماتے تھے: اللہ کی قسم! میں تو ہر روز ستر بار سے بھی زیادہ اللہ سے استغفار کرتا ہوں اور اس کے حضور توبہ کرتا ہوں۔
صحیح بخاری 6308
تَابَعَهُ أَبُو عَوَانَةَ وَجَرِيرٌ عَنِ الأَعْمَشِ. وَقَالَ أَبُو أُسَامَةَ حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ حَدَّثَنَا عُمَارَةُ سَمِعْتُ الْحَارِثَ. وَقَالَ شُعْبَةُ وَأَبُو مُسْلِمٍ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ إِبْرَاهِيمَ التَّيْمِيِّ عَنِ الْحَارِثِ بْنِ سُوَيْدٍ. وَقَالَ أَبُو مُعَاوِيَةَ حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ عَنْ عُمَارَةَ عَنِ الأَسْوَدِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ وَعَنْ إِبْرَاهِيمَ التَّيْمِيِّ عَنِ الْحَارِثِ بْنِ سُوَيْدٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ.
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابو شہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عمارہ بن عمیر سے، عمارہ نے حارث بن سوید سے روایت کی کہ حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ نے ہم سے دو حدیثیں بیان کیں۔ ان میں سے ایک نبی ﷺ سے اور ایک اپنی طرف سے ہے۔ اپنی طرف سے یہ) کہا کہ مؤمن اپنے گناہوں کو یوں دیکھتا ہے گویا وہ پہاڑ کے نیچے بیٹھا ہوا ہے، ڈرتا ہے کہ کہیں وہ اس پر نہ آپڑے۔ اور فاجر اپنے گناہوں کو یوں سمجھتا ہے جیسے مکھی اس کے ناک پر سے گزر گئی اور اس نے اُسے اس طرح ہٹا دیا۔ ابو شہاب نے یہ (اشارہ) اپنے ہاتھ کو ناک پر گزار کر بتایا۔ پھر (انہوں نے آنحضرت ﷺ کی حدیث بیان کی۔) فرمایا: اللہ اپنے بندے کی توبہ سے اس سے بھی زیادہ خوش ہوتا ہے جتنا وہ شخص کہ جو ایک مقام پر اترا اور وہاں ہلاکت کے سب سامان موجود ہیں، اُس کے ساتھ اس کی اوٹنی ہے جس پر اُس کا کھانا اور پانی لد ا ہوا ہے۔ وہ اپنا سر رکھ کر تھوڑا سا سو گیا اور پھر جاگا، کیا دیکھا کہ اس کی اونٹنی کہیں چلی گئی ہے۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ گرمی اور پیاس نے اسے سخت لاچار کر دیا یا فرمایا: اتنی سخت گرمی اور پیاس لگی جتنی اللہ نے چاہی۔ کہنے لگا: میں اپنی جگہ لوٹ جاتا ہوں۔ اور وہ لوٹا اور تھوڑا سا سویا۔ پھر اُس نے اپنا سر اُٹھایا تو کیا دیکھتا ہے کہ اس کی اونٹنی اس کے پاس کھڑی ہے۔
(ابو شہاب کی طرح) اس حدیث کو ابو عوانہ اور جریر نے بھی اعمش سے روایت کیا۔ اور ابو اسامہ نے کہا: ہم سے اعمش نے بیان کیا کہ ہمیں عمارہ نے بتایا کہ میں نے حارث بن سوید سے سنا۔ اور شعبہ اور مسلم نے بھی اس حدیث کو اعمش سے اور اعمش نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے حارث بن سوید سے روایت کی۔ اور ابو معاویہ نے کہا: اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عمارہ سے، عمارہ نے اسود سے، اسود نے حضرت عبد اللہ بن مسعود) اور ابراہیم تیمی سے، انہوں نے حارث بن سوید سے، حارث نے حضرت عبد اللہ سے روایت کی۔
صحیح بخاری 6309
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ حبان (بن ہلال) نے ہمیں خبر دی۔ ہمام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انس بن مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ نیز ہد بہ (بن خالد) نے (بھی) ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ اپنے بندہ کی توبہ پر تم میں سے اس ایک شخص سے بڑھ کر خوش ہوتا ہے کہ جس نے اپنے اونٹ کو یکا یک پا لیا ہو جبکہ اس نے اس کو بے آب و گیاہ بیابان میں کھو دیا تھا۔
صحیح بخاری 6310
عبد الله بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ رات کو گیارہ رکعتیں پڑھا کرتے تھے۔ جب صبح (صادق) طلوع ہوتی تو آپ دو ہلکی سی رکعتیں پڑھتے۔ پھر اپنی داہنی کروٹ کے بل لیٹ جاتے یہاں تک کہ مؤذن آتا اور آپ کو اطلاع دیتا۔
صحیح بخاری 6311
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے منصور سے سنا۔ منصور نے سعد بن عبیدہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما نے مجھے بتایا۔ وہ کہتے تھے : رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: جب تم اپنے بستر پر آؤ تو وضو کرو، اسی طرح کا وضو جو تم اپنی نماز کے لئے کرتے ہو۔ پھر اپنی دائیں کروٹ پر لیٹو اور یہ دعا کرو: اے اللہ ! میں نے اپنے آپ کو تیرے سپرد کیا اور میں نے اپنا معاملہ تجھے سونپ دیا اور میں نے تیری رضامندی کی اُمید کرتے ہوئے اور تیری ناراضگی سے ڈرتے ہوئے تجھے ہی اپنا پشت پناہ بنایا ہے۔ نہ تو کوئی جائے پناہ ہے اور نہ تجھ سے بچ کر نجات کی کوئی جگہ ہے مگر تیرے ہی حضور میں ایمان لایا تیری اُس کتاب پر جو تو نے اُتاری اور تیرے اُس نبی پر جو تو نے بھیجا۔ اگر تم اس دعا کے بعد ) مر جاؤ گے تو فطرت پر مرو گے۔ اس لئے سب سے آخر جو تم رکھو تو انہی کلمات کو کہو۔ میں نے کہا: میں ان کو (یوں) یاد کر لوں: وَبِرَسُولِكَ الَّذِي أَرْسَلْتَ۔ آپ نے فرمایا: نہیں، بلکہ یہ کہو) وَبِنَبِيَّكَ الَّذِي أَرْسَلْتَ۔
صحیح بخاری 6312
انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب اپنے بستر پر آرام فرماتے تو دعا کرتے: تیرے نام سے میں مرتا ہوں اور جیتا ہوں اور جب آپ اُٹھتے تو دعا کرتے: سب حمد اس اللہ ہی کے لئے ہے جس نے ہمیں زندہ کیا بعد اس کے کہ اُس نے ہمیں مارا اور اسی کی طرف اُٹھ کر جاتا ہے۔ نُنشِرُهَا کے معنی ہیں ہم اُس کو باہر نکالتے ہیں۔
صحیح بخاری 6313
سعید بن ربیع اور محمد بن عرعرہ نے ہم سے بیان کیا۔ ان دونوں نے کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے روایت کی۔ (ابواسحاق نے کہا:) میں نے حضرت براء بن عازبؓ سے سنا کہ نبی ﷺ نے ایک شخص کو حکم دیا۔ نیز آدم نے (بھی) ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ ابواسحاق ہمدانی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ایک شخص کو (یہ) وصیت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم اپنے بستر پر جاؤ تو یوں دعا کرو: اے اللہ! میں نے اپنے آپ کو تیرے سپرد کیا اور میں نے اپنا معاملہ تجھے سونپ دیا اور میں نے اپنی توجہ کو تیری ہی طرف پھیرا اور میں نے تیری ناراضگی سے ڈرتے ہوئے اور تیری رضامندی کی اُمید کرتے ہوئے تجھے ہی اپنا پشت پناہ بنایا۔ نہ تو کوئی جائے پناہ ہے اور نہ تجھ سے بچ کر نجات کی کوئی جگہ ہے مگر تیرے ہی حضور۔ میں ایمان لایا تیری اُس کتاب پر جو تو نے اُتاری اور تیرے اس نبی پر جو تو نے بھیجا۔ تو پھر اگر تم مر جاؤ تو تم فطرت پر مرو گے۔
صحیح بخاری 6314
موسیٰ بن اسماعیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک سے، عبدالملک نے ربعی سے، ربعی نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب رات کو اپنے بستر پر لیٹتے تو آپؐ اپنے ہاتھ کو اپنے رخسار کے نیچے رکھتے۔ پھر دعا کرتے: اے اللہ! تیرے نام سے ہی میں مرتا ہوں اور جیتا ہوں اور جب آپؐ جاگتے تو دعا کرتے: سب حمد اللہ ہی کے لئے ہے جس نے ہمیں زندہ کیا بعد اس کے کہ ہمیں مارا تھا۔ اور اسی کی طرف اُٹھ کر جانا ہے۔
صحیح بخاری 6315
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد بن زیاد نے ہمیں بتایا۔ علاء بن مسیب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: جب رسول اللہ ﷺ اپنے بچھونے پر آرام فرماتے تو آپؐ اپنی داہنی کروٹ کے بل سوتے، پھر یہ دعا کرتے: اے اللہ! میں نے اپنے تئیں تجھے سونپا اور میں نے اپنی توجہ کو تیری ہی طرف پھیرا اور میں نے اپنا معاملہ تیرے سپرد کر دیا اور میں نے اپنی پیٹھ کو تجھ سے سہارا دیا ہے تیری رضامندی کی خواہش رکھتے ہوئے اور تیری ناراضگی سے ڈرتے ہوئے۔ کوئی جائے پناہ نہیں اور نہ ہی تجھ سے بھاگ کر بچنے کی جگہ ہے مگر تیرے حضور۔ میں ایمان لایا ہوں تیری اس کتاب پر جو تو نے بھیجی اور تیرے اس نبی پر جس کو تو نے بھیجا اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے یہ کلمات کہے اور پھر وہ اسی رات کو مر جائے تو وہ فطرت پر مرے گا۔ ابوعبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اسْتَرْهَبُوْهُمْ (یعنی انہوں نے ان کو مرعوب کرنا چاہا) رَهْبَةٌ سے ہے۔ مَلَکُوْت کے معنی ہیں بادشاہت۔ (عربی میں یہ) مثل ہے: رَهَبُوتٌ خَيْرٌ مِّنْ رَحَمُوت۔ (یعنی ڈرایا جانا رحم کیے جانے سے بہتر ہے) اور کہا جاتا ہے: تُرْهَبُ خَيْرٌ مِّنْ أَنْ تُرْحَمَ۔ یعنی تجھے خوف دلایا جائے یہ اس سے بہتر ہے کہ تجھ پر ترس کھایا جائے۔
صحیح بخاری 6316
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ (عبدالرحمٰن) ابن مہدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے سلمہ (بن کہیل) سے، سلمہ نے کُرَیب سے، کُرَیب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت میمونہؓ کے پاس رات رہا تو نبی ﷺ اُٹھے اور حاجت کو گئے۔ آپؐ نے اپنے منہ کو اور اپنے ہاتھوں کو دھویا۔ پھر آپؐ سو گئے۔ پھر (اس کے بعد) اُٹھے اور مشک کے پاس آئے اور اس کا بندھن کھولا۔ پھر آپؐ نے درمیانہ وضو کیا۔ پانی بہت استعمال نہیں کیا اور وضو بھی پورا کیا۔ آپؐ نماز پڑھنے لگے اور میں بھی اُٹھا۔ میں نے انگڑائی لی اس لئے کہ میں بُرا سمجھتا تھا کہ آپؐ یہ خیال کریں کہ میں آپؐ کو نظر بچا کر دیکھ رہا تھا۔ پھر میں نے وضو کیا اور کھڑا ہو کر نماز پڑھنے لگا اور میں آپؐ کے بائیں طرف کھڑا تھا۔ آپؐ نے میرا کان پکڑا اور مجھے گھما کر اپنی دائیں طرف لے آئے۔ آپؐ کی نماز تیرہ رکعتوں میں مکمل ہوئی۔ پھر آپؐ لیٹ گئے اور سو گئے اور آپؐ خراٹے لینے لگے۔ اور آپؐ کی عادت تھی کہ جب آپؐ سو جاتے تو خراٹے لیتے۔ پھر بلالؓ نے آپؐ کو نماز کی اطلاع کی اور آپؐ نے نماز پڑھائی اور (دوبارہ) وضو نہیں کیا۔ اور آپؐ اپنی دعا یوں کرتے: اے اللہ! میرے دل میں نور ڈال دے اور میری آنکھوں میں نور ڈال دے اور میرے کانوں میں نور ڈال دے اور میرے دائیں نور کر دے اور میرے بائیں نور کر دے اور میرے اوپر نور کر دے اور میرے نیچے نور کر دے اور میرے آگے نور کر دے اور میرے پیچھے نور کر دے اور میرے لئے نور بنا دے۔ کُرَیب نے کہا: اور جسم میں سات چیزیں ہیں (جن کو منور کرنے کی آپؐ نے دعا کی۔) (یہ سن کر) میں حضرت عباسؓ کی اولاد میں سے ایک شخص کو ملا تو اس نے مجھے وہ سات چیزیں بتائیں اور اس نے یہ ذکر کیا: میرے اعصاب میں اور میرے گوشت میں اور میرے خون میں اور میرے بالوں میں اور میرے بدن میں۔ اور انہوں نے دو اور چیزوں کا (بھی) ذکر کیا۔
صحیح بخاری 6317
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے سلیمان بن ابی مسلم سے سنا۔ سلیمان نے طاؤس سے، طاؤس نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ رات کو جب تہجد پڑھنے کے لئے اُٹھتے تو آپؐ یہ دعا کرتے: اے اللہ! تیرے لئے سب حمد ہے۔ تُو آسمانوں اور زمین اور جو اُن میں ہیں، کا نور ہے۔ اور تیری سب حمد ہے۔ تُو آسمانوں اور زمین کا اور جو اُن میں ہیں سب کا قائم رکھنے والا ہے۔ اور تیری سب حمد ہے۔ تُو یقیناً حق ہے اور تیرا وعدہ بھی اٹل ہے اور تیرا کلام بھی حق ہے اور تجھ سے ملاقات بھی یقینی ہے اور جنت بھی یقینی ہے اور آگ بھی یقینی ہے اور گھڑی بھی یقینی ہے اور انبیاء بھی سچے ہیں اور محمد (ﷺ) بھی سچے ہیں۔ اے اللہ! میں نے تیرے سامنے اپنی گردن ڈال دی اور تجھ ہی پر بھروسہ کر لیا اور تجھ پر ایمان لے آیا اور تیرے حضور جھک گیا۔ اور تیری مدد سے میں نے دشمن سے مقابلہ کیا۔ اور تیرے حضور میں اپنا قضیہ فیصلے کے لئے پیش کرتا ہوں۔ جو بعد کے کرنے کے کام میں پہلے کر چکا ہوں اور جن میں تاخیر کی ہے ان میں مجھ پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے مجھ سے درگزر فرما۔ نیز وہ جو میں نے پوشیدہ رکھا ہے اور جس کا میں نے اظہار کیا ہے، وہ بھی مجھے معاف فرما۔ تو ہی آگے کرنے والا ہے اور تو ہی پیچھے کرنے والا ہے۔ کوئی معبود نہیں مگر تو ہی یا (فرمایا:) کوئی معبود نہیں تیرے سوا۔
صحیح بخاری 6318
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم (بن عتیبہ) سے، حکم نے ابن ابی لیلیٰ سے، ابن ابی لیلیٰ نے حضرت علیؓ سے روایت کی کہ حضرت فاطمہ علیہما السلام نے اُس تکلیف کی شکایت کی جو چکی سے اُن کے ہاتھ میں ہوتی۔ وہ نبی ﷺ کے پاس آئیں کہ آپؐ سے کوئی خادم مانگیں تو انہوں نے آپؐ کو (گھر میں) نہ پایا تو حضرت عائشہؓ سے اس کا ذکر کیا۔ جب آپؐ آئے تو حضرت عائشہؓ نے آپؐ کو بتایا۔ (حضرت علیؓ) کہتے تھے: (یہ سن کر) آپؐ ہمارے پاس آئے اور ہم اپنے بستروں پر لیٹ گئے تھے۔ میں اٹھنے لگا تو آپؐ نے فرمایا: اپنی جگہ رہو اور آپؐ ہمارے درمیان بیٹھ گئے یہاں تک کہ میں نے اپنے سینے پر آپؐ کے پاؤں کی ٹھنڈک محسوس کی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا میں اس بات کا پتہ نہ دوں جو تمہارے لئے خادم سے بہتر ہو؟ جب تم اپنے بچھونے پر آرام کرو یا (فرمایا:) جب تم اپنے بستروں پر لیٹ جاؤ تو تم ۳4 بار اللہ اکبر، ۳۳ بار سبحان اللہ اور ۳۳ بار الحمدللہ کہو تو یہ تم دونوں کے لئے ایک خادم سے بہتر ہوگا۔ اور شعبہ سے مروی ہے کہ انہوں نے خالد (حذاء) سے، خالد نے ابن سیرین سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سبحان اللہ ۳۴ بار ہے۔
صحیح بخاری 6319
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عقیل نے مجھے بتایا۔ عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ نے مجھے خبر دی۔ عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ جب اپنے بستر پر لیٹنے لگتے تو اپنے دونوں ہاتھوں میں پھونکتے اور معوذات کو پڑھتے اور دونوں ہاتھوں کو اپنے جسم پر پھیرتے۔
صحیح بخاری 6320
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ سعید بن ابی سعید مقبری نے مجھے بتایا۔ سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی اپنے بچھونے پر آرام کرنے لگے تو چاہیئے کہ وہ اپنے بچھونے کی چادر کو اندر کے حصے سے جھاڑ لے کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ اس کے پیچھے بچھونے پر کیا چیز آگئی۔ پھر یہ کہے: تیرے نام سے اے میرے ربّ۔ میں نے اپنا پہلو رکھا ہے اور تیرے ہی ذریعہ سے میں اس کو اٹھاؤں گا۔ اگر تو نے میری جان کو روک لیا تو اِس پر رحم فرما اور اگر تو اس کو چھوڑ دے تو پھر اس کو محفوظ رکھ اُسی رحمت سے جس رحمت سے تو نیکوں کو محفوظ رکھتا ہے۔ (زہیر بن معاویہ کی طرح) ابو ضمرہ اور اسماعیل بن زکریا نے بھی عبیداللہ سے یہی روایت کی۔ اور یحيٰ بن سعید (قطان) اور بشر (بن مفضل) نے بھی اس حدیث کو عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔ اور مالک اور (محمد) ابن عجلان نے بھی اسے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔
صحیح بخاری 6321
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابو عبداللہ اغرّ اور ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن (بن عوف) سے، ان دونوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمارا ربّ جو بہت برکتوں والا ہے اور بہت ہی بلند ہے ہر رات نچلے آسمان پر اُترتا ہے اُس وقت جبکہ رات کی آخری تہائی باقی رہتی ہے۔ فرماتا ہے: کون مجھ سے دعا کرے گا کہ میں اُس کی دعا قبول کروں؟ کون مجھ سے مانگے گا کہ میں اُس کو دوں؟ کون مجھ سے استغفار کرے گا کہ میں اُس پر پردہ پوشی کرتے ہوئے اُس سے درگزر کروں؟
صحیح بخاری 6322
محمد بن عرعرہ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز بن صہیب سے، عبدالعزیز نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب بیت الخلا میں جاتے تو دعا کرتے: اے اللہ میں ہر ایک گندگی سے اور گندی باتوں سے تیری پناہ لیتا ہوں۔
صحیح بخاری 6323
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ حسین (بن ذکوان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن بُریدہ نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ نے بُشَیر بن کعب سے، بُشَیر نے حضرت شداد بن اوسؓ سے، حضرت شدادؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: سید الاستغفار یہ دعا ہے: اے میرے اللہ! تو میرا ربّ ہے کوئی معبود نہیں مگر تو ہی۔ تو نے مجھے پیدا کیا اور میں تیرا بندہ ہوں اور میں تیرے عہد اور تیرے وعدے پر قائم ہوں جہاں تک کہ میں طاقت رکھتا ہوں۔ میں تیرے حضور اقرار کرتا ہوں کہ تو نے مجھ پر احسان کئے اور میں تیرے حضور اقرار کرتا ہوں کہ میں نے گناہ کئے۔ پس تُو مجھ پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے مجھ سے درگزر فرما کیونکہ تو ہی گناہوں کو بخشتا ہے۔ جو کچھ بھی کہ میں نے کیا اُس کے شر سے میں تیری پناہ لیتا ہوں۔ (فرمایا:) جب شام ہو کوئی یہ دعا کرے اور پھر وہ مر جائے تو جنت میں داخل ہوگا یا (فرمایا:) وہ جنتیوں میں سے ہوگا۔ یا جب صبح ہو وہ یہ دعا کرے، پھر وہ اُسی دن مر جائے تو وہ بھی جنت میں داخل ہو گا یا (فرمایا:) جنتیوں میں سے ہوگا۔