کتاب 81: كتاب الرقاق
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6412
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن سعید نے جو کہ ابوہند کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی وہ کہتے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: دو نعمتیں ایسی ہیں کہ جن میں بہت سے لوگ گھاٹا کھا رہے ہیں۔ صحت اور فراغت۔ اور عباس (بن عبدالعظیم) عنبری نے کہا: ہمیں صفوان بن عیسیٰ نے عبداللہ بن سعید بن ابی ہند سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا انہوں نے نبی ﷺ سے ایسی ہی حدیث روایت کی۔
صحیح بخاری 6413
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے معاویہ بن قرہ سے، معاویہ نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! آخرت کی زندگی کے سوا کوئی زندگی نہیں پس انصار اور مہاجرین کی حالت کی اصلاح فرما۔
صحیح بخاری 6414
احمد بن مقدام نے مجھ سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ ابو حازم نے ہم سے بیان کیا۔ حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ نے ہمیں بتایا اُنہوں نے کہا کہ ہم خندق میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے اور آپؐ مٹی کھود رہے تھے اور ہم مٹی ڈھو رہے تھے آپؐ ہمارے پاس سے گزرتے اور فرماتے اے اللہ ! آخرت کی زندگی کے سوا کوئی زندگی نہیں۔ انصار اور مہاجرین کو بخش دے۔ اس روایت کی متابعت حضرت سہل بن سعدؓ نے بھی نبی ﷺ کے حوالے سے کی۔
صحیح بخاری 6415
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہل (بن سعد ساعدیؓ) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: جنت میں کَوڑا رکھنے کی جگہ دنیا و مافیہا سے بہتر ہے اور اللہ کی راہ میں صبح کو نکلنا یا شام کو نکلنا دنیا و ما فیہا سے بہتر ہے۔
صحیح بخاری 6416
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن عبدالرحمٰن ابو منذر طفاوی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان اعمش سے، اعمش نے کہا مجاہد نے مجھے بتایا، اُنہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے میرے کندھے کو پکڑا اور فرمایا تُو دنیا میں اس طرح بسر کر گویا کہ تُو پردیسی ہے یا راہ چلتا مسافر اور حضرت ابن عمرؓ کہا کرتے تھے جب تمہیں شام ہو تو صبح کا انتظار نہ کرو اور جب صبح ہو تو شام کا انتظار نہ کرو اور اپنی صحت سے اپنی بیماری کے لئے اور اپنی زندگی سے اپنی موت کے لئے کچھ (سامان) لے لو۔
صحیح بخاری 6417
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، انہوں نے کہا میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے منذر سے، منذر نے ربیع بن خثیم سے، ربیع نے حضرت عبداللہ (بن مسعود)ؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: نبیﷺ نے ایک مربع شکل بنائی اور ایک لکیر اس کے درمیان میں کھینچی جو اس مربع سے باہر نکلی ہوئی تھی اور آپؐ نے اس درمیانی لکیر پر اس کے اس حصے کی طرف جو مربع کے درمیان ہے کچھ لکیریں کھینچیں اور فرمایا: یہ انسان ہے اور یہ اس کی اجل ہے جو اسے چاروں طرف سے گھیرے ہوئے ہے یا (فرمایا:) جس نے اس کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے اور یہ جو باہر ہے یہ اس کی آرزو ہے اور یہ جو چھوٹی چھوٹی لکیریں ہیں یہ حادثات ہیں۔ اگر اس حادثہ سے بچ نکلا تو یہ حادثہ اس کو دانتوں سے پکڑ لے گا اگر اُس سے بچ نکلا تو یہ پکڑ لے گا۔
صحیح بخاری 6418
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے۔ اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے کچھ لکیریں کھینچیں۔ پھر فرمایا: یہ آرزوئیں ہیں اور یہ اس کی اجل ہے اسی اثناء میں کہ وہ آرزوئیں رکھے ہوئے ہوتا ہے کہ اتنے میں نہایت ہی قریب کی لکیر آپہنچی ہے۔
صحیح بخاری 6419
عبدالسلام بن مُطہّر نے ہم سے بیان کیا کہ عمر بن علی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معن بن محمد غفاری سے، معن نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے اس آدمی کے لئے کوئی عذر نہیں چھوڑا جس کو اس کی عمر میں اتنی مہلت دی کہ اس کو ساٹھ سال تک پہنچا دیا۔ (معن کی طرح) ابوحازم اور (محمد) بن عجلان نے بھی مقبری سے اس حدیث کو روایت کیا۔
صحیح بخاری 6420
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوصفوان عبداللہ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا مجھے سعید بن مسیب نے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: دو باتوں کے متعلق بوڑھے کا دل جوان ہی رہتا ہے۔ دنیا کی محبت اور طول امل۔ (لمبی آرزوئیں) لیث نے یونس (بن یزید) سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا اور ابن وہب نے بھی یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے نقل کیا۔ اُنہوں نے کہا: مجھے سعید اور ابوسلمہ نے بتایا۔
صحیح بخاری 6421
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا ، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی انہوں نے کہا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ابن آدم بوڑھا ہو جاتا ہے اور اس کے ساتھ دو باتیں بھی زیادہ ہو جاتی ہیں۔ مال کی محبت اور درازیٔ عمر کی خواہش۔ اس کو شعبہ نے بھی قتادہ سے روایت کیا۔
صحیح بخاری 6422
معاذ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی، اُنہوں نے زہری سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: مجھے حضرت محمود بن ربیع (انصاریؓ) نے بتایا اور حضرت محمودؓ کا خیال تھا کہ ان کو رسول اللہ ﷺ کے متعلق یاد ہے اور کہا وہ کُلّی بھی یاد ہے جو آپؐ نے ایک ڈول سے جو ان کے گھر میں تھا، لے کر ڈالی تھی۔
صحیح بخاری 6423
اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت عتبان بن مالک انصاریؓ سے سنا جو بنی سالم کے قبیلے میں سے ایک شخص تھے انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ میرے پاس صبح کو آئے آپؐ نے فرمایا: قیامت کے دن جو بندہ بھی یہ اقرار کرتے ہوئے آئے گا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اس سے وہ اللہ کی رضا مندی چاہتا ہوگا تو ضرور ہی اللہ اس پر آگ کو حرام قرار دے گا۔
صحیح بخاری 6424
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا۔ یعقوب بن عبد الرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے میرے لیے اپنے مومن بندے کے لیے اس سے بہتر جزا نہیں ہے جب میں اپنے مومن بندہ کی دنیا میں کوئی پیاری چیز لیتا ہوں اور وہ راضی برضا رہتا ہے تو اس کا بدلہ یقینی جنت ہے۔
صحیح بخاری 6425
اسماعیل بن عبد اللہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا اسماعیل بن ابراہیم بن عقبہ نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے روایت کی کہ ابنِ شہاب نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت مسور بن مخرمہؓ نے انہیں خبر دی کہ حضرت عمرو بن عوفؓ جو بنو عامر بن لوئی کے حلیف اور نبی ﷺ کے ساتھ بدر میں شریک تھے، نے ان سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کو بحرین کی طرف جزیہ لینے کے لئے بھیجا اور رسول اللہ ﷺ نے بحرین والوں سے صلح کی تھی اور ان پر حضرت علاء بن حضرمیؓ کو امیر مقرر کیا تھا۔ حضرت ابوعبیدہؓ بحرین سے مال لے کر آئے اور انصار نے حضرت ابوعبیدہؓ کے آنے سے متعلق سنا۔ انہوں نے نبی ﷺ کے ساتھ آ کر صبح کی نماز پڑھی۔ جب آپؐ نے (نماز کے بعد) اُن کی طرف رُخ کیا۔ صحابہ آپؐ کے سامنے آ بیٹھے۔ رسول اللہ ﷺ نے جب ان کو دیکھا تو آپؐ مسکرائے اور فرمایا: میں سمجھتا ہوں تم نے سن لیا ہے کہ ابوعبیدہؓ کچھ لے آئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا: ہاں یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: پھر تمہیں بشارت ہو اور اسی بات کی اُمید رکھو جو تمہیں خوش کرے گی۔ بخدا! تمہارے متعلق مجھے محتاجی کا اندیشہ نہیں۔ بلکہ اس بات کا اندیشہ ہے کہ کہیں دنیا تمہارے لئے اس طرح فراخ نہ ہو جائے جیسے ان لوگوں کے لئے فراخ کی گئی جو تم سے پہلے تھے اور تم اس میں ایک دوسرے سے بڑھ کر خواہش کرو جیسا کہ انہوں نے اس کے متعلق خواہش کی اور تمہیں اس طرح غافل کر دے جیسا کہ ان کو غافل کیا۔
صحیح بخاری 6426
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی حبیب سے، یزید نے ابوالخیر سے، ابوالخیر نے حضرت عقبہ بن عامرؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ ایک دن باہر تشریف لے گئے اور اُحد والوں کا اُسی طرح نماز جنازہ پڑھا جس طرح کہ آپؐ میت کا جنازہ پڑھا کرتے تھے۔ پھر آپؐ منبر پر آئے اور فرمایا: میں تمہارا پیشرو ہوں اور میں تمہارے متعلق گواہ ہوں اور میں اللہ کی قسم اب بھی اپنے حوض کو دیکھ رہا ہوں اور مجھے زمین کے خزانوں کی چابیاں یا فرمایا زمین کی چابیاں دی گئی ہیں اور بخدا مجھے تمہارے متعلق یہ ڈر نہیں کہ تم میرے بعد مشرک ہو جاؤ گے بلکہ مجھے تمہارے متعلق یہ ڈر ہے کہ کہیں دنیا میں ایک دوسرے کی ریس نہ کرنے لگ جاؤ۔
صحیح بخاری 6427
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی انہوں نے کہا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے متعلق زیادہ جو میں ڈرتا ہوں وہ یہ ہے کہ اللہ تمہارے لئے زمین کی برکتیں نکالے گا۔ پوچھا گیا: زمین کی برکتیں کیا ہوتی ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: دنیا کی زیبائش۔ اس پر ایک شخص نے آپؐ سے پوچھا: کیا اچھی چیز بھی شر کو لاتی ہے؟ تو نبی ﷺ خاموش ہو گئے۔ یہاں تک کہ میں نے سمجھا کہ آپؐ پر وحی نازل ہو رہی ہے۔ پھر آپؐ اپنی پیشانی سے (پسینہ) صاف کرنے لگے اور فرمایا: وہ پوچھنے والا کہاں ہے؟ اس نے کہا: میں یہ ہوں۔ حضرت ابوسعیدؓ کہتے تھے: ہم نے اسے اچھا سمجھا جب وہ سامنے آیا آپؐ نے فرمایا: خیر خیر کو ہی لاتی ہے۔ یہ مال ہرا بھرا میٹھا ہے۔ مگر یہ تو دیکھو کہ جب موسم بہار میں گھاس اُگتی ہے تو وہ اس (جانور) کو مار ڈالتی ہے یا مرنے کے قریب کر دیتی ہے (جسے کھانے سے اپھارہ ہو جاتا ہے۔) مگر وہ (جانور) جو ہَری گھاس کھاتا ہے اور جب اس کی دونوں کوکھیں بھر جاتی ہیں۔ وہ سورج کے سامنے جا کھڑا ہوتا ہے۔ وہ جگالی کرتا ہے اور بول وبراز کرتا ہے۔ پھر چرتا پھرتا ہے (تو وہ بچ جاتا ہے) دیکھو یہ مال بھی ہرا بھرا اور میٹھا ہے جس نے صحیح طریقے سے اس کو لیا اور صحیح طور پر اسے خرچ کیا تو پھر کیا ہی اچھا ہے یہ مددگار اور جس نے ناجائز طور پر اسے لیا تو وہ اس شخص کی طرح ہوگا جو کھاتا ہے اور سیر نہیں ہوتا۔
صحیح بخاری 6428
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا میں نے ابو جمرہ سے سنا۔ اُنہوں نے کہا زہدم بن مضرب نے مجھے بتایا۔ زہدم نے کہا میں نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے سنا اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: تم میں سے بہتر میرے زمانے کے لوگ ہیں۔ پھر وہ جو اُن کے معاً بعد آنے والے ہیں۔ حضرت عمرانؓ کہتے تھے: میں نہیں جانتا کہ نبی ﷺ نے اپنے اس قول کے بعد دو دفعہ یا تین دفعہ فرمایا: پھر ان کے بعد ایسے لوگ ہوں گے جو گواہ بن کر آئیں گے حالانکہ ان کو گواہی کے لئے نہیں بلایا جائے گا اور خیانت کریں گے اور انہیں امین نہیں سمجھا جائے گا اور منتیں مانیں گے اور پوری نہیں کریں گے اور اُن میں موٹاپا نمایاں ہو گا۔
صحیح بخاری 6429
عبدان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حمزہ سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے عبیدہ سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: بہتر لوگ میرے زمانے کے لوگ ہیں۔ پھر وہ جو اُن کے معاً بعد۔ پھر وہ جو اُن کے معاً بعد ہوں گے۔ پھر ان کے بعد ایسے لوگ آئیں گے کہ ان کی گواہی ان کی قسموں سے پہلے ہوگی اور ان کی قسمیں ان کی گواہی سے پہلے ہوں گی۔
صحیح بخاری 6430
یحيٰ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل (بن ابی خالد کوفی) نے ہم سے بیان کیا۔ اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت خبابؓ سے سنا اور انہوں نے ان دنوں اپنے پیٹ میں سات داغ لگوائے تھے اور کہتے تھے اگر رسول اللہ ﷺ نے موت کی دعا کرنے سے ہمیں نہ روکا ہوتا تو میں ضرور ہی موت کی دعا کرتا۔ محمد ﷺ کے ساتھی چلے گئے اور دنیا نے ان کے ایمان کو کچھ کم نہیں کیا اور ہم نے اس دنیا سے اتنا حاصل کیا ہے کہ مٹی کے سوا اس کو رکھنے کی کوئی جگہ نہیں پاتے۔
صحیح بخاری 6431
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے کہا قیس (بن ابی حازم) نے مجھے بتایا۔ وہ کہتے تھے: میں حضرت خبابؓ کے پاس آیا جبکہ وہ اپنی ایک دیوار بنا رہے تھے کہنے لگے: ہمارے ساتھی جو گزر گئے ہیں ان کے ایمان کو دنیا نے کچھ کم نہیں کیا اور ہم نے ان کے بعد وہ کچھ حاصل کیا ہے کہ مٹی میں رکھنے کے سوا اَور کوئی جگہ نہیں پاتے۔