کتاب 81: كتاب الرقاق
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 6432
محمد بن کثیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (بن عیینہ) سے، سفیان نے اعمش سے، اعمش نے شقیق ابو وائل سے، انہوں نے حضرت خباب رضی اللہ عنہ سے روایت کی انہوں نے کہا: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہجرت کی پھر اپنی ہجرت کا واقعہ بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6433
سعد بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے محمد بن ابراہیم قُرشی سے، محمد نے کہا معاذ بن عبدالرحمٰن نے مجھے بتایا کہ ابن ابان نے انہیں خبر دی کہ اُنہوں نے کہا: میں حضرت عثمان بن عفانؓ کے لئے وضو کا پانی لایا اور وہ مقاعد میں بیٹھے ہوئے تھے۔ انہوں نے وضو کیا اور اچھی طرح وضو کیا۔ پھر کہا: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے وضو کیا تھا جبکہ آپؐ یہیں بیٹھے ہوئے تھے اور آپؐ نے اچھی طرح وضو کیا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جس نے اس وضو کی طرح وضو کیا پھر مسجد میں آ کر دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر وہاں بیٹھ گیا تو جو قصور بھی اس کا ہو چکا ہے اس پر پردہ پوشی کرتے ہوئے اس سے درگزر کیا جائے گا۔ حضرت عثمانؓ نے کہا اور نبی ﷺ نے فرمایا: دھوکے میں نہ رہنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6434
یحيٰ بن حماد نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے بیان (بن بشر) سے، بیان نے قیس بن ابی حازم سے، قیس نے مِرداس اسلمی سے روایت کی انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: نیک لوگ جو پہلے ہیں وہ پہلے چلے جائیں گے اور جَو کے بھوسے کی طرح یا (فرمایا) ردی کھجور کی طرح کچھ ردّی لوگ رہ جائیں گے اللہ ان کی ذرہ بھی پرواہ نہیں کرے گا۔ ابوعبداللہ (امام بخاری) نے کہا: حُفَالَةٌ بھی کہتے ہیں اور حُثَالَةٌ بھی کہتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6435
یحيٰ بن یوسف نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوبکر بن عیاش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حصین سے، ابو حصین نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے انہوں نے کہا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دینار اور درہم کا بندہ اور چادر اور کملی کا بندہ بہت ہی بدبخت ہے اگر اسے کچھ دیا جائے تو خوش ہوگیا اور اگر نہ دیا جائے تو ناراض ہوگیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6436
ابوعاصم نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے عطاء (بن ابی رباح) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے۔ میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اگر ابن آدم کے لئے دو وادیاں بھی مال کی (بھری ہوئی) ہوتیں تو ضرور ہی تیسری وادی بھی ڈھونڈتا اور بنی آدم کے پیٹ کو صرف مٹی ہی بھرتی ہے اور اللہ اس پر رحم کرتا ہے جو توبہ کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6437
محمد (بن سلام) نے مجھ سے بیان کیا کہ مخلد (بن یزید) نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ ابن جریج نے کہا میں نے عطاء سے سنا۔ وہ کہتے تھے میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اگر ابن آدم کے لئے بھری وادی جتنا مال ہوتا تو وہ ضرور چاہتا کہ اس کو اتنا ہی اور مل جائے اور ابن آدم کی آنکھ کو صرف مٹی ہی بھرتی ہے اور اللہ اس پر رحم کرتا ہے جو توبہ کرے۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے۔ میں نہیں جانتا کہ یہ قرآن سے ماخوذ ہے یا نہیں۔ کہتے تھے: اور میں نے ابن زبیرؓ سے سنا کہ وہ یہ بات منبر پر کھڑے کہہ رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6438
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن سلیمان بن غسیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عباس بن سہل بن سعد سے روایت کی انہوں نے کہا۔ میں نے حضرت ابن زبیرؓ سے سنا جبکہ وہ مکہ میں منبر پر کھڑے اپنی تقریر کر رہے تھے کہتے تھے: اے لوگو ! نبی ﷺ فرمایا کرتے تھے۔ اگر ابن آدم کو ایک وادی بھی سونے کی بھری ہوئی دی جائے تو وہ اس کے ساتھ دوسری بھی چاہے گا اور اگر دوسری بھی دی جائے تو اس کے ساتھ تیسری بھی چاہے گا اور مٹی ہی ابن آدم کے پیٹ کو بھر سکتی ہے اور اللہ رحم کرتا ہے اس پر جس نے توبہ کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6439
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے مجھے خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر ابن آدم کے لئے سونے کی ایک وادی بھی ہو تو وہ چاہے گا کہ اس کے لئے دو وادیاں ہوں اور اس کے منہ کو کبھی کوئی چیز نہ بھرے گی مگر مٹی ہی اور اللہ رحم کرتا ہے اس پر جس نے توبہ کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6440
اور ابوالولید نے ہم سے کہا کہ ہمیں حماد بن سلمہ نے بتایا۔ اُنہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت اُبَیّ (بن کعبؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم سمجھا کرتے تھے یہ قول قرآن میں ہے یہاں تک کہ سورۃ اَلْهٰىكُمُ التَّكَاثُرُ نازل ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6441
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا میں نے زہری سے سنا۔ زہری کہتے تھے مجھے عروہ اور سعید بن مسیب نے خبر دی۔ ان دونوں نے حضرت حکیم بن حزامؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے کچھ مانگا تو آپؐ نے مجھے عطا کیا۔ پھر میں نے آپؐ سے مانگا۔ پھر آپؐ نے مجھے دیا۔ پھر میں نے آپؐ سے مانگا آپؐ نے دیا۔ پھر فرمایا: یہ مال اور کبھی سفیان نے یوں کہا۔ آپؐ نے مجھ سے فرمایا: حکیمؓ یہ مال ہرا بھرا شیریں ہے جس نے اس کو سیر چشمی سے لیا۔ اس میں اس کو برکت دی جائے گی اور جس نے اسے لالچ سے لیا تو اس میں اس کے لئے برکت نہیں ڈالی جائے گی اور وہ اس شخص کی طرح ہے جو کھاتا ہے سیر نہیں ہوتا اور اوپر کا ہاتھ نچلے ہاتھ سے بہتر ہوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6442
عمر بن حفص نے مجھ سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا، انہوں نے کہا ابراہیم تیمی نے مجھے بتایا، ابراہیم نے حارث بن سوید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کون ایسا ہے کہ جس کو اپنے وارث کا مال خود اپنے مال سے زیادہ پیارا ہو؟ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جس کو اپنا مال زیادہ پیارا نہ ہو۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر اس کا مال وہی ہے جو اس نے آگے بھیج دیا اور اس کے وارث کا مال وہ ہے جو اس نے پیچھے چھوڑ دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6443
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز بن رُفیع سے، عبدالعزیز نے زید بن وہب سے، زید نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت کی انہوں نے کہا: میں ایک رات جو نکلا تو کیا دیکھتا ہوں کہ رسول اللہ ﷺ اکیلے جارہے ہیں اور آپؐ کے ساتھ کوئی آدمی نہیں۔ کہتے تھے: میں نے سمجھا کہ آپؐ ناپسند کرتے ہوں کہ آپؐ کے ساتھ کوئی چلے۔ کہتے تھے: میں چاند کے سایہ میں چلنے لگا۔ آپؐ جو مڑے تو مجھے دیکھ لیا۔ آپؐ نے فرمایا: کون ہے؟ میں نے کہا: ابوذر، اللہ مجھے آپؐ کے قربان کرے۔ فرمایا: ابوذر آجاؤ۔ کہتے تھے: میں آپؐ کے ساتھ کچھ دیر چلا تو آپؐ نے فرمایا: جو بہت دولتمند ہیں وہی قیامت کے دن نادار ہوں گے مگر وہ شخص نہیں جس کو اللہ نے دولت دی ہو اور اس نے اس کو اپنے دائیں اور بائیں اور آگے اور پیچھے لٹایا ہو اور اس مال سے اچھے کام کئے ہوں۔ کہتے تھے: میں آپؐ کے ساتھ کچھ دیر اور چلا تو آپؐ نے فرمایا، یہاں بیٹھ جاؤ۔ کہتے تھے۔ آپؐ نے مجھے ایک ہموار میدان میں بٹھا دیا جس کے آس پاس پتھر تھے۔ آپؐ نے فرمایا: یہیں بیٹھے رہو اس وقت تک کہ میں تمہارے پاس لوٹ آؤں۔ کہتے تھے۔ آپؐ پتھریلی زمین میں اتنی دور چلے گئے کہ میں آپؐ کو دیکھ نہیں سکتا تھا اور میرے پاس آنے میں دیر کی اور بہت ہی دیر کی۔ پھر میں نے آپؐ سے سنا جب کہ آپؐ آرہے تھے اور آپؐ یہ فرما رہے تھے۔ گو اس نے چوری کی ہو اور گو اس نے زنا کیا ہو۔ حضرت ابوذرؓ کہتے تھے۔ جب آپؐ آئے تو مجھ سے رہا نہ گیا میں نے پوچھا۔ اے اللہ کے نبی! اللہ مجھے آپ کے قربان کرے اس میدان کے ایک طرف کون باتیں کررہا تھا؟ میں نے تو کسی کو نہیں سنا کہ آپ کو کچھ جواب دیتا ہو؟ آپؐ نے فرمایا: یہ جبریل علیہ السلام تھے جو حرہ کے کنارے میں میرے سامنے آئے اور کہا: اپنی اُمت کو بشارت دو کہ جو ایسی حالت میں مر جائے کہ وہ اللہ کا کسی کو بھی شریک نہ ٹھہراتا ہو گا تو وہ ضرور جنت میں داخل ہو گا۔ میں نے کہا: جبریل! اگرچہ اس نے چوری کی ہو اور اگرچہ اس نے زنا کیا ہو۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ (حضرت ابوذرؓ کہتے تھے) میں نے بھی کہا۔ اگرچہ اس نے چوری کی ہو اور اگر اس نے زنا کیا ہو؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ نضر (بن شمیل) نے کہا کہ ہمیں شعبہ نے بتایا کہ حبیب بن ابی ثابت اور اعمش اور عبدالعزیز بن رفیع نے ہم سے بیان کیا کہ زید بن وہب نے ہمیں یہی بتایا۔ ابوعبداللہ (امام بخاری) نے کہا: ابوصالح کی حدیث جو اُنہوں نے ابودرداء سے روایت کی مرسل ہے صحیح نہیں۔ ہم نے صرف چاہا کہ وہ بھی معلوم ہوجائے اور صحیح حضرت ابوذرؓ کی حدیث ہے۔ ابوعبداللہ (امام بخاری) سے پوچھا گیا عطاء بن یسار کی حدیث جو اُنہوں نے ابودرداء سے روایت کی انہوں نے کہا: وہ بھی مرسل ہے صحیح نہیں اور صحیح حضرت ابوذرؓ کی حدیث ہے اور انہوں نے کہا۔ ابودرداء کی حدیث کو نظر انداز کرو یعنی یہ حدیث جب وہ مرنے لگے تو موت کے وقت لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6444
حسن بن ربیع نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالاحوص نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے زید بن وہب سے روایت کی انہوں نے کہا۔ حضرت ابوذرؓ کہتے تھے: میں نبی ﷺ کے ساتھ مدینہ کے پتھریلے میدان میں چلا جا رہا تھا کہ اتنے میں اُحد ہمارے سامنے ہوا۔ آپؐ نے فرمایا: ابوذرؓ ! میں نے کہا۔ حاضر ہوں یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا۔ مجھے یہ بات خوش نہیں کرتی کہ میرے پاس اس اُحد جتنا سونا ہو اور تیسری رات مجھ پر گزر جائے اور اس میں سے میرے پاس ایک دنیار بھی موجود ہو۔ سوائے کچھ (سونے) کے جو میں نے قرض چکانے کے لئے رکھ چھوڑا ہو بلکہ میں ضرور ہی اللہ کے بندوں میں اسے اس طرح اور اس طرح اور اس طرح خرچ کردوں یعنی اپنے دائیں اور اپنے بائیں اور اپنے پیچھے۔ پھر آپ چلے گئے اور فرمایا: وہ جو بہت مالدار ہیں وہی قیامت کے دن نادار ہوں گے۔ مگر وہ نہیں جو اس طرح اور اس طرح اور اس طرح خرچ کرے یعنی اپنے دائیں اور اپنے بائیں اور اپنے پیچھے اور وہ بہت ہی تھوڑے ہیں پھر آپ نے مجھ سے فرمایا: تم اپنی اس جگہ ٹھہرو جب تک میں تمہارے پاس نہ آ جاؤں یہاں سے جانا نہیں۔ یہ کہہ کر آپ رات کی تاریکی میں چلے گئے اور نظر سے اوجھل ہوگئے۔ پھر میں نے ایک آواز سنی جو بلند ہوگئی میں ڈرا کہ کہیں نبی ﷺ سے کوئی حادثہ پیش نہ آیا ہو۔ میں نے چاہا کہ آپ کے پاس جاؤں مگر میں نے آپ کی اُس بات کا خیال کیا جو آپ نے مجھ سے کہی تھی کہ جب تک میں نہ آ جاؤں یہاں سے جانا نہیں اس لئے جب تک آپ میرے پاس آ نہیں گئے وہاں سے ہٹا نہیں۔ میں نے کہا۔ یا رسول اللہ ! میں نے ایک آواز سنی تھی جس سے میں بہت ڈر گیا اور میں نے اس بات کا ذکر کیا جس کی وجہ سے میں آپؐ کے پاس نہ گیا تھا۔ آپؐ نے فرمایا کیا تم نے بھی وہ آواز سنی؟ میں نے کہا۔ ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: وہ جبریلؑ تھے میرے پاس آئے اور اُنہوں نے کہا: جو تیری اُمت میں سے ایسی ایسی حالت میں مر جائے کہ وہ کسی چیز کو بھی اللہ کا شریک نہ ٹھہرائے جنت میں داخل ہوگا۔ میں نے کہا: گو اس نے زنا کیا ہو اور گو اس نے چوری کی ہو؟ انہوں نے کہا: گو اس نے زنا کیا ہو اور گو اس نے چوری کی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6445
احمد بن شبیب نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے روایت کی اور لیث نے کہا: مجھے یونس نے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر میرے لئے اُحد برابر بھی سونا ہو تو مجھے ضرور یہی بات خوشی دے گی کہ مجھ پر تین راتیں ایسی نہ گزریں کہ اس میں سے کچھ بھی میرے پاس موجود ہو مگر جو میں قرضہ چکانے کے لئے رکھ چھوڑوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6446
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر (بن عیاش) نے ہمیں بتایا۔ ابو حصین نے ہم سے بیان۔ انہوں نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: تونگری بہت مال و اسباب سے نہیں۔ غِنٰی وہ ہے جو دل کا غِنٰی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6447
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا عبدالعزیز بن ابی حازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے سامنے سے گزرا تو آپؐ نے ایک شخص سے جو آپؐ کے پاس بیٹھا ہوا تھا پوچھا۔ اس شخص کے متعلق تمہاری کیا رائے ہے؟ اس نے کہا: یہ شخص بڑے لوگوں میں سے ہے۔ یہ اللہ کی قسم اس لائق ہے کہ اگر نکاح کا پیغام بھیجے تو نکاح کر دیا جائے اور اگر سفارش کرے تو اس کی سفارش قبول کی جائے۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے یہ سن کر رسول اللہ ﷺ خاموش ہوگئے۔ پھر ایک اور شخص گزرا تو رسول اللہ ﷺ نے اس سے پوچھا: اس شخص کے متعلق تمہاری کیا رائے ہے؟ اس نے کہا: یا رسول اللہ ! یہ درویش مسلمانوں میں سے ہے یہ اس لائق ہے کہ اگر نکاح کا پیغام بھیجے تو اس کا نکاح نہ کیا جائے اور اگر سفارش کرے تو اس کی سفارش نہ سنی جائے اور اگر کوئی بات کہے تو اس کی بات نہ سنیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اُن جیسے آدمیوں سے زمین بھی بھر جائے تو یہ شخص اُن سے بہتر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6448
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے کہا میں نے ابووائل سے سنا وہ کہتے تھے: ہم حضرت خبابؓ کی عیادت کو گئے تو انہوں نے کہا: ہم نے نبی ﷺ کے ساتھ ہجرت کی ہم اللہ کی رضا مندی چاہتے تھے اور ہمارا اجر اللہ تعالیٰ کے ذمے ہو گیا ہم میں سے وہ بھی ہیں جو گزر گئے، اپنے اجر سے کچھ نہ لیا انہی میں سے مصعب بن عمیرؓ ہیں جو اُحد کے دن شہید کیے گئے تھے اور اُنہوں نے ایک چادر چھوڑی تھی۔ جب ہم ان کا سر ڈھانکتے تو اُن کے پاؤں ظاہر ہو جاتے اور جب ہم اُن کے پاؤں ڈھانپتے تو ان کا سر ظاہر ہو جاتا۔ یہ دیکھ کر نبی ﷺ نے ہمیں فرمایا کہ ہم ان کے سر کو ڈھانپ دیں اور اُن کے پاؤں پر اِذخر (گھاس) ڈال دیں اور ہم میں سے وہ بھی ہیں جن کا میوہ ان کے لئے پک گیا اور اب وہ اُس کو چُن رہے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6449
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ سلم بن زریر نے ہمیں بتایا۔ ابورجاء نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے، حضرت عمرانؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے جنت میں جھانک کر دیکھا تو اکثر اس میں رہنے والے غریب ہی تھے اور میں نے آگ میں جھانک کر دیکھا تو اکثر اس کے رہنے والے عورتیں ہی تھیں۔ (سلم بن زریر کی طرح) ایوب اور عوف (اعرابی) نے بھی اس حدیث کو روایت کیا اور صخر (بن جویریہ) اور حماد بن نجیح نے بھی ابورجاء سے، ابورجاء نے حضرت ابن عباسؓ سے اسے نقل کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6450
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبد الوارث نے ہمیں بتایا۔ سعید بن ابی عروبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے دستر خوان (میز) پر نہیں کھایا۔ یہاں تک کہ آپؐ وفات پا گئے اور نہ ہی باریک چپاتی کھائی۔ یہاں تک کہ آپؐ وفات پا گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6451
عبداللہ بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: نبی ﷺ فوت ہوگئے اور میرے توشہ خانہ میں کچھ بھی نہ تھا جسے کوئی زندہ وجود کھاتا مگر کچھ تھوڑے جَو، جو میرے توشہ خانہ میں تھے میں وہی کھاتی رہی یہاں تک کہ اتنی مدت گزر گئی کہ آخر میں نے ان کو ماپا اور وہ ختم ہوگئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah