کتاب 81: كتاب الرقاق
صحیح بخاری, حصہ 7
صحیح بخاری 6532
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا سلیمان (بن بلال) نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے ثور بن زید سے، ثور نے ابو الغیث سے، ابوالغیث نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قیامت کے روز لوگوں کو اتنا پسینہ آئے گا کہ اُن کا پسینہ زمین میں ستر ہاتھ تک پہنچ جائے گا اور اُن کے منہ تک پہنچتے پہنچتے ان کے کانوں تک پہنچ جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6533
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ شفیق (بن سلمہ) نے مجھے بتایا کہ میں نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے سنا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: لوگوں کے درمیان سب سے پہلے خون (کے بدلہ) کا فیصلہ ہو گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6534
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس کسی کے پاس اس کے بھائی کا دبایا ہوا حق ہو تو چاہیئے کہ وہ آج ہی اس ظلم سے آزاد ہو جائے کیونکہ وہاں نہ دینار ہوگا نہ درہم۔ پیشتر اس کے کہ اس کی نیکیوں میں سے لے کر اس کے بھائی کو دیا جائے اگر اس کی نیکیاں نہ ہوئیں تو اُس کے بھائی کی بدیوں میں سے لے کر اس کے اوپر ڈال دی جائیں گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6535
صلت بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ یزید بن زریع نے ہمیں بتایا۔ (یہ جو فرمایا) جو بھی ان کے سینوں میں کوئی کینہ ہوگا ہم اس کو نکال دیں گے۔ کہا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابو المتوکل ناجی سے روایت کی کہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔ مؤمن آگ سے صحیح سالم بچ کر نکل جائیں گے اور اُنہیں ایک پل پر روکا جائے گا جو جنت اور دوزخ کے درمیان ہوگا تو پھر وہ ظلم جو دنیا میں اُن کے درمیان آپس میں ایک دوسرے پر ہوئے ہوں گے تو ان کا بدلہ ایک سے دوسرے کے لئے لیا جائے گا یہاں تک کہ جب اُنہیں ٹھیک ٹھاک کیا جائے گا اور وہ بالکل پاک صاف ہو جائیں گے تو اُنہیں جنت میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ اُس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے کہ اُن میں سے ایک بہشت میں اپنے ٹھکانے پر پہنچنے کے لئے راستہ زیادہ آسانی سے پالے گا بنسبت اس کے کہ دنیا میں اپنے گھر پر آنے کے لئے راستہ پایا کرتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6536
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عثمان بن اسود سے، عثمان نے ابن ابی ملیکہ سے، اُنہوں نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: جس سے کرید کرید کر حساب لیا گیا اُس کو سزا دی جائے گی۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں میں نے کہا: کیا اللہ تعالیٰ نے نہیں فرمایا: کہ عنقریب اس سے آسان حساب لیا جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ تو صرف پیش کیا جائے گا۔ عمرو بن علی (فلاس) نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عثمان بن اسود سے روایت کی کہ میں نے ابن ابی ملیکہ سے سنا۔ انہوں نے کہا میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: میں نے نبی ﷺ سے ایسا ہی سنا۔ اور (عثمان کی طرح) ابن جریج اور محمد بن سلیم اور ایوب اور صالح بن رستم نے بھی روایت کی۔ اُنہوں نے ابن ابی ملیکہ سے انہوں نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6537
اسحاق بن منصور نے مجھ سے بیان کیا کہ روح بن عبادہ نے ہمیں بتایا۔ حاتم بن ابی صغیرہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن ابی ملیکہ نے ہمیں بتایا، قاسم بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے مجھ سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس کسی سے بھی قیامت کے دن حساب لیا گیا وہ ضرور تباہ ہوا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا اللہ تعالیٰ نے نہیں فرمایا: جس کے داہنے ہاتھ میں اُس کا اعمال نامہ دیا جائے گا۔ تو اس سے جلد ہی آسان حساب لے لیا جائے گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ تو صرف پیش کرنا ہے اور جو کوئی بھی ایسا ہوگا کہ جس سے قیامت کے دن کرید کرید کر حساب لیا جائے گا تو ضرور اس کو سزا دی جائے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6538
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ معاذ بن ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ نیز محمد بن معمر نے مجھ سے بیان کیا کہ روح بن عبادہ نے ہمیں بتایا۔ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہم سے بیان کیا۔ سعید نے قتادہ سے روایت کی کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا: نبی ﷺ فرماتے تھے: قیامت کے دن کافر کو لایا جائے گا اور اس سے پوچھا جائے گا۔ بھلا بتلاؤ تو سہی اگر زمین بھر سونا تمہارے لئے ہو کیا تم اس کو اپنے بدلے میں دے کر اپنے آپ کو چھڑاؤ گے؟ وہ کہے گا۔ ہاں۔ تو اس سے کہا جائے گا۔ تم سے تو وہ مانگا گیا تھا جو اس سے بہت ہی سہل تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6539
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: اعمش نے مجھ سے بیان کیا۔ اعمش نے کہا خیثمہ نے مجھے بتایا۔ خیثمہ نے حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں کوئی بھی ایسا نہیں کہ جس سے اللہ قیامت کے دن بات نہ کرے گا ایسے طور سے کہ اللہ اور اس کے درمیان کوئی ترجمان نہ ہوگا۔ پھر وہ نظر ڈالے گا تو اپنے سامنے کوئی عمل نہ دیکھے گا۔ پھر وہ اپنے سامنے نظر ڈالے گا تو آگ اس کے سامنے ہوگی۔ اس لئے جو تم میں سے طاقت رکھتا ہو کہ وہ آگ سے بچے (تو وہ بچے۔) خواہ کھجور کا ایک ٹکڑا ہی دے کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6540
اعمش نے کہا: عمرو (بن مرہ) نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے خیثمہ (بن عبدالرحمٰن) سے، خیثمہ نے حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا نبی ﷺ نے فرمایا: آگ سے بچو۔ یہ کہہ کر آپؐ نے منہ پھیر لیا اور دوسری طرف رخ کیا۔ پھر فرمایا: آگ سے بچو۔ پھر آپؐ نے منہ پھیر لیا اور دوسری طرف رخ کیا۔ تین بار ایسا ہی کیا۔ یہاں تک کہ ہم سمجھے کہ آپؐ اُسے دیکھ رہے ہیں۔ پھر فرمایا: آگ سے بچو گو کھجور کے ایک ٹکڑے سے اور جو یہ بھی نہ پائے تو اچھی بات ہی کہہ کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6541
عمران بن میسرہ نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد) بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ حصین (بن عبدالرحمٰن) نے ہم سے بیان کیا۔ نیز اسید بن زید نے بھی مجھ سے بیان کیا کہ ہشیم (بن بشیر) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حصین سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں سعید بن جبیر کے پاس تھا تو اُنہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ نے مجھ سے بیان کیا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: میرے سامنے (ساری) اُمتیں پیش کی گئیں۔ کوئی نبی گزرتا تو اس کے ساتھ جماعت ہوتی اور کوئی نبی گزرتا تو اس کے ساتھ تھوڑے سے آدمی تھے اور کوئی نبی گزرتا اس کے ساتھ دس آدمی ہوتے اور کوئی نبی گزرتا اس کے ساتھ پانچ آدمی ہوتے اور کوئی نبی اکیلے گزرتا۔ میں نے نظر ڈالی تو کیا دیکھتا ہوں بہت بڑی جماعت ہے میں نے کہا۔ جبریل! یہ میری اُمت ہے؟ انہوں نے کہا: نہیں بلکہ اس اُفق کی طرف آپ دیکھیں میں نے نظر ڈالی تو کیا دیکھتا ہوں بہت ہی بڑی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا: یہ لوگ آپ کی اُمت ہیں اور یہ ستر ہزار جو اِن کے آگے آگے ہیں ان پر نہ کوئی حساب ہے اور نہ کوئی عذاب۔ میں نے کہا: کیوں؟ اُنہوں نے کہا: وہ داغ نہیں لگواتے تھے اور نہ ہی منتر پڑھوایا کرتے تھے اور نہ بُرا شگون لیتے تھے اور اپنے ربّ پر بھروسہ رکھتے تھے۔ اس پر حضرت عکاشہ بن محصنؓ اُٹھ کر آپؐ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہنے لگے: اللہ سے دعا کریں کہ مجھے بھی اُنہی میں سے کرے۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! اس کو بھی انہی میں سے کیجیؤ۔ پھر ایک اور شخص اُٹھ کر آپؐ کی طرف متوجہ ہوا اور کہنے لگا: دعا کریں مجھے بھی انہی میں سے کرے۔ آپؐ نے فرمایا: عکاشہؓ اس میں تم پر سبقت لے گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6542
معاذ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبد اللہ نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زُہری سے، زُہری نے کہا سعید بن مسیّب نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابو ہریرہؓ نے اُن سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا : میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا۔ میری اُمت میں سے ستر ہزار جنت میں داخل ہوں گے۔ ان کے چہرے چودھویں رات کے چاند کی طرح چمکتے ہوں گے۔ اور حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا : (یہ سن کر) عکاشہ بن محصن اسدیؓ اپنی چادر اُٹھاتے ہوئے کھڑے ہوئے، کہنے لگے: یا رسول اللہ ! میرے لئے بھی دعا کریں کہ وہ مجھے اُن میں سے کرے۔ آپؐ نے کہا: اے اللہ ! اس کو بھی اُنہی میں سے کیجئو۔ پھر انصار میں سے ایک شخص کھڑا ہوا۔ کہنے لگا: یا رسول اللہ ! اللہ سے دعا کریں کہ وہ مجھے بھی اُن میں سے کرے۔ آپؐ نے فرمایا: عکاشہؓ تم پر سبقت لے گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6543
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ ابوغسان نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا ابو حازم نے مجھ سے بیان کیا، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کی۔ حضرت سہلؓ نے کہا نبی ﷺ نے فرمایا: میری اُمت میں سے ستر ہزار یا (فرمایا:) سات لاکھ (حضرت سہلؓ) راوی نے ان میں سے ایک کے متعلق شک کیا، جنت میں داخل ہوں گے۔ اپنے آپ کو سنبھالتے ہوئے ایک دوسرے کو پکڑتے ہوئے اسی طرح ان میں سے اگلے بھی اور پچھلے بھی جنت میں داخل ہوں گے جبکہ اُن کے چہرے چودھویں رات کے چاند کی طرح ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6544
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا، اُن کے باپ نے صالح (بن کیسان) سے روایت کی کہ نافع نے ہمیں بتایا۔ نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جنتی جنت میں اور دوزخی دوزخ میں داخل ہو جائیں گے تو ایک منادی کرنے والا اُن کے درمیان کھڑا ہوگا (کہے گا:) اے آگ والو ! اب کوئی موت نہیں اور اے جنتیو ! اب کوئی موت نہیں ہمیشہ ہی رہنا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6545
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ ابو زناد نے ہمیں بتایا۔ ابو زناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا نبیؐ نے فرمایا: جنتیوں سے کہا جائے گا اے جنّتیو! ہمیشہ ہی رہنا ہوگا مرنا نہیں اور (ایسا ہی) دوزخیوں سے کہا جائے گا۔ اے دوزخیو! ہمیشہ رہنا ہوگا مرنا نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6546
عثمان بن ہیثم نے ہم سے بیان کیا کہ عوف نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابو رجاء سے ابو رجاء نے حضرت عمران (بن حصینؓ ) سے، حضرت عمرانؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے جنت میں جھانکا تو اکثر اس میں رہنے والے اُنہی لوگوں کو دیکھا جو غریب ہیں۔ اور میں نے آگ میں جھانکا تو میں نے اکثر وہاں کے رہنے والی عورتیں ہی دیکھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6547
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل (بن ابراہیم) نے ہمیں بتایا۔ سلیمان تیمی نے ہمیں خبر دی۔ سلیمان نے ابوعثمان سے، ابوعثمان نے حضرت اُسامہؓ سے، حضرت اُسامہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں جنت کے دروازے پر کھڑا ہوا تو جو اُن میں داخل ہوئے اُن میں سے اکثر مسکین ہی تھے اور بڑے بڑے نصیبے والے ایک طرف روکے ہوئے تھے۔ البتہ جو آگ کے مستحق تھے اُن کو آگ کی طرف لیجانے کے لئے حکم دیا گیا اور میں دوزخ کے دروازے پر کھڑا ہوا کیا دیکھتا ہوں کہ جو اُس میں داخل ہوئے ہیں اُن میں اکثر عورتیں ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6548
معاذ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ عمر بن محمد بن زید نے ہمیں بتایا، عمر نے اپنے باپ سے روایت کی کہ وہ انہیں بتاتے ہیں۔ حضرت ابن عمرؓ سے مروی ہے۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب جنتی جنت میں اور دوزخی دوزخ میں چلے جائیں گے تو موت کو لایا جائے گا اور جنت اور دوزخ کے درمیان لا کر پھر اس کو ذبح کر دیا جائے گا۔ پھر ایک منادی پکارے گا۔ اے جنت کے رہنے والو! اب کوئی موت نہیں۔ اے آگ کے رہنے والو! اب کوئی موت نہیں۔ یہ سن کر جنتی جو پہلے خوش تھے وہ اور خوش ہوں گے اور دوزخی جو پہلے غمگین تھے وہ اور بھی غمگین ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6549
معاذ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ مالک بن انس نے ہمیں بتایا، مالک نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تبارک و تعالیٰ جنتیوں سے فرمائے گا۔ اے جنتیو! وہ کہیں گے۔ حاضر ہیں ہم اے ہمارے ربّ اور جو ارشاد ہو بجا لانے کے لئے تیار ہیں۔ تو وہ فرمائے گا: کیا تم خوش ہوگئے؟ وہ کہیں گے۔ ہمیں کیا ہے کہ ہم خوش نہ ہوں جبکہ تو نے ہمیں وہ کچھ دیا ہے جو اپنی مخلوق میں سے کسی کو بھی تو نے نہ دیا۔ وہ فرمائے گا: میں تم کو اِن تمام نعمتوں سے بڑھ کر دوں گا۔ وہ کہیں گے: اے ربّ اِن نعمتوں سے بڑھ کر اور کونسی چیز ہے؟ وہ فرمائے گا: میں اپنی رضامندی تم پر اُتارتا ہوں۔ اب اس کے بعد کبھی بھی تم پر ناراض نہیں ہوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6550
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ معاویہ بن عمرو نے ہمیں بتایا۔ ابواسحاق نے ہم سے بیان کیا۔ ابواسحاق نے حمید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جنگ بدر کے دن حضرت حارثہؓ شہید ہوئے اور ابھی وہ لڑکے ہی تھے تو اُن کی ماں نبی ﷺ کے پاس آئیں اور کہنے لگیں: یا رسول اللہ! آپؐ جانتے ہی ہیں جو حارثہؓ سے مجھے محبت تھی تو اگر وہ جنت میں ہے تو میں صبر کروں اور اس کی شہادت کو اللہ کی رضا مندی کے لئے سمجھوں اور اگر کوئی اور بات ہے تو آپؐ دیکھیں گے میں کیا کرتی ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: وَيْحَكِ یا هَبِلْتِ (اللہ تمہارا بھلا کرے) کیا جنت ایک ہی ہے۔ جنتیں تو بہت ہیں اور وہ تو جنت الفردوس میں ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6551
معاذ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ فضل بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ فضیل (بن غزوان) نے ہمیں خبر دی۔ فضیل نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبیﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کافر کے دونوں کاندھوں کے درمیان کا فاصلہ ایک تیز سوار کے تین دن کا سفر ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah