کتاب 83: كتاب الأيمان والنذور
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 6641
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ ہند بنت عتبہ بن ربیعہ نے کہا: یا رسول اللہ! جتنے بھی ڈیروں والے یا ڈیرہ والے سطح زمین پر ہیں اُن میں سے کسی کا بھی ذلیل ہونا مجھ کو اتنا پسند نہیں تھا جتنا آپؐ کے ڈیرے والوں کا یا ڈیرہ والوں کا۔ یحيٰ (بن بکیر) نے شک کیا (کہ ڈیرے کہا یا ڈیرہ)۔ پھر آج یہ حالت ہے کہ اب کوئی ڈیروں والے یا (کہا) ڈیرہ والے مجھے ان کا معزز ہونا اتنا پسند نہیں جتنا کہ آپؐ کے ڈیرے والوں یا (کہا) ڈیرہ والوں کا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ابھی اور زیادہ تمہیں پسند ہوگا، اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے۔ وہ کہنے لگیں: یا رسول اللہ! ابوسفیان ایک کنجوس آدمی ہے تو کیا مجھ پر کوئی گناہ ہوگا اگر میں اس مال سے جو اس کا ہے (اپنے بچوں کو) کچھ کھلاؤں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں مگر دستور کے مطابق۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6642
احمد بن عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ شریح بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ ابراہیم بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ ابراہم نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابواسحاق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عمرو بن میمون سے سنا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے بیان کیا، کہا: ایک بار رسول اللہ ﷺ ایک چمڑے کے یمنی خیمے سے پشت لگائے کھڑے تھے۔ تب آپؐ نے اپنے صحابہ سے فرمایا: کیا تم اس بات پر خوش ہو کہ جنتیوں میں چوتھائی تم ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں کیوں نہیں ضرور۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم اس بات پر خوش نہیں کہ جنتیوں میں تہائی تم ہو؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں ضرور۔ آپؐ نے فرمایا: اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے، میں ضرور اُمید رکھتا ہوں کہ جنتیوں میں تم آدھے ہو گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6643
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن عبدالرحمٰن سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے کسی آدمی کو قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ پڑھتے ہوئے سنا۔ وہ اسے بار بار دُہرا رہا تھا۔ جب صبح ہوئی تو وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے اس کا ذکر کیا۔ یوں معلوم ہوتا تھا کہ جیسے یہ شخص اس سورة کا پڑھنا تھوڑا سمجھتا تھا، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، یہ سورة تو تہائی قرآن کے برابر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6644
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ حبان (بن ہلال) نے ہمیں خبر دی۔ ہمام (بن یحيٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے نبیﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: رکوع اور سجدہ پورا کیا کرو۔ اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، میں تمہیں اپنی پیٹھ کے پیچھے سے جب تم رکوع کرتے ہو اور جب تم سجدہ کر رہے ہوتے ہو، دیکھ رہا ہوتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6645
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ شعبہ نے ہشام بن زید سے، ہشام نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ ایک انصاری عورت نبی ﷺ کے پاس آئی، اُس کے ساتھ اُس کے بچے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، لوگوں میں سے تم مجھے بہت پیارے ہو۔ آپؐ نے اُس سے تین بار یہ فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6646
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ حضرت عمر بن خطابؓ سے آ ملے اور وہ ایک قافلہ کے ساتھ جا رہے تھے، وہ اپنے باپ کی قسم کھا رہے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو! اللہ تمہیں منع فرماتا ہے کہ تم اپنے باپ دادوں کی قسمیں کھاؤ۔ جس نے قسم کھانی ہی ہو تو وہ اللہ کی قسم کھائے یا خاموش رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6647
سعید بن عفیر نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی، کہا: سالم نے بیان کیا: حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: میں نے حضرت عمرؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: اللہ تمہیں منع فرماتا ہے کہ تم اپنے باپ دادوں کی قسمیں کھاؤ۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم جب سے میں نے یہ نبی ﷺ سے سنا اُن (آباء) کی قسم نہیں کھائی۔ نہ خود اُن کا نام لیا اور نہ کسی دوسرے کی زبانی نقل کیا۔ مجاہد نے کہا: (یہ جو سورة احقاف میں فرمایا ہے:) اَوْ اَثٰرَةٍ مِّنْ عِلْمٍ۔ (اس کے معنی ہیں:) یا کوئی علم کی بات ہی نقل کی جائے۔ یونس کی طرح اس حدیث کو عقیل اور زبیدی اور اسحاق کلبی نے بھی زُہری سے روایت کیا۔ اور (سفیان) ابن عیینہ اور معمر نے بھی زُہری سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا کہ زُہری نے سالم سے، سالم نے حضرت ابن عمرؓ سے نقل کیا کہ نبی ﷺ نے حضرت عمرؓ کو سنا۔
قَالَ مُجَاهِدٌ {أَوْ أَثَرَةٍ مِنْ عِلْمٍ} يَأْثُرُ عِلْمًا.
تَابَعَهُ عُقَيْلٌ وَالزُّبَيْدِيُّ وَإِسْحَاقُ الْكَلْبِيُّ عَنِ الزُّهْرِيِّ.
وَقَالَ ابْنُ عُيَيْنَةَ وَمَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ سَالِمٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ سَمِعَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم عُمَرَ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6648
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اپنے باپ دادوں کی قسمیں نہ کھایا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6649
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب (بن عبدالمجید ثقفی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ اور قاسم تمیمی سے، ان دونوں نے زہدم بن حارث سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جرم کے اس قبیلہ اور اشعریوں کے درمیان دوستی اور برادری تھی۔ ہم حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ کے پاس (بیٹھے) تھے۔ اتنے میں ان کے سامنے کھانا رکھا گیا جس میں مرغ کا گوشت تھا اور اُن کے پاس بنو تیم اللہ قبیلے کا سرخ رنگ کا ایک شخص تھا جیسے کہ وہ غلاموں میں سے تھا تو حضرت ابوموسیٰؓ نے اس کو بھی کھانے کے لئے بلایا۔ وہ کہنے لگا: میں نے اس کو کچھ کھاتے ہوئے دیکھا تو مجھے اس سے گھن آئی اور میں نے قسم کھائی کہ اسے کبھی نہیں کھاؤں گا۔ انہوں نے کہا: اُٹھو آؤ بھی، میں تمہیں اس کے متعلق کچھ بتاتا ہوں۔ میں رسول اللہﷺ کے پاس کچھ اشعری لوگوں سمیت آیا کہ ہم آپؐ سے سواری مانگیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم میں تمہیں کوئی سواری نہیں دوں گا اور میرے پاس ہے بھی نہیں جس پر میں تمہیں سوار کروں۔ پھر رسول اللہﷺ کے پاس غنیمت کے کچھ اونٹ لائے گئے اور آپؐ نے ہمارے متعلق دریافت فرمایا۔ پوچھا: وہ اشعری لوگ کہاں ہیں؟ اور ہمیں پانچ اونٹ جو سفید کہانوں والے تھے دینے کا حکم فرمایا۔ جب ہم چلے ہم نے کہا: ہم نے کیا کِیا؟ رسول اللہﷺ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں کوئی سواری نہیں دیں گے اور آپؐ کے پاس کوئی سواری نہیں کہ جس پر ہمیں سوار کریں، پھر ہمیں سواری بھی دے دی۔ ہم نے رسول اللہﷺ کو آپؐ کی قسم کے متعلق لاعلمی میں رکھ کر ناجائز فائدہ اُٹھایا۔ اللہ کی قسم ہم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ (یہ خیال کر کے) ہم آپؐ کے پاس واپس گئے اور کہا: ہم اس لئے آئے تھے کہ ہم آپؐ سے سواری مانگیں۔ آپؐ نے قسم کھائی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے اور نہ ہی آپؐ کے پاس کوئی ہے جس پر آپؐ ہمیں سوار کریں۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے تو تمہیں سواری نہیں دی بلکہ اللہ نے تمہیں سواری دی۔ اللہ کی قسم میں جو ایسی قسم کھاؤں کہ پھر اس کے علاوہ کسی اور کو بہتر سمجھوں تو ضرور ہی وہی کروں جو اس سے بہتر ہے اور اس کو توڑ کر اس کا کفارہ دے دوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6650
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زُہری سے، زہری نے حمید بن عبدالرحمٰن سے، حمید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے قسم کھائی اور اپنی قسم میں لات اور عزیٰ کا نام لیا تو وہ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کا اقرار کرے اور جس نے اپنے ساتھی سے کہا: آؤ میں تم سے جوا کھیلتا ہوں تو وہ صدقہ دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6651
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے سونے کی ایک انگوٹھی بنوائی اور آپؐ اسے پہنا کرتے تھے اور اس کے نگینہ کو ہتھیلی کی طرف رکھتے تھے۔ لوگوں نے بھی انگوٹھیاں بنوائیں اس کے بعد آپؐ منبر پر بیٹھے اور اُس انگوٹھی کو اُتار ڈالا اور فرمایا: میں یہ انگوٹھی پہنا کرتا تھا اور اس کا نگینہ اندر کو رکھتا۔ یہ کہہ کر آپؐ نے اسے پھینک دیا پھر فرمایا: اللہ کی قسم میں اب اسے کبھی نہیں پہنوں گا۔ یہ دیکھ کر لوگوں نے بھی اپنی انگوٹھیاں پھینک دیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6652
مُعلّی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ وُہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت ثابت بن ضحاکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے اسلام کے سوا کسی اور مذہب کی قسم کھائی تو وہ ویسا ہے جیسا اُس نے کہا اور جس نے اپنے تئیں کسی چیز سے مار ڈالا تو اُسے اس چیز سے جہنم کی آگ میں سزا دی جائے گی اور مؤمن پر لعنت کرنا ایسا ہی ہے جیسے اسے مار ڈالنا اور جس نے مؤمن پر کفر کا الزام لگایا وہ بھی ایسا ہی ہے جیسا اُسے مار ڈالنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6653
اور عمرو بن عاصم نے کہا: ہمام نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ عبدالرحمٰن بن ابی عَمرہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے انہیں بتایا کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپ ؐ فرماتے تھے: بنی اسرائیل میں تین شخص تھے کہ جن کو اللہ نے آزمانا چاہا تو ایک فرشتے کو بھیجا اور وہ کوڑھی کے پاس آیا۔ وہ کہنے لگا: میرے تو سارے وسیلے کٹ گئے ہیں، اب صرف اللہ ہی کا آسرا ہے اور آپ کا۔ پھر انہوں نے ساری حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6654
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعث (بن ابی شعثاء) سے، اشعث نے معاویہ بن سوید بن مقرن سے، معاویہ نے حضرت براء (بن عازبؓ) سے، حضرت براءؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ نیز محمد بن بشار نے بھی مجھ سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے اشعث سے، اشعث نے معاویہ بن سوید بن مقرن سے، معاویہ نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں حکم دیا کہ قسم کھانے والے قسم کو پورا کریں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6655
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عاصم احول نے ہمیں خبر دی کہ میں نے ابوعثمان سے سنا۔ ابوعثمان نے حضرت اُسامہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کی بیٹی نے آپؐ کو کہلا بھیجا کہ میرا بیٹا مرنے کے قریب ہے۔ اور اس وقت رسول اللہ ﷺ کے پاس حضرت اُسامہ بن زیدؓ اور حضرت سعدؓ اور میرے والد (یعنی زیدؓ) یا حضرت اُبَيّ (بن کعبؓ) تھے۔ ہم موجود ہی تھے کہ آپؐ نے کہلا بھیجا: کہو کہ آپؐ سلام کہتے ہیں اور فرماتے ہیں: اللہ ہی کے لئے ہے جو اُس نے لیا اور جو اُس نے دیا اور اس کے پاس ہر چیز کی مدت مقرر ہے۔ وہ صبر کرے اور اس میں اللہ کی رضا مندی سمجھے۔ مگر انہوں نے آپؐ کو قسم دے کر بلا بھیجا۔ آپؐ اُٹھ کر گئے اور ہم بھی آپؐ کے ساتھ گئے۔ جب بیٹھے تو وہ بچہ اُٹھا کر آپؐ کو دیا گیا۔ آپؐ نے اسے اپنی گود میں بیٹھایا اور بچہ دم توڑ رہا تھا۔ یہ دیکھ کر رسول اللہ ﷺ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے۔ حضرت سعدؓ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ کیا؟ آپؐ نے فرمایا: یہ رحمت ہے جو اللہ اپنے بندوں میں سے جن کے دلوں میں چاہتا ہے ڈال دیتا ہے اور اللہ اپنے بندوں میں سے انہی پر رحم کرتا ہے جو رحم دل ہوتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6656
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابن مسیب سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مسلمانوں میں سے جس کسی کے تین بچے فوت ہوں آگ اسے نہیں چھوئے گی مگر صرف قسم پورا کرنے کے لئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6657
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے مجھے بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے معبد بن خالد سے روایت کی، (کہا:) میں نے حضرت حارثہ بن وہب ؓ سے سنا، وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: کیا میں تمہیں جنتیوں کا پتہ نہ دوں؟ ہر وہ غریب انکساری کرنے والا، جو اگر اللہ کو بھی قسم دے تو وہ ضرور ہی اس کی قسم کو پورا کرے اور کیا میں تمہیں دوزخیوں کا پتہ نہ دوں؟ ہر مغرور، سرکش اور متکبر شخص۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6658
سعد بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان (بن عبدالرحمٰن نحوی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عبیدہ (سلمانی) سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے پوچھا گیا: کونسے لوگ بہتر ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: میرے زمانہ کے لوگ، پھر وہ جو اُن کے بعد ہوں گے، پھر وہ جو اُن کے معاً بعد آئیں گے، پھر ایسے لوگ آئیں گے کہ ان میں سے ایک قسم سے پہلے گواہی دے گا اور گواہی سے پہلے قسم کھائے گا۔ ابراہیم (نخعی) نے کہا: اور ہمارے لوگ جبکہ ہم بچے تھے، ہمیں منع کیا کرتے تھے کہ ہم گواہی یا عہد میں قسم کھائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6659
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ (محمد) ابن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان (بن اعمش) اور منصور (بن معتمر) سے، ان دونوں نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے جھوٹی قسم کھائی کہ اس کے ذریعہ سے وہ کسی مسلمان شخص کا مال یا کہا اپنے بھائی کا مال مارنا چاہتا ہے تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ پھر اللہ نے اس قول کی تصدیق میں یہ آیت نازل کی: یعنی وہ لوگ جو اللہ کے عہد کے بدلے میں قیمت حاصل کرتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6660
سلیمان نے اپنی حدیث میں یوں کہا کہ حضرت اشعث بن قیسؓ گزرے اور پوچھا: حضرت عبداللہؓ تم سے کیا بیان کر رہے تھے؟ تو انہوں نے ان کو بتایا تو حضرت اشعثؓ کہنے لگے: یہ آیت میرے متعلق اور میرے ایک ساتھی کے متعلق نازل ہوئی بسبب ایک کنویں کے جو ہمارے درمیان مشترک تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah