کتاب 83: كتاب الأيمان والنذور
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 6661
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جہنم برابر یہی کہتی رہے گی: کیا کچھ اور بھی ہے؟ یہاں تک کہ ربّ العزت اس میں اپنا قدم رکھے گا اور وہ کہے گی: بس بس۔ اور تیری ہی عزت کی قسم ہے اور وہ سمٹ جائے گی۔ اس حدیث کو شعبہ نے بھی قتادہ سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6662
اُویسی نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ نیز حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عمر نمیری نے ہمیں بتایا۔ یونس (بن یزید ایلی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے زُہری سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے عروہ بن زبیر اور سعید بن مسیب اور علقمہ بن وقاص اور عبیداللہ بن عبداللہ سے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ کے اُس واقعہ کے متعلق سنا جبکہ بہتان باندھنے والوں نے ان کے متعلق وہ باتیں کیں جو انہوں نے کیں اور پھر اللہ نے ان کو بَری کردیا اور ان میں سے ہر ایک نے اس واقعہ کا ایک ایک ٹکڑا مجھ سے بیان کیا۔ اور روایت میں یہ بھی ہے کہ نبی ﷺ کھڑے ہوئے اور عبداللہ بن اُبَيّ کی شکایت کی۔ (یہ سن کر) حضرت اُسید بن حضیرؓ کھڑے ہوئے اور انہوں نے حضرت سعد بن عبادہؓ سے کہا: اللہ کی بقا کی قسم، ہم اس کو ضرور مار ڈالیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6663
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے روایت کی، کہا: میرے باپ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے، حضرت عائشہ نے کہا کہ آیت لا يُؤَاخِذُكُمُ اللهُ بِاللَّغْوِ اس قسم کی قسمیں کھانے کے متعلق نازل کی گئی: لا والله اور بلی واللہ یعنی اللہ کی قسم نہیں، اللہ کی قسم کیوں نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6664
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ مسعر نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ زرارہ بن اوفیٰ نے ہمیں بتایا۔ زرارہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ حضرت ابوہریرہؓ اس حدیث کو آنحضرتؐ تک پہنچاتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے میری اُمت کے وہ خیالات معاف کر دیئے ہیں جو دلوں میں اُٹھتے یا پیدا ہوتے ہیں جب تک کہ وہ اس پر عمل نہ کرے یا زبان سے نہ نکالے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6665
عثمان بن ہیثم نے ہم سے بیان کیا یا محمد (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ محمد نے ابن جریج سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے ابن شہاب سے سنا۔ وہ کہتے تھے: عیسیٰ بن طلحہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاصؓ نے ان کو بتایا کہ نبی ﷺ قربانی کے دن (دسویں ذی الحج) لوگوں سے مخاطب تھے کہ اتنے میں ایک شخص اُٹھ کر آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! میں خیال کرتا تھا کہ فلاں فلاں کام فلاں فلاں کام سے پہلے کرنا چاہیئے۔ پھر ایک دوسرا شخص اُٹھا اور ان میں سے تین کاموں کا نام لے کر کہنے لگا: یا رسول اللہ! میں یوں یوں خیال کرتا تھا۔ تو نبی ﷺ نے اس دن اُن سب کاموں کے متعلق فرمایا: اب کر لو کچھ حرج نہیں اور اس دن آپؐ سے کسی بات کے متعلق بھی نہیں پوچھا گیا مگر آپؐ نے یہی فرمایا کہ اب کر لو کچھ حرج نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6666
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر (بن عیاش) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز بن رُفیع سے، عبدالعزیز نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص نے نبی ﷺ سے کہا: کنکریاں پھینکنے سے پہلے میں نے طواف زیارت کر لیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کچھ حرج نہیں۔ دوسرا شخص بولا: میں نے ذبح کرنے سے پہلے سر منڈوا لیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کچھ حرج نہیں۔ ایک اور شخص بولا: کنکریاں پھینکنے سے پہلے میں نے ذبح کر لیا۔ آپؐ نے فرمایا: کچھ حرج نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6667
اسحاق بن منصور نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ بن عمر نے ہم سے بیان کیا۔ عبیداللہ نے سعید بن ابی سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ ایک شخص مسجد میں آکر نماز پڑھنے لگا اور (اس وقت) رسول اللہ ﷺ مسجد کے ایک گوشہ میں بیٹھے ہوئے تھے۔ وہ نماز پڑھ کر آیا اور اس نے آپؐ کو السلام علیکم کہا۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: واپس جاؤ اور نماز پڑھو کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ وہ واپس گیا اور اس نے نماز پڑھی۔ پھر آکر آپؐ کو السلام علیکم کہا۔ آپؐ نے فرمایا: وعلیک۔ لوٹ جاؤ اور نماز پڑھو کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ تیسری بار اس شخص نے کہا: مجھے آپؐ بتائیں (کہ کیسے نماز پڑھوں)؟ آپؐ نے فرمایا: جب تم نماز کے لئے کھڑے ہو تو پوری طرح وضو کرو پھر قبلہ کی طرف منہ کرو اور اللہ اکبر کہو اور جتنا تم آسانی سے قرآن پڑھ سکو پڑھو اس کے بعد رکوع کرو۔ رکوع میں اتنی دیر ٹھہرو کہ تمہیں اطمینان ہوجائے، پھر اپنا سر اُٹھاؤ یہاں تک کہ تم بالکل سیدھے کھڑے ہو جاؤ، پھر سجدہ کرو اور سجدہ میں اتنی دیر ٹھہرے رہو کہ تمہیں اطمینان حاصل ہو۔ پھر سر اُٹھاؤ یہاں تک کہ سیدھے ہوجاؤ اور بیٹھنے میں مطمئن ہو جاؤ۔ پھر سجدہ کرو یہاں تک کہ سجدے میں تمہیں اطمینان حاصل ہو۔ پھر سر اُٹھاؤ اور سیدھے کھڑے ہوجاؤ۔ پھر اپنی ساری نماز میں ایسا ہی کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6668
فروہ بن ابی المغراء نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: اُحد کے دن مشرکوں کو ایسی شکست ہوئی جس کے آثار ان میں نمایاں تھے، تو اس وقت ابلیس نے زور سے آواز دی: اللہ کے بندو! اپنے پچھلوں سے بچو۔ یہ سنتے ہی جو اُن کے آگے تھے وہ لوٹے اور یہ اور پچھلے دونوں آپس میں ایک دوسرے پر تلواریں چلانے لگے۔ حضرت حذیفہ بن یمانؓ نے غور سے دیکھا تو کیا دیکھتے ہیں کہ ان کا باپ لوگوں کے نرغے میں ہے۔ انہوں نے پکارا میرا باپ ہے میرا باپ ہے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: اللہ کی قسم وہ باز نہ آئے۔ یہاں تک کہ اس کو مار ہی ڈالا۔ حذیفہؓ نے کہا: اللہ تمہاری پردہ پوشی کرتے ہوئے تم سے درگزر کرے۔ عروہ نے کہا: اللہ کی قسم! حضرت حذیفہؓ کے دل میں (زندگی بھر) اس واقعہ کا رنج ہی رہا حتٰی کہ وہ اللہ سے جا ملے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6669
یوسف بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا، کہا: عوف نے مجھ سے بیان کیا۔ عوف نے خلاس (بن عمرو) اور محمد (بن سیرین) سے، ان دونوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جو بھول کر کھا لے جبکہ وہ روزہ دار ہو تو وہ اپنا روزہ پورا کرے کیونکہ اللہ نے ہی اس کو کھلایا پلایا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6670
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے اعرج سے، اعرج نے حضرت عبداللہ بن بحینہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں نماز پڑھائی اور پہلی دو رکعتوں میں بیٹھنے سے پہلے کھڑے ہوگئے اور نماز پڑھتے رہے۔ جب آپؐ نماز ختم کر چکے لوگ انتظار کر رہے تھے کہ آپؐ سلام پھیریں گے مگر سلام پھیرنے سے پہلے آپؐ نے اللہ اکبر کہا اور سجدہ کیا۔ پھر آپؐ نے سر اُٹھایا اور اللہ اکبر کہا اور سجدہ کیا۔ پھر آپؐ نے سر اُٹھایا اور سلام پھیرا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6671
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے عبدالعزیز بن عبدالصمد سے سنا۔ منصور (بن معتمر) نے ہم سے بیان کیا۔ منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی اللہ ﷺ نے اُن کو ظہر کی نماز پڑھائی اور آپؐ نے زیادہ یا کم پڑھی۔ منصور نے کہا: میں نہیں جانتا کہ ابراہیم نے یہ شک کیا یا علقمہ نے۔ (حضرت ابن مسعودؓ نے) کہا: آپؐ سے کہا گیا: یا رسول اللہ! کیا نماز چھوٹی ہوگئی ہے یا آپؐ بھول گئے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: کیا بات ہے؟ لوگوں نے کہا: آپؐ نے اتنی اتنی رکعتیں پڑھی ہیں۔ کہتے تھے: آپؐ نے ان کو دو اور سجدے کرائے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: یہ دو سجدے اُس شخص کے لئے ہیں جو نہیں جانتا کہ اس نے اپنی نماز کو زیادہ پڑھا ہے یا کم پڑھا ہے تو وہ سوچ سمجھ کر صحیح بات کو معلوم کرے۔ (پھر اگر کم پڑھی ہو) تو اُن کو پورا کرے جو باقی رہ گئی ہوں، پھر دو سجدے کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6672
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن دینار نے ہم سے بیان کیا کہ سعید بن جبیر نے مجھے خبر دی، کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا تو انہوں نے کہا: حضرت اُبی بن کعبؓ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: قَالَ لَا تُؤَاخِذْنِيْ بِمَا نَسِيْتُ … (موسیٰؑ ) نے کہا (کہ اس دفعہ) آپ مجھ پر گرفت نہ کریں کیونکہ میں (آپ کی ہدایت کو) بھول گیا تھا اور آپ میری (اس) بات کی وجہ سے مجھ پر سختی نہ کریں۔ (جو قرآن مجید میں آیا ہے) فرمایا: موسیٰؑ سے پہلی بات بھول کر ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6673
ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: محمد بن بشار نے مجھے لکھا کہ معاذ بن معاذ نے ہم سے بیان کیا۔ ابن عون نے ہمیں بتایا۔ ابن عون نے شعبی سے روایت کی، کہا: حضرت براء بن عازبؓ نے کہا:
اور اُس وقت اُن کے پاس ان کا ایک مہمان تھا۔ انہوں نے اپنے گھر والوں سے کہا: ان کے واپس آنے سے پہلے قربانی ذبح کر لیں تاکہ اُن کے مہمان کھانا کھا لیں اور انہوں نے نماز سے پہلے ذبح کیا۔ پھر انہوں نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا تو آپؐ نے ان کو حکم دیا کہ دوبارہ ذبح کریں۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے پاس ایک سال کا پٹھا ہے۔ ایسا پٹھا کہ جو ابھی دودھ پیتا ہے۔ وہ گوشت کی دو بکریوں سے بہتر ہے۔
شعبی کی یہ حدیث بیان کرتے ہوئے ابن عون اس جگہ ٹھہر جایا کرتے تھے اور محمد بن سیرین سے بھی ایسی ہی حدیث نقل کرتے تھے اور اس جگہ پر ٹھہر جاتے اور کہتے تھے: میں نہیں جانتا کہ یہ اجازت اُن کے سوا کسی اور کو بھی پہنچی یا نہیں۔
ایوب نے ابن سیرین سے، ابن سیرین نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے اس حدیث کو روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6674
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسوَد بن قیس سے روایت کی، کہا: میں نے حضرت جندبؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا، آپؐ نے عید کے دن نماز پڑھائی۔ پھر آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: جس نے ذبح کر لیا ہو تو چاہیئے کہ وہ اس قربانی کے بدلے اور ذبح کرے اور جس نے ذبح نہ کیا ہو تو وہ اللہ کا نام لے کر اب ذبح کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6675
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ نضر (بن شمیل) نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہمیں خبر دی کہ فراس (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے شعبی سے سنا۔ شعبی نے حضرت عبداللہ بن عمرو (بن عاصؓ) سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بڑے گناہ یہ ہیں: اللہ کا شریک ٹھہرانا اور والدین کی نافرمانی کرنا اور جان کو مار ڈالنا اور عمداً جھوٹی قسم کھانا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6676
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص اس لئے جھوٹی قسم کھائے کہ وہ کسی مسلمان آدمی کا مال مار رہا ہو تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہو گا۔ پھر اللہ نے آپؐ کے اس قول کی تصدیق میں یہ آیت نازل کی: جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے ذریعہ سے تھوڑا سا مول لیتے ہیں۔……
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6677
(حضرت عبداللہ بن مسعودؓ یہ حدیث بیان کر ہی رہے تھے کہ اتنے میں حضرت اشعث بن قیسؓ اندر آئے اور انہوں نے پوچھا: ابو عبدالرحمٰن نے تم سے کیا بیان کیا ہے؟ لوگوں نے کہا: ایسا ایسا بیان کیا ہے۔ انہوں نے کہا: یہ آیت میرے متعلق نازل کی گئی تھی۔ میرے ایک چچا زاد بھائی کی زمین میں میرا ایک کنواں تھا اور میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہارا ثبوت ہونا چاہیئے ورنہ اس سے قسم لی جائے گی۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! تب تو وہ اس کے متعلق قسم کھا لے گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے مضبوط قسم کھائی جبکہ وہ اس قسم میں جھوٹا ہے، اس قسم کے ذریعہ سے مسلمان آدمی کا مال مار رہا ہے تو وہ قیامت کے دن اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6678
محمد بن علاء نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرید سے، بُرید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے ساتھیوں نے مجھے نبی ﷺ کے پاس بھیجا کہ آپؐ سے سواریاں مانگوں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں تمہیں کسی پر سوار نہیں کروں گا اور اتفاق سے میں آپؐ کو ایسے وقت میں ملا کہ آپؐ ناراض تھے۔ پھر جب میں آپؐ کے پاس آیا آپؐ نے فرمایا: اپنے ساتھیوں کے پاس جاؤ اُنہیں کہو کہ اللہ یا (فرمایا کہ) اللہ کا رسول ﷺ تمہیں سواریاں دیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6679
عبدالعزیز نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ نیز حجاج (بن منہال) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عمر نمیری نے ہمیں بتایا۔ یونس بن یزید ایلی نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے زُہری سے سنا۔ زہری نے کہا: میں نے عروہ بن زبیر اور سعید بن مسیب اور علقمہ بن وقاص اور عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ کا وہ واقعہ سنا جبکہ ان کے متعلق بہتان باندھنے والوں نے وہ باتیں کیں جو انہوں نے کیں اور جو انہوں نے کہا، اللہ نے ان کو اس افترا سے بری قرار دیا۔ ان میں سے ہر ایک نے اس حدیث کا ایک ایک ٹکڑا مجھ سے بیان کیا۔ اللہ نے یہ آیت نازل کی: اِنَّ الَّذِيْنَ جَآءُوْ بِالْاِفْكِ۔ دس آیات تک، یہ ساری آیتیں میری بریت کے متعلق تھیں۔ تو حضرت ابوبکر صدیقؓ نے کہا اور وہ مسطح کو بوجہ اپنے قریبی رشتہ دار ہونے کے خرچ دیا کرتے تھے کہ اللہ کی قسم میں مسطح کو اب اس کے بعد کہ اس نے عائشہؓ کے متعلق افترا کیا ہے کبھی بھی کچھ خرچ نہیں دوں گا۔ تو اللہ نے یہ حکم نازل کیا: تم میں سے جو اہل فضیلت اور کشائش والے ہیں وہ قریبیوں کے ساتھ سلوک کرنے میں کمی نہ کریں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: کیوں نہیں اللہ کی قسم میں ضرور پسند کرتا ہوں کہ اللہ میری پردہ پوشی فرماتے ہوئے مجھ سے درگزر کرے اور وہ مسطح کو وہ خرچ دوبارہ دینے لگے جو اُس کو دیا کرتے تھے اور کہا: اللہ کی قسم میں اب اس خرچ کو اس سے کبھی نہیں چھینوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6680
ابو معمر (عبداللہ بن عمرو مقعد) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے قاسم سے، قاسم نے زہدم (بن مضرب جرمی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کے پاس تھے تو انہوں نے کہا: میں کچھ اشعری لوگوں سمیت رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور میں آپؐ سے ایسے وقت میں ملا کہ آپؐ ناراض تھے۔ ہم نے آپؐ سے سواریاں مانگیں تو آپؐ نے قسم کھائی کہ آپؐ ہمیں سواریاں نہیں دیں گے۔ پھر اس کے بعد آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں جو بھی ایسی قسم کھا بیٹھوں گا کہ پھر اس کے سوا کسی اور بات کو بہتر سمجھوں گا تو ان شاء اللہ ضرور ہی وہی کروں گا جو بہتر ہو اور اس قسم کا کفارہ ادا کروں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah