کتاب 83: كتاب الأيمان والنذور
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 6681
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی، کہا: سعید بن مسیب نے مجھے خبر دی۔ سعید نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب ابو طالب فوت ہونے لگے تو ان کے پاس رسول اللہ ﷺ آئے اور فرمایا: لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کہیں۔ یہ ایسی بات ہوگی کہ میں اس کی بنا پر آپ کے لئے اللہ کے حضور دلیل دوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6682
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ عمارہ بن قعقاع نے ہم سے بیان کیا۔ عمارہ نے ابوزرعہ سے، ابوزرعہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دو کلمے ہیں جو زبان پر ہلکے ہیں، میزان میں بھاری ہیں، رحمٰن کو پیارے ہیں۔ سُبْحَانَ اللهِ وَبِحَمْدِهِ سُبْحَانَ اللهِ الْعَظِيمِ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6683
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے شقیق سے، شقیق نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ایک بات بیان فرمائی تھی اور ایک بات میں کہتا ہوں۔ آپؐ نے بیان فرمایا تھا: جو ایسی حالت میں مرے گا کہ وہ اللہ کا شریک ٹھہرا رہا تھا، آگ میں داخل کیا جائے گا اور میں ایک اور بات کہتا ہوں کہ جو ایسی حالت میں مرے گا کہ وہ اللہ کا شریک نہیں ٹھہرا رہا ہوگا، وہ جنت میں داخل کیا جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6684
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید سے، حمید نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے قسم کھائی کہ اپنی ازواج کے پاس نہیں جائیں گے اور آپؐ کے پاؤں میں موچ آ گئی تھی تو آپؐ نے ایک بالا خانہ میں انتیس رات قیام فرمایا پھر نیچے آئے۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے تو ایک مہینے کی قسم کھائی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: مہینہ اُنتیس دن کا بھی ہوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6685
علی (بن عبداللہ) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے عبدالعزیز بن ابی حازم سے سنا کہ میرے باپ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کی کہ حضرت ابواُسیدؓ نے جو نبی ﷺ کے صحابی تھے شادی کی اور انہوں نے نبی ﷺ کو اپنی شادی پر بلایا اور دلہن ہی ان مہمانوں کی خدمت کرنے والی تھی۔ حضرت سہلؓ نے لوگوں سے کہا: کیا تم جانتے ہو کہ اس نے آپؐ کو کیا پلایا تھا؟ کہا: اس نے رات کو ایک لگن میں کچھ کھجوریں بگھو دی تھیں۔ جب آپؐ ان کے پاس صبح کو آئے تو اس نے آپؐ کو وہی شربت پلایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6686
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل بن ابی خالد نے ہمیں خبر دی۔ اسماعیل نے شعبی سے، شعبی نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت سودہؓ سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: ہماری ایک بکری مر گئی۔ ہم نے اس کی کھال کو رنگ لیا۔ پھر اس میں نبیذ تیار کیا کرتے تھے یہاں تک کہ وہ پرانی ہو گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6687
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن عابس سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں کہ آل محمد ﷺ نے اس وقت تک کہ آپؐ اللہ سے جا ملے، تین دن بھی گیہوں کی روٹی سالن کے ساتھ سیر ہو کر نہیں کھائی۔ اور ابن کثیر نے کہا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ انہوں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا۔ پھر یہی حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6688
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوطلحہؓ نے حضرت اُم سلیمؓ سے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کی آواز کمزور سنی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ آپؐ کو بھوک ہے۔ کیا تمہارے پاس کچھ ہے؟ حضرت اُم سلیمؓ نے کہا: ہاں۔ اور یہ کہہ کر انہوں نے جَو کی چند روٹیاں نکالیں۔ پھر انہوں نے اپنی اوڑھنی لی اور اس کے ایک طرف اُن روٹیوں کو لپیٹا اور مجھے رسول اللہ ﷺ کے پاس بھیجا۔ میں گیا اور رسول اللہ ﷺ کو مسجد میں پایا اور آپؐ کے ساتھ لوگ تھے۔ میں آپؐ کے پاس کھڑا ہو گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تمہیں ابوطلحہؓ نے بھیجا ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ رسول اللہ ﷺ نے ان لوگوں کو جو آپؐ کے ساتھ تھے فرمایا: اُٹھو، اور وہ چل پڑے اور میں بھی ان کے آگے آگے چلا اور حضرت ابوطلحہؓ کے پاس آیا اور ان کو خبر دی۔ حضرت ابوطلحہؓ نے کہا: اُم سلیم! رسول اللہ ﷺ اور لوگ بھی آگئے ہیں اور ہمارے پاس اتنا کھانا نہیں جو ہم ان کو کھلائیں۔ حضرت اُمّ سلیمؓ نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ حضرت ابوطلحہؓ چلے گئے اور جا کر رسول اللہ ﷺ سے ملے۔ رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوطلحہؓ آئے اور دونوں گھر کے اندر آ گئے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اُم سلیم! جو تمہارے پاس ہے وہ لے آؤ۔ وہ وہی روٹیاں لے آئیں۔ حضرت انس بن مالکؓ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے ان روٹیوں کے متعلق حکم دیا اور وہ توڑی گئیں اور حضرت اُم سلیمؓ نے اپنی ایک کپی کو نچوڑ دیا اور روٹیوں کے ساتھ یہی سالن دیا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے جو اللہ نے چاہا کہ آپؐ اس کھانے پر دعا کریں، آپؐ نے اس کھانے پر دعا کی۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوطلحہؓ سے فرمایا: دس آدمیوں کو (اندر آنے کی) اجازت دو۔ انہوں نے ان کو اجازت دی۔ انہوں نے اتنا کھایا کہ وہ سیر ہوگئے اور باہر چلے گئے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: دس آدمیوں کو اجازت دو اور انہوں نے ان کو اجازت دی۔ غرض سب کے سب لوگوں نے کھایا اور سیر ہو کر کھایا اور وہ لوگ ستر یا اسی آدمی تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6689
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب (ثقفی) نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے یحيٰ بن سعید سے سنا۔ وہ کہتے تھے: محمد بن ابراہیم نے مجھے خبر دی کہ انہوں نے علقمہ بن وقاص لیثی کو کہتے سنا کہ میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: عمل نیتوں کے ساتھ ہی ہوتے ہیں اور آدمی کو وہی ملتا ہے جو اس نے نیت کی۔ جس کی ہجرت اللہ اور اس کے رسول کے لئے ہو گی اُس کی ہجرت اللہ اور اس کے رسول کے لئے ہے اور جس کی ہجرت دنیا کے لئے ہوگی کہ اسے وہ حاصل کرنا چاہتا ہے یا کسی عورت کے لئے کہ وہ اس سے شادی کرنا چاہتا ہے تو اُس کی ہجرت اُس کے لئے ہے جس کی خاطر اس نے ہجرت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6690
احمد بن صالح نے ہم سے بیان کیا۔ (عبداللہ) ابن وہب نے ہمیں بتایا کہ یونس نے مجھے خبر دی۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عبدالرحمٰن بن عبداللہ نے مجھے بتایا۔ عبدالرحمٰن نے عبداللہ بن کعب بن مالک سے روایت کی۔ اور جب حضرت کعبؓ نابینا ہوگئے تھے تو ان کے بیٹوں میں سے یہ حضرت کعبؓ کو لے جایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت کعب بن مالکؓ سے اُن کے واقعہ کے متعلق سنا جس کے متعلق یہ آیت نازل ہوئی تھی: وَعَلَى الثَّلٰثَةِ الَّذِينَ خُلِّفُوْا۔ تو انہوں نے اپنے واقعہ کو بتاتے ہوئے آخر میں کہا کہ میری توبہ قبول ہونے کی وجہ سے میں اپنے مال سے دست بردار ہوتا ہوں جو اللہ اور اس کے رسول کے لئے صدقہ ہوگا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تم اپنے مال میں سے کچھ اپنے لئے بھی رکھو یہ تمہارے لئے بہتر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6691
حسن بن محمد (بن صباح) نے ہم سے بیان کیا کہ حجاج (بن محمد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی، کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے گمان کیا کہ انہوں نے عبید بن عمیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عائشہؓ سے سنا۔ حضرت عائشہؓ خیال کرتی تھیں کہ نبی ﷺ حضرت زینب بنت جحشؓ کے پاس ٹھہرا کرتے اور ان کے ہاں شہد پیا کرتے تھے اس لئے میں نے اور حفصہؓ نے آپس میں یہ ایکا کیا کہ ہم میں سے جس کے پاس نبی ﷺ آئیں تو وہ یوں کہے: میں آپؐ سے ہینگ کی بو محسوس کرتی ہوں، آپؐ نے ہینگ کھائی ہے۔ آپؐ ان میں سے ایک کے پاس آئے اور اس نے آپؐ سے یہ کہا۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں بلکہ میں نے تو زینب بنت جحشؓ کے ہاں شہد پیا ہے اور اب میں اسے کبھی نہیں پیوں گا۔ اس لئے یہ آیت نازل ہوئی: يٰۤاَيُّهَا النَّبِيُّ لِمَ تُحَرِّمُ مَاۤ اَحَلَّ اللّٰهُ لَكَ۔ اِنْ تَتُوْبَاۤ اِلَى اللّٰهِ میں خطاب حضرت عائشہؓ اور حضرت حفصہؓ سے ہے۔ وَاِذْ اَسَرَّ النَّبِيُّ اِلٰى بَعْضِ اَزْوَاجِهٖ حَدِيْثًا سے آپؐ کی یہی بات مراد ہے کہ نہیں بلکہ میں نے شہد پیا ہے۔ اور ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے نقل کیا۔ انہوں نے ہشام (بن یوسف) سے روایت کی کہ میں اب اسے پھر کبھی نہیں پیوں گا اور میں نے قسم کھالی ہے اس لئے یہ بات تم کسی کو نہ بتانا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6692
یحيٰ بن صالح نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ سعید بن حارث نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: کیا تمہیں نذر سے منع نہیں کیا گیا؟ نبی ﷺ نے فرمایا کہ نذر نہ کسی بات کو آگے کرتی ہے اور نہ پیچھے کرتی ہے بلکہ صرف یہ ہوتا ہے کہ نذر کے ذریعہ بخیل سے کچھ نکال لیا جاتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6693
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے روایت کی کہ عبداللہ بن مرہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے نذر سے منع کیا اور فرمایا کہ وہ کسی بات کو نہیں ٹالتی بلکہ اس کے ذریعہ بخیل سے کچھ نکالا جاتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6694
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ ابوالزناد نے ہمیں بتایا۔ ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: نذر ابن آدم کا کچھ بھی نہیں کرتی جو اس کے لئے مقدر نہ ہو بلکہ نذر اس کو اُس تقدیر کے حوالے کر دیتی ہے جو اس کے لئے مقدر کی گئی ہوتی ہے اور اس کے ذریعہ اللہ بخیل سے کچھ نکالتا ہے اور وہ اللہ کی خاطر وہ کچھ دیتا ہے جو پہلے اس کی خاطر دینے کا نہیں تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6695
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید (قطان) سے، یحيٰ نے شعبہ (بن حجاج) سے روایت کی، کہا: ابوجمرہ نے مجھ سے بیان کیا کہ زہدم بن مضرب نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے حضرت عمران بن حصینؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے بہتر وہ لوگ ہیں جو میرے زمانے میں ہیں۔ پھر وہ لوگ جو ان کے معاً بعد آئیں گے، پھر وہ جو اُن کے معاً بعد آئیں گے۔ حضرت عمرانؓ کہتے تھے: میں نہیں جانتا آپؐ نے اپنے زمانہ کے بعد دو بار یا تین بار ذکر کیا، پھر اس کے بعد ایسے لوگ آئیں گے جو نذریں مانیں گے اور پوری نہیں کریں گے اور خیانت کریں گے اور انہیں امین نہ سمجھا جائے گا اور گواہی دیں گے حالانکہ ان سے گواہی نہیں طلب کی جائے گی اور ان میں موٹاپا نمایاں ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6696
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے طلحہ بن عبدالملک سے، طلحہ نے قاسم سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبیؐ ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے یہ منت مانی ہو کہ وہ اللہ کی فرمانبرداری کرے گا تو وہ اُس کی فرمانبرداری کرے اور جو یہ منت مانے کہ وہ اُس کی نافرمانی کرے گا تو وہ اس کی نافرمانی نہ کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6697
محمد بن مقاتل ابو الحسن نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ بن عمر نے ہمیں خبر دی۔ عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے زمانہ جاہلیت میں یہ منت مانی تھی کہ مسجد حرام میں ایک رات اعتکاف بیٹھوں گا۔ آپؐ نے فرمایا: اپنی نذر کو پورا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6698
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی، کہا: عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے انہیں بتایا کہ حضرت سعد بن عبادہ انصاریؓ نے نبیﷺ سے ایک نذر کے متعلق مسئلہ پوچھا جو اُن کی ماں کے ذمہ تھی اور وہ پیشتر اس کے کہ اس نذر کو پورا کرتی فوت ہو گئی تو آپؐ نے اُن کو حکم دیا کہ وہ اس کی طرف سے نذر پوری کریں۔ تو اس کے بعد یہی طریقہ جاری ہوگیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6699
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ابوبشر سے روایت کی، کہا: میں نے سعید بن جبیر سے سنا۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے کہنے لگا کہ میری بہن نے حج کرنے کی نذر مانی تھی وہ فوت ہوگئی ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر اس پر کوئی قرضہ ہوتا تو کیا تم اسے ادا کرتے؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کا حق ادا کرو۔ وہ زیادہ لائق ہے کہ اس کے حق کو پورا کیا جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 6700
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے طلحہ بن عبدالملک سے، طلحہ نے قاسم (بن محمد) سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: نبی ﷺ نے فرمایا: جو اللہ کی فرمانبرداری کرنے کی نذر مانے تو چاہیئے کہ اُس کی فرمانبرداری کرے اور جو اس کی نافرمانی کرنے کی نذر مانے تو اُس کی نافرمانی نہ کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah