کتاب 85: كتاب الفرائض
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6723
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں بیمار ہوا اور رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ میری عیادت کے لیے آئے اور وہ دونوں پیدل ہی چل کر آئے۔ جب وہ میرے پاس پہنچے تو میں بے ہوش تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے وضو کیا اور وضو کا پانی مجھ پر ڈالا تو میں ہوش میں آیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں اپنی جائیداد کا کیا کروں؟ میں اپنی جائیداد میں کیسے فیصلہ کروں؟ تو آپؐ نے مجھے کچھ جواب نہ دیا یہاں تک کہ میراث کی آیت نازل ہوئی۔
صحیح بخاری 6724
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ ابن طاؤس نے ہم سے بیان کیا۔ ابن طاؤس نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دیکھو گمان سے اپنے آپ کو بچاتے رہنا کیونکہ گمان نہایت ہی جھوٹی بات ہے اور ٹوہ نہ لگاتے رہو اور نہ جاسوسی کرو اور نہ آپس میں بغض رکھو اور نہ ہی ایک دوسرے سے پیٹھ موڑو اور بھائی بھائی ہو کر اللہ کے بندے بنو۔
صحیح بخاری 6725
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف یمانی) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زُہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ حضرت فاطمہ اور حضرت عباس علیہما السلام حضرت ابوبکرؓ کے پاس آئے کہ اپنی وہ میراث مانگیں جو رسول اللہ ﷺ سے ان کو پہنچتی تھی اور وہ اس وقت فَدک کی اپنی زمینیں اور خیبر سے اپنا حصہ مانگتے تھے۔
صحیح بخاری 6726
حضرت ابوبکرؓ نے اُن کو جواب دیا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: ہمارا کوئی ورثہ نہیں پائے گا۔ جو ہم چھوڑ جائیں وہ صدقہ ہوگا۔ آل محمدؐ اس مال سے صرف کھاتے پیتے رہے ہیں، حضرت ابوبکرؓ نے کہا: اللہ کی قسم! میں تو اس امر کو نہیں چھوڑوں گا جو میں نے رسول اللہ ﷺ کو کرتے دیکھا۔ میں وہی کروں گا جو آپؐ نے کیا۔ (عروہ) کہتے تھے: اس پر حضرت فاطمہؓ نے حضرت ابوبکرؓ کو چھوڑ دیا اور اپنے مرنے تک ان سے (اس بارے میں) بات نہیں کی۔
صحیح بخاری 6727
اسماعیل بن ابان نے ہم سے بیان کیا کہ ابن مبارک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ نبیﷺ نے فرمایا: ہمارا کوئی وارث نہیں ہوگا۔ جو ہم چھوڑ جائیں وہ صدقہ ہے۔
صحیح بخاری 6728
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ لیث نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے مالک بن اوس بن حدثان نے بتایا اور محمد بن جبیر بن مطعم نے بھی مجھ سے ان کی اس حدیث سے کچھ حصہ ذکر کیا تھا۔ (یہ سن کر) میں چل پڑا اور اُن کے پاس پہنچا اور میں نے اُن سے پوچھا تو انہوں نے کہا: میں چل پڑا کہ حضرت عمرؓ کے پاس جاؤں۔ جب وہاں پہنچا تو اُن کا دربان یرفا اُن کے پاس آیا اور کہنے لگا: کیا آپؓ حضرت عثمانؓ اور حضرت عبدالرحمٰنؓ اور حضرت زبیرؓ اور حضرت سعدؓ کو ملنا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا: ہاں، اور اس نے ان کو اجازت دی، پھر یرفا نے کہا: کیا آپؓ حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کو ملنا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ حضرت عباسؓ نے کہا: امیر المؤمنین! میرے اور ان کے درمیان فیصلہ کر دیں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: میں تم کو اس اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں جس کے حکم سے یہ آسمان اور زمین قائم ہیں۔ کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا: ہمارا کوئی ورثہ نہیں پائے گا، جو ہم چھوڑ جائیں صدقہ ہوگا، رسول اللہ ﷺ کی اس سے مراد اپنی ذات تھی۔ اس جماعت نے کہا: بے شک آپؐ نے ایسا فرمایا تھا۔ پھر حضرت عمرؓ، حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے ایسا فرمایا تھا؟ انہوں نے کہا: بے شک آپؐ نے ایسا فرمایا تھا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: پھر میں تمہیں اس معاملہ کے متعلق بیان کرتا ہوں۔ اللہ نے اپنے رسول ﷺ کے لیے فے میں سے کچھ حصہ مخصوص فرمایا جو اس نے آپؐ کے سوا کسی اور کو نہیں دی۔ چنانچہ اللہ عزوجل فرماتا ہے: مَاۤ اَفَآءَ اللّٰهُ عَلٰى رَسُوْلِهٖ…۔ تو یہ جائیدادیں رسول اللہ ﷺ کے لئے ہی خاص تھیں۔ اللہ کی قسم آپؐ نے ان کو تمہارے سوا کسی کے لیے محفوظ نہیں کیا اور نہ ہی ان کے خرچ کرنے میں تم پر کسی کو ترجیح دی، تمہیں ہی دیں اور تم پر ہی تقسیم کیں یہاں تک کہ ان میں سے یہ جائیداد باقی رہ گئی اور نبی ﷺ اس جائیداد سے اپنے گھر والوں کو ایک سال کا خرچ دیا کرتے تھے پھر جو باقی بچ جاتا وہ آپؐ لیتے اور اس کو ان کاموں میں خرچ کرتے جہاں اللہ کا مال خرچ کیا جاتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ اپنی ساری عمر اسی پر عمل کرتے رہے۔ میں تم کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں، کیا تم یہ جانتے ہو؟ ان لوگوں نے کہا: ہاں ایسا ہی تھا۔ پھر حضرت عمرؓ نے حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ سے کہا: میں تم دونوں سے اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کیا تم یہ جانتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ پھر اللہ نے اپنے نبی ﷺ کو وفات دی اور حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کا جانشین ہوں اور انہوں نے ان جائیدادوں کو اپنے قبضہ میں لیا اور ان میں وہی تصرف کرتے رہے جو رسول اللہ ﷺ نے ان جائیدادوں میں کیا تھا۔ پھر اللہ نے حضرت ابوبکرؓ کو وفات دی اور میں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کا جانشین ہوں اور میں نے دو سال تک ان جائیدادوں کو اپنے قبضہ میں رکھا اس میں وہی تصرف کرتا رہا جو رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ نے کیا۔ پھر تم دونوں میرے پاس آئے اور تمہاری بات ایک ہی تھی اور تمہاری رائے متفقہ تھی، تم میرے پاس آئے، مجھ سے اپنے بھتیجے کے مال سے اپنا حصہ مانگنے لگے اور یہ بھی میرے پاس آئے اپنی بیوی کا حصہ مجھ سے مانگنے لگے جو انھیں ان کے باپ کی طرف سے پہنچتا تھا۔ میں نے کہا: اگر تم دونوں چاہو تو میں یہ جائیدادیں تمہارے سپرد اسی شرط پر کئے دیتا ہوں۔ پھر کیا تم مجھ سے اس کے سوا کوئی اور فیصلہ چاہتے ہو؟ اس ذات کی قسم ہے جس کے حکم سے یہ آسمان اور زمین قائم ہیں میں ان جائیدادوں کے متعلق اس کے سوا اور کوئی فیصلہ نہیں کروں گا خواہ قیامت بھی برپا ہو جائے۔ اگر تم دونوں عاجز آگئے ہو تو پھر ان کو میرے سپرد کر دو، میں تمہاری جگہ ان کا انتظام کروں گا۔
صحیح بخاری 6729
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے وارث ایک دینار بھی تقسیم نہ کریں گے۔ اپنی بیویوں کے خرچ اور اپنے کارندوں کے خرچ کے بعد جو میں چھوڑ جاؤں تو وہ صدقہ ہوگا۔
صحیح بخاری 6730
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی ازواج نے جب رسول اللہ ﷺ فوت ہوگئے چاہا کہ حضرت عثمانؓ کو حضرت ابوبکرؓ کے پاس بھیجیں تا کہ ان سے اپنی میراث مانگیں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: کیا رسول اللہ ﷺ نے نہیں فرمایا تھا: ہمارا کوئی وارث نہیں ہوگا، جو ہم چھوڑ جائیں وہ صدقہ ہوگا۔
صحیح بخاری 6731
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ابوسلمہ نے مجھے بتایا۔ ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں مؤمنوں سے ان کی اپنی جانوں سے بڑھ کر تعلق رکھتا ہوں۔ اس لئے جو (مؤمن) مر جائے اور اس کے ذمہ قرض ہو اور وہ اس کے ادا کرنے کے لئے کوئی مال نہ چھوڑے تو ہمارے ذمہ ہے کہ ہم اس قرض کو چکائیں اور جو کوئی جائیداد چھوڑ جائے تو وہ اس کے وارثوں کی ہوگی۔
صحیح بخاری 6732
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ ابن طاؤس نے ہم سے بیان کیا۔ ابن طاؤس نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: حصہ داروں کو ان کا مقررہ حصہ دے دو۔ پھر جو بچ رہے تو وہ سب سے زیادہ قریبی مرد رشتہ دار کو دیا جائے۔
صحیح بخاری 6733
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ زُہری نے ہم سے بیان کیا، کہا: عامر بن سعد بن ابی وقاص نے مجھے خبر دی۔ عامر نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں مکہ میں ایسا بیمار ہوا کہ اس بیماری سے مرنے کے قریب ہوگیا اور نبی ﷺ میری عیادت کے لئے میرے پاس آئے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے پاس بہت جائیداد ہے اور میری بیٹی کے سوا اور میرا کوئی وارث نہیں ہے، تو کیا میں اپنی جائیداد کی دو تہائی صدقہ میں دے دوں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ کہتے تھے، میں نے کہا: تو کیا پھر آدھا؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: ایک تہائی؟ آپؐ نے فرمایا: ایک تہائی بھی بڑی ہے۔ دیکھو! اگر تم اپنی اولاد کو غنی چھوڑ جاؤ تو یہ بہتر ہے اِس سے کہ ان کو محتاج چھوڑ جاؤ کہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے پھریں اور جو خرچ بھی تم کرو گے تو ضرور تمہیں بدلہ دیا جائے گا یہاں تک کہ وہ لقمہ بھی جو تم اُٹھا کر اپنی بیوی کے منہ میں ڈالتے ہو۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا اپنی ہجرت کے باوجود مجھے پیچھے چھوڑ دیا جائے گا؟ آپؐ نے فرمایا: تم میرے بعد پیچھے نہیں رہنے دئیے جاؤ گے۔ (اگر تمہیں پیچھے بھی چھوڑ دیا جائے) تو جو کام بھی تم ایسا کرو گے جس سے تم اللہ کی رضا مندی چاہ رہے ہوگے تو ضرور تم بلندی اور درجہ میں بڑھتے چلے جاؤ گے۔ شاید تمہیں میرے بعد رہنے دیا جائے تاکہ کچھ لوگ تم سے نفع اُٹھائیں اور کچھ اور لوگوں کو تمہارے ذریعہ سے نقصان پہنچایا جائے مگر سعد بن خولہؓ۔ رسول اللہ ﷺ اس پر ترس کھایا کرتے تھے کہ وہ مکہ میں فوت ہو گیا۔ سفیان (بن عیینہ) کہتے تھے کہ حضرت سعد بن خولہؓ بنو عامر بن لوئی میں سے ایک شخص تھے۔
صحیح بخاری 6734
محمود بن غیلان نے ہم سے بیان کیا کہ ابو نضر نے ہمیں بتایا۔ ابو معاویہ شیبان نے ہم سے بیان کیا۔ ابو معاویہ نے اشعث سے، اشعث نے اسود بن یزید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت معاذ بن جبلؓ یمن میں ہمارے پاس معلم اور امیر ہو کر آئے تو ہم نے اُن سے ایسے شخص کے متعلق پوچھا جو فوت ہو گیا اور اپنی بیٹی اور بہن چھوڑ گیا۔ تو انہوں (حضرت معاذ بن جبلؓ) نے بیٹی کو آدھا اور بہن کو بھی آدھا دیا۔
صحیح بخاری 6735
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ ابن طاؤس نے ہم سے بیان کیا۔ ابن طاؤس نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: حصے داروں کو مقررہ حصے دے دو، جو بچ رہے تو وہ اس مرد کو دیا جائے جو بہت قریبی رشتہ دار ہو۔
صحیح بخاری 6736
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ ابوقیس (عبدالرحمٰن بن ثروان) نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے ہزیل بن شرحبیل سے سنا۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوموسیٰؓ سے ایک بیٹی اور ایک پوتی اور ایک بہن کے متعلق (وراثت کا مسئلہ) پوچھا گیا تو انہوں نے کہا: بیٹی کو آدھا اور بہن کو آدھا ملے گا اور حضرت ابن مسعودؓ کے پاس جاؤ، وہ بھی میری طرح ہی بتائیں گے۔ چنانچہ حضرت ابن مسعودؓ سے پوچھا گیا اور انہیں حضرت ابوموسیٰؓ کا فتویٰ بتایا گیا تو انہوں نے کہا: اگر میں ایسا فتویٰ دوں تو یقیناً میں گمراہ ہو جاؤں اور اُن لوگوں سے کبھی نہ ہوں جو راہ راست پر چلے۔ میں تو اس کے متعلق وہی حکم دوں گا جو نبی ﷺ نے دیا۔ بیٹی کو آدھا اور پوتی کو چھٹا دیا جائے تاکہ دو تہائیاں پوری ہو جائیں اور باقی بہن کو دیا جائے۔ ہم یہ سن کر حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) کے پاس آئے۔ ہم نے ان کو حضرت ابن مسعودؓ کا قول بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے مسئلہ نہ پوچھا کرو جب تک کہ تم میں یہ علامہ موجود ہے۔
صحیح بخاری 6737
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن طاؤس سے، ابن طاؤس نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبیﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: حصہ داروں کو ان کے حصے پہنچا دو اور جو باقی رہ جائے تو وہ اُس مرد کو دو جو سب سے زیادہ قریبی ہو۔
صحیح بخاری 6738
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ شخص جس کے متعلق رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا: اگر میں اِس امت میں سے کسی کو خلیل بناتا تو میں اُن کو بناتا لیکن اسلام کی دوستی سب سے افضل ہے یا فرمایا: بہتر ہے۔ انہوں نے تو دادا کو بمنزلہ باپ قرار دیا ہے یا کہا: یا فیصلہ کیا ہے کہ دادا باپ کی جگہ ہے۔
صحیح بخاری 6739
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ورقاء (یشکری) سے، ورقاء نے ابن ابی نجیح سے، ابن ابی نجیح نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مال اولاد کا ہی ہوا کرتا تھا اور ماں باپ کو وصیت کے مطابق ملتا۔ اس لئے اللہ نے اس رواج سے جو پسند کیا منسوخ کیا اور مرد کا حصہ دو عورتوں کے حصے کے برابر رکھا اور ماں باپ میں سے ہر ایک کے لئے چھٹا حصہ مقرر کیا اور عورت کے لئے آٹھواں یا چوتھا حصہ اور خاوند کے لئے آدھا یا چوتھا حصہ قرار دیا۔
صحیح بخاری 6740
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابن مسیب سے، ابن مسیب نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے بنو لحیان کی ایک عورت کے جنین کے متعلق جو مرا ہوا گرا تھا بُردہ آزاد کرنے کا فیصلہ کیا، غلام ہو یا لونڈی۔ پھر وہ عورت جس کو بردہ آزاد کرنے کا حکم دیا تھا فوت ہوئی تو رسول اللہ ﷺ نے حکم دیا کہ اس کی وراثت اس کے بیٹوں اور اس کے خاوند کو دی جائے اور دیت کا ادا کرنا اس کے خاندان کے لوگوں کے ذمہ ہوگا۔
صحیح بخاری 6741
بشر بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان (اعمش) سے، سلیمان نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسود (بن یزید) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں حضرت معاذ بن جبلؓ نے ہمارے درمیان ترکے کے متعلق یہ فیصلہ کیا کہ آدھا بیٹی کو اور آدھا بہن کو دیا جائے۔ پھر سلیمان نے کہا کہ حضرت معاذؓ نے ہمارے ترکہ کے متعلق یہ فیصلہ کیا اور انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے زمانہ کا ذکر نہیں کیا۔
صحیح بخاری 6742
عمرو بن عباس نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن (بن مہدی) نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان نے ابوقیس (عبدالرحمٰن بن ثروان) سے، ابوقیس نے ہزیل (بن شرحبیل) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: میں اس ترکہ کے متعلق نبی ﷺ کے فیصلہ کے مطابق ہی فیصلہ کروں گا۔ یا انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: بیٹی کو آدھا ملے اور پوتی کو چھٹا حصہ اور جو بچ رہے تو وہ بہن کو دیا جائے۔