کتاب 86: كتاب الحدود
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6772
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوبکر بن عبدالرحمٰن (بن حارث) سے، ابوبکر نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: زانی جب زنا کرتا ہے تو وہ مؤمن ہوتے ہوئے زنا نہیں کرتا اور جب کوئی شراب پیتا ہے تو وہ مؤمن ہوتے ہوئے شراب نہیں پیتا اور جب کوئی چوری کرتا ہے تو وہ مؤمن ہوتے ہوئے چوری نہیں کرتا اور وہ مؤمن ہوتے ہوئے کوئی ایسی لوٹ نہیں کرتا کہ جس کی وجہ سے لوگ اس کی طرف اپنی آنکھیں اٹھائیں۔ اور ابن شہاب سے بھی اسی طرح مروی ہے۔ اُنہوں نے سعید بن مسیب اور ابوسلمہ سے ان دونوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اس کے الفاظ بھی یہی ہیں إِلَّا النُّهْبَةَ یعنی سوائے لوٹ کے۔
صحیح بخاری 6773
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے۔ نیز آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے شراب پینے کی وجہ سے چھڑی اور جوتوں سے مروایا اور حضرت ابوبکرؓ نے چالیس کوڑے لگوائے۔
صحیح بخاری 6774
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب (ثقفی) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابن ابی ملیکہ سے، ابن ابی ملیکہ نے حضرت عقبہ بن حارثؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نعیمان یا نعیمان کے بیٹے کو شراب کی حالت میں لایا گیا تو نبی ﷺ نے اُن لوگوں کو جو گھر میں تھے، حکم دیا کہ اس کو ماریں۔ حضرت عقبہؓ کہتے تھے: اُنہوں نے اس کو مارا اور میں بھی ان لوگوں میں سے تھا جنہوں نے اس کو جوتوں سے مارا۔
صحیح بخاری 6775
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب بن خالد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ایوب سے، ایوب نے عبداللہ بن ابی ملیکہ سے، عبداللہ نے حضرت عقبہ بن حارثؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے پاس نعیمان کو یا نعیمان کے بیٹے کو لایا گیا اور وہ نشہ میں تھا۔ آپؐ کو یہ سخت ناگوار گزرا اور آپؐ نے ان لوگوں کو جو گھر میں تھے حکم دیا کہ اس کو ماریں اور انہوں نے اس کو چھڑیوں اور جوتوں سے مارا اور میں بھی اُن لوگوں میں تھا جنہوں نے اس کو مارا۔
صحیح بخاری 6776
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے شراب کی وجہ سے چھڑی اور جوتوں سے پٹوایا اور حضرت ابوبکرؓ نے چالیس کوڑے لگوائے۔
صحیح بخاری 6777
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ ابو ضمرہ انس (بن عیاض) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یزید بن ہاد سے، یزید نے محمد بن ابراہیم سے، اُنہوں نے ابو سلمہ سے، ابو سلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کے پاس ایک شخص لایا گیا جس نے شراب پی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو مارو۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے: ہم میں سے وہ بھی تھا جو اپنے ہاتھ سے مار رہا تھا اور وہ بھی تھا جو اپنے جوتے سے مار رہا تھا اور وہ بھی تھا جو اپنے کپڑے سے مار رہا تھا۔ جب وہ واپس لوٹا تو لوگوں میں سے کسی نے کہا: اللہ تمہیں رسوا کرے۔ آپؐ نے فرمایا: ایسا مت کہو۔ شیطان کو اس پر قابو پانے میں مت مدد دو۔
صحیح بخاری 6778
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن حارث نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ ابوحصین (عثمان بن عاصم اسدی) نے ہمیں بتایا کہ میں نے عمیر بن سعید نخعی سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ اُنہوں نے کہا: میں جو کسی کو شرعی سزا دوں اور وہ مر جائے تو میں اپنے نفس میں کوئی رنج محسوس نہ کروں سوائے شرابی کے کیونکہ اگر وہ مر جائے تو میں اس کی دیت دوں اور یہ اس لئے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس کے لئے (ایسی) کوئی سزا مقرر نہیں کی۔
صحیح بخاری 6779
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے جعید (بن عبدالرحمٰن) سے، جعید نے یزید بن خصیفہ سے، یزید نے سائب بن یزید سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں اور حضرت ابوبکرؓ کی خلافت میں اور حضرت عمرؓ کی خلافت کی ابتدا میں ہمارے پاس شرابی لایا جاتا تو ہم اس کی سزا دہی کے لیے اٹھ کھڑے ہوتے۔ اپنے ہاتھوں اور اپنی جوتیوں اور اپنی چادروں سے اس کو مارتے۔ جب حضرت عمرؓ کی خلافت کا آخری زمانہ ہوا تو اُنہوں نے چالیس کوڑے لگوائے۔ جب لوگ سرکش ہوگئے اور احکام الٰہی سے نکل گئے تو وہ اَسّی کوڑے لگوانے لگے۔
صحیح بخاری 6780
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے کہا: خالد بن یزید نے مجھے بتایا۔ خالد نے سعید بن ابی ہلال سے، سعید نے زید بن اسلم سے، زید نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عمر بن خطابؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے زمانہ میں ایک شخص ہوا کرتا تھا۔ اُس کا نام عبداللہ تھا اور حمار کے لقب سے بلایا جاتا تھا اور وہ رسول اللہ ﷺ کو ہنسایا کرتا تھا اور نبی ﷺ نے اُس کو شراب کی وجہ سے کوڑے بھی لگائے تھے۔ ایک دن اس کو لایا گیا۔ آپؐ نے اس کو سزا دینے کا حکم دیا تو اُس کو کوڑے لگائے گئے۔ لوگوں میں ایک شخص بولا۔ اے اللہ! اس کو اپنی رحمت سے دور رکھنا۔ کتنی ہی بار اسے پکڑ کر لایا گیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس پر لعنت نہ کرو۔ اللہ کی قسم! میں تو یہی جانتا ہوں کہ وہ اللہ اور اس کے رسول سے محبت رکھتا ہے۔
صحیح بخاری 6781
علی بن عبداللہ بن جعفر نے ہم سے بیان کیا کہ انس بن عیاض نے ہمیں بتایا۔ (عبداللہ) بن ہاد نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے محمد بن ابراہیم سے، محمد بن ابراہیم نے ابوسلمہ (بن عبدالرحمٰن) سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ کے پاس ایک شرابی لایا گیا۔ آپؐ نے اس کو مارنے کا حکم دیا۔ تو ہم میں سے وہ بھی تھا جو اُس کو اپنے ہاتھ سے مار رہا تھا اور ہم میں سے وہ بھی تھا جو اُس کو اپنے جوتے سے مار رہا تھا اور ہم میں سے کوئی ایسا بھی تھا جو اُس کو اپنے کپڑے سے مار رہا تھا۔ جب وہ واپس لوٹا تو ایک شخص بولا: اس کو کیا ہوگیا۔ اللہ اس کو رسوا کرے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنے بھائی کے خلاف شیطان کے مددگار نہ بنو۔
صحیح بخاری 6782
عمرو بن علی (فلاس) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ بن داؤد نے ہمیں بتایا۔ فضیل بن غزوان نے ہم سے بیان کیا۔ فضیل نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: زانی جب زنا کرتا ہے تو ایسی حالت میں زنا نہیں کرتا کہ وہ مؤمن ہو اور آدمی جب چوری کرتا ہے تو ایسی حالت میں چوری نہیں کرتا کہ وہ مؤمن ہو۔
صحیح بخاری 6783
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے کہا: میں نے ابوصالح سے سنا۔ اُنہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: اللہ چور کو اپنی رحمت سے دور رکھے کہ وہ انڈا چراتا ہے اور اُس کا ہاتھ کاٹا جاتا ہے اور وہ رسّی چراتا ہے اور اس کا ہاتھ کاٹا جاتا ہے۔ اعمش نے کہا: لوگ سمجھتے تھے کہ بیضہ سے مراد لوہے کا خود ہے اور حبل سے مراد وہ سمجھتے تھے کہ وہ رسّی ہے جو کئی درہموں کی قمیت کی ہو۔
صحیح بخاری 6784
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے، زہری نے ابوادریس خولانی سے، اُنہوں نے حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم ایک مجلس میں نبی ﷺ کے پاس تھے۔ آپؐ نے فرمایا: تم مجھ سے بیعت کرو کہ تم اللہ کا کسی چیز کو بھی شریک نہیں ٹھہراؤ گے اور نہ تم چوری کرو گے اور نہ زنا کرو گے اور آپؐ نے یہ آیت (يٰۤاَيُّهَا النَّبِيُّ اِذَا جَآءَكَ الْمُؤْمِنٰتُ يُبَايِعْنَكَ…) ساری پڑھی۔ سو جس نے تم میں سے اس عہد کو پورا کیا تو اس کا اجر اللہ کے ذمہ ہوگا اور جس نے ان میں سے کوئی گناہ کیا اور اس کی وجہ سے اس کو سزا دی گئی تو وہ سزا اس کے گناہ کا کفارہ ہوگی اور جس نے ان میں سے کوئی گناہ کیا اور اللہ نے اس کی پردہ پوشی کی تو اگر وہ چاہے اس پر پردہ پوشی کرتے ہوئے اس سے درگزر کر دے اور اگر چاہے اس کو سزا دے۔
صحیح بخاری 6785
محمد بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ عاصم بن علی نے ہمیں بتایا۔ عاصم بن محمد نے ہم سے بیان کیا۔ عاصم نے واقد بن محمد سے روایت کی۔ (اُنہوں نے کہا:) میں نے اپنے باپ (محمد بن زید بن عبداللہ بن عمر) سے سنا کہ حضرت عبداللہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع میں فرمایا: سنو! کون سا مہینہ ہے جسے تم عزت میں سب سے بڑا جانتے ہو؟ لوگوں نے کہا: کیا یہی ہمارا مہینہ نہیں؟ آپؐ نے فرمایا: بتلاؤ، کون سا شہر ہے جسے تم عزت میں سب سے بڑا جانتے ہو؟ لوگوں نے کہا: کیا ہمارا یہی شہر نہیں؟ آپؐ نے فرمایا: بتلاؤ، کون سا دن ہے جسے تم عزت میں سب سے بڑا جانتے ہو؟ لوگوں نے کہا: کیا ہمارا یہی دن نہیں؟ آپؐ نے فرمایا تو پھر دیکھو۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے تمہارے خونوں کو اور تمہارے مالوں کو اور تمہاری عزتوں کو تم پر اسی طرح معزز کر دیا ہے جیسے تمہارا یہ دن تمہارے اس شہر میں تمہارے اس مہینہ میں معزز ہیں، سوائے اس کے کہ جائز طور پر۔ سنو! کیا میں نے پہنچا دیا؟ تین بار آپؐ نے یہی فرمایا اور ہر بار لوگ آپؐ کو یہی جواب دیتے تھے۔ کیوں نہیں ہاں، (آپؐ نے پہنچا دیا۔) آپؐ نے فرمایا: تم پر افسوس یا فرمایا: تم پر وائے، کہیں میرے بعد پھر کافر نہ ہو جانا کہ تم ایک دوسرے کی گردن اڑاتے پھرو۔
صحیح بخاری 6786
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: نبی ﷺ کو جب بھی دو باتوں کے متعلق اختیار دیا گیا تو آپؐ نے ان میں سے آسان کو ہی اختیار کیا بشرطیکہ وہ گناہ نہ ہوتا۔ اگر گناہ ہوتا تو آپؐ اس سے سب سے زیادہ دور ہوتے۔ اللہ کی قسم ! آپؐ نے اپنی ذات کے لئے کبھی بھی کسی معاملہ میں بدلہ نہیں لیا جو آپؐ سے کیا جاتا۔ مگر جب اللہ کی حرمتوں کی ہتک کی جاتی تو پھر آپؐ اللہ کے لئے بدلہ لیتے۔
صحیح بخاری 6787
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ حضرت اُسامہ (بن زیدؓ) نے نبی ﷺ سے ایک عورت کے متعلق سفارش کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم سے پہلے جو تھے وہ اسی لئے ہلاک ہوئے کہ وہ ادنیٰ پر تو سزا کو جاری کیا کرتے تھے اور اعلیٰ کو چھوڑ دیتے تھے اور اسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر فاطمؓہ یہ کرتی تو میں ضرور اس کا بھی ہاتھ کاٹ ڈالتا۔
صحیح بخاری 6788
سعید بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ اُس مخزومی عورت نے قریش کو فکر میں ڈال دیا تھا، جس نے چوری کی تھی تو اُنہوں نے کہا: اُسامہؓ کے سوا جو رسول اللہ ﷺ کا پیارا ہے رسول اللہ ﷺ سے اس بارے میں کون بات کرے گا اور کون آپؐ کے سامنے جرأت کرے گا؟ تو اُسامہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے بات کی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم اللہ کی حدوں میں سے کسی حد کے متعلق سفارش کرتے ہو؟ اس کے بعد آپؐ کھڑے ہو کر لوگوں سے مخاطب ہوئے، فرمایا: اے لوگو! تم سے جو پہلے تھے وہ اسی لئے گمراہ ہوئے کہ اُن کی عادت تھی کہ جب کوئی بڑا چوری کرتا تو اس کو چھوڑ دیتے اور جب ان میں سے غریب چوری کرتا تو وہ اس پر سزا کو نافذ کرتے اور اللہ کی قسم! اگر فاطمہؓ بنت محمدؐ بھی چوری کرے تو محمدؐ اس کے ہاتھ کو بھی کاٹ ڈالے۔
صحیح بخاری 6789
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عمرہ سے، عمرہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: چوتھائی دینار یا اس سے زیادہ چرانے کی وجہ سے ہاتھ کاٹا جائے۔ (ابراہیم بن سعد کی طرح) عبدالرحمٰن بن خالد اور زہری کے بھتیجے اور معمر نے بھی زہری سے اِسے روایت کیا۔
صحیح بخاری 6790
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے ابن وہب سے، اِبن وہب نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر اور عمرہ سے، ان دونوں نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: چوتھائی دینار کی وجہ سے بھی چور کا ہاتھ کاٹا جائے۔
صحیح بخاری 6791
عمران بن میسرہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ حسین (معلم) نے ہم سے بیان کیا۔ حسین نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے محمد بن عبدالرحمٰن انصاری سے، اُنہوں نے عمرہ بنت عبدالرحمٰن سے روایت کی کہ عمرہ نے اُن سے یہ بیان کیا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے اُنہیں بتایا : نبی ﷺ سے روایت ہے آپؐ نے فرمایا: چوتھائی دینار کی وجہ سے بھی ہاتھ کاٹا جائے۔