کتاب 91: كتاب التعبير
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6982
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل (بن خالد) سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ اور عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہم سے بیان کیا کہ زہری نے کہا: عروہ نے مجھے خبر دی۔ عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی ہیں: رسول اللہ ﷺ کو پہلے پہل جو وحی شروع ہوئی تو وہ نیند کی حالت میں سچے خواب تھے۔ آپؐ جو خواب بھی دیکھتے وہ صبح صادق کی طرح پورے ہوجاتے۔ آپؐ (کا معمول تھا کہ غار) حرا میں آتے اور اس میں عبادت کرتے، یہ عبادت چند گنتی کی راتوں کی تھی اور آپؐ اس غرض کے لئے زاد لے جاتے تھے۔ پھر حضرت خدیجہؓ کے پاس واپس آجاتے اور وہ اتنا ہی زاد آپؐ کو دے دیتیں۔ (آپؐ اِسی طرح عبادت کرتے رہے) یہاں تک کہ اچانک حق آپؐ کے پاس پہنچا جبکہ آپؐ غار حرا میں تھے۔ وہاں فرشتہ آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: پڑھو تو نبی ﷺ نے اس سے کہا: میں تو پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ (آپؐ نے فرمایا:) اس نے مجھے ایسا پکڑا اور بھینچا کہ میری ساری طاقت صرف ہوگئی۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: پڑھو۔ میں نے کہا: میں تو پڑھا ہوا نہیں۔ پھر اس نے مجھے پکڑا اور دوبارہ اس زور سے بھینچا کہ میری طاقت صرف ہوگئی۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: پڑھو۔ میں نے کہا: میں تو پڑھا ہوا نہیں۔ پھر اس نے مجھے پکڑا اور تیسری بار اُس نے اِس زور سے مجھے بھینچا کہ میری ساری طاقت صرف ہو گئی۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: اپنے ربّ کا نام لے کر پڑھ ، جس نے (سب اشیاء کو) پیدا کیا۔ … اور وہ اِس آیت تک پہنچا: اُس نے انسان کو (وہ کچھ) سکھایا ہے جو وہ پہلے نہیں جانتا تھا۔ آپ اس (وحیٔ الٰہی) کے ساتھ واپس آئے۔ آپؐ کے کندھے اور گردن کے درمیان پٹھے پھڑپھڑا رہے تھے۔ آپ حضرت خدیجہؓ کے پاس آئے اور فرمایا: مجھے کپڑا اوڑھادو، مجھے کپڑا اوڑھادو۔ چنانچہ اُنہوں نے آپؐ کو کپڑا اوڑھا دیا۔ یہاں تک کہ گھبراہٹ آپؐ سے جاتی رہی۔ آپؐ نے فرمایا: خدیجہؓ مجھے کیا ہوگیا اور آپؐ نے اُن سے سارا واقعہ بیان کیا اور فرمانے لگے: مجھے تو اپنی جان کا اندیشہ ہوگیا ہے۔ حضرت خدیجہؓ نے آپؐ سے کہا: ہرگز نہیں، آپؐ کو خوشخبری ہو۔ اللہ کی قسم! اللہ آپؐ کو کبھی رسوا نہیں کرے گا، آپؐ تو صلہ رحمی کرتے ہیں اور سچی بات کہتے ہیں اور عاجز کا بوجھ اُٹھاتے ہیں اور مہمان کو نوازتے ہیں اور حق کی مشکلات میں مدد دیتے ہیں۔ پھر حضرت خدیجہؓ آپؐ کو اپنے ساتھ لے کر ورقہ بن نوفل بن اسد بن عبد العزی بن قصی کے پاس آئیں اور وہ حضرت خدیجہؓ کے اُس چچا کے بیٹے تھے جو اُن کے باپ کے (حقیقی) بھائی تھے اور یہ ایسے شخص تھے جو زمانہ جاہلیت میں عیسائی ہوگئے تھے اور عربی تحریر لکھنا جانتے تھے اور انجیل سے جو اللہ چاہتا کہ وہ لکھیں، عربی زبان میں لکھا کرتے تھے۔ وہ بوڑھے تھے اور نابینا ہوگئے تھے۔ حضرت خدیجہؓ نے اُن سے کہا: چچا کے بیٹے اپنے بھتیجے سے سنو۔ ورقہ نے کہا: میرے بھتیجے آپ کیا دیکھتے ہیں؟ نبی ﷺ نے جو دیکھا تھا اُن کو بتایا۔ ورقہ نے کہا: یہ تو وہی فرشتہ ہے جو حضرت موسیٰؑ پر نازل کیا گیا۔ اے کاش میں اس زمانہ میں جوان ہوتا، (اے کاش) میں اس وقت تک زندہ رہوں کہ جب آپ کی قوم آپ کو نکالے گی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا مجھے وہ نکالیں گے؟ ورقہ نے کہا: ہاں۔ جب کبھی بھی کوئی شخص وہ وحی لایا ہے جو آپ لے کر آئے ہیں تو ضرور ہی اس سے دشمنی کی گئی اور اگر آپ کے زمانے نے مجھے زندہ پایا تو میں کمر باندھ کر آپ کی مدد کروں گا۔ پھر اس کے بعد ورقہ جلدی ہی فوت ہوگئے اور وحی کچھ دیر تک بند ہوگئی یہاں تک کہ نبی ﷺ جیسا کہ ہمیں خبر پہنچی اتنے غمگین ہوگئے کہ کئی بار آپؐ اس غم کے مارے صبح کو نکلے کہ تا اونچے پہاڑوں کی چوٹیوں سے اپنے تئیں گرا کر ہلاک کر دیں مگر جب کبھی کسی پہاڑ کی چوٹی پر اس غرض سے چڑھتے کہ اپنے آپ کو اس سے گرا دیں تو جبریل آپؐ کے سامنے ظاہر ہوتے اور کہتے: محمد! آپ سچ مچ اللہ کے رسول ہیں۔ اس سے آپؐ کے دل کو سکون حاصل ہوتا اور آپؐ کا نفس قرار پاتا اور آپ واپس لوٹ آتے۔ پھر جب وحی دیر تک موقوف رہتی تو اس ارادے سے صبح کو نکلتے۔ جب پہاڑ کی چوٹی پر چڑھتے تو جبریل آپؐ کے سامنے ظاہر ہوتے اور آپؐ سے ویسے ہی کہتے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: (سورة الانعام میں) جو فرمایا ہے فَالِقُ الْاِصْبَاحِ تو اس سے دن کو سورج کی روشنی اور رات کو چاند کی روشنی مراد ہے۔
صحیح بخاری 6983
عبد اللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے مالک سے، مالک نے اسحاق بن عبد اللہ بن ابی طلحہ سے، اُنہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: نیک شخص کا اچھا خواب نبوت کے چھیالیس حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔
صحیح بخاری 6984
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زہیر (بن معاویہ) نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ نے کہا: میں نے ابوسلمہ سے سنا وہ کہتے تھے میں نے حضرت ابو قتادہؓ سے سنا۔ اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: سچی رؤیا اللہ کی طرف سے ہوتی ہے اور پریشان خواب شیطان کی طرف سے ہوتا ہے۔
صحیح بخاری 6985
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ ابن الہاد نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے عبداللہ بن خباب سے، عبداللہ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی کہ اُنہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے ہیں : اگر تم میں سے کوئی ایسا خواب دیکھے جسے وہ پسند کرتا ہو تو وہ اللہ ہی کی طرف سے ہوتی ہے اور چاہیئے کہ وہ اس کی وجہ سے اللہ کا شکر ادا کرے اور اس خواب کو بیان کرے اور اگر اس کے سوا کوئی ایسی خواب دیکھے جس کو ناپسند کرتا ہو تو وہ شیطان کی طرف سے ہوتی ہے۔ چاہیئے کہ اس کے شر سے پناہ مانگے اور کسی سے اس کا ذکر نہ کرے تو وہ خواب اُس کو نقصان نہیں پہنچائے گی۔
صحیح بخاری 6986
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن یحيٰ بن ابی کثیر نے ہمیں بتایا اور مسدد نے اُن کی اچھی تعریف کی۔ (کہا کہ) میں اُن سے یمامہ میں ملا تھا۔ وہ اپنے باپ سے روایت کرتے تھے۔ (اُنہوں نے کہا) ابوسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے حضرت ابوقتادہؓ سے، اُنہوں نے نبیﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا خواب اللہ کی طرف سے ہوتا ہے اور پریشان خواب شیطان کی طرف سے۔ اگر کوئی پریشان خواب دیکھے تو چاہیئے کہ اس سے پناہ مانگے اور اپنی بائیں طرف تھوک دے تو وہ خواب اُس کو نقصان نہیں پہنچائے گا اور نیز اُنہوں نے اپنے باپ سے یہ سند بھی روایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم سے عبداللہ بن ابی قتادہ نے بیان کیا۔ اُنہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے نبیﷺ سے ایسی حدیث روایت کی۔
صحیح بخاری 6987
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت عبادہ بن صامتؓ سے، اُنہوں نے نبیﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مؤمن کا خواب نبوت کے چھالیس حصوں میں سے ایک حصہ ہوتا ہے۔
صحیح بخاری 6988
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے، زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مؤمن کا خواب نبوت کے چھیالیس حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔ اس حدیث کو ثابت اور حمید اور اسحاق بن عبداللہ (بن ابی طلحہ) اور شعیب (بن حجاب) نے بھی روایت کیا۔ اُنہوں نے حضرت انس ؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے۔
صحیح بخاری 6989
ابراہیم بن حمزہ نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن ابی حازم اور دراوردی نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے یزید بن عبد اللہ بن خباب سے، اُنہوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی کہ اُنہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے ہیں: اچھا خواب نبوت کے چھیالیس حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔
صحیح بخاری 6990
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی کہ سعید بن مسیب نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: نبوت سے اب بشارت دینے والی ہی باتیں رہ گئی ہیں۔ لوگوں نے کہا: ان بشارت دینے والی باتوں سے کیا مراد ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اچھی خواب۔
صحیح بخاری 6991
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ کچھ لوگوں کو خواب میں دکھایا گیا کہ لیلۃ القدر آخری سات راتوں میں ہے اور کچھ لوگوں کو خواب میں یہ دکھایا گیا کہ وہ آخری دس راتوں میں ہے تو نبی ﷺ نے فرمایا: تم اس کو آخری سات راتوں میں تلاش کیا کرو۔
صحیح بخاری 6992
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ (بن اسماء) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے مالک سے، مالک نے زہری سے روایت کی کہ سعید بن مسیب اور ابوعبید نے اُنہیں بتایا۔ اُن دونوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر میں قید خانے میں اتنی دیر رہتا جتنی دیر یوسفؑ رہے۔ پھر بلانے والا آتا تو میں اس کی بات مان لیتا۔
صحیح بخاری 6993
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یونس سے، یونس نے زہری سے روایت کی کہ ابوسلمہ نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا میں نے نبیؐ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جس نے خواب میں مجھے دیکھا تو عنقریب بیداری میں بھی مجھے دیکھ لے گا اور شیطان میری صورت پر متمثل نہیں ہوتا۔ ابوعبداللہ (امام بخاری) نے کہا: ابن سیرین کہتے تھے۔ اس سے یہ مراد ہے اگر وہ خواب میں آپؐ کو آپؐ کی شکل میں دیکھے۔
صحیح بخاری 6994
معلیٰ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مختار نے ہمیں بتایا۔ ثابت بُنانی نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے خواب میں مجھے دیکھا تو اس نے مجھے ہی دیکھا کیونکہ شیطان میری شکل نہیں اختیار کر سکتا اور مؤمن کا خواب نبوت کے چھیالیس حصوں میں سے ایک حصہ ہے.
صحیح بخاری 6995
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ بن ابی جعفر سے روایت کی کہ ابوسلمہ نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے حضرت ابوقتادہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: اچھا خواب اللہ کی طرف سے ہوتا ہے اور پریشان خواب شیطان کی طرف سے ہوتا ہے۔ اس لئے جو شخص کوئی ایسی بات دیکھے جس کو وہ ناپسند کرتا ہو تو اپنی بائیں طرف تین بار تھوکے اور شیطان سے پناہ مانگے تو وہ خواب اس کو ضرر نہیں دے گی اور شیطان میرے جیسی شکل اختیار نہیں کر سکتا۔
صحیح بخاری 6996
خالد بن خلی نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن حرب نے ہمیں بتایا۔ زبیدی نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی کہ ابو سلمہ نے کہا کہ حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے مجھے خواب میں دیکھا تو اس نے مجھے ہی سچ مچ دیکھا۔ (زبیدی کی طرح) اس حدیث کو یونس اور زہری کے بھتیجے نے بھی بیان کیا۔
صحیح بخاری 6997
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ ابن الہاد نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے عبداللہ بن خباب سے، اُنہوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: جس نے مجھے خواب میں دیکھا اس نے سچ مچ مجھے ہی دیکھا کیونکہ شیطان میری صورت پر نہیں ہوسکتا۔
صحیح بخاری 6998
احمد بن مقدام عِجلی نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن عبدالرحمٰن طفاوی نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، محمد نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: مجھے کلمات کی چابیاں دی گئی ہیں اور رعب سے میری مدد کی گئی ہے اور گزشتہ رات میں سویا ہوا تھا کہ اتنے میں زمین کے خزانوں کی چابیاں میرے پاس لا کر میرے ہاتھ میں رکھ دی گئیں۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ تو چلے گئے اور اب تم اِن خزانوں کو اٹھا اٹھا کر لا رہے ہو۔
صحیح بخاری 6999
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آج رات میں نے اپنے آپؐ کو کعبہ کے پاس خواب میں دیکھا۔ اتنے میں مَیں نے ایک گندم گوں شخص دیکھا جو نہایت خوبصورت تھا ایسا خوبصورت کہ جو تم گندمی رنگ کے مردوں میں دیکھا کرتے ہو۔ اس کے پٹے تھے ایسے خوبصورت کہ جو تم خوبصورت سے خوبصورت پٹے دیکھا کرتے ہو۔ اس نے ان کو کنگھی کی ہوئی تھی ان سے پانی ٹپک رہا تھا دو مردوں پر سہارا لئے ہوئے تھا یا فرمایا دو مردوں کے کندھوں پر سہارا لئے ہوئے تھا۔ بیت اللہ کا طواف کر رہا تھا۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ مجھ سے کہا گیا: مسیح ابن مریم۔ پھر اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک اور شخص ہے گنگھریالے بالوں والا بہت ہی گنگھریالے، داہنی آنکھ سے کانا ایسی معلوم ہوتی تھی جیسے کہ وہ پھولا ہوا انگور ہے۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ تو کہا گیا یہ مسیح دجال ہے۔
صحیح بخاری 7000
یحيٰ (بن عبد اللہ بن بکیر) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، اُنہوں نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے تھے کہ ایک شخص رسول اللہ کے پاس آیا اور کہنے لگا: مجھے آج رات خواب میں دکھایا گیا ہے۔ اور (ابن شہاب نے) ساری حدیث بیان کی۔ اور (یونس کی طرح) سلیمان بن کثیر اور زہری کے بھتیجے اور سفیان بن حسین نے بھی زہری سے روایت کرتے ہوئے اس کو بیان کیا۔ اُنہوں نے عبیداللہ (بن عبداللہ) سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور زبیدی نے زہری سے روایت کرتے ہوئے کہا۔ زہری نے عبیداللہ سے یوں نقل کیا کہ حضرت ابن عباسؓ یا حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور شعیب اور اسحاق بن یحيٰ نے زہری سے یوں نقل کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے اور معمر (بن راشد) اس حدیث کو پہلے متصلاً نہیں بیان کرتے تھے۔ پھر بعد میں کرنے لگے۔
صحیح بخاری 7001
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے روایت کی کہ اُنہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ اُم حرام بنت ملحانؓ کے پاس جایا کرتے تھے اور وہ حضرت عبادہ بن صامتؓ کے نکاح میں تھیں۔ ایک دن آپؐ ان کے ہاں گئے اور اُنہوں نے آپؐ کو کھانا کھلایا اور آپؐ کے سر کے بال دیکھنے لگیں۔ اتنے میں رسول اللہ ﷺ سو گئے۔ پھر جاگے تو آپؐ ہنس رہے تھے۔