کتاب 91: كتاب التعبير
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 7022
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے روایت کی کہ اُنہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں سویا ہوا تھا کہ میں نے دیکھا کہ میں ایک حوض پر کھڑا لوگوں کو پانی پلا رہا ہوں۔ اتنے میں ابوبکرؓ میرے پاس آئے اور میرے ہاتھ سے ڈول لے لیا تا کہ وہ مجھے آرام دیں۔ اُنہوں نے دو ڈول کھینچ کر نکالے اور اُن کے کھینچنے میں کچھ کمزوری تھی۔ اللہ اُن کی کمزوری کی پردہ پوشی فرماتے ہوئے ان سے درگزر کرے۔ پھر ابن خطابؓ آئے اور اُنہوں نے اُن سے لے لیا وہ برابر پانی کھینچتے رہے یہاں تک کہ سب لوگ چلے گئے اور وہ حوض پانی سے پھوٹ رہا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7023
سعید بن عفیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے مجھے بتایا۔ عقیل نے مجھ سے بیان کیا۔ عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا سعید بن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے۔ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس بیٹھے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: میں سویا ہوا تھا کہ اتنے میں مَیں نے اپنے تئیں جنت میں دیکھا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ایک عورت ہے جو محل کے ایک کنارے ہوکر وضو کر رہی ہے۔ میں نے پوچھا: یہ محل کس کا ہے؟ اُن لوگوں نے کہا: یہ عمر بن خطابؓ کا ہے۔ مجھے اُن کی غیرت یاد آئی اور پیٹھ پھیر کر واپس چلا آیا۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے۔ یہ سن کر حضرت عمر بن خطابؓ روئے اور کہنے لگے۔ یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپؐ پر قربان، کیا میں آپؐ پر بھی غیرت کھاؤں گا؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7024
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ بن عمر نے ہم سے بیان کیا۔ عبیداللہ نے محمد بن منکدر سے، ابن منکدر نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں جنت میں داخل ہوا تو میں کیا دیکھتا ہوں ایک سونے کا محل ہے۔ میں نے پوچھا: یہ کس کا ہے؟ لوگوں نے کہا: قریش کے ایک شخص کا۔ ابن خطابؓ اس محل میں جانے سے مجھے ضرور اسی بات نے روکا کہ میں تمہاری غیرت کو جانتا تھا۔ حضرت عمرؓ نے کہا کیا میں آپؐ پر بھی غیرت کھاؤں گا یا رسول اللہ؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7025
یحيٰ بن بکیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ سعید بن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اتنے میں آپؐ نے فرمایا کہ میں سویا ہوا تھا کہ میں نے اپنے آپؐ کو جنت میں دیکھا۔ تو یکایک کیا دیکھتا ہوں کہ ایک عورت ہے جو محل کے ایک طرف ہو کر وضو کر رہی ہے۔ میں نے کہا: یہ محل کس کا ہے؟ انہوں نے کہا: عمرؓ کا۔ مجھے ان کی غیرت یاد آئی اور میں پیٹھ پھیر کر وہاں سے چلا آیا۔ یہ سن کر حضرت عمرؓ رو پڑے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپؐ پر قربان، کیا آپؐ پر بھی میں غیرت کھاؤں گا؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7026
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی کہ مجھے سالم بن عبداللہ بن عمر نے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں سویا ہوا تھا کہ میں نے اپنے آپ کو دیکھا کہ کعبہ کا طواف کر رہا ہوں۔ اتنے میں یکایک کیا دیکھتا ہوں کہ ایک گندم گوں شخص جس کے بال سیدھے ہیں دو مردوں کے درمیان چلا جا رہا ہے۔ اس کا سر پانی سے ٹپک رہا ہے۔ میں نے کہا: یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا: ابن مریم۔ پھر میں مڑ کر جو دیکھنے لگا تو اچانک کیا دیکھتا ہوں کہ ایک شخص ہے جو سرخ رنگ بھاری بھرکم، سر کے بال گھنگریالے، داہنی آنکھ سے کانا جیسے کہ اس کی آنکھ ایک پھولا ہوا انگور ہوتا ہے۔ میں نے کہا: یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: یہ دجال ہے۔ لوگوں میں سے جو اس سے بہت ملتا جلتا ہے ابن قطن ہے اور ابن قطن بنو مصطلق میں سے ایک شخص تھا جو خزاعہ کا ایک قبیلہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7027
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حمزہ بن عبداللہ بن عمر نے مجھے بتایا کہ حضرت عبد اللہ بن عمرؓ نے کہا: میں نے رسول اللہﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میں سویا ہوا تھا اتنے میں میرے پاس ایک دودھ کا پیالہ لایا گیا۔ میں نے اس سے اتنا پیا کہ اب بھی اس کی طراوت کو (جسم میں) سرایت کرتے ہوئے محسوس کرتا ہوں۔ پھر میں نے اپنا بچا ہوا عمرؓ کو دے دیا۔ لوگوں نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپؐ نے اس کی کیا تعبیر کی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: علم۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7028
عبید اللہ بن سعید نے مجھ سے بیان کیا کہ عفان بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ صخر بن جویریہ نے ہم سے بیان کیا۔ نافع نے ہمیں بتایا کہ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے صحابہ میں کئی شخص رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں خواب دیکھتے تھے تو رسول اللہ ﷺ سے ان کو بیان کرتے۔ تو رسول اللہ ﷺ اس خواب کے متعلق جو اللہ چاہتا فرماتے اور میں ان دنوں کم سن لڑکا تھا اور مسجد ہی میرا گھر تھا۔ یہ واقعہ میرے نکاح کرنے سے پہلے کا ہے۔ میں نے اپنے دل میں کہا۔ اگر تم میں کوئی بھلائی ہوتی تو تم بھی ضرور ویسی ہی خواب دیکھتے جیسے لوگ دیکھتے ہیں۔ ایک رات میں لیٹا تو میں نے کہا: اے اللہ! تو مجھ میں کوئی بھلائی دیکھتا ہے تو مجھے بھی خواب دکھا۔ میں اسی خیال میں تھا کہ اتنے میں دو فرشتے میرے پاس آئے اور ان میں سے ہر ایک کے ہاتھ میں لوہے کا ایک گرز ہے۔ مجھے جہنم کی طرف لے جا رہے ہیں اور میں دونوں کے درمیان ہوں اور اللہ سے دعا کر رہا ہوں کہ اے اللہ ! جہنم سے تیری پناہ لیتا ہوں۔ پھر اپنے آپ کو دیکھتا ہوں کہ ایک فرشتہ ہے جس کے ہاتھ میں لوہے کا گرز ہے۔ وہ کہنے لگا: بالکل گھبراؤ نہیں۔ تم تو اچھے آدمی ہو اگر تم نماز بہت پڑھا کرو۔ آخر وہ تینوں فرشتے مجھے لے گئے اور جا کر مجھے جہنم کے کنارے پر کھڑا کر دیا۔ تو میں کیا دیکھتا ہوں کہ کنوئیں کی طرح اس کی بھی کوٹھی بنی ہوئی ہے۔ اس کے بھی ایسے ہی مٹکے ہیں جیسے کنوئیں کے مٹکے۔ ہر دو مٹکوں کے درمیان ایک فرشتہ کھڑا ہے جس کے ہاتھ میں لوہے کا گرز ہے اور میں اس جہنم میں کئی مرد دیکھتا ہوں جو زنجیروں سے لٹکائے ہوئے ہیں۔ ان کے سر نیچے کو ہیں۔ میں نے اس میں قریش کے کچھ لوگ پہچانے۔ پھر وہ مجھے لے کر دائیں طرف کو مڑے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7029
میں نے یہ خواب حضرت حفصہؓ سے بیان کیا اور حضرت حفصہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے اس کو بیان کیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عبداللہؓ نیک آدمی ہے۔ نافع کہتے تھے: اس کے بعد حضرت ابن عمرؓ نماز بہت پڑھا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7030
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے زہری سے، زہری نے سالم سے، سالم نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ کے زمانے میں میں جوان لڑکا تھا جس کی ابھی شادی نہیں ہوئی تھی اور میں مسجد میں ہی رات گزارا کرتا تھا اور جو شخص خواب دیکھتا وہ نبی ﷺ سے بیان کرتا۔ میں نے دعا کی: اے اللہ! اگر تیرے حضور میرے لیے بھی کوئی بھلائی ہے تو مجھے خواب دکھا کہ جس کی تعبیر رسول اللہ مجھے بتائیں۔ سو یہ دعا مانگ کر میں سو گیا۔ میں نے دو فرشتوں کو دیکھا کہ وہ میرے پاس آئے اور مجھے لے چلے۔ ایک اور فرشتہ اُن سے ملا وہ مجھ سے کہنے لگا: بالکل نہ گھبراؤ تم اچھے آدمی ہو۔ وہ مجھے دوزخ کی طرف لے گئے۔ میں کیا دیکھتا ہوں کہ کنوئیں کی کوٹھی کی طرف وہ بھی اندر سے بنی ہوئی ہے اور اس میں کچھ لوگ ہیں جن میں سے بعض کو تو میں نے پہچان لیا۔ پھر وہ مجھے دائیں طرف کو لے گئے۔ جب میں صبح کو اُٹھا تو میں نے حضرت حفصہؓ سے یہ خواب ذکر کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7031
تو حضرت حفصہؓ کہتی تھیں کہ اُنہوں نے اس خواب کو نبی ﷺ سے بیان کیا تو آپؐ نے فرمایا: عبداللہؓ اچھا آدمی ہے اگر رات کو بہت نماز پڑھتا۔ زہری نے کہا: حضرت عبداللہؓ اس کے بعد رات کو بہت نماز پڑھا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7032
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، اُنہوں نے حمزہ بن عبداللہ سے، حمزہ نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ نے فرمایا: میں سویا ہوا تھا کہ دودھ کا ایک پیالہ میرے پاس لایا گیا۔ میں نے اس سے پیا۔ پھر بچا ہوا دودھ میں نے عمر بن خطابؓ کو دے دیا۔ لوگوں نے پوچھا: یا رسول اللہ ! پھر آپؐ نے اس کی کیا تعبیر کی؟ آپؐ نے فرمایا: علم۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7033
سعید بن محمد ابو عبد اللہ جرمی نے مجھ سے بیان کیا۔ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اُن کے باپ نے صالح سے۔ صالح نے ابن عبیدہ بن نشیط سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: عبید اللہ بن عبداللہ کہتے تھے۔ میں نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے رسول اللہ ﷺ کے اس خواب کے متعلق پوچھا جو آپؐ نے بیان کی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7034
حضرت ابن عباسؓ نے کہا مجھ سے ذکر کیا گیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں سویا ہوا تھا کہ میں نے دیکھا کہ میرے ہاتھ میں سونے کے دو کنگن ڈالے گئے ہیں۔ میں ان کو دیکھ کر یکایک گھبرا گیا اور اُن سے نفرت کی۔ پھر مجھے حکم دیا گیا تو میں نے اُن پر پھونکا تو وہ دونوں اُڑ گئے۔ میں نے ان کنگنوں سے دو جھوٹے مراد لئے جو پیدا ہوں گے۔ عبیداللہ نے کہا۔ اُن میں سے ایک تو وہ عنسی ہے جس کو فیروز نے یمن میں قتل کیا اور دوسرا مسیلمہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7035
محمد بن علاء نے مجھ سے بیان کیا کہ اُبواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے برید سے، برید نے اپنے دادا ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے روایت کی۔ میں سمجھتا ہوں کہ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپ ؐ نے فرمایا: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں مکہ سے ایک ایسی زمین کی طرف ہجرت کرکے جارہا ہوں کہ جہاں کھجور کے درخت ہیں تو میرا خیال اس طرف گیا وہ یمامہ یا ھجر ہے۔ پھر کیا دیکھا کہ وہ مدینہ یثرب ہے اور میں نے اس میں کچھ گائیں دیکھیں (اور کوئی یہ کہہ رہا ہے) کہ اللہ کی قسم! یہ خیر ہے۔ (محض بھلائی ہے۔) تو کیا معلوم ہوا کہ اس سے مراد وہ مؤمن ہیں جو جنگ احد میں (شہید) ہوئے اور وہ خیر وہی خیر ہے جو اللہ لایا اور وہ سچائی کا بدلہ ہے جو اللہ نے جنگ بدر کے بعد ہمیں عطا کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7036
اسحاق بن ابراہیم حنظلی نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمام بن منبہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: یہ وہ حدیث ہے جو حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہوئے ہم سے بیان کی۔ آپؐ نے فرمایا: ہم سب سے پیچھے آنے والے ہیں سب سے آگے نکلنے والے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7037
اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں سویا ہوا تھا کہ اتنے میں زمین کے خزانے میرے پاس لائے گئے اور دو سونے کے کنگن میرے ہاتھ میں ڈالے گئے اور مجھ پر گراں گزرے اور اُنہوں نے مجھے فکر میں ڈال دیا اتنے میں مجھے وحی کی گئی کہ میں اِن پر پھونکوں۔ چنانچہ میں نے اُن پر پھونکا تو وہ اُڑ گئے۔ میں نے ان سے دو کذاب مراد لئے جن کے درمیان میں ہوں گا یعنی صنعاء والا اور یمامہ والا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7038
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی عبدالحمید نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے سلیمان بن بلال سے، سلیمان نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے اپنے باپ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: میں نے دیکھا جیسے ایک سیاہ عورت پریشان سر ہے مدینہ سے نکل کر مَهْيَعَه میں جا کھڑی ہوئی ہے اور یہ جُحفہ ہی ہے۔ تو میں نے یہ تعبیر کی کہ مدینہ کی وبا جُحفہ میں منتقل کی گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7039
ابو بکر مقدمی نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ (بن عقبہ) نے ہمیں بتایا۔ سالم بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ سالم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے نبی ﷺ کے اس خواب کے متعلق روایت کی جو آپؐ نے مدینہ کے متعلق دیکھی تھی۔ (آپؐ نے فرمایا:) میں نے ایک عورت دیکھی جو پریشان سر ہے، مدینہ سے نکل کر مَهْيَعَه میں جا ٹھہری ہے۔ میں نے اس کی یہ تعبیر کی کہ مدینہ کی وبا مَهْيَعَه کی طرف منتقل کی گئی اور یہ جُحفہ ہی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7040
ابراہیم بن منذر نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوبکر بن ابی اویس نے مجھے بتایا۔ سلیمان (بن بلال) نے مجھے بتایا۔ سلیمان نے موسیٰ بن عقبہ سے، اُنہوں نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: میں نے ایک کالی عورت دیکھی جو پراگندہ سر ہے، مدینہ سے مَهْيَعَه میں جا کھڑی ہوئی ہے۔ میں نے یہ تعبیر کی کہ مدینہ کی وبا مَهْيَعَه کی طرف منتقل کی گئی اور وہ جُحفہ ہی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7041
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ اُبواسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے برید بن عبداللہ بن ابی بردہ سے، برید نے اپنے دادا ابوبردہ سے، اُن کے دادا نے حضرت ابوموسیٰؓ سے روایت کی۔ میں سمجھتا ہوں کہ اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نے تلوار کو ہلایا ہے اور اس کا اگلا حصہ ٹوٹ گیا ہے۔ تو اس سے وہی مراد تھی جو مؤمن جنگ اُحد کے دن شہید ہوئے۔ پھر میں نے اس کو دوبارہ ہلایا تو پھر ویسی ہی عمدہ ہو گئی جیسی پہلے تھی تو اس سے وہی فتح مراد ہے جو اللہ نے کرائی اور نیز مؤمنوں کا اکٹھا ہو جانا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah