کتاب 16: باب مَا ذَكَرَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَحَضَّ عَلَى اتِّفَاقِ أَهْلِ الْعِلْمِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7322
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے، محمد نے حضرت جابر بن عبداللہ سلمیؓ سے روایت کی کہ ایک بدوی نے رسول اللہ ﷺ کی اسلام پر (قائم رہنے کی) بیعت کی۔ اس بدوی کو مدینہ میں (ہی) بخار ہوگیا تو وہ بدوی رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! میری بیعت فسخ کردیں، رسول اللہ ﷺ نے انکار کیا۔ پھر وہ آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میری بیعت فسخ کردیں، آپؐ نے انکار کیا۔ پھر وہ آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میری بیعت فسخ کردیں، آپؐ نے انکار کیا۔ اس پر وہ بدوی نکل کر چل دیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ تو ایک بھٹی کی طرح ہے۔ اپنی مَیل کو نکال باہر پھینکتا ہے اور اس کی پاکیزہ چیز خالص ہوجاتی ہے۔
صحیح بخاری 7323
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے زُہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے مجھ سے بیان کیا، انہوں نے کہا: میں حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ کو قرآن پڑھایا کرتا تھا۔ جب وہ آخری حج ہوا جو حضرت عمرؓ نے کیا تو حضرت عبدالرحمٰنؓ نے منیٰ میں کہا: اگر تم امیر المؤمنین کے پاس ہوتے۔ ایک شخص ان کے پاس آیا۔ کہنے لگا کہ فلاں شخص کہتا ہے: اگر امیر المؤمنین کا وصال ہو جائے تو ہم فلاں شخص سے بیعت کریں گے۔ حضرت عمرؓ نے (سن کر) فرمایا: آج شام کو میں لوگوں میں کھڑا ہوں گا اور اُن لوگوں کے متعلق خبردار کروں گا جو چاہتے ہیں کہ مسلمانوں سے اُن کا حق چھین لیں۔ میں نے کہا: آپؓ ایسا نہ کریں کیونکہ حج (اچھے بُرے) ہر قسم کے لوگوں کو اکٹھا کرتا ہے۔ آپؓ کی مجلس میں ایسے لوگ زیادہ ہوں گے اور میں ڈرتا ہوں کہ کہیں آپؓ کی گفتگو کو اَور معنوں میں نہ لے جائیں اور پھر ہر اُڑانے والا اس کو اُڑاتا نہ پھرے۔ آپؓ اس وقت تک ٹھہر جائیں کہ مدینہ جو کہ دار ہجرت اور سنت نبوی کا مقام ہے، وہاں نہ پہنچ جائیں۔ وہاں آپؓ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ مہاجرین اور انصار کے ساتھ الگ تھلگ ہوں گے وہ آپؓ کی بات کو محفوظ رکھیں گے اور اس کا مطلب بھی ٹھیک بیان کریں گے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں پہلے ہی موقع میں جو مجھے مدینہ میں ملے گا ضرور اس بات کو بیان کروں گا۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: ہم مدینہ آئے تو حضرت عمرؓ نے بیان کیا: اللہ نے محمد ﷺ کو سچائی کے ساتھ بھیجا اور آپؐ پر کتاب نازل کی۔ منجملہ اُن احکام کے جو آپؐ پر نازل کئے گئے رجم کا بھی حکم تھا۔
صحیح بخاری 7324
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت ابوہریرہؓ کے پاس تھے اور انہوں نے کتان کے دو گیرو رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے کپڑے سے ناک صاف کیا اور کہنے لگے: واہ واہ ابوہریرہ، وہ کتان کے کپڑے میں ناک صاف کرتا ہے۔ میں نے اپنے تئیں ایسا زمانہ بھی دیکھا ہے کہ جب میں رسول اللہ ﷺ کے منبر سے حضرت عائشہؓ کے حجرے تک چلتے ہوئے بے ہوش ہو کر گر پڑتا تھا تو کوئی آنے والا آتا اور وہ اپنا پاؤں میری گردن پر رکھ دیتا اور وہ سمجھتا کہ میں مجنون ہوں حالانکہ مجھے جنون نہ ہوتا۔ یہ (بے ہوشی) تو صرف بھوک کی وجہ سے ہوتی۔
صحیح بخاری 7325
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن عابس سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا گیا: کیا آپ نبی ﷺ کے ساتھ عید میں موجود تھے؟ تو انہوں نے کہا: ہاں۔ اگر میرا تعلق آپؐ سے نہ ہوتا تو میں بوجہ چھوٹا ہونے کے (عید میں) آپؐ کے ساتھ شریک نہ ہوتا۔ آپؐ اس نشان کے پاس آئے جو کثیر بن صلت کی حویلی کے پاس ہے اور وہاں آکر آپؐ نے نماز پڑھی۔ پھر آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے۔ حضرت ابن عباسؓ نے اذان کا ذکر نہیں کیا اور نہ اقامت کا۔ پھر آپؐ نے صدقہ کا حکم دیا۔ اس پر عورتیں اپنے کانوں اور بالیوں کی طرف ہاتھ بڑھانے لگیں۔ آپؐ نے بلالؓ کو حکم دیا اور وہ عورتوں کے پاس آئے اور پھر وہ نبی ﷺ کے پاس لوٹ آئے۔
صحیح بخاری 7326
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ مسجد قبا میں چل کر بھی آتے اور سوار ہو کر بھی۔
صحیح بخاری 7327
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے عبداللہ بن زبیرؓ سے کہا: مجھے میری ہم نشینوں کے ساتھ دفن کرنا اور نبیﷺ کے ساتھ گھر میں مجھے دفن نہ کرنا کیونکہ میں ناپسند کرتی ہوں کہ مجھے اس وجہ سے پاک ٹھہرایا جائے۔
صحیح بخاری 7328
اور ہشام سے مروی ہے۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حضرت عمرؓ نے حضرت عائشہؓ کو کہلا بھیجا: مجھے اجازت دیں کہ مجھے میرے دونوں ساتھیوں کے ساتھ دفن کیا جائے تو حضرت عائشہؓ نے کہا: ہاں اللہ کی قسم! (میں اجازت دیتی ہوں) عروہ کہتے تھے: اور صحابہ میں سے کوئی اور شخص جب حضرت عائشہؓ کو کہلا بھیجتا تو وہ کہتیں: نہیں۔ اللہ کی قسم! میں کبھی بھی کسی کو ان کی ہمسائیگی میں اپنے سے مقدم نہیں کروں گی۔
صحیح بخاری 7329
ایوب بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر بن ابی اویس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان بن بلال سے، سلیمان نے صالح بن کیسان سے روایت کی۔ ابن شہاب نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے مجھے خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ عصر کی نماز پڑھتے اور اُن مضافات میں جایا کرتے تھے جو مدینہ کی بلندی پر واقع ہیں اور ابھی سورج بلند ہی ہوتا۔ اور لیث نے یونس سے روایت کرتے ہوئے اتنا بڑھایا اور یہ بلندی پر واقع گاؤں چار یا تین میل دور ہیں۔
صحیح بخاری 7330
عمرو بن زرارہ نے ہم سے بیان کیا کہ قاسم بن مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جُعَید سے روایت کی کہ میں نے حضرت سائب بن یزیدؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کے زمانے میں صاع اس مد کا جو تمہارا آج ہے ایک مد اور تہائی مد تھا اور اس صاع کو بڑھایا گیا ہے۔ قاسم بن مالک نے جعید سے سنا۔
صحیح بخاری 7331
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے اللہ! ان کے لئے ان کے ماپ میں برکت دے اور ان کے لئے ان کے صاع اور مُد میں برکت دے یعنی مدینہ والوں کے۔
صحیح بخاری 7332
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ ابوضمرہ نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا۔ موسیٰ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ یہود ایک مرد اور عورت کو جنہوں نے زنا کیا تھا نبی ﷺ کے پاس لے کر آئے تو آپؐ نے ان کے متعلق حکم دیا اور وہ مسجد کے پاس اُس جگہ کے قریب سنگسار کئے گئے جہاں جنازے رکھے جاتے ہیں۔
صحیح بخاری 7333
تَابَعَهُ سَهْلٌ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فِي أُحُدٍ.
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عمرو سے جو مطلب کے غلام تھے، عمرو نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کو اُحد دکھلائی دیا تو آپؐ نے فرمایا: یہ وہ پہاڑ ہے جو ہم سے محبت رکھتا ہے اور ہم اس سے محبت رکھتے ہیں۔ اے اللہ! ابراہیمؑ نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا اور میں مدینہ کے دو پتھریلے کناروں کے درمیان جو جگہ ہے اُس کو حرم قرار دیتا ہوں۔
(حضرت انس بن مالکؓ کی طرح) حضرت سہلؓ نے بھی اُحد کے متعلق نبی ﷺ سے یہی روایت کیا۔
صحیح بخاری 7334
ابن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ ابو غسان نے ہمیں بتایا۔ ابو حازم نے مجھ سے بیان کیا۔ ابو حازم نے حضرت سہلؓ سے روایت کی کہ مسجد کی اُس دیوار کے درمیان جو قبلے کی دیوار سے ملی ہوئی ہے اور منبر کے درمیان اتنا فاصلہ تھا کہ جس میں سے بکری گزر جائے۔
صحیح بخاری 7335
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن مہدی نے ہمیں بتایا۔ مالک نے ہم سے بیان کیا۔ مالک نے خبیب بن عبدالرحمٰن سے، خبیب نے حفص بن عاصم سے، حفص نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے گھر اور منبر کے درمیان جنت کے باغات میں سے ایک باغ ہے اور میرا منبر میرے حوض پر ہے۔
صحیح بخاری 7336
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے گھڑ دوڑ کرائی۔ وہ گھوڑے جو کہ گھڑ دوڑ کے لئے تیار کئے گئے تھے اُن کو چھوڑا گیا اور ان کی دوڑ حفیاء سے ثنیۃ الوداع تک تھی اور جو تیار نہیں کئے گئے تھے اُن کی دوڑ ثنیۃ الوداع سے بنو زُریق کی مسجد تک تھی اور حضرت عبداللہؓ بھی ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے گھوڑے دوڑائے۔
صحیح بخاری 7337
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے لیث سے، لیث نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ اور اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ اور ابن ادریس اور ابن ابی غنیہ نے ہمیں بتایا۔ ان سب نے ابوحیان سے، ابوحیان نے شعبی سے، شعبی نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمرؓ سے سنا جبکہ وہ نبی ﷺ کے منبر پر کھڑے تھے۔
صحیح بخاری 7338
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ حضرت سائب بن یزیدؓ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت عثمان بن عفانؓ سے سنا۔ انہوں نے نبیؐ کے منبر پر کھڑے ہو کر ہمیں مخاطب کیا۔
صحیح بخاری 7339
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن حسان نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن عروہ نے انہیں بتایا۔ ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: میرے اور رسول اللہ ﷺ کے لئے یہ لگن رکھ دیا جاتا اور پھر ہم اس میں اکٹھے ہی نہانا شروع کرتے۔
صحیح بخاری 7340
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عباد بن عباد نے ہمیں بتایا۔ عاصم احول نے ہم سے بیان کیا۔ عاصم نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے میرے اُس گھر میں جو مدینہ میں ہے انصار اور قریش کے درمیان عہد و پیمان کرایا۔
صحیح بخاری 7341
اور آپؐ ایک مہینہ تک بنو سُلَیم کے کچھ قبیلوں کے خلاف دعا کرتے رہے۔