باب 16: باب مَا ذَكَرَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَحَضَّ عَلَى اتِّفَاقِ أَهْلِ الْعِلْمِ
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 7342
ابوکُرَیب نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ بُرَید نے ہم سے بیان کیا۔ بُرید نے حضرت ابوبُردہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں مدینہ میں آیا تو حضرت عبداللہ بن سلامؓ مجھے ملے اور مجھ سے کہنے لگے: گھر کو چلو، میں تمہیں اس پیالہ میں پلاؤں گا جس میں رسول اللہ ﷺ نے پیا اور تم اُس مسجد میں نماز پڑھو گے جس میں نبی ﷺ نے نماز پڑھی۔ تو میں اُن کے ساتھ چلا گیا۔ انہوں نے مجھے ستو پلائے اور کھجوریں کھلائیں اور میں نے اُن کی مسجد میں نماز پڑھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7343
سعید بن ربیع نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مبارک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن ابی کثیر سے روایت کی کہ عکرمہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے انہیں بتایا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھ سے بیان کیا، فرمایا: میرے ربّ کی طرف سے ایک آنے والا آج رات میرے پاس آیا اور اس وقت آپؐ عقیق میں تھے۔ (اس نے کہا:) اس مبارک وادی میں نماز پڑھو اور عمرہ اور حج کی نیت کرو۔ ہارون بن اسماعیل نے کہا: علی (بن مبارک) نے ہم سے (یوں) بیان کیا۔ عمرہ بھی حج کے ساتھ ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7344
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ نبی ﷺ نے نجد والوں کا میقات قرن اور شام والوں کا جحفہ اور مدینہ والوں کا ذوالحلیفہ مقرر کیا۔ حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: میں نے یہ نبی ﷺ سے سنا اور مجھے یہ بھی خبر پہنچی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: یمن والوں کا میقات یلملم ہے اور عراق کا ذکر کیا گیا تو انہوں نے کہا: عراق ان دنوں (فتح) نہیں ہوا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7345
عبدالرحمٰن بن مبارک نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سالم بن عبداللہ نے مجھے بتایا۔ سالم نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ کو اس وقت جبکہ آپؐ ذوالحلیفہ میں رات کو اُترے ہوئے تھے رؤیا دکھائی گئی اور کہا گیا کہ آپؐ ایک مبارک میدان میں ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah