کتاب 97: كتاب التوحيد
صحیح بخاری, حصہ 10
صحیح بخاری 7551
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبد الوارث نے ہمیں بتایا۔ یزید نے کہا: مطرّف بن عبد اللہ نے مجھ سے بیان کیا۔ مطرّف نے حضرت عمرانؓ سے روایت کی۔ وہ بیان کرتے ہیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! پھر عمل کرنے والے کیوں عمل کرتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: ہر شخص کو جس مقصد کے لئے پیدا کیا گیا ہے سہولت دے دی گئی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7552
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے منصور اور اعمش سے روایت کی۔ ان دونوں نے سعد بن عبیدہ سے سنا اور سعد نے ابوعبدالرحمٰن سے، ابوعبدالرحمٰن نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے، حضرت علیؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ ایک جنازہ میں تھے۔ آپؐ نے ایک لکڑی لی اور زمین کریدنے لگے۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جس کا ٹھکانہ آگ میں یا جنت میں لکھ نہ دیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا: کیا ہم بھروسہ کرکے عمل چھوڑ نہ دیں؟ آپؐ نے فرمایا: عمل کئے جاؤ کیونکہ ہر شخص کو سہولتیں دی گئی ہیں۔ (پھر آپؐ نے یہ ساری آیت پڑھی:) پس جس نے (خدا کی راہ میں) دیا اور تقویٰ اختیار کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7553
اور خلیفہ بن خیاط نے مجھ سے کہا کہ معتمر نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے اپنے باپ سے سنا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابورافع سے، ابورافع نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبیؐ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب اللہ مخلوق پیدا کر چکا تو اس نے اپنے حضور ایک نوشتہ لکھا: میری رحمت میرے غضب پر غالب ہے یا فرمایا: میرے غضب پر سبقت لے گئی ہے اور یہ نوشتہ عرش کے اوپر اس کے پاس ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7554
محمد بن ابی غالب نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ معتمر نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو رافع نے اُن کو بتایا کہ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ بیان کرتے ہیں: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے ہیں: اللہ نے مخلوقات پیدا کرنے سے پہلے ایک نوشتہ لکھا: میری رحمت میرے غضب سے سبقت لے گئی ہے اور یہ نوشتہ عرش کے اوپر اس کے پاس لکھا ہوا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7555
عبیداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے ابوقلابہ اور قاسم تمیمی سے، ان دونوں نے زہدم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جرم کے اس قبیلہ اور اشعریوں کے درمیان دوستی اور برادری کا تعلق تھا۔ ہم حضرت ابوموسیٰؓ اشعری کے پاس تھے۔ ان کے سامنے کھانا لایا گیا جس میں مرغی کا گوشت تھا اور آپؓ کے پاس بنو تیم اللہ کا ایک شخص تھا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ وہ غلاموں میں سے ہے۔ انہوں نے اس کو کھانے کے لئے بلایا۔ وہ کہنے لگا: میں نے اسے (مرغی کو) کچھ کھاتے ہوئے دیکھا تھا۔ مجھے اس سے گھن آئی اور میں نے قسم کھائی کہ اسے نہیں کھاؤں گا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: ادھر آؤ میں تمہیں اس قَسم کے متعلق بتاتا ہوں۔ میں اشعریوں کے چند لوگوں کے ساتھ نبی ﷺ کے پاس آیا کہ ہم آپؐ سے سواری مانگیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں تمہیں کوئی سواری نہ دوں گا اور میرے پاس ہے بھی نہیں جس پر میں تمہیں سوار کروں۔ اتنے میں غنیمت کے کچھ اونٹ نبی ﷺ کے پاس لائے گئے۔ آپؐ نے ہمارے متعلق پوچھا۔ فرمایا: وہ اشعری لوگ کہاں ہیں؟ آپؐ نے ہمیں پانچ اونٹ دینے کا حکم دیا جو سفید کہانوں والے تھے۔ پھر ہم چل پڑے۔ ہم نے کہا: ہم نے کیا کِیا؟ رسول اللہ ﷺ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے اور آپؐ کے پاس کچھ نہیں جس پر آپؐ ہمیں سوار کریں۔ پھر آپؐ نے ہمیں سواری دے دی۔ ہم نے رسول اللہ ﷺ کو آپؐ کی قسم سے غفلت میں رکھا۔ اللہ کی قسم ہم ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔ یہ خیال کرکے ہم آپؐ کے پاس لوٹے اور ہم نے آپؐ سے کہا۔ آپؐ نے فرمایا: میں تمہیں سواری نہیں دے رہا بلکہ اللہ نے تمہیں سوار کیا ہے۔ میں اللہ کی قسم! جو بھی ایسی قسم کھا بیٹھوں پھر اس کے سوا کسی اور بات کو اس سے بہتر سمجھوں تو ضرور ہی میں وہی کرتا ہوں جو اس سے بہتر ہوتی ہے اور کفارہ دے کر اس قسم کو توڑ دیتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7556
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعاصم نے ہمیں بتایا۔ قرہ بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوجمرہ ضبعی نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے بیان کیا کہ) میں نے حضرت ابن عباس ؓ سے پوچھا تو انہوں نے کہا: عبدالقیس کے نمائندے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور کہنے لگے: ہمارے اور آپؐ کے درمیان مضر کے یہ مشرک ہیں اور ہم حرمت والے مہینوں میں ہی آپؐ کے پاس پہنچ سکتے ہیں اس لئے آپؐ ہمیں چند مختصر باتوں کا حکم دیں جن پر اگر ہم عمل کریں جنت میں داخل ہو جائیں اور ان کی طرف ہم ان لوگوں کو بھی بلائیں جو ہمارے پیچھے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تمہیں چار باتوں کا حکم دیتا ہوں اور چار باتوں سے ہی تمہیں روکتا ہوں۔ میں تم کو اللہ پر ایمان لانے کا حکم دیتا ہوں اور کیا تم جانتے ہو کہ اللہ پر ایمان لانا کیا ہے؟ یہ اقرار کرنا کہ اللہ کے سوا کوئی بھی معبود نہیں اور نمازوں کو سنوار کر ادا کرنا اور زکوٰة دینا اور تم غنیمت سے پانچواں حصہ بھی ادا کرنا اور تمہیں چار چیزوں سے منع کرتا ہوں۔ کدو کے تونبے اور لکڑی کے کریدے ہوئے برتن اور رال سے روغنی برتن اور سبز لاکھی برتن میں نہ پیا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7557
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ان مورتوں کے بنانے والوں کو قیامت کے دن سزا دی جائے گی اور ان سے کہا جائے گا: اب زندہ کرو جو تم نے بنایا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7558
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: ان مورتوں کے بنانے والوں کو قیامت کے دن سزا دی جائے گی اور ان سے کہا جائے گا: زندہ کرو جو تم نے بنایا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7559
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابن فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمارہ سے، عمارہ نے ابوزُرعہ سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے نبیؐ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اللہ عزوجل نے فرمایا ہے: ان سے کون بڑھ کر ظالم ہے جو میری پیدائش کی طرح بنانے لگا۔ ایک چیونٹی تو بنائیں یا ایک دانہ تو بنائیں یا ایک جَو ہی بنائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7560
ہُدبہ بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ نے ہمیں بتایا۔ حضرت انسؓ نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوموسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اس مؤمن کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے ترنج کی سی ہے، مزہ اس کا اچھا ہے اور خوشبو بھی اچھی ہے اور جو قرآن نہیں پڑھتا اس کی مثال کھجور کی سی ہے اس کا مزہ اچھا ہے اور اس کی خوشبو قطعاً نہیں اور فاجر کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے نیاز بو کی سی ہے اس کی خوشبو اچھی ہے اور اس کا مزا کڑوا ہے اور اس فاجر کی مثال جو قرآن نہیں پڑھتا اندرائن کی سی ہے جس کا مزہ کڑوا ہے اور اس کی خوشبو بھی کوئی نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7561
علی نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زہری سے روایت کی۔ نیز احمد بن صالح نے مجھ سے بیان کیا کہ عنبسہ نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہم سے بیان کیا۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ بن عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے عروہ بن زبیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی تھیں: کچھ لوگوں نے نبی ﷺ سے کاہنوں کے متعلق پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: وہ کچھ بھی نہیں۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! وہ کوئی بات بتا دیتے ہیں جو سچی ہوتی ہے۔ (ابنِ شہاب نے روایت کرتے ہوئے) کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: وہ بات جو سچی ہوتی ہے جنّ اس کو اڑا لیتا ہے اور وہ اپنے دوست کے کان میں کڑ کڑ کرتے ہوئے یوں ڈال دیتا ہے جیسے مرغی کڑکڑاتی ہے اور پھر وہ اس بات میں سو سے بھی زیادہ جھوٹ ملا دیتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7562
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا کہ مہدی بن میمون نے ہمیں بتایا کہ میں نے محمد بن سیرین سے سنا۔ وہ بیان کرتے تھے کہ معبد بن سیرین سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوسعیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کچھ لوگ مشرق کی طرف سے نکلیں گے اور قرآن پڑھیں گے جو ان کی ہنسلی کے نیچے سے آگے نہیں گزرے گا۔ دین سے ایسے نکلیں گے جیسے تیر شکار سے پار ہوجاتا ہے۔ پھر وہ اس دین میں واپس نہیں آئیں گے یہاں تک کہ تیر بھی اپنے چلہ کی طرف لوٹ آئے۔ آپؐ سے پوچھا گیا: ان کی نشانی کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ان کی نشانی سر منڈوانا یا فرمایا: تسبید۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7563
احمد بن اشکاب نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمارہ بن قعقاع سے، عمارہ نے ابوزُرعہ سے، ابوزرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: دو کلمے رحمان کو بہت ہی پیارے ہیں، زبان پر ہلکے ہیں، میزان میں بھارے ہیں۔ وہ ہیں: سُبْحَانَ اللهِ وَبِحَمْدِهِ سُبْحَانَ اللهِ الْعَظِيمِ۔ یعنی پاک ہے اللہ جو بہت عظمت والا ہے، پاک ہے اللہ اپنی تعریف کے ساتھ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah