کتاب 97: كتاب التوحيد
صحیح بخاری, حصہ 9
صحیح بخاری 7531
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے، اسماعیل نے شعبی سے، شعبی نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: جو شخص تم سے کہے کہ محمد ﷺ نے کچھ چھپا لیا تھا۔ اور محمد (بن یوسف فریابی) نے کہا: ابو عامر عقدی نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے اسماعیل بن ابی خالد سے، اسماعیل نے شعبی سے، شعبی نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ کہتی تھیں کہ جو تم سے یہ بیان کرے کہ نبی ﷺ نے وحی سے کچھ چھپا رکھا تھا تو اس کو سچا مت سمجھو۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: یعنی اے رسول! تیرے ربّ کی طرف سے جو (کلام بھی) تجھ پر اُتارا گیا ہے اُسے (لوگوں تک) پہنچا، اور اگر تُو نے (ایسا) نہ کیا تو (گویا) تُو نے اُس کا پیغام (بالکل) نہیں پہنچایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7532
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے، ابو وائل نے عمرو بن شرحبیل سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہؓ کہتے تھے: ایک شخص نے پوچھا: یا رسول اللہ! کون سا گناہ اللہ کے نزدیک سب سے بڑا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: یہ کہ تم اللہ کا ہمسر ٹھہراؤ حالانکہ اس نے تم کو پیدا کیا۔ اس نے کہا: پھر کون سا؟ فرمایا: یہ کہ تم اپنی اولاد کو مار ڈالو اس خوف سے کہیں تمہارے ساتھ کھائے۔ اس نے کہا: پھر کون سا؟ آپؐ نے فرمایا: یہ کہ اپنے پڑوسی کی جورو سے تم زنا کرو۔ پھر اللہ نے اس کی تصدیق میں یہ آیت نازل کی: یعنی اور وہ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ اللہ کے سوا کسی اور معبود کو نہیں پکارتے اور نہ کسی جان کو جسے اللہ نے حفاظت بخشی ہو قتل کرتے ہیں سوائے (شرعی) حق کے اور نہ زنا کرتے ہیں اور جو کوئی ایسا کام کرے گا وہ اپنے گناہ کی جزا کو دیکھ لے گا۔ قیامت کے دن اس کے لئے عذاب زیادہ کیا جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7533
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے زہری سے روایت کی کہ سالم نے مجھے بتایا۔ سالم نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہاری عمر اُن امتوں کے مقابل پر جو گزر چکی ہیں اتنا ہی عرصہ ہے جتنا کہ عصر کی نماز سے لے کر سورج کے ڈوبنے تک ہوتا ہے۔ تورات والوں کو تورات دی گئی اور وہ اس پر عمل کرتے رہے یہاں تک کہ دوپہر ہوگئی۔ پھر وہ عاجز آ گئے اور انہیں ایک ایک قیراط دیا گیا۔ پھر انجیل والوں کو انجیل دی گئی اور وہ اس پر عمل کرتے رہے یہاں تک کہ عصر کی نماز پڑھی گئی۔ پھر وہ بھی عاجز آ گئے اور انہیں ایک ایک قیراط دیا گیا۔ پھر تمہیں قرآن دیا گیا اور تم نے اس پر عمل کیا یہاں تک کہ سورج غروب ہوگیا اور تمہیں دو دو قیراط دئیے گئے۔ اہل کتاب نے کہا: یہ ہم سے تھوڑا کام کرنے والے ہیں اور زیادہ مزدوری لینے والے ہیں۔ اللہ نے فرمایا: کیا میں نے تمہارے حق سے کچھ کم کر کے تمہیں دیا ہے؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ تو اللہ نے فرمایا: پھر یہ میرا فضل ہے جسے چاہتا ہوں دیتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7534
سلیمان نے مجھ سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ولید سے روایت کی اور عباد بن یعقوب اسدی نے مجھ سے بیان کیا کہ عباد بن عوام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شیبانی سے، شیبانی نے ولید بن عیزار سے، ولید نے ابوعمرو شیبانی سے، ابوعمرو نے حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبیﷺ سے پوچھا: عملوں میں سے کون سا عمل سب سے بڑھ کر ہے؟ فرمایا: نماز کو اپنے وقت پر پڑھنا اور والدین سے حسنِ سلوک کرنا پھر اللہ کی راہ میں جہاد کرنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7535
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حسن سے روایت کی کہ حضرت عمرو بن تغلبؓ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس کچھ مال آیا تو آپؐ نے بعض لوگوں کو دیا اور بعض کو نہ دیا۔ پھر آپؐ کو خبر پہنچی کہ وہ خفا ہو گئے ہیں تو آپؐ نے فرمایا: میں ایک شخص کو دیتا ہوں اور ایک شخص کو چھوڑتا ہوں حالانکہ وہ جس کو چھوڑتا ہوں وہ مجھے زیادہ پیارا ہوتا ہے بنسبت اس شخص کے جس کو میں دیتا ہوں۔ بعض لوگوں کو اس لئے دیتا ہوں کہ ان کے دل میں بے صبری اور لالچ ہوتا ہے اور بعض لوگوں کو اس بے نیازی اور بھلائی کے سپرد کر دیتا ہوں جو اللہ نے ان کے دلوں میں رکھی ہوتی ہے۔ ان لوگوں میں سے عمرو بن تغلبؓ بھی ہیں۔ حضرت عمروؓ نے کہا: میں پسند نہیں کرتا کہ رسول اللہ ﷺ کے کلمہ کے بدلے میرے لئے سرخ رنگ کے اُونٹ ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7536
محمد بن عبدالرحیم نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوزید سعید بن ربیع ہروی نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ اپنے ربّ عز وجل سے روایت کرتے تھے۔ اس نے فرمایا: جب (میرا) بندہ میری طرف ایک بالشت قریب ہوتا ہے تو میں اس کی طرف ایک ہاتھ قریب ہوتا ہوں اور جب وہ مجھ سے ایک ہاتھ قریب ہوتا ہے تو میں اس سے ایک باع قریب ہوجاتا ہوں اور جب وہ چل کر میرے پاس آتا ہے تو میں اس کے پاس دوڑ کر آتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7537
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ مسدد نے یحيٰ سے، یحيٰ نے تیمی سے، تیمی نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: کئی بار نبی ﷺ نے اس بات کا ذکر کیا، فرمایا: جب (میرا) بندہ مجھ سے ایک بالشت قریب ہو جاتا ہے تو میں اس سے ایک ہاتھ قریب ہوتا ہوں اور جب وہ مجھ سے ایک ہاتھ قریب ہوتا ہے تو میں اس کے ایک باع قریب ہوتا ہوں باع کا لفظ بولا یا (کہا:) بوع۔ اور معتمر نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ اپنے ربّ عزوجل سے بیان کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7538
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ محمد بن زیاد نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ نبی ﷺ تمہارے ربّ سے اس کو روایت کرتے تھے کہ اس نے فرمایا: ہر عمل کا ایک کفارہ ہوتا ہے اور روزہ خاص میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا اور روزے دار کے منہ کی بُو اللہ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ عمدہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7539
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی۔ اور خلیفہ نے مجھ سے کہا: یزید بن زریع نے ہم سے بیان کیا۔ یزید نے سعید سے، سعید نے قتادہ سے، قتادہ نے ابوالعالیہ سے، ابوالعالیہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ منجملہ ان باتوں کے جو آپؐ اپنے ربّ سے روایت کرتے تھے، آپؐ نے فرمایا: کسی بندے کو یوں نہیں کہنا چاہیئے کہ وہ یونس بن متیٰ سے اچھا ہے اور آپؐ نے ان کو ان کے باپ کی طرف منسوب کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7540
احمد بن ابی سریج نے ہم سے بیان کیا کہ شبابہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے معاویہ بن قرہ مزنی سے، معاویہ نے حضرت عبداللہ بن مغفل مزنیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فتح مکہ کے دن ایک اونٹنی پر سوار دیکھا جو آپؐ کی تھی۔ آپؐ سورة فتح پڑھ رہے تھے یا (کہا:) سورة فتح سے پڑھ رہے تھے۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: آپؐ نے اس قراءت کو ترجیع سے پڑھا۔ (شعبہ نے) کہا: یہ کہہ کر معاویہ نے حضرت ابن مغفلؓ کی قراءت کی نقل کرتے ہوئے پڑھا اور کہنے لگے: اگر یہ خیال نہ ہو کہ لوگ تمہارے پاس اکٹھے ہو جائیں گے تو میں اسی طرح ترجیع سے پڑھوں جس طرح حضرت ابن مغفلؓ نے نبی ﷺ کی نقل کرتے ہوئے ترجیع سے پڑھا۔ میں نے معاویہ سے پوچھا: حضرت ابن مغفلؓ نے کس طرح ترجیع سے پڑھا؟ تو انہوں نے کہا: آ آ آ تین بار۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7541
اور حضرت ابن عباسؓ نے کہا: ابوسفیان بن حرب نے مجھے بتایا کہ ہرقل نے اپنے ترجمان کو بلایا۔ پھر نبی ﷺ کا خط منگایا اور اس کو پڑھا: اللہ کے نام کے ساتھ جو رحمٰن اور رحیم ہے۔ محمدؐ کی طرف سے جو کہ اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہے، ہرقل کی طرف۔ اور اے اہل کتاب! آؤ اس بات کی طرف جو ہمارے اور تمہارے درمیان مشترک ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7542
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ عثمان بن عمر نے ہمیں بتایا۔ علی بن مبارک نے ہمیں خبر دی۔ علی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اہل کتاب مسلمانوں کے لئے تورات کو عبرانی میں پڑھا کرتے تھے اور عربی زبان میں اس کی شرح بیان کرتے تھے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اہلِ کتاب کی تصدیق مت کرو اور نہ ہی ان کو جھٹلاؤ اور کہو: ہم اللہ (پر) اور جو کچھ نازل کیا گیا ہے اس پر ایمان رکھتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7543
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس یہودیوں میں سے ایک مرد اور ایک عورت کو لایا گیا جنہوں نے زنا کیا تھا۔ آپؐ نے یہودیوں سے پوچھا: تم ان سے کیا کیا کاروائی کرتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہم ان کا منہ کالا کرتے ہیں اور ان کو رسوا کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تورات لاؤ اور اس سے پڑھ کر سناؤ اگر تم سچے ہو۔ تو وہ آئے اور انہوں نے ان لوگوں میں سے جن کو وہ پسند کرتے تھے ایک شخص سے کہا: ارے کانے پڑھو اور وہ پڑھنے لگا۔ یہاں تک کہ تورات میں ایک مقام پر پہنچا تو اس نے اپنا ہاتھ اس پر رکھ دیا۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے کہا: اپنا ہاتھ اُٹھاؤ۔ اس نے اپنا ہاتھ اٹھایا تو اُس میں رجم کا حکم تھا جو بالکل واضح تھا۔ اس پر وہ کہنے لگا: محمد! ان پر رجم ہی ہے لیکن ہم اپنے درمیان اس کو چھپائے رکھتے ہیں۔ تو آپؐ نے ان کے متعلق حکم دیا اور وہ دونوں سنگسار کئے گئے۔ میں اس یہودی کو دیکھتا تھا کہ وہ اس عورت پر پتھر سے بچانے کے لئے جھکتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7544
ابراہیم بن حمزہ نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن ابی حازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یزید سے، یزید نے محمد بن ابراہیم سے، محمد نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اللہ نے کسی بات کو بھی ایسی توجہ سے کان لگا کر نہیں سنا جتنا کہ اس نبی کی طرف کان لگا کر سنا جو قرآن پڑھنے میں خوش الحان ہو۔ اس کو بلند آواز سے پڑھ رہا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7545
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عروہ بن زبیر اور سعید بن مسیب اور علقمہ بن وقاص اور عبیداللہ بن عبداللہ نے حضرت عائشہؓ کے اس واقعہ کے متعلق مجھے بتایا جبکہ بہتان باندھنے والوں نے ان کے متعلق وہ کچھ بہتان باندھا جو انہوں نے باندھا اور ہر ایک نے اس واقعہ کا ایک ٹکڑا مجھ سے بیان کیا۔ وہ بیان کرتی ہیں: میں اپنے بچھونے پر لیٹ گئی اور میں اس وقت خوب جانتی تھی کہ میں بری ہوں اور اللہ مجھے بَری قرار دے گا اور اللہ کی قسم میں یہ گمان نہیں کرتی تھی کہ اللہ میرے متعلق کوئی ایسی وحی نازل کرے گا جو پڑھی جایا کرے گی اور میرے نزدیک میری حیثیت اس سے بہت کم تھی کہ اللہ میرے متعلق کوئی ایسی بات کرے جو پڑھی جائے اور اللہ عز وجل نے یہ آیت نازل کی: اِنَّ الَّذِيْنَ جَآءُوْ بِالْاِفْكِ عُصْبَةٌ مِّنْكُمْ۔ کُل دس آیتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7546
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ مسعر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی بن ثابت سے روایت کی۔ میں سمجھتا ہوں انہوں نے حضرت براءؓ سے روایت کی۔ حضرت براءؓ نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو عشاء میں وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ پڑھتے سنا اور میں نے کسی شخص کو بھی نہیں سنا کہ جو آپؐ سے بڑھ کر خوش آواز ہو یا (کہا:) آپؐ سے اچھا پڑھتا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7547
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مکہ میں مخفی رہے تھے۔ تاہم آپؐ بلند آواز سے بھی (پڑھتے)۔ جب مشرک سنتے تو وہ قرآن کو بُرا بھلا کہتے اور اس کو بھی جو اسے لایا۔ اس پر اللہ عز و جل نے اپنے نبی ﷺ سے فرمایا: تو اپنی نماز بلند آواز سے نہ پڑھ اور نہ بالکل خاموشی سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7548
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن عبدالرحمٰن بن ابی صعصعہ سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے ان کو خبر دی کہ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ نے اُن سے کہا: میں تمہیں دیکھتا ہوں کہ تم بکریاں اور جنگل پسند کرتے ہو۔ جب تم اپنی بکریوں یا (کہا:) اپنے جنگل میں ہو اور نماز کے لئے اذان دو تو اپنی آواز کو اذان دیتے وقت بلند کرو کیونکہ جہاں تک مؤذن کی آواز جاتی ہے وہاں تک جو بھی اس آواز کو سنے گا جنّ ہو یا انسان یا کوئی اور چیز تو ضرور ہی وہ قیامت کے روز اس کے لئے گواہی دے گی۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: میں نے یہ رسول اللہﷺ سے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7549
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے اپنی ماں سے، ان کی ماں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپ فرماتی ہیں : نبی ﷺ قرآن پڑھا کرتے اور آپؐ کا سر میری گود میں ہوتا اور میں اس وقت حائضہ بھی ہوتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7550
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ مجھے عروہ نے بتایا۔ انہیں مسور بن مخرمہ اور عبدالرحمٰن بن عبدالقاری نے بتایا، ان دونوں نے حضرت عمر بن خطابؓ سے سنا، وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ہشام بن حکیمؓ کو رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں سورة الفرقان پڑھتے سنا۔ میں نے ان کی قراءت کو کان لگا کر جو سنا تو کیا سنتا ہوں کہ وہ بہت سی ایسی طرزوں سے پڑھ رہے ہیں جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے نہیں پڑھائی تھیں۔ قریب تھا کہ میں نماز میں ہی ان پر لپک پڑتا مگر میں نے بڑا صبر کیا یہاں تک کہ انہوں نے سلام پھیرا تو میں نے ان کی چادر کو گریبان سے پکڑ لیا۔ میں نے کہا: یہ سورة جو کہ میں نے تمہیں پڑھتے ہوئے سنی ہے تمہیں کس نے پڑھائی ؟ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے یہ پڑھائی تھی۔ میں نے کہا: تم نے غلط کہا ہے۔ جو قراءت تم نے پڑھی ہے اُس کے برخلاف ایک اور طرز سے آپؐ نے مجھے پڑھائی تھی۔ یہ کہہ کر میں ان کو رسول اللہ ﷺ کے پاس کھینچتے ہوئے لے گیا۔ میں نے کہا: میں نے اس کو سورة الفرقان ایسی طرزوں سے پڑھتے سنا جو آپؐ نے مجھے نہیں پڑھائی۔ آپؐ نے فرمایا: اسے چھوڑو۔ ہشام! پڑھو۔ انہوں نے وہ قراءت پڑھی جو میں نے ان سے سنی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ سورة اسی طرح نازل کی گئی۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عمر! تم پڑھو اور میں نے وہ قراءت پڑھی (جو آپؐ نے مجھے پڑھائی تھی۔) آپؐ نے فرمایا: اسی طرح یہ سورة نازل کی گئی۔ دیکھو یہ قرآن سات طرزوں پر نازل کیا گیا ہے جو اس میں سے آسان ہو اس کو تم پڑھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah