کتاب 97: كتاب التوحيد
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 7451
موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: یہودیوں کا ایک عالم رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: محمد! اللہ آسمان کو ایک انگلی پر اور زمین کو ایک انگلی پر اور پہاڑوں کو ایک انگلی پر اور درختوں اور ندیوں کو ایک انگلی پر اور باقی تمام مخلوق کو ایک انگلی پر رکھ لے گا اور پھر اپنے ہاتھ سے فرمائے گا: میں ہی بادشاہ ہوں۔ رسول اللہ ﷺ یہ سن کر ہنس پڑے اور فرمایا: یعنی ان لوگوں نے اللہ (کی صفات) کا اندازہ اس طرح نہیں کیا تھا جس طرح کرنا چاہیئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7452
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ شریک بن عبداللہ بن ابی نمر نے مجھ سے بیان کیا۔ شریک نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک رات میں حضرت میمونہؓ کے گھر میں ٹھہرا اور نبی ﷺ انہیں کے ہاں تھے تا کہ میں دیکھوں کہ رسول اللہ ﷺ رات کو کس طرح نماز پڑھتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنی گھر والوں کے ساتھ کچھ دیر باتیں کیں۔ پھر اس کے بعد سو گئے۔ جب رات کی آخری تہائی ہوئی یا کچھ حصہ رہ گیا تو آپؐ اُٹھ بیٹھے اور آسمان کی طرف دیکھنے لگے اور آپؐ نے یہ آیت پڑھی: اِنَّ فِيْ خَلْقِ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ…۔ پھر آپؐ کھڑے ہوئے اور آپؐ نے وضو کیا اور مسواک کی۔ پھر آپؐ نے گیارہ رکعتیں پڑھیں۔ اس کے بعد حضرت بلالؓ نے نماز کی اذان دی تو آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر باہر گئے اور آپؐ نے لوگوں کو صبح کی نماز پڑھائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7453
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب اللہ مخلوق پیدا کر چکا تو اس نے اپنے عرش کے اوپر اپنے پاس یہ لکھا: میری رحمت میرے غضب سے بڑھ گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7454
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے زید بن وہب سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے ہم سے بیان کیا، اور وہ سچے تھے اور سچ ان سے کہا گیا کہ تم میں سے ایک کی پیدائش کے سامان اس کی ماں کے پیٹ میں چالیس دن یا چالیس رات تک جمع ہوتے رہتے ہیں۔ پھر اس کے بعد وہ اتنی ہی مدت تک علقہ بن جاتا ہے۔ پھر اتنی مدت تک مضغہ ہو جاتا ہے۔ پھر اس کی طرف فرشتہ بھیجا جاتا ہے جسے چار باتوں کا حکم دیا جاتا ہے۔ وہ اس کی روزی اور اس کی عمر اور اس کا عمل لکھتا ہے اور یہ بھی کہ آیا وہ بدبخت ہے یا نیک بخت۔ پھر اس میں روح پھونکی جاتی ہے۔ پھر تم میں سے کوئی جنتیوں کے کام کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ جنت اور اس کے درمیان صرف ایک ہی ہاتھ رہ جاتا ہے تو تقدیر کا لکھا اس پر جلدی سے چل جاتا ہے اور دوزخیوں کے کام کرتا ہے اور وہ آگ میں داخل ہو جاتا ہے اور تم میں سے کوئی دوزخیوں کے کام کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ دوزخ اور اس کے درمیان صرف ایک ہاتھ ہی رہتا ہے اتنے میں تقدیر کا لکھا اس پر جلدی سے چل جاتا ہے اور وہ جنتیوں کے کام کرتا ہے اور جنت میں داخل ہو جاتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7455
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عمر بن ذر نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ سعید بن جبیر سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے کہ سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جبریل تمہیں کیا مانع ہے کہ ہمیں اُس سے زیادہ ملا کرو جو تم ہمیں ملتے ہو؟ اس پر یہ آیت نازل ہوئی: وَ مَا نَتَنَزَّلُ اِلَّا بِاَمْرِ رَبِّكَ…۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: یہ تھا جواب محمد ﷺ کے لیے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7456
یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک کھیت میں چلا جا رہا تھا جو مدینہ میں تھا اور آپؐ کھجور کی ایک لکڑی پر سہارا لے رہے تھے۔ اتنے میں آپؐ کچھ یہودی لوگوں کے پاس سے گزرے تو انہوں نے ایک دوسرے سے کہا: ان سے روح کے متعلق پوچھو اور ان میں سے بعض نے کہا: ان سے نہ پوچھو۔ آخر انہوں نے آپؐ سے روح کے متعلق پوچھا۔ آپؐ لکڑی پر سہارا لئے کھڑے ہوگئے اور میں آپؐ کے پیچھے تھا۔ میں سمجھا کہ آپؐ کو وحی ہوگئی اور آپؐ نے فرمایا: وَ يَسْـَٔلُوْنَكَ عَنِ الرُّوْحِ…۔ تو وہ ایک دوسرے سے کہنے لگے: ہم نے تم سے کہہ دیا تھا کہ ان سے نہ پوچھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7457
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اللہ کی راہ میں جہاد کیا صرف اس کی راہ میں جہاد نے ہی اور اس کے کلام کی تصدیق نے ہی اس کو نکالا ہو ایسے شخص کے لئے اللہ ضامن ہوگیا ہے کہ اس کو جنت میں داخل کرے یا اس ٹھکانے کی طرف اس کو لوٹا دے جس سے وہ نکلا تھا مع اس ثواب یا غنیمت کے جو اس نے حاصل کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7458
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت ابو موسیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور اس نے پوچھا کہ آدمی حمیت کی وجہ سے بھی لڑتا ہے اور بہادری کی وجہ سے بھی لڑتا ہے اور دکھلاوے کے لئے بھی لڑتا ہے۔ ان میں سے کونسی لڑائی اللہ کی راہ میں ہے؟ آپؐ نے فرمایا: جو اس لئے لڑے کہ اللہ کا ہی بول بالا ہو تو یہ اللہ کی راہ میں ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7459
شہاب بن عباد نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن حمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے، قیس نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرما رہے تھے: میری امت میں سے ایک قوم لوگوں پر ہمیشہ غالب رہے گی یہاں تک کہ اللہ کا امر ان کو آجائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7460
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ ابن جابر نے ہم سے بیان کیا کہ عمیر بن ہانی نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت معاویہؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میری اُمت میں سے ایک گروہ ہمیشہ اللہ کے حکم پر قائم رہے گا۔ جو لوگ ان کو جھٹلائیں گے اور جو ان کی مخالفت کریں گے وہ اس کو نقصان نہیں پہنچا سکیں گے یہاں تک کہ اللہ کا حکم آجائے گا جبکہ وہ اسی حالت میں ہوں گے۔ مالک بن یخامر نے کہا: میں حضرت معاذؓ کو یہ کہتے سنا: یہ لوگ شام میں ہی ہیں۔ حضرت معاویہؓ نے کہا: یہ دیکھو۔ مالک کہتے ہیں کہ انہوں نے حضرت معاذؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: وہ شام میں ہی ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7461
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا شعیب نے ہمیں بتایا۔ شعیب نے عبداللہ بن ابی حسین سے روایت کی کہ نافع بن جبیر نے ہم سے بیان کیا۔ نافع نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مسیلمہ کے پاس ٹھہر گئے جو کہ اپنے ساتھیوں میں بیٹھا ہوا تھا تو آپؐ نے فرمایا: اگر تم مجھ سے یہ ٹکڑا بھی مانگو تو یہ بھی میں تمہیں کبھی نہ دوں۔ تُو اللہ کی اُس تقدیر سے کبھی آگے نہیں بڑھے گا جو تمہارے متعلق مقدر ہے اور اگر تُو نے پیٹھ پھیر دی تو ضرور اللہ تجھے ہلاک کر دے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7462
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبدالواحد سے، عبدالواحد نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت ابن مسعودؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار میں مدینہ کے کسی کھیت میں نبی ﷺ کے ساتھ چلا جا رہا تھا اور آپؐ ایک کھجور کی چھڑی پر سہارا لے رہے تھے جو آپؐ کے پاس تھی۔ اسی اثنا میں ہم یہودیوں کے پاس سے گزرے تو وہ ایک دوسرے سے کہنے لگے: ان سے روح کے متعلق پوچھو۔ تو ان میں سے کسی نے کہا: ان سے نہ پوچھو۔ کہیں اس کے متعلق ایسی بات نہ کہہ دیں جس کو تم ناپسند کرو۔ ان میں سے بعض نے کہا: ہم تو ان سے ضرور ہی پوچھیں گے۔ تب ان میں سے ایک شخص اُٹھ کر آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: ابوالقاسم! روح کیا چیز ہے؟ نبی ﷺ اس کی بات پر خاموش رہے اور میں نے سمجھ لیا کہ آپؐ کو وحی ہو رہی ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اور وہ تجھ سے روح کے متعلق سوال کرتے ہیں۔ تُو کہہ دے کہ روح میرے ربّ کے حکم سے ہے اور تمہیں معمولی علم کے سوا کچھ نہیں دیا گیا۔ اعمش نے کہا: ہماری قراءت میں اسی طرح ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7463
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے اللہ کی راہ میں جہاد کیا اُس کو صرف اللہ کی راہ میں جہاد کرنا اور اس کی بات کی تصدیق کرنا ہی اس کے گھر سے نکال رہا ہو، اللہ ایسے شخص کے لئے ضامن ہو گیا ہے کہ اس کو جنت میں داخل کرے گا یا اس کو اس کے اپنے ٹھکانے کی طرف مع اس اجر یا غنیمت کے جو اس نے حاصل کیا ہو لوٹائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7464
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز سے، عبدالعزیز نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم اللہ سے دعا کرو تو دعا میں پختہ یقین کے ساتھ مانگو اور تم میں سے کوئی یہ نہ کہے اگر تو چاہے تو مجھ کو دے کیونکہ اللہ سے کوئی جبراً لینے والا نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7465
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ اور اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی عبدالحمید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے محمد بن ابی عتیق سے، انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے علی بن حسین سے روایت کی کہ حضرت حسین بن علی علیہما السلام نے ان کو بتایا کہ حضرت علی بن ابی طالبؓ نے ان کو خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ ان کے اور رسول اللہ ﷺ کی بیٹی حضرت فاطمہؓ کے پاس رات کو آئے اور ان سے فرمایا: کیا تم نماز نہیں پڑھتے؟ حضرت علیؓ کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہماری جانیں تو اللہ کے ہاتھ میں ہیں اگر وہ ہمیں اُٹھانا چاہے تو ہمیں اٹھا دے۔ جب میں نے آپؐ سے یہ کہا تو رسول اللہ ﷺ یہ جواب سن کر لوٹ گئے اور مجھے آپؐ نے کچھ جواب نہ دیا۔ پھر میں نے آپؐ کو جب آپؐ پیٹھ پھیر کر چلے، سنا۔ آپؐ اپنی ران پر ہاتھ مارتے ہوئے فرما رہے تھے: انسان سب سے بڑھ کر بحث کرنے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7466
محمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح نے ہمیں بتایا۔ ہلال بن علی نے ہم سے بیان کیا۔ ہلال نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مؤمن کی مثال کھیتی کے نرم پودے کی سی ہے جدھر ہوا اس کے پاس آکر اس کو جھکاتی ہے ادھر ہی کو اس کے پتے جھک جاتے ہیں۔ جب ہوا تھم جاتی ہے تو وہ بھی سیدھا کھڑا ہوجاتا ہے اور مؤمن بھی اسی طرح ہوتا ہے کہ وہ مصیبت کے ذریعہ سے جھک جاتا ہے اور کافر کی مثال صنوبر کے درخت کی سی ہے جو سخت سیدھا کھڑا رہتا ہے تاوقتیکہ اللہ اسے جب چاہے توڑ ڈالے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7467
حکم بن نافع نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ سالم بن عبداللہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا اور آپؐ اس وقت منبر پر کھڑے فرما رہے تھے: جو امتیں تم سے پہلے گزر چکی ہیں ان کے مقابل پر تم اتنا ہی عرصہ رہو گے کہ جتنا عرصہ عصر کی نماز سے سورج کے ڈوبنے تک ہوتا ہے۔ اہل تورات کو تورات دی گئی اور وہ اس کے مطابق عمل کرتے رہے یہاں تک کہ دوپہر ہو گئی۔ پھر وہ عاجز آ گئے اور انہیں ایک ایک قیراط مزدوری دی گئی پھر اہل انجیل کو انجیل دی گئی اور اس کے مطابق عصر کی نماز تک کام کرتے رہے پھر اس کے بعد وہ عاجز آ گئے اور انہیں ایک ایک قیراط مزدوری دی گئی۔ پھر تمہیں قرآن دیا گیا اور تم اس کے مطابق سورج کے ڈوبنے تک کام کرتے رہے اور تمہیں دو دو قیراط دئے گئے۔ اہل تورات کہنے لگے: اے ہمارے ربّ! ان لوگوں نے کام تو تھوڑا کیا ہے اور مزدوری ان کو زیادہ دی گئی ہے۔ ربّ نے فرمایا: کیا تمہاری مزدوری میں سے میں نے تم کو کچھ گھٹا کر دیا ہے؟ وہ بولے: نہیں۔ تو پروردگار نے فرمایا: تو پھر یہ میرا فضل ہے جس کو چاہتا ہوں دیتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7468
عبداللہ مسندی نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زُہری سے، زہری نے ابو ادریس سے، ابو ادریس نے حضرت عبادہ بن صامتؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے ایک جماعت کے ساتھ رسول اللہ ﷺ سے بیعت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم سے ان باتوں پر بیعت لیتا ہوں کہ تم اللہ کا کسی کو بھی شریک نہیں ٹھہراؤ گے نہ تم چوری کرو گے نہ زنا کرو گے نہ اپنی اولاد کو قتل کرو گے اور نہ تم دیکھتے بھالتے اپنے ہاتھوں سے کوئی بہتان باندھو گے اور نہ کسی بھلی بات میں تم میری نافرمانی کرو گے۔ سو جس نے تم میں سے وفاداری کی تو اس کا اجر اللہ کے ذمہ ہے اور جو ان باتوں میں سے کوئی بات کر بیٹھا اور دنیا میں اس وجہ سے اس کو پکڑا گیا تو یہ اس کے لئے کفارہ ہوگا اور پاکیزگی کا موجب ہوگا اور جس کی اللہ نے پردہ پوشی کی تو اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے اگر وہ چاہے تو اس کو سزا دے اگر چاہے تو اس پر پردہ پوشی فرما کر اس سے درگزر کردے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7469
معلی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، محمد نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ اللہ کے نبی حضرت سلیمان علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ساٹھ بیویاں تھیں تو انہوں نے کہا: آج رات میں اپنی تمام بیویوں کے پاس آؤں گا۔ ہر ایک حاملہ ہو گی اور ایک بچہ جنے گی جو اللہ کی راہ میں جہاد کرے گا۔ چنانچہ وہ اپنی بیویوں کے پاس آئے، مگر ان میں سے صرف ایک ہی عورت جنی اور ایک ادھورا بچہ جنی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر سلیمانؑ ان شاء اللہ کہتے تو ان میں سے ہر عورت حاملہ ہوتی اور ایک شاہسوار جنتی جو اللہ کی راہ میں لڑتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7470
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب ثقفی نے ہمیں بتایا۔ خالد حذاء نے ہم سے بیان کیا۔ خالد نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ ایک بدوی کے پاس اس کی عیادت کے لئے آئے اور آپؐ نے فرمایا: تمہیں کوئی خوف نہیں۔ ان شاء اللہ یہ بیماری پاک کرنے کا موجب ہوگی۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: اس بدوی نے کہا: پاک کرنے کا موجب نہیں بلکہ یہ بخار ہے جو بہت بڑے بوڑھے پر جوش مار رہا ہے اس کو قبروں ہی کی زیارت کرائے گا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اچھا پھر یہی سہی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah