کتاب 97: كتاب التوحيد
صحیح بخاری, حصہ 6
صحیح بخاری 7471
ابن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین سے، حصین نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے روایت کی۔ جب لوگ سوئے رہے نماز نہ پڑھ سکے تو نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ نے تمہاری روحوں کو جب تک چاہا اپنے قبضے میں رکھا اور جب چاہا ان کو لوٹا دیا۔ آخر لوگوں نے اپنی اپنی حاجتیں پوری کیں اور وضو کیا یہاں تک کہ سورج نکل آیا اور اچھی طرح روشن ہو گیا۔ (اس وقت) آپؐ کھڑے ہوئے اور آپؐ نے نماز پڑھائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7472
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ اور اعرج سے روایت کی۔ نیز اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے محمد بن ابی عتیق سے، انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن اور سعید بن مسیب سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: مسلمانوں میں سے ایک شخص اور یہودیوں میں سے ایک شخص نے آپس میں ایک دوسرے کو برا بھلا کہا۔ مسلمان نے یہ کہا: اس ذات کی قسم جس نے محمدؐ کو تمام جہانوں سے بہتر سمجھ کر چن لیا۔ قسم تھی جو وہ کھایا کرتا تھا۔ یہودی نے کہا: اسی ذات کی قسم جس نے موسیٰؑ کو تمام جہانوں سے بہتر سمجھ کر چن لیا۔ اس پر مسلمان نے اپنا ہاتھ اٹھایا اور یہودی کو ایک تھپڑ لگایا۔ یہودی رسول اللہﷺ کے پاس چلا گیا اور اس نے آپؐ کو وہ واقعہ بتایا جو اس کا اور مسلمان کا تھا۔ نبیﷺ نے فرمایا: تم موسیٰؑ سے مجھے بہتر قرار نہ دو کیونکہ لوگ قیامت کے روز بے ہوش ہو جائیں گے اور میں پہلا ہوں گا جو ہوش سنبھالے گا اور کیا دیکھوں گا کہ موسیٰؑ عرش کا کونہ پکڑے ہوئے ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ آیا وہ بھی ان لوگوں میں سے تھے جو بے ہوش ہوئے اور مجھ سے پہلے ہوش میں آئے یا ان لوگوں میں سے تھے جن کو اللہ نے مستثنیٰ رکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7473
اسحاق بن ابی عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن ہارون نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ میں دجال آئے گا تو وہ فرشتوں کو پائے گا، اس کا پہرہ دے رہے ہیں پس ان شاء اللہ دجال اس (مدینہ) کے قریب نہ آئے گا اور نہ ہی طاعون۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7474
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہر ایک نبی کی ایک دعا ہوتی ہے اللہ نے چاہا تو میں اپنی دعا چھپائے رکھوں گا اور قیامت کے روز اپنی امت کے لئے یہ دعا بطور شفاعت کروں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7475
یسرہ بن صفوان بن جمیل لخمی نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسی اثنا میں کہ میں سویا ہوا تھا میں نے اپنے تئیں ایک کنوئیں پر دیکھا جتنا اللہ نے چاہا کہ میں پانی نکالوں میں نے نکالا۔ پھر ابن ابی قحافہؓ نے ڈول لے لیا اور انہوں نے ایک یا دو ڈول کھینچ کر نکالے اور ان کے کھینچنے میں کچھ کمزوری رہی اور اللہ نے ان کی کمزوری پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے ان سے درگزر کیا۔ پھر عمرؓ نے ڈول لیا۔ پھر وہ ڈول چرسا (بڑا ڈول) ہو گیا اور میں نے لوگوں میں کوئی ایسا شہ زور نہیں دیکھا جو وہ حیرت انگیز کام کرتا ہو جو عمرؓ نے کیا۔ اتنا پانی نکالا کہ لوگ اس کنوئیں کے اردگرد اپنے اپنے تھانوں میں جا بیٹھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7476
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرید سے، بُرید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابو موسیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کا معمول تھا جب آپؐ کے پاس کوئی سائل آتا۔ اور کبھی حضرت ابو موسیٰؓ نے یوں کہا: کوئی سائل یا حاجت مند آپؐ کے پاس آتا تو آپؐ فرماتے: تم سفارش کرو تا کہ تمہیں بھی اجر دیا جائے اور اللہ اپنے رسول کی زبان سے جو وہ چاہے گا فیصلہ کرے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7477
یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ نبیؐ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی یوں نہ کہے: اے اللہ مجھے بخش دے اگر تو چاہے، مجھ پر رحم کر اگر تو چاہے، مجھے دے اگر تو چاہے۔ اور چاہیئے کہ دل کے پختہ ارادے سے اس سے مانگے وہ وہی کرتا ہے جو چاہتا ہے۔ اس کو زبردستی منوانے والا تو کوئی نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7478
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوحفص عمرو نے ہمیں بتایا۔ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے مجھے بتایا۔ ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ اور حضرت حر بن قیس بن حصن فزاریؓ حضرت موسیٰؑ کے ساتھی کے بارے میں کہ آیا وہ خضر تھے آپس میں بحث کرنے لگے۔ اسی اثنا میں حضرت ابی بن کعب انصاریؓ ان دونوں کے پاس سے گزرے تو حضرت ابن عباسؓ نے ان کو بلایا اور کہا کہ میں اور میرا یہ ساتھی حضرت موسیٰؑ کے اس ساتھی کے متعلق آپس میں بحث کر رہے ہیں جس کی ملاقات کے لئے حضرت موسیٰؑ نے راستہ دریافت کیا تھا۔ کیا آپؓ نے رسول اللہ ﷺ کو اس کا واقعہ بیان کرتے سنا؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: اسی اثنا میں کہ حضرت موسیٰؑ بنی اسرائیل کے مجمع میں تھے کہ اتنے میں ایک شخص آپؑ کے پاس آیا اور پوچھا: کیا آپؑ کسی کو جانتے ہیں جو آپؑ سے زیادہ عالم ہو؟ حضرت موسیٰؑ نے کہا نہیں۔ اس پر حضرت موسیٰؑ کو وحی کی گئی نہیں بلکہ ہمارا بندہ خضر (زیادہ عالم ہے۔) حضرت موسیٰؑ نے ان کی ملاقات کے لئے راستہ دریافت کیا تو اللہ نے ان کے لئے مچھلی ایک نشانی مقرر کردی اور ان سے کہا گیا: جب تم اس مچھلی کو کھو بیٹھو تو پھر تم لوٹ آؤ کیونکہ تم اس سے ملو گے۔ حضرت موسیٰؑ اس مچھلی کے نشان کے پیچھے پیچھے جو سمندر میں تھا، جاتے تھے۔ حضرت موسیٰؑ کے نوجوان نے حضرت موسیٰؑ سے کہا کہ جب ہم نے چٹان کے پاس آرام کیا تو میں اس چٹان کے پاس مچھلی کو بھول گیا۔ شیطان نے ہی مجھے اس کا یاد رکھنا بھلا دیا۔ حضرت موسیٰؑ نے کہا: یہی تو وہ تھا جو ہم چاہتے تھے۔ اس پر وہ دونوں اپنے قدموں کے نشان کا کھوج لیتے ہوئے واپس لوٹے اور انہوں نے خضر کو پالیا۔ پھر ان کا وہی واقعہ ہے جو اللہ نے بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7479
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ نیز احمد بن صالح نے کہا کہ ابن وہب نے ہم سے بیان کیا کہ یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: ہم کل انشاء اللہ بنو کنانہ کے ٹیلہ پر اُتریں گے جہاں لوگوں نے کفر پر اڑے رہنے کی آپس میں قسمیں کھائی تھیں۔ آپؐ کی مراد محصب تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7480
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیا ن کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے ابوالعباس سے، ابوالعباس نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے طائف والوں کا محاصرہ کیا مگر اس کو فتح نہیں کیا۔ آپؐ نے فرمایا: ہم انشاء اللہ کل لوٹ جائیں گے۔ مسلمان بولے: کیا ہم لوٹ جائیں اور ہم نے فتح نہیں کیا؟ آپؐ نے فرمایا: پھر کل صبح لڑائی شروع کردو۔ چنانچہ صبح کو وہ لڑنے لگے اور انہیں زخم لگے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کل ہم انشاء اللہ لوٹ جائیں گے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ بات انہیں پسند آئی تو رسول اللہ ﷺ مسکرائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7481
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ اس روایت کو نبی ﷺ تک پہنچاتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جب اللہ آسمان میں کسی امر کا فیصلہ کرتا ہے تو فرشتے اس کی بات سن کر عاجزی سے اپنے پَر پھڑپھڑاتے ہیں جس کی ایسی آواز ہوتی ہے جیسے زنجیر کو پتھر پر مارنے سے۔ علی (بن مدینی) کہتے تھے: سفیان کے سوا دوسرے راویوں نے کہا کہ (اس حدیث میں بجائے صَفْوَانٍ کے) صَفَوَانٍ ہے۔ یہ آواز (آسمان والوں تک) پہنچ جاتی ہے جب ان کے دلوں سے گھبراہٹ دور کی جاتی ہے تو وہ پوچھتے ہیں: تمہارے ربّ نے کیا کہا؟ تو وہ جواب دیتے ہیں: حق ہی فرمایا۔ اور وہ بہت بلند اور بہت ہی بڑا ہے۔ علی کہتے تھے: اور سفیان نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو نے ہمیں یہی بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ سفیان نے کہا: عمرو کہتے تھے: میں نے عکرمہ سے سنا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے بتایا۔ علی کہتے تھے: میں نے سفیان سے پوچھا: (کیا عمرو بن دینار نے یوں ہی) کہا تھا کہ میں نے عکرمہ سے سنا؟ عکرمہ نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے سفیان سے کہا کہ ایک آدمی نے یوں روایت کیا کہ عمرو بن دینار سے مروی ہے کہ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ اس کو مرفوع بیان کرتے تھے کہ انہوں نے اس آیت کو یوں پڑھا: فُزِّعَ۔ سفیان نے کہا: عمرو نے بھی اسی طرح پڑھا۔ میں نہیں جانتا کہ انہوں نے اسی طرح سنا تھا یا نہیں۔ سفیان نے کہا: یہی ہماری قراءت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7482
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی۔ ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ نے کسی بات کو بھی اتنا کان لگا کر نہیں سنا جتنا کہ نبی ﷺ کو کان لگا کر سنا جب کہ آپؐ قرآن خوش الحانی سے پڑھ رہے ہوں۔ اور حضرت ابوہریرہؓ کے ایک ساتھی نے کہا: خوش الحانی سے مراد اس کو بلند آواز سے پڑھنا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7483
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ ابو صالح نے ہمیں بتایا۔ ابو صالح نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ فرمائے گا: اے آدم! تو وہ کہیں گے: میں حاضر ہوں اور تیری خدمت کے لئے تیار ہوں۔ پھر بلند آواز سے پکار کر ان سے کہا جائے گا کہ اللہ تمہیں یہ حکم دیتا ہے کہ تم اپنی اولاد میں سے آگ میں جھونکنے کے لیے ایک گروہ نکال لو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7484
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں نے کسی عورت پر بھی اتنا رشک نہیں کیا جتنا کہ حضرت خدیجہؓ پر۔ آپؐ کے ربّ نے آپؐ سے یہ فرمایا تھا کہ خدیجہ کو ایک گھر کی بشارت دے دیں جو جنت میں ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7485
اسحاق نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالصمد نے ہمیں بتایا۔ عبدالرحمٰن نے جو کہ عبداللہ بن دینار کے بیٹے ہیں، ہم سے بیان کیا۔ عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ جب کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو جبریلؑ کو پکارتا ہے کہ اللہ فلاں سے محبت کرتا ہے تو بھی اس سے محبت کر۔ پھر جبریلؑ اس سے محبت کرتا ہے۔ پھر جبریلؑ آسمان میں پکار کر کہتا ہے کہ اللہ کو فلاں شخص سے محبت ہے تم بھی اس سے محبت کرو۔ چنانچہ آسمان والے اس سے محبت کرتے ہیں اور زمین کے لوگوں میں اس کے لئے قبولیت ڈال دی جاتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7486
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کچھ فرشتے رات کو اور کچھ فرشتے دن کو یکے بعد دیگرے تم میں آتے رہتے ہیں اور عصر کی نماز اور فجر کی نماز میں وہ اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ پھر جو تم میں رات کو رہے تھے وہ اوپر کو چلے جاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ ان سے پوچھتا ہے اور وہ ان سے بہتر جانتا ہے، تم نے میرے بندوں کو کس کیفیت میں چھوڑا ہے؟ وہ کہیں گے: ہم نے ان کو اس حالت میں چھوڑا ہے کہ وہ نماز پڑھ رہے تھے اور جب ہم ان کے پاس آئے تھے تو اس وقت بھی نماز پڑھ رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7487
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے واصل سے، واصل نے معرور سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوذرؓ سے سنا۔ وہ نبیﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جبریلؑ میرے پاس آئے اور انہوں نے مجھے یہ بشارت دی کہ جو ایسی حالت میں مرے گا کہ اللہ کا کسی کو شریک نہ ٹھہراتا ہوگا تو وہ جنت میں داخل ہوگا۔ میں نے کہا: گو اس نے چوری کی ہو، گو اس نے زنا کیا ہو؟ آپؐ نے فرمایا: گو اس نے چوری کی ہو گو اُس نے زنا کیا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7488
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالاحوص نے ہمیں بتایا۔ ابواسحاق ہمدانی نے ہم سے بیان کیا۔ ابواسحاق نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے فلاں! جب تم اپنے بستر پر آرام کرنے لگو تو یہ کہو: اے اللہ! میں نے اپنے آپ کو تیرے سپرد کیا اور اپنی توجہ تیری طرف کر دی اور اپنا معاملہ تجھے سونپ دیا اور اپنی پیٹھ تجھ پر ہی اُمید کرتے ہوئے اور تجھ سے ہی خوف کرتے ہوئے تجھ سے ہی ٹیک دی۔ کوئی جائے پناہ نہیں اور بجُز تیرے کہیں نجات کی جگہ نہیں۔ میں اس کتاب پر ایمان لایا جو تو نے اُتاری اور تیرے اس نبی کو مان لیا جو تو نے بھیجا۔ پھر اگر تم اس رات مر جاؤ تو فطرت پر مرو گے اور اگر تم صبح کرو تو اجر پاؤ گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7489
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ سفیان نے اسماعیل بن ابی خالد سے، اسماعیل نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہﷺ نے جنگ احزاب میں فرمایا: اے اللہ! قرآنِ مجید کے نازل کرنے والے، حساب جلد لینے والے، ان گروہوں کو بھگا دے اور ان کے قدم اُکھاڑ دے۔ حمیدی نے اتنا اور بڑھایا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی خالد نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت عبداللہؓ سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے نبیﷺ سے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7490
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ مسدد نے ہشیم سے، ہشیم نے ابو بشر سے، ابو بشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ یعنی تو اپنی نماز بلند آواز سے نہ پڑھ اور نہ بالکل خاموشی سے۔ (انہوں نے اللہ تعالیٰ کے اس قول کی نسبت) فرمایا کہ یہ آیت اُس وقت نازل کی گئی جب رسول اللہ ﷺ مکہ میں پوشیدہ طور پر رہتے تھے۔ جب آپؐ کی آواز بلند ہوتی، مشرکین سنتے تو وہ قرآن کو بُرا بھلا کہتے اور اس ذات کو بھی جس نے یہ نازل کیا اور اس کو بھی جو لے کر آیا۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا: وَ لَا تَجْهَرْ بِصَلَاتِكَ وَ لَا تُخَافِتْ بِهَا۔ یعنی اپنی قراءت کو اتنا اُونچا نہ کر کہ مشرک سن پائیں، اور اپنے ساتھیوں سے آواز اتنی دھیمی نہ کر کہ تو ان کو سنا نہ سکے اور اس کی درمیانی راہ اختیار کر۔ اور اُونچا نہ پڑھ کہ وہ تم سے قرآن لے لیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah