کتاب 10: كتاب الأذان

صحیح بخاری, حصہ 12

صحیح بخاری 822

محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا، کہا: محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے قتادہ سے سنا۔ انہوں نے حضرت انسؓ بن مالک سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: سجدہ میں اعتدال سے کام لو اور تم میں سے کوئی اپنی باہیں اس طرح نہ پھیلاوے جس طرح کتّا پھیلاتا ہے۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ قَالَ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ قَالَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ قَالَ سَمِعْتُ قَتَادَةَ عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " اعْتَدِلُوا فِي السُّجُودِ وَلاَ يَبْسُطْ أَحَدُكُمْ ذِرَاعَيْهِ انْبِسَاطَ الْكَلْبِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 823

محمد بن صباح نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہشیم نے ہمیں بتایا، کہا: خالد حذاء نے ہم سے بیان کیا۔ ابوقلابہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت مالکؓ بن حویرث لیثی نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے نبی ﷺ کو نماز پڑھتے دیکھا۔ جب آپؐ نماز کی طاق رکعت میں ہوتے تو آپؐ نہ اٹھتے جب تک کہ سیدھے ہو کر نہ بیٹھ جاتے۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الصَّبَّاحِ قَالَ أَخْبَرَنَا هُشَيْمٌ قَالَ أَخْبَرَنَا خَالِدٌ الْحَذَّاءُ عَنْ أَبِي قِلاَبَةَ قَالَ أَخْبَرَنَا مَالِكُ بْنُ الْحُوَيْرِثِ اللَّيْثِيُّ أَنَّهُ رَأَى النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يُصَلِّي فَإِذَا كَانَ فِي وِتْرٍ مِنْ صَلاَتِهِ لَمْ يَنْهَضْ حَتَّى يَسْتَوِيَ قَاعِدًا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 824

معلی بن اسد نے ہم سے بیان کیا، کہا: وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہمارے پاس حضرت مالکؓ بن حویرث آئے اور انہوں نے ہماری اس مسجد میں ہمیں نماز پڑھائی اور کہا: میں تمہیں نماز پڑھاتا ہوں اور میرا ارادہ نماز کا نہیں۔ بلکہ میں تمہیں دکھانا چاہتا ہوں کہ میں نے نبی ﷺ کو کیسے نماز پڑھتے دیکھا۔ ایوب کہتے تھے: میں نے ابوقلابہ سے پوچھا: حضرت مالکؓ کی نماز کیسی تھی؟ انہوں نے جواب دیا: ہمارے اس شیخ کی نماز کی طرح تھی۔ اس سے ان کی مراد عمرو بن سلمہ تھے۔ ایوب کہتے تھے اور وہ شیخ تکبیریں پوری کہتے تھے اور جب وہ دوسرے سجدہ سے سر اٹھاتے تو بیٹھ جاتے اور زمین پر سہارا لے کر پھر کھڑے ہوتے۔

حَدَّثَنَا مُعَلَّى بْنُ أَسَدٍ قَالَ حَدَّثَنَا وُهَيْبٌ عَنْ أَيُّوبَ عَنْ أَبِي قِلاَبَةَ قَالَ جَاءَنَا مَالِكُ بْنُ الْحُوَيْرِثِ فَصَلَّى بِنَا فِي مَسْجِدِنَا هَذَا فَقَالَ إِنِّي لأُصَلِّي بِكُمْ وَمَا أُرِيدُ الصَّلاَةَ وَلَكِنْ أُرِيدُ أَنْ أُرِيَكُمْ كَيْفَ رَأَيْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يُصَلِّي. قَالَ أَيُّوبُ فَقُلْتُ لأَبِي قِلاَبَةَ وَكَيْفَ كَانَتْ صَلاَتُهُ قَالَ مِثْلَ صَلاَةِ شَيْخِنَا هَذَا ـ يَعْنِي عَمْرَو بْنَ سَلِمَةَ ـ قَالَ أَيُّوبُ وَكَانَ ذَلِكَ الشَّيْخُ يُتِمُّ التَّكْبِيرَ وَإِذَا رَفَعَ رَأْسَهُ عَنِ السَّجْدَةِ الثَّانِيَةِ جَلَسَ وَاعْتَمَدَ عَلَى الأَرْضِ ثُمَّ قَامَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 825

یحيٰ بن صالح نے ہم سے بیان کیا، کہا: فلیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن حارث سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوسعیدؓ نے ہمیں نماز پڑھائی تو انہوں نے جس وقت سجدہ سے سر اٹھایا، بلند آواز سے اللہ اکبر کہا اور پھر اس وقت بھی جب (دوسرا) سجدہ کیا اور پھر جب سجدہ سے سر اٹھایا اور اس وقت بھی جب وہ دو رکعتیں پڑھ کر اٹھے اور انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو ایسے ہی (کرتے) دیکھا تھا۔

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ صَالِحٍ قَالَ حَدَّثَنَا فُلَيْحُ بْنُ سُلَيْمَانَ عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْحَارِثِ قَالَ صَلَّى لَنَا أَبُو سَعِيدٍ فَجَهَرَ بِالتَّكْبِيرِ حِينَ رَفَعَ رَأْسَهُ مِنَ السُّجُودِ وَحِينَ سَجَدَ وَحِينَ رَفَعَ وَحِينَ قَامَ مِنَ الرَّكْعَتَيْنِ وَقَالَ هَكَذَا رَأَيْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 826

سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا، کہا: حماد بن زید نے ہم سے بیان کیا، کہا: غیلان بن جریر نے ہمیں بتایا کہ مطرف سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے اور حضرت عمرانؓ (بن حصین) نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھی تو انہوں نے جب سجدہ کیا تو اللہ اکبر کہا اور جب سجدے سے سر اُٹھایا تو پھر اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہا اور جب دو رکعتیں پڑھ کر اُٹھے تب بھی اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہا: جب انہوں نے سلام پھیرا تو حضرت عمرانؓ نے میرا ہاتھ پکڑ کر کہا: انہوں نے تو ہمیں حضرت محمد ﷺ کی سی نماز پڑھائی ہے یا کہا: انہوں نے تو مجھے حضرت محمد ﷺ کی نماز یاد دلادی ہے۔

حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ قَالَ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ قَالَ حَدَّثَنَا غَيْلاَنُ بْنُ جَرِيرٍ عَنْ مُطَرِّفٍ قَالَ صَلَّيْتُ أَنَا وَعِمْرَانُ صَلاَةً خَلْفَ عَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ ـ رضى الله عنه ـ فَكَانَ إِذَا سَجَدَ كَبَّرَ وَإِذَا رَفَعَ كَبَّرَ وَإِذَا نَهَضَ مِنَ الرَّكْعَتَيْنِ كَبَّرَ فَلَمَّا سَلَّمَ أَخَذَ عِمْرَانُ بِيَدِي فَقَالَ لَقَدْ صَلَّى بِنَا هَذَا صَلاَةَ مُحَمَّدٍ صلى الله عليه وسلم. أَوْ قَالَ لَقَدْ ذَكَّرَنِي هَذَا صَلاَةَ مُحَمَّدٍ صلى الله عليه وسلم.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 827

عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے عبدالرحمن بن قاسم سے، عبدالرحمن نے عبداللہ بن عبداللہ سے روایت کی کہ انہوں نے (اپنے بیٹے) سے ذکر کیا کہ وہ (اپنے باپ) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کو دیکھتے تھے کہ نماز میں جب وہ بیٹھتے تو چار زانو ہو کر بیٹھتے۔ چنانچہ میں بھی اسی طرح بیٹھا۔ ان دنوں میں کم سِن تھا۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے مجھے روکا اور کہا: نماز میں بیٹھنے کا طریق تو یہی ہے کہ تو اپنا دایاں پائوں کھڑا کرے اور بائیں کو موڑ دے۔ میں نے کہا: آپؓ بھی تو اسی طرح بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے جواب دیا: میرے پائوں میرا بوجھ نہیں اُٹھا سکتے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْلَمَةَ عَنْ مَالِكٍ عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ الْقَاسِمِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ أَنَّهُ أَخْبَرَهُ أَنَّهُ كَانَ يَرَى عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ يَتَرَبَّعُ فِي الصَّلاَةِ إِذَا جَلَسَ فَفَعَلْتُهُ وَأَنَا يَوْمَئِذٍ حَدِيثُ السِّنِّ فَنَهَانِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عُمَرَ وَقَالَ إِنَّمَا سُنَّةُ الصَّلاَةِ أَنْ تَنْصِبَ رِجْلَكَ الْيُمْنَى وَتَثْنِيَ الْيُسْرَى. فَقُلْتُ إِنَّكَ تَفْعَلُ ذَلِكَ. فَقَالَ إِنَّ رِجْلَىَّ لاَ تَحْمِلاَنِي.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 828

یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد سے، خالد نے سعید سے، سعید نے محمد بن عمرو بن حلحلہ سے، انہوں نے محمد بن عمرو بن عطاء سے روایت کی۔
(یحيٰ نے کہا:) اور لیث نے یہ بھی ہمیں بتایا کہ یزید بن ابی حبیب اور یزید بن محمد سے مروی ہے کہ ان دونوں نے محمد بن عمرو بن حلحلہ سے، انہوں نے محمد بن عمرو بن عطاء سے روایت کی کہ وہ نبی ﷺ کے صحابہؓ کی ایک جماعت کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے کہ اتنے میں ہم نے نبی ﷺ کی نماز کا ذکر کیا تو حضرت ابو حمیدؓ ساعدی نے کہا: میں تم سب سے رسول اللہ ﷺ کی نماز کو زیادہ اچھی طرح یاد رکھنے والا ہوں۔ میں نے آپؐ کو دیکھا کہ جب آپؐ اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے تو اپنے دونوں ہاتھ اپنے کندھوں کے برابر لاتے اور جب آپؐ رکوع کرتے تو اپنے ہاتھوں کو اپنے گھٹنوں پر مضبوطی سے رکھتے۔ پھر اپنی پیٹھ جھکا دیتے اور جب سر اٹھاتے تو سیدھے کھڑے ہو جاتے۔ یہاں تک کہ آپؐ کی ریڑھ کی ہر ہڈی اپنی جگہ پر آ جاتی اور جب آپؐ سجدہ کرتے تو اپنے دونوں ہاتھوں کو نیچے رکھتے نہ انہیں بچھاتے اور نہ ہی انہیں سکیڑ کر پہلو سے لگاتے اور اپنے پائوں کی انگلیوں کی نوکیں قبلہ کی طرف رکھتے جب آپؐ دو رکعتیں پڑھ کر بیٹھتے تو اپنے بائیں پائوں پر بیٹھتے اور دایاں پائوں کھڑا رکھتے اور جب آخری رکعت پڑھنے کے بعد بیٹھتے تو بایاں پائوں آگے کرتے اور دوسرے کو کھڑا رکھتے اور سرین کے بل بیٹھتے۔
اور یہ حدیث لیث نے یزید بن ابی حبیب سے سنی۔ اور یزید نے محمد بن حلحلہ سے اور محمد بن حلحلہ نے ابن عطاء سے اور ابو صالح نے لیث سے یہ الفاظ نقل کئے ہیں: کُلُّ فَقَارٍ یعنی ریڑھ کی ہڈی (اپنی جگہ پر آ جاتی ہے) اور ابن مبارک نے یحيٰ بن ایوب سے یوں نقل کیا ہے: یزید بن ابی حبیب نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن عمرو (بن حلحلہ) نے ان سے یہ الفاظ نقل کئے: کُلُّ فَقَارٍ۔

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ قَالَ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ خَالِدٍ عَنْ سَعِيدٍ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرِو بْنِ حَلْحَلَةَ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرِو بْنِ عَطَاءٍ.
وَحَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ يَزِيدَ بْنِ أَبِي حَبِيبٍ وَيَزِيدَ بْنِ مُحَمَّدٍ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرِو بْنِ حَلْحَلَةَ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرِو بْنِ عَطَاءٍ أَنَّهُ كَانَ جَالِسًا مَعَ نَفَرٍ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَذَكَرْنَا صَلاَةَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ أَبُو حُمَيْدٍ السَّاعِدِيُّ أَنَا كُنْتُ أَحْفَظَكُمْ لِصَلاَةِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم رَأَيْتُهُ إِذَا كَبَّرَ جَعَلَ يَدَيْهِ حِذَاءَ مَنْكِبَيْهِ وَإِذَا رَكَعَ أَمْكَنَ يَدَيْهِ مِنْ رُكْبَتَيْهِ ثُمَّ هَصَرَ ظَهْرَهُ فَإِذَا رَفَعَ رَأْسَهُ اسْتَوَى حَتَّى يَعُودَ كُلُّ فَقَارٍ مَكَانَهُ فَإِذَا سَجَدَ وَضَعَ يَدَيْهِ غَيْرَ مُفْتَرِشٍ وَلاَ قَابِضِهِمَا وَاسْتَقْبَلَ بِأَطْرَافِ أَصَابِعِ رِجْلَيْهِ الْقِبْلَةَ فَإِذَا جَلَسَ فِي الرَّكْعَتَيْنِ جَلَسَ عَلَى رِجْلِهِ الْيُسْرَى وَنَصَبَ الْيُمْنَى وَإِذَا جَلَسَ فِي الرَّكْعَةِ الآخِرَةِ قَدَّمَ رِجْلَهُ الْيُسْرَى وَنَصَبَ الأُخْرَى وَقَعَدَ عَلَى مَقْعَدَتِهِ.
وَسَمِعَ اللَّيْثُ يَزِيدَ بْنَ أَبِي حَبِيبٍ وَيَزِيدُ مِنْ مُحَمَّدِ بْنِ حَلْحَلَةَ وَابْنُ حَلْحَلَةَ مِنَ ابْنِ عَطَاءٍ. قَالَ أَبُو صَالِحٍ عَنِ اللَّيْثِ كُلُّ فَقَارٍ. وَقَالَ ابْنُ الْمُبَارَكِ عَنْ يَحْيَى بْنِ أَيُّوبَ قَالَ حَدَّثَنِي يَزِيدُ بْنُ أَبِي حَبِيبٍ أَنَّ مُحَمَّدَ بْنَ عَمْرٍو حَدَّثَهُ كُلُّ فَقَارٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 829

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: بنی عبدالمطلب کے آزاد کردہ غلام عبدالرحمن بن ہرمز نے بیان کیا اور ایک دفعہ کہا: ربیعہ بن حارث کے آزاد کردہ غلام نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت عبداللہؓ بن بحینہ نے جو قبیلہ ازدشنوئہ میں سے تھے اور بنی عبدمناف کے حلیف تھے اور نبی ﷺ کے صحابہ میں سے تھے، (کہا:) نبی ﷺ نے انہیں ظہر کی نماز پڑھائی اور آپؐ پہلی دو رکعتوں میں کھڑے ہوگئے، بیٹھے نہیں اور لوگ بھی آپؐ کے ساتھ کھڑے ہوگئے جب آپؐ نماز پڑھ چکے اور لوگ انتظار کرتے تھے کہ آپؐ سلام پھیریں گے تو آپؐ نے اسی حالت میں کہ آپؐ بیٹھے ہوئے تھے، اَللّٰہُ اَکْبَر کہا اور سلام سے پہلے دو سجدے کئے۔ پھر آپؐ نے سلام پھیرا۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ قَالَ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ حَدَّثَنِي عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ هُرْمُزَ مَوْلَى بَنِي عَبْدِ الْمُطَّلِبِ ـ وَقَالَ مَرَّةً مَوْلَى رَبِيعَةَ بْنِ الْحَارِثِ ـ أَنَّ عَبْدَ اللَّهِ ابْنَ بُحَيْنَةَ ـ وَهْوَ مِنْ أَزْدِ شَنُوءَةَ وَهْوَ حَلِيفٌ لِبَنِي عَبْدِ مَنَافٍ وَكَانَ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم. أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم صَلَّى بِهِمُ الظُّهْرَ فَقَامَ فِي الرَّكْعَتَيْنِ الأُولَيَيْنِ لَمْ يَجْلِسْ فَقَامَ النَّاسُ مَعَهُ حَتَّى إِذَا قَضَى الصَّلاَةَ وَانْتَظَرَ النَّاسُ تَسْلِيمَهُ كَبَّرَ وَهْوَ جَالِسٌ فَسَجَدَ سَجْدَتَيْنِ قَبْلَ أَنْ يُسَلِّمَ ثُمَّ سَلَّمَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 830

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: بکر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جعفر بن ربیعہ سے، جعفر نے اعرج سے، اعرج نے حضرت عبداللہؓ بن مالک بن بحینہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ظہر کی نماز ہمیں پڑھائی اور آپؐ کھڑے ہوگئے جبکہ آپؐ کو بیٹھنا تھا۔ جب آپؐ نماز پڑھ چکے تو آپؐ نے اسی حالت میں کہ بیٹھے تھے؛ دو سجدے کئے۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ قَالَ حَدَّثَنَا بَكْرٌ عَنْ جَعْفَرِ بْنِ رَبِيعَةَ عَنِ الأَعْرَجِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَالِكٍ ابْنِ بُحَيْنَةَ قَالَ صَلَّى بِنَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم الظُّهْرَ فَقَامَ وَعَلَيْهِ جُلُوسٌ فَلَمَّا كَانَ فِي آخِرِ صَلاَتِهِ سَجَدَ سَجْدَتَيْنِ وَهْوَ جَالِسٌ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 831

ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: اعمش نے ہمیں بتایا۔ شقیق بن سلمہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہؓ کہتے تھے: ہم جب نبی ﷺ کے پیچھے نماز پڑھتے تو یہ کہتے: جبریل اور میکائیل پر سلامتی ہو فلاں اور فلاں پر سلامتی ہو۔ رسول اللہ ﷺ ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ہی تو سلام ہے۔ جب تم میں سے کوئی نماز پڑھے تو چاہیے کہ یوں دعا کرے یعنی زبان سے متعلقہ تمام عبادتیں اللہ ہی کے لیے ہیں اور بدنی عبادتیں اور مالی عبادتیں بھی (اللہ ہی کے لیے ہیں) اے نبی تجھ پر سلامتی اور اللہ کی رحمت اور اس کی برکتیں ہوں اور سلامتی ہو ہم پر بھی اور اللہ کے نیک بندوں پر بھی۔ کیونکہ جب تم یہ کہو گے تو آسمان اور زمین میں اللہ کے ہر نیک بندے کو دعا پہنچے گی۔ اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ۔ یعنی میں گواہی دیتا ہوں ( یا علی الصدق اقرار کرتا ہوں ) کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ محمدؐ اس کے بندے اور رسول ہیں۔

حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ قَالَ حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ عَنْ شَقِيقِ بْنِ سَلَمَةَ قَالَ قَالَ عَبْدُ اللَّهِ كُنَّا إِذَا صَلَّيْنَا خَلْفَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قُلْنَا السَّلاَمُ عَلَى جِبْرِيلَ وَمِيكَائِيلَ السَّلاَمُ عَلَى فُلاَنٍ وَفُلاَنٍ. فَالْتَفَتَ إِلَيْنَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ " إِنَّ اللَّهَ هُوَ السَّلاَمُ فَإِذَا صَلَّى أَحَدُكُمْ فَلْيَقُلِ التَّحِيَّاتُ لِلَّهِ وَالصَّلَوَاتُ وَالطَّيِّبَاتُ السَّلاَمُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ السَّلاَمُ عَلَيْنَا وَعَلَى عِبَادِ اللَّهِ الصَّالِحِينَ. فَإِنَّكُمْ إِذَا قُلْتُمُوهَا أَصَابَتْ كُلَّ عَبْدٍ لِلَّهِ صَالِحٍ فِي السَّمَاءِ وَالأَرْضِ أَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 832

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عروہ بن زبیر نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں خبر دی کہ انہوں نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نماز میں (تشہد کے بعد) یہ دعا کیا کرتے تھے۔۔۔ یعنی اے اللہ! قبر کے عذاب سے میں تیری پناہ لیتا ہوں۔ مسیح دجال کے فتنے سے بھی تیری پناہ لیتا ہوں اور موت اور زندگی کے فتنے سے بھی تیری پناہ لیتا ہوں۔ اے اللہ! گناہ اور قرض سے بھی تیری پناہ لیتا ہوں۔ کسی کہنے والے نے آپؐ سے کہا: تعجب ہے کہ آپؐ قرضداری سے اکثر پناہ مانگتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جب آدمی قرض دار ہوتا ہے تو اپنی بات میں جھوٹا ہوجاتا ہے اور جب وعدہ کرتا ہے تو وعدہ خلافی کرتا ہے۔

اور محمد بن یوسف نے کہا: میں نے خلف بن عامر سے سنا مسیح اور مِسِّیح کے متعلق کہتے تھے کہ ان دونوں کے درمیان کوئی فرق نہیں دونوں لفظ ایک ہی ہیں۔ ان میں سے (یعنی مسیح) تو حضرت عیسٰیؑ علیہ السلام ہیں اور دوسرا (یعنی مِسِّیح) دجال ہے۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ قَالَ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنَا عُرْوَةُ بْنُ الزُّبَيْرِ عَنْ عَائِشَةَ زَوْجِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَخْبَرَتْهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كَانَ يَدْعُو فِي الصَّلاَةِ " اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَسِيحِ الدَّجَّالِ وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَحْيَا وَفِتْنَةِ الْمَمَاتِ اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْمَأْثَمِ وَالْمَغْرَمِ ". فَقَالَ لَهُ قَائِلٌ مَا أَكْثَرَ مَا تَسْتَعِيذُ مِنَ الْمَغْرَمِ فَقَالَ " إِنَّ الرَّجُلَ إِذَا غَرِمَ حَدَّثَ فَكَذَبَ وَوَعَدَ فَأَخْلَفَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 833

اور زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ نماز میں فتنہ دجال سے پناہ مانگتے تھے۔

وَعَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي عُرْوَةُ أَنَّ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَسْتَعِيذُ فِي صَلاَتِهِ مِنْ فِتْنَةِ الدَّجَّالِ

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 834

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابوحبیب سے، یزید نے ابوالخیر سے، ابوالخیر نے عبداللہ بن عمرو سے، عبداللہ نے حضرت ابوبکر صدیقؓ سے روایت کی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے کہا: آپؐ مجھے دعا سکھائیں جو میں نماز میں کیا کروں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ دعا کیا کرو۔ اے اللہ! میں نے اپنی جان پر بہت ظلم کیا ہے اور تیرے سوا کوئی بھی گناہوں کی مغفرت کرنے والا نہیں ہے۔ سو اپنی جناب سے میری مغفرت فرما اور مجھے رحمت سے نواز۔ یقیناً تو ہی غفور و رحیم ہے۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ قَالَ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ يَزِيدَ بْنِ أَبِي حَبِيبٍ عَنْ أَبِي الْخَيْرِ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو عَنْ أَبِي بَكْرٍ الصِّدِّيقِ ـ رضى الله عنه ـ. أَنَّهُ قَالَ لِرَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَلِّمْنِي دُعَاءً أَدْعُو بِهِ فِي صَلاَتِي. قَالَ " قُلِ اللَّهُمَّ إِنِّي ظَلَمْتُ نَفْسِي ظُلْمًا كَثِيرًا وَلاَ يَغْفِرُ الذُّنُوبَ إِلاَّ أَنْتَ فَاغْفِرْ لِي مَغْفِرَةً مِنْ عِنْدِكَ وَارْحَمْنِي إِنَّكَ أَنْتَ الْغَفُورُ الرَّحِيمُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 835

مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ اعمش سے مروی ہے کہ مجھے شقیق نے بتایا۔ انہوں نے حضرت عبد اللہؓ (بن مسعود) سے روایت کی۔ آپؓ نے بیان کیا: جب ہم آنحضرت ﷺ کے ساتھ نماز میں ہوتے تو ہم یوں کہا کرتے تھے: اللہ پر اس کے بندوں کی طرف سے سلامتی ہو اور فلاں فلاں شخص پر سلامتی ہو تو نبی ﷺ نے فرمایا: اَلسَّلَامُ عَلَی اللّٰہِ مت کہو۔ کیونکہ اللہ ہی تو سلام ہے۔ بلکہ یہ کہا کرو : زبان سے متعلقہ تمام عبادتیں اللہ ہی کے لئے ہیں اور بدنی عبادتیں اور مالی عبادتیں بھی ( اللہ ہی کے لئے ہیں) اے نبی تجھ پر سلامتی اور اللہ کی رحمت اور اس کی برکتیں ہوں اور سلامتی ہو ہم پر بھی اور اللہ کے نیک بندوں پر بھی۔ کیونکہ جب تم (یہ) کہو گے تو آسمان میں یا (فرمایا:) آسمان و زمین کے درمیان ہر بندے کو (تمہاری دعا) پہنچے گی (اس کے بعد یہ کہو) میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ محمدؐ اس کا بندہ اور اس کا رسول ہے۔ پھر دعائوں میں سے جو دعا بھی اس کو پسند ہو وہ مانگے۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ قَالَ حَدَّثَنَا يَحْيَى عَنِ الأَعْمَشِ حَدَّثَنِي شَقِيقٌ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ كُنَّا إِذَا كُنَّا مَعَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فِي الصَّلاَةِ قُلْنَا السَّلاَمُ عَلَى اللَّهِ مِنْ عِبَادِهِ السَّلاَمُ عَلَى فُلاَنٍ وَفُلاَنٍ. فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " لاَ تَقُولُوا السَّلاَمُ عَلَى اللَّهِ. فَإِنَّ اللَّهَ هُوَ السَّلاَمُ وَلَكِنْ قُولُوا التَّحِيَّاتُ لِلَّهِ وَالصَّلَوَاتُ وَالطَّيِّبَاتُ السَّلاَمُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ السَّلاَمُ عَلَيْنَا وَعَلَى عِبَادِ اللَّهِ الصَّالِحِينَ. فَإِنَّكُمْ إِذَا قُلْتُمْ أَصَابَ كُلَّ عَبْدٍ فِي السَّمَاءِ أَوْ بَيْنَ السَّمَاءِ وَالأَرْضِ أَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ ثُمَّ يَتَخَيَّرُ مِنَ الدُّعَاءِ أَعْجَبَهُ إِلَيْهِ فَيَدْعُو ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 836

مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے ابوسلمہ (بن عبدالرحمن) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوسعیدؓ خدری سے پوچھا تو انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو پانی اور کیچڑ میں سجدہ کرتے دیکھا۔ یہاں تک کہ میں نے آپؐ کی پیشانی میں کیچڑ کا نشان بھی دیکھا۔

حَدَّثَنَا مُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ قَالَ حَدَّثَنَا هِشَامٌ عَنْ يَحْيَى عَنْ أَبِي سَلَمَةَ قَالَ سَأَلْتُ أَبَا سَعِيدٍ الْخُدْرِيَّ فَقَالَ رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَسْجُدُ فِي الْمَاءِ وَالطِّينِ حَتَّى رَأَيْتُ أَثَرَ الطِّينِ فِي جَبْهَتِهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 837

موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابراہیم بن سعد نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) زہری نے ہمیں بتایا۔ ہند بنت حارث سے مروی ہے کہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ جب سلام پھیرتے تو عورتیں جو نہی آپؐ سلام پھیرتے کھڑی ہو جاتیں اور آپؐ اٹھنے سے پہلے تھوڑی دیر ٹھہر جاتے۔ ابن شہاب نے کہا: میں سمجھتا ہوں اور پورا علم تو اللہ ہی کو ہے کہ آپؐ کا یہ ٹھہرنا اس لئے تھا کہ عورتیں نکل جائیں۔ پیشتر اس کے کہ جو لوگ نماز سے فارغ ہو گئے ہوں ان کو پائیں۔

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ سَعْدٍ حَدَّثَنَا الزُّهْرِيُّ عَنْ هِنْدٍ بِنْتِ الْحَارِثِ أَنَّ أُمَّ سَلَمَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم إِذَا سَلَّمَ قَامَ النِّسَاءُ حِينَ يَقْضِي تَسْلِيمَهُ وَمَكَثَ يَسِيرًا قَبْلَ أَنْ يَقُومَ. قَالَ ابْنُ شِهَابٍ فَأُرَى ـ وَاللَّهُ أَعْلَمُ ـ أَنَّ مُكْثَهُ لِكَىْ يَنْفُذَ النِّسَاءُ قَبْلَ أَنْ يُدْرِكَهُنَّ مَنِ انْصَرَفَ مِنَ الْقَوْمِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 838

حبان بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: معمر (بن راشد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے حضرت محمودؓ بن ربیع سے، حضرت محمودؓ نے حضرت عتبانؓ (بن مالک) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نے نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھی اور جب آپؐ نے سلام پھیرا تو ہم نے بھی سلام پھیرا۔

حَدَّثَنَا حِبَّانُ بْنُ مُوسَى قَالَ أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ قَالَ أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ مَحْمُودِ بْنِ الرَّبِيعِ عَنْ عِتْبَانَ قَالَ صَلَّيْنَا مَعَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَسَلَّمْنَا حِينَ سَلَّمَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 839

عبدان نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: معمر نے ہم سے بیان کیا۔ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت محمودؓ بن ربیع نے مجھے بتایا اور ان کا خیال تھا کہ ان کو رسول اللہ ﷺ (کے دور) کا ہوش ہے اور انہیں وہ کلی بھی یاد ہے جو آپؐ نے ایک ڈول سے جو کہ ان کے گھر میں تھا، لے کر ان پر ڈالی تھی۔

حَدَّثَنَا عَبْدَانُ قَالَ أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ قَالَ أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي مَحْمُودُ بْنُ الرَّبِيعِ وَزَعَمَ أَنَّهُ عَقَلَ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَعَقَلَ مَجَّةً مَجَّهَا مِنْ دَلْوٍ كَانَ فِي دَارِهِمْ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 840

(حضرت محمودؓ بن ربیع) کہتے تھے کہ میں نے حضرت عتبانؓ بن مالک انصاری سے جو (قبیلہ) بنی سالم میں سے ایک شخص تھے ، سنا۔ انہوں نے کہا: میں اپنی قوم بنی سالم کو نماز پڑھایا کرتا تھا۔ میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور میں نے کہا: میری بینائی کمزور ہوگئی ہے اور پانی کے سیلاب میرے اور میری قوم کی مسجد کے درمیان روک ہوجاتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ آپؐ آئیں اور میرے گھر میں ایسی جگہ نماز پڑھیں جسے میں مسجد بنا لوں۔ آپؐ نے فرمایا: انشاء اللہ میں آؤں گا۔ پھر صبح کو رسول اللہ ﷺ میرے پاس آئے اور حضرت ابوبکرؓ آپ کے ساتھ تھے۔ دن اچھی طرح چڑھ چکا تھا۔ نبی ﷺ نے اندر آنے کی اجازت چاہی میں نے آپؐ کو اجازت دی۔ آپؐ بیٹھے نہیں کہ آپؐ نے فرمایا: تم اپنے گھر میں کہاں پسند کرتے ہو کہ میں نماز پڑھوں۔ انہوں نے اس جگہ کی طرف اشارہ کیا جہاں وہ چاہتے تھے کہ آنحضرت ﷺ نماز پڑھیں۔ آپؐ کھڑے ہوگئے اور ہم نے آپؐ کے پیچھے صف باندھ لی۔ پھر آپؐ نے سلام پھیرا اور جس وقت آپؐ نے سلام پھیرا تو ہم نے بھی سلام پھیرا۔ (یعنی سلامتی کی دعائے مسنون کی)۔

قَالَ سَمِعْتُ عِتْبَانَ بْنَ مَالِكٍ الأَنْصَارِيَّ ثُمَّ أَحَدَ بَنِي سَالِمٍ قَالَ كُنْتُ أُصَلِّي لِقَوْمِي بَنِي سَالِمٍ فَأَتَيْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَقُلْتُ إِنِّي أَنْكَرْتُ بَصَرِي وَإِنَّ السُّيُولَ تَحُولُ بَيْنِي وَبَيْنَ مَسْجِدِ قَوْمِي فَلَوَدِدْتُ أَنَّكَ جِئْتَ فَصَلَّيْتَ فِي بَيْتِي مَكَانًا حَتَّى أَتَّخِذَهُ مَسْجِدًا فَقَالَ " أَفْعَلُ إِنْ شَاءَ اللَّهُ ". فَغَدَا عَلَىَّ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَأَبُو بَكْرٍ مَعَهُ بَعْدَ مَا اشْتَدَّ النَّهَارُ فَاسْتَأْذَنَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَأَذِنْتُ لَهُ فَلَمْ يَجْلِسْ حَتَّى قَالَ " أَيْنَ تُحِبُّ أَنْ أُصَلِّيَ مِنْ بَيْتِكَ ". فَأَشَارَ إِلَيْهِ مِنَ الْمَكَانِ الَّذِي أَحَبَّ أَنْ يُصَلِّيَ فِيهِ فَقَامَ فَصَفَفْنَا خَلْفَهُ ثُمَّ سَلَّمَ وَسَلَّمْنَا حِينَ سَلَّمَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 841

اسحق بن نصر نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ کہا: عمرو نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام ابومعبد نے انہیں بتایا کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے انہیں خبر دی کہ جب لوگ نمازِ فریضہ سے فارغ ہوتے تو نبی کریم ﷺ کے زمانہ میں ذکرِ الٰہی بلند آواز میں کیا جاتا اور حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ جب میں اس ذکر کو سنتا تو مجھے علم ہو جاتا کہ لوگ اس وقت فارغ ہوگئے ہیں۔

حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ نَصْرٍ قَالَ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ قَالَ أَخْبَرَنَا ابْنُ جُرَيْجٍ قَالَ أَخْبَرَنِي عَمْرٌو أَنَّ أَبَا مَعْبَدٍ مَوْلَى ابْنِ عَبَّاسٍ أَخْبَرَهُ أَنَّ ابْنَ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ أَخْبَرَهُ أَنَّ رَفْعَ الصَّوْتِ بِالذِّكْرِ حِينَ يَنْصَرِفُ النَّاسُ مِنَ الْمَكْتُوبَةِ كَانَ عَلَى عَهْدِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم. وَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ كُنْتُ أَعْلَمُ إِذَا انْصَرَفُوا بِذَلِكَ إِذَا سَمِعْتُهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی