کتاب 10: كتاب الأذان
صحیح بخاری, حصہ 11
صحیح بخاری 802
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا ، کہا: حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت مالکؓ بن حویرث ہمیں دکھاتے تھے کہ نبی ﷺ کی نماز کیسی ہوتی تھی اور نماز کے وقت یہ نہیں دکھایا (یعنی وہ کسی نماز کا وقت نہیں تھا) وہ اٹھے اور اچھی طرح کھڑے رہے۔ پھر رکوع کیا اور اچھی طرح رکوع کیا۔ پھر سر اٹھایا اور تھوڑی دیر تک سیدھے کھڑے رہے۔ (ابوقلابہ) کہتے تھے کہ انہوں نے ہمارے اس شیخ ابوبُرید کی طرح نماز پڑھی ہے اور ابوبُرید جب (آخری) سجدہ سے سر اٹھاتے تو سیدھے بیٹھ جاتے اور پھر اٹھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 803
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا ، کہا : شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ابوبکربن عبدالرحمن بن حارث بن ہشام اور ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہؓ رمضان میں اور رمضان کے علاوہ دوسرے وقتوں میں بھی ہر نماز میں اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہتے۔ نمازِ فریضہ میں بھی اور اس کے سوا اور نمازوں میں بھی۔ جب وہ کھڑے ہوتے تو اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہتے اور پھر جب رکوع کرتے تب بھی اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے۔ پھر کہتے: سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ۔ پھر سجدہ کرنے سے پہلے رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ کہتے۔ پھر جب سجدہ میں جاتے تو اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے۔ پھر جب سجدہ سے سر اٹھاتے تو اللہ اکبر کہتے۔ پھر جب سجدہ کرتے تو اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے۔ پھر جب سجدہ سے سر اٹھاتے تو اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے۔ پھر جب دو رکعتوں کے بعد بیٹھ کر اٹھتے تو اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے اور اسی طرح ہر رکعت میں کیا کرتے۔ یہاں تک کہ نماز سے فارغ ہو جاتے۔ پھر جب نماز سے فارغ ہو جاتے تو کہتے: قسم ہے اس کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ تم لوگوں کی نسبت میری نماز رسول اللہ ﷺ کی نماز سے زیادہ مشابہ ہے۔ یہی آپؐ کی نماز تھی یہاں تک کہ دنیا سے آپؐ جدا ہوئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 804
(ابو بکر اور ابو سلمہ) کہتے تھے: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ جس وقت سر اٹھاتے تو کہتے: سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ۔ رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْد۔ کئی آدمیوں کے لئے دعا کرتے اور ان کا نام لیتے۔ چنانچہ آپؐ فرماتے: یا اللہ! ولیدؓ بن ولید کو نجات دے اور سلمہؓ بن ہشام اور عیاشؓ بن ابی ربیعہ کو اور مومنوں میں سے جو کمزور سمجھے جاتے ہیں ان کو نجات دے۔ یا اللہ! مضر (قبیلہ) کو سختی سے پکڑ اور ان پر ایسی قحط سالیاں بھیج جو یوسف کی قحط سالیوں جیسی ہوں اور اس زمانے میں مضریوں میں سے مشرق والے آپؐ کے مخالف تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 805
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا ، کہا : سفیان نے زہری سے کئی بار روایت کرتے ہوئے بتایا کہ (زہری نے) کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ گھوڑے پر سے گر پڑے اور کبھی سفیان نے (عَنْ فَرَسٍ کی جگہ) مِنْ فَرَسٍ کہا۔ اس سے آپؐ کا داہنا پہلو چھل گیا۔ ہم آپؐ کے پاس گئے کہ آپؐ کی عیادت کریں۔ اتنے میں نماز کا وقت آگیا۔ آپؐ نے ہمیں بیٹھ کر نماز پڑھائی اور ہم بھی بیٹھ گئے اور ایک بار سفیان نے (بیٹھ گئے کی جگہ) کہا: ہم نے بھی بیٹھ کر نماز پڑھی۔ جب آپؐ نماز پڑھ چکے تو آپؐ نے فرمایا: امام تو اسی لئے مقرر کیا گیا ہے کہ اس کی اقتدا کی جائے۔ پس جب وہ تکبیر کہے۔ تو تم بھی تکبیر کہو اور جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو اور جب وہ سر اُٹھائے تو تم بھی سر اُٹھاؤ اور جب وہ کہے: سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ تو تم کہو رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ اور جب وہ سجدہ کرے تو تم بھی سجدہ کرو۔ سفیان نے (علی بن مدینی سے) پوچھا: کیا معمر نے یہ حدیث اسی طرح بیان کی ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ سفیان نے کہا: معمر نے واقعی اسی طرح یاد رکھا۔ زہری نے وَلَکَ الْحَمْد ہی کہا۔ (سفیان نے یہ بھی کہا) مجھے یاد ہے کہ زہری نے یوں کہا: مِنْ شِقِّہِ الْاَیْمَنِ۔ جب ہم زہری کے پاس سے نکلے تو ابن جریج نے کہا: میں ان کے پاس موجود تھا اور انہوں نے فَجُحِشَ سَاقُہُ الْاَیْمَنُ کہا تھا۔
قَالَ سُفْيَانُ كَذَا جَاءَ بِهِ مَعْمَرٌ قُلْتُ نَعَمْ. قَالَ لَقَدْ حَفِظَ كَذَا قَالَ الزُّهْرِيُّ وَلَكَ الْحَمْدُ. حَفِظْتُ مِنْ شِقِّهِ الأَيْمَنِ. فَلَمَّا خَرَجْنَا مِنْ عِنْدِ الزُّهْرِيِّ قَالَ ابْنُ جُرَيْجٍ ـ وَأَنَا عِنْدَهُ ـ فَجُحِشَ سَاقُهُ الأَيْمَنُ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 806
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا ، کہا : شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب اور عطاء بن یزید لیثی نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابو ہریرہؓ نے انہیں بتایا۔ لوگوں نے پوچھا: یا رسول اللہ! کیا ہم اپنے ربّ کو قیامت کے دن دیکھیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: کیا تم چودھویں کی رات چاند میں شک کرسکتے ہو جبکہ اس کے سامنے بادل نہ ہو؟ انہوں نے کہا: نہیں یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم سورج میں شک کرتے ہو جبکہ اس کے سامنے بادل نہ ہو؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا : (لا ریب) تم بھی اس (یعنی اللہ تعالیٰ) کو اسی طرح دیکھو گے۔ لوگ قیامت کے دن اکٹھے کئے جائیں گے۔ پھر اللہ تعالیٰ کہے گا: جو شخص جس چیز کو پوجتا تھا وہ اس کے پیچھے ہو لے۔ پس ان میں سے کوئی سورج کے پیچھے ہو جائے گا اور کوئی چاند کے اور کوئی بتوں اور سرداروں کے اور یہ امت رہ جائے گی۔ اس میں منافق بھی ہوں گے۔ ان کے پاس اللہ آئے گا اور کہے گا: میں تمہارا ربّ ہوں۔ تو وہ کہیں گے: ہم یہیں اپنی جگہ رہیں گے، جب تک کہ ہمارا ربّ آجائے۔ جب ہمارا رب آئے گا ہم اس کو پہچان لیں گے۔ چنانچہ اللہ (عزوجل) ان کے پاس آئے گا اور فرمائے گا: میں تمہارا ربّ ہوں۔ تو وہ کہیں گے: (بے شک) تو ہمارا ربّ ہے۔ پھر وہ ان کو بلائے گا اور جہنم کے درمیان راستہ بنایا جائے گا۔ پیغمبروں میں سے میں پہلا شخص ہوں گا جو اپنی امت کو لے کر پار ہوگا اور اس دن سوائے پیغمبروں کے اور کوئی کلام نہیں کرے گا اور پیغمبر بھی اس دن یہی کہیں گے: اے اللہ بچائیو! بچائیو! اور جہنم میں اونٹ کٹارے کے کانٹوں کی مانند آنکڑے ہوں گے۔ کیا تم نے اونٹ کٹارے کے کانٹے دیکھے ہیں؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: وہ ہوں گے تو اونٹ کٹارے کے کانٹے کی طرح مگر اللہ ہی جانتا ہے کتنے بڑے ہوں گے۔ وہ لوگوں کو ان کے اعمال کے مطابق اچک لیں گے۔ پس کوئی تو اپنے عمل کی وجہ سے بالکل ہلاک ہو جائے گا اور کوئی چکنا چور ہو کر پھر بچ جائے گا۔ یہاں تک کہ جب اللہ دوزخیوں میں سے بعض پر رحم کرنا چاہے گا تو ملائکہ کو حکم دے گا کہ جو اللہ کو پوجتا تھا، اسے نکالو۔ چنانچہ وہ ان کو نکالیں گے اور سجدہ کے نشانوں سے ان کو پہچانیں گے اور اللہ نے دوزخ پر حرام کردیا ہے کہ وہ سجدے کے نشان کو کھا سکے۔ چنانچہ آگ آدمی کا سارا جسم کھا جائے گی سوائے نشان سجدہ کے۔ وہ آگ سے ایسی حالت میں نکالے جائیں گے کہ کوئلہ کی طرح جلے ہوئے ہوں گے۔ ان پر زندگی کا پانی ڈالا جائے گا تو وہ اسی طرح پھر اُبھر آئیں گے جس طرح دانہ سیلاب کے پھینکے ہوئے کوڑے کرکٹ میں ابھر آتا ہے۔ پھر اللہ بندوں کا فیصلہ کرنے سے فارغ ہوگا اور ایک شخص دوزخ اور جنت کے درمیان رہ جائے گا اور وہ سب دوزخیوں کے بعد جنت میں داخل ہوگا۔ اس کا منہ دوزخ کی طرف ہوگا اور وہ کہے گا: اے میرے رب ! آگ سے میرا منہ پھیر دے۔ اس کی لپٹ نے تو مجھے نڈھال کردیا ہے اور اس کی تیزی نے مجھے جلا دیا ہے۔ اللہ فرمائے گا: کیا یہ تو نہیں ہوگا کہ تجھ سے یہ سلوک کئے جانے پر کوئی اور درخواست کرے؟ وہ کہے گا: نہیں تیری عزت کی قسم۔ اور اللہ عزوجل سے جیسے جیسے وہ چاہے گا عہد و پیمان کرے گا۔ تب اللہ اس کے منہ کو آگ سے پھیر دے گا۔ پس جب وہ جنت کی طرف منہ کرے گا تو اس کی بہار دیکھے گا۔ جتنی دیر اللہ چاہے گا ، وہ خاموش رہے گا۔ پھر کہے گا: اے میرے رب! مجھے جنت کے دروازے پر پہنچا دے۔ اللہ تعالیٰ اسے کہے گا: کیا تو نے عہد و پیمان نہیں کئے تھے کہ جو تو مانگ چکا ہے۔ اس کے علاوہ اور نہ مانگے گا؟ تو وہ کہے گا: اے میرے رب ! کیا تیری مخلوق میں صرف میں ہی بدبخت ہوں؟ اس پر اللہ کہے گا: اچھا ! اگر میں تیری یہ درخواست بھی منظور کر لوں تو پھر تو کچھ اور تو نہیں مانگے گا؟ وہ کہے گا: ہرگز نہیں۔ تیری ہی عزت کی قسم! میں (تجھ سے) اور کچھ نہیں مانگوں گا اور وہ اس پر جو بھی قول و اقرار اللہ چاہے گا پیش کرے گا اور اللہ اس کو جنت کے دروازے تک پہنچا دے گا۔ جب وہ اس کے دروازے پر پہنچے گا تو وہاں کی بہاریں اور اس میں جو تازگی و فرحت ہوگی دیکھے گا اور جتنی دیر اللہ چاہے گا خاموش رہے گا۔ پھر کہے گا: اے میرے رب ! مجھے جنت میں داخل کر دے۔ اس پر اللہ عزوجل کہے گا: آدم کے بیٹے! تو کیسا بدعہد ہے؟ کیا تو نے عہد و پیمان نہیں کئے تھے کہ جو تجھے دیا جائے گا اس کے سوا کچھ اور نہیں مانگے گا؟ وہ کہے گا: اے میرے رب ! ساری مخلوق میں مجھے ہی بے نصیب نہ بنا۔ اللہ عزوجل یہ سن کر خوش ہوگا۔ پھر اس جنت میں داخل ہونے کی اجازت دے گا اور کہے گا: اچھا خواہش کر اور وہ تمنائیں کرے گا۔ یہاں تک کہ جب اس کی تمنائیں ختم ہو جائیں گی تو اللہ عزوجل فرمائے گا: یہ بھی تو مانگ یہ بھی تو مانگ۔ اس کا رب اس کو خود یاد دلاتا جائے گا۔ یہاں تک کہ ساری تمنائیں ختم ہو جائیں گی۔ تو اللہ تعالیٰ فرمائے گا: یہ سب کچھ تمہارے لیے ہے اور اس کے ساتھ اتنا ہی اور بھی۔
(اور) حضرت ابوسعید خدری نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہما سے کہا: (کیا) رسول اللہ ﷺ نے (اس حدیث میں) یوں فرمایا تھا کہ اللہ (عزوجل) فرمائے گا: یہ سب تیرے لیے اور اس کا دس گنا اور بھی۔ حضرت ابو ہریرہؓ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ سے مجھے تو یہی یاد ہے کہ آپؐ نے فرمایا تھا: یہ سب تیرے لیے اور اس کے ساتھ اتنی ہی اور بھی۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے یہی سنا تھا۔ آپؐ نے فرمایا تھا: یہ سب تیرے لیے اور اس کا دس گنا اور بھی۔
قَالَ أَبُو سَعِيدٍ الْخُدْرِيُّ لأَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنهما ـ إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " قَالَ اللَّهُ لَكَ ذَلِكَ وَعَشَرَةُ أَمْثَالِهِ ". قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ لَمْ أَحْفَظْ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم إِلاَّ قَوْلَهُ " لَكَ ذَلِكَ وَمِثْلُهُ مَعَهُ ". قَالَ أَبُو سَعِيدٍ إِنِّي سَمِعْتُهُ يَقُولُ " ذَلِكَ لَكَ وَعَشَرَةُ أَمْثَالِهِ ".
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 807
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا ، کہا : بکر بن مضر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے جعفر (بن ربیعہ) سے، جعفر نے ابن ہرمز سے، ابن ہرمز نے حضرت عبداللہؓ بن مالک بن بحینہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ جب نماز پڑھتے تو آپؐ دونوں ہاتھ (پہلو) سے الگ رکھتے۔ یہاں تک کہ آپؐ کی بغلوں کی سفیدی دکھائی دیتی۔
اور لیث (بن سلام) نے کہا کہ جعفر بن ربیعہ نے مجھ سے بھی اسی طرح بیان کیا۔
وَقَالَ اللَّيْثُ حَدَّثَنِي جَعْفَرُ بْنُ رَبِيعَةَ نَحْوَهُ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 808
صلت بن محمد نے ہم سے بیان کیا، کہا: مہدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے واصل سے، واصل نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت حذیفہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے ایک شخص کو دیکھا؛ جو رکوع اور سجدہ پوری طرح نہیں کرتا تھا۔ جب وہ نماز پڑھ چکا تو حضرت حذیفہؓ نے اس سے کہا: تم نے نماز نہیں پڑھی۔ (ابووائل) کہتے تھے اور میرا خیال ہے کہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر تم (اب) مر جاؤ تو نبی ﷺ کے طریق پر نہیں مرو گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 809
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا ، کہا : سفیان نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو بن دینار نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) نبی ﷺ کو حکم ہوا کہ سات اعضاء پر سجدہ کریں۔ یعنی پیشانی اور دونوں ہاتھوں اور دونوں گھٹنوں اور دونوں پائوں پر اور بال نہ سمیٹیں، نہ کپڑا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 810
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا ، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ہمیں حکم ہوا ہے کہ ہم سات ہڈیوں پر سجدہ کریں اور نہ کپڑا سمیٹیں، نہ بال۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 811
آدم نے ہم سے بیان کیا، (کہا :) اسرائیل نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے عبداللہ بن یزید خطمی سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) حضرت براء بن عازبؓ نے ہم سے بیان کیا اور وہ غلط نہ کہتے تھے۔ کہتے تھے: ہم نبی ﷺ کے پیچھے نماز پڑھا کرتے تھے۔ جب آپؐ سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہتے تو ہم میں سے کوئی اپنی پیٹھ نہ جھکاتا، جب تک کہ نبی ﷺ زمین پر اپنی پیشانی نہ رکھ دیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 812
معلّٰی بن اسد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن طائوس سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: مجھے حکم ہوا ہے کہ میں سات ہڈیوں پر سجدہ کروں۔ پیشانی پر اور ہاتھ سے اشارہ کیا اپنے ناک پر اور دونوں گھٹنوں پر اور دونوں پائوں کی انگلیوں پر اور نہ ہم کپڑے سمیٹیں نہ بال۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 813
موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت ابوسعید خدریؓ کے پاس گیا اور میں نے کہا: کیا نخلستان کی طرف نہ چلیں؟ آپس میں باتیں کریں گے۔ اس پر وہ نکلے۔ (ابوسلمہ) کہتے ہیں کہ میں نے کہا: آپؓ نے نبی ﷺ سے لیلۃ القدر کے متعلق جو سنا ہے مجھے بتائیں۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ رمضان کے پہلے دہاکے میں اعتکاف بیٹھے اور ہم بھی آپؐ کے ساتھ اعتکاف بیٹھے۔ آپؐ کے پاس جبرائیل آئے اور انہوں نے کہا: جو چیز آپؐ چاہتے ہیں وہ آگے ہے۔ پھر آپؐ درمیانی دہاکے میں اعتکاف بیٹھے اور ہم بھی آپؐ کے ساتھ اعتکاف بیٹھے۔ جبرائیلؑ آپؐ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: جو چیز آپؐ چاہتے ہیں وہ آگے ہے۔ چنانچہ نبی ﷺ رمضان کی بیسویں کی صبح کو کھڑے ہوئے اور ہمیں مخاطب کیا اور فرمایا: جو شخص نبی ﷺ کے ساتھ اعتکاف بیٹھا تھا وہ پھر اعتکاف میں بیٹھے۔ کیونکہ مجھے لیلۃ القدر دکھائی گئی ہے اور میں اسے بھول گیا ہوں اور وہ آخری دہا کے کی طاق راتوں میں ہے اور میں نے دیکھا جیسے میں کیچڑ اور پانی میں سجدہ کر رہا ہوں اور مسجد کی چھت کھجور کی ڈالیوں کی تھی اور ہم آسمان پر کچھ بھی نہ دیکھتے تھے۔ اتنے میں ایک پتلا سا بادل آیا اور ہم پر برسا۔ نبی ﷺ نے ہمیں نماز پڑھائی۔ یہاں تک کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کی پیشانی اور بینی پر کیچڑ اور پانی کا نشان بھی دیکھ لیا اور آپؐ کا خواب سچا ہوا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 814
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا انہوں نے کہا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم سے، ابو حازم نے سہل بن سعد سے روایت کی، کہا: لوگ نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھتے اور وہ اپنے تہ بندوں کے چھوٹے ہونے کی وجہ سے ان کو اپنی گردنوں پر باندھتے اور عورتوں سے کہہ دیا گیا تھا کہ تم اپنے سر اس وقت تک نہ اٹھائو جب تک مرد سیدھے ہو کر نہ بیٹھ جائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 815
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا انہوں نے کہا کہ حماد جوا بنِ زید ہیں، نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، ابن دینار نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ کو حکم ہوا کہ سات ہڈیوں پر سجدہ کریں اور نہ اپنے کپڑے سمیٹیں اور نہ بال۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 816
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے نبی ﷺ سے۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے حکم ہوا ہے کہ سات (ہڈیوں) پر سجدہ کروں اور نہ بالوں کو سمیٹوں اور نہ کپڑے کو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 817
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ سفیان سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: منصور نے مجھے بتایا۔ انہوں نے مسلم سے، مسلم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ رکوع اور سجدہ میں اکثر یہ کہا کرتے تھے: سُبْحٰنَکَ اللّٰھُمَّ رَبَّنَا وَبِحَمْدِکَ اللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ: پاک ذات ہے تیری اے اللہ ! جو ہمارا رب ہے اور تو اپنی خوبیوں کے ساتھ ہے۔ اے اللہ! تو میری مغفرت فرما۔ آپؐ اس دعا کو قرآن مجید سے استنباط فرماتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 818
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابو قلابہ سے روایت کی کہ حضرت مالکؓ بن حویرث نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ کیا میں تمہیں رسول اللہ ﷺ کی نماز نہ بتائوں؟ (ابو قلابہ) نے کہا: اس وقت نمازِ فریضہ کا وقت نہ تھا۔ چنانچہ وہ کھڑے ہوئے اور پھر انہوں نے رکوع کیا اور پھر اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہا: پھر انہوں نے سر اُٹھایا اور کچھ دیر کھڑے رہے۔ پھر سجدہ کیا۔ پھر انہوں نے سر اُٹھایا اور تھوڑی دیر ٹھہرے۔ غرض انہوں نے ہمارے اس شیخ عمرو بن سلمہ کی نماز کی طرح نماز پڑھی۔ ایوب نے کہا عمرو بن سلمہ ایسی بات کیا کرتے تھے جو میں نے لوگوں کو کرتے نہیں دیکھا۔ وہ تیسری یا چوتھی رکعت میں بیٹھا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 819
(حضرت مالکؓ بن حویرث نے) کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ کے پاس ٹھہرے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تم اپنے لوگوں کے پاس واپس جاؤ تو یہ نماز فلاں وقت پڑھنا اور یہ نماز فلاں وقت پڑھنا۔ جب نماز کا وقت آئے تو تم میں سے ایک اذان دے اور تم میں جو بڑا ہو، وہ (آگے ہو کر) نماز پڑھائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 820
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابواحمد محمد بن عبداللہ زبیری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مسعر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم سے، حکم نے عبدالرحمن بن ابولیلیٰ سے، عبدالرحمن نے حضرت براءؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کا سجدہ اور آپؐ کا رکوع اور آپؐ کا دو سجدوں کے درمیان بیٹھنا تقریباً برابر ہی ہوتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 821
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا، کہا: حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ (بن مالک) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں تو پوری کوشش کرتا ہوں کہ تمہیں اسی طرح نماز پڑھائوں جس طرح میں نے نبی ﷺ کو ہمیں نماز پڑھاتے دیکھا تھا۔ ثابت کہتے تھے کہ حضرت انسؓ (بن مالک) ایک ایسی بات کیا کرتے تھے جو میں تمہیں کرتے نہیں دیکھتا۔ جب وہ رکوع سے سر اٹھاتے تو وہ اتنی دیر کھڑے رہتے کہ کہنے والا کہتا کہ وہ بھول گئے ہیں۔ اسی طرح دو سجدوں کے درمیان بھی اتنی دیر بیٹھتے کہ کہنے والا کہتا کہ بھول گئے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah