کتاب 10: كتاب الأذان
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 643
عیاش بن ولید نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالاعلیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: حُمید نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے ثابت بُنانی سے اس آدمی کی بابت پوچھا، جو تکبیر اقامت کے بعد بات کرے تو انہوں نے مجھے بتایا: حضرت انس بن مالکؓ سے مروی ہے کہ نماز کے لئے تکبیر کہی گئی اور ایک آدمی نبی ﷺ کے سامنے آیا اور اس نے آپؐ کو روک لیا؛ جبکہ نماز کے لئے تکبیر اقامت کہی جا چکی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 644
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو زناد سے، ابو زناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے قبضے میں میری جان ہے، میرے دل میں آیا کہ میں کہوں: لکڑیاں اکٹھی کی جائیں اور کہوں کہ اذان دی جائے۔ پھر کسی آدمی سے کہوں کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائے اور وہیں ان کو چھوڑ کر ان آدمیوں کے پاس جائوں جو نہیں آئے۔ ان کے گھروں کو مع ان کے جلادوں اور قسم ہے اس کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ اگر ان میں سے کسی کو علم ہوتا کہ اسے گوشت کی ایک موٹی ہڈی یا دو اچھے پائے ملیں گے تو وہ (اس کے لئے) عشاء کی نماز میں ضرور موجود ہوتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 645
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: باجماعت نماز اکیلے کی نماز سے ستائیس درجے بڑھ کر ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 646
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا) لیث نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا: یزید) ابن الہاد نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ بن خباب سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت کی کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: باجماعت نماز اکیلے کی نماز سے پچیس درجے بڑھ کر ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 647
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالواحد نے ہمیں بتایا، کہا: اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے ابوصالح سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آدمی کی نماز باجماعت اس کی اس نماز سے پچیس گنا بہتر ہے جو وہ اپنے گھر یا اپنے بازار میں پڑھے اور یہ اس لئے کہ جب وہ وضو کرے اور اچھی طرح وضو کرے۔ پھر وہ مسجد کی طرف نکلے۔ بحالیکہ اسے صرف نماز ہی نکال رہی ہو تو جو قدم بھی وہ اٹھائے گا، اس ایک قدم پر اس کا ایک درجہ بلند اور ایک گناہ دور کر دیا جائے گا اور جب وہ نماز پڑھے گا تو جب تک وہ اپنی نماز گاہ میں رہے گا، ملائکہ اس کے لئے دعائے رحمت کرتے رہیں گے۔ (کہیں گے:) اے اللہ! اس پر خاص رحمت فرما۔ اس پر رحم فرما اور تم میں سے ایک آدمی نماز ہی میں ہوتا ہے جب تک وہ نماز کا انتظار کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 648
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب اور ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جماعت کی نماز اکیلے کی نماز سے پچیس حصے بڑھ کر ہے اور رات کے ملائکہ اور دن کے ملائکہ فجر کی نماز میں جمع ہوتے ہیں۔ پھر حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: اگر تم چاہو تو (قرآن مجید میں) پڑھ لو: اِنَّ قُرْآنَ الْفَجْرِ کَانَ مَشْہُوْدًا۔ قرآن بوقت فجر ایسا ہے کہ اس کے ساتھ شہادتیں قائم ہوں گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 649
شعیب نے کہا: اور نافع نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے مروی ہے۔ وہ کہتے تھے: اس سے ستائیس درجے بڑھ کر یہ نماز ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 650
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے ہمیں بتایا، کہا: اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے سالم سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے ام درداء سے سنا۔ وہ کہتی تھیں کہ حضرت ابودردا ؓ میرے پاس آئے اور وہ غصے میں تھے۔ میں نے کہا: تمہیں کس بات نے برہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا: اللہ کی قسم! میں تو محمد ﷺ کے طریق کی کوئی بات بھی نہیں دیکھتا۔ سوائے اس کے کہ وہ جماعت سے نماز پڑھتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 651
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابواسامہ نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے برید بن عبداللہ سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: لوگوں میں سے نماز کا سب سے بڑا ثواب حاصل کرنے والے وہ لوگ ہیں جو دور سے چل کر آتے ہیں۔ پھر وہ ہیں جو ان سے زیادہ دور سے آنے والے ہیں اور جو شخص نماز کا انتظار کرتا ہے۔ یہاں تک کہ امام کے ساتھ پڑھتا ہے۔ وہ اس شخص سے زیادہ ثواب حاصل کرنے والا ہوگا جو نماز پڑھ کر سوجاتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 652
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے سُمَیّ سے؛ جو کہ ابوبکر (بن عبدالرحمن) کے آزاد کردہ غلام تھے، سُمَیّ نے ابوصالح سمان سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسی اثنا ء میں کہ ایک شخص راستے پر چلا جا رہا تھا۔ اس نے کانٹوں والی شاخ راستے پر پائی وہ اس نے ہٹا دی۔ تو اللہ تعالیٰ نے اس کی قدر کی اور اس کے گناہ معاف کر دئیے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 653
پھر آپؐ نے فرمایا: شہید پانچ ہیں۔ طاعون ؔسے مرنے والا اور پیٹؔ کے عارضے سے مرنے والا اور ڈوبؔ کر مرنے والا اور مکانؔ کے گرنے سے دب کر مرنے والا اور اللہ کی راہؔ میں مرنے والا اور فرمایا: اگر لوگ جانتے کہ اذان میں اور پہلی صف میں کیا ثواب ہے اور پھر اس کے لئے قرعہ ڈالنے کے سوا کوئی چارہ نہ پاتے، تو اس کے لئے ضرور قرعہ ڈالتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 654
اور اگر وہ جانتے کہ ظہر کی نماز کے لئے اوّل وقت جانے میں کیا ثواب ہے تو وہ اس کے لئے ایک دوسرے سے آگے بڑھتے اور اگر وہ جانتے کہ عشاء اور صبح کی نماز میں کیا ثواب ہے تو وہ ان میں آتے، اگرچہ گھٹنوں کے بل گھسٹتے ہوئے آتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 655
محمد بن عبداللہ بن حوشب نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالوھاب نے ہم سے بیان کیا، کہا: حمید نے حضرت انسؓ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اے بنی سلمہ! کیا تم اپنے آثار (نشان قدم) پر اللہ تعالیٰ کی رضا مندی نہیں چاہتے۔
اور مجاہد نے اللہ تعالیٰ کے قول وَ نَکْتُبُ مَاقَدَّمُوْا وَاٰثَارَھُمْ (ان کے آثار) سے ان کے قدموں کے نشان مراد لئے ہیں۔
وَقَالَ مُجَاهِدٌ فِي قَوْلِهِ {وَنَكْتُبُ مَا قَدَّمُوا وَآثَارَهُمْ} قَالَ خُطَاهُمْ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 656
اور ابن ابی مریم نے کہا: یحيٰ بن ایوب نے ہمیں بتایا کہ حمید نے مجھ سے بیان کیا۔ حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ بنو سلمہ نے چاہا کہ اپنے گھروں سے منتقل ہو کر نبی ﷺ کے قریب آ رہیں۔ حضرت انسؓ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے ناپسند فرمایا کہ وہ اپنے گھروں کو خالی کر دیں اور فرمایا: کیا تم اپنے قدموں پر اللہ تعالیٰ کی رضا مندی نہیں چاہتے؟
اور مجاہد نے کہا: ان کے آثار سے ان کے قدموں کے نشان مراد ہیں اور زمین پر پیدل چلنا مراد ہے۔
قَالَ مُجَاهِدٌ خُطَاهُمْ آثَارُهُمْ أَنْ يُمْشَى فِي الأَرْضِ بِأَرْجُلِهِمْ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 657
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے ہمیں بتایا، کہا: اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابو صالح نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: منافقوں پر فجر اور عشاء کی نماز سے زیادہ بوجھل اور کوئی نماز نہیں اور اگر وہ جانتے کہ ان میں کیا ثواب ہے تو وہ ان نمازوں میں آتے۔ اگرچہ گھٹنوں کے بل گھسٹتے ہوئے ہی۔ میرے دل میں آیا کہ میں مؤذن سے کہوں کہ وہ نماز کے لئے اقامت کی تکبیر کہے۔ پھر میں ایک شخص سے کہوں کہ وہ لوگوں کی امامت کرے۔ پھر میں انگارے لوں اور ان کے مکانوں کو آگ لگا دوں جو ابھی تک نماز کے لئے نہیں نکلے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 658
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا، کہا: خالد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت مالکؓ بن حویرث سے، حضرت مالکؓ بن حویرث نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب نماز کا وقت آئے؛ تم دونوں اذان دو اور تکبیر اقامت کہو۔ پھر تم دونوں میں سے جو بڑا ہو؛ امام ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 659
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ملائکہ تم میں سے ایک کے لئے جب تک کہ وہ اپنی جائے نماز میں ہے، دعائے رحمت کرتے رہتے ہیں۔ بشرطیکہ وہ بے وضو نہ ہو جائے۔ (کہتے ہیں:) اے اللہ! اسے معاف کر اے اللہ! اس پر رحم کر۔ تم میں سے ایک شخص نماز ہی میں ہوتا ہے جب تک کہ نماز کی وجہ سے وہ رکا رہے۔ سوائے نماز کے اور کسی بات نے اس کو اپنے گھر والوں کی طرف لوٹنے سے نہ روکا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 660
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہمیں بتایا، (کہا:) عبیداللہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: خُبَیب بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حفص بن عاصم سے۔ حفص نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: سات شخص ہیں جن کو اللہ تعالیٰ اس دن کہ جب اس کے سائے کے سوا کسی اور کا سایہ نہ ہوگا، اپنے سائے میں رکھے گا۔ انصاف کرنے والا امامؔ اور وہ نوجوانؔ جو اپنے رب کی عبادت میں پلا ہوا اور وہ شخصؔ جس کا دل مسجدوں سے وابستہ رہے اور وہ دو شخصؔ جنہوں نے اللہ تعالیٰ کے لئے آپس میں ایک دوسرے سے محبت کی اور پھر وہ اسی پر قائم رہے اور اسی پر جدا ہوئے اور وہ شخصؔ جس کو ایک معزز اور خوبصورت عورت بلائے اور وہ کہے: میں اللہ سے ڈرتا ہوں اور وہ شخصؔ جو چھپا کر صدقہ دے یہاں تک کہ اس کے بائیں کو بھی علم نہیں کہ اس کا دایاں کیا خرچ کرتا ہے اور وہ شخصؔ جسے اللہ تعالیٰ تنہائی میں یاد آئے اور اس کے آنسو بہنے لگیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 661
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے حمید سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا، کہا: حضرت انسؓ سے پوچھا گیا: کیا رسول اللہ ﷺ نے انگوٹھی پہنی تھی؟ تو انہوں نے کہا: ہاں ایک رات آپؐ نے عشاء کی نماز میں آدھی رات تک دیر کر دی۔ پھر آپؐ نماز پڑھنے کے بعد ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: لوگ نماز پڑھ چکے اور سو گئے ہیں اور تم نماز میں ہی رہے۔ جب تک تم نے اس کا انتظار کیا ہے۔ کہتے تھے (کہ یہ واقعہ مجھے ایسا یاد ہے کہ) میں اب بھی آپؐ کی انگوٹھی کی چمک دیکھ رہا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 662
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: یزید بن ہارون نے ہمیں بتایا، کہا: محمد بن مطرف نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جو مسجد کو صبح شام جاتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے لئے جنت میں اپنی مہمان نوازی کا سامان تیار کرتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah