کتاب 10: كتاب الأذان
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 683
زکریا بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن نُمیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی بیماری میں حضرت ابوبکرؓ سے فرمایا کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ اس لئے وہ انہیں نماز پڑھایا کرتے تھے۔ عروہ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی بیماری میں کچھ تخفیف محسوس کی تو آپؐ باہر تشریف لائے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ حضرت ابوبکرؓ آگے کھڑے ہو کر لوگوں کو نماز پڑھا رہے ہیں۔ جب حضرت ابوبکرؓ نے آپؐ کو دیکھا تو پیچھے ہٹے۔ اس پر آپؐ نے انہیں اشارہ کیا کہ اپنی جگہ ہی رہیں اور رسول اللہ ﷺ حضرت ابوبکرؓ کے برابر ان کے پہلو میں بیٹھ گئے۔ حضرت ابوبکرؓ رسول اللہ ﷺ کی نماز کے ساتھ نماز پڑھتے اور لوگ حضرت ابوبکرؓ کی نماز کے ساتھ نماز پڑھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 684
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم بن دینار سے، ابو حازم نے سہل بن سعد ساعدی سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ بنو عمرو بن عوف کے پاس گئے تا ان کے درمیان صلح کرادیں۔ اتنے میں نماز کا وقت آگیا اور مؤذن حضرت ابوبکرؓ کے پاس آیا اور اس نے کہا: کیا آپؓ لوگوں کو نماز پڑھائیں گے؟ میں تکبیرِ اقامت کہوں۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ پھر حضرت ابوبکرؓ نے نماز پڑھائی اور رسول اللہ ﷺ تشریف لائے اور ابھی لوگ نماز میں ہی تھے کہ آپؐ صفوں میں سے ہوتے ہوئے (پہلی) صف میں جا کھڑے ہوئے۔ لوگوں نے تالی بجائی اور حضرت ابوبکرؓ اپنی نماز میں اِدھر اُدھر دھیان نہیں کیا کرتے تھے۔ جب لوگوں نے کثرت سے تالیاں بجائیں وہ مڑے اور رسول اللہ ﷺ کو دیکھا تو رسول اللہ ﷺ نے ان کی طرف اشارہ کیا کہ اپنی جگہ پر کھڑے رہیں۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اپنے دونوں ہاتھ اٹھائے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے آپؐ سے یہ فرمایا۔ پھر حضرت ابوبکرؓ آہستہ سے پیچھے ہٹے، یہاں تک کہ پہلی صف میں جا کھڑے ہوئے اور رسول اللہ ﷺ آگے بڑھے اور آپؐ نے نماز پڑھائی۔ پس جب آپؐ نماز سے فارغ ہوکر مڑے تو آپؐ نے فرمایا: ابوبکرؓ جب میں نے تمہیں حکم دیا تھا تو تمہیں اپنی جگہ ٹھہرا رہنے سے کس بات نے روکا؟ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: ابو قحافہ کے بیٹے کو شایاں نہ تھا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے آگے کھڑا ہوکر نماز پڑھے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے (لوگوں سے) فرمایا: کس لئے تم نے بہت تالیاں بجائیں؟ جس شخص کو اس کی نماز میں کوئی بات پیش آئے تو چاہیے کہ وہ سُبْحَانَ اللّٰہِ کہے۔ کیونکہ جب وہ سُبْحَانَ اللّٰہِ کہے گا تو اس کی طرف توجہ کی جائے گی۔ تالی بجانا تو عورتوں کے لئے ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 685
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت مالک بن حویرثؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس آئے اور ہم جوان تھے۔ آپؐ کے پاس تقریباً بیس راتیں رہے اور نبی ﷺ بہت مہربان تھے۔ آپؐ نے ہمیں فرمایا: بہتر ہو کہ تم اپنے شہروں کو لوٹ جاؤ اور ان کو سیکھاؤ۔ انہیں کہو کہ وہ فلاں نماز فلاں وقت پڑھیں اور فلاں نماز فلاں وقت۔ پس جب نماز کا وقت آ جائے تو چاہیے کہ تم میں سے ایک تمہارے لئے اذان دے اور تم میں سے بڑا تمہارا امام ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 686
معاذ بن اسد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ نے ہمیں خبر دی کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے۔ وہ کہتے تھے: محمود بن ربیع نے مجھے بتایا، کہا: میں نے حضرت عتبانؓ بن مالک انصاری سے سنا۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے اجازت طلب فرمائی اور میں نے اجازت دی۔ پھر آپؐ نے فرمایا: تم اپنے گھر میں کہاں پسند کرتے ہو کہ میں نماز پڑھوں تو میں نے اُس جگہ کی طرف اشارہ کیا جس کو میں پسند کرتا تھا۔ تب آپؐ کھڑے ہوئے اور ہم نے آپؐ کے پیچھے صفیں باندھیں۔ پھر آپؐ نے سلام پھیرا اور ہم نے بھی سلام پھیرا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 687
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا، کہا: زائدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن ابی عائشہ سے، موسیٰ نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عائشہؓ کے پاس گیا اور میں نے کہا: کیا آپ رسول اللہ ﷺ کی بیماری کے واقعات مجھے بتائیں گی؟ تو انہوں نے کہا: ہاں۔ رسول اللہ ﷺ بیمار ہوئے تو آپؐ نے فرمایا: کیا لوگ نماز پڑھ چکے ہیں؟ ہم نے کہا: نہیں۔ وہ تو یا رسول اللہ! آپؐ کی انتظار میں ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میرے لئے ایک لگن میں پانی رکھ دو۔ کہتی تھیں کہ ہم نے ایسا ہی کیا۔ آپؐ نہائے۔ پھر آپؐ اٹھنے لگے۔ تو آپؐ بے ہوش ہوگئے۔ پھر ہوش میں آئے اور فرمایا: کیا لوگ نماز پڑھ چکے ہیں؟ ہم نے کہا: نہیں یا رسول اللہ! وہ آپؐ کی انتظار میں ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میرے لیے لگن میں پانی رکھ دو۔ کہتی تھیں: آپؐ نے بیٹھ کر غسل کیا۔ پھر اٹھنے لگے تو بے ہوش ہو گئے۔ پھر ہوش آئی تو کہا: کیا لوگ نماز پڑھ چکے ہیں؟ ہم نے کہا: نہیں یا رسول! وہ آپؐ کی انتظار میں ہیں۔ فرمایا: لگن میں میرے نہانے کے لئے پانی رکھ دو۔ پھر آپؐ بیٹھے اور غسل کیا۔ پھر اٹھنا چاہا تو پھر بے ہوش ہوگئے۔ پھر ہوش آیا تو فرمایا: کیا لوگوں نے نماز پڑھ لی ہے؟ ہم نے عرض کیا نہیں یا رسول اللہ! وہ آپؐ کی انتظار میں ہیں اور لوگوں کا یہ حال تھا کہ مسجد میں اکٹھے بیٹھے عشاء کی نماز کے لئے نبی علیہ السلام کا انتظار کر رہے تھے۔ تب نبی ﷺ نے حضرت ابوبکرؓ کو کہلا بھیجا کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ ان کے پاس پیغامبر آیا اور کہا کہ رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں کہ آپؓ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ اس پر حضرت ابوبکرؓ نے کہا؛ اور وہ نرم دل آدمی تھے؛ عمرؓ لوگوں کو نماز پڑھا دو تو حضرت عمرؓ نے ان سے کہا: آپؓ اس کے زیادہ حق دار ہیں۔ چنانچہ حضرت ابوبکرؓ اِن دنوں میں نماز پڑھاتے رہے۔ پھر نبی ﷺ نے اپنی بیماری میں تخفیف محسوس کی اور آپؐ دو آدمیوں کے درمیان ظہر کی نماز کے لئے نکلے۔ ان میں سے ایک حضرت عباسؓ تھے اور حضرت ابوبکرؓ لوگوں کو نماز پڑھا رہے تھے۔ جب حضرت ابوبکرؓ نے آپؐ کو دیکھا تو وہ پیچھے ہٹنے لگے۔ نبی ﷺ نے آپؓ کو اشارہ کیا کہ پیچھے نہ ہٹیں اور فرمایا: مجھے ان کے پہلو میں بٹھا دو۔ تو انہوں نے حضرت ابوبکرؓ کے پہلو میں آپؐ کو بٹھا دیا۔ (عبیداللہ کہتے تھے:) حضرت ابوبکرؓ نبی ﷺ کی اقتداء میں نماز پڑھانے لگے اور وہ کھڑے تھے اور لوگ حضرت ابوبکرؓ کی اقتداء کرتے تھے اور نبی ﷺ بیٹھے ہوئے تھے۔ عبیداللہ نے کہا: میں حضرت عبداللہ بن عباسؓ کے پاس گیا اور میں نے کہا: نبی ﷺ کی بیماری سے متعلق جو بات حضرت عائشہؓ نے مجھے بتائی ہے کیا وہ میں آپؐ کے سامنے بیان نہ کروں؟ انہوں نے کہا: کہیے تو میں نے حضرت عائشہؓ کی بات ان کے سامنے بیان کی تو انہوں نے اس میں سے کسی بات کا بھی انکار نہیں کیا۔ سوائے اس کے کہ انہوں نے کہا: کیا انہوں نے تمہیں اس شخص کا نام بتایا تھا جو حضرت عباسؓ کے ساتھ تھا؟ میں نے کہا: نہیں۔ کہا: وہ حضرت علیؓ تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 688
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہؓ ام المؤمنین سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے اپنے گھر میں نماز پڑھی۔ جبکہ آپؐ تکلیف میں تھے۔ آپؐ نے بیٹھ کر نماز پڑھی اور کچھ لوگوں نے آپؐ کی پیچھے کھڑے ہو کر نماز پڑھی۔ آپؐ نے ان کو اشارہ کیا کہ بیٹھ جائو۔ جب آپؐ فارغ ہوئے تو آپؐ نے فرمایا: امام تو اسی لئے مقرر کیا گیا ہے کہ اس کی پیروی کی جائے۔ پس جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو اور جب سر اٹھائے تو تم بھی اٹھائو اور جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم بھی سب بیٹھ کر نماز پڑھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 689
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ گھوڑے پر سوار ہوئے۔ آپؐ اس سے گر پڑے اور آپؐ کا دایاں پہلو چھل گیا۔ آپؐ نے نمازوں میں سے ایک نماز پڑھی اور آپؐ بیٹھے ہوئے تھے۔ ہم نے بھی آپؐ کے پیچھے بیٹھ کر نماز پڑھی۔ جب نماز پڑھ کر پھرے تو آپؐ نے فرمایا: امام تو صرف اسی لئے مقرر کیا گیا ہے کہ اس کی پیروی کی جائے۔ جب وہ کھڑا ہو کر نماز پڑھے تو تم بھی کھڑے ہو کر ہی نماز پڑھو۔ جب وہ رکوع کرے، تم بھی رکوع کرو اور جب وہ سر اٹھائے، تم بھی اٹھائو اور جب یہ کہے سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ تم کہو: رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ۔ اور جب وہ کھڑے ہو کر نماز پڑھے تو تم بھی کھڑے ہو کر ہی نماز پڑھو اور جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم بھی سب بیٹھ کر ہی نماز پڑھو۔ ابوعبداللہ (بخاری) نے کہا کہ حمیدی کہتے تھے کہ یہ جو آپؐ نے فرمایا ہے کہ جب وہ بیٹھے ہوئے نماز پڑھے تو تم بھی بیٹھ کر ہی نماز پڑھو۔ آپؐ نے یہ اپنی پہلی مرض میں فرمایا تھا۔ پھر اس کے بعد نبی ﷺ نے بیٹھ کر نماز پڑھی اور لوگ آپؐ کے پیچھے کھڑے تھے اور آپؐ نے ان کو بیٹھنے کے لئے نہیں فرمایا اور نبی ﷺ کے اس فعل کو لیا جائے گا جو سب سے آخری ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 690
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن سعید نے سفیان سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابواسحاق نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عبداللہ بن یزید نے مجھے بتایا کہا کہ حضرت براءؓ نے مجھ سے بیان کیا اور وہ غلط نہیں کہتے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ جب سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہتے تو ہم میں سے کوئی بھی اس وقت تک اپنی پیٹھ نہ جھکاتا، جب تک کہ آپؐ سجدہ نہ کرتے۔ پھر ہم آپؐ کے بعد سجدہ کرتے۔ ابونعیم نے بھی ہم سے بیان کیا کہ ہم سے سفیان نے بروایت ابواسحاق اسی طرح بیان کیا۔
حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ عَنْ سُفْيَانَ عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ نَحْوَهُ بِهَذَا.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 691
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا ، کہا : شعبہ نے ہمیں بتایا کہ محمد بن زیاد سے مروی ہے کہا : میں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: کیا تم میں سے کوئی جب وہ اپنا سر امام سے پہلے اٹھاتا ہے اس بات سے نہیں ڈرتا کہ اللہ تعالیٰ اس کے سر کو گدھے کا سر بنا دے؟ یا (فرمایا:) اللہ تعالیٰ اس کی شکل گدھے کی شکل بنا دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 692
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، کہا: انس بن عیاض نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ کے آنے سے پیشتر جب پہلے مہاجر عصبہ میں آئے، جو قبا میں ایک مقام ہے؛ حضرت ابوحذیفہؓ کے آزاد شدہ غلام حضرت سالمؓ ان کی امامت کیا کرتے تھے اور انہیں سب سے زیادہ قرآن یاد تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 693
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا، (کہا :) یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ وہ کہتے تھے کہ ابوتیاح نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت انس (بن مالکؓ) سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: سنو اور فرمانبرداری کرو۔ خواہ ایک ایسا حبشی ہی حاکم بنایا جائے؛ جس کا سر گویا منقّٰی کا دانہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 694
فضل بن سہل نے ہم سے بیان کیا، کہا: حسن بن موسیٰ اَشْیَب نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالرحمن بن عبد اللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: (یہ امام) تم کو نماز پڑھاتے ہیں۔ اگر ٹھیک پڑھیں گے تو تمہیں ثواب ہوگا اور اگر غلطی کریں گے تو بھی تمہیں ثواب ہوگا اور اُن کو وبال۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 695
ابو عبداللہ نے کہا اور محمد بن یوسف نے ہم سے کہا اور اَوزاعی نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) زُہری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید بن عبدالرحمن سے، حمید نے عبید اللہ بن عدی بن خیار سے روایت کی کہ وہ حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہٗ کے پاس گئے اور وہ محصور تھے اور کہا کہ آپؓ تو مسلمانوں کے امام ہیں اور جو مصیبت آپؓ پر آپڑی ہے وہ ہم دیکھ رہے ہیں اور فتنہ کا سرغنہ ہمیں نماز پڑھاتا ہے اور یہ ہم پر شاق ہے تو انہوں نے کہا: نماز ہی سب سے بہتر عمل ہے جو لوگ کرتے ہیں۔ اس لئے جب لوگ اچھا کام کریں تو تم بھی ان کے ساتھ اچھا کام کرو اور جب وہ برا کام کریں تو تم ان کی برائی سے الگ رہو۔
اور زبیدی نے کہا: زہری کہتے تھے کہ ہماری رائے نہیں کہ ہیجڑے کے پیچھے نماز پڑھی جائے۔ سوائے اس کے کہ کوئی ایسی مجبوری ہو کہ جس سے کوئی چارہ نہیں۔
وَقَالَ الزُّبَيْدِيُّ قَالَ الزُّهْرِيُّ لاَ نَرَى أَنْ يُصَلَّى خَلْفَ الْمُخَنَّثِ إِلاَّ مِنْ ضَرُورَةٍ لاَ بُدَّ مِنْهَا.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 696
محمد بن ابان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) غندر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے ابو تیاح سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے حضرت ابوذرؓ سے فرمایا: سنو اور فرمانبرداری کرو۔ خواہ حبشی کی ہو جس کا سر گویا منقیٰ کا دانہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 697
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے حکم سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا، کہا: میں نے سعید بن جبیر سے سنا۔ وہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: میں اپنی خالہ حضرت میمونہؓ کے گھر میں ایک رات سویا۔ تو رسول اللہ ﷺ نے عشاء کی نماز پڑھی۔ پھر آئے اور چار رکعتیں پڑھیں۔ پھر آپؐ سو گئے۔ پھر اس کے بعد اٹھے۔ میں بھی آیا اور آپؐ کے بائیں طرف کھڑا ہوگیا۔ آپؐ نے مجھے اپنی دائیں طرف کر دیا۔ آپؐ نے پانچ رکعتیں پڑھیں۔ پھر دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر سو گئے۔ یہاں تک کہ میں نے آپؐ کا خراٹہ سنا۔ راوی نے لفظ غَطِیْطَہٗ یا خَطِیْطَہٗ کہا: اس کے بعد آپؐ نماز کے لئے نکلے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 698
احمد نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن وہب نے ہم سے بیان کیا، کہا: عمرو نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے عبد ِرَبِّہ ابن سعید سے، انہوں نے مخرمہ بن سلیمان سے، مخرمہ نے حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کُریب سے، کُریب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے کہ میں (اپنی خالہ) حضرت میمونہؓ کے پاس سویا اور نبی ﷺ اس رات ان کے ہاں تھے۔ آپؐ نے وضو کیا۔ پھر کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے اور میں بھی آپؐ کے بائیں طرف کھڑا ہوگیا۔ آپؐ نے مجھے پکڑ کر اپنی دائیں طرف کیا اور آپؐ نے تیرہ رکعتیں پڑھیں۔ پھر سو گئے۔ یہاں تک کہ آپؐ نے سانس لی اور جب سوتے تو گہری سانس لیتے۔ پھر آپؐ کے پاس مؤذن آیا اور آپؐ نے باہر جا کر نماز پڑھی اور وضو نہیں کیا۔ عمرو نے کہا کہ میں نے بکیر سے یہ بیان کیا تو انہوں نے کہا: مجھ سے کریب نے اسی طرح بیان کیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 699
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے عبداللہ بن سعید بن جبیر سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں اپنی خالہ حضرت میمونہؓ کے ہاں ایک رات سویا۔ نبی ﷺ اُٹھ کر نماز پڑھنے لگے تو میں بھی اُٹھ کر آپؐ کے ساتھ نماز پڑھنے لگا اور آپؐ کے بائیں طرف کھڑا ہوگیا۔ آپؐ نے مجھے سر سے پکڑا اور مجھ کو اپنی دائیں جانب کھڑا کرلیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 700
مسلم نے ہم سے بیان کیا ، کہا : شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت کی کہ حضرت معاذ بن جبلؓ نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھا کرتے تھے۔ پھر واپس جا کر اپنی قوم کی امامت کیا کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 701
اور محمد بن بشار نے بھی مجھ سے بیان کیا ، کہا : غندر نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا کہ عمرو سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ ؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا: حضرت معاذ بن جبل ؓ نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھا کرتے تھے۔ پھر واپس جاکر وہ اپنی قوم کی امامت کرتے۔ انہوں نے عشاء کی نماز پڑھی اور سورہ بقرہ پڑھی۔ ایک شخص چلا گیا۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حضرت معاذ ؓ نے اس کے متعلق بُرا منایا۔ یہ خبر نبی ﷺ کو پہنچی تو آپؐ نے تین دفعہ فرمایا: تم بہت ہی ابتلاء میں ڈالنے والے ہو۔ تم بہت ہی ابتلا میں ڈالنے والے ہو۔ تم تو بہت ہی ابتلا میں ڈالنے والے ہو۔ فَتَّانًا فرمایا ، یا فَاتِنًا اور آپؐ نے انہیں مفصل سورتوں میں سے دو درمیانی سورتیں پڑھنے کے لئے فرمایا۔ عمرو کہتے تھے: مجھے وہ دو سورتیں یاد نہیں رہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 702
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا، کہا: زُہیر نے ہمیں بتایا، کہا: اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے قیس سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابومسعودؓ نے مجھے بتایا کہ ایک شخص نے کہا: یارسول اللہ! بخدا میں صبح کی نماز سے فلاں شخص کی وجہ سے پیچھے رہ جاتا ہوں۔ اس لئے کہ وہ ہمیں نماز لمبی پڑھاتا ہے۔ تو میں نے رسول اللہ ﷺ کو کسی نصیحت میں اس دن سے زیادہ غصے میں نہیں دیکھا۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں بعض نفرت دلانے والے ہیں۔ پس تم میں سے جو لوگوں کو نماز پڑھائے تو چاہیے کہ وہ نماز مختصر پڑھے۔ کیونکہ ان میں کمزور بھی ہوتے ہیں اور بوڑھے بھی اور حاجت مند بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah