کتاب 11: كتاب الجمعة
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 896
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: (عبداللہ) بن طائوس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے نقل کیا ہے کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ فرماتے تھے: ہم سب سے پیچھے آنے والے ہیں … قیامت کے دن سب سے آگے ہوں گے۔ (ہاں اتنی بات ہے کہ) ان کو ہم سے پہلے کتاب دی گئی اور ہمیں ان کے بعد دی گئی۔ سو یہ وہ دن ہے جس کے بارے میں انہوں نے اختلاف کیا اور اللہ تعالیٰ نے (اس میں) ہماری رہنمائی فرمائی۔ سو کل یہود کا دن ہے اور پرسوں عیسائیوں کا۔ پھر آپؐ خاموش ہوگئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 897
پھر آپؐ نے فرمایا: ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے کہ سات دنوں میں ایک دن نہائے۔ اس میں اپنے سر اور اپنے بدن کو دھوئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 898
یہ حدیث ابان بن صالح نے بھی روایت کی۔ انہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، حضرت ابو ہریرہؓ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کا ہر مسلمان پر حق ہے کہ وہ سات دنوں میں سے ایک دن نہائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 899
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شبابہ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ورقاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: عورتوں کو رات کو مسجد میں جانے کی اجازت دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 900
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابواسامہ (حماد بن اسامہ) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) عبیداللہ بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کہ وہ کہتے تھے: حضرت عمرؓ کی ایک بیوی تھیں جو مسجد میں صبح اور عشاء کی نماز باجماعت پڑھا کرتی تھیں۔ اس پر ان سے کہا گیا کہ تم کیوں باہر نکلتی ہو۔ حالانکہ تم جانتی ہو کہ حضرت عمرؓ اسے ناپسند کرتے ہیں اور وہ غیرت کرتے ہیں۔ انہوں نے جواب دیا: پھر انہیں کیا رکاوٹ ہے کہ مجھے روک دیں۔ انہوں نے کہا: انہیں رسول اللہ ﷺ کا یہ فرمان روکتا ہے کہ مسجد میں اللہ کی باندیوں کو آنے سے مت روکو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 901
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل (بن علیہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبدالحمید صاحب الزیادی نے مجھے بتایا، کہا: عبدااللہ بن حارث نے جو محمد بن سیرین کے چچا کے بیٹے تھے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابن عباسؓ نے برسات کے دن اپنے مؤذن سے کہا: جب تم کہو: اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللّٰہِ ( اس کے بعد) یہ نہ کہو: نماز کے لئے آئو۔ (بلکہ) کہو: اپنے گھروں میں نماز پڑھ لو۔ لوگوں نے اس بات کو اوپرا سمجھا۔ انہوں نے کہا: یہی آنحضرت ﷺ نے بھی کیا تھا۔ جو مجھ سے بہتر ہیں۔ دیکھو جمعہ فرض ہے اور میں نے ناپسند کیا کہ تم کو کیچڑ اور پھسلنے کی جگہوں میں چلنا پڑے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 902
احمد (بن صالح) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ بن وہب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عمرو بن حارث نے مجھے بتایا۔ عبیداللہ بن ابوجعفر (بن زبیر) سے مروی ہے کہ محمد بن جعفر بن زبیر نے ان کو بتایا۔ انہوں نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ (رضی اللہ عنہا) سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: لوگ اپنے ڈیروں اور عوالی (مضافات مدینہ) سے باری باری جمعہ میں آتے تھے۔ راستے میں ان پر گرد پڑتی۔ پسینہ آجاتا اور ان سے پسینہ کی بو آتی۔ ان میں سے ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ میرے پاس ہی تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا کہ (اچھا ہو) اگر تم اس دن نہا دھو کر صاف ستھرے ہو جایا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 903
عبدان نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ بن سعید نے ہم کو بتایا کہ انہوں نے عمرۃ (بنت عبدالرحمن) سے جمعہ کے روز نہانے کی بابت پوچھا: تو انہوں نے کہا: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: لوگ اپنے کام کاج آپ کیا کرتے تھے اور جب جمعہ کے لئے جاتے تو وہ اپنی اسی ہیئت میں جاتے اور ان سے کہا گیا: (اچھا ہو) اگر تم نہا لیا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 904
سریج بن نعمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: فلیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عثمان بن عبدالرحمن بن عثمان تیمی سے، عثمان نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ جمعہ اس وقت پڑھا کرتے تھے جب سورج ڈھل جاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 905
عبدان نے ہم سے بیان کیا ، کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: حمید نے ہمیں بتایا۔ حضرت انس (بن مالکؓ) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ہم جمعہ اول وقت پڑھتے اور جمعہ کے بعد قیلولہ کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 906
محمد بن ابی بکر المقدمی نے ہم سے بیان کیا، کہا: حرمی بن عمارہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابوخلدہ خالد بن دینار نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ جب سخت سردی ہوتی تو نماز سویرے پڑھ لیتے اور اگر سخت گرمی ہوتی تو نماز ٹھنڈے وقت پڑھتے یعنی جمعہ کی نماز۔ یونس بن بکیر نے کہا: ابوخلدہ نے ہمیں بھی بتایا اور انہوں نے نماز کا تو ذکر کیا مگر جمعہ کا ذکر نہیں کیا اور بشیر بن ثابت نے کہا: ہم سے ابوخلدہ نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک امیر نے ہمیں نماز جمعہ پڑھائی۔ پھر انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ نبی ﷺ ظہر کی نماز کس وقت پڑھتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 907
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ولید بن مسلم نے ہم سے بیان کیا، انہوں نے کہا: یزید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ عبایہ بن رفاعہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں جمعہ کو جا رہا تھا کہ مجھے حضرت ابوعبس (عبدالرحمن بن جبر رضی اللہ عنہ) آ ملے اور انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے سنا ہے کہ جس کے پائوں اللہ کی راہ میں گرد آلود ہوں اس کو اللہ نے آگ پر حرام کردیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 908
آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبدالرحمن) بن ابی ذئب نے ہم سے بیان کیا۔ ابن ابی ذئب نے کہا: زہری نے (ہمیں) بتایا۔ انہوں نے سعید اور ابوسلمہ سے، ان دونوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ روایت کی اور ابوالیمان نے بھی ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: جب تکبیر اقامت ہو تو نماز کے لئے دوڑتے ہوئے نہ آئو بلکہ معمول کی رفتار سے چل کر آئو اور تم سکون کو اپنا وطیرہ بنائو۔ جتنی نماز تم پالو پڑھ لو جو تم سے رہ جائے اسے پورا کرلو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 909
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابو قتیبہ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: علی بن مبارک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے، (انہوں نے کہا:) میں یہی جانتا ہوں کہ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جب تک مجھے (اٹھتے) نہ دیکھو نہ اٹھا کرو اور تمہیں چاہیے کہ آرام سے اٹھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 910
عبدان نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے (عبداللہ) بن ودیعہ سے، ابن ودیعہ نے حضرت سلمان فارسیؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص جمعہ کے دن نہاتا ہے اور جہاں تک ہو سکتا ہے نہا دھوکر پاک و صاف ہو جاتا ہے اور تیل یا خوشبو لگاتا ہے۔ پھر جمعہ کو جاتا ہے اور دو آدمیوں کے درمیان نہیں گھستا اور جس قدر اس کے لئے مقدر ہے نماز پڑھتا ہے۔ پھر اس کے بعد جب امام نکلتا ہے تو وہ خاموشی سے سنتا ہے تو جو گناہ اس جمعہ سے لے کر دوسرے جمعہ تک ہوں گے ان کی مغفرت کی جائے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 911
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مخلد بن یزید نے ہمیں بتایا، کہا: ابن جریج نے ہمیں خبر دی کہا: میں نے نافع سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے منع فرمایا ہے کہ آدمی اپنے بھائی کو اس کے بیٹھنے کی جگہ سے اٹھا کر خود وہاں بیٹھے۔ (ابن جریج کہتے ہیں:) میں نے نافع سے پوچھا: (کیا) جمعہ میں؟ انہوں نے جواب دیا: جمعہ میں اور اس کے علاوہ بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 912
آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن ابی ذئب (محمد بن عبدالرحمن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سائب بن یزید سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جمعہ کے دن پہلی اذان نبی ﷺ اور حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما کے زمانے میں اس وقت ہوا کرتی تھی جب امام منبر پر بیٹھتا۔ جب حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کا زمانہ ہوا اور لوگ بہت ہوگئے تو انہوں نے زوراء میں تیسری اذان بڑھا دی۔ ابوعبداللہ نے کہا: زوراء مدینہ کے بازار میں ایک مقام ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 913
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالعزیز بن ابی سلمہ ماجشون نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سائب بن یزید سے روایت کی کہ یہ حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ تھے جنہوں نے جمعہ کے دن تیسری اذان بڑھائی تھی۔ اس وقت مدینہ کے باشندے زیادہ ہوگئے تھے اور نبی ﷺ کا صرف ایک ہی مؤذن تھا اور جمعہ کے دن اذان اس وقت ہوتی جب امام بیٹھتا یعنی منبر پر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 914
(محمد) بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ نے ہمیں بتایا، کہا: ابوبکر بن عثمان بن سہل بن حنیف نے ہمیں بتایا۔ ابو امامہ بن سہل بن حنیف سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت معاویہ بن ابی سفیانؓ سے جب کہ وہ منبر پر بیٹھے ہوئے تھے سنا۔ مؤذن نے اذان دی اور کہا: اللہ اکبر اللہ اکبر۔ حضرت معاویہؓ نے بھی کہا: اللہ اکبر اللہ اکبر مؤذن نے کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں حضرت معاویہؓ نے کہا: میں بھی گواہی دیتا ہوں۔ مؤذن نے کہا: میں گواہ ہوں کہ محمد اللہ کے رسول ہیں۔ حضرت معاویہؓ نے کہا اور میں بھی۔ جب مؤذن اذان کہہ چکا تو حضرت معاویہؓ نے کہا: لوگو! میں نے رسول اللہ ﷺ سے اسی جگہ بیٹھے ہوئے جس وقت مؤذن نے اذان دی وہی کہتے سنا تھا جو تم نے مجھے کہتے سنا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 915
یحیٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقیل سے، عُقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سائب بن یزید نے انہیں بتایا: جمعہ کے دن دوسری اذان دینے کا حکم حضرت عثمانؓ نے دیا تھا، جب مسجد میں آنے والے لوگ بہت ہو گئے تھے اور جمعہ کے دن اذان اس وقت دی جاتی ہے جب امام منبر پر بیٹھ جاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah