کتاب 11: كتاب الجمعة
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 916
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: یونس (بن یزید) نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے سائب بن یزید کو کہتے سنا کہ رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما کے زمانے میں جمعہ کے دن پہلی اذان تب ہوا کرتی تھی جب امام جمعہ کے دن منبر پر بیٹھتا۔ جب حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی خلافت کا زمانہ ہوا اور لوگ زیادہ ہوگئے تو حضرت عثمانؓ نے جمعہ کے دن تیسری اذان کا حکم دیا اور وہ زوراء مقام پر دی گئی۔ پھر یہی دستور رہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 917
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: یعقوب بن عبدالرحمن بن محمد بن عبداللہ بن عبدقاری قرشی اسکندرانی نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوحازم بن دینار نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ کچھ لوگ حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ کے پاس آئے اور ان کا منبر کے متعلق اختلاف تھا کہ اس کی لکڑی کس (درخت) کی تھی۔ انہوں نے حضرت سہلؓ سے اس کی بابت پوچھا تو انہوں نے جواب دیا: بخدا میں خوب جانتا ہوں کہ وہ کس کی تھی۔ میں نے خود دیکھا تھا جبکہ وہ پہلے دن رکھا گیا اور جب پہلے دن رسول اللہ ﷺ اس پر بیٹھے تھے۔ آپؐ نے (انصاریوں میں سے) فلاں عورت کو کہلا بھیجا اور حضرت سہلؓ نے اس کا نام بھی لیا، اپنے غلام سے جو بڑھئی ہے، کہو کہ وہ میرے لئے ایسی لکڑیوں سے بنا دے کہ جس پر؛ جب میں لوگوں سے گفتگو کروں؛ بیٹھا کروں۔ تب اس نے اس کو حکم دیا اور اس غلام نے غابہ کے جھائو سے اس کو بنایا۔ پھر انہیں لے آیا اور اس عورت نے رسول اللہ ﷺ کے پاس وہ بھیج دیں۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا (کہ وہ یہاں رکھی جائیں) اور وہ یہاں رکھی گئیں۔ پھر میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے اس منبر پر نماز پڑھی اور اللہ اکبر کہا۔ پھر رکوع کیا اس وقت آپؐ اسی پر تھے۔ پھر اُلٹے پائوں نیچے اترے اور منبر کے پائیدان کے پاس سجدہ کیا پھر (وہیں) لوٹ گئے۔ جب فارغ ہوئے تو لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: لوگو! میں نے یہ اسی لئے کیا ہے کہ تم (میری) پیروی کرو اور میری نماز سیکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 918
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا، کہا: محمد بن جعفر (بن ابی کثیر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: يحيٰ بن سعید نے مجھے بتایا، کہا: (عبداللہ) بن انس نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ (انصاری) سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ کھجور کا تنا تھا جس کے ساتھ نبی ﷺ کھڑے ہوا کرتے تھے۔ جب آپؐ کے لئے منبر رکھا گیا۔ تو ہم نے اس تنے سے ایسی آوازیں سنیں جو دس مہینے کی گابھن اونٹنی کی آواز کی مانند تھیں اور آخر نبی ﷺ نیچے اتر آئے اور اپنا ہاتھ اس پر رکھا۔ (اور) سلیمان نے يحيٰ سے یوں روایت کی ہے کہ حفص بن عبید اللہ بن انس نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت جابرؓ سے سنا۔
قَالَ سُلَيْمَانُ عَنْ يَحْيَى أَخْبَرَنِي حَفْصُ بْنُ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ أَنَسٍ أَنَّهُ سَمِعَ جَابِرًا.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 919
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ منبر پر (کھڑے) لوگوں سے مخاطب تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جو جمعہ میں آئے چاہیے کہ وہ نہا لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 920
عبید اللہ بن عمر قواریری نے ہم سے بیان کیا، کہا: خالد بن حارث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبید اللہ (بن عمر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت (عبد اللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کھڑے ہو کر تقریر فرماتے۔ پھر بیٹھ جاتے۔ پھر کھڑے ہو جاتے اسی طرح جس طرح تم کرتے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 921
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن کثیر) سے، یحيٰ نے ہلال بن ابی میمونہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عطاء بن یسار نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ ایک دن منبر پر بیٹھے اور ہم آپؐ کے ارد گرد بیٹھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 922
اور محمود نے کہا کہ ابو اسامہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہم کو ہشام بن عروہ نے بتایا، کہا: فاطمہ بنت منذر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت اسماء بنت ابی بکرؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس گئی لوگ نماز پڑھ رہے تھے۔ میں نے کہا: لوگوں کی یہ کیا حالت ہے؟ انہوں نے اپنے سر سے آسمان کی طرف اشارہ کیا۔ میں نے کہا: کیا کوئی نشانِ الٰہی ہے؟ تو انہوں نے اپنے سر سے اشارہ کیا۔ یعنی ہاں۔ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے بہت لمبی (نماز) پڑھائی۔ یہاں تک کہ مجھ پر غشی طاری ہوگئی اور میرے قریب ایک مشک تھی جس میں کچھ پانی تھا۔ میں نے وہ کھولی اور اس سے اپنے سر پر پانی ڈالنے لگی اتنے میں رسول اللہ ﷺ فارغ ہوئے اور سورج ظاہر ہو چکا تھا۔ آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور آپؐ نے اللہ تعالیٰ کی تعریف کی جس کا کہ وہ اہل ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اما بعد۔ کہتی تھیں: اور انصار کی چند عورتوں نے شور و غل شروع کردیا۔ میں ان کی طرف لپکی تاکہ میں انہیں خاموش کروں۔ میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ آپ نے کیا فرمایا ہے؟ انہوں نے کہا: آپؐ نے فرمایا ہے: کوئی بھی ایسی چیز نہیں جو مجھ کو پہلے نہیں دکھلائی گئی تھی۔ مگر میں نے اسے اپنی اس جگہ میں دیکھ لیا ہے۔ یہاں تک کہ جنت و نار بھی اور مجھے وحی کی گئی ہے کہ تم قبروں میں مسیح دجال کی آزمائش کی طرح یا اس کے قریب قریب آزمائے جاؤ گے۔ تم میں سے ایک کے پاس فرشتہ آئے گا اور اس سے پوچھا جائے گا کہ اس شخص کی نسبت تمہیں کیا علم ہے؟ جو ماننے والا یا فرمایا یقین کرنے والا ہے۔ ہشام نے شک کیا (کہ ان دونوں میں سے کونسا لفظ تھا) تو وہ کہے گا: وہ اللہ کے رسول ہیں۔ وہ محمد ہیں ﷺ ہمارے پاس کھلے کھلے دلائل اور ہدایت کی باتیں لائے۔ ہم نے مان لیا اور قبول کیا اور ہم نے فرمانبرداری کی اور ہم نے سچا جانا۔ تو اس سے کہا جائے گا: آرام سے سو جا۔ ہم تو جانتے ہی تھے کہ تو ان کو ماننے والا ہے اور جو منافق ہوگا یا فرمایا شک کرنے والا ہوگا ہشام نے شک کیا (کہ ان دونوں لفظوں میں سے کون سا لفظ تھا) تو اس سے پوچھا جائے گا: اس شخص کے متعلق تمہیں کیا علم ہے؟ وہ کہے گا: میں نہیں جانتا۔ میں نے لوگوں کو کچھ کہتے سنا، میں نے بھی کہہ دیا۔ ہشام کہتے تھے: فاطمہ نے جو کچھ مجھ سے کہا، میں نے اسے یاد رکھا ہے۔ مگر انہوں نے کچھ ذکر کیا تھا کہ اس منافق پر سختی کی جائے گی (وہ مجھے یاد نہیں رہا)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 923
محمد بن معمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوعاصم نے جریر بن حازم سے روایت کی انہوں نے کہا: میں نے حسن (بصری) سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم سے حضرت عمرو بنت تغلبؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس کچھ مال یا کوئی چیز لائی گئی۔ آپؐ نے وہ بانٹ دی۔ آپؐ نے بعض آدمیوں کو دیا اور بعض کو نہ دیا۔ پھر آپؐ کو یہ خبر پہنچی کہ جن لوگوں کو آپؐ نے چھوڑ دیا تھا۔ وہ کچھ ناراض ہیں۔ آپؐ نے اللہ تعالیٰ کی حمد بیان کی اور اس کی تعریف کی۔ پھر فرمایا: اما بعد۔ اللہ کی قسم! میں ایک شخص کو دیتا ہوں (اور ایک شخص کو چھوڑ دیتا ہوں) اور حالانکہ جسے چھوڑتا ہوں۔ وہ مجھ کو زیادہ پیار اہوتا ہے بہ نسبت اس کے جسے میں دیتا ہوں۔ لیکن میں بعض لوگوں کو اس لئے دیتا ہوں کہ ان کے دلوں میں بے چینی اور بے صبری دیکھتا ہوں اور بعض لوگوں کو اس سیر چشمی اور بھلائی کے حوالہ کر دیتا ہوں جو اللہ تعالیٰ نے ان کے دلوں میں پیدا کی ہوتی ہے۔ انہی لوگوں میں عمرو بن تغلبؓ بھی ہیں (یہ کہتے تھے:) بخدا! میں ہرگز پسند نہیں کرتا کہ رسول اللہ ﷺ کی اس بات کے مقابل میں مجھے سرخ اونٹ ملتے۔ یونس (بن عبید) نے بھی یہی روایت بیان کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 924
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل (بن خالد) سے عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہؓ نے ان کو خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ ایک دفعہ آدھی رات کو باہر گئے اور مسجد میں نماز پڑھی اور لوگوں نے بھی آپؐ کی اقتداء میں نماز پڑھی۔ لوگ صبح اٹھے انہوں نے (نماز پڑھنے والوں سے سن کر) آپس میں (اس کے متعلق) بات چیت کی (دوسری رات) پہلے سے بھی زیادہ لوگ اکٹھے ہوگئے اور انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نماز پڑھی۔ لوگ صبح اٹھے اور آپس میں باتیں کیں۔ تیسری رات مسجد کے لوگ اور زیادہ ہوگئے۔ رسول اللہ ﷺ باہر آئے اور لوگوں نے آپؐ کی اقتداء میں نماز پڑھی۔ جب چوتھی رات ہوئی تو مسجد لوگوں کو سمیٹ نہ سکی (لیکن آپؐ گھر سے باہر تشریف نہ لائے) آخر جب صبح کی نماز کے لئے آپؐ آئے اور فجر پڑھا چکے تو لوگوں کی طرف آپؐ متوجہ ہوئے اور کلمہ شہادت پڑھا۔ پھر فرمایا: اما بعد- مجھ سے پوشیدہ نہ تھا کہ تم لوگ مسجد میں ہو لیکن میں ڈر گیا۔ مبادا تم پر یہ نماز فرض ہوجائے اور تم اس سے عاجز آجائو۔ (عقیل کی طرح) یونس (بن یزید) نے بھی یہی روایت بیان کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 925
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ نے مجھے بتایا۔ حضرت ابوحمیدؓ ساعدی سے مروی ہے کہ انہوں نے ان کو بتایا: رسول اللہ ﷺ ایک رات (عشاء کی) نماز کے بعد کھڑے ہوئے اور کلمہ شہادت پڑھا اور جس تعریف کے اللہ تعالیٰ لائق ہے آپ نے اس کی تعریف کی۔ پھر فرمایا: اما بعد۔ (زہری کی طرح) ابو معاویہ اور ابو اسامہ نے بھی ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابی حمید سے، حضرت ابو حمیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اما بعد۔ اور (ابوالیمان کی طرح محمد بن یحيٰ) عدنی نے سفیان سے اما بعد سے متعلق روایت کی۔
تَابَعَهُ أَبُو مُعَاوِيَةَ وَأَبُو أُسَامَةَ عَنْ هِشَامٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي حُمَيْدٍ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " أَمَّا بَعْدُ ".
تَابَعَهُ الْعَدَنِيُّ عَنْ سُفْيَانَ فِي أَمَّا بَعْدُ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 926
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: علی بن حسین نے مجھے بتایا۔ مسور بن مخرمہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور جب آپؐ نے کلمہ شہادت پڑھا۔ آپؐ کو میں نے یہ کہتے سنا: اما بعد (محمد بن ولید) زبیدی نے بھی زہری سے (شعیب کی طرح) روایت کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 927
اسماعیل بن ابان نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبدالرحمن) ابن الغسیل (بن سلیمان) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عکرمہ نے ہمیں بتایا۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ منبر پر چڑھے اور یہ آپؐ کا آخری بیٹھنا تھا جو آپؐ (منبر پر) بیٹھے۔ آپؐ نے مونڈھوں پر ایک چادر لپیٹی ہوئی تھی اور اپنا سر ایک سیاہ پٹی سے باندھا ہوا تھا۔ آپؐ نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا بیان کی۔ پھر فرمایا: لوگو! میرے قریب آجائو۔ تو لوگ آپؐ کے پاس اکٹھے ہوگئے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اما بعد یہ انصار کا قبیلہ کم ہوتا جائے گا اور دوسرے لوگ زیادہ ہو جائیں گے۔ پس جو شخص محمد ﷺ کی امت میں امارت کا والی ہو اور اس وجہ سے اسے طاقت ہو کہ وہ کسی کو نقصان اور نفع پہنچا سکے تو چاہیے کہ وہ ان میں سے نیک کی نیکی کو قبول کرے اور ان کی ناگوار بات سے درگزر کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 928
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: بشر بن مفضل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ (عمری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ دو خطبے پڑھتے۔ جن کے درمیان آپؐ بیٹھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 929
آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا: (محمد بن عبدالرحمن) بن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے ابو عبداللہ اغر (سلمان) سے، انہوں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جب جمعہ کا دن ہوتا ہے تو ملائکہ مسجد کے دروازے پر کھڑے ہو کر لکھتے ہیں جو پہلے آتا ہے، اس کا پہلے اور سویرے جانے والے کی مثال اس شخص کی سی ہے جو اونٹ کی قربانی کرتا ہے۔ پھر اس شخص کی جو ایک گائے کی اور پھر اس کی جو ایک مینڈھے کی۔ پھر اس کی جو مرغی کی قربانی کرتا ہے۔ پھر اس کی جو انڈے کی قربانی کرتا ہے۔ پھر جب امام نکلتا ہے تو وہ اپنے کاغذ لپیٹ لیتے ہیں اور غور سے نصیحت سنتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 930
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص آیا اور نبی ﷺ جمعہ کے دن لوگوں سے مخاطب تھے۔ آپؐ نے فرمایا: فلاں کیا تم نے نماز پڑھی ہے؟ اس نے جواب دیا: نہیں۔ فرمایا: اٹھو اور نماز پڑھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 931
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت جابرؓ سے سنا۔ حضرت جابرؓ نے کہا: ایک شخص جمعہ کے دن (مسجد میں) آیا اور نبیﷺ تقریر کر رہے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے نماز پڑھی ہے؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: (اٹھو) اور دو رکعتیں پڑھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 932
مسدد (ابن مسرھد) نے ہم سے بیان کیا، کہا: حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز سے، عبدالعزیز نے حضرت انسؓ سے روایت کی اور (حماد نے ہی) یونس سے، یونس نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اس اثناء میں کہ نبی ﷺ جمعہ کے دن (لوگوں سے) مخاطب تھے ایک شخص اٹھا اور اس نے کہا: یا رسول اللہ گھوڑے تباہ ہوگئے ‘ بکریاں مر گئی ہیں۔ آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ وہ مینہ برسائے۔ آپؐ نے اپنے دونوں ہاتھ پھیلائے اور دعا کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 933
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، کہا: ولید (بن مسلم) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابو عمرو (اوزاعی) نے ہمیں بتایا کہا: اسحق بن عبداللہ بن ابی طلحہ نے مجھے بتایا کہ حضرت انس بن مالکؓ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے زمانہ میں لوگوں کو قحط کی مصیبت پڑی۔ اسی اثناء میں کہ نبی ﷺ جمعہ کے دن لوگوں سے مخاطب تھے ایک دیہاتی کھڑا ہوا اور اس نے کہا: یا رسول اللہ! جانور مر گئے ہیں اور بال بچے بھوکے ہیں۔ آپؐ اللہ سے ہمارے لئے دعا کریں۔ تب آپؐ نے دونوں ہاتھ اٹھائے اور حالت یہ تھی کہ آسمان میں بادل کا ایک ٹکڑا بھی ہمیں نظر نہ آتا تھا۔ اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ آپؐ نے ہاتھ نیچے نہیں کئے تھے کہ بادل پہاڑوں کی طرح امڈ آئے اور منبر سے آپؐ اس وقت تک نہیں اترے جب تک میں نے مینہ کے قطرے آپؐ کی داڑھی پر سے ٹپکتے نہ دیکھے۔ غرض اس روز دن بھر ہم پر بارش ہوتی رہی اور اگلے دن بھی اور اس سے اگلے دن بھی اور اس کے بعد کے دنوں میں بھی دوسرے جمعہ تک۔ پھر وہی دیہاتی یا (راوی نے یہ) کہا: کوئی اور شخص اٹھا اور اس نے کہا: یا رسول اللہ! عمارتیں گر گئیں اور جانور ڈوب گئے۔ آپؐ اللہ سے ہمارے لئے دعا کریں۔ تب آپؐ نے اپنے ہاتھ اٹھائے اور کہا: اے اللہ! ہمارے اردگرد (ہو) اور ہم پر نہ ہو۔ آپ ابر کے جس کنارے کی طرف بھی اپنے ہاتھ سے اشارہ فرماتے وہ پھٹ جاتا اور مدینہ تالاب سا بن گیا تھا اور قنات کا نالہ مہینہ بھر بہتا رہا۔ اور جس طرف سے بھی کوئی آتا کثرت باراں کا ہی ذکر کرتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 934
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہمیں لیث نے بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: سعید بن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے انہیں خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر تم اپنے ساتھی سے جمعہ کے وقت جبکہ امام لوگوں سے مخاطب ہو کہو چپ رہو تو تم نے بھی لغو بات کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 935
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے جمعہ کے دن کا ذکر کیا اور فرمایا: اس میں ایک گھڑی ہے جو مسلمان بندہ اس گھڑی کو ایسی حالت میں پائے گا کہ وہ ( اس میں ) کھڑا نماز پڑھ رہا ہوگا تو وہ جو کچھ بھی اللہ تعالیٰ سے مانگے گا وہ اس کو ضرور دے گا اور آپؐ نے ہاتھ سے اشارہ کیا کہ وہ گھڑی تھوڑی سی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah