کتاب 13: كتاب العيدين
صحیح بخاری
صحیح بخاری 948
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ نے مجھے بتایا۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ کہتے تھے: حضرت عمرؓ نے ایک گاڑھے ریشمی کپڑے کا چوغہ جو بازار میں بک رہا تھا، لیا اور (اسے) رسول اللہ ﷺ کے پاس لے آئے اور کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اسے لے لیں۔ عید کے دن اور قاصدوں کی ملاقات کے لئے اسے زیب تن فرمایا کریں، تو رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا: یہ لباس تو ان لوگوں کا ہے جو (آخرت میں) بے نصیب ہیں۔ (یہ سن کر) حضرت عمرؓ جب تک بھی اللہ نے چاہا ٹھہرے رہے۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے ایک ریشمی چوغہ ان کو بھیجا۔ حضرت عمرؓ اس کو لے کر رسول اللہ کے پاس آئے اور کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے تو فرمایا تھا: یہ ان کا لباس ہے جو (آخرت میں) بے نصیب ہیں اور آپؐ نے مجھے یہ چوغہ بھیج دیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا: آپؓ اس کو بیچ دیں اور اس کی قیمت سے اپنی ضرورت پوری کر لیں۔
صحیح بخاری 949
احمد (بن عیسیٰ) نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عمرو (بن حارث) نے ہمیں بتایا کہ محمد بن عبدالرحمن اسدی نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ میرے پاس آئے اور اس وقت میرے پاس دو لڑکیاں تھیں جو بعاث کی لڑائی کے گیت گا رہی تھیں۔ آپؐ بچھونے پر لیٹ گئے اور اپنا منہ ایک طرف کرلیا اور حضرت ابوبکرؓ اندر آئے۔ تو انہوں نے مجھ کو جھڑکا اور کہا: شیطان کی بانسریاں نبی ﷺ کے پاس! رسول اللہ علیہ السلام ان کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: انہیں رہنے دو۔ جب آپ کی توجہ ہٹ گئی تو میں نے ان دونوں کو اشارہ کیا۔ وہ باہر چلی گئیں۔
صحیح بخاری 950
اور یہ عید کا دن تھا۔ اس دن حبشی لوگ ڈھالوں اور برچھیوں سے کھیل رہے تھے۔ یا تو میں نے نبی ﷺ سے عرض کی یا خود آپؐ نے فرمایا: تم دیکھنا چاہتی ہو؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے مجھے اپنے پیچھے کھڑا کر لیا۔ میرا رخسار آپؐ کے رخسار سے ملا ہوا تھا۔ اور آپؐ کہہ رہے تھے: اے بنی ارفدہ کھیلو۔ آخر جب میں اکتا گئی تو آپؐ نے (مجھ سے) پوچھا: بس۔ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جائو۔
صحیح بخاری 951
حجاج (بن منہال) نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ زبید (بن حارث) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے شعبی سے سنا کہ حضرت براءؓ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ نے فرمایا: پہلا کام جو ہم اپنے اس تہوار میں کرتے ہیں۔ وہ یہ ہے کہ ہم نماز پڑھتے ہیں۔ پھر ہم واپس آ کر قربانی کرتے ہیں۔ پس جس نے ایسا کیا تو اس نے ٹھیک ہماری سنت کے مطابق کیا۔
صحیح بخاری 952
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: حضرت ابوبکرؓ اندر آئے۔ اس وقت میرے پاس انصار کی لڑکیوں میں سے دو لڑکیاں تھیں، وہ گا رہی تھیں جو اشعار بعاث کی جنگ میں انصار نے کہے تھے۔ کہتی تھیں: وہ کوئی ڈومنیاں نہ تھیں۔ تو حضرت ابوبکرؓ نے کہا: کیا رسول اللہ ﷺ کے گھر میں شیطان کی بانسریاں (لے کر بیٹھی ہو؟) اور یہ واقعہ عید کے دن کا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ابوبکرؓ! ہر ایک قوم کی عید ہوا کرتی ہے اور یہ ہماری عید ہے۔
صحیح بخاری 953
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ سعید بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ہشیم (بن بشیر) نے ہمیں خبر دی، کہا: عبیداللہ بن ابی بکر بن انس نے ہمیں بتایا۔ حضرت انسؓ (بن مالک) سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ عید الفطر کے دن نہ نکلتے۔ جب تک کچھ کھجوریں نہ کھا لیتے۔ مرجّا بن رجاء نے کہا: عبیداللہ (بن ابی بکر) نے مجھ سے بیان کیا ، کہا: حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بھی یہی بتایا (اور کہا:) اور آپؐ انہیں طاق صورت میں کھاتے۔
صحیح بخاری 954
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت انسؓ (بن مالک) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے نماز سے پہلے ذبح کیا، چاہیے کہ وہ دوبارہ ذبح کرے۔ اس پر ایک شخص اٹھا اور اس نے کہا: یہ دن ہے جس میں گوشت کی خواہش ہوتی ہے اور اس نے اپنے پڑوسیوں کی محتاجی کا حال بیان کیا۔ نبی ﷺ نے اس کی تصدیق کی۔ اس نے کہا اور میرے پاس ایک سال کی پٹھیا ہے جو گوشت والی دو بکریوں سے مجھے بہت زیادہ پسند ہے۔ نبی ﷺ نے اس کو اجازت دی۔ میں نہیں جانتا آیا یہ اجازت کسی اور کو بھی ہوئی یا نہیں۔
صحیح بخاری 955
عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا، کہا: جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے، حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عیدالاضحٰی کے دن نماز کے بعد نبی ﷺ نے ہمیں مخاطب کیا۔ فرمایا: جس نے ہماری نماز کی طرح نماز پڑھی اور ہماری قربانی کی طرح قربانی کی۔ تو اس نے ٹھیک قربانی کی اور جس نے نماز سے پہلے قربانی کی چونکہ وہ نماز سے پہلے ہوئی اس کی کوئی قربانی نہیں۔ اس پر حضرت ابوبردہ بن نیارؓ نے جو حضرت براء (بن عازبؓ) کے ماموں تھے، کہا: یا رسول اللہ! میں نے تو اپنی بکری نماز سے پہلے ذبح کرلی تھی۔ میں تو یہ سمجھا تھا کہ آج کھانے پینے کا دن ہے اور میں نے چاہا کہ پہلی بکری جو ذبح ہو وہ میرے ہی گھر میں ہو اس لئے میں نے اپنی بکری ذبح کردی اور نماز کو آنے سے پہلے ناشتہ کیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہاری بکری تو گوشت کی بکری ہوئی۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! ہمارے پاس ایک سال کی پٹھیا ہے جو مجھے دو بکریوں سے بھی زیادہ پیاری ہے۔ کیا وہ میری طرف سے بطور قربانی کافی ہوگی؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ تمہارے بعد کسی کو بطور قربانی کام نہ آئے گی۔
صحیح بخاری 956
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا، کہا: محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا، کہا: زید (بن اسلم) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عیاض بن عبداللہ بن ابی سرح سے، انہوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ عید الفطر اور عید الاضحی میں عید گاہ کو جاتے تو پہلا کام جس سے آپؐ ابتداء کرتے وہ نماز ہوتی۔ پھر فارغ ہوکر لوگوں کے سامنے کھڑے ہوتے اور لوگ اپنی اپنی صفوں میں بیٹھے رہتے۔ آپؐ ان کو وعظ و نصیحت کرتے اور احکام سے آگاہ فرماتے۔ پھر اگر کوئی فوج بھیجنا چاہتے تو اس کا فیصلہ کرتے یا کوئی اور حکم دینا ہوتا تو وہ دیتے۔ پھر لوٹ جاتے۔ حضرت ابوسعیدؓ کہتے تھے: لوگ ہمیشہ اسی طرح کرتے رہے۔ یہاں تک کہ میں مروان کے ساتھ جو مدینہ کا حاکم تھا؛ عید الاضحٰی یا عید الفطر کے لئے نکلا۔ جب ہم عید گاہ میں آئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہاں ایک منبر ہے جس کو کثیر بن صلت نے بنوایا تھا اور (کہا:) مروان اس پر نماز پڑھنے سے پہلے چڑھنا چاہتا ہے۔ میں نے اس کو کپڑے سے کھینچا تو اس نے مجھے کھینچ لیا اور منبر پر چڑھ گیا اور نماز سے پہلے خطبہ پڑھا۔ میں نے کہا: اللہ کی قسم! تم نے (سنت کو) بدل ڈالا۔ اس نے جواب دیا: ابوسعیدؓ اب وہ (زمانہ) گذر گیا جس کو تم جانتے ہو۔ میں نے کہا: بخدا جس زمانہ کو میں جانتا ہوں۔ وہ اس زمانہ سے بہتر ہے جس کو میں نہیں جانتا۔ انہوں نے کہا: بات یہ ہے کہ لوگ نماز کے بعد ہمارے لیے بیٹھتے نہیں۔ اس لئے میں نے خطبہ نماز سے پہلے کردیا ہے۔
صحیح بخاری 957
ابراہیم بن منذر (حزامی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: انس (بن عیاض) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ عید الاضحٰی اور عید الفطر میں (پہلے) نماز پڑھتے اور پھر نماز کے بعد لوگوں سے مخاطب ہوتے۔
صحیح بخاری 958
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہشام نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے انہیں خبر دی۔ وہ کہتے تھے: عطاء نے مجھے بتایا۔ حضرت جابر بن عبداللہؓ (انصاری) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے ان سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ عید الفطر کے دن نکلے، خطبے سے پہلے نماز پڑھی۔
صحیح بخاری 959
(ابن جریج) کہتے تھے: اور عطاء نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ نے حضرت ابن زبیرؓ کو جب ان کی بیعت کی گئی کہلا بھیجا کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں عید الفطر کے دن اذان نہیں دی جاتی تھی اور خطبہ نماز کے بعد ہی ہوتا۔
صحیح بخاری 960
(ابن جریج کہتے ہیں:) اور عطاء نے حضرت ابن عباسؓ سے اور حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ دونوں نے کہا: عید الفطر میں اذان نہیں دی جاتی تھی اور عید الاضحٰی میں بھی۔
صحیح بخاری 961
اور انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے بھی یہ روایت نقل کی کہ انہوں نے کہا: میں نے ان سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ اٹھے اور نماز سےآغاز کیا۔ پھر بعد اس کے لوگوں سے مخاطب ہوئے جب نبی ﷺ خطبہ سے فارغ ہوئے تو آپؐ نیچے اترے اور عورتوں کے پاس آئے اور ان کو نصیحت کی اور آپؐ حضرت بلالؓ کے ہاتھ پر سہارا لئے ہوئے تھے اور حضرت بلالؓ اپنے کپڑے کو پھیلائے ہوئے تھے عورتیں اس میں صدقہ ڈالتیں۔ (ابن جریج کہتے تھے:) میں نے عطاء سے کہا: آپ کا کیا خیال ہے اب بھی امام کے لئے ضروری ہے کہ عورتوں کے پاس آئے اور انہیں نصیحت کرے جب وہ خطبہ سے فارغ ہو؟ تو انہوں نے جواب دیا: یقینا یہ ان کے لئے ضروری ہے اور انہیں کیا روک ہے کہ وہ ایسا کریں۔
صحیح بخاری 962
(ضحاک بن مخلد) ابوعاصم نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: حسن بن مسلم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ، حضرت ابوبکر، حضرت عمر اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہم کے ساتھ عیدین پڑھی ہیں۔ یہ سب خطبہ سے پہلے نماز پڑھا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 963
یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابواسامہ (حماد بن اسامہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ (عمری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ، حضرت ابوبکر، اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما دونوں عیدوں (کی نماز) خطبہ سے پہلے پڑھا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 964
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی بن ثابت سے، عدی نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے عید الفطر کے دن دو رکعتیں پڑھیں اور آپؐ نے نہ اس سے پہلے کوئی (نفل) پڑھے اور نہ اس کے بعد۔ پھر آپؐ عورتوں کے پاس آئے اور حضرت بلالؓ آپؐ کے ساتھ تھے۔ آپؐ نے عورتوں کو صدقہ کا حکم دیا تو وہ صدقہ دینے لگیں۔ کوئی عورت اپنی بالی پھینکتی اور کوئی اپنا ہار۔
صحیح بخاری 965
آدم (بن ابی عیاس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: زبید (بن حارث) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے شعبی سے سنا کہ حضرت براء بن عازب سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: پہلا کام جو ہم اپنے اس تہوار میں کرتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم نماز پڑھتے ہیں پھر ہم لوٹ جاتے ہیں اور قربانی کرتے ہیں۔ پس جس نے ایسا کیا وہ ٹھیک ہمارے طریق پر چلا اور جس نے نماز سے پہلے ذبح کیا وہ صرف گوشت ہی ہے جو اس نے اپنے گھر والوں کے لئے کیا ہے۔ قربانی سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ اس پر انصار میں سے ایک شخص نے جن کو حضرت ابوبردہ بن نیارؓ کہتے تھے، کہا: یا رسول اللہ! میں تو ذبح کر چکا ہوں۔ اب میرے پاس ایک برس کی پٹھیا ہے جو دو سال کی بکری سے بہتر ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کی جگہ اس کو ذبح کر دو۔ تمہارے بعد کسی کو یہ اجازت کام نہ دے گی۔
صحیح بخاری 966
زکریا بن یحيٰ ابوسُکَین نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبدالرحمن) محاربی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: محمد بن سوقہ نے ہمیں بتایا کہ حضرت سعید بن جبیرؓ سے مروی ہے۔ وہ کہتے تھے: میں (حج میں) حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ کے ساتھ تھا۔ جب کہ ان کے پائوں کے تلوے میں نیزے کی اَنّی لگی اور ان کا پائوں رکاب سے چمٹ گیا تو میں اترا اور نیزہ ان کے پائوں سے کھینچ کر نکالا اور یہ واقعہ منیٰ میں ہوا۔ حجاج کو یہ خبر پہنچی تو وہ ان کی بیمار پرسی کو آئے۔ حجاج نے کہا: کاش ہمیں یہ معلوم ہو کہ کس نے یہ نیزہ آپؓ کو مارا۔ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: تم ہی نے مجھے نیزہ مارا ہے۔ حجاج نے کہا: یہ کیسے؟ تو انہوں نے کہا: تم نے ایسے دن میں ہتھیار اٹھوائے ہیں جس دن ان کو اٹھوایا نہیں جاتا تھا۔ اور حرم میں تم نے ہتھیار داخل کئے حالانکہ حرم کے اندر ہتھیار نہیں لائے جاتے تھے۔
صحیح بخاری 967
احمد بن یعقوب نے ہم سے بیان کیا ، کہا: اسحق بن سعید بن عمرو بن سعید بن عاص نے مجھے بتایا کہ ان کے باپ (سعید) سے مروی ہے۔ ان کے باپ نے کہا: حجاج حضرت ابن عمرؓ کے پاس آئے اور میں ان کے پاس تھا۔ حجاج نے پوچھا: یہ (زخم) کیسا ہے؟ انہوں نے کہا: اچھا ہے۔ حجاج نے کہا: آپؓ کو کس نے مارا ہے۔ انہوں نے جواب دیا: مجھے اس نے مارا ہے جس نے ایسے دن ہتھیار اٹھانے کا حکم دیا ہے، جس میں اس کا اُٹھانا جائز نہیں اور اس سے ان کی مراد حجاج تھا۔