کتاب 13: كتاب العيدين
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 968
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زبید سے، زبید نے، نے حضرت براء (بن عازبؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عید الاضحٰی کے دن نبی ﷺ ہم لوگوں سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: پہلا کام جو ہم اپنے اس دن میں کرتے ہیں وہ نماز ہے۔ پھر واپس جاکر ہم قربانی کرتے ہیں۔ پس جس نے ایسا کیا تو اس نے ٹھیک ہمارا طریق اختیار کیا اور جس نے نماز پڑھنے سے پہلے ذبح کرلیا وہ صرف گوشت ہے جو اس نے اپنے گھر والوں کے لئے جلدی سے کرلیا۔ قربانی سے اس کا کچھ تعلق نہیں۔ اس پر میرے ماموں حضرت ابوبردہ بن نیارؓ کھڑے ہوئے اور انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے تو نماز پڑھنے سے پہلے ذبح کرلیا ہے اور میرے پاس ایک سال کی پٹھیا ہے جو دو سال والی بکری سے بہتر ہے۔ آپؐ نے فرمایا: تم اس کو اس کی جگہ قربانی میں دے دو یا فرمایا: اس کو ذبح کردو اور تمہارے بعد کسی کو بھی ایک سال کی پٹھیا کام نہ دے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 969
محمد بن عرعرہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان (بن اعمش) سے، سلیمان نے مسلم البطین سے، انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی عمل بھی جو دوسرے دنوں میں کیا جائے ان دس دنوں کے عمل سے بڑھ کر نہیں ہو سکتا۔ لوگوں نے کہا: کیا جہاد بھی نہیں؟ آپؐ نے فرمایا: جہاد بھی نہیں۔ مگر ہاں وہ شخص جو اپنی جان و مال خطرے میں ڈالتے ہوئے نکلے اور پھر کوئی چیز بھی واپس نہ لائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 970
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک بن انس نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: محمد بن ابی بکر ثقفی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس (بن مالکؓ) سے، جبکہ ہم دونوں صبح کو منٰی سے عرفات کو جا رہے تھے، لبیک کی بابت پوچھا کہ آپ نبی ﷺ کے ساتھ کیسے کیا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا: لبیک کہنے والا لبیک کہتا اور اس پر کوئی اعتراض نہ کرتا اور تکبیریں کہنے والا تکبیر کہتا۔ اس پر بھی کوئی اعتراض نہ کرتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 971
محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہم سے عمر بن حفص (بن غیاث) نے، انہوں نے کہا: میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم (بن سلیمان) سے، عاصم نے حفصہ (بنت سیرین) سے، حفصہ نے حضرت ام عطیہؓ سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: ہمیں عید کے دن نکلنے کے لئے کہا جاتا۔ ہم کنواریوں کو بھی ان کے پردے سے نکالتیں بلکہ حائضہ کو بھی نکالتیں اور عورتیں لوگوں کے پیچھے رہتیں اور مردوں کی تکبیر کے ساتھ تکبیر کہتیں اور ان کی دعا کے ساتھ دعا کرتیں۔ اس دن کی برکت اور پاکیزگی کی امید رکھتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 972
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالوہاب (ثقفی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ (عمری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے سامنے عید الفطر اور عید الاضحیہ کے دن برچھی گاڑی جاتی۔ پھر آپؐ نماز پڑھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 973
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، کہا: ولید (بن مسلم) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ہم سے ابی عمرو (اوزاعی) نے بیان کیا، کہا: نافع نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ صبح کو عید گاہ جاتے اور برچھی آپؐ کے آگے آگے اُٹھا کر لے جائی جاتی اور عید گاہ میں آپؐ کے سامنے گاڑ دی جاتی۔ آپؐ اس کے سامنے نماز پڑھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 974
عبد اللہ بن عبدالوھاب نے ہم سے بیان کیا، کہا: حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، محمد نے حضرت ام عطیہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ ہمیں حکم ہوا ہے کہ ہم پردہ دار جوان عورتوں کو بھی (عید کے دن) لے کر جایا کریں اور ایوب سے مروی ہے کہ انہوں نے حفصہ سے بھی ایسی ہی روایت نقل کی۔ حفصہ کی روایت میں اتنا زیادہ ہے کہ ایوب نے یا حفصہ نے کہا: جوان عورتوں اور پردہ نشینوں کو بھی اور حیض والیاں نماز گاہ سے علیحدہ رہتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 975
عمرو بن عباس نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالرحمن نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) سفیان نے ہمیں بتایا۔ عبدالرحمن سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں عید الفطر یا عید الاضحی میں نبی ﷺ کے ساتھ نکلا۔ آپؐ نے نماز پڑھائی اور پھر آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے اس کے بعد عورتوں کے پاس تشریف لائے اور انہیں وعظ کیا اور نصیحت کی اور صدقہ دینے کے لئے فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 976
ابونعیم (فضل بن دکین) نے ہم سے بیان کیا، کہا: محمد بن طلحہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زبید سے، زبید نے شعبی سے، شعبی نے حضرت براءؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ عید الاضحی کے دن بقیع کی طرف نکلے۔ آپؐ نے دو رکعتیں پڑھائیں۔ پھر آپؐ ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: ہماری پہلی عبادت اس دن یہ ہوگی کہ ہم نماز پہلے پڑھیں۔ پھر لوٹ کر قربانی کریں۔ جس نے ایسا کیا تو اس نے ٹھیک ہماری سنت کے موافق کیا اور جس نے اس سے پہلے ذبح کیا تو اُس نے صرف اپنے گھر والوں کے لئے جلدی کی۔ وہ قربانی نہیں ہے۔ اس پر ایک شخص اُٹھا اور اس نے کہا: یا رسول اللہ! میں تو ذبح کر چکا ہوں۔ اب میرے پاس ایک پٹھیا ہے جو دو سالہ بکری سے بھی اچھی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو ذبح کر لو اور تمہارے بعد پھر کسی اور کی (یہ غرض) پوری نہیں کرے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 977
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: عبدالرحمن بن عابس نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ ان سے پوچھا گیا: کیا آپؓ نبی ﷺ کے ساتھ عید کی نماز میں موجود تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ بچپن کی وجہ سے اگر مجھے خصوصیت حاصل نہ ہوتی تو میں عید میں آپؐ کے ساتھ نہ ہوتا۔ آپؐ اُس نشان کے پاس آئے جو کثیربن صلت کے گھر کے پاس تھا۔ آپؐ نے نماز پڑھی۔ پھر لوگوں سے مخاطب ہوئے۔ اس کے بعد عورتوں کے پاس آئے اور آپؐ کے ساتھ حضرت بلالؓ تھے۔ آپؐ نے وعظ کیا اور نصیحت کی اور صدقہ کا انہیں حکم دیا۔ میں نے انہیں دیکھا کہ وہ ہاتھ پھیلا پھیلا کر حضرت بلالؓ کے کپڑے میں ڈالتی جاتی تھیں۔ پھر آپؐ حضرت بلالؓ سمیت گھر کو چلے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 978
اسحق بن ابراہیم بن نصر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہمیں ابن جریج نے خبر دی۔ وہ کہتے ہیں: مجھ کو عطاء (بن ابی رباح) نے بتایا۔ حضرت جابر بن عبداللہ (انصاریؓ) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: عید الفطر کے دن نبی ﷺ کھڑے ہوئے اور پہلے نماز پڑھائی۔ پھر آپؐ نے خطبہ پڑھا۔ جب آپؐ فارغ ہوگئے تو عورتوں کے پاس نیچے آئے اور انہیں نصیحت کی۔ آپؐ حضرت بلالؓ کے ہاتھ پر سہارا لئے ہوئے تھے اور حضرت بلالؓ اپنا کپڑا پھیلائے ہوئے تھے۔ اس میں عورتیں صدقہ ڈال رہی تھیں۔ (ابن جریج کہتے ہیں:) میں نے عطاء سے پوچھا۔ صدقہ فطر دے رہی تھیں؟ انہوں نے کہا: نہیں بلکہ صدقہ تھا جو اس وقت دے رہی تھیں۔ کوئی عورت تو اپنے چھلے ڈال رہی تھی۔ دوسری عورتیں بھی کچھ ڈالتی تھیں۔ (ابن جریج کہتے تھے:) میں نے (عطاء سے) پوچھا کہ کیا اَب امام کے لئے ضروری ہے کہ وہ انہیں نصیحت کرے؟ انہوں نے جواب دیا: بے شک ان پر یہ فرض ہے اور انہیں کیا ہے کہ ایسا نہ کریں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 979
ابن جریج کہتے ہیں کہ حسن بن مسلم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ، حضرت ابوبکر، حضرت عمر اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہم کے ساتھ عید الفطر پڑھی ہے۔ وہ خطبہ سے پہلے نماز پڑھا کرتے تھے۔ پھر اس کے بعد خطبہ ہوتا۔ نبی ﷺ نکلے۔ (یہ مجھے ایسا یاد ہے) جیسے میں (اب بھی) آپؐ کو دیکھ رہا ہوں۔ جب آپؐ اپنے ہاتھ سے لوگوں کو بٹھاتے تھے۔ آپؐ صفوں کو چیرتے ہوئے عورتوں کے پاس آئے۔ حضرت بلالؓ آپؐ کے ساتھ تھے۔ آپؐ نے (سورۂ ممتحنہ کی آیتیں) پڑھیں: {اے نبی! جب مومن عورتیں تیرے پاس آئیں (اور) اس (امر) پر تیری بیعت کریں۔…} جب آپؐ ان آیات کی تلاوت سے فارغ ہوئے تو آپؐ نے فرمایا: کیا تم ان باتوں پر قائم ہو؟ اس پر اُن میں سے ایک عورت نے کہا: ہاں۔ دوسری عورتوں نے آپؐ کو جواب نہیں دیا۔ حسن (بن مسلم) نہیں جانتے کہ وہ کون تھی۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا صدقہ دو۔ حضرت بلالؓ نے اپنا کپڑا پھیلا دیا اور کہا: لائو ڈالو۔ میرے ماں باپ تم پر قربان اور وہ چھلے اور انگوٹھیاں حضرت بلالؓ کے کپڑے میں ڈالتی جاتی تھیں۔ عبدالرزاق نے کہا: فَتَخَ کے معنی بڑی انگوٹھیوں کے ہیں جو زمانہ جاہلیت میں ہوا کرتی تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 980
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ایوب نے ہمیں بتایا۔ حفصہ بنت سیرین سے مروی ہے کہ وہ کہتی تھیں: ہم اپنی لڑکیوں کو عید کے دن باہر نکلنے سے منع کیا کرتی تھیں۔ ایک عورت آئی۔ وہ بنی خلف کے محل میں اتری (جو بصرہ میں تھا) میں اس کے پاس آئی۔ اس نے بیان کیا کہ اس کے بہنوئی نے نبی ﷺ کے ساتھ بارہ غزوات کئے تھے اور چھ غزوات میں اس کی بہن بھی آنحضرت ﷺ کے ساتھ تھی۔ اس نے کہا: ہم بیماروں کی خدمت کیا کرتیں اور زخمیوں کا علاج معالجہ کرتیں اور اس نے پوچھا: یا رسول اللہ! اگر ہم میں سے کسی کے پاس جلباب نہ ہو اور وہ عید کے دن نہ نکلے۔ تو کیا کوئی حرج ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اس کی سہیلی اپنے جلباب کا ایک حصہ اسے اوڑھا دے اور چاہیے کہ عورتیں نیک کاموں میں اور مومنوں کی دعا میں شریک ہوا کریں۔ حفصہ کہتی تھیں۔ جب حضرت ام عطیہؓ (بصرہ میں) آئیں تو میں ان کے پاس آئی اور ان سے پوچھا: کیا آپؓ نے فلاں فلاں بات کے متعلق سنا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ میرا باپ آپؐ پر قربان اور جب بھی وہ نبی ﷺ کا ذکر کرتیں تو کہتیں میرا باپ آپؐ پر قربان ہو۔ آپؐ نے فرمایا: پردہ دار جوان عورتیں یا فرمایا: چاہیے جوان عورتیں اور پردہ نشین بھی نکلیں؟ ایوب نے شک کیا (کہ ان دونوں میں سے کون سے الفاظ تھے) اور حیض والیاں بھی نکلا کریں مگر حیض والیاں نماز گاہ سے الگ رہیں اور نیک کاموں اور مومنوں کی دعا میں شریک ہوں۔ (حفصہ) کہتی تھیں کہ میں نے ان سے کہا: کیا حیض والیاں بھی نکلیں؟ تو انہوں نے جواب دیا: ہاں۔ کیا حائضہ (حج کے موقع) پر عرفات میں موجود نہیں ہوتی اور فلاں فلاں مقام میں بھی حاضر نہیں ہوتی؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 981
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: (محمد بن ابراہیم) بن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن عون سے، انہوں نے محمد (بن سیرین) سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے : حضرت ام عطیہؓ نے کہا: ہمیں حکم ہوا کہ ہم (عید کے دن) نکلیں تو ہم حیض والیوں اور جوان عورتوں اور پردہ نشینوں کو بھی باہر لے جائیں۔ ابن عون کہتے تھے: یا (یوں کہا:) پردہ نشین جوان عورتوں کو اور جو حائضہ ہوں وہ مسلمانوں کی جماعت اور دعا میں شریک ہوں۔ مگر ان کی نماز کی جگہ سے الگ رہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 982
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: کثیر بن فرقد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ عید گاہ میں اونٹ کی یا دوسرے جانور کی قربانی کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 983
مسدد (بن مسرہد) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوالاحوص (سلام بن سلیم) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: منصور بن معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عامر) شعبی سے، شعبی نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ عید الاضحیہ کے دن نماز کے بعد ہم سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: جس نے ہماری نماز جیسی نماز پڑھی اور ہماری قربانی کی طرح قربانی کی تو اس نے ٹھیک قربانی کی اور جس نے نماز سے پہلے قربانی کرلی وہ بکری گوشت ہی کے لئے ہوئی۔ اس پر حضرت ابوبردہ بن نیارؓ اُٹھے اور کہا: یا رسول اللہ! میں نے تو بخدا نماز کے لئے نکلنے سے پہلے ہی قربانی کرلی ہے اور میں یہ سمجھا تھا کہ آج کا دن کھانے پینے کا ہے۔ اس لئے میں نے جلدی کی خود بھی کھایا اور اپنے گھر والوں اور پڑوسیوں کو بھی کھلایا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ بکری تو گوشت ہی کے لئے ہوئی۔ (حضرت ابوبردہؓ نے) کہا: میرے پاس ایک سال کی پٹھیا بھی ہے۔ وہ گوشت کی دو بکریوں سے بہتر ہے۔ کیا یہ میری طرف سے کافی ہوگی؟ فرمایا: ہاں مگر تمہارے بعد کسی کو کافی نہ ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 984
حامد بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حماد بن زید سے، حماد نے ایوب سے، ایوب نے محمد سے روایت کی کہ حضرت انس بن مالکؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے عید الاضحیہ کے دن نماز پڑھائی۔ پھر آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور جس نے نماز سے پہلے ذبح کر لیا تھا آپؐ نے اس سے فرمایا کہ وہ دوبارہ ذبح کرے۔ اس پر انصار میں سے ایک شخص اٹھا اور کہا: یا رسول اللہ ! میرے کچھ ہمسایہ ہیں، یا کہا: انہیں بھوک کی تکلیف رہتی ہے۔ یا کہا: (انہیں) محتاجی رہتی ہے اور میں نے نماز سے پہلے ذبح کر لیا اور اب میرے پاس ایک سال کی پٹھیا ہے جو مجھے گوشت کی دو بکريوں سے زیادہ پیاری ہے۔ آپؐ نے اسے ذبح کرنے کی اجازت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 985
مسلم نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود (بن قیس) سے، اسود نے حضرت جندبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے عید الاضحیہ کے دن نماز پڑھائی۔ پھر خطبہ پڑھا۔ اس کے بعد آپؐ نے ذبح کیا اور فرمایا: جس نے نماز پڑھنے سے پہلے ذبح کیا ہو اس کو چاہیے کہ وہ اس کی جگہ ایک اور جانور ذبح کرے اور جس نے ابھی ذبح نہ کیا ہو وہ بھی اللہ کا نام لے کر ذبح کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 986
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوتُمیلہ یحيٰ بن واضح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے فلیح بن سلیمان سے، فلیح نے سعید بن حارث سے، سعید نے حضرت جابرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب عید کا دن ہوتا تو ایک راستے سے جاتے اور دوسرے راستے سے آتے۔ (ابوتُمیلہ کی طرح) یونس بن محمد نے بھی فلیح سے، فلیح نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے یہ روایت نقل کی ہے اور حضرت جابر کی روایت زیادہ صحیح ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 987
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ منیٰ کے دنوں میں ان کے ہاں آئے اور ان کے پاس دو لڑکیاں تھیں، جو دَف بجا رہی تھیں اور نبی ﷺ اپنا کپڑا اپنے اوپر لئے ہوئے تھے۔ حضرت ابوبکرؓ نے ان کو جھڑکا تو نبی ﷺ نے اپنے منہ سے کپڑا ہٹایا اور فرمایا: ابوبکرؓ ! انہیں رہنے دو یہ تو عید کے دن ہیں اور یہ دن منیٰ کے دن تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah