کتاب 15: كتاب الاستسقاء
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1005
ابو نعیم (فضل بن دکین) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی بکر سے، عبداللہ نے عباد بن تمیم سے، عباد نے اپنے چچا (حضرت عبداللہ بن زیدؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بارش کے لئے دعا مانگنے نکلے اور آپؐ نے (دعا مانگتے ہوئے) اپنی چادر اُلٹائی۔
صحیح بخاری 1006
حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ قَالَ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنِ الْأَعْمَشِ عَنْ أَبِي الضُّحَى عَنْ مَّسْرُوقٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مغیرہ بن عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ جب آخری رکوع سے سر اُٹھاتے تو یوں کہتے: یا اللہ! عیاشؓ بن ابی ربیعہ کو نجات دے۔ یا اللہ! سلمہؓ بن ہشام کو نجات دے۔ یا اللہ! ولیدؓ بن ولید کو نجات دے۔ اے اللہ! ناتواں مسلمانوں کو چھڑوا دے۔ اے اللہ! مضر کو سختی سے لتاڑ۔ ان کے سالوں کو حضرت یوسفؑ کے سالوں کی طرح کر دے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ قبیلہ غفار کی مغفرت کرے اور قبیلہ اسلم کو اللہ سلامتی میں رکھے۔ ابوزناد کے بیٹے نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے کہا: یہ ساری دعائیں صبح کی نماز میں کی تھیں۔ {حمیدی نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہمیں سفیان (ثوری) نے بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے۔}
صحیح بخاری 1007
اور عثمان بن ابی شیبہ نے بھی ہم سے بیان کیا، کہا: جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم حضرت عبد اللہ (بن مسعودؓ) کے پاس تھے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے جب دیکھا کہ لوگ روگردانی کر رہے ہیں تو آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! سات سالہ قحط۔ جیسا حضرت یوسفؑ کے وقت میں سات سالہ قحط ڈالا تھا، (ان پر ڈال) سو اُن پر ایسا قحط پڑا، جس نے ہر ایک چیز کو فنا کر دیا۔ یہاں تک کہ آخر انہوں نے کھال اور مردار اور بدبودار لاشیں بھی کھائیں اور ان میں سے کوئی جو آسمان کی طرف نظر کرتا تو بھوک کے مارے اسے دھواں ہی نظر آتا۔ ابوسفیان آپؐ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: محمد! آپؐ تو اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری اور صلہ رحمی کا حکم کرتے ہیں اور یہ دیکھو آپ کی قوم ہلاک ہو گئی ہے۔ اللہ سے ان کے لیے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا: {پس انتظار کر اُس دن کا جب آسمان ایک واضح دھواں لائے گا۔ ضرور تم (انہی باتوں کا) اعادہ کرنے والے ہو۔} جس دن ہم بڑی گرفت کریں گے۔ پس یہ بڑی گرفت بدر کے دن ہوئی۔ چنانچہ دھوئیں کا عذاب اور سخت گرفت اور لزاماً والی پیشگوئی اور روم کی پیشگوئی یہ سب باتیں ہو چکیں۔
صحیح بخاری 1008
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابو قتیبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبدالرحمن بن عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا۔ ان کے باپ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمرؓ کو ابو طالب کا یہ شعر پڑھتے ہوئے سنا:
اور وہ خوبرو جس کے منہ کے طفیل مینہ برسایا جاتا ہے
جو یتیموں کی پناہ اور بیوائوں کی ڈھارس ہے
صحیح بخاری 1009
اور عمر بن حمزہ کہتے تھے: سالم نے ہمیں بتایا کہ ان کے باپ سے مروی ہے کہ بسا اوقات میں کہنے والے کا یہ قول یاد کرتا اور میں نبی ﷺ کے چہرہ کو دیکھتا۔ جبکہ آپؐ برسات کے لئے دعا کرتے۔ آپؐ (منبر سے) نہ اترتے تا وقتیکہ پرنالے زور سے بہنے نہ لگ جاتے۔ اور وہ خوبرو جس کے منہ کے طفیل مینہ برسایا جاتا ہے جو یتیموں کی پناہ اور بیوائوں کی ڈھارس ہے اور یہ ابوطالب کا شعر ہے۔
صحیح بخاری 1010
حسن بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) محمد بن عبداللہ (بن مثنیٰ) انصاری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے میرے باپ عبداللہ بن مثنیٰ نے بتایا۔ انہوں نے ثمامہ بن عبداللہ بن انس سے، ثمامہ نے حضرت انسؓ (بن مالک) سے روایت کی کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ (کے زمانہ میں) جب لوگوں میں قحط پڑتا تو حضرت عباس بن عبدالمطلب (رضی اللہ عنہ) کے وسیلہ سے بارش کی دعا کرتے اور کہتے: اے اللہ! ہم تجھ تک اپنے نبی (ﷺ) کے وسیلہ سے پہنچا کرتے تھے اور تو ہمیں پانی پلاتا تھا۔ اب ہم اپنے نبیؐ کے چچا کے وسیلہ سے تجھ تک پہنچتے ہیں۔ ہمارے لئے مینہ برسا اور ہمیں پانی پلا۔ راوی کہتا تھا: ان کے لئے برسایا جاتا تھا۔
صحیح بخاری 1011
اسحق نے ہم سے بیان کیا، کہا: وہب (بن جریر) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن ابوبکر سے، محمد بن ابوبکر نے عباد بن تمیم سے، عباد نے حضرت عبداللہ بن زیدؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے بارش کے لئے دعا مانگی اور اپنی چادر اُلٹائی۔
صحیح بخاری 1012
علی بن عبداللہ (مدنی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ بن ابی بکر نے کہا کہ انہوں نے عباد بن تمیم سے سنا۔ وہ اپنے باپ کو اپنے چچا حضرت عبداللہ بن زیدؓ سے روایت کرتے ہوئے بتا رہے تھے کہ نبی ﷺ عیدگاہ کی طرف گئے اور بارش کے لئے دعا کی اور آپؐ نے قبلہ کی طرف منہ کیا اور اپنی چادر الٹائی اور دو رکعتیں پڑھیں۔ ابوعبداللہ نے کہا: (سفیان) بن عیینہ کہتے تھے: (حضرت عبداللہ بن زیدؓ) وہی ہیں جنہوں نے (خواب میں) اذان دیکھی تھی لیکن یہ ان کی غلطی ہے کیونکہ یہ عبداللہ بن زید بن عاصم مازنی ہیں۔ یعنی قبیلۂ مازنِ انصار۔
صحیح بخاری 1013
محمد (بن سلام بیکندی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابو ضمرہ انس بن عیاض نے ہم سے بیان کیا، کہا: شریک بن عبداللہ بن ابی نمر نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا کہ وہ ذکر کر رہے تھے کہ ایک شخص جمعہ کے دن مسجد نبوی کے اس دروازے سے داخل ہوا جو منبر کے سامنے تھا اور اس وقت رسول اللہ ﷺ کھڑے ہو کر خطبہ پڑھ رہے تھے۔ وہ کھڑے کھڑے رسول اللہ ﷺ کی طرف متوجہ ہوا اور کہا: یا رسول اللہ! مال مویشی مر گئے اور راستے بند ہو گئے اس لیے آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ ہم پر مینہ برسائے۔ (حضرت انسؓ ) کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے دونوں ہاتھ اٹھا کر کہا: اے اللہ! ہمیں پانی پلا۔ اے اللہ! ہمیں پانی پلا۔ اے اللہ! ہمیں پانی پلا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم ہم آسمان میں نہ بادل دیکھتے تھے نہ بادل کا کوئی ٹکڑا اور نہ کوئی اور چیز اور نہ ہمارے اور سلع پہاڑ کے درمیان کوئی گھر یا مکان تھا (کہ آسمان اوٹ میں ہو) کہتے تھے: اتنے میں اس پہاڑ کے پیچھے سے ایک بدلی نمودار ہوئی، ڈھال کے برابر تھی۔ جب وہ آسمان کے وسط میں آئی تو پھیل گئی۔ پھر برسنے لگی۔ کہتے تھے: اللہ کی قسم! ہم نے ہفتہ بھر سورج نہ دیکھا۔ پھر آئندہ جمعہ کو ایک شخص اسی دروازہ سے مسجد میں آیا اور اس وقت رسول اللہ ﷺ کھڑے خطبہ پڑھ رہے تھے۔ وہ کھڑے کھڑے آپؐ کی طرف متوجہ ہوا اور کہا: یا رسول اللہ! مال مویشی مر گئے اور راستے بند ہو گئے۔ اللہ سے دعا کیجئے کہ بارش روک لے۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اپنے دونوں ہاتھ اٹھا کر کہا: یا اللہ! ہمارے ارد گرد بارش ہو اور ہم پر نہ ہو۔ یا اللہ! ٹیلوں اور پہاڑوں اور ٹیکروں اور وادیوں اور درخت اگنے کے مقامات پر بارش ہو۔ (حضرت انسؓ کہتے تھے) اتنے میں بارش بند ہو گئی۔ اور ہم نکلے، دھوپ میں چلنے پھرنے لگے۔ شریک کہتے تھے کہ میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا: کیا یہ پہلا شخص ہی تھا؟ انہوں نے کہا: میں نہیں جانتا۔
صحیح بخاری 1014
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شریک سے، شریک نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ ایک شخص جمعہ کے دن اس دروازے سے مسجد میں داخل ہوا جو دارالقضاء کی طرف تھا۔ اس وقت رسول اللہ ﷺ کھڑے خطبہ فرما رہے تھے۔ وہ شخص کھڑے کھڑے ہی رسول اللہ ﷺ کی طرف متوجہ ہوا اور کہا: یا رسول اللہ! مال مویشی ہلاک ہوگئے اور راستے بند ہوگئے۔ آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ ہم پر مینہ برسائے۔ رسول اللہ ﷺ نے دونوں ہاتھ اٹھا کر کہا: اے اللہ ! ہم پر بارش برسا۔ اے اللہ ! ہم پر بارش برسا۔ اے اللہ ! ہم پر بارش برسا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم ہم آسمان میں نہ ابر دیکھتے تھے نہ ابر کا ٹکڑا اور سلع پہاڑ اور ہمارے درمیان نہ کوئی گھر تھا، نہ مکان۔ کہتے تھے: اتنے میں پہاڑ کے پیچھے سے ایک بدلی ڈھال کے برابر نمودار ہوئی۔ جب وہ آسمان کے درمیان آئی تو پھیل گئی اور برسنے لگی۔ بخدا ہم نے سورج ہفتہ بھر نہیں دیکھا۔ پھر جمعہ کے دن اسی دروازہ سے ایک شخص داخل ہوا اور اس وقت رسول اللہ ﷺ کھڑے خطبہ فرما رہے تھے۔ اس نے کھڑے کھڑے آپؐ کی طرف منہ کیا اور کہا: یا رسول اللہ! مال مویشی تباہ ہوگئے اور راستے کٹ گئے۔ آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ بارش ہم سے روک لے۔ حضرت انسؓ نے کہا: تو رسول اللہ ﷺ نے اپنے دونوں ہاتھ اٹھا کر کہا: اے اللہ ! ہمارے گردا گرد ہو اور ہم پر نہ ہو۔ اے اللہ ! ٹیلوں اور ٹیکریوں اور وادیوں کے نشیبوں میں اور درخت اگنے کی جگہوں میں برسے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: اتنے میں بادل پھٹ گیا اور ہم نکلے، دھوپ میں چلنے پھرنے لگے۔ شریک کہتے تھے: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے پوچھا: کیا یہ پہلا ہی شخص تھا؟ انہوں نے جواب دیا۔ میں نہیں جانتا۔
صحیح بخاری 1015
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ (بن مالک) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اس اثناء میں کہ رسول اللہ ﷺ جمعہ کے دن لوگوں سے مخاطب تھے کہ ایک شخص آپؐ کے پاس آیا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بارش نہیں ہوئی۔ آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ ہم پر مینہ برسائے۔ آپؐ نے دعا کی اور بارش ہوئی اور اتنی ہوئی کہ ہمارے لئے اپنے گھروں کو جانا مشکل ہوگیا۔ آئندہ جمعہ تک بارش ہوتی رہی۔ (حضرت انسؓ) کہتے تھے: و ہی شخص یا کوئی اور کھڑا ہوا اور کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ اب اس کو ہم سے ہٹا دے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے اللہ! ہمارے ارد گرد ہو اور ہم پر نہ ہو۔ (حضرت انسؓ) کہتے تھے: میں نے دیکھا کہ بادل پھٹتے ہوئے دائیں اور بائیں طرف جارہے ہیں۔ لوگوں پر تو بار ش ہوتی تھی مگر مدینہ والوں پر نہ ہوتی تھی۔
صحیح بخاری 1016
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے شریک بن عبداللہ (بن ابی نمر) سے، شریک نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا کہ ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور اس نے کہا: مویشی مر گئے اور راستے بند ہو گئے ہیں۔ آپؐ نے دعا کی اور اس جمعہ سے دوسرے جمعہ تک ہم پر بارش ہوتی رہی۔ پھر وہ آیا اور اس نے کہا: گھر گر گئے اور راستے بند ہو گئے اور مویشی مر گئے۔ آپ اللہ سے دعا کریں کہ بارش ہم سے روک لے۔ آپ ﷺ کھڑے ہوئے اور آپؐ نے دعا کی: اے اللہ! ٹیلوں پر اور پہاڑیوں پر اور نالوں پر اور درختوں کے اُگنے کی جگہ پر مینہ برسا چنانچہ مدینہ سے بادل کپڑے کی طرح پھٹ گئے۔
صحیح بخاری 1017
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے شریک بن عبداللہ بن ابی نمر سے، شریک نے حضرت انسؓ بن مالک سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اس نے کہا: یا رسول اللہ! مویشی مرگئے۔ راستے بند ہوگئے۔ آپؐ اللہ سے دعا کریں۔ رسول اللہ ﷺ نے دعا کی اور ان پر ایک جمعہ سے دوسرے جمعہ تک بارش ہوتی رہی۔ پھر ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اس نے کہا: یا رسول اللہ! گھر گر گئے، راستے بند ہوگئے اور مویشی مرگئے۔ رسول اللہ ﷺ نے دعا کی: یا اللہ! پہاڑوں کی چوٹیوں پر اور ٹیلوں پر اور نالوں کے نشیبوں میں اور درخت اُگنے کی جگہوں میں بارش ہو۔ اس پر بادل مدینہ سے کپڑے کی طرح پھٹ گئے۔
صحیح بخاری 1018
حسن بن بشر نے ہم سے بیان کیا، کہا: معافیٰ ابن عمران نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اوزاعی سے، اوزاعی نے اسحق بن عبداللہ (بن ابی طلحہ) سے، اسحق نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ کے سامنے جانور مر جانے اور بال بچوں کے تکلیف اٹھانے کی شکایت کی تو آپؐ نے اللہ تعالیٰ سے بارش کے لئے دعا کی اور اس نے یہ ذکر نہیں کیا کہ آپؐ نے چادر اُلٹائی اور نہ یہ بتایا کہ آپؐ قبلہ رخ ہوئے۔
صحیح بخاری 1019
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شریک بن عبداللہ بن ابی نمر سے، شریک نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اس نے کہا: یا رسول اللہ! مویشی مر گئے اور راستے بند ہو گئے۔ آپؐ اللہ سے دعا کریں۔ اس پر آپؐ نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی اور ہم پر ایک جمعہ سے دوسرے جمعہ تک بارش ہوتی رہی۔ پھر ایک آدمی نبی ﷺ کے پاس آیا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! گھر گر گئے، راستے بند ہو گئے اور مویشی مر گئے۔ رسول اللہ ﷺ نے دعا کی: اے اللہ! پہاڑوں اور ٹیلوں کی پشتوں پر اور وادیوں کے نشیبوں اور درختوں کے اُگنے کی جگہوں پر برسا۔ چنانچہ مدینہ سے بادل کپڑے کی طرح پھٹ گئے۔
صحیح بخاری 1020
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: منصور اور اعمش نے ابوالضحیٰ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ مسروق سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں حضرت ابن مسعودؓ کے پاس گیا تو انہوں نے کہا: قریش نے اسلام قبول کرنے میں توقف کیا۔ نبی ﷺ نے ان کے خلاف دعا کی تو قحط سالی نے انہیں ایسا پکڑا کہ وہ اس میں ہلاک ہوگئے اور انہوں نے مردے اور ہڈیاں کھائیں۔ ابوسفیان آپؐ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: اے محمدؐ: آپؐ تو صلہ رحمی کا حکم کرنے کے لئے آئے ہیں اور حالت یہ ہے کہ آپؐ کی قوم ہلاک ہوگئی ہے۔ اللہ (عزو جل) سے دعا مانگیں۔ آپؐ نے یہ آیت پڑھی: فَارْتَقِبْ یَوْمَ تَأْتِی السَّمَآئُ بِدُخَانٍ مُّبِیْنٍ۔ (خیر آپؐ نے دعا کی اور بارش ہوئی۔ قحط جاتا رہا۔) مگر پھر وہ ویسے ہی منکر ہوگئے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا: (یعنی) جس دن ہم بہت بڑی گرفت کریں گے یعنی بدر کے دن۔ (ابوعبد اللہ نے) کہا: اور اسباط (بن محمد) نے منصور سے روایت کرتے ہوئے یہ بات زائد کہی کہ رسول اللہ ﷺ نے دعا کی اور ان پر بارش ہوئی اور سات روز تک بادل ان پر چھایا رہا اور لوگوں نے کثرتِ باراں کی شکایت کی تو آپؐ نے فرمایا: اے اللہ ہمارے آس پاس ہو ہم پر نہ ہو تو بدلی آپؐ کے سر سے پھٹ گئی اور ان کے ارد گرد لوگوں پر بارش ہونے لگی۔
صحیح بخاری 1021
محمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبید اللہ (عمری) سے، عبید اللہ نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جمعہ کے دن (لوگوں سے) مخاطب تھے تو لوگ کھڑے ہوگئے اور چلائے اور کہا: یا رسول اللہ! بارش نہیں ہوتی اور درخت پیلے ہوگئے اور جانور تباہ ہوگئے۔ آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ ہم پر بارش برسائے۔ آپؐ نے دعا کی۔ اے اللہ! ہمیں پانی پلا۔ دو دفعہ (آپؐ نے یہ کہا) اور اللہ کی قسم ہم آسمان میں بادل کا ایک ٹکڑا بھی نہیں دیکھتے تھے کہ اتنے میں ایک بدلی اٹھی اور برسنے لگی۔ آپؐ منبر سے اُتر آئے اور نماز پڑھی۔ جب نماز سے فارغ ہوگئے تو بارش برابر ہو رہی تھی اور آئندہ جمعہ تک ہوتی رہی۔ جب نبی ﷺ کھڑے ہو کر خطبہ دینے لگے تو لوگ پھر آپؐ کے سامنے چلائے۔ گھر گرگئے اور راستے کٹ گئے۔ اس لئے آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ وہ ہم سے بارش روک لے۔ اس پر نبی ﷺ مسکرائے اور کہا: اے اللہ! ہمارے گردا گرد برسے ہم پر نہ برسے۔ مدینہ سے (بادل) پھٹ گئے اور اردگرد بارش ہونے لگی۔ مدینہ میں ایک قطرہ بھی نہیں برستا تھا۔ میں نے مدینہ کو دیکھا۔ یوں معلوم ہوتا کہ وہ (چاروں طرف پانی کی وجہ سے) تاج جیسی چیز میں رکھا ہوا ہے۔
صحیح بخاری 1022
اور ابو نعیم نے ہمیں بتایا اور انہوں نے زُہیر سے، زہیر نے ابو اسحق سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) حضرت عبداللہ بن یزید انصاری نکلے اور ان کے ساتھ حضرت براء بن عازب اور حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہم بھی نکلے۔ انہوں نے بارش کے لئے دعا کی۔ وہ ان کو لے کر اپنے پائوں پر کھڑے ہوئے منبر پر نہیں اور بارش کے لئے دعا کی۔ پھر بلند آواز سے تلاوت کرتے ہوئے دو رکعتیں پڑھیں۔ نہ اذان دی اور نہ اقامت کہی۔ ابو اسحق کہتے تھے: حضرت عبداللہ بن یزید (انصاریؓ) نے نبی ﷺ کو دیکھا تھا۔
صحیح بخاری 1023
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عباد بن تمیم نے مجھ سے بیان کیا کہ ان کے چچا نے جو کہ نبی ﷺ کے صحابہ میں سے تھے، ان کو بتایا کہ نبی ﷺ لوگوں کو باہر لے گئے تا ان کے لئے مینہ برسنے کی دعا کریں۔ آپؐ کھڑے ہوئے اور کھڑے ہی کھڑے اللہ تعالیٰ سے دعا کی۔ پھر قبلہ کی طرف منہ کیا اور اپنی چادر اُلٹائی اور اُن پر بارش ہوئی۔
صحیح بخاری 1024
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا: عبداللہ) بن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عباد بن تمیم سے، عباد نے اپنے چچا (حضرت عبداللہ بن زیدؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نماز استسقاء کے لئے نکلے اور قبلہ رخ ہو کر دعا کرتے رہے اور آپؐ نے اپنی چادر اُلٹائی۔ پھر آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں۔ ان میں بلند آواز سے قرآن مجید پڑھا۔