کتاب 18: كتاب التقصير
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1080
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم اور حُصین سے، ان دونوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ انیس دن (فتح مکہ کے ایام میں) ٹھہرے تھے، نماز قصر کرتے رہے۔ اس لئے ہم اگر سفر میں انیس دن رہیں تو قصر کرتے ہیں اور اگر اس سے زیادہ ہو تو پوری نماز پڑھتے ہیں۔
صحیح بخاری 1081
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ بن ابی اسحق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم نبی ﷺ کے ساتھ (حجۃ الوداع میں) مدینہ سے مکہ جانے کے لئے نکلے۔ آپؐ دو دو رکعتیں پڑھتے رہے۔ یہاں تک کہ ہم مدینہ واپس آگئے۔ میں نے پوچھا: کیا آپ لوگ مکہ میں کچھ ٹھہرے تھے؟ انہوں نے جواب دیا: ہم وہاں دس روز ٹھہرے تھے۔
صحیح بخاری 1082
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے خبر دی۔ حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے منیٰ میں نبی ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ کے ساتھ دو رکعت نماز پڑھی اور حضرت عثمانؓ کے ساتھ بھی ان کی خلافت کے شروع میں دو رکعت ہی نماز پڑھی۔ حضرت عثمانؓ بعد میں پوری نماز پڑھا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 1083
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ابواسحق (عمرو بن عبداللہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حارثہ بن وہب سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے جبکہ آپؐ ہر طرح امن میں تھے، منیٰ میں دو رکعت ہمیں نماز پڑھائی۔
صحیح بخاری 1084
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا کہ اعمش سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: ابراہیم (نخعی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے عبدالرحمن بن یزید سے سنا۔ کہتے تھے: حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ نے منیٰ میں ہمیں چار رکعتیں پڑھائیں۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کو اس کے متعلق بتایا گیا تو انہوں نے اِنَّا لِلّٰہِ پڑھا پھر کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ منیٰ میں دو رکعتیں پڑھیں اور حضرت ابوبکر (صدیق) رضی اللہ عنہ کے ساتھ منیٰ میں دو رکعتیں پڑھیں اور حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے ساتھ بھی منیٰ میں دو رکعتیں پڑھیں۔ کاش! مجھے ان چار رکعتوں کے بدلے میں دو مقبول رکعتیں نصیب ہوں۔
صحیح بخاری 1085
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: وُہیب (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ایوب (سختیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالعالیہ براء سے، براء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ اور آپؐ کے صحابہؓ چوتھی ذوالحج کی صبح کو حج کے لئے لبیک پکارتے ہوئے آئے اور آپؐ نے ان کو حکم دیا کہ (حج) کو عمرہ کر دیں سوائے اس شخص کے جس کے ساتھ قربانی ہو۔ (ابوالعالیہ کی طرح) عطاء (بن ابی رباح) نے بھی حضرت جابرؓ سے یہ روایت کی ہے۔
صحیح بخاری 1086
اسحق بن ابراہیم حنظلی نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے ابواسامہ سے کہا: عبیداللہ (عمری) نے آپ کو بتایا۔ انہوں نے نافع سے، انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: عورت تین دن کا سفر بغیر اپنے محرم رشتہ دار نہ کرے۔
صحیح بخاری 1087
تَابَعَهُ أَحْمَدُ عَنِ ابْنِ الْمُبَارَكِ عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ عَنْ نَافِعٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ سے مروی ہے۔ انہوں نے نافع سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: کوئی عورت تین دن کا سفر نہ کرے سوائے اس کے کہ اس کے ساتھ کوئی محرم رشتہ دار ہو۔
(مسدد کی طرح) احمد (بن محمد مروزی) نے (عبداللہ) بن مبارک سے، انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے یہی روایت کی۔
صحیح بخاری 1088
تَابَعَهُ يَحْيَى بْنُ أَبِي كَثِيرٍ وَسُهَيْلٌ وَمَالِكٌ عَنِ الْمَقْبُرِيِّ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه.
آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن ابی ذئب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: سعید مقبری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: کسی عورت کے لئے جو اللہ اور یوم آخرت پر یقین رکھتی ہو، جائز نہیں کہ وہ ایسی حالت میں ایک رات دن کی مسافت کا سفر کرے کہ اس کے ساتھ کوئی محرم رشتہ دار نہ ہو۔
(ابن ابی ذئب کی طرح) یحيٰ ابن ابی کثیر، سہیل اور مالک نے بھی مقبری سے، اور انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے یہ روایت بیان کی ہے۔
صحیح بخاری 1089
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن منکدر اور ابراہیم بن میسرہ سے، ان دونوں نے حضرت انس (بن مالک) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کے ساتھ مدینہ میں ظہر کی چار رکعتیں اور ذو الحلیفہ میں عصر کی دو رکعتیں پڑھیں۔
صحیح بخاری 1090
عبداللہ بن محمد(مسندی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ پہلے پہل جو نماز فرض کی گئی دو رکعتیں تھیں۔ سفر کی نماز تو برقرار رکھی گئی اور حضر کی نماز (بڑھا کر) مکمل کر دی گئی۔ زہری کہتے تھے: میں نے عروہ سے پوچھا کہ حضرت عائشہؓ کیوں سفر میں پوری نماز پڑھتی تھیں؟ تو انہوں نے جواب دیا: انہوں نے بھی وہی تاویل کی جو حضرت عثمانؓ نے کی تھی۔
صحیح بخاری 1091
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہمیں شعیب نے بتایا۔ شعیب نے زہری سے روایت کی۔ زہری نے کہا کہ مجھے سالم نے بتایا۔ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ جب سفر میں آپؐ کو جلدی چلنا ہوتا تو آپؐ مغرب کی نماز میں تاخیر کرتے اور مغرب اور عشاء اکٹھی پڑھتے۔ سالم نے کہا کہ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) بھی ایسا ہی کیا کرتے تھے، جب انہیں جلدی سفر کرنا ہوتا۔
صحیح بخاری 1092
اور لیث (بن سعد) نے مزید یہ بڑھایا، کہا: یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ سالم نے کہا: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما مزدلفہ میں مغرب اور عشاء جمع کیا کرتے تھے۔ سالم نے کہا: حضرت ابن عمرؓ نے مغرب کی نماز میں تاخیر کی اور وہ اپنی اہلیہ صفیہ بنت ابی عبید کے علیل ہونے کی وجہ سے بلائے گئے تھے۔ تو میں نے ان سے کہا: نماز؟ انہوں نے کہا: چلے چلو۔ پھر میں نے کہا: نماز۔ انہوں نے کہا: چلے چلو یہاں تک کہ دو یا تین میل تک نکل گئے پھر وہ اترے اور نماز پڑھی۔ پھر انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو بھی اسی طرح نماز پڑھتے دیکھا، جب آپؐ کو چلنے کی جلدی ہوتی۔ اور حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا جب آپؐ کو جلدی سفر کرنا ہوتا تو نماز مغرب میں تاخیر کرتے اور تین رکعتیں پڑھ کر سلام پھیر دیتے۔ پھر تھوڑی دیر ٹھہر کر عشاء کی نماز کے لئے اقامت کہلواتے اور اس کی دو رکعتیں پڑھ کر سلام پھیر دیتے اور عشاء کے بعد نفل نہ پڑھتے۔ پھر آدھی رات کو اٹھتے۔
صحیح بخاری 1093
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالاعلیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عبداللہ بن عامر سے، انہوں نے اپنے باپ (حضرت عامر بن ربیعہؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا۔ آپؐ اپنی اونٹنی پر ادھر ہی منہ کئے ہوئے نماز پڑھ رہے تھے جدھر وہ آپؐ کو لئے جا رہی تھی۔
صحیح بخاری 1094
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: شیبان (نحوی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے محمد بن عبدالرحمن سے روایت کی کہ حضرت جابر بن عبداللہؓ (انصاری) نے انہیں خبر دی کہ نبی ﷺ نفل پڑھتے تھے، جبکہ آپؐ سوار ہوتے، قبلہ رُخ نہ ہوتے۔
صحیح بخاری 1095
ہم سے عبدالاعلیٰ بن حماد نے بیان کیا، کہا: وہیب (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما اپنی اونٹنی پر نفل پڑھا کرتے اور اسی پر وتر پڑھتے اور بتاتے تھے کہ نبی ﷺ بھی ایسا ہی کیا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 1096
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالعزیز بن مسلم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا، کہا: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سفر میں اپنی اونٹنی پر نماز پڑھتے خواہ وہ کسی طرف انہیں لے جارہی ہوتی۔ رکوع اور سجدہ اشارہ سے کرتے اور حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے ذکر کیا کہ نبی ﷺ بھی ایسا ہی کیا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 1097
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبداللہ بن عامر بن ربیعہ سے روایت کی کہ حضرت عامر بن ربیعہؓ نے انہیں خبر دی، کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا۔ آپؐ اپنی اونٹنی پر نفل پڑھ رہے تھے۔ (رکوع اور سجدہ) اپنے سر کے اشارے سے کرتے۔ آپؐ کا منہ اسی طرف ہوتا جدھر اس کا منہ ہوتا اور رسول اللہ ﷺ فرض نماز میں ایسا نہ کرتے۔
صحیح بخاری 1098
اور لیث نے کہا: یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا، کہا: سالم کہتے تھے: حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) اپنی سواری پر رات کو نماز پڑھتے اور آپؓ مسافر ہوتے، پرواہ نہ کرتے جدھر بھی اس کا منہ ہوتا۔ حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: اور رسول اللہ ﷺ بھی اونٹنی پر نفل پڑھتے۔ آپؐ ادھر ہی منہ کئے ہوتے جدھر اونٹنی کا منہ ہوتا اور اسی پروتر پڑھتے مگر آپؐ اس پر فرض نماز نہ پڑھتے۔
صحیح بخاری 1099
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحیی سے، یحيٰ نے محمد بن عبدالرحمن بن ثوبان سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت جابر بن عبداللہؓ (انصاری) نے مجھ سے بیان کیا کہ نبی ﷺ اپنی سواری پر مشرق کی طرف (بھی) نماز پڑھا کرتے تھے اور جب نماز فریضہ پڑھنا چاہتے تو آپؐ اترتے اور قبلہ کی طرف منہ کرتے۔