کتاب 18: كتاب التقصير
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 1100
احمد بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: حبان (بن ہلال) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ہم سے ہمام (بن یحيٰ) نے بیان کیا۔ کہتے تھے: انس بن سیرین نے ہمیں بتایا۔ کہا: ہم حضرت انسؓ (بن مالک) کے استقبال کو نکلے، جب وہ شام سے (لوٹ کر) آئے تھے۔ ہم ان سے عین التمر میں ملے۔ میں نے ان کو دیکھا کہ وہ گدھے پر (سوار) نماز پڑھ رہے تھے۔ ان کا منہ قبلہ سے بائیں طرف تھا۔ میں نے کہا: میں دیکھتا ہوں کہ آپؓ قبلہ کی طرف نہیں بلکہ اور طرف نماز پڑھ رہے تھے، تو انہوں نے کہا: اگر میں نے رسول اللہ ﷺ کو ایسا کرتے نہ دیکھا ہوتا تو میں ایسا نہ کرتا۔ اس حدیث کو (ابراہیم) بن طہمان نے بھی حجاج سے بروایت انس بن سیرین بیان کیا۔ انس بن سیرین نے حضرت انس (بن مالک) رضی اللہ عنہ سے اور حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1101
ہم سے یحيٰ بن سلیمان (کوفی) نے بیان کیا، کہا: ابن وہب نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عمر بن محمد (بن زید) نے مجھ سے بیان کیا کہ حفص بن عاصم نے کہا: حضرت (عبد اللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما نے سفر کیا تو انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے ساتھ رہا۔ میں نے تو آپؐ کو سفر میں سنتیں پڑھتے نہیں دیکھا اور اللہ جل ذکرہٗ نے فرمایا ہے: یقینا تمہارے لئے رسول اللہ (ﷺ) میں نیک نمونہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1102
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہمیں بتایا کہ عیسیٰ بن حفص بن عاصم سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت ابن عمرؓ کو یہ کہتے سنا۔ میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ رہا ہوں آپؐ سفر میں دو (فرض) رکعتوں سے زیادہ نہیں پڑھتے تھے اور حضرت ابو بکر، حضرت عمر اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہم (کے ساتھ بھی رہا) وہ بھی ایسا ہی کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1103
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن مرہ) سے، عمرو نے ابن ابی لیلیٰ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہمیں کسی نے نہیں بتایا کہ اس نے نبی ﷺ کو چاشت کی نماز پڑھتے دیکھا ہو، سوائے حضرت امّ ہانیؓ کے جو ذکر کرتی تھیں کہ نبی ﷺ نے فتح مکہ کے دن اُن کے گھر غسل فرمایا اور آٹھ رکعتیں پڑھیں۔ میں نے آپؐ کو کبھی نہیں دیکھا کہ اس سے ہلکی نماز پڑھی ہو مگر آپؐ رکوع اور سجود پورا کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1104
اور لیث (بن سعد) نے کہا: یونس نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عبداللہ بن عامر (بن ربیعہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ ان کے باپ نے انہیں بتایا کہ انہوں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے سفر میں اپنی اونٹنی کی پیٹھ پر رات کو نفل پڑھے۔ آپؐ اسی طرف منہ کئے ہوئے تھے جدھر اونٹنی آپؐ کو لئے جا رہی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1105
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ (بن عمر) نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنی اونٹنی کی پیٹھ پر نفل پڑھا کرتے تھے، جدھر بھی آپؐ کا منہ ہوتا۔ (رکوع اور سجدہ) سر کے اشارے سے کرتے اور حضرت ابن عمرؓ بھی ایسا ہی کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1106
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے زہری سے سنا۔ وہ سالم سے، سالم اپنے باپ سے روایت کرتے تھے۔ کہتے تھے: نبی ﷺ جبکہ آپؐ کو سفر کی جلدی ہوتی، تو مغرب اور عشاء جمع کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1107
اور ابراہیم بن طہمان نے کہا: حسین معلم سے روایت ہے۔ انہوں نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ جب سفر کر رہے ہوتے تو ظہر اور عصر جمع کرتے اور مغرب اور عشاء بھی جمع کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1108
اور (ابراہیم بن طہمان نے) حسین (معلّم) سے، حسین نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے حفص بن عبید اللہ بن انس سے، حفص نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: نبی ﷺ سفر میں مغرب اور عشاء کی نماز جمع کرتے۔ (حسین معلم کی) طرح علی بن مبارک اور حرب نے یحيٰ سے، یحيٰ نے حفص سے، حفص نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے (نمازیں) اکٹھی پڑھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1109
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: سالم نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا جب آپؐ کو سفر میں جلدی چلنا ہوتا تو مغرب کی نماز میں تاخیر کرتے تاکہ مغرب اور عشاء کو جمع کریں۔ سالم کہتے تھے: حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) بھی ایسا ہی کرتے جب انہیں چلنے کی جلدی ہوتی تو مغرب کی تکبیرِ اقامت کہلواتے اور تین رکعت پڑھ کر سلام پھیرتے۔ پھر تھوڑی دیر ٹھہر کر عشاء کی تکبیرِ اقامت کہلواتے اور دو رکعتیں (نماز) پڑھ کر سلام پھیرتے اور نہ ان کے درمیان کوئی رکعت نفل پڑھتے اور نہ عشاء کے بعد کوئی سجدہ کرتے۔ پھر آدھی رات کو اٹھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1110
اسحق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالصمد (بن عبدالوارث) نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) حرب (بن شداد) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ (بن ابی کثیر) نے ہم سے بیان کیا، کہا: حفص بن عبید اللہ بن انس نے مجھے بتایا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے ان سے بیان کیا: رسول اللہ ﷺ سفر میں یہ دونوں نمازیں جمع کیا کرتے تھے یعنی مغرب اور عشاء۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1111
حسان واسطی نے ہم سے بیان کیا، کہا: مفضل بن فضالہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل (بن خالد) سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب سورج ڈھلنے سے پہلے سفر کرتے تو ظہر کی نماز میں عصر کے وقت تک تاخیر کرتے۔ پھر ان دونوں کو جمع کرتے اور اگر سورج ڈھل گیا ہوتا تو پھر ظہر پڑھتے۔ پھر سوار ہوتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1112
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مفضل بن فضالہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ جب سورج ڈھلنے سے پہلے کوچ کرتے تو ظہر میں عصر کے وقت تک تاخیر کرتے۔ پھر اُتر کر دونوں جمع کرتے اور اگر کوچ کرنے سے پہلے سورج ڈھل جاتا تو ظہر پڑھتے پھر سوار ہوتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1113
قتیبہ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے اپنے گھر میں نماز پڑھی جبکہ آپؐ بیمار تھے۔ آپؐ نے بیٹھ کر نماز پڑھی اور لوگوں نے آپؐ کے پیچھے کھڑے ہوکر۔ آپؐ نے انہیں اشارہ کیا کہ بیٹھ جائو۔ جب (نماز سے) فارغ ہوئے تو آپؐ نے فرمایا : امام تو صرف اس لئے مقرر ہوا ہے کہ اس کی پیروی کی جائے سو جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو اور جب وہ (سر) اُٹھائے تو تم بھی (سر) اُٹھائو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1114
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے حضرت انس (بن مالک) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ گھوڑے پر سے گر پڑے تو آپؐ کا داہنا پہلو چھل گیا یا خراش آئی۔ ہم آپؐ کے پاس آپؐ کی عیادت کے لئے آئے۔ اتنے میں نماز کا وقت آگیا تو آپؐ نے بیٹھ کر نماز پڑھائی۔ ہم نے بیٹھ کر نماز پڑھی اور آپؐ نے فرمایا: امام تو اس لئے مقرر کیا گیا ہے کہ اس کی پیروی کی جائے۔ سو جب وہ اللہ اکبر کہے تو تم بھی اللہ اکبر کہو۔ جب رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو۔ جب (سر) اُٹھائے تو تم بھی (سر) اُٹھائو اور جب سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہے تو تم کہو: رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1115
اسحق بن منصور نے ہم سے بیان کیا، کہا: روح بن عبادہ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) حسین (معلّم) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن بریدہ سے، عبداللہ نے حضرت عمران بن حصینؓ سے روایت کی۔ انہوں نے نبی ﷺ سے پوچھا۔
اور اسحاق (بن منصور) نے بھی ہم سے بیان کیا، کہا: عبد الصمد نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے اپنے باپ (عبد الوارث) سے سنا۔ انہوں نے کہا: حسین (معلّم) نے ہمیں بتایا کہ ابنِ بریدہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت عمران بن حُصین نے مجھ سے بیان کیا۔ اور ان کو بواسیر تھی۔ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ سے آدمی کے بیٹھ کر نماز پڑھنے کی نسبت پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: اگر کھڑا ہو کر نماز پڑھے تو بہتر ہے اور اگر بیٹھ کر پڑھے تو اس کو کھڑے ہو کر پڑھنے والے کی نسبت آدھا اجر ملے گا اور جس نے لیٹ کر نماز پڑھی۔ اس کو بیٹھنے والے کی نسبت آدھا اَجر ملے گا۔
أَخْبَرَنَا إِسْحَاقُ قَالَ أَخْبَرَنَا عَبْدُ الصَّمَدِ قَالَ سَمِعْتُ أَبِي قَالَ حَدَّثَنَا الْحُسَيْنُ عَنِ ابْنِ بُرَيْدَةَ قَالَ حَدَّثَنِي عِمْرَانُ بْنُ حُصَيْنٍ ـ وَكَانَ مَبْسُورًا ـ قَالَ سَأَلْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَنْ صَلاَةِ الرَّجُلِ قَاعِدًا فَقَالَ " إِنْ صَلَّى قَائِمًا فَهْوَ أَفْضَلُ وَمَنْ صَلَّى قَاعِدًا فَلَهُ نِصْفُ أَجْرِ الْقَائِمِ وَمَنْ صَلَّى نَائِمًا فَلَهُ نِصْفُ أَجْرِ الْقَاعِدِ ".
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1116
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبد الوارث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: حسین (معلّم) نے ہمیں بتایا کہ عبد اللہ بن بریدہ سے مروی ہے کہ حضرت عمران بن حصینؓ نے اور انہیں بواسیر تھی اور ابو معمر راوی نے کبھی یوں کہا: حضرت عمرانؓ (بن حصین) سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے آدمی کی نماز کے متعلق پوچھا: جبکہ وہ بیٹھا ہوا ہو تو آپؐ نے فرمایا: جو کھڑے ہو کر نماز پڑھے تو یہ زیادہ بہتر ہے اور جس نے بیٹھ کر نماز پڑھی اس کو کھڑے ہونے والے کے ثواب سے آدھا ملے گا اور جس نے لیٹ کر نماز پڑھی، اس کو بیٹھنے والے کے ثواب سے آدھا ملے گا۔ ابو عبد اللہ (بخاریؒ) نے کہا: اس جگہ لفظ نَائِمًا میرے نزدیک مُضْطَجِعًا یعنی لیٹے ہوئے کے معانی میں ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1117
عبدان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ سے، عبداللہ نے ابراہیم بن طہمان سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حسین نے جو (بچوں کو) لکھنا پڑھنا سکھاتے تھے، مجھے بتایا: انہوں نے ابن بریدہ سے، ابن بریدہ نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: مجھے بواسیر تھی۔ نبی ﷺ سے نماز کے متعلق پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: کھڑے ہو کر نماز پڑھو اور اگر کھڑے نہ ہو سکو تو بیٹھے ہی سہی اور اگر بیٹھ بھی نہ سکو تو کروٹ پر ہی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1118
عبداللہ بن یوسف (تینسی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا امّ المومنین سے روایت کی۔ انہوں نے ان کو بتایا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو رات کی نماز بیٹھ کر پڑھتے کبھی نہیں دیکھا۔ یہاں تک کہ جب آپؐ بوڑھے ہوگئے تو آپؐ بیٹھ کر نماز پڑھتے۔ جب رکوع کرنا چاہتے تو کھڑے ہو جاتے۔ تیس چالیس کے قریب آیات پڑھتے، پھر رکوع کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1119
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن یزید اور ابوالنضر سے، جو عمر بن عبیداللہ کے آزاد کردہ غلام تھے؛ روایت کی۔ یہ دونوں ابوسلمہ بن عبدالرحمن سے، ابوسلمہ حضرت عائشہ ام المومنین رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نماز (تہجد) بیٹھ کر پڑھتے۔ آپ بیٹھ کر ہی (قرآن مجید) پڑھتے رہتے۔ جب آپؐ کی قرأت سے تیس چالیس کے قریب آیتیں رہتیں تو آپؐ کھڑے ہو جاتے اور کھڑے ہو کر پڑھتے۔ پھر رکوع کرتے۔ پھر سجدہ کرتے۔ دوسری رکعت میں بھی ایسا ہی کرتے۔ جب نماز پڑھ چکتے تو دیکھتے۔ اگر میں جاگتی ہوتی تو مجھ سے باتیں کرتے اگر میں سو رہی ہوتی تو لیٹ جاتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah