کتاب 19: كتاب التهجد
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1120
قَالَ سُفْيَانُ وَزَادَ عَبْدُ الْكَرِيمِ أَبُو أُمَيَّةَ " وَلاَ حَوْلَ وَلاَ قُوَّةَ إِلاَّ بِاللَّهِ ". قَالَ سُفْيَانُ قَالَ سُلَيْمَانُ بْنُ أَبِي مُسْلِمٍ سَمِعَهُ مِنْ طَاوُسٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: سلیمان بن ابی مسلم نے ہمیں بتایا۔ طائوس سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب رات کو تہجد پڑھنے کے لئے اٹھتے تو فرماتے: اے اللہ سب خوبیاں تیرے لئے ہیں تو آسمانوں اور زمین کا قائم رکھنے والا ہے اور ان کا بھی جو اُن میں موجود ہیں اور سب خوبیاں تیرے ہی لئے ہیں۔ تیرے لیے آسمانوں اور زمین کی بادشاہت ہے اور جو کچھ ان میں ہے (اس کی بھی) اور تمام خوبیاں تیرے ہی لئے ہیں۔ تو آسمانوں کا نور ہے اور زمین کا نور اور سب خوبیاں تیرے ہی لئے ہیں تو آسمانوں کا بادشاہ ہے اور زمین کا اور اُن کا بھی جو ان میں موجود ہیں اور سب خوبیاں تیرے ہی لئے ہیں۔ تو ہی برحق ہے اور تیرا وعدہ سچا ہے اور تیری ملاقات بھی ضرور ہوگی اور تیری باتیں سچی ہیں اور جنت بھی حق ہے اور دوزخ بھی حق ہے اور تمام نبی سچے ہیں اور حضرت محمد ﷺ بھی سچے ہیں اور قیامت کی گھڑی بھی برحق ہے۔ اے اللہ میں نے تیرے حضور اپنی گردن ڈال دی ہے اور تجھ پر ایمان لایا ہوں اور تجھی پر میں نے بھروسہ کیا ہے اور تیری ہی طرف میں جھکا ہوں اور تیری ہی خاطر میں نے یہ جھگڑا اُٹھایا ہے اور تیرے ہی حضور فیصلہ چاہا ہے۔ میری مغفرت فرما ، اس تقدیم و تاخیر میں جو میں نے کی ہے اور اس میں بھی جسے میں نے پوشیدہ رکھا اور جس کا میں نے اظہار کیا۔ تو ہی مقدّم کرنے والا اور تو ہی مؤخر کرنے والا ہے۔ کوئی معبود نہیں مگر تو ہی یا (فرماتے:) تیرے سوا اور کوئی معبود نہیں۔ سفیان کہتے تھے اور ابو امیہ عبد الکریم (ابن ابی المخارق) نے یہ بڑھایا۔ نہ بدی سے بچنے کی طاقت ہے نہ نیکی کرنے کی قوت۔ مگر اللہ ہی کی مدد سے۔ سفیان کہتے تھے کہ سلیمان بن ابی مسلم نے کہا : انہوں نے یہ بات طائوس سے سنی۔ طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے۔
صحیح بخاری 1121
ہم سے عبداللہ بن محمد (مسندی) نے بیان کیا، کہا: ہشام (بن یوسف صنعانی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: معمر نے ہمیں بتایا۔ … اور محمود (بن غیلان) نے بھی مجھ سے بیان کیا، کہا: عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: معمر نے ہمیں بتایا کہ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی زندگی میں جب کوئی شخص خواب دیکھتا تو وہ اسے رسول اللہ ﷺ سے بیان کرتا۔ میں نے بھی خواہش کی کہ کوئی خواب دیکھوں اور رسول اللہ ﷺ سے بیان کروں۔ میں نوجوان تھا اور رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں مسجد میں سویا کرتا تھا۔ میں نے خواب میں دیکھا جیسے دو فرشتوں نے مجھے پکڑ لیا ہے اور وہ مجھے دوزخ کی طرف لے گئے ہیں۔ میں کیا دیکھتا ہوں کہ کنوئیں کی طرح وہ اندر سے بنا ہوا ہے اور اس کے دو کولَے (ستون) ہیں اور کیا دیکھتا ہوں۔ اس میں کچھ لوگ ہیں جنہیں میں نے پہچان لیا ہے۔ (یہ دیکھ کر) میں نے کہنا شروع کیا: میں آگ سے اللہ کی پناہ لیتا ہوں۔ کہتے تھے: پھر ہمیں ایک اور فرشتہ ملا اور اس نے مجھ سے کہا: ڈرو نہیں۔
صحیح بخاری 1122
میں نے یہ خواب حضرت حفصہؓ سے بیان کیا۔ حضرت حفصہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: عبداللہؓ اچھا آدمی ہے، کاش رات کو تہجد کی نماز بھی پڑھا کرتا۔ اور اس کے بعد وہ رات کو کم ہی سویا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 1123
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: عروہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ تہجد کے وقت گیارہ رکعتیں پڑھا کرتے تھے۔ یہی آپؐ کی تہجد کی نماز ہوتی۔ اس میں آپؐ سجدہ اتنا (لمبا) کرتے کہ جتنے میں تم میں سے کوئی پچاس آیتیں آپؐ کے سر اُٹھانے سے پہلے پڑھ لے۔ صبح کی نماز سے پہلے دو رکعتیں پڑھا کرتے پھر آپؐ اپنی دا ہنی کروٹ پر لیٹ جاتے۔ یہاں تک کہ مؤذن آپؐ کے پاس نماز کے لئے آتا۔
صحیح بخاری 1124
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جندبؓ (بن عبداللہ بَجلی) سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ بیمار ہوئے تو آپؐ ایک یا دو راتیں نہیں اُٹھے۔
صحیح بخاری 1125
محمد بن کثیر نے (بھی) ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود بن قیس سے، اسود نے حضرت جندب بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جبرائیل ﷺ نبی ﷺ کے پاس آنے سے (کچھ مدت) رُکے رہے تو قریش کی ایک عورت نے کہا: اس کے شیطان نے اس کے پاس آنے میں دیر کر دی ہے۔ اس پر یہ آیات نازل ہوئیں: وَالضُّحٰی وَاللَّیْلِ اِذَا سَجٰی مَا وَدَّعَکَ رَبُّکَ وَمَاقَلٰی۔ یعنی دن کی روشنی کی قسم! اور رات کی جب وہ پرسکون ہو۔ تیرے رب نے نہ تو تجھے چھوڑا ہے اور نہ وہ ناراض ہوا ہے۔
صحیح بخاری 1126
(محمد) بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) معمر نے ہمیں بتایا کہ زہری سے مروی ہے۔ زہری نے ہند بنت حارث سے۔ ہند نے حضرت ام سلمہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک رات جاگے اور آپؐ نے فرمایا: سبحان اللہ! آج رات کیا کچھ بلائیں اُتاری گئیں اور کیا کیا خزانے اُتارے گئے۔ ان حجرے والیوں کو کون جگائے؟ بہت سی ہیں جو دنیا میں کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔ آخرت میں ننگی ہونگی۔
صحیح بخاری 1127
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: علی بن حسین (امام زین العابدین) نے مجھے خبر دی کہ حسین بن علی نے ان سے بیان کیا کہ حضرت علیؓ بن ابی طالب نے ان کو بتایا تھا کہ رسول اللہ ﷺ ایک رات ان کے اور حضرت فاطمہؓ کے پاس جو نبی علیہ السلام کی بیٹی تھیں، آئے اور فرمایا: کیا تم دونوں نماز نہیں پڑھو گے؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہماری جانیں اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہیں۔ جب ہمیں اُٹھانا چاہے ہمیں اُٹھاتا ہے۔ جب میں نے یہ کہا: تو آپؐ لوٹ گئے اور مجھے کچھ جواب نہ دیا۔ پھر میں نے جبکہ آپؐ پیٹھ موڑ کر جا رہے تھے، سنا۔ اپنی ران پر ہاتھ مارتے تھے۔ آپؐ کہہ رہے تھے: انسان اکثر باتوں میں جھگڑا کرتا ہے۔
صحیح بخاری 1128
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ کسی کام کو چھوڑ بھی دیتے تھے۔ حالانکہ آپؐ دل سے چاہتے کہ اسے کریں، اس خوف سے کہ کہیں لوگ اس پر کاربند ہوں اور وہ ان پر فرض ہو جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے کبھی چاشت کی نفلی نماز نہیں پڑھی اور میں تو اسے پڑھتی ہوں۔
صحیح بخاری 1129
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ ام المومنین رضی اللہ عنہا سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک رات مسجد میں نماز پڑھی۔ لوگوں نے بھی آپؐ کی اقتداء میں نماز پڑھی۔ پھر آپؐ نے دوسری رات بھی پڑھی اور لوگ بہت ہوگئے۔ پھر تیسری یا چوتھی رات کو بھی اکٹھے ہوئے اور رسول اللہ ﷺ اُن کے پاس باہر نہیں گئے۔ جب صبح ہوئی تو آپؐ نے فرمایا: میں نے دیکھ لیا تھا جو تم کرتے تھے اور مجھے تمہارے پاس باہر آنے سے اسی بات نے روکا ہے کہ میں ڈر گیا مبادا تم پر (تہجد) فرض ہو جائے اور یہ واقعہ رمضان میں ہوا۔
صحیح بخاری 1130
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: مسعر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زیاد (بن علاقہ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت مغیرہؓ کو کہتے سنا کہ نبی ﷺ اتنا کھڑے رہتے (یا کہا:) اتنی دیر تک نماز پڑھتے رہتے کہ آپؐ کے پائوں (یا کہا:) آپؐ کی پنڈلیاں سوج جاتیں۔ آپؐ سے کہا جاتا تو آپؐ فرماتے: کیا میں شکر گذار بندہ نہ بنوں۔
صحیح بخاری 1131
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عمرو بن دینار نے ہمیں بتایا کہ عمرو بن اوس نے ان کو خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کو نہایت ہی پسندیدہ نماز حضرت دائود علیہ السلام کی نماز ہے اور اللہ تعالیٰ کو نہایت پسندیدہ روزے حضرت دائود علیہ السلام کے روزے ہیں۔ وہ آدھی رات تک سوتے اور تہائی رات تک عبادت کرتے اور چھٹے حصے میں سوتے۔ ایک دن روزہ رکھتے اور ایک دن افطار کرتے۔
صحیح بخاری 1132
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سَلاَمٍ قَالَ أَخْبَرَنَا أَبُو الأَحْوَصِ عَنِ الأَشْعَثِ قَالَ إِذَا سَمِعَ الصَّارِخَ قَامَ فَصَلَّى.
عبدان نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ (عثمان بن جبلہ) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے اشعث سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ (سلیم بن اسود) سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے مسروق سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کہ نبی ﷺ کو کونسا کام سب سے زیادہ پسند تھا؟ انہوں نے جواب دیا: وہ جو ہمیشہ ہوتا رہے۔ میں نے کہا: آپؐ کس وقت تہجد کے لئے اٹھتے؟ انہوں نے کہا: جب مرغ کی آواز سنتے تو آپؐ اٹھتے۔ محمد بن سلام نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوالاحوص (سلام بن سلیم) نے ہمیں بتایا۔ اشعث سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: جب آپؐ مرغ کی آواز سنتے تو اُٹھ کر نماز پڑھتے۔
صحیح بخاری 1133
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن سعد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ (سعد بن ابراہیم) نے ذکر کیا کہ ابو سلمہ سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں تو آپؐ کو سحری کے وقت سوئے ہوئے پاتی، یعنی نبی ﷺ کو۔
صحیح بخاری 1134
یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: روح (بن عبادہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ سعید نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ اور حضرت زید بن ثابتؓ نے سحری کھائی۔ جب دونوں سحری سے فارغ ہوئے تو نبی ﷺ نماز کے لئے کھڑے ہوگئے اور دونوں نے نماز پڑھی۔ (قتادہ کہتے تھے:) ہم نے حضرت انس بن مالکؓ سے پوچھا: سحری اور فجر کی نماز میں کتنا فاصلہ تھا۔ انہوں نے کہا: اتنا جتنا کہ آدمی پچاس آیات پڑھ لے۔
صحیح بخاری 1135
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابی وائل سے، انہوں نے حضرت عبداللہؓ (بن مسعود) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک رات میں نے نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھی۔ آپؐ اتنا کھڑے رہے کہ میں نے ایک بری بات کا ارادہ کیا۔ ہم نے کہا: آپؓ نے کیا ارادہ کیا؟ جواب دیا کہ میں نے ارادہ کیا کہ بیٹھ جائوں اور نبی ﷺ کو چھوڑ دوں۔
صحیح بخاری 1136
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا ، کہا: خالد بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین (بن عبدالرحمن) سے، حصین نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ جب تہجد کے لئے اُٹھتے تو مسواک سے دانت رگڑ کر اپنا منہ صاف کرتے۔
صحیح بخاری 1137
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے: ایک شخص نے پوچھا: یا رسول اللہ! رات کی نماز کس طرح پڑھی جائے؟ آپؐ نے فرمایا: دو دو رکعت۔ جب تمہیں صبح ہونے کا اندیشہ ہو تو ایک رکعت سے طاق کر دو۔
صحیح بخاری 1138
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے مجھے بتایا کہ شعبہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ابوجمرہ نے ہمیں بتایا۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی نماز تیرہ رکعتیں ہوتی، یعنی رات کو۔
صحیح بخاری 1139
اسحق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبیداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحصین سے، ابوحصین نے یحيٰ بن وثاب سے، یحيٰ نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ سے رسول اللہ ﷺ کی رات کی نماز کے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا: (کبھی) سات رکعتیں اور (کبھی) نو رکعتیں اور (کبھی) گیارہ رکعتیں سوائے فجر کی دو رکعات کے۔