کتاب 19: كتاب التهجد
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 1140
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: حنظلہ (بن ابی سفیان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ رات کو تیرہ رکعتیں پڑھا کرتے تھے۔ انہی میں وتر اور فجر کی دو سنتیں بھی شامل ہوتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1141
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: محمد بن جعفر نے مجھے بتایا۔ حمید سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا، کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ کسی مہینے روزے ترک کر دیتے۔ یہاں تک کہ ہم سمجھتے کہ اس مہینے میں آپؐ روزہ رکھیں گے ہی نہیں اور (کبھی) اتنے روزے رکھتے کہ ہم سمجھتے اس میں آپؐ روزہ نہیں چھوڑیں گے اور آپؐ کی یہ حالت تھی کہ جب تم یہ خیال بھی نہیں کرتے ہوگے کہ آپؐ کو نماز پڑھتے دیکھو، مگر اس وقت بھی آپؐ کو نماز پڑھتے ہی دیکھو گے۔ یا یہ کہ سوئے ہوئے دیکھو تو آپؐ کو سوئے ہوئے پائو گے۔
محمد بن جعفر کی طرح سلیمان اور ابو خالد احمر نے بھی حمید سے یہ روایت نقل کی ہے۔
تَابَعَهُ سُلَيْمَانُ وَأَبُو خَالِدٍ الأَحْمَرُ عَنْ حُمَيْدٍ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1142
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: شیطان تم میں ایک کی گدی پر جب وہ سوتا ہے۔ تین گرہیں دیتا ہے۔ ہر گرہ مضبوطی سے لگاتا ہے۔ (کہتا ہے:) ابھی تیرے لئے بڑی رات ہے، سوئے رہو۔ پھر اگر وہ جاگ پڑے اور اللہ تعالیٰ کی تسبیح و تمحید کرے تو ایک گرہ کھل جاتی ہے اور اگر وہ وضو کر لے تو ایک اور گرہ کھل جاتی ہے اور اگر نماز پڑھے تو تیسری گرہ بھی کھل جاتی ہے۔ پھر تو وہ صبح کو تازہ دم خوش مزاج ہوتا ہے۔ ورنہ سُست بدمزاج رہے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1143
مؤمل بن ہشام نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل (بن علیہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ہم سے عوف (اعرابی) نے بیان کیا، کہا: ابورجاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے خواب کی بابت ہم سے بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ شخص جس کا سر پتھر سے کچلا جا رہا تھا، یہ ایسے شخص کا حال ہے جو قرآن کریم کو سیکھتا ہے اور پھر اسے چھوڑ دیتا ہے اور نماز فریضہ پڑھے بغیر سو جاتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1144
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوالاحوص (سلام بن سلیم) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: منصور نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبد اللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس کسی شخص کا ذکر ہوا اور کہا گیا: وہ سوتا رہا یہاں تک کہ اسے صبح ہوگئی وہ نماز کے لئے نہیں اُٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: شیطان نے اس کے کان میں پیشاب کر دیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1145
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ (بن عبدالرحمن) اور ابوعبداللہ الاغر سے، ان دونوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمارا ربّ جو بہت برکتوں والا اور عظیم الشان ہے، ہر رات جبکہ آخری تہائی رہ جاتی ہے، قریب ترین آسمان پر اترتا ہے۔ فرماتا ہے: کون مجھ سے دعا کرتا ہے کہ میں قبول کروں۔ کون مجھ سے مانگتا ہے کہ میں اسے دوں۔ کون میری مغفرت کا طالب ہے کہ میں اسے مغفرت سے نوازوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1146
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔… اور سلیمان (بن حرب) نے بھی مجھ سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحق سے، ابواسحق نے اسود سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا : نبی ﷺ رات کو کس طرح نماز پڑھتے ؟ انہوں نے جواب دیا: آپؐ پہلی رات سوجاتے اور پچھلی رات اُٹھتے اور نماز پڑھ کر پھر اپنے بچھونے پر آجاتے اور جب مؤذن اذان دیتا تو جلدی سے اُٹھ کھڑے ہوتے۔ اگر آپؐ کو ضرورت ہوتی تو نہاتے ورنہ وضو کرتے اور باہر چلے جاتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1147
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے ابوسلمہ بن عبدالرحمن سے روایت کی کہ ابو سلمہ نے ان کو خبر دی۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا: رمضان میں رسول اللہ ﷺ کی نماز کیسی ہوتی ؟ حضرت عائشہ ؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ رمضان اور غیر رمضان میں گیارہ رکعتوں سے زیادہ نہ پڑھتے تھے۔ چار رکعتیں پڑھتے اور ان کی خوبی اور لمبائی نہ پوچھئے۔ پھر چار رکعتیں پڑھتے اور ان کی خوبی اور لمبائی نہ پوچھئے۔ پھر تین رکعتیں پڑھتے۔ حضرت عائشہ ؓ کہتی تھیں: میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ وتر پڑھنے سے پہلے سو جاتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: عائشہ ؓ میری آنکھیں تو سو جاتی ہیں مگر میرا دل نہیں سوتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1148
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میرے باپ (عروہ) نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ کہتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کو رات کی کسی نماز میں بھی بیٹھ کر قرآن پڑھتے نہیں دیکھا۔ مگر جب آپؐ بوڑھے ہوگئے تو بیٹھ کر پڑھتے اور جب سورۃ میں سے تیس یا چالیس آیتیں باقی رہتیں تو آپؐ کھڑے ہو جاتے اور انہیں پڑھ کر رکوع کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1149
اسحق بن نصر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحیان سے، ابوحیان نے ابوزُرعہ سے، ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت بلالؓ سے صبح کی نماز کے وقت فرمایا: بلال! مجھے بتائو جو عمل سب سے زیادہ امید والا تم نے اسلام میں کیا ہو۔ کیونکہ میں نے بہشت میں اپنے آگے تمہارے پائوں کی چاپ سنی ہے۔ حضرت بلالؓ نے کہا: اپنے نزدیک میں نے اس سے زیادہ امید والا عمل اور کوئی نہیں کیا کہ جب بھی میں نے رات کو یا دن کو کسی وقت وضو کیا تو میں نے اس وضو کے ساتھ نماز ضرور پڑھی ہے، جتنی بھی میرے لئے پڑھنا مقدر تھی۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: پائوں کی چاپ سے مراد (اُن کا) حرکت کرنا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1150
ابو معمر (عبداللہ بن عمرو) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبدالعزیز بن صہیب نے ہمیں بتایا کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ تشریف لائے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ ایک رسی دو ستونوں کے درمیان تنی ہوئی ہے۔ آپؐ نے پوچھا: یہ رسی کیسی ہے؟ لوگوں نے کہا: یہ حضرت زینبؓ کی رسی ہے۔ جب تھک جاتی ہیں تو اس سے سہارا لیتی ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: نہیں۔ اسے کھول دو۔ چاہیے کہ ہر شخص تم میں سے جب تک دل لگا رہے، نماز پڑھے۔ جب تھک جائے تو بیٹھ جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1151
(اور امام بخاریؒ نے) کہا: عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے کہا: انہوں نے مالک سے، مالک نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: بنی اسد (قبیلہ) کی ایک عورت (جس کا نام خولہ بنت تویت تھا) میرے پاس (بیٹھی ہوئی) تھی۔ رسول اللہ ﷺ تشریف لائے اور آپؐ نے پوچھا: یہ کون ہے؟ میں نے کہا: وہ عورت جو رات بھر نہیں سوتی اور اس کی نماز کا حال بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: بس چپ رہو۔ اتنا ہی عمل کرو جتنا تم کر سکتے ہو۔ اللہ تعالیٰ تو نہیں اُکتاتا۔ مگر تم اُکتا جاؤ گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1152
عباس بن حسین نے ہم سے بیان کیا، کہا: مبشر (بن اسماعیل کلبی) نے ہمیں بتایا کہ اوزاعی سے مروی ہے۔ اور محمد بن مقاتل ابوالحسن نے بھی مجھ سے بیان کیا، کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: اوزاعی نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن ابی کثیر نے ہمیں بتایا، کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: عبداللہ! اس شخص کی طرح نہ ہونا جو رات کو اُٹھا کرتا تھا۔ پھر اس نے رات کو اُٹھنا چھوڑ دیا۔ اور ہشام (بن عمار) نے کہا۔ (عبدالحمید) بن ابی العشرین نے ہم سے بیان کیا، کہا اورزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ (بن ابی کثیر) نے ہمیں بتایا۔ عمر بن حکم بن ثوبان سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ (بن عبدالرحمن) نے مجھ سے یہی حدیث بیان کی اور (ابن ابی العشرین کی طرح) عمرو بن ابی سلمہ نے بھی اوزاعی سے روایت کرتے ہوئے یہ بیان کیا۔
وَحَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ مُقَاتِلٍ أَبُو الْحَسَنِ قَالَ أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ أَخْبَرَنَا الأَوْزَاعِيُّ قَالَ حَدَّثَنِي يَحْيَى بْنُ أَبِي كَثِيرٍ قَالَ حَدَّثَنِي أَبُو سَلَمَةَ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ قَالَ حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ قَالَ لِي رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " يَا عَبْدَ اللَّهِ لاَ تَكُنْ مِثْلَ فُلاَنٍ كَانَ يَقُومُ اللَّيْلَ فَتَرَكَ قِيَامَ اللَّيْلِ ". وَقَالَ هِشَامٌ حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي الْعِشْرِينَ حَدَّثَنَا الأَوْزَاعِيُّ قَالَ حَدَّثَنِي يَحْيَى عَنْ عُمَرَ بْنِ الْحَكَمِ بْنِ ثَوْبَانَ قَالَ حَدَّثَنِي أَبُو سَلَمَةَ مِثْلَهُ. وَتَابَعَهُ عَمْرُو بْنُ أَبِي سَلَمَةَ عَنِ الأَوْزَاعِيِّ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1153
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے ابوالعباس (سائب بن فروخ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن عمرو (بن العاص) رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا مجھے تمہارے ہی متعلق نہیں بتایا گیا کہ تم رات بھر عبادت کرتے ہو اور دن کو روزہ رکھتے ہو؟ میں نے کہا: میں ایسا ہی کرتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تم ایسا کرو گے تو تمہاری آنکھیں بیٹھ جائیں گی اور تمہاری جان تھک کر رہ جائے گی اور دیکھو تمہارے نفس کا بھی تم پر حق ہے اور تمہاری بیوی کا بھی تم پر حق ہے۔ روزہ بھی رکھو اور افطار بھی کرو۔ عبادت بھی کرو اور آرام بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1154
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا، کہا: ولید نے جو مسلم کے بیٹے ہیں، ہمیں خبر دی کہ اوزاعی سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عمیر بن ہانی نے مجھ سے بیان کیا، کہا: جنادہ بن ابی امیہ نے مجھ سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) حضرت عبادہؓ بن صامت نے مجھے بتایا۔ نبی ﷺ سے مروی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: جو رات کو بے خوابی سے بے قرار ہو اور کہے: کوئی معبود نہیں مگر ایک اللہ۔ اس کا کوئی شریک نہیں۔ اسی کی بادشاہت ہے اور اسی کی حمد اور وہ ہر شئے پر قادر ہے۔ سب حمد اللہ کے لئے ہے اور پاک ہے اللہ۔ اور اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ اور اللہ سب سے بڑا ہے نہ بدیوں سے بچنے کی طاقت ہے اور نہ نیکی کرنے کی قدرت مگر اللہ ہی کی مدد سے۔ پھر کہے: اے اللہ! مغفرت سے مجھے نواز یا دعا کرے تو اس کی قبول ہوگی اور اگر وہ وضو بھی کرے اور نماز پڑھے۔ تو اس کی نماز قبول ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1155
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) ھیثم بن ابی سنان نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ اپنے واقعات سنا رہے تھے اور رسول اللہ ﷺ کی خوبیاں بیان کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا: تمہارے ہی ایک بھائی ہیں۔ وہ کوئی بے جا تو نہیں کہتے۔ اس سے ان کی مراد حضرت عبداللہؓ بن رواحہ سے تھی۔ (جنہوں نے عربی میں یہ شعر کہے ہیں۔ جن کا ترجمہ یہ ہے)
اور ہمیں میں ہیں اللہ کے رسولؐ جو کتاب اللہ ایسے وقت میں کہ جب صبح کو پو پھٹتی ہے، پڑھ کر سناتے ہیں۔ انہوں نے ہمیں اندھے پن کے بعد راست روی دکھائی۔ جس سے ہمارے دل یقین کئے ہوئے ہیں کہ جو کچھ بھی آپؐ نے فرمایا تھا وہ ضرور پورا ہو کر رہے گا۔ آپؐ رات اس طرح کاٹتے ہیں کہ بستر پر آرام کی کروٹ نہیں لیتے۔ جبکہ مشرکوں کے بستر خوابِ غفلت سے بوجھل ہوتے ہیں۔
(یونس کی طرح) اس روایت کو عقیل نے بھی زہری سے روایت کیا۔ اور زبیدی نے یوں کہا: زہری نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید (بن مسیب) اور اعرج سے، ان (دونوں) نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔
وَفِينَا رَسُولُ اللَّهِ يَتْلُو كِتَابَهُ إِذَا انْشَقَّ مَعْرُوفٌ مِنَ الْفَجْرِ سَاطِعُ أَرَانَا الْهُدَى بَعْدَ الْعَمَى فَقُلُوبُنَا بِهِ مُوقِنَاتٌ أَنَّ مَا قَالَ وَاقِعُ يَبِيتُ يُجَافِي جَنْبَهُ عَنْ فِرَاشِهِ إِذَا اسْتَثْقَلَتْ بِالْمُشْرِكِينَ الْمَضَاجِعُ
تَابَعَهُ عُقَيْلٌ. وَقَالَ الزُّبَيْدِيُّ أَخْبَرَنِي الزُّهْرِيُّ عَنْ سَعِيدٍ وَالأَعْرَجِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1156
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کے زمانے میں خواب دیکھا کہ گویا میرے ہاتھ میں گاڑھے ریشمی کپڑے کا ٹکڑا ہے اور جنت میں جس جگہ چاہتا ہوں وہیں وہ مجھے اُڑا کر لے جاتا ہے اور میں نے دیکھا جیسے دو شخص میرے پاس آئے ہیں۔ چاہتے تھے کہ مجھ کو جہنم کی طرف لے جائیں۔ ایک فرشتہ اُن سے ملا اور اس نے کہا: تو ڈر نہیں (اور ان سے کہا:) اسے چھوڑ دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1157
حضرت حفصہؓ نے نبی ﷺ سے میرا یہ خواب بیان کیا تو آپؐ نے فرمایا: عبداللہ اچھا آدمی ہے، اگر رات کو نماز بھی پڑھا کرتا۔ چنانچہ حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ رات کو نماز پڑھتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1158
اور صحابہ ہمیشہ نبی ﷺ سے خوابیں بیان کیا کرتے کہ لیلۃ القدر آخری عشرہ کی ساتویں رات میں ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں دیکھتا ہوں، تمہاری خوابیں آخری عشرہ سے متعلق متفق ہوگئی ہیں۔ سو جو شخص اس کا متلاشی ہو تو وہ آخری عشرے میں ہی اسے ڈھونڈے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1159
عبداللہ بن یزید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سعید بن ابی ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: جعفر بن ربیعہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عراک بن مالک سے، عراک نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے عشاء کی نماز پڑھائی اور آٹھ رکعتیں (تہجد کی) پڑھیں اور دو رکعتیں بیٹھ کر پڑھیں اور پھر دو رکعتیں اذان اور تکبیر کے درمیان پڑھیں اور یہ آپؐ کبھی ترک نہ کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah