کتاب 19: كتاب التهجد
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 1160
عبداللہ بن یزید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سعید بن ابی ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابوالاسود نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ جب فجر کی دو رکعتیں (سنت) پڑھ لیتے تو اپنی دا ہنی کروٹ پر لیٹ جاتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1161
بشر بن حکم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: سالم ابونضر نے ابوسلمہ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ جب فجر کی سنتیں پڑھ چکتے تو اگر میں جاگتی ہوتی تو آپؐ مجھ سے باتیں کرتے، ورنہ لیٹ جاتے۔ یہاں تک کہ آپؐ کو نماز کے متعلق اطلاع دی جاتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1162
قُتَیبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالرحمن بن ابی الموالی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے، محمد نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما (انصاری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ ہمیں تمام کاموں کے متعلق استخارہ کرنے کی تعلیم دیا کرتے تھے، اسی طرح جس طرح قرآن کریم کی سورۃ کی تعلیم دیتے۔ فرماتے: جب تم میں سے ایک شخص کوئی کام کرنے لگے تو نفل کے طور پر دو رکعتیں پڑھ لے۔ پھر وہ (اس طرح) دعا کرے: اے میرے اللہ! میں تجھ سے تیرے علم کے طفیل بہتری چاہتا ہوں اور تیری قدرت کی بدولت طاقت چاہتا ہوں اور تیرے بہت ہی بڑے فضلوں کا تجھ سے سوال کرتا ہوں۔ تجھ کو قدرت ہے مجھے قدرت نہیں اور تجھ کو علم ہے مجھے علم نہیں اور تو پوشیدہ باتوں کو خوب جاننے والا ہے۔ اے میرے اللہ! اگر تو جانتا ہے کہ یہ کام میرے لئے دین میں اور میری روزی میں اور میرے اس کام کے انجام کے لحاظ سے بہتر ہے یا فرمایا: اس وقت یا آئندہ کے لئے بہتر ہے تو مجھے یہ نصیب کر اور اس کو میرے لئے آسان کر دے اور پھر اس میں میرے لئے برکت ڈال اور اگر تو جانتا ہے کہ یہ کام میرے لئے میرے دین میں اور میری روزی میں اور میرے اس کام کے انجام کے لحاظ سے نقصان دہ ہے یا فرمایا: اس وقت اور آئندہ کے لیے نقصان دہ ہے تو اس کو مجھ سے ہٹا دے اور مجھے بھی اس سے ہٹا دے اور جہاں میرے لئے بھلائی مقدر ہو، وہاں مجھ کو عطا کر۔ پھر مجھے اس پر راضی رکھ اور (دعا میں) اپنے کام کا نام لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1163
مکی بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن سعید سے، عبداللہ نے عامر بن عبداللہ بن زبیر سے، انہوں نے عمرو بن سلیم زرقی سے روایت کی کہ انہوں نے ابو قتادہ بن ربعی انصاری رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی مسجد میں آئے تو جب تک دو رکعت نماز نہ پڑھ لے، نہ بیٹھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1164
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحق نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں دو رکعت نماز پڑھائی۔ پھر واپس چلے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1165
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سالم نے مجھے بتایا کہ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ دو رکعتیں ظہر سے پہلے اور دو رکعتیں ظہر کے بعد اور دو رکعتیں نماز جمعہ کے بعد اور دو رکعتیں مغرب کے بعد اور دو رکعتیں عشاء کے بعد پڑھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1166
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) عمرو بن دینار نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ایک دفعہ خطبہ دیتے ہوئے فرمایا: جب تم میں سے کوئی (مسجد میں) آئے اور امام لوگوں سے مخاطب ہو یا وہ (خطبہ کے لئے) نکل چکا ہو تو چاہیے کہ وہ دو رکعتیں نماز پڑھ لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1167
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: سیف بن سلیمان مکی نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے مجاہد سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس اُن کے گھر میں کسی نے آ کر ان سے کہا: یہ رسول اللہ ﷺ (تو آگئے) ہیں۔ آپؐ تو کعبہ میں داخل بھی ہوگئے ہیں۔ حضرت عبد اللہؓ کہتے تھے: میں آیا اور کیا دیکھا کہ رسول اللہ ﷺ (کعبہ سے) نکل آئے ہیں اور حضرت بلالؓ کو دروازہ کے پاس کھڑا پایا۔ میں نے کہا: بلال! (کیا) رسول اللہ ﷺ نے کعبے میں نماز پڑھی ہے؟ حضرت بلالؓ نے جواب دیا: ہاں۔ میں نے پوچھا: کہاں؟ انہوں نے کہا: ان دو ستونوں کے درمیان۔ اس کے بعد باہر آ کر آپؐ نے کعبے کے دروازے کے سامنے دو رکعتیں پڑھیں۔
ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے مجھے چاشت کی دو رکعتیں پڑھنے کی تاکید فرمائی اور حضرت عتبان بن مالکؓ کہتے تھے کہ نبی ﷺ اور حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ صبح کو جبکہ دن کافی چڑھ چکا تھا، میرے پاس آئے اور ہم آپؐ کے پیچھے صفیں باندھ کر کھڑے ہوگئے۔ آپؐ نے دو رکعتیں پڑھائیں۔
قَالَ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ أَوْصَانِي النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم بِرَكْعَتَىِ الضُّحَى. وَقَالَ عِتْبَانُ غَدَا عَلَىَّ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَأَبُو بَكْرٍ ـ رضى الله عنه ـ بَعْدَ مَا امْتَدَّ النَّهَارُ وَصَفَفْنَا وَرَاءَهُ فَرَكَعَ رَكْعَتَيْنِ
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1168
ہم سے علی بن عبداللہ (مدینی) نے بیان کیا، کہا: سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابو نضر نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابو سلمہ سے، ابو سلمہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ دو رکعتیں پڑھتے۔ پھر اگر میں جاگتی ہوتی تو آپؐ مجھ سے باتیں کرتے، ورنہ لیٹ جاتے۔ (علی بن مدینی کہتے تھے:) میں نے سفیان سے کہا: بعض یوں روایت کرتے ہیں: فجر کی دو رکعتیں پڑھتے۔ سفیان نے جواب دیا: وہی تو ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1169
بیان بن عمرو نے ہمیں بتایا، (کہا:) یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء سے، عطاء نے عبید بن عمیر سے، عبید نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نفلوں میں سے کسی کی اتنی سختی سے پابندی نہیں کرتے تھے جتنی فجر کی دو رکعتوں کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1170
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ رات کو تیرہ رکعتیں پڑھا کرتے تھے۔ پھر جب صبح کو اذان سنتے تو دو ہلکی ہلکی رکعتیں پڑھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1171
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا، کہا: محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن عبدالرحمن سے، محمد نے اپنی پھوپھی عمرہ سے، عمرہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ… اور ہم سے احمد بن یونس نے بھی بیان کیا، (کہا:) زہیر نے ہم سے بیان کیا (انہوں نے کہا:) یحيٰ بن سعید (انصاری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن عبدالرحمن سے، محمد نے عمرہ سے، عمرہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ یہ دو رکعتیں جو صبح کی نماز سے پہلے ہیں، اتنی ہلکی پڑھا کرتے تھے کہ میں خیال کرتی: آیا آپؐ نے سورہ فاتحہ بھی پڑھی ہے؟
ح وَحَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ حَدَّثَنَا يَحْيَى ـ هُوَ ابْنُ سَعِيدٍ ـ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنْ عَمْرَةَ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ كَانَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يُخَفِّفُ الرَّكْعَتَيْنِ اللَّتَيْنِ قَبْلَ صَلاَةِ الصُّبْحِ حَتَّى إِنِّي لأَقُولُ هَلْ قَرَأَ بِأُمِّ الْكِتَابِ
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1172
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عمرؓ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کے ساتھ دو رکعتیں ظہر سے پہلے اور دو رکعتیں ظہر کے بعد اور دو رکعتیں مغرب کے بعد اور دو رکعتیں عشاء کے بعد اور دو رکعتیں نماز جمعہ کے بعد پڑھیں۔ مغرب اور عشاء کی رکعتیں تو آپؐ اپنے گھر میں پڑھتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1173
اور میری بہن حفصہؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ نبی ﷺ طلوعِ فجر کے بعد دو ہلکی ہلکی رکعتیں پڑھا کرتے تھے اور وہ ایسا وقت تھا کہ میں اس میں نبی ﷺ کے پاس نہیں جاتا تھا۔
(عبید اللہ کی طرح) یہ بات کثیر بن فرقد اور ایوب نے بھی نافع سے روایت کی اور ابن ابی زناد نے بھی اس کو موسیٰ بن عقبہ سے بروایت نافع نقل کیا ہے۔ اس میں یہ الفاظ ہیں: عشاء کے بعد اپنے کنبے میں۔
تَابَعَهُ كَثِيرُ بْنُ فَرْقَدٍ وَأَيُّوبُ عَنْ نَافِعٍ. وَقَالَ ابْنُ أَبِي الزِّنَادِ عَنْ مُوسَى بْنِ عُقْبَةَ عَنْ نَافِعٍ بَعْدَ الْعِشَاءِ فِي أَهْلِهِ
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1174
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوالشعشاء جابر (بن زید) سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ آٹھ رکعتیں اور سات رکعتیں جمع کرکے پڑھیں۔ (عمرو کہتے تھے:) میں نے کہا: ابوالشعشاء! میرا خیال ہے۔ آپؐ نے ظہر تو دیر سے اور عصر جلدی پڑھی ہوگی اور عشاء جلدی اور مغرب دیر سے پڑھی ہوگی۔ ابوالشعشاء نے کہا: میں بھی یہی خیال کرتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1175
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے توبہ (بن کیسان) سے، توبہ نے موَرّق (بن مشمرج) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے پوچھا : کیا آپؓ ضحی کی نماز پڑھتے ہیں؟ انہوں نے کہا : نہیں۔ میں نے پوچھا : حضرت عمرؓ ؟ کہا: نہیں۔ میں نے پوچھا: حضرت ابوبکرؓ ؟ کہا: نہیں۔ میں نے پوچھا: نبی ﷺ؟ کہا: میرا خیال ہے نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1176
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) عمرو بن مرہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: میں نے عبد الرحمن بن ابی لیلیٰ سے سنا۔ کہتے تھے: ہم سے سوائے حضرت امّ ہانیؓ کے کسی نے بیان نہیں کیا کہ انہوں نے نبی ﷺ کو چاشت کی نماز پڑھتے دیکھا۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ فتح مکہ کے دن ان کے گھر میں آئے اور آپؐ نے غسل کیا اور آٹھ رکعتیں پڑھیں۔ میں نے اس سے زیادہ ہلکی نماز کبھی نہیں دیکھی مگر آپؐ پوری طرح رکوع اور سجدہ کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1177
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ نے چاشت کی نماز پڑھی ہو اور میں تو اسے پڑھتی ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1178
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) عباس جریری جو ابن فروح ہیں، نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوعثمان نہدی سے، ابوعثمان نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میرے جانی دوست (آنحضرت ﷺ) نے مجھے تین باتوں کی تاکید فرمائی۔ مرنے تک میں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔ ہر مہینہ میں تین دن روزہ ؔرکھنا اور چاشت کی نماز ؔپڑھنا اور وتر ؔپڑھ کر سونا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1179
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے انس بن سیرین سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک انصاریؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ایک انصاری شخص نے نبی ﷺ سے کہا اور وہ بھاری بھرکم تھا، میں آپؐ کے ساتھ نماز نہیں پڑھ سکتا۔ پھر اس نے نبی ﷺ کے لئے کھانا تیار کروایا اور آپؐ کو اپنے گھر پر بلایا اور آپؐ کے لئے چٹائی کا ایک ٹکڑا پانی ڈال کر دھویا۔ آپؐ نے اس پر دو رکعتیں پڑھیں اور فلاں (یعنی عبدالحمید) جو کہ فلاں ابن جارود (یعنی ابن منذر) کے بیٹے تھے، نے حضرت انس (بن مالک) رضی اللہ عنہ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ چاشت کی نماز پڑھا کرتے تھے؟ انہوں نے جواب دیا: میں نے آپؐ کو سوائے اس دن کے پڑھتے نہیں دیکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah