کتاب 23: كتاب الجنائز
صحیح بخاری, حصہ 7
صحیح بخاری 1359
عبدان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) یونس نے ہمیں بتایا کہ زہری سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) ابو سلمہ بن عبدالرحمن نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کوئی بچہ نہیں جو فطرت پر پیدا نہ ہوتا ہو۔ پھر اس کے ماں باپ اس کو یہودی یا عیسائی یا مجوسی بناتے ہیں۔ جیسے چوپائے جانور صحیح سالم چوپائے جانور جنتے ہیں۔ کیا تم ان میں کن کٹا پاتے ہو؟ (یہ حدیث بیان کرکے) حضرت ابوہریرہؓ یہ آیت پڑھتے یعنی اللہ کی فطرت جس پر اس نے لوگوں کو پیدا کیا۔ اللہ کی پیدائش میں کوئی تبدیلی نہیں چاہیے۔ یہی صحیح دین ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1360
اسحق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا، کہا: یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ ان کے باپ نے ان سے بیان کیا۔ جب ابوطالب فوت ہونے لگے تو رسول اللہ ﷺ ان کے ہاں آئے اور ان کے پاس ابوجہل بن ہشام اور عبداللہ بن ابی امیہ بن مغیرہ کو پایا۔ رسول اللہ ﷺ نے ابو طالب سے کہا: چچا اقرار کریں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ یہ ایسا اقرار ہوگا کہ میں اللہ تعالیٰ کے حضور آپ کے لئے اس کی شہادت دوں گا۔ تو ابوجہل اور عبداللہ بن ابی امیہ نے کہا: ابوطالب! کیا تم عبدالمطلب کے دین سے روگردانی کرو گے؟ رسول اللہ ﷺ اُن کے سامنے یہی بات پیش کرتے رہے اور وہ دونوں وہی بات کہتے رہے۔ یہاں تک کہ ابوطالب نے آخری بات جو اُن سے کی وہ یہ تھی کہ وہ عبدالمطلب کے ہی دین پر قائم رہیں گے اور انہوں نے لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کہنے سے انکار کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اچھا اللہ کی قسم! میں آپ کے لئے استغفار کرتا رہوں گا یہاں تک کہ میں اس سے روک نہ دیا جاؤں۔ چنانچہ پھر اللہ تعالیٰ نے یہ وحی نازل کی۔ مَا کَانَ لِلنَّبِیِّ...
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1361
یحيٰ (بن جعفر بیکندی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابومعاویہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے مجاہد سے، مجاہد نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ دو قبروں کے پاس سے گذرے جن کو عذاب دیا جا رہا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: انہیں تو عذاب دیا جا رہا ہے اور کسی بڑے گناہ کی وجہ سے عذاب نہیں دیا جا رہا۔ ان میں سے ایک جو ہے تو وہ پیشاب سے بچائو نہیں کرتا تھا اور جو دوسرا ہے وہ چغلی کھاتا تھا۔ پھر آپؐ نے کھجور کی تازہ شاخ لی اور چیر کر دو ٹکڑے کئے۔ پھر ہر قبر پر ایک ایک ٹکڑا گاڑ دیا۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے یہ کیوں کیا؟ آپؐ نے فرمایا: امید ہے کہ جب تک یہ شاخیں سوکھیں ان سے (عذاب میں) تخفیف کی جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1362
عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا، کہا: جریر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابوعبدالرحمن (عبداللہ بن حبیب) سے، انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم بقیع غرقد میں ایک جنازے کے ساتھ تھے۔ اتنے میں نبی ﷺ ہمارے پاس آئے۔ آپؐ بیٹھ گئے اور ہم آپؐ کے اردگرد بیٹھ گئے۔ آپؐ کے پاس ایک چھڑی تھی۔ آپؐ نے سر جھکا لیا اور چھڑی سے زمین کریدنے لگے۔ پھر فرمایا: تم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں یا فرمایا: کوئی ایسی زندہ جان نہیں مگر اس کا ٹھکانہ جنت اور آگ میں مقرر ہوچکا ہے اور اس کے لئے فیصلہ ہوچکا ہے کہ وہ بد بخت ہے یا نیک بخت۔ ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم اپنے اس نوشتہ پر بھروسہ نہ کرلیں اور عمل چھوڑ دیں؟ کیونکہ ہم میں سے جو نیک بختوں میں سے ہوگا تو وہ ضرور نیک بختوں کے کام کی طرف رجوع کرے گا اور ہم میں سے جو بدبختوں میں سے ہوگا وہ بدبختوں کے کام کی طرف جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: جو نیک بخت ہیں، انہیں نیکی کرنے کی سہولتیں دی جائیں گی اور جو بدبخت ہیں انہیں بدی کرنے کی سہولتیں دی جائیں گی۔ پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: فَاَمَّا مَنْ اَعْطٰی وَاتَّقٰی...
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1364
اور حجاج بن منہال نے کہا : جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ حسن سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) حضرت جندب رضی اللہ عنہ نے اسی مسجد (بصرہ) میں ہم سے بیان کیا اور ہم یہ نہیں بھولے اور نہ ہمیں اندیشہ ہے کہ حضرت جندبؓ نبی ﷺ کی نسبت جھوٹ بولیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: ایک شخص کو زخم ہوا تو اس نے اپنے آپ کو مار ڈالا۔ تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: میرے بندے نے اپنی جان سے متعلق مجھ سے جلدی کی ہے۔ میں نے اس پر جنت حرام کر دی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1365
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہم سے شعیب نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابوزناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جو اپنے آپ کو گلا گھونٹ کر مارتا ہے۔ وہ آگ میں بھی اپنا گلا گھونٹے گا۔ جو اپنے آپ کو زخمی کر کے مارتا ہے وہ آگ میں بھی اپنے آپ کو زخمی کر کے مارتا رہے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1366
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس سے، حضرت ابن عباس نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب عبداللہ بن ابی بن سلول مر گیا تو رسول اللہ ﷺ کو بلایا گیا کہ آپؐ اس کی نمازِ جنازہ پڑھیں۔ جب رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے تو میں آپؐ کی طرف لپکا اور میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ ابن اُبی کی نماز جنازہ پڑھتے ہیں اور اس نے تو فلاں دن یہ بات کہی تھی اور فلاں دن یہ بات کہی تھی۔ میں اس کے خلاف اس کی باتیں گننے لگا۔ رسول اللہ ﷺ مسکرائے اور فرمایا: عمرؓ ہٹ جائو۔ جب میں نے آپؐ سے بہت اصرار کیا تو آپؐ نے فرمایا: مجھے تو اختیار دیا گیا ہے۔ سو میں نے اختیار کر لیا ہے اور اگر میں یہ جانوں کہ میں ستر بار سے زیادہ اس کے لئے دعائے مغفرت کروں اور وہ بخشا جائے گا تو میں ضرور اس سے بھی زیادہ کروں۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے اس کی نماز جنازہ پڑھی پھر آپؐ لوٹ آئے اور تھوڑی دیر ہی گذری تھی کہ سورئہ برآء ۃ کی یہ دو آیتیں نازل ہوئیں یعنی تو ان میں سے کسی کی بھی جو مر جائے کبھی نماز جنازہ نہ پڑھ اور تو اس کی قبر پر بھی کھڑا نہ ہو کیونکہ انہوں نے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کا انکار کیا اور وہ ایسی حالت میں مر گئے کہ وہ بد عہد تھے۔ (حضرت عمرؓ) کہتے تھے: اس کے بعد میں نے اپنی جسارت پر تعجب کیا جو میں نے اس دن رسول اللہ ﷺ کے سامنے دکھائی تھی اور اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1367
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) عبدالعزیز بن صہیب نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: لوگ ایک جنازے کے پاس سے گذرے اور انہوں نے اس کی اچھی تعریف کی تو نبی ﷺ نے فرمایا: واجب ہوگئی۔ پھر ایک اور جنازے کے پاس سے گذرے۔ انہوں نے اس کی مذمت کی۔ (نبی ﷺ) نے فرمایا: واجب ہوگئی۔ حضرت عمر بن خطّاب رضی اللہ عنہ نے کہا: کیا چیز واجب ہوگئی؟ آپؐ نے فرمایا: جس کی تم نے اچھی تعریف کی، اس کے لئے جنت واجب ہوگئی اور جس کی تم نے مذمت کی ہے، اس کے لئے آگ واجب ہوگئی۔ تم زمین میں اللہ تعالیٰ کے گواہ ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1368
عفان بن مسلم (جو صفّار ہیں) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) دائود بن ابی فرات نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبد اللہ بن بریدہ سے، عبداللہ نے ابوالاسود سے روایت کی، انہوں نے کہا: میں مدینہ میں آیا اور وہاں بیماری پھیلی ہوئی تھی۔ میں حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھا تھا۔ ان کے پاس سے ایک جنازہ گذرا تو اس جنازے والے کی اچھی تعریف کی گئی۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: واجب ہوگئی۔ ایک اور جنازہ گذرا اس کی بھی اچھی تعریف کی گئی۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: واجب ہوگئی۔ ایک تیسرا جنازہ گذرا۔ اس کی مذمت ہوئی۔ (حضرت عمرؓ) نے کہا: واجب ہوگئی۔ ابوالاسود کہتے تھے: میں نے کہا: یا امیر المومنین! کیا چیز واجب ہوگئی؟ کہنے لگے: میں نے وہی کہا ہے جو نبی ﷺ نے کہا تھا۔ جس مسلمان کی بھی چار مسلمان اچھی شہادت دے دیں۔ اللہ تعالیٰ اس کو جنت میں داخل کرے گا۔ ہم نے کہا: اگر تین گواہی دیں ؟ آپؐ نے فرمایا: تین بھی۔ ہم نے کہا: اگر دو گواہی دیں؟ آپؐ نے فرمایا: دو بھی۔ پھر ہم نے آپؐ سے ایک کی شہادت کے بارے میں نہیں پوچھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1369
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علقمہ بن مرثد سے، علقمہ نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے، حضرت براءؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا کہ جب مومن کو اس کی قبر میں بٹھا دیا جاتا ہے تو اس کے پاس (آنے والے) آتے ہیں۔ پھر وہ یہ گواہی دیتا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ محمدؐ اللہ کے رسول ہیں اور یہی مراد ہے جو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو جو مومن ہیں مضبوط بات کے ذریعے سے دنیا کی زندگی اور آخرت میں مضبوطی سے قائم رکھتا ہے۔ محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) غندر نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) شعبہ نے ہم سے یہی بیان کیا اور اسے اتنا بڑھایا: یُثَبِّتُ اللّٰہُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قبر کے عذاب کی نسبت نازل ہوئی۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ بِهَذَا وَزَادَ {يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا} نَزَلَتْ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1370
علی بن عبداللہ مدینی نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میرے باپ نے مجھے بتایا۔ صالح (بن کیسان) سے مروی ہے کہ نافع نے مجھ سے بیان کیا۔ حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما نے ان سے بیان کیا، کہا: نبی ﷺ نے قلیب (کنوئیں) والوں کو اوپر سے جھانک کر دیکھا اور فرمایا: تمہارے ربّ نے (تم سے) جو وعدہ کیا تھا؛ کیا تم نے اسے سچا پالیا؟ آپؐ سے کہا گیا: کیا آپؐ ان مردوں کو پکارتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: تم ان سے زیادہ نہیں سنتے، البتہ وہ جواب نہیں دیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1371
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے تو صرف یہ فرمایا تھا کہ اب وہ ضرور جانتے ہیں کہ جو کچھ میں ان سے کہتا تھا؛ سچ ہے اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ تو مردوں کو نہیں سناتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1372
عبدان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) میرے باپ (عثمان) نے مجھے بتایا۔ شعبہ سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) میں نے اشعث سے سنا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ ایک یہودی عورت ان کے پاس آئی اور اس نے قبر کے عذاب کا ذکر کیا اور ان سے کہا: اللہ تجھے عذاب قبر سے بچائے رکھے۔ حضرت عائشہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے عذاب قبر کی نسبت پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: ہاں عذاب قبر (ضرور) ہوگا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: اس کے بعد میں نے رسول اللہ ﷺ کو کبھی نہیں دیکھا کہ آپؐ نے کوئی نماز پڑھی ہو اور (اس میں) عذاب قبر سے پناہ نہ مانگی ہو۔ غندر نے اپنی روایت میں اتنا بڑھایا: عذاب قبر حق ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1373
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) (عبداللہ) بن وہب نے ہم سے بیان کیا، کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابوبکرؓ کی بیٹی حضرت اسماء رضی اللہ عنہا سے سنا۔ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ بطور خطیب کھڑے ہوئے اور آپؐ نے قبر کے اس امتحان کا ذکر کیا، جس میں آدمی پر کھا جاتا ہے۔ جب آپؐ نے اس کا ذکر کیا تو مسلمانوں نے گھبرا کر (آہ و بکا سے) شور بپا کردیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1374
عیاش بن ولید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالاعلیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ حضرت انسؓ نے ان سے بیان کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بندہ جب اپنی قبر میں رکھ دیا جاتا ہے اور اس کے ساتھی اس سے لوٹ جاتے ہیں تو وہ ان کے جوتوں کی آواز بھی سنتا ہے۔ اس کے پاس دو فرشتے آتے ہیں اور اسے بٹھا دیتے ہیں اور کہتے ہیں: تو اس شخص محمدؐ کے بارے میں کیا اعتقاد رکھتا تھا؟ پس جو مومن ہے وہ کہے گا: میں شہادت دیتا ہوں کہ وہ اللہ کے بندے اور اس کے پیغمبر ہیں تو اس سے کہا جائے گا: آگ میں اپنا ٹھکانا دیکھ کہ اللہ تعالیٰ نے تیرے لئے اس کی جگہ جنت میں ٹھکانا بنا دیا ہے۔ تو وہ ان دونوں کو ہی اکٹھا دیکھے گا۔ قتادہ نے کہا: اور ہم سے یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ اس کی قبر میں اس کے لئے کشادگی کر دی جائے گی۔ پھر قتادہ نے حضرت انسؓ کی یہ حدیث بیان کرنا شروع کی۔ کہا: لیکن جو منافق یا کافر ہے۔ اس سے پوچھا جائے گا: اس شخص (محمدؐ) کی نسبت تمہارا کیا اعتقاد تھا؟ تو وہ کہے گا: میں نہیں جانتا۔ میں وہی کچھ کہتا تھا، جو لوگ کہتے تھے۔ تو اُس سے کہا جائے گا: نہ تو خود سمجھا اور نہ تو نے (سمجھنے والے کی) پیروی کی اور اس پر لوہے کے گرزوں کی مار پڑے گی اور وہ زور سے چلائے گا۔ جو بھی اس کے آس پاس ہوں گے سوائے آدمیوں اور جنوں کے سب سنیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1375
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: عون بن ابی جحُیفہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت براء بن عازبؓ سے، حضرت براءؓ نے حضرت ابو ایوب (انصاری) رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ باہر نکلے۔ سورج غروب ہوچکا تھا۔ آپؐ نے ایک آواز سنی تو فرمایا: یہود ہیں۔ انہیں قبروں میں سزا دی جارہی ہے۔ اور نضر (بن شمیل) نے کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) عون نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے اپنے باپ (ابو جحُیفہ) سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) میں نے حضرت براءؓ سے سنا۔ حضرت براء نے حضرت ابوایوب رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابوایوبؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1376
معلّی (بن اسد) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وہیب نے ہمیں بتایا کہ موسیٰ بن عقبہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: خالد بن سعید بن عاص کی بیٹی (حضرت امّ خالدؓ) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے نبیﷺ سے سنا کہ آپؐ قبر کے عذاب سے پناہ مانگ رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1377
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہشام (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ (بن ابی کثیر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوسلمیٰ سے، ابوسلمیٰ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ یہ دعا کیا کرتے تھے: اے میرے اللہ! قبر کے عذاب سے میں تیری پناہ لیتا ہوں اور (ایسا ہی) آگ کے عذاب سے، اور زندگی اور موت کے فتنہ سے اور مسیح الدجّال کے فتنہ سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1378
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے مجاہد سے، مجاہد نے طاؤس سے روایت کی کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: نبی ﷺ دو قبروں کے پاس سے گذرے۔ آپؐ نے فرمایا: ان کو عذاب دیا جا رہا ہے اور کسی بڑے گناہ کی وجہ سے عذاب نہیں دیا جا رہا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: البتہ ان میں سے ایک جو ہے تو وہ غیبت کرتا پھرتا تھا اور دوسرا جو ہے، وہ پیشاب سے بچاؤ نہیں کرتا تھا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: پھر آپؐ نے ایک سبز ٹہنی لی اور اس کے دو ٹکڑے کئے۔ پھر اُن میں سے ہر ایک ٹکڑے کو ہر ایک قبر پر گاڑ دیا۔ پھر فرمایا: امید ہے کہ جب تک یہ سوکھیں نہیں اُن کے عذاب میں تخفیف کی جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1379
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی مر جاتا ہے تو صبح و شام اس کا ٹھکانہ (جنت یا دوزخ والا) اس کے سامنے پیش کرکے اسے دکھایا جاتا ہے۔ اگر جنتیوں میں سے ہوا تو جنتیوں میں اور اگر دوزخیوں میں سے ہوا تو دوزخیوں میں اور اسے کہا جاتا ہے: یہ ہے تیرا ٹھکانہ۔ جب تک کہ اللہ تعالیٰ تجھے قیامت کے دن اُٹھائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah