کتاب 23: كتاب الجنائز
صحیح بخاری, حصہ 8
صحیح بخاری 1380
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن ابی سعید سے، سعید نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب میت کی چارپائی رکھ دی جاتی ہے اور پھر لوگ اسے اپنی گردنوں پر اُٹھا لیتے ہیں تو اگر وہ نیک (روح) ہوئی تو وہ کہتی ہے: مجھے آگے لے چلو، مجھے آگے لے چلو۔ اور اگر نیک نہ ہوئی تو وہ کہتی ہے: ہائے مصیبت! یہ اسے کہاں لے جا رہے ہیں؟ انسان کے سوا ہر چیز اس کی آواز سنتی ہے۔ اگر انسان اسے سن پائے تو بے ہوش ہو کر گر پڑے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1381
یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابن عُلیّہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز بن صہیب سے، عبدالعزیز نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: لوگوں میں جس مسلمان کے تین ایسے بچے مر جائیں جو ابھی سنِّ تمیز کو نہ پہنچے ہوں تو اللہ اسے ضرور ہی اپنی اس رحمت کے طفیل جنت میں داخل کرے گا جو اسے ان کے ساتھ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1382
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ عدی بن ثابت سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: جب ابراہیم علیہ السلام فوت ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس کے لئے جنت میں ایک دودھ پلانے والی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1383
حبان (بن موسیٰ مروزی) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) عبد اللہ نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو بشر (جعفر) سے، ابو بشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت (عبد اللہ) بن عباس رضی اللہ عنہم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ سے مشرکوں کی اولاد کی بابت پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے جب انہیں پیدا کیا تھا، خوب جانتا تھا کہ وہ کیا کچھ کرنے والے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1384
ابوالیمان (حکم بن نافع) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: عطاء بن یزید لیثی نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ سے مشرکوں کی اولاد کی بابت پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: اللہ ہی خوب جانتا ہے، وہ کیا کچھ کرنے والے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1385
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے ابوسلمہ بن عبدالرحمن سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: ہر بچہ فطرت پر ہی پیدا ہوتا ہے، پھر اس کے ماں باپ اس کو یہودی یا نصرانی یا مجوسی بنا دیتے ہیں۔ جیسے جانور جانور ہی جنتے ہیں۔ کیا تم ان میں کن کٹا بھی دیکھتے ہو؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1386
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) جریر بن حازم نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ابورجاء (عمران بن تیم) نے ہمیں بتایا کہ حضرت سمرہ بن جندبؓ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب نماز پڑھ چکتے تو ہماری طرف متوجہ ہوتے اور فرماتے: آج رات تم میں سے کس نے خواب دیکھا؟ (حضرت سمرہؓ) کہتے تھے: اگر کسی نے دیکھا ہوتا تو وہ بیان کرتا۔ پھر جو اللہ چاہتا، آپؐ تعبیر فرماتے۔ ایک دن آپؐ نے ہم سے پوچھا، فرمایا: کیا تم میں سے کسی نے کوئی خواب دیکھا ہے؟ ہم نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: مگر میں نے تو آج رات دو شخص دیکھے کہ وہ میرے پاس آئے ہیں۔ انہوں نے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے ارضِ مقدسہ کی طرف لے گئے تو میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک شخص بیٹھا اور ایک شخص کھڑا ہے۔ اس کے ہاتھ میں لوہے کا آنکڑا ہے۔ ہمارے بعض ساتھیوں نے موسیٰ (بن اسماعیل) سے یوں نقل کیا: لوہے کا آنکڑا ہے، جو وہ اس کے گلپھڑے میں گھسیڑتا ہے، یہاں تک کہ وہ اس کی گدی تک پہنچ جاتا ہے۔ پھر دوسرے گلپھڑے میں بھی اسی طرح کرتا ہے اور پہلا گلپھڑا جڑ جاتا ہے اور وہ بار بار اسی طرح کرتا ہے۔ میں نے اس سے پوچھا: یہ کیا؟ ان دونوں نے کہا: آگے چلیں۔ ہم چل پڑے۔ یہاں تک کہ ہم ایک ایسے شخص کے پاس آئے جو اپنی گدی کے بل لیٹا ہوا تھا اور ایک آدمی اس کے سر پر سل بٹہ یا کہا پتھر لئے کھڑا ہے اور اس سے اس کا سر پھوڑ رہا ہے۔ جب اسے مارتا ہے تو پتھر لڑھک جاتا ہے۔ پھر وہ اس کو لینے جاتا ہے۔ ابھی اس کی طرف نہیں لوٹتا کہ اس کا سر جڑ جاتا ہے اور پھر ویسے ہی ہو جاتا ہے جیسے پہلے تھا۔ پھر وہ اس کی طرف دوبارہ لپکتا ہے اور اسے مارتا ہے۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ ان دونوں نے کہا: آگے چلیں۔ تو ہم ایک گڑھے کی طرف گئے جو تنور کی طرح تھا۔ اوپر سے تنگ تھا اور نیچے سے کشادہ۔ اس کے اندر آگ سلگ رہی تھی۔ جب آگ کی لپٹ کنارے تک آتی تو وہ لوگ بھی اوپر اُٹھ آتے، یہاں تک کہ وہ نکلنے کے قریب ہوتے۔ جب دھیمی ہوتی تو وہ بھی اس میں لوٹ جاتے اور اس میں کئی عورتیں اور مرد ننگے تھے۔ میں نے پوچھا: یہ کون؟ دونوں نے کہا: آگے چلیں۔ ہم چل پڑے۔ یہاں تک کہ ہم ایک خون کی ندی پر آئے، اس میں ایک آدمی کھڑا تھا اور وہ ندی کے درمیان میں تھا۔ اور ایک (اور) آدمی تھا جس کے سامنے پتھر تھے۔ یزید (بن ہارون) اور وہب بن جریر نے جریر بن حازم سے یوں روایت کی: کیا دیکھتے ہیں کہ ندی کے کنارے پر ایک شخص ہے۔ (جس کے سامنے پتھر ہیں۔) اتنے میں وہ شخص جو ندی کے اندر تھا، آگے کو بڑھا۔ جب اس نے نکلنے کا ارادہ کیا تو دوسرے آدمی نے اس کے منہ پر پتھر مارا اور اسے وہیں لوٹا دیا؛ جہاں تھا۔ پھر ایسا ہی کرتا ہے جب کبھی وہ نکلنے کے لئے آتا تو اُس کے منہ پر پتھر مارتا اور وہ جہاں ہوتا وہاں لوٹ جاتا۔ میں نے کہا: یہ کیا؟ دونوں نے کہا: آگے چلیں۔ ہم چل پڑے۔ یہاں تک کہ ایک سرسبز باغ میں آئے، جس میں ایک بہت ہی بڑا درخت تھا۔ اس کی جڑ کے پاس ایک بوڑھا اور کچھ بچے تھے اور دیکھا کہ ایک شخص درخت کے قریب ہے۔ اس کے سامنے آگ ہے، جسے وہ جلا رہا ہے۔ وہ دونوں مجھے لے کر درخت پر چڑھ گئے اور مجھے ایسے گھر میں لے گئے کہ میں نے اس سے اچھا (اور اس سے بہتر) گھر کبھی نہیں دیکھا۔ اس میں بوڑھے، جوان، عورتیں اور بچے ہیں۔ پھر انہوں نے مجھے وہاں سے نکالا اور درخت پر چڑھا لے گئے اور مجھے ایک ایسے گھر کے اندر لے گئے جو پہلے گھر سے بھی زیادہ خوبصورت اور بہتر تھا۔ اس میں بوڑھے اور جوان ہیں۔ میں نے کہا: تم نے مجھے آج رات خوب گھمایا ہے جو میں نے دیکھا ہے اس کے متعلق مجھے بتلائو تو سہی۔ ان دونوں نے کہا: اچھا وہ جو تم نے دیکھا تھا کہ اس کا گلپھڑا چیرا جا رہا ہے، وہ بڑا جھوٹا شخص ہے جو جھوٹی بات بیان کرتا۔ لوگ اسے سن کر اِدھر اُدھر لے جاتے، یہاں تک کہ چاروں طرف وہ بات پہنچ جاتی۔ اس لئے اس کے ساتھ بھی قیامت کے دن یہی معاملہ ہوتا رہے گا جو تم نے دیکھا اور جسے تم نے دیکھا کہ اس کا سر پھوڑا جا رہا ہے، وہ شخص ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے قرآن سکھایا تھا تو وہ رات کو تو اس سے غافل سوتا رہا اور دن کو اس پر عمل نہ کیا۔ اس کے ساتھ بھی قیامت کے دن تک یہی ہوتا رہے گا اور وہ لوگ جو تم نے گڑھے میں دیکھے تو وہ زانی ہیں اور جس کو تم نے نہر میں دیکھا، اس سے مراد سودخور ہیں اور وہ بوڑھا شخص جو تم نے درخت کی جڑ میں دیکھا تھا وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام ہیں اور بچے جو اُن کے ارد گرد تھے تو وہ لوگوں کے بچے ہیں اور وہ جو آگ جلا رہا ہے تو وہ مالک فرشتہ ہے جو دوزخ کا داروغہ ہے اور وہ پہلا گھر جس کے اندر تم گئے تھے وہ عام مومنوں کا گھر ہے اور یہ جو دوسرا گھر ہے تو وہ شہیدوں کا گھر ہے اور میں جبریل ہوں اور یہ میکائیل ہے۔ اپنا سر اٹھائو۔ میں نے اپنا سر اُٹھایا تو میں کیا دیکھتا ہوں کہ میرے اوپر اَبر کی طرح کوئی چیز ہے۔ ان دونوں نے کہا: وہ تمہارا مقام ہے۔ میں نے کہا: مجھے چھوڑو کہ میں اپنے مقام میں جائوں تو ان دونوں نے کہا: ابھی تمہاری عمر باقی ہے جو تم نے پوری نہیں کی۔ اگر تم پوری کر چکے ہوتے تو تم اپنے مقام میں پہنچ جاتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1387
معلّی بن اسد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: میں حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پاس (عیادت کے لئے گئی) تو انہوں نے پوچھا: آپ نے نبی ﷺ کو کتنے کپڑوں میں کفنایا تھا؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: تین دُھلے ہوئے سفید سوتی کپڑوں میں۔ ان میں نہ کُرتا تھا نہ پگڑی اور انہوں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا: رسول اللہ ﷺ کس دن فوت ہوئے؟ انہوں نے کہا: پیر کے دن۔ انہوں نے کہا: تو آج کون سا دن ہے؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: پیر کا دن۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میں امید کرتا ہوں کہ اس وقت سے رات تک۔ پھر انہوں نے اپنے کپڑے پر نگاہ ڈالی جو بیماری میں پہنے تھے۔ اس پر زعفران کا دھبہ تھا۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میرا یہ کپڑا دھو دو اور دو کپڑے اور لے لینا اور مجھے ان میں کفنانا۔ میں نے کہا: یہ تو پرانا ہے۔ فرمایا: زندہ آدمی بہ نسبت مردہ کے نئے کپڑے کا زیادہ مستحق ہے۔ کفن تو (مردے کی) پیپ کے لئے ہی ہے۔ پھر حضرت ابوبکرؓ اس روز فوت نہ ہوئے، یہاں تک کہ منگل کی رات آگئی اور صبح سے پہلے دفن کئے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1388
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) محمد بن جعفر (بن ابی کثیر) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ہشام (بن عروہ) نے مجھے بتایا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے کہا: میری ماں کی اچانک جان نکل گئی ہے اور میں خیال کرتا ہوں کہ اگر وہ بات کرنے پاتی تو وہ خیرات کرتی۔ سو کیا اسے ثواب ہوگا اگر میں اس کی طرف سے صدقہ کر دوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1389
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ سلیمان نے مجھے بتایا۔ ہشام سے مروی ہے اور محمد بن حرب نے بھی مجھ سے بیان کیا، (کہا:) ابومروان (یحيٰ بن ابی زکریا) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے عروہ (بن زبیر) سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کو اپنی بیماری میں (ایک گھر سے دوسرے گھر میں جانے سے) تکلیف ہوا کرتی تھی۔ (آپؐ فرماتے:) میں آج کہاں ہوں گا؟ کل کہاں ہوں گا؟ حضرت عائشہؓ کی باری دیر کے بعد آتے ہوئے دیکھ کر فرماتے جب میری باری ہوئی تو اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو میرے گلے اور میرے سینے کے درمیان اُٹھایا اور آپؐ میرے گھر میں دفن ہوئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1390
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہلال (بن حمید) سے، ہلال نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے اپنی اس بیماری میں جس سے آپؐ اُٹھ نہیں سکے، فرمایا: اللہ تعالیٰ یہودیوں اور عیسائیوں کو اپنی رحمت سے دور رکھے۔ انہوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو مسجدیں بنا لیا ہے۔ اگر آپؐ یہ نہ فرماتے تو آپؐ کی قبر کھلی رکھی جاتی، مگر آپؐ ڈرے یا کہا: لوگوں کو ڈر ہو ا کہ کہیں وہ مسجد (یعنی سجدہ گاہ) نہ بنا لی جائے اور ہلال سے روایت کرتے ہوئے راوی نے کہا: عروہ بن زبیر نے میری کنیت رکھ دی، حالانکہ میری کوئی اولاد ہی نہیں ہوئی۔
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابوبکر بن عیاش نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن دینار) تَمّار (کھجور فروش) سے مروی ہے۔ سفیان نے ان سے بیان کیا کہ انہوں نے نبی ﷺ کی قبر دیکھی کہ وہ اونٹ کے کوہان کی طرح اونچی بنی ہوئی تھی۔
فروہ (بن ابی مغراء) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) علی (بن مسہر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی کہ ولید بن عبدالملک کے عہد حکومت میں جب حضرت عائشہؓ کے حجرہ کی دیوار لوگوں پر گری تو وہ بنانے لگے۔ اسی اثناء میں ان کو ایک پائوں دکھائی دیا تو وہ گھبرا گئے اور خیال کیا کہ نبی ﷺ کا پائوں ہے تو انہوں نے کسی کو بھی نہ پایا جو اس کو پہنچانتا ہو، یہاں تک کہ عروہ (بن زبیر) نے کہا: ہرگز نہیں۔ اللہ کی قسم! یہ تو نبی ﷺ کا پائوں نہیں، یہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا پائوں ہے۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ مُقَاتِلٍ أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ أَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ عَيَّاشٍ عَنْ سُفْيَانَ التَّمَّارِ أَنَّهُ حَدَّثَهُ أَنَّهُ رَأَى قَبْرَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم مُسَنَّمًا.
حَدَّثَنَا فَرْوَةُ حَدَّثَنَا عَلِيٌّ عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ عَنْ أَبِيهِ لَمَّا سَقَطَ عَلَيْهِمُ الْحَائِطُ فِي زَمَانِ الْوَلِيدِ بْنِ عَبْدِ الْمَلِكِ أَخَذُوا فِي بِنَائِهِ فَبَدَتْ لَهُمْ قَدَمٌ فَفَزِعُوا وَظَنُّوا أَنَّهَا قَدَمُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَمَا وَجَدُوا أَحَدًا يَعْلَمُ ذَلِكَ حَتَّى قَالَ لَهُمْ عُرْوَةُ لاَ وَاللَّهِ مَا هِيَ قَدَمُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم مَا هِيَ إِلاَّ قَدَمُ عُمَرَ ـ رضى الله عنه ـ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1391
نیز ہشام سے مروی ہے کہ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ حضرت عائشہ ؓ نے حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کو وصیت کی تھی کہ مجھے ان کے ساتھ دفن نہ کرنا اور بقیع میں میری ہم نشینوں کے ساتھ دفن کرنا تا اس (حجرہ) میں دفن ہونے کی وجہ سے میری تعریف نہ ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1392
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) جریر بن عبدالحمید نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) حصین بن عبدالرحمن نے ہمیں بتایا کہ عمرو بن میمون اودی سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کو (اس وقت) دیکھا (جب وہ زخمی ہوئے) تو انہوں نے کہا: عبداللہ بن عمرؓ! امّ المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس جاؤ اور کہو: عمر بن خطابؓ آپؓ کو سلام کہتا ہے۔ پھر ان سے دو ساتھیوں کے ساتھ مجھے دفنائے جانے کی بابت ان سے اجازت مانگو۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: میں یہ جگہ اپنے لئے چاہتی تھی، مگر آج میں ان کو اپنے نفس پر مقدم کروں گی۔ جب حضرت عبداللہؓ آئے۔ حضرت عمرؓ نے ان سے پوچھا: کیا خبر ہے؟ تو انہوں نے کہا: امیر المؤمنین! انہوں نے آپؓ کے لئے اجازت دے دی ہے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: مجھے جس قدر اس ٹھکانے کا فکر تھا اتنا اور کسی بات کا نہ تھا۔ جب میں مر جائوں تو مجھے اُٹھا کر لے جائیو۔ پھر حضرت عائشہؓ کو سلام کہنا اور پوچھنا: عمر بن خطاب اجازت مانگتا ہے۔ اگر انہوں نے مجھے اجازت دے دی تو مجھے وہاں دفن کر دینا ورنہ مسلمانوں کے مقبرہ میں لے جانا۔ دیکھو اس خلافت کا حق دار میں ان چند لوگوں سے بڑھ کر کسی اور کو نہیں سمجھتا، جن سے رسول اللہ ﷺ اپنی وفات کے وقت تک خوش رہے۔ سو جس کو یہ لوگ میرے بعد خلیفہ بنائیں، وہی خلیفہ ہے۔ اس کی سننا اور اسی کو ماننا۔ تب حضرت عمرؓ نے حضرت عثمانؓ، حضرت علیؓ، حضرت طلحہؓ، حضرت زبیرؓ، حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ اور حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کا نام لیا اور ایک انصاری جو ان آپؓ کے پاس آیا اور کہنے لگا: اے امیر المومنین! اللہ (عزو جل) کی بشارت پر خوش ہوں۔ اسلام میں آپؓ کا جو درجہ تھا وہ آپؓ جانتے ہی ہیں۔ پھر اس کے بعد آپؓ خلیفہ ہوئے تو آپؓ نے انصاف کیا۔ پھر ان سب باتوں کے بعد شہادت ملی۔ حضرت عمر نے کہا: اے میرے بھتیجے میری تو یہ آرزو ہے کہ یہ خلافت برابر ہی اُترے۔ نہ مجھے وبال ہو اور نہ مجھے ثواب ملے۔ میں اپنے بعد کے خلیفہ کو وصیت کرتا ہوں کہ آغاز کے مہاجرین سے بھلائی کرے، ان کا حق پہچانے، ان کی عزت کا خیال رکھے۔ اور میں اس کو وصیت کرتا ہوں کہ وہ انصار کے ساتھ بھی بھلائی کرے۔ جو مدینہ میں پہلے سے رہتے تھے اور (مہاجرین کے آنے سے پہلے ایمان قبول کر چکے تھے۔) ان میں سے جو نیک ہوں ان کی نیکی قبول کرے اور جو قصور وار ہوں ان سے درگزر کرے اور میں اسے یہ بھی وصیت کرتا ہوں کہ وہ اللہ کی ذمہ داری اور اس کے رسول ﷺ کی ذمہ داری کا خیال رکھے۔ ان (ذمیوں) کے لئے ان کے عہد کی پوری پوری وفاداری کرے اور ان کی حفاظت کے لئے (ان کے دشمن سے) جنگ کی جائے اور ان کی طاقت سے بڑھ کر ان پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1393
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا۔ مُردوں کو گالی نہ دو کیونکہ وہ اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ اور عبداللہ بن عبدالقدوس نے بھی اور محمد بن انس نے بھی اعمش سے روایت کی۔ (آدم کی طرح) علی بن جعد اور (محمد) بن عرعرہ اور ابن ابی عدی نے بھی شعبہ سے یہ روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1394
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ (انہوں نے کہا:) عمرو بن مرہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ابولہب ملعون نے نبی ﷺ سے کہا: آج سارا دن تیرے لئے بربادی رہے۔ تب یہ آیت اتری : یعنی ابولہب کے دونوں ہاتھ برباد ہوگئے اور وہ خود بھی برباد ہوگیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1249
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ہم سے عبدالرحمن (بن عبداللہ) اصبہانی نے بیان کیا۔ انہوں نے ذکوان سے، ذکوان نے حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ عورتوں نے نبی ﷺ سے کہا: ہمارے لئے بھی ایک دن مقرر فرمائیں۔ چنانچہ آپؐ نے انہیں وعظ کیا۔ فرمایا: جس عورت کے تین بچے مر جائیں وہ اس کے لئے آگ سے پناہ ہوں گے۔ اس پر ایک عورت نے کہا: اگر دو (مر جائیں ؟) آپؐ نے فرمایا: تو بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1258
حامد بن عمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت امّ عطیہؓ سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ کی ایک بیٹی فوت ہوگئیں۔ آپؐ باہر آئے اور فرمایا: اسے تین یا پانچ بار پانی اور بیری کے پتوں سے نہلاؤ یا اس سے زیادہ دفعہ اگر تم مناسب سمجھو اور آخری (غسل) میں کافور۔ یا فرمایا: کچھ کافور بھی ملا لو اور جب تم فارغ ہو جاؤ تو مجھے اطلاع دو۔ کہتی تھیں: جب ہم فارغ ہوئیں تو آپؐ کو اطلاع دی۔ آپؐ نے اپنا تہ بند ہمیں دیا اور فرمایا: اسے اس پر لپیٹ دو اور ایوب سے بھی اسی طرح مروی ہے۔ ایوب نے حفصہ سے، حفصہ نے حضرت امّ عطیہ رضی اللہ عنہا سے یہ روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1363
مسدد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یزید بن زریع نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) خالد (حذائ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت ثابت بن ضحاک رضی اللہ عنہ سے، حضرت ثابتؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جو شخص اسلام کے سوا اور کسی دین کی جانتے بوجھتے ہوئے قسم کھائے تو وہ ویسے ہی ہوگا جیسا اس نے کہا اور جو اپنے آپ کو ہتھیار سے مار ڈالے اسے جہنم کی آگ میں اسی ہتھیار سے سزا دی جائے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah