تریاق القلوب
حصہ 34
Urdu original from Ruhani Khazain, edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
کوئی ایسا خدا اپنی طرف سے مت بناؤ جس کا وجود ان تینوں کتابوں کی متفق علیہ شہادت
سے ثابت نہیں ہوتا ۔ وہ بات مانو جس پر عقل اور کانشنس کی گواہی ہے اور خدا کی کتابیں اس
پر اتفاق رکھتی ہیں ۔ خدا کو ایسے طور سے نہ مانو جس سے خدا کی کتابوں میں پھوٹ
پڑ جائے ۔ زنا نہ کرو، جھوٹ نہ بولو اور بدنظری نہ کرو اور ہر ایک فسق اور فجور اور ظلم اور
خیانت اور فساد اور بغاوت کی راہوں سے بچو اور نفسانی جوشوں کے مغلوب مت ہو ۔
پنج وقت نماز ادا کرو کہ انسانی فطرت پر پنج طور پر ہی انقلاب آتے ہیں اور اپنے نبی کریم کے
شکر گزار رہو اور اس پر درود بھیجو کیونکہ وہی ہے کہ جس نے تاریکی کے زمانہ کے بعد نئے
سرے خدا شناسی کی راہ سکھلائی ۔
(۴) عام خلق اللہ کی ہمدردی کرو اور اپنے نفسانی جوشوں سے کسی کو مسلمان ہو یا
غیر مسلمان تکلیف مت دو نہ زبان سے نہ ہاتھ سے نہ کسی اور طرح سے۔
(۵) بہر حال رنج و راحت میں خدا تعالیٰ کے وفادار بندے بنے رہو اور کسی
مصیبت کے وارد ہونے پر اُس سے منہ نہ پھیر و بلکہ آگے قدم بڑھاؤ۔
(۶) اپنے رسول کی متابعت کرو اور قرآن کی حکومت اپنے سر پر لے لو کہ وہ خدا کا
کلام اور تمہارا سچا شفیع ہے۔
☆
(9) اسلام کی ہمدردی اپنی تمام قوتوں سے کرو اور زمین پر خدا کے جلال اور
تو حید کو پھیلاؤ۔
(۱۰) مجھ سے اس غرض سے بیعت کرو کہ تا تمہیں مجھ سے روحانی تعلق
پیدا ہو اور میرے درخت وجود کی ایک شاخ بن جاؤ اور بیعت کے عہد پر موت کے
یہاں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے شرائط بیعت میں سے بعض کو نمایاں کر کے مفہو ما بیان فرمایا ہے۔ (ناشر)
وقت تک قائم رہو۔
تریاق القلوب
یہ وہ میرے سلسلہ کے اصول ہیں جو اس سلسلہ کے لئے امتیازی نشان کی طرح ہیں
جس انسانی ہمدردی اور ترک ایذاء بنی نوع اور ترک مخالفت حکام کی یہ سلسلہ بنیاد ڈالتا ہے
دوسرے مسلمانوں میں اس کا وجود نہیں اُن کے اصول اپنی بے شمار غلطیوں کی وجہ سے اور طرز
کے ہیں جن کی تفصیل کی حاجت نہیں اور نہ یہ ان کا موقع ہے۔
اور وہ نام جو اس سلسلہ کے لئے موزوں ہے جس کو ہم اپنے لئے اور اپنی
جماعت کے لئے پسند کرتے ہیں وہ نام مسلمان فرقہ احمد یہ ہے اور جائز ہے کہ اس کو
احمدی مذہب کے مسلمان کے نام سے بھی پکاریں ۔ یہی نام ہے جس کے لئے ہم ادب
سے اپنی معزز گورنمنٹ میں درخواست کرتے ہیں کہ اسی نام سے اپنے کاغذات اور
مخاطبات میں اس فرقہ کو موسوم کرے یعنی مسلمان فرقہ احمد یہ۔
جہاں تک میرے علم میں ہے میں یقین رکھتا ہوں کہ آج تک تمیں ہزار کے قریب
متفرق مقامات پنجاب اور ہندوستان کے لوگ اس فرقہ احمد یہ میں داخل ہو چکے ہیں اور جو
لوگ ہر ایک قسم کے بدعات اور شرک سے بیزار ہیں اور دل میں یہ فیصلہ بھی کر لیتے ہیں کہ
ہم اپنی گورنمنٹ برطانیہ سے منافقانہ زندگی کرنا نہیں چاہتے ۔ اور صلح کاری اور
بردباری کی فطرت رکھتے ہیں وہ لوگ بکثرت اس فرقہ میں داخل ہوتے جاتے ہیں
اور عموماً عقلمندوں کی اس طرف ایک تیز حرکت ہو رہی ہے ۔ اور یہ لوگ محض عوام میں
سے نہیں ہیں بلکہ بعض بڑے بڑے معزز خاندانوں میں سے ہیں اور ہر ایک قسم کے
تاجر اور ملازمت پیشہ اور تعلیم یافتہ اور علماء اسلام اور رؤساء اس فرقہ میں داخل ہیں گو
بہت کچھ عام مسلمانوں کی طرف سے یہ فرقہ ایذا بھی پا رہا ہے لیکن چونکہ اہل عقل دیکھتے ہیں
کہ خدا سے پوری صفائی اور اس کی مخلوق سے پوری ہمدردی اور حکام کی اطاعت میں پوری
طیاری کی تعلیم اسی فرقہ میں دی جاتی ہے اس لئے وہ لوگ طبعاً اِس فرقہ کی طرف مائل
ہوتے جاتے ہیں اور یہ خدا کا فضل ہے کہ بہت کچھ مخالفوں کی طرف سے کوششیں بھی ہوئیں
کہ اس فرقہ کو کسی طرح نابود کر دیں مگر وہ سب کوششیں ضائع گئیں کیونکہ جو کام خدا کے ہاتھ
سے اور آسمان سے ہو انسان اس کو ضائع نہیں کر سکتا۔ اور اس فرقہ کا نام مسلمان فرقہ احمد یہ
اس لئے رکھا گیا کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے دو نام تھے ایک محمد صلی اللہ علیہ وسلم ۔
دوسرا احمد صلی اللہ علیہ وسلم اور اسم محمد جلالی نام تھا اور اس میں یہ مخفی پیشگوئی تھی کہ آنحضرت
صلی اللہ علیہ وسلم ان دشمنوں کو تلوار کے ساتھ سزا دیں گے جنہوں نے تلوار کے ساتھ اسلام پر
حملہ کیا اور صدہا مسلمانوں کو قتل کیا ۔ لیکن اسم احمد جمالی نام تھا جس سے یہ مطلب تھا کہ
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم دنیا میں آشتی اور صلح پھیلائیں گے ۔ سوخدا نے ان دو ناموں
کی اس طرح پر تقسیم کی کہ اول آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مکہ کی زندگی میں اسم احمد کا
ظہور تھا اور ہر طرح سے صبر اور شکیبائی کی تعلیم تھی ۔ اور پھر مدینہ کی زندگی میں اسم محمد
کا ظہور ہوا اور مخالفوں کی سرکوبی خدا کی حکمت اور مصلحت نے ضروری سمجھی لیکن یہ
پیشگوئی کی گئی تھی کہ آخری زمانہ میں پھر اسم احمد ظہور کرے گا اور ایسا شخص ظاہر ہوگا
جس کے ذریعہ سے احمدی صفات یعنی جمالی صفات ظہور میں آئیں گی اور تمام لڑائیوں
کا خاتمہ ہو جائے گا ۔ پس اسی وجہ سے مناسب معلوم ہوا کہ اس فرقہ کا نام فرقہ احمد یہ
رکھا جائے تا اس نام کو سنتے ہی ہر ایک شخص سمجھ لے کہ یہ فرقہ دنیا میں آشتی اور
صلح پھیلا نے آیا ہے اور جنگ اور لڑائی سے اس فرقہ کو کچھ سرو کا رنہیں ۔ سواے دوستو
آپ لوگوں کو یہ نام مبارک ہو اور ہر ایک کو جو امن اور صلح کا طالب ہے یہ فرقہ بشارت دیتا
ہے۔ نبیوں کی کتابوں میں پہلے سے اس مبارک فرقہ کی خبر دی گئی ہے اور اس کے ظہور کے
لئے بہت سے اشارات ہیں۔ زیادہ کیا لکھا جائے خدا اس نام میں برکت ڈالے ۔ خدا ایسا
کرے کہ تمام روئے زمین کے مسلمان اسی مبارک فرقہ میں داخل ہو جائیں تا انسانی
خونریزیوں کا زہر بکلی اُن کے دلوں سے نکل جائے اور وہ خدا کے ہو جائیں اور خدا اُن کا
ہو جائے ۔ اے قادر و کریم تو ایسا ہی کر ۔ آمین ۔
وآخر دعوانا ان الحمد لله رب العالمين
مرزا غلام احمد از قادیاں
۱۴ نومبر ۱۹۰۰ء
۲۸۰۰۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔تعداد
مطبوعہ ضیاء الاسلام پر لیس قادیاں