محاسن قرآن کریم مناجات اور تبلیغ حق
دُرِّثمین اُردو, حصہ 3
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
الزام مجھ پہ قتل کا تھا سخت تھا یہ کام
تھا ایک پادری کی طرف سے یہ اتہام
جتنے گواہ تھے وہ تھے سب میرے برخلاف
اک مولوی بھی تھا جو یہی مارتا تھا لاف
دیکھو! یہ شخص اب تو سزا اپنی پائے گا
اب بن سزائے سخت یہ بیچ کر نہ جائے گا
اتنی شہادتیں ہیں کہ اب کھل گیا قصور
اب قید یا صلیب ہے، اِک بات ہے ضرور
بعضوں کو بددعا میں بھی تھا ایک انہماک
اتنی دُعا کہ گھس گئی سجدے میں اُن کی ناک
القصہ جُہد کی نہ رہی کچھ بھی انتہا
اک سو تھا مگر ایک طرف سجدہ و دُعا
آخر خدا نے دی مجھے اس آگ سے نجات
دشمن تھے جتنے اُن کی طرف کی نہ التفات
کیسا یہ فضل اُس سے نمودار ہو گیا
اک مفتری کا وہ بھی مددگار ہو گیا
اُس کا تو فرض تھا کہ وہ وعدہ کو کر کے یاد
خود مارتا
وہ گردن کتاب بدنہاد
گر اُس سے رہ گیا تھا کہ وہ خود دکھائے ہاتھ
اتنا تو سہل تھا کہ تمہارا بٹائے ہاتھ
یہ بات کیا ہوئی کہ وہ تم سے الگ رہا
کچھ بھی مدد نہ کی نہ سُنی کوئی بھی دُعا
سب کام اپنی قوم کا برباد کر دیا
جو مفتری تھا اُس کو تو آزاد کر دیا
سب جد و جہد وسعی اکارت چلی گئی
کوشش تھی جس قدر وہ بغارت چلی گئی
کیا راستی کی فتح نہیں وعدہ خدا
دیکھو تو کھول کر سخن پاک کبریا
پھر کیوں یہ بات میری ہی نسبت پلٹ گئی
یا خود تمہاری چادر تقوی ہی پھٹ گئی
کیا یہ عجب نہیں ہے کہ جب تم ہی یار ہو
پھر میرے فائدے کا ہی سب کاروبار ہو
پھر یہ نہیں کہ ہو گئی ہے صرف ایک بات
پاتا ہوں ہر قدم میں خدا کے تفـضـلات
دیکھو وہ بھیں کا شخص کرم دیں ہے جس کا نام
لڑنے میں جس نے نیند بھی اپنے پہ کی حرام
جس کی مدد کے واسطے لوگوں میں جوش تھا
جس کا ہر ایک دشمن حق عیب پوش تھا
جس کا رفیق ہو گیا ہر ظالم و غوی!
جس کی مدد کے واسطے آئے تھے مولوی
ان میں سے ایسے تھے کہ جو بڑھ بڑھ کے آتے تھے
اپنا بیاں لکھانے میں کرتب دکھاتے تھے
هشیاری مستغیث بھی اپنی دکھاتا تھا
سو سو خلاف واقعہ باتیں بناتا تھا
پر اپنے بدعمل کی سزا کو وہ پا گیا
ساتھ اس کے یہ کہ نام بھی کاذب رکھا گیا
كذاب نام اُس کا دفاتر میں رہ گیا
چالاکیوں کا فخر جو رکھتا تھا بہہ گیا
اے ہوش و عقل والو! یہ عبرت کا ہے مقام
چالاکیاں تو بیچ ہیں، تقویٰ سے ہوویں کام
جو متقی ہے اس کا خدا خود نصیر ہے
انجام فاسقوں کا عذاب سعیر ہے
جڑ ہے ہر ایک خیر و سعادت کی اتقا
جس کی یہ جڑ رہی ہے عمل اس کا سب رہا
مومن ہی فتح پاتے ہیں انجام کار میں
ایسا ہی پاؤ گے سخن کردگار میں
کوئی بھی مفتری ہمیں دنیا میں اب دکھا
جس پر یہ
فضل
ہو یہ عنایات یہ عطا
اس بد عمل کی قتل سزا ہے نہ یہ کہ پیت
پس کس طرح خدا کو پسند آ گئی یہ ریت
کیا تھا یہی معاملہ پاداش افترا
کیا مفتری کے بارے میں وعدہ یہی ہوا
کیوں ایک مُفتری کا وہ ایسا ہے آشنا
یا بے خبر ہے عیب سے دھوکے میں آ گیا
آخر کوئی تو بات ہے جس سے ہوا وہ یار
بد کار سے تو کوئی بھی کرتا نہیں ہے پیار
تم بد بنا کے پھر بھی گرفتار ہو گئے
یہ بھی تو ہیں نشاں جو نمودار ہو گئے
تاہم وہ دوسرے بھی نشاں ہیں ہمارے پاس
لکھتے ہیں اب خدا کی عنایت سے بے ہراس
جس دل میں رچ گیا ہے محبت سے اسکا نام
وہ خود نشاں ہے نیز نشاں سارے اسکے کام
کیا کیا نہ ہم نے نام رکھائے زمانہ سے
مردوں سے نیز فرقہ ناداں زنانہ سے
اُن کے گماں میں ہم بد و بدحال ہو گئے
اُن کی نظر میں کافر و دجال ہو گئے
ہم مُفتری بھی بن گئے اُن کی نگاہ میں
بے دیں ہوئے فساد کیا حق کی راہ میں
پر ایسے کفر پر تو فدا ہے ہماری جاں
جس سے ملے خدائے جہان و جہانیاں
لعنت ہے ایسے دیں پہ کہ اِس کفر سے ہے کم
سو شکر ہے کہ ہو گئے غالب کے یار ہم
ہوتا ہے کردگار اسی رہ سے دستگیر
کیا جانے قدر اس کا جو قصوں میں ہے اسیر
وحي خدا اسی رہ فرخ سے پاتے ہیں
دلبر کا بانکپن بھی اسی سے دکھاتے ہیں
اے مدعی ! نہیں ہے تیرے ساتھ کردگار
یہ گھر تیرے دیں سے ہے بہتر ہزار بار
براہین احمدیہ حصہ پنجم صفحہ اول نصرة الحق مطبوعہ ۱۹۰۸ء