متفرق مسائل نماز
فقہ المسیح, حصہ 3
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
خاکسار عرض کرتا ہے کہ آخری سے پہلی دعا میں دراصل مسیح موعود کی بعثت کی دعا ہے مگر
بعثت کے بعد اس کے یہ معنے سمجھے جائیں گے کہ اب مسلمانوں کو آپ پر ایمان لانے کی
توفیق عطا کر ۔
(سیرت المہدی جلد 1 صفحہ 804 ، 805)
مخصوص حالات میں قنوت پڑھنا
فرمایا :
آج کل چونکہ وبا کا زور ہے اس لئے نمازوں میں قنوت پڑھنا چاہئے ۔“
فرمایا :
البدر یکم مئی 1903 ء صفحہ 115 کالم (2)
قرآن شریف کا منشاء یہ ہے کہ جب عذاب سر پر آپڑے پھر تو یہ عذاب سے نہیں چھڑا
سکتی ۔ اس سے بیشتر کہ عذاب الہی آکر تو بہ کا دروازہ بند کر دے تو بہ کرو۔ جبکہ دنیا کے قانون
سے اس قدر ڈر پیدا ہوتا ہے تو کیا وجہ ہے کہ خدا تعالیٰ کے قانون سے نہ ڈریں ۔ جب بلا سر
پر آپڑے تو پھر اس کا مزہ چکھنا ہی پڑتا ہے۔ چاہیے کہ ہر ایک شخص تہجد میں اُٹھنے کی کوشش
کرے اور پانچ وقت کی نمازوں میں بھی قنوت ملا دیں ۔ ہر ایک قسم کی خدا کو ناراض کرنے
والی باتوں سے توبہ کریں ۔
)2،1 احکم 24 جولائی 1901 صفحہ
نماز کے بعد ہاتھ اُٹھا کر دعا کرنا
حضرت مفتی محمد صادق صاحب تحریر کرتے ہیں :
ہندوستان میں عموما مسلمانوں کا یہ خیال ہے کہ نماز کے اندر تکبیر اولیٰ کے بعد اور سلام
پھیرنے سے قبل سوائے مسنون دعاؤں کے جو عربی زبان میں پڑھی جاتی ہیں اور کوئی دعا
اپنی زبان اُردو یا فارسی یا انگریزی وغیرہ میں کرنا جائز نہیں ہے اور عموما لوگوں کی عادت
ہے کہ سلام پھیرنے کے بعد پھر ہاتھ اُٹھا کر اپنی زبان میں دُعائیں کرتے ہیں اور اپنے دلی
جذبات اور خواہشات کا اظہار کرتے ہیں مگر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بارہا
فرمایا: ”نماز کے اندر سجدہ یا رکوع کے بعد کھڑے ہو کر یا کسی دوسرے موقعہ پر مسنون دعا
کہنے کے بعد اپنی زبان میں دعا مانگنا جائز ہے کیونکہ اپنی زبان میں ہی انسان اچھی طرح
اپنے جذبات اور دلی جوش کا اظہار کر سکتا ہے ۔ کسی نے عرض کی کہ مولوی لوگ تو کہتے
ہیں کہ نماز کے اندر اپنی زبان میں دعا کرنے سے نماز ٹوٹ جاتی ہے۔ فرمایا ” اُن کی نماز تو
پہلے ہی ٹوٹی ہوئی ہے کیونکہ وہ سمجھتے نہیں کہ کیا کہہ رہے ہیں ۔ دعا خواہ کسی زبان میں کی
جائے ۔ اس سے نماز نہیں ٹوٹتی ۔ فرمایا:
جو لوگ نماز عربی میں جلدی جلدی پڑھ لیتے ہیں ۔ اس کے مطلب کو نہیں سمجھتے اور نہ
انہیں کچھ ذوق اور شوق پیدا ہوتا ہے اور سلام پھیرنے کے بعد لمبی دعائیں کرتے ہیں ۔
اُن کی مثال اُس شخص کی ہے جو بادشاہ کے دربار میں حاضر ہوا۔ اور تخت کے سامنے کھڑے
ہو کر اپنی عرضی پیش کی جو کسی سے لکھوا لی تھی اور بغیر سمجھنے کے طوطے کی طرح اُسے پڑھ کر
سلام کر کے چلا آیا اور دربار سے باہر آ کر شاہی محل کے باہر کھڑے ہو کر پھر کہنے لگا کہ میری
یہ عرض بھی ہے اور وہ عرض بھی ہے۔ اُسے چاہیے تھا کہ عین حضوری کے وقت اپنی تمام
عرضیں پیش کرتا ۔“‘ فرمایا : ” ایسے لوگوں کی مثال جو نماز میں دعا نہیں کرتے اور نماز کے
خاتمہ کے بعد لمبی دعائیں کرتے ہیں ۔ اُس شخص کی طرح ہے جس نے اگے کی چوٹی کو الٹا کر
زمین پر رکھا اور پیتے اُوپر کی طرف ہو گئے اور پھر گھوڑے کو چلایا کہ اُس اِتنے کو کھینچے ۔“
( ذکر حبیب از حضرت مفتی محمد صادق صاحب صفحہ 197 ، 198 )
نماز میں اپنی زبان میں دعا کرنا جائز ہے
فرمایا :
یہ ضروری بات نہیں ہے کہ دعا ئیں عربی زبان میں کی جاویں ، چونکہ اصل غرض نماز کی
تضرع اور ابتہال ہے، اس لئے چاہیے کہ اپنی مادری زبان میں ہی کرے۔ انسان کو اپنی
مادری زبان سے ایک خاص انس ہوتا ہے اور پھر وہ اس پر قادر ہوتا ہے۔ دوسری زبان سے
خواہ اس میں کس قدر بھی دخل ہو اور مہارت کامل ہو، ایک قسم کی اجنبیت باقی رہتی ہے۔
اس لئے چاہیے کہ اپنی مادری زبان ہی میں دعائیں مانگے ۔
ایک اور موقعہ پر حضرت اقدس نے فرمایا:
(الحكم 24 دسمبر 1900 صفحہ 2)
سب زبانیں خدا نے بنائی ہیں ۔ چاہیے کہ اپنی زبان میں جس کو اچھی طرح سمجھ سکتا
ہے۔ نماز کے اندر دعائیں مانگے ، کیونکہ اُس کا اثر دل پر پڑتا ہے تا کہ عاجزی اور خشوع
پیدا ہو ۔ کلام الہی کو ضرور عربی میں پڑھو اور اس کے معنی یا د رکھو اور دُعا بے شک اپنی زبان
میں مانگو ۔ جو لوگ نماز کو جلدی جلدی پڑھتے ہیں اور پیچھے لمبی دُعائیں کرتے ہیں وہ حقیقت
سے نا آشنا ہیں ۔ دعا کا وقت نماز ہے۔ نماز میں بہت دعائیں مانگو۔
)9( الحکم 24 مئی 1901 صفحہ(
نماز میں مسنون دعاؤں کے علاوہ اپنی زبان میں بھی دعا کرو
فرمایا :
نماز کے اندر اپنی زبان میں دعا مانگنی چاہیے کیونکہ اپنی زبان میں دعا مانگنے سے پورا
جوش پیدا ہوتا ہے ۔ سورۃ فاتحہ خدا تعالیٰ کا کلام ہے ۔ وہ اسی طرح عربی زبان میں پڑھنا
چاہئے اور قرآن شریف کا حصہ جو اس کے بعد پڑھا جاتا ہے وہ بھی عربی زبان میں ہی پڑھنا
چاہئے ۔ اور اس کے بعد مقررہ دعائیں اور تسبیح بھی اسی طرح عربی زبان میں پڑھنی
چاہئیں۔ لیکن ان سب کا ترجمہ سیکھ لینا چاہئے اور ان کے علاوہ پھر اپنی زبان میں دعائیں
مانگنی چاہئیں تا کہ حضور دل پیدا ہو جائے کیونکہ جس نماز میں حضو ر دل نہیں وہ نماز نہیں ۔ آج
کل لوگوں کی عادت ہے کہ نماز تو ٹھو نگیدار پڑھ لیتے ہیں جلدی جلدی نماز کو ادا کر لیتے ہیں
جیسا کہ کوئی بیگار ہوتی ہے، پھر پیچھے سے لمبی لمبی دعائیں مانگنا شروع کرتے ہیں ۔ یہ
بدعت ہے ۔ حدیث شریف میں کسی جگہ اس کا ذکر نہیں آیا کہ نماز سے سلام پھیرنے کے بعد
پھر دُعا کی جائے ۔ نادان لوگ نماز کو تو ٹیکس جانتے ہیں اور دُعا کو اس سے علیحدہ کرتے
ہیں ۔ نماز خود دعا ہے۔ دین و دنیا کی تمام مشکلات کے واسطے اور ہر ایک مصیبت کے وقت
انسان کو نماز کے اندر دعائیں مانگنی چاہئیں ۔ نماز کے اندر ہر موقع پر دُعا کی جاسکتی ہے۔
رکوع میں بعد تسبیح سجدہ میں بعد تسبیح - التحیات کے بعد کھڑے ہوکر ۔ رکوع کے بعد بہت
دعائیں کرو تا کہ مالا مال ہو جاؤ۔ چاہیے کہ دعا کے وقت آستانہ الوہیت پر روح پانی کی
طرح بہہ جائے ۔ ایسی دعا دل کو پاک وصاف کر دیتی ہے ۔ یہ دعا میسر آوے، تو پھر خواہ
انسان چار پہر دُعا میں کھڑا رہے گناہوں کی گرفتاری سے بچنے کے واسطے اللہ تعالیٰ کے حضور
میں دُعائیں مانگنی چاہئیں ۔ دعا ایک علاج ہے جس سے گناہ کی زہر دور ہو جاتی ہے۔ بعض
نادان لوگ خیال کرتے ہیں کہ اپنی زبان میں دعا مانگنے سے نماز ٹوٹ جاتی ہے۔ یہ غلط
خیال ہے۔ ایسے لوگوں کی نماز تو خود ہی ٹوٹی ہوئی ہے ۔
( ذکر حبیب از حضرت مفتی محمد صادق صاحب صفحہ 202 ، 203)
ایک اور موقعہ پر سوال ہوا کہ نماز کے بعد دعا کرنی یہ سنتِ اسلام آئی ہے یا نہیں ؟
فرمایا:۔
ہم انکار نہیں کرتے ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے دُعا مانگی ہو گی مگر ساری نماز دعا ہی
ہے اور آج کل دیکھا جاتا ہے کہ لوگ نماز کو جلدی جلدی ادا کر کے گلے سے اُتارتے ہیں ۔
پھر دُعاؤں میں اس کے بعد اس قدر خشوع و خضوع کرتے ہیں کہ جس کی حد نہیں اور اتنی دیر
تک دُعا مانگتے رہتے ہیں کہ مسافر دو میل تک نکل جاوے ۔ بعض لوگ اس سے تنگ بھی
آجاتے ہیں تو یہ بات معیوب ہے ۔ خشوع خضوع اصل جز و تو نماز کی ہے ۔ وہ اس میں نہیں
کیا جاتا اور نہ اس میں دُعا مانگتے ہیں ۔ اس طرح سے وہ لوگ نماز کو منسوخ کرتے
ہیں ۔ انسان نماز کے اندر ہی ماثورہ دعاؤں کے بعد اپنی زبان میں دُعا مانگ سکتا ہے۔
(البدر یکم مئی 1903ء صفحہ 114)
نماز کے بعد ہاتھ اُٹھا کر دعا کروانا چھوڑ دیا
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عہد مبارک کے شروع میں حضرت مولوی عبدالکریم
صاحب نماز کے بعد ہاتھ اُٹھا کر دعا کراتے تھے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام بھی
ہاتھ اُٹھا کر دعا کر لیا کرتے تھے۔ لیکن بعد میں آپ نے نہایت نرمی کے ساتھ یہ مسئلہ سمجھا دیا
اور حضرت مولوی عبدالکریم صاحب سیالکوٹی نے ایسا کرنا چھوڑ دیا۔اس حوالے سے
حضرت پیر افتخار احمد صاحب لدھیانوی کی مندرجہ ذیل روایت قابلِ غور ہے ۔ وہ لکھتے ہیں :۔
خدا کی مہربانی سے مجھے وہ وقت یاد ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام مسجد مبارک میں
تشریف فرما تھے ہم خدام بیٹھے ہوئے تھے حضرت مولوی عبدالکریم صاحب بھی تھے جبکہ
حضور نے نماز کے اندر دعا کرنے کے متعلق تقریر فرمائی ۔ جس کا مطلب میری عبارت میں
یہ ہے کہ یہ رسم پڑ گئی ہے کہ نماز کے اندر دعا نہیں کرتے ۔ نماز کو بطور رسم و عادت جلدی
جلدی پڑھ لیتے ہیں اور جب سلام پھیر چکتے ہیں تو لمبی لمبی دعا ئیں بڑی تضرع سے مانگتے
ہیں ۔ حالانکہ نماز کے اندر دعا چاہئے ۔ نماز خود دعا ہے ، نماز اس لئے ہے کہ بندہ اس میں
اپنے رب سے دین دنیا کے حسنات طلب کرے اس کی مثال یہ ہے کہ جب بادشاہ کے
دربار میں حاضر ہوئے تو اپنی کوئی حاجت پیش نہ کی اور جب دربار سے رخصت ہو کر باہر
آئے تو درخواست کرنی شروع کر دی ۔ یہ ثابت نہیں ہوتا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نماز
پنجگانہ کی جماعت کے بعد ہاتھ اُٹھا کر دعا کیا کرتے تھے ۔ حضور علیہ السلام کی اس تقریر سے
پہلے برابر پانچ وقت کی جماعت کے بعد بالالتزام ہاتھ اُٹھا کر دعا کی جاتی تھی ۔ امام نماز
حضرت مولوی عبد الکریم صاحب ، حضرت اقدس ، سب مقتدی نماز فرض کا سلام پھیر کر ہاتھ
اُٹھا کر دعا کیا کرتے تھے ۔ مجھے اس طریق پر سب کا مل کر ہاتھ اُٹھا کر دعا کرنا یاد ہے ۔
کیونکہ میں بھی سب کے ساتھ ہاتھ اُٹھا کر دعا کیا کرتا تھا۔ اس تمام تقریر میں حضرت اقدس
نے حضرت مولوی عبد الکریم صاحب کو اس بات کا اشارہ تک بھی نہیں کیا کہ آپ ایسا کیوں
کرتے ہیں یا آئندہ ایسا نہ کیا کریں۔ لیکن حضرت مولوی عبد الکریم صاحب نے جس وقت
حضور کی یہ تقریر سنی اس کے بعد نماز کے سلام کے بعد ہاتھ اُٹھا کر دعا کرنی چھوڑ دی ۔ اور
اس وقت سے یہی طریق جاری ہے۔
افتخار الحق از حضرت صاحبزادہ افتخار احمد صاحب لدھیانوی صفحہ 494، 495)
نماز کے بعد ہاتھ اُٹھا کر دعا کرنا بدعت ہے
مسئلہ پوچھا گیا کہ ہم لوگ عموماً بعد نماز دعا مانگتے ہیں لیکن یہاں نوافل تو خیر دعا بعد نماز
نہیں مانگتے ۔ اس پر حضرت اقدس نے فرمایا :
اصل یہ ہے کہ ہم دعا مانگنے سے تو منع نہیں کرتے اور ہم خود بھی دعا مانگتے ہیں اور صلوٰۃ
بجائے خود دعا ہی ہے۔ بات یہ ہے کہ میں نے اپنی جماعت کو نصیحت کی ہے کہ ہندوستان
میں یہ عام بدعت پھیلی ہوئی ہے کہ تعدیل ارکان پورے طور پر ملحوظ نہیں رکھتے اور ٹھونگے دار
نماز پڑھتے ہیں ۔ گویا وہ نماز ایک ٹیکس ہے جس کا ادا کرنا ایک بوجھ ہے۔اس لیے اس
طریق سے ادا کیا جاتا ہے، جس میں کراہت پائی جاتی ہے حالانکہ نماز ایسی شے ہے کہ جس
سے ایک ذوق ، اُنس اور سرور بڑھتا ہے مگر جس طرز پر نماز ادا کی جاتی ہے اس سے حضور
قلب نہیں ہوتا اور بے ذوقی اور بے لطفی پیدا ہوتی ہے۔ میں نے اپنی جماعت کو یہی نصیحت
کی ہے کہ وہ بے ذوقی اور بے حضوری پیدا کرنے والی نماز نہ پڑھیں بلکہ حضور قلب کی
کوشش کریں جس سے اُن کو سرور اور ذوق حاصل ہو ۔ عام طور پر یہ حالت ہو رہی ہے کہ
نماز کو ایسے طور سے پڑھتے ہیں کہ جس میں حضور قلب کی کوشش نہیں کی جاتی بلکہ جلدی جلدی
اس کو ختم کیا جاتا ہے اور خارج نماز میں بہت کچھ دعا کے لیے کرتے ہیں اور دیر تک
دعا مانگتے رہتے ہیں حالانکہ نماز کا ( جو مومن کی معراج ہے ) مقصود یہی ہے کہ اس میں دعا
کی جاوے اور اسی لیے اُمُّ الْأَدْعِيَهِ، اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ دعا مانگی جاتی
ہے۔ انسان کبھی خدا تعالیٰ کا قرب حاصل نہیں کرتا جب تک کہ اقام الصلواۃ نہ کرے۔
أقِيمُوا الصَّلوةَ اس لیے فرمایا کہ نماز گری پڑتی ہے مگر جو شخص اقام الصلوۃ کرتے ہیں ۔ تو
وہ اس کی روحانی صورت سے فائدہ اٹھاتے ہیں تو پھر وہ دعا کی محویت میں ہو جاتے ہیں ۔
نماز ایک ایسا شربت ہے کہ جو ایک بارا سے پی لے اُسے فرصت ہی نہیں ہوتی ۔ اور وہ فارغ
ہی نہیں ہو سکتا ۔ ہمیشہ اس سے سرشار اور مست رہتا۔ رہتا ہے ۔اس سے ایسی محویت ہوتی ہے کہ
اگر ساری عمر میں ایک بار بھی اسے چکھتا ہے تو پھر اس کا اثر نہیں جاتا۔
مومن کو بے شک اُٹھتے بیٹھتے ہر وقت دعائیں کرنی چاہئیں مگر نماز کے بعد جو دعاؤں کا
طریق اس ملک میں جاری ہے وہ عجیب ہے ۔ بعض مساجد میں اتنی لمبی دعائیں کی جاتی ہیں
کہ آدھ میل کا سفر ایک آدمی کر سکتا ہے۔ میں نے اپنی جماعت کو بہت نصیحت کی ہے کہ
اپنی نما ز کو سنوارو ، یہ بھی دعا ہے ۔
متفرق مسائل نماز
کیا وجہ ہے کہ بعض لوگ تمیں تمہیں برس تک برابر نماز پڑھتے ہیں ۔ پھر کورے کے کورے
ہی رہتے ہیں ۔ کوئی اثر روحانیت اور خشوع و خضوع کا ان میں پیدا نہیں ہوتا ۔ اس کا یہی
سبب ہے کہ وہ ، وہ نماز پڑھتے ہیں جس پر خدا تعالیٰ لعنت بھیجتا ہے ایسی نمازوں کے لیے
ویل آیا ہے ۔ دیکھو جس کے پاس اعلیٰ درجہ کا جو ہر ہوتو کیا کوڑیوں اور پیسوں کے لیے اسے
اس کو پھینک دینا چاہیے ۔ ہرگز نہیں ۔ اول اس جو ہر کی حفاظت کا اہتمام کرے اور پھر
پیسوں کو بھی سنبھالے ۔ اس لیے نماز کو سنوار سنوار کر اور سمجھ سمجھ کر پڑھے۔
سائل : الحمد شریف بیشک دعا ہے مگر جن کو عربی کا علم نہیں ان کو تو دعا مانگنی چاہیے ۔
حضرت اقدس : ہم نے اپنی جماعت کو کہا ہوا ہے کہ طوطے کی طرح مت پڑھو۔ سوائے
قرآن شریف کے جو رب جلیل کا کلام ہے اور سوائے ادعیہ ماثورہ کے ، کہ نبی کریم صلی اللہ
علیہ وسلم کا معمول تھیں نماز با برکت نہ ہوگی جب تک اپنی زبان میں اپنے مطالب بیان نہ
کرو ۔ اس لیے ہر شخص کہ جو عربی زبان نہیں جانتا ضروری ہے کہ اپنی زبان میں اپنی دعاؤں کو
پیش کرے اور رکوع میں سجود میں مسنون تسبیحوں کے بعد اپنی حاجات کو عرض کرے۔ ایسا ہی
التحیات میں اور قیام اور جلسہ میں ۔ اس لیے میری جماعت کے لوگ اس تعلیم کے موافق
نماز کے اندر اپنی زبان میں دعائیں کر لیتے ہیں اور ہم بھی کر لیتے ہیں، اگر چہ ہمیں تو عربی
اور پنجابی یکساں ہی ہیں مگر مادری زبان کے ساتھ انسان کو ایک ذوق ہوتا ہے۔ اس لیے
اپنی زبان میں نہایت خشوع اور خضوع کے ساتھ اپنے مطالب اور مقاصد کو بارگاہ رب العزة
میں عرض کرنا چاہیے۔ میں نے بارہا سمجھایا ہے کہ نماز کا تعہد کرو۔ جس سے حضور اور ذوق
پیدا ہو ۔ فریضہ تو جماعت کے ساتھ پڑھ لیتے ہیں ۔ باقی نوافل اور سنن کو جیسا چاہو طول
دو اور چاہیے کہ اس میں گریہ و بکا ہوتا کہ وہ حالت پیدا ہو جاوے جو نماز کا اصل مطلب
ہے۔ نماز ایسی شے ہے کہ سیات کو دور کر دیتی ہے ۔ جیسے فرمایا إِنَّ الْحَسَنَاتِ يُذْهِبْنَ
السَّيِّئَاتِ (هود : 115) نما ز کل بدیوں کو دور کر دیتی ہے ۔ حسنات سے مراد نماز ہے مگر
آج کل یہ حالت ہو رہی ہے کہ عام طور پر نمازی کو مکا ر سمجھا جاتا ہے کیونکہ عام لوگ
بھی جانتے ہیں کہ یہ لوگ جو نماز پڑھتے ہیں ۔ یہ اسی قسم کی ہے جس پر خدا نے واویلا کیا ہے
کیونکہ اس کا کوئی نیک اثر اور نیک نتیجہ مترتب نہیں ہوتا ۔ نرے الفاظ کی بحث میں پسند
نہیں کرتا۔ آخر مر کر خدا تعالیٰ کے حضور جانا ہے۔ دیکھو ایک مریض جو طبیب کے پاس
جاتا ہے اور اس کا نسخہ استعمال کرتا ہے۔ اگر دس میں دن تک اس سے کوئی فائدہ نہ ہو تو وہ
سمجھتا ہے کہ تشخیص یا علاج میں کوئی غلطی ہے ۔ پھر یہ کیا اندھیر ہے کہ سالہا سال سے نمازیں
پڑھتے ہیں اور اس کا کوئی اثر محسوس اور مشہود نہیں ہوتا ۔ میرا تو یہ مذہب ہے کہ اگر دس دن
بھی نماز کو سنوار کر پڑھیں تو تنویر قلب ہو جاتی ہے مگر یہاں تو پچاس پچاس برس تک نماز
پڑھنے والے دیکھے گئے ہیں کہ بدستور روبہ دنیا اور سفلی زندگی میں نگونسار ہیں اور انہیں نہیں
معلوم کہ وہ نمازوں میں کیا پڑھتے ہیں اور استغفار کیا چیز ہے۔ اس کے معنوں پر بھی انہیں
اطلاع نہیں ہے ۔ طبیعتیں دو قسم کی ہیں ۔ ایک وہ جو عادت پسند ہوتی ہیں جیسے اگر ہندو
کا کسی مسلمان کے ساتھ کپڑا بھی چھو جاوے تو وہ اپنا کھانا پھینک دیتا ہے حالانکہ اس
کھانے میں مسلمان کا کوئی اثر سرایت نہیں کر گیا ۔ زیادہ تر اس زمانہ میں لوگوں کا یہی حال
ہو رہا ہے کہ عادت اور رسم کے پابند ہیں اور حقیقت سے واقف اور آشنا نہیں ہیں ۔ جو شخص
دل میں یہ خیال کرے کہ یہ بدعت ہے کہ نماز کے پیچھے دعا نہیں مانگتے بلکہ نمازوں میں
دعائیں کرتے ہیں ۔ یہ بدعت نہیں ۔ پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں آنحضرت صلی
اللہ علیہ وسلم نے ادعیہ عربی میں سکھائی تھیں جو اُن لوگوں کی اپنی مادری زبان تھی اسی لیے ان
کی ترقیات جلدی ہوئیں ۔ لیکن جب دوسرے ممالک میں اسلام پھیلا تو وہ ترقی نہ
رہی ۔ اس کی یہی وجہ تھی کہ اعمال رسم و عادت کے طور پر رہ گئے ۔ ان کے نیچے جو حقیقت اور
مغز تھا وہ نکل گیا ۔ اب دیکھ لو مثلاً ایک افغان نماز تو پڑھتا ہے لیکن وہ اثر نماز سے بالکل
بے خبر ہے۔ یا د رکھو رسم اور چیز ہے اور صلوٰۃ اور چیز صلوۃ ایسی چیز ہے کہ اس سے بڑھ کر اللہ
تعالیٰ کے قرب کا کوئی قریب ذریعہ نہیں ۔ یہ قرب کی کنجی ہے۔اسی سے کشوف ہوتے
ہیں ۔ اسی سے الہامات اور مکالمات ہوتے ہیں ۔ یہ دعاؤں کے قبول ہونے کا ایک ذریعہ
ہے لیکن اگر کوئی اس کو اچھی طرح سے سمجھ کر ادا نہیں کرتا تو وہ رسم اور عادت کا پابند ہے اور
اس سے پیار کرتا ہے۔ جیسے ہندو گنگا سے پیار کرتے ہیں۔ ہم دعاؤں سے انکار نہیں
کرتے ۔ بلکہ ہمارا تو سب سے بڑھ کر دعاؤں کی قبولیت پر ایمان ہے جبکہ خدا تعالیٰ نے
ادْعُونِي أَسْتَجِبْ لَكُمُ (المؤمن : 61) فرمایا ہے ۔ ہاں یہ سچ ہے کہ خدا تعالیٰ نے نماز کے
بعد دعا کرنا فرض نہیں ٹھہرایا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی التزامی طور پر مسنون نہیں
ہے۔ آپ سے التزام ثابت نہیں ہے ۔ اگر التزام ہوتا اور پھر کوئی ترک کرتا تو یہ معصیت
ہوتی ۔ تقاضائے وقت پر آپ نے خارج نماز میں بھی دعا کر لی اور ہمارا تو یہ ایمان ہے کہ
آپ کا سار کا سارا ہی وقت دعاؤں میں گزرتا تھا ۔ لیکن نماز خاص خز مبینہ دعاؤں کا ہے جو مومن کو
دیا گیا ہے اس لیے اس کا فرض ہے کہ جب تک اس کو درست نہ کرلے اور اس کی طرف توجہ
نہ کرے کیونکہ جب نفل سے فرض جاتا رہے تو فرض کو مقدم کرنا چاہیے ۔ اگر کوئی شخص ذوق
اور حضور قلب کے ساتھ نماز پڑھتا ہے تو پھر خارج نماز میں بے شک دعائیں کرے ہم منع
نہیں کرتے ۔ ہم تقدیم نماز کی چاہتے ہیں اور یہی ہماری غرض ہے۔ مگر لوگ آج کل نماز کی
قدر نہیں کرتے اور یہی وجہ ہے کہ خدا تعالیٰ سے بہت بعد ہو گیا مومن کے لیے نماز معراج
ہے اور وہ اس سے ہی اطمینان قلب پاتا ہے، کیونکہ نماز میں اللہ تعالیٰ کی حمد اور اپنی عبودیت
کا اقرار، استغفار ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود غرض وہ سب امور جو روحانی ترقی کے لیے
ضروری ہیں ۔ موجود ہیں۔ ہمارے دل میں اس کے متعلق بہت سی باتیں ہیں جن کو الفاظ
پورے طور پر ادا نہیں کر سکتے ۔ بعض سمجھ لیتے ہیں اور بعض رہ جاتے ہیں مگر ہمارا کام یہ ہے
کہ ہم تھکتے نہیں ۔ کہتے جاتے ہیں۔ جو سعید ہوتے ہیں اور جن کو فراست دی گئی ہے وہ سمجھ
لیتے ہیں ۔
)12،11 ام 24 اکتوبر 1902ء صفحہ
عربی کی بجائے کسی اور زبان میں نماز پڑھنا درست نہیں
سوال : ایک شخص نے رسالہ لکھا تھا کہ ساری نماز اپنی ہی زبان میں پڑھنی چاہیے۔
جواب از حضرت اقدس : وہ اور طریق ہوگا، جس سے ہم متفق نہیں ۔ قرآن شریف
بابرکت کتاب ہے اور رب جلیل کا کلام ہے۔ اس کو چھوڑ نا نہیں چاہیے۔ ہم نے تو ان لوگوں
کے لیے دعاؤں کے واسطے کہا ہے، جو اُمی ہیں اور پورے طور پر اپنے مقاصد عرض نہیں
کر سکتے ان کو چاہیے ۔ کہ اپنی زبان میں دعا کر لیں ۔ ان لوگوں کی حالت تو یہاں تک پہنچی
ہوئی ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ فتح محمد ایک شخص تھا۔ اس کی بچی بہت بڑھی ہو گئی تھی ۔ اس نے
کلمہ کے معنے پوچھے تو اس کو کیا معلوم تھا کہ کیا ہیں ۔ اس نے بتائے تو اس عورت نے پوچھا
کہ محمد مرد تھا یا عورت تھی ۔ جب اس کو بتایا گیا کہ وہ مرد تھا ، تو وہ حیرت زدہ ہو کر کہنے لگی کہ
پھر کیا میں اتنی عمر تک بیگانے مرد ہی کا نام لیتی رہی؟ یہ حالت مسلمانوں کی ہوگئی ہے۔
الحکم 24 اکتوبر 1902ء صفحہ 12 )