فتنہ و فساد انسان کو اللّٰہ تعالیٰ کے غضب کا مورد بنادیتا ہے

حصہ 2

خطبات ناصر جلد چہارم
۳۵۳
خطبه جمعه ۱۱ راگست ۱۹۷۲ء
انسانی قوتوں اور استعدادوں کے تعطل کی وجہ سے انسان کو گو یا بھوکا مار دیا۔اس کی قوتوں کی
نشوونما میں روک پیدا کر دی۔اس کا جتنا دماغ تھا اس کے مطابق اس کے لئے سامان نہیں پیدا
کئے۔مثلاً ایک غریب آدمی ہے اس کے گھر ایک ذہین بچہ پیدا ہو جاتا ہے۔دسویں تک تو وہ اسے
جوں توں کر کے پڑھاتا ہے مگر پھر اس کی غربت آڑے آتی ہے بچے کو پڑھائی چھوڑنی پڑتی ہے۔اب وہ لڑکا جو مثلاً ڈاکٹر سلام کا ہم پلہ بن سکتا تھا اس کا دماغ اور اس کی ذہانت ضائع ہو جاتی ہے۔وہ کلر کی کی تلاش میں مارا مارا پھرتا ہے۔ہمارے پھوپھا جان حضرت نواب محمد علی خان صاحب
رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک دفعہ دھوبی کے لئے اشتہار دیا تو ایک بی۔اے یا ایم۔اے پاس کی
درخواست آگئی وہ تو خیر پڑھ گیا تھا پھر بھی اس کو ملازمت نہ ملی لیکن کسی بیچارے کو تو مزید پڑھنے کا
موقع ہی نہیں دیا گیا۔پس یہ نسل کشی ہے۔نسل کشی کا صرف یہی مطلب نہیں ہوتا کہ غلط فیملی پلاننگ کی جائے یا
بیٹیوں کو زندہ گاڑ دیا جائے یا انہیں بھوکا رکھ کر مار دیا جائے یا جس طرح بعض ظالم عیسائی بادشاہ کیا
کرتے تھے کہ پہلے وہ عیش کرتے اور پھر نا جائز بچوں کو قتل کر کے تہہ خانوں میں پھنکوا دیتے یہ اور
اس طرح کے ہزاروں ظلم ہیں جو انسان انسان پر کر رہا ہے۔غرض قوتوں اور استعدادوں کا ضیاع
بھی نسل کشی ہے۔اللہ تعالیٰ نے در حقیقت بنیادی طور پر ہمیں دو ہی چیزیں دی ہیں اور یہ ایک ایسی بڑی نعمت ہے
جو نہ ہمارے تصور میں آسکتی ہے اور نہ اس کی وسعتوں کا احاطہ کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی اس پر اللہ تعالیٰ
کا کما حقہ شکر ادا کیا جا سکتا ہے۔ایک تو انسان کے اندر یعنی انسانی فطرت کے اندر جو استعدادیں
پیدا کیں اور ان استعدادوں کی کامل نشو و نما ہے۔تسخیر کائنات کے لئے اور دوسرے انسان کی بہبود
کے لئے تخلیق کا ئنات یعنی اس عالمین کی مادی اشیاء یا ذرائع پیداوار ہیں۔یہ دونوں چیزیں ہیں
یعنی مادی ذرائع پیداوار اور ان سے کما حقہ مستفید ہونے کے لئے۔(۲)۔انسانی قوتیں اور
استعدادیں۔ایک کو قرآن کریم کہتا ہے حرث اور دوسرے کو نسل۔ایک وہ ہے جس کو انسان
تیار کرتا ہے۔پھر اس سے کچھ حاصل کرتا ہے۔بعض دفعہ اچھی نیت سے بعض دفعہ بری نیت سے

خطبات ناصر جلد چہارم
۳۵۴
خطبہ جمعہ ۱۱ راگست ۱۹۷۲ء
بہر حال انسان جس چیز کو تیار کرتا ہے اس سے پیار کرتا ہے۔مثلاً زمین کو تیار کرتا ہے تا کہ اس سے
گندم حاصل کرے، کپاس حاصل کرے وغیرہ وغیرہ۔وہ کارخانوں کو تیار کرتا ہے کارخانے بھی
مادی چیزوں کی تیاری کی جگہ ہیں۔کچھ اینٹیں ہیں، کچھ لوہا ہے، کچھ مشینری ہے۔یہ ساری چیزیں
مل کر کا رخانے کی شکل اختیار کرتی ہیں۔تاکہ انسان اس سے مثلاً کپڑا پیدا کرے یا اس سے کھاد
پیدا کرے یا فولاد پیدا کرے یا اس میں موٹریں بنائے وغیرہ۔اب تو بے شمار قسم کی چیزیں بننے
لگی ہیں۔بے شمار سے مراد یہ ہے کہ ہم ان کو گن نہیں سکتے۔اللہ تعالیٰ کو تو ان سب کا علم ہے۔غرض ایک مادی ذرائع پیداوار اور دوسرے انسانی استعداد یں۔یہ دو بنیادی چیزیں ہیں
جو اللہ تعالیٰ نے انسان کو عطا فرمائی ہیں اور ایک مفسد ان دونوں کی ہلاکت کا موجب بنتا ہے یا
ہلاکت کی کوشش میں مشغول نظر آتا ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ تم مفسد بھی بنو یعنی جو مادی ذرائع
پیداوار ہیں ان
کو تم ہلاک کرو۔ان کو تم ضائع کرو۔دوسرے جو تمہیں استعداد یں دی ہیں ان سے
تم غفلت بر تو اور ان
کی نشو ونما نہ کرو۔ان کا صحیح استعمال نہ کرو اور پھر یہ سمجھو کہ میں تمہارے ان
بداعمال اور مفسدانہ اعمال کا صالحانہ اعمال جیسا نتیجہ نکال دوں گا تو یہ خیال غلط ہے۔ایسا نہیں
ہوگا کیونکہ اللہ تعالیٰ مفسدوں سے پیار نہیں کرتا یعنی جو لوگ حرث اور نسل کو فساد میں مبتلا اور
معرض ہلاکت میں ڈالتے ہیں۔اس کے نتیجہ میں انہیں اللہ تعالیٰ کا پیار تو نہیں ملے گا۔اس کے نتیجہ
میں انہیں اللہ تعالیٰ کا قہر ملے گا۔اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کی جہنم انہیں ملے گی۔اللہ تعالیٰ کا پیار اور اس
کی رضا کی جنتیں تو ان کو نہیں ملیں گی۔اسی واسطے میں نے پچھلے خطبہ میں بتایا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے
سورۃ یونس میں فرمایا ہے۔إِنَّ اللهَ لَا يُصْلِحُ عَمَلَ الْمُفْسِدِينَ (يونس: ۸۲)
مفسد کے عمل کا نتیجہ صلاح نہیں ہو سکتا۔مفسدانہ اعمال کا نتیجہ صالح اعمال جیسا نہیں نکلا
کرتا۔اب اس وقت یوں تو ساری دنیا میں فساد کی وبا پھیلی ہوئی ہے۔امریکہ میں بھی اور
دوسرے ملکوں میں بھی فتنہ وفساد کی آگ مختلف شکلوں میں پھیلی ہوئی ہے لیکن ان ملکوں میں جن
میں ظالم اور مفسد ملکوں کی ریشہ دوانیاں بڑی کثرت سے ہورہی ہیں۔ان میں خصوصاً یہ وبا زیادہ

خطبات ناصر جلد چہارم
۳۵۵
خطبه جمعه ۱۱ راگست ۱۹۷۲ء
ہے۔ہمارا ملک بھی بدقسمتی سے ایسے ہی ممالک میں شامل ہے اور اس سے بھی زیادہ بدقسمتی یہ ہے
کہ ہمارے ملک کی اکثریت کے ہاتھ میں قرآن تو ہے لیکن کوئی بھی اس کو کھول کر پڑھتا نہیں۔پہلے تو اس بیماری کا احساس ہی نہیں اگر کسی کو اس کا احساس ہے تو وہ اس کے علاج کی طرف متوجہ
نہیں۔گو بعض دفعہ بیمار اتنا بے حس ہو جاتا ہے کہ اس کو بیماری کا احساس تک نہیں رہتا لیکن اگر بیماری
کا احساس تو ہومگر اس کے علاج کی طرف کوئی توجہ نہ دی جائے تو یہ اور بھی زیادہ خطر ناک بات ہے۔چنانچہ اسی حقیقت کے متعلق یعنی بیماری کے اس مفہوم سے مجھے ایک بزرگ کی رؤیا یاد
آگئی۔ہمارے ایک بزرگ کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے دعوی سے چند سال قبل
تمثیلی زبان میں مین حرم مکہ میں ایک رؤیا دکھائی گئی۔انہوں نے دیکھا کہ ایک چار پائی ہے اس
پر ایک بیمار لیٹا ہوا ہے اس کے اردگرد بہت سے اطباء جمع ہیں۔وہ اس کے علاج کی کوشش کر رہے
ہیں لیکن بیمار کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔ان کو رویا ہی میں یہ دکھایا گیا کہ چند قدم کے فاصلے پر ایک
شخص بیٹھا ہوا ہے اور خواب ہی میں بتایا گیا کہ اگر یہ شخص توجہ کرے تو بہمارا اچھا ہو جائے گالیکن وہ
شخص تو جہ نہیں کرتا۔اتنے میں ان کی آنکھ کھل گئی۔مگر تعبیر سمجھ نہ آئی۔بڑی پریشانی پیدا ہوئی حج
کر کے واپس آئے اور اپنے ایک بزرگ جن کی انہوں نے بیعت کر رکھی تھی ، ان کو خط لکھا کہ میں
نے خانہ کعبہ میں یہ خواب دیکھا ہے۔مجھے اس کی تعبیر سمجھ نہیں آرہی اور میں بڑا پریشان ہوں۔مجھے اس کی تعبیر بتائیں چنانچہ انہوں نے لکھا کہ تمہاری اس خواب کی تعبیر یہ ہے کہ جو تم نے بیمار
دیکھا ہے وہ اسلام کی آج کی حالت ہے۔جو تم نے اس کے گرد اطباء دیکھے ہیں وہ میرے
تمہارے جیسے طبیب ہیں جن کے علاج سے اسلام کی اس وقت جو بیماری کی حالت ہے اس سے
اس کو آرام نہیں آسکتا اور جو تم نے چند قدم کے فاصلے پر ایک شخص بیٹھا ہوا دیکھا اور تمہیں یہ بتایا
گیا کہ اگر یہ توجہ کرے تو بیمار کو آرام آ سکتا ہے تو وہ مہدی معہود ہے۔تمہیں خواب میں زمانہ
( کیونکہ چند سال کے بعد مہدی معہود علیہ السلام کی بعثت ہوئی ) مکان کی شکل میں دکھایا گیا ہے۔چند قدم کا مطلب یہ ہے کہ چند سالوں کے بعد اس کا ظہور ہوگا۔چنانچہ چند سالوں کے بعدحضرت
مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی بعثت ہوئی۔غرض اس رؤیا کی تعبیر یہ تھی کہ جب مہدی معہود

خطبات ناصر جلد چہارم
۳۵۶
خطبه جمعه ۱۱ اگست ۱۹۷۲ء
آجائیں گے تو اسلام کی بیماری کی کیفیت دور ہو جائے گی۔پس فسادی کے فساد کو دور کرنے کی کوشش وہی آدمی کر سکتا ہے جس کو ایک تو علم ہو کہ فساد
بری چیز ہے۔دوسرے اس کو یہ علم ہو کہ اس کو دور کس طرح کیا جاسکتا ہے۔تیسرے ایسی جماعت
کے ساتھ اس کا تعلق ہو جس کے متعلق یہ پیشگوئی ہو کہ وہ اس بیماری کو دور کرے گی اور اس سے
مراد جماعت احمدیہ کے افراد ہیں اور کوئی ہو ہی نہیں سکتا۔اس لحاظ سے ہماری بڑی ذمہ داری
ہے۔یہ ذمہ داری مجھ پر بھی اور آپ پر بھی۔مردوں پر بھی اور عورتوں پر بھی اور خصوصاً نو جوانوں
پر عاید ہوتی ہے۔یوں تو میری دعا ہے اللہ تعالیٰ جماعت کے ہر فرد کو لمبی زندگی عطا فرمائے لیکن
عام حالات میں چونکہ یہ سمجھا جاتا ہے کہ بڑی عمر والوں کی نسبت نوجوانوں نے زیادہ عرصہ اس
دنیا میں زندہ رہنا ہوتا ہے۔اس لئے احمدی نوجوانوں سے میں خاص طور پر یہ کہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ
نے تم پر کچھ حقوق عاید کئے ہیں۔ان میں تمہارا ایک حق یہ بھی ہے کہ اسلام کہتا ہے کہ نہ صرف
اپنے نفس کے حقوق کو پورا کرو بلکہ دوسروں کے حقوق بھی ادا کرو۔تمہیں اللہ تعالیٰ نے یہ حق عطا
فرمایا ہے کہ تم دنیا کے رہبر اور قائد بنو۔تم دنیا کے معالج اور طبیب بنو۔پھر کیوں تم اپنے ان حقوق
کی طرف توجہ نہیں کرتے اور اپنے ان حقوق کو لینے کی کوشش نہیں کرتے۔میری دعا ہے اللہ تعالیٰ ہم سب کو تو فیق عطا فرمائے کہ ہم صالح بنے رہیں مفسد نہ بنیں ہمیشہ
صلاح کی کوشش کرتے رہیں۔جہاں بھی فساد ہو اس کو دور کرنے کی حتی المقدور کوشش کریں اور
اس کارخیر میں بفضلہ تعالیٰ کامیاب ہوں تا وہ جو آج مظلوم ہے اسے اس کے سب حقوق مل
جائیں۔آمین
روزنامه الفضل ربوه ۱۶ ستمبر ۱۹۷۲ ء صفحه ۱ تا ۸)

آج 10 میں سے 10 باقی