سنجیدگی ، خلوص اور درد کے ساتھ دعائیں کرنے کی ضرورت
خلیج کا بحران, حصہ 2
"
ΔΙ
۹ نومبر ۱۹۹۰ء
أَنْصُرُ أَخَاكَ ظَالِمًا اَوْمَظْلُومًا (بخارى كتاب المظالم والغضب حدیث نمبر : ۲۲۶۳)
جب پوچھا گیا کہ یا رسول اللہ ! مظلوم بھائی کی تو ہم حمایت کریں، ظالم بھائی کی کیسے حمایت کریں؟
آپ نے فرمایا! ظلم سے ان کے ہاتھ روک کر ان کی حمایت کریں۔“
پس جہاں جہاں بھی مسلمان ممالک نے یہ غلط رد عمل دکھایا ہے اور اسلام کے نام پر نہایت ہی
کر یہ حرکات کی ہیں اور ہندوؤں کے مندروں
کو لوٹا یا منہدم کیا ہے ان کے ظلم سے ہاتھ روکنا ہمارا کام
ہے اور یہی ان کی مدد ہے اور جہاں جہاں مظلوم مسلمان غیروں کے ظلم کی چکی میں پیسے جارہے ہیں
وہاں جس حد تک بھی ممکن ہے ان کی مدد کرنا یہ بھی عین اسلام ہے اور اسی کا حکم حضرت اقدس محمد مصطفیٰ
صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے ہمیں فرمایا: اس لئے احمدیوں کو ہر دو محاذ پر جہاد کے لئے تیار ہونا چاہیئے۔وی پی سنگھ کی حق پرستی
سچا رد عمل تو یہ تھا کہ ایسے موقع پر سب سے پہلے تو تمام غیر مذاہب کے عبادت خانوں کی
حفاظت کے لئے تمام مسلمان ممالک تیار ہو جاتے اور ہندوستان کے سابق وزیر اعظم وی۔پی۔سنگھ
سے نصیحت پکڑتے۔وہ ایک عظیم راہنما ہے اگر چہ وہ اب طاقت پر فائز نہیں لیکن انصاف کا تقاضا ہے
کہ ان کی حق پرستی کی تعریف کی جائے۔ہندوستان کی بہت ہی بڑی بدنصیبی ہے، ایک تاریخی بدنصیبی
ہے کہ اتنے عظیم الشان را ہنما کی راہنمائی سے محروم ہو گیا جس کے پیچھے چل کر ہندوستان کی کھوئی ہوئی
ساری عظمتیں مل سکتی تھیں کیونکہ وہ راہنما جو حق پرست ہو اور حق کی خاطر اپنے مفادات کو قربان کرنے کے
لئے تیار ہو، آج کی دنیا میں قوم کو اس سے بہتر کوئی اور لیڈر میسر نہیں آ سکتا۔دوباتیں وی۔پی۔سنگھ صاحب
نے ایسی کیں جن کی وجہ سے میرے دل میں ان کی بہت ہی عزت قائم ہوئی اور محبت قائم ہوئی اور میں دعا
کرتا رہا کہ اللہ کرے کہ دنیا کے دیگر راہنما بھی اس طرح حق پرست بن جائیں۔سب سے پہلے تو لاکھوں اور کروڑوں مظلوم اچھوتوں کے لئے یہ تن تنہا کھڑے ہو گئے اور
اپنی پارٹی کے ان لیڈروں کے اختلاف
کو بھی چیلنج کیا جو ان کے اقتدار کے لئے خطرہ بن سکتے تھے اور
۸۲
۹ نومبر ۱۹۹۰ء
تمام ملک میں یہ قانون رائج کیا کہ وہ اچھوت جو ہزاروں سال سے مظلوم چلے آ رہے ہیں ان کے
حقوق کو قائم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ان کے لئے حکومت میں نوکریوں کے تحفظات دیئے
جائیں اور ایک خاص فیصد مقرر کر دی گئی کہ اتنی فیصد تعداد کی نسبت کے لحاظ سے لازماً اچھوت قوموں
کے لئے حکومت کی ملازمتیں ریزرور کھی جائیں گی۔یہ ایک بہت بڑا قدم تھا اور ایسے ہندوستانی ملک
میں یہ قدم اُٹھا نا جہاں ایک لمبے عرصے سے اونچی ذات کا قبضہ رہا ہو، جہاں ان کا مذہب انہیں کہتا ہو کہ
اونچی ذات کے حقوق زیادہ ہیں اور نچلی ذات کے کوئی بھی حقوق نہیں ، ایک بہت غیر معمولی عظمت کا
مظاہرہ تھا جو بہت کم دنیا کے لیڈروں کو نصیب ہوتی ہے۔پھر یہی نہیں بلکہ جب اس کے خلاف ایک
شور برپا ہوا تو سینہ تان کے اس کا مقابلہ کیا اور کوئی پرواہ نہیں کی کہ اس کے نتیجے میں اقتدار ہاتھ سے
جاتا ہے کہ نہیں۔ابھی یہ شور و غوغا کم نہیں ہوا تھا کہ ان کے خلاف سازشیں کرنے والوں نے بابری مسجد
کے تنازعہ کو زیادہ اُچھالنا شروع کیا اور لاکھوں کروڑوں ہندو اس بات کے لئے تیار ہو گئے کہ وہ بابری
مسجد کی طرف کوچ کریں گے اور اس کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے اور وہاں وہ پرانا تاریخی لحاظ سے
موجود یا غیر موجود جو بھی شکل تھی رام کے مندر کی دوبارہ تعمیر کریں گے۔اتنے بڑے چیلنج کا مقابلہ کرنا
اور ہند وفوج کی اکثریت کو اس بات پر آمادہ کرنا کہ اگر تمہارے ہم مذہب بھی جتھہ درجتھہ یہاں حملہ
کرنے کی کوشش کریں تو ان کو گولیوں سے بھون دو لیکن مسجد کے تقدس اور ہندوستان کے قانون کے
تقدس کی حفاظت کرو۔یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔بلاشبہ بہت سے ہندوان کوششوں میں مارے گئے
اور ہندو فوجیوں کے ہاتھوں مارے گئے ، ہندو پولیس کے ہاتھوں زدوکوب کئے گئے اور اس کے علاوہ
بہت سے زخمی ہوئے ، بہت سے قید ہوئے۔ان کے راہنما کو جو بہت بڑی طاقت کا مالک ہے اور جس
کے اشتراک اور اتحاد کی وجہ سے ان کی حکومت قائم تھی ان کو قید کر دیا گیا۔غرضیکہ یہ جانتے ہوئے کہ
جس شاخ پر میں بیٹھا ہوا ہوں اسی شاخ کو کاٹ رہا ہوں۔بیوقوفی کی وجہ سے نہیں بلکہ بہادری اور
اصول پرستی کی خاطر اس عظیم راہنما نے گرنا منظور کر لیا، خواہ گر کر اس کی سیاسی زندگی کو بھی ہمیشہ کے
لئے خطرہ درپیش تھا لیکن کوئی پرواہ نہیں کی۔
متقیا نہ رد عمل کی ضرورت واہمیت
۸۳
۹ نومبر ۱۹۹۰ء
پس ایسے راہنما جو انصاف کے نام پر کہیں بھی قربانی کے لئے تیار ہوتے ہیں، اسلامی تعلیم
یہ ہے کہ ان کی عظمت کو تسلیم کیا جائے اور ان کی مدد کی جائے کیونکہ وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِ
وَالتَّقْوَى (المائدة :۳) میں کسی مذہب کے نام پر تعاون کا حکم نہیں بلکہ انصاف اور خدا خوفی کے
نام پر تعاون کا حکم ہے۔اچھی باتوں اور خدا خوفی کے نام پر تعاون کا حکم ہے۔بہر حال یہ اب آنے والی
تاریخ بتائے گی کہ ہندوستانی قوم نے کس حد تک ان واقعات سے نصیحت پکڑی ہے اور کس حد تک
وہ اپنے سگوں کو اپنے سوتیلوں سے پہچاننے کی اہلیت رکھتے ہیں یا نہیں رکھتے مگر عالم اسلام کو ان کا
ممنون ہونا چاہئے تھا۔عالم اسلام کو ایسی صورت میں ہندوستان کی حکومت کو بلا وجہ تنقید کا نشانہ بنانے
کی بجائے اچھے کو تقویت دینی چاہئے تھی ، ان کے لئے لازم تھا کہ یہ اعلان کرتے کہ جو ہندوانتہاء
پسند کر رہے ہیں سخت ظلم کر رہے ہیں اور ہم برداشت نہیں کریں گے لیکن ہندوستان کے وہ را ہنما جو
اس ظلم کے خلاف نبرد آزما ہیں اور کمزوری محسوس کرتے ہوئے بھی وہ سینہ تان کر اس کے خلاف
کھڑے ہو گئے ہیں ہم ان کو ہر طرح سے تقویت دینے پر تیار ہیں۔ہر طرح سے ان کی مدد کرنے پر
تیار ہیں۔یہ انصاف کی آواز تھی جو اسلام کی آواز ہے اور جہاں تک دھمکیوں کا تعلق ہے، یہ گیدڑ
بھبھکیوں سے تو کبھی کوئی ڈرا نہیں۔باقاعدہ تمام مسلمان ممالک کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہئے تھا اور
ہندوستانی حکومت کو کوئی ٹھوس پیغام دینا چاہئے تھا۔یہ بتانا چاہئے تھا کہ تمہارے مفادات اتنے گہرے
اور اتنے قیمتی مفادات، اسلامی ممالک سے وابستہ ہیں کہ اگر تم نے بالآخر یہ حرکت ہونے دی تو
تمہارے مفادات کو شدید نقصان پہنچے گا کیونکہ یہ بات انصاف کے خلاف نہیں ہے کہ کسی قوم سے
اقتصادی بائیکاٹ اس لئے کیا جائے کہ اس نے جارحیت کا طریق اختیار کیا ہے۔پس سزا دینے کے
مختلف طریق ہوتے ہیں اور یہ سزا تو دراصل ایک ظلم کو روکنے کے لئے ذریعہ بنی تھی۔صرف ایک کویت
کی چھوٹی سی سرزمین سے جس پر ایک اسلامی ریاست قائم تھی پانچ لاکھ ہندوستانی اپنے اقتصادی
۸۴
۹ نومبر ۱۹۹۰ء
مفادات کو قربان کر کے واپس اپنے وطن جانے پر مجبور ہو گئے۔اب اگر کویت میں پانچ لاکھ جمع تھے تو
آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ سارے عالم اسلام میں کتنے ہندو مفادات اور کتنے ہندوستانی مفادات ہوں
گے اور ہندوستان کی موجودہ اقتصادی حالت کسی قیمت پر یہ برداشت نہیں کرسکتی کہ اتنے بڑے اقتصادی
خطرے کو مول لے۔پھر حکومت جس کی بھی ہو، کسی نام سے آئے وہ اسلامی قدروں کا جائز احترام کرنے
پر مجبور کر دی جاسکتی ہے۔پس یہ جو معقول اور جائز طریق ہیں ان کو چھوڑ کر چند مندرجلا کر اور بھی زیادہ اسلام کو
ذلیل و رسوا کرنا اور یہ ثابت کرنا کہ اس میں کوئی بھی فرق نہیں پڑتا کہ کسی کی عبادت گاہ کو منہدم کرو،
جلا ؤ ، رسوا اور ذلیل کرو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔اگر فرق نہیں پڑتا تو پھر ایک مسجد سے کیا فرق
پڑ جائے گا تو بہر حال یہ جو خطرات ہیں یہ بھی ایسے معاملات ہیں جن میں سوائے اسلامی فکر اور تقویٰ
کے نور کے صحیح فیصلے نہیں ہو سکتے اور عالم اسلام کو چاہئے کہ وہ جاہلانہ جذباتی ردعمل دکھانے کی بجائے
متقیانہ ردعمل دکھائے جس میں طاقت ہو گی، جو مفید ہو گا، جو اسلام کی بدنامی کی بجائے اسلام کی
عظمت کو دنیا میں قائم کرنے کا موجب بنے گا اور اس کے نتیجے میں کوئی فائدہ بھی حاصل ہوگا۔خدا اور اس کے رسول ضرور غالب آئیں گے
جہاں تک پاکستان کی موجودہ حکومت کا تعلق ہے بہت سے احمدی اس خیال میں پریشان
دکھائی دیتے ہیں اور مجھے خطوط بھی ملتے ہیں کہ یہ وہ حکومت ہے جس میں وہ عناصر او پر آگئے ہیں
جو احمدیت کے دشمن تھے اور ہیں لیکن جہاں تک ان لوگوں کا تعلق ہے جو حکومت کے سر براہ ہیں اور
جو اقتدار پر قابض ہوئے ہیں ان کے اور دعاوی ہمارے سامنے آ رہے ہیں لیکن اس سے پہلے کہ
میں اس مضمون کو مختصر بیان کروں، پاکستان کی ذیلی مجالس کے ربوہ میں ہونے والے اجتماعات
سے متعلق تازہ صورتحال سے آپ کو مطلع کرتا ہوں۔تین چار دن پہلے کی بات ہے کہ Fax کے ذریعے اطلاع ملی کہ ہمارے ضلع کا ڈپٹی کمشنر
۸۵
۹ نومبر ۱۹۹۰ء
کوئی غیر معمولی طور پر شریف معلوم ہوتا ہے کیونکہ اس نے ہماری درخواست پر پہلی دفعہ نہ صرف بغیر کسی
تردد کے لجنہ کے اجتماع میں لاؤڈ سپیکر کے استعمال کی اجازت دی بلکہ خدام الاحمدیہ کے اجتماع میں بھی
لاؤڈ سپیکر کے استعمال کی اجازت دے دی جو عجیب بات تھی اور بظاہر انہونی تھی اور انصار اللہ کے
اجتماع میں بھی لاؤڈ سپیکر کے استعمال کی اجازت دے دی تو اس لئے ہم فوری طور پر یہ تیاریاں کر رہے
ہیں۔اس پر مجھے خیال آیا کہ اللہ اس ڈپٹی کمشنر پر رحم کرے، شریف بھی ہے اور سادہ بھی ہے۔نہیں
جانتا کہ کن حالات میں یہ اجازت دے رہا ہے مگر بہر حال یہ بھی کہا جاسکتا تھا کہ شریف بھی ہے اور
بہادر بھی ہے اور خدا کرے یہی بات درست ہو۔بہر حال انہوں نے اجازت دیتے وقت اس خیال کا
بھی اظہار کیا کہ اب اگر کوئی تبدیلی ہو تو میں ذمہ دار نہیں ہوں۔جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ محض
سادگی نہیں تھی بلکہ جانتے تھے کہ اس حکم کو تبدیل کروایا جاسکتا ہے۔چنانچہ علماء فوری طور پر سیکرٹری
وزارت مذہبی امور مرکزیہ سے ملے اور اس نے ان کو تعجب سے کہا کہ ہیں؟ ایک ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو یہ
جرأت کہ احمدیوں کو اپنے اجتماع کے لئے لاؤڈ سپیکر کی اجازت دے دے یہ تو ہو ہی نہیں سکتا، آپ
بھول جائیں اس بات کو ، یہ ناممکن ہے۔چنانچہ دو دن بعد ہی جماعت کو تحریری حکم مل گیا کہ ڈپٹی کمشنر
صاحب معذرت کے ساتھ اطلاع کرتے ہیں کہ ان کو اپنا پہلا اجازت نامہ منسوخ کرنا پڑ رہا ہے اور
اس کے نتیجے میں پہلے لجنہ کا اجتماع، انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ یہ اجتماع منعقد نہ کیا جائے اور پھر یہ فیصلہ
کیا کہ بغیر لاؤڈ سپیکر کے ہی خدام الاحمدیہ کا اجتماع منعقد کیا جائے۔مگر آج ہی Fax ملی ہے کہ دوسرا
حکم نامہ یہ ملا ہے کہ صرف لاؤڈ سپیکر کی اجازت ہی منسوخ نہیں کی جاتی بلکہ اجتماع منعقد کرنے کی
اجازت بھی منسوخ کی جاتی ہے۔اس وجہ سے ربوہ میں بہت ہی بے چینی ہے، تکلیف ہے اور صاف
معلوم ہوتا ہے Fax کے انداز سے ہی کہ احمدی نوجوان جو مقامی ہیں یا باہر سے آئے ہیں، اس وقت
بہت کرب کی حالت میں ہیں۔ان کو میں سمجھانا چاہتا ہوں کہ ہمارے لمبے سفر ہیں۔یہ اس قسم کے جو
واقعات احمدیت کی تاریخ میں ہو رہے ہیں یہ بعض منازل سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ہمارا قیام ان
منازل پر نہیں ہے۔جو قافلے لمبے سفر پر روانہ ہوتے ہیں انہیں رستے میں مختلف قسم کے ڈاکوؤں،
۸۶
۹ نومبر ۱۹۹۰ء
چوروں، اُچکوں ، بھیڑیوں اور دیگر مخلوقات سے خطرات پہنچتے رہتے ہیں اور تکلیف پہنچتی رہتی ہے لیکن
قافلوں کے قدم تو نہیں رُک جایا کرتے۔ان کے گزرتے ہوئے قدموں کی گردان چہروں پر پڑ جاتی
ہے جو ان کے خلاف غوغا آرائی کرتے ہیں اور شور مچاتے ہیں اور کچھ کاٹنے کی بھی کوشش کرتے ہیں
اور تاریخ کی اس گرد میں ڈوب کر وہ ہمیشہ کے لئے نظروں سے غائب ہو جاتے ہیں۔ہاں ان مدفون
جگہوں کے نشانات باقی رہ جاتے ہیں تو آپ تو لمبے سفر والی قوم ہیں۔ایسے لمبے سفر والی قوم ہیں جن کی
آخری منزل قیامت سے ملی ہوئی ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے جب یہ فرمایا کہ مسیح اور قیامت آپس میں ملے
ہوئے ہیں تو بعض علماء نے یہ سمجھا کہ اس کا مطلب ہے کہ مسیح کے آتے ہی قیامت آجائے گی۔بڑی
ہی جہالت والی بات ہے۔مراد یہ تھی کہ مسیح کا زمانہ قیامت تک ممتد ہوگا۔بیچ میں اور کوئی زمانہ نہیں
آئے گا۔حضرت اقدس محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے اپنی مثال بھی قیامت کے ساتھ اسی
طرح دی اور اپنی اور مسیح کی مثال بھی اسی طرح دی کہ ہم دونوں اس طرح اکٹھے ہیں جس طرح
اُنگلیاں جڑی ہوئی ہیں تو یہ مطلب تو نہیں تھا کہ بیچ میں زمانہ کوئی نہیں آتا۔مطلب یہ ہے کہ یہ زمانہ
اس وقت تک ممتد ہوگا اور بیچ میں کوئی روک ایسی نہیں جو اس زمانے کو منقطع کر سکے اور پہلے کو دوسرے
سے کاٹ سکے تو جس قوم کے اتنے لمبے سفر ہیں وہ ایسی چھوٹی چھوٹی باتوں پر تکلیف محسوس کرنے لگے
اور دل چھوڑ نے لگے یہ بات تو کوئی آپ کو زیب نہیں دیتی۔بات یہ ہے کہ اس نئی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا اور ان کے ہاتھ میں اقتدار کی تلوار آئی
تو کئی طرف سے خوف اور خطرہ کا اظہار کیا گیا لیکن اس حکومت کے سربراہوں نے یہ اعلان کیا کہ ہم
شریف نواز لوگ ہیں ، ہم شرافت کو نوازنے والے ہیں اور شرفاء کو ہم سے ہرگز کوئی خطرہ لاحق نہیں۔غالبا ان ہی اعلانات کے اثر میں ایک شریف النفس ڈپٹی کمشنر نے وہ قدم اٹھایا جو اس نے اٹھایا لیکن
دوسری طرف احمدیوں کے کانوں میں ایک اور آواز آرہی ہے اور وہ ملانوں کی آواز ہے۔وہ کہتے
ہیں تم اس آواز سے دھو کہ نہ کھانا، اقتدار کسی کے قبضے میں ہو ظلم اور تعدی کی تلوار ہمارے ہاتھوں میں
۸۷
۹ نومبر ۱۹۹۰ء
ہے اور ہم جب چاہیں جس گردن پر چاہیں یہ تلوار اس پر گرا کر اس کو تن سے جدا کر سکتی ہے تو تم دیکھو کہ
یہ تلوار ہمارے ہاتھوں میں آ گئی ہے۔معلوم ہوتا ہے کہ احمدیوں نے اس آواز کو سنا اور اس کی وجہ سے ان کے دلوں پر کئی قسم
کے اندیشے قبضہ کر گئے، کئی قسم کے توہمات میں وہ مبتلا ہو گئے اور اس وقت ایسی ہی کیفیت دکھائی
دے رہی ہے۔میں ان کو اسی مضمون کی ایک اور بات یاد کرانا چاہتا ہوں جس میں جو کچھ بھی میں نصیحت
کر سکتا تھا اس کا بہترین خلاصہ بیان ہو گیا ہے۔حضرت اقدس محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم
ایک غزوہ کے موقع پر اپنے غلاموں سے بچھڑ کر ا کیلے ایک درخت کے سائے میں آرام فرما رہے
تھے کہ آپ کی آنکھ ایک للکار کی آواز سے کھلی۔ایک دشمن مسلمانوں سے نظر بچا کر آپ تک پہنچا اور
آپ ہی کی تلوار اٹھا کر اس نے آپ کے سر پر سونتی اور کہا کہ اے
محمد ! بتا اب تجھے میرے ہاتھوں
سے اور میری اس تلوار سے کون بچا سکتا ہے۔حضرت اقدس محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم
اسی طرح اطمینان سے لیٹے رہے اور فرمایا: میر اخدا۔( ترندی کتاب صفۃ القیامه حدیث نمبر: ۲۴۴۱)
کتنی عظیم بات ہے۔تمام دنیا میں قیامت تک مومنوں پر آنے والے ابتلاؤں کا ایک ہی
جواب ہے جو حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے اس وقت اس ظالم کو دیا اور ہمیشہ
ہر مؤمن ہر ظالم کو یہی جواب دیتا رہے گا اور اگر یہ جواب نہیں دے گا تو اس کے بچنے کی کوئی
ضمانت دنیا میں نہیں ہے۔پس تم یہ نہ دیکھو کہ آج تلوار کس کے ہاتھ میں ہے تم یہ دیکھو کہ وہ ہاتھ
کس خدا کے قبضے میں ہے۔وہ باز و کس قدرت کے تابع ہیں جنہوں نے آج تمہارے سر کے اوپر
ایک تلوار سونتی ہوئی ہے۔یہ سمجھتے ہیں کہ یہ تلوار پہلے گرے گی مگر ہمارا خدا جانتا ہے اور وہ گواہ ہے کہ
تلوار گرانے والوں پر اس کے غضب کی بجلی پہلے نازل ہوگی اور وہ ہاتھ شل کر دیئے جائیں گے جو
احمدیت کو دنیا سے مٹانے کے لئے آج اٹھے ہیں یا کل اٹھائے جائیں گے۔اس تقدیر کو دنیا کی کوئی
طاقت تبدیل نہیں کر سکتی۔گزند پہنچیں گے، تکلیفیں پہنچیں گی۔قرآن فرماتا ہے کہ ایسا ہو گا۔روحانی اور جذباتی
۸۸
۹ نومبر ۱۹۹۰ء
طور پر تم کئی قسم کی اذیتیں پاؤ گے لیکن اگر تم ثابت قدم رہو اور اگر محمد رسول اللہصلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم
کے جواب پر ہمیشہ پوری وفا اور توکل کے ساتھ چمٹے رہو کہ اسے تلوار اٹھانے والے دشمن ! جس
طرح کل میرے خدا نے خدا والوں کو تیری تلوار سے نجات بخشی تھی اور اپنی حفاظت میں رکھا تھا،
آج بھی وہی زندہ خدا ہے۔اسی کی جبروت کی قسم کھا کر ہم کہتے ہیں کہ وہی خدا آج ہمیں تمہارے
ظلم و ستم سے بچائے گا۔پس آپ کو اگر ان دعاوی سے تکلیف ہے تو مجھے ان احمدیوں کے اس رد عمل سے تکلیف پہنچی
ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ نعوذ بالله من ذلك یہ تلوار اب ان ہاتھوں میں آئی ہے کہ جو ضرور
احمدیت کا سرکاٹ کے رہیں گے۔خدا کی قسم ایسا نہیں ہوگا۔ہمیشہ ان ظالموں کی مخالفت نے
احمدیت کی ترقی کے سامان پیدا کئے ہیں، نئے راستے کھولے ہیں۔گزشتہ ابتلاؤں میں ضیاء کے
گیارہ سال اس طرح کئے کہ ہرلمحہ اس کی چھاتی پر سانپ لوٹتے رہے مگر احمدیت کی ترقی کو وہ دنیا میں
روک نہیں سکا اور آخر انتہائی ذلت کے ساتھ نامراد اور نا کام اس دنیا سے رخصت ہوا۔پس تلواروں
کے بدلنے سے تمہارے ایمان کیسے بدل سکتے ہیں۔اپنے ایمانوں کی حفاظت کرو اور ثابت قدمی
دکھاؤ اور اللہ پر توکل رکھو اور یقین کرو کہ وہ خدا جس نے یہ وعدہ کیا ہے کہ میں اور میرے رسول
ضرور غالب رہیں گے وہ خدا اور اس کے رسول ضرور غالب رہیں گے اور ضرور غالب رہیں گے
اور ضرور غالب رہیں گے۔انشاء اللہ تعالیٰ