کتاب 5: سردارِ دوجہاں حضرت خاتم النبیین محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم
حدیقۃ الصالحین, حصہ 3
حدیقۃ الصالحین 2035
زہری سے مروی ہے کہ حضرت علی بن حسین (امام زین العابدین) رضی اللہ عنہما نے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت صفیہؓ نے انہیں خبر دی کہ وہ رسول اللہ ﷺ کی ملاقات کی غرض سے آپؐ کے پاس آئیں۔ آپؐ اُس وقت مسجد میں اعتکاف فرما تھے، جو رمضان کے آخری عشرہ میں تھا۔ بی بی صفیہؓ نے کچھ وقت آپؐ کے پاس بیٹھ کر کچھ باتیں کیں۔ پھر جب اُٹھ کر واپس جانے لگیں تو نبی ﷺ بھی اُن کو گھر تک پہنچانے کے لئے کھڑے ہوگئے۔ جب حضرت صفیہؓ مسجد کے دروزے پر اُس جگہ پہنچیں جہاں حضرت امّ سلمہؓ کا دروازہ ہے تو انصار میں سے دو شخص گزرے۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو السلام علیکم کہا نبی ﷺ نے اُن دونوں سے فرمایا ذرا ٹھہر جائیں۔ یہ صفیہؓ بنت حيّ ہیں تو اُن دونوں نے کہا سبحان اللہ یا رسول اللہ! اور اُن دونوں پر شاق گزرا۔ نبی ﷺ نے فرمایا شیطان انسان میں وہاں تک پہنچتا ہے جہاں خون پہنچتا ہے اور مجھے اندیشہ ہوا کہ مبادا تمہارے دِلوں میں کوئی بات ڈال دے۔
حدیقۃ الصالحین 4027
آنحضرت ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت صفیہؓ بنت حیی فرماتی ہیں نبی ﷺ اعتکاف میں تھے۔ میں رات کے وقت آپؐ سے ملنے آئی۔ آپؐ سے باتیں کیں۔ پھر واپس جانے کے لئے اٹھی۔ آپؐ بھی میرے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے تا مجھے واپس چھوڑ آئیں اور ان کا گھر اسامہؓ بن زید کے محلہ میں تھا۔ دو انصاری شخص گذرے اور جب انہوں نے نبی ﷺ کو دیکھا تو جلدی جلدی چلنے لگے۔ نبی ﷺ نے فرمایا رُکو! یہ صفیہؓ بنتِ حیی ہیں۔ ان دونوں نے کہا سبحان اللہ، یا رسول ﷺ اللہ! آپؐ نے فرمایا شیطان انسان میں خون کی طرح گردش کرتا ہے اور میں ڈرا کہ وہ تم دونوں کے دل میں کچھ شر نہ ڈال دے۔
حدیقۃ الصالحین 4282
حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے کبھی کسی کو اپنے ہاتھ سے نہیں مارا۔ نہ کسی عورت کو، نہ کسی خادم کو سوائے اس کے کہ آپ ؐ اللہ کی راہ میں جہاد کر رہے ہوں۔ نہ ہی کوئی تکلیف پہنچنے پر آپ ؐ نے کبھی اس کے پہنچانے والے سے کوئی انتقام لیا۔ ہاں مگر اللہ کی محرمات کی بے حرمتی کی جاتی تو آپ ؐ اللہ عزوجل کی خاطر انتقام لیتے۔
حدیقۃ الصالحین 4280
نبی ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہ ؓ بیان فرماتی ہیں کہ جب بھی رسول اللہ ﷺ کو دو باتوں میں سے ایک کا اختیار دیا گیا تو آپ ؐ نے ان دونوں میں سے آسان کو اختیار فرمایا جب تک وہ گناہ نہ ہوتا اور اگر وہ گناہ ہوتا تو آپ ؐ سب لوگوں سے زیادہ اس سے دور تھے اور رسول اللہ ﷺ نے اپنی ذات کے لئے کبھی انتقام نہیں نہ لیا۔ ہاں مگر جب اللہ عزوجل کی حرمت کی ہتک کی جاتی۔
حدیقۃ الصالحین 2024
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ جب رمضان کا آخری عشرہ شروع ہوتا تو نبی ﷺ اپنی کمر کس لیتے اور رات بھر جاگتے رہتے اور اپنے گھر والوں کو بھی جگاتے۔
حدیقۃ الصالحین 1994
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں جب (آخری) عشرہ آتا تو رسول اللہ ﷺ راتوں کو زندہ کرتے اور اپنے گھر والوں کو بیدار کرتے اور خوب مجاہدہ فرماتے اور کمر کس لیتے۔
حدیقۃ الصالحین 4252
حضرت انس بن مالک ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ سب لوگوں سے زیادہ حسین تھے اور سب لوگوں سے زیادہ سخی تھے۔ سب لوگوں سے زیادہ بہادر تھے اور ایک رات اہلِ مدینہ نے خطرہ محسوس کیا کچھ لوگ اس آواز کی طرف گئے تو رسول اللہ ﷺ انہیں واپس آتے ہوئے ملے۔ آپؐ آواز کی طرف ان سے پہلے چلے گئے تھے اور آپؐ ابو طلحہؓ کے گھوڑے پر بغیر زین کے سوار تھے اور آپؐ کے گلے میں تلوار تھی اور آپؐ فرما رہے تھے گھبرا نے کی کوئی بات نہیں، گھبرا نے کی کوئی بات نہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ہم نے اس (گھوڑے) کو سمندر پایا ہے یا فرمایا یہ سمندر ہے۔ راوی کہتے ہیں حالانکہ وہ گھوڑا بہت سُست ہوا کرتا تھا۔
حدیقۃ الصالحین 2820
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ سب لوگوں سے زیادہ خوبصورت اور سب سے بہادر اور سب لوگوں سے زیادہ سخی تھے۔ ایک بار ایسا ہوا کہ اہل مدینہ گھبرا اٹھے تو نبی ﷺ گھوڑے پر سوار ہو کر ان سب سے آگے گئے اور آپؐ نے فرمایا ہم نے اس گھوڑے کو ٹھاٹیں مارتا ہوا دریا پایا۔
حدیقۃ الصالحین 2908
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ لوگوں میں سب سے زیادہ خوبصورت تھے اور لوگوں میں سب سے زیادہ بہادر تھے۔ مدینہ والے ایک رات یکایک گھبرا گئے اور آواز کی طرف چل پڑے تو نبی ﷺ ان کو سامنے سے آتے ہوئے ملے۔ آپؐ بات کی تحقیق کر چکے تھے۔ آپؐ حضرت ابو طلحہؓ کے ایک گھوڑے پر سوار تھے۔ جس کی پیٹھ ننگی تھی۔ تلوار آپ کے گلے میں حمائل تھی۔ اور آپؐ کہہ رہے تھے ڈرو نہیں ڈرو نہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا ہم نے اس گھوڑے کو دریا پایا یا فرمایا وہ تو ایک دریا ہے۔
حدیقۃ الصالحین 3040
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا رسول اللہ ﷺ سب لوگوں سے زیادہ خوبصورت سب لوگوں سے زیادہ سخی اور سب لوگوں سے زیادہ بہادر تھے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے ایک رات مدینہ والے یکایک گھبرا گئے۔ انہوں نے کوئی آواز سنی تھی۔ کہتے تھے وہ باہر گئے تو نبی ﷺ ان سامنے سے آتے ہوئے ملے۔ آپؐ حضرت ابو طلحہؓ کے گھوڑے کی ننگی پیٹھ پر سوار تھے اور تلوار لٹکائی ہوئی تھی۔ آپؐ نے فرمایا ڈرو نہیں ڈرو نہیں۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میں نے اس گھوڑے کو دریا پایا ہے۔
حدیقۃ الصالحین 5228
حضرت ابو قتادہؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک سفر میں وہ نبیﷺ کے ہمراہ تھے۔ لوگ پیاس کی شدت کی وجہ سے حضورﷺ سے آگے نکل گئے (تاکہ پانی والی جگہ پر جلد پہنچ جائیں) اور میں رسول اللہﷺ (کی حفاظت کی غرض سے اس رات حضورﷺ) کے ساتھ ساتھ رہا۔ اس پر حضورﷺ نے مجھے دعا دی اور فرمایا اللہ تعالیٰ تمہاری حفاظت کرے جس طرح تم نے اس کے نبی کی حفاظت کی ہے۔
حدیقۃ الصالحین 3046
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ رات کے وقت نبی ﷺ کی حفاظت کی غرض سے پہرہ لگا کرتا تھا۔ یہاں تک کہ یہ آیت وَاللَّهُ يَعْصِمُكَ مِنَ النَّاسِ نازل ہوئی کہ اللہ تعالیٰ لوگوں کے (برے ارادوں سے) تمہیں محفوظ رکھے گا تو رسول اللہ ﷺ نے اس رات خیمہ سے باہر جھانکا اور فرمایا اب تم لوگ جا سکتے ہو کیونکہ اللہ تعالیٰ نے خود میری حفاظت کی ذمہ داری لے لی ہے۔
حدیقۃ الصالحین 3310
حضرت عباس ؓ بیان کرتے ہیں کہ میں حنین کے دن رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھا۔ میں اور ابو سفیان بن حارث بن عبد المطلب رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ساتھ رہے اور آپ ؐ سے علیحدہ نہ ہوئے۔ رسول اللہ ﷺ اپنی سفید خچر پر جو آپ ؐ کو فروہ بن نفاثہ جذامی نے تحفہ دیا تھا سوار تھے جب مسلمانوں اور کفار کی مٹھ بھیڑ ہوئی تو مسلمانوں نے پیٹھ پھیر لی۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنی خچر کو کفار کی طرف تیزی سے برابر بڑھاتے رہے۔ حضرت عباسؓ کہتے ہیں۔ میں رسول اللہ ﷺ کی خچر کی لگام پکڑے ہوئے اسے تیز چلنے سے روک رہا تھا اور ابو سفیانؓ رسول اللہ ﷺ کی رکاب پکڑے ہوئے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اے عباس اصحابِ سمرہ کو بلاؤ۔ عباسؓ کہتے ہیں ـــ اور وہ بلند آواز آدمی تھے ـــ میں نے بلند آواز سے کہا اصحابِ سمرہ کہاں ہیں ؟ وہ کہتے ہیں اللہ کی قسم ! جب انہوں نے میری آواز سنی تو گویا ان کا لوٹنا ایسے تھا جیسے گائے اپنے بچوں کی طرف (شفقت کی وجہ سے) جاتی ہے۔ انہوں نے کہا لبیک لبیک پھر وہ کفار سے لڑے اور انصار کو یہ کہتے ہوئے بلایا! اے گروہِ انصار! وہ کہتے ہیں پھر یہ پکار، بنی حارث بن خزرج پر جا ٹھہری اور انہوں نے کہا اے بنی حارث بن خزرج! اے بنی حارث بن خزرج! رسول اللہ ﷺ نے گردن اُٹھا کر ان کی جنگ کا نظارہ کیا اور آپ ؐ اپنی خچر پر سوار تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا یہ تنور کے جوش زن ہونے کا وقت ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے کنکر پکڑے اور انہیں کفار کے چہروں کی طرف پھینکا۔ پھر فرمایا محمد ﷺ کے رب کی قسم! انہوں نے شکست کھائی۔ (حضرت عباسؓ) کہتے ہیں میں دیکھنے لگا تو لڑائی ویسے ہی ہو رہی تھی جیسے مَیں دیکھتا تھا۔ وہ کہتے ہیں اللہ کی قسم! جونہی آپ ؐ نے کنکریاں پھینکیں تو مَیں نے دیکھا کہ ان کی تیزی ماند پڑنے لگی اور ان کا معاملہ الٹنے لگا۔
حدیقۃ الصالحین 1427
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ ضماد مکہ آیا وہ شنوء ہ (قبیلہ کی شاخ) ازد سے تھا وہ اس ریح (وغیرہ) کا دم کیا کرتا تھا اس نے مکہ کے بے وقوفوں کو یہ کہتے سن لیا تھا کہ محمد ﷺ مجنون ہے۔ اس نے کہا اگر میں اس شخص کو دیکھوں تو شاید اللہ اسے میرے ہاتھ پر شفاء دے دے۔ راوی کہتے ہیں وہ آپؐ سے ملا اور کہا اے محمدﷺ! میں اس قسم کی بیماری کا علاج کرتا ہوں اور اللہ جسے چاہتا ہے میرے ہاتھ پر شفاء دیتا ہے۔ کیا میں آپ کا علاج کروں؟ اس پہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ،، تمام تعریفیں اللہ ہی کے لئے ہیں ہم اسی کی تعریف کرتے ہیں اور اسی سے مدد چاہتے ہیں جسے اللہ ہدایت دے اسے کوئی گمراہ کرنے والا نہیں اور جسے وہ گمراہ قرار دے اسے کوئی ہدایت دینے والا نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں وہ واحد ہے اور اس کا کوئی شریک نہیں محمدﷺ اس کے بندہ اور رسول ہیں۔ راوی کہتے ہیں اس نے کہا کہ آپ اپنے یہ کلمات میرے لئے دوبارہ پڑھیں۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے اس کے سامنے تین دفعہ یہ کلمات دہرائے۔ راوی کہتے ہیں اس نے کہا کہ میں نے کاہنوں کی باتیں، جادوگروں کا کلام اور شعراء کا کلام بھی سنا ہے لیکن میں نے آپؐ کے ان کلمات جیسے کبھی نہیں سنے۔ یہ (کلمات) سمندر کی گہرائی تک پہنچتے ہیں۔ راوی کہتے ہیں پھر اس نے کہا آپؐ اپنا ہاتھ لائیے میں اسلام پر آپ کی بیعت کروں گا۔ راوی کہتے ہیں پھر اس نے آپؐ کی بیعت کی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اور اپنی قوم پر بھی (اسلام کو مقدم کرو گے؟) اُس نے کہا اپنی قوم پر بھی۔ راوی کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک مہم بھیجی۔ وہ اس کی قوم کے پاس سے گذرے۔ مہم کے نگران نے اپنے لشکر سے کہا کیا تم نے ان سے کوئی چیز لی ہے؟ لوگوں میں سے ایک نے کہا کہ میں نے ان سے ایک وضو کرنے کا برتن لیا ہے انہوں نے کہا اسے واپس کر دو کیونکہ یہ لوگ ضماد کی قوم ہیں۔
حدیقۃ الصالحین 4553
عبید اللہ بن عبد اللہ بن عتبہ کہتے ہیں کہ حضرت ابن عباسؓ مجھ سے بیان کرتے ہیں۔ ابوسفیان نے میرے روبرو بات کرتے ہوئے کہا میں اس میعادی صلح کے دوران میں جو میرے اور رسول اللہ ﷺ کے درمیان تھی چلا گیا کہا اس اثناء میں کہ میں شام میں تھا کہ نبی ﷺ کا ایک خط ہرقل کے پاس لایا گیا کہا اور دحیہ کلبی وہ خط لایا اور اس نے بصرہ کے سردار کے سپرد کیا اور بصریٰ کے سردار نے ہرقل کو پہنچا دیا۔ ہرقل نے پوچھا کہ کیا اس شخص کی قوم میں سے کوئی یہاں ہے جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے؟ لوگوں نے کہا ہاں۔ ابوسفیان نے کہا چنانچہ قریش کے چند لوگوں سمیت مجھے بلایا گیا اور ہم ہرقل کے سامنے پیش ہوئے اور اس کے سامنے بٹھائے گئے۔ ہرقل نے پوچھا تم میں سے کون رشتہ دار ہیں اس شخص سے زیادہ قریب جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے؟ ابوسفیان نے کہا میں ہوں۔ تب انہوں نے مجھے اس کے سامنے بٹھایا اور میرے ساتھیوں کو میرے پیچھے بٹھایا پھر اس نے اپنے ترجمان کو بلایا اور اس سے کہا ان لوگوں سے کہو کہ میں اس سے اس شخص کے متعلق جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے پوچھنے لگا ہوں اگر اس نے مجھ سے جھوٹ کہا تو تم اس کو جھٹلا دینا۔ ابوسفیان کہتے تھے اور اللہ کی قسم کہ اگر یہ خیال نہ ہوتا کہ میرے ساتھی میرے برخلاف کہہ دیں گے تو میں ضرور جھوٹ بولتا۔ پھر اس نے اپنے ترجمان سے کہا اس سے پوچھ تم میں اس کا خاندان کیسا ہے؟ کہتے تھے۔ میں نے کہا وہ ہم میں خاندانی ہے۔ ہرقل نے پوچھا کیا اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ بھی ہوا ہے؟ کہتے تھے۔ میں نے کہا نہیں۔ پوچھا۔ تو کیا پیشتر اس کے کہ وہ دعویٰ کرتا جو اس نے کیا تم اس پر جھوٹ کا الزام لگاتے تھے؟ میں نے کہا نہیں۔ کہنے لگا کیا لوگوں میں سے بڑے بڑے اس کی پیروی کرتے ہیں یا ان میں سے کمزور؟ میں نے کہا بلکہ ان میں سے کمزور۔ پوچھا کیا وہ بڑھ رہے ہیں یا گھٹ رہے ہیں؟ میں نے کہا نہیں بلکہ بڑھ رہے ہیں۔ اس نے پوچھا کیا ان میں سے کوئی اپنے دین سے اس میں داخل ہونے کے بعد دین سے نفرت کرنے کی وجہ سے مرتد بھی ہوتا ہے؟ میں نے کہا نہیں۔ اس نے پوچھا کیا تم نے اس سے جنگ بھی کی؟ میں نے کہا ہاں۔ اس نے پوچھا۔ پھر اس سے تمہاری لڑائی کیسی رہی؟ میں نے کہا لڑائی ہمارے اور اس کے درمیان ڈول کی طرح۔ کبھی وہ ہم کو نقصان پہنچاتا ہے کبھی ہم اس کو پہنچاتے ہیں۔ اس نے پوچھا۔ کیا وہ عہد شکنی بھی کرتا ہے؟ میں نے کہا نہیں اور اب ہم اس کی طرف سے ایک میعادی صلح میں ہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ اس میں وہ کیا کچھ کرنے والا ہے اور ابوسفیان کہتے تھے۔ اللہ کی قسم کسی بات نے موقعہ نہیں دیا کہ اس میں اپنی طرف سے کچھ کہوں سوائے اس بات کے۔ اس نے پوچھا۔ کیا کسی نے اس سے پہلے یہ دعویٰ کیا ہے؟ میں نے کہا نہیں۔ پھر اس کے بعد اس نے اپنے ترجمان سے کہا اس سے کہو کہ میں نے تم سے اس کے خاندان سے متعلق پوچھا تھا کہ وہ تم میں کیسا ہے؟ تو تم نے کہا ہے کہ وہ ہم میں خاندانی ہے اور رسول بھی اس طرح اپنی قوم کے شریف خاندانوں ہی میں سے ہوتے ہیں اور میں نے تم سے پوچھا۔ کیا اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ بھی ہوا ہے؟ تو تم نے کہا نہیں۔ میں نے خیال کیا اگر اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ ہوا ہو تو میں سمجھتا کہ ایک ایسا شخص ہے جو اپنے باپ دادوں کی بادشاہت کا خواہاں ہے اور میں نے تم سے اس کے پیروؤں کی بابت پوچھا تھا کیا وہ لوگوں میں سے کمزور ہیں یا ان میں سے بڑے بڑے لوگ؟ تو تم نے کہا نہیں ان میں کمزور اور یہی لوگ رسول کے پیرو ہوتے ہیں اور میں نے تم سے پوچھا۔ کیا جو اس نے دعویٰ کیا ہے اس دعویٰ کرنے سے پہلے تم اس کو جھوٹ سے متہم کرتے تھے؟ تم نے کہا نہیں۔ میں اس سے سمجھ گیا کہ وہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ لوگوں پر تو جھوٹ ترک کرے اور اللہ پر جھوٹ باندھنے لگے اور میں نے تم سے پوچھا۔ کیا ان میں سے کوئی اپنے دین سے اس میں داخل ہونے کے بعد اس دین سے نفرت کرنے کی وجہ سے مرتد بھی ہوتا ہے؟ تم نے کہا نہیں اور ایمان کی یہی حالت ہوتی ہے جب وہ دلوں میں بشاشت سے سما جاتا ہے اور میں نے تم سے پوچھا تھا۔ کیا وہ بڑھ رہے ہیں یا گھٹ رہے ہیں؟ تو تم نے کہا بڑھ رہے ہیں اور ایمان کا یہی حال ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ کمال کو پہنچ جائے اور میں نے تم سے پوچھا تھا۔ کیا تم نے کبھی اس سے لڑائی بھی کی؟ تم نے کہا کہ ہم نے اس سے جنگ کی اور جنگ تمہارے اور اس کے درمیان ڈول کی طرح ہے۔ کبھی وہ تم کو نقصان پہنچاتا ہے اور کبھی تم اس کو نقصان پہنچاتے ہو اور رسولوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے مگر آخر انجام انہی کا ہوتا ہے اور پھر میں نے تم سے پوچھا۔ کیا وہ عہد شکنی کرتا ہے؟ تم نے کہا نہیں۔ اس طرح رسولوں کا حال ہوتا ہے کہ وہ عہد شکنی نہیں کرتے اور میں نے تم سے پوچھا۔ کیا اس سے پہلے کسی نے یہ دعویٰ کیا؟ تم نے کہا نہیں۔ میں نے خیال کیا کہ اگر اس سے پہلے کوئی یہ دعویٰ کرتا تو میں سمجھتا ایک شخص ہے کہ جس نے ایسی بات کی تقلید کی ہے جو اس سے پہلے بھی کہی گئی۔ ابوسفیان کہتے تھے۔ اس کے بعد اس نے پوچھا۔ کس بات کا تمہیں حکم دیتا ہے؟ میں نے کہا نماز پڑھنے اور زکوٰۃ دینے اور صلہ رحمی کرنے اور بدیوں سے بچنے کا حکم کرتا ہے۔ ہرقل کہنے لگا۔ جو کچھ تم نے اس کے بارے میں کہا ہے اگر یہ سچ ہے تو یقیناً وہ نبی ہے اور میں جانتا تھا کہ وہ آنے والا ہے، مگر میں یہ خیال نہیں کرتا تھا کہ وہ تم میں سے ہوگا اور اگر میں جانتا کہ میں اس تک اس کے پاس صحیح سالم پہنچ جاؤں گا تو میں ضرور اس کی ملاقات پسند کرتا اور اگر میں اس کے پاس ہوتا تو میں اس کے پاؤں کی میل دھوتا اور ضرور ضرور اس کی بادشاہت اس زمین تک پہنچ جائے گی جو میرے پاؤں کے نیچے ہے۔ ابوسفیان کہتے تھے۔ پھر اس نے رسول اللہ ﷺ کا خط منگایا اور اس کو پڑھا۔ تو اس میں یہ مضمون تھا۔ بسم اللہ الرحمن الرحیم، محمد ﷺ کی طرف سے جو اللہ کا رسول ہے۔ ہرقل کی طرف جو رومیوں کا سردار ہے۔ جس نے ہدایت (صحیح راستے) کی پیروی کی۔ اس پر سلامتی ہو۔ اما بعد میں تم کو اسلام کی دعوت دیتا ہوں۔ اسلام قبول کرلو سلامتی میں رہو گے اور اسلام قبول کرو۔ اللہ تمہیں تمہارا اجر دے گا۔ دو مرتبہ۔ اگر تم نے منہ پھیر لیا تو یاد رکھو رعایا کا وبال بھی تم پر پڑے گا اور اے اہل کتاب تم اس بات کی طرف آؤ۔ جو ہمارے اور تمہارے درمیان مشترکہ ہے کہ ہم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں۔ اشهدوا بانا مسلمون تک۔ جب ہرقل اس خط کے پڑھنے سے فارغ ہوا تو اس کے پاس آوازیں بلند ہوئیں اور شور بہت ہوا اور ہمارے متعلق حکم دیا گیا اور ہم نکال دئیے گئے۔ ابوسفیان کہتے تھے۔ جب ہم نکلے میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا ابو کبشہ کے بیٹے کی تو دھاک بندھ گئی ہے۔ اس سے تو اب بنو اصفر کا بادشاہ بھی ڈرتا ہے۔ میں اس وقت سے رسول اللہ کے سلسلے کی نسبت یقین کئے رہا کہ وہ ضرور غالب ہوگا۔ یہاں تک کہ یہ دن آیا اللہ نے مجھ کو اسلام میں داخل کیا۔ زہری کہتے تھے۔ ہرقل نے رومیوں کے بڑے بڑے سرداروں کو بلایا۔ ان کو اپنے ایک محل میں جمع کیا اور کہنے لگا۔ رومی لوگو! کیا تمہیں کامیابی اور سیدھے راستے پر رہنے کی خواہش ہے اور یہ کہ تمہاری بادشاہت قائم رہے۔ یہ سن کر وہ جنگلی گدھوں کی طرح دروازوں کی طرف بھاگے۔ مگر انہوں نے ان کو بند پایا۔ ہرقل نے کہا ان کو میرے پاس لے آؤ۔ ان کو بلایا اور کہنے لگا۔ میں نے تو صرف یہ آزمایا تھا کہ تم اپنے دین پر مضبوط بھی ہو۔ سو میں نے تم سے یہ بات دیکھ لی ہے جو میں چاہتا تھا۔ یہ سن کر انہوں نے اس کے سامنے سجدہ کیا اور اس سے خوش ہوگئے۔
حدیقۃ الصالحین 3905
نبی ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ جب سے میں نے اپنے ماں باپ کے متعلق ہوش سنبھالی ہے وہ اس دین کے پابند تھے اور ہم پر کوئی بھی دن نہ گزرتا تھا کہ جس میں ہمارے پاس رسول اللہ ﷺ دونوں وقت صبح اور شام نہ آتے ہوں۔ جب مسلمانوں کو تکالیف کا سامنا ہوا۔ حضرت ابوبکرؓ حبشہ کے ملک کی طرف ہجرت کی نیت سے نکلے۔ جب برک الغماد میں پہنچے تو انہیں ابن الدغنہ ملا اور وہ قارہ قبیلہ کا سردار تھا۔ اس نے پوچھا ابوبکرؓ کہاں کا ارادہ ہے؟ حضرت ابوبکرؓ نے کہا میری قوم نے مجھے نکال دیا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ زمین میں سیر کروں اور اپنے رب کی عبادت کروں۔ ابن الدغنہ نے کہا اے ابوبکرؓ! تمہارے جیسے بہترین شخص کو ملک سے نہیں جانا چاہیے اور نہ اسے نکالا جانا چاہیے۔ تم تو نادار کو کما کر دیتے ہو، صلہ رحمی کرتے ہو، عاجز کو سہارا دیتے ہو، مہمان نوازی کرتے ہو اور پیش آمدہ ضرورتوں میں مدد دیتے ہو۔ میں تمہاری پناہ ہوں گا۔ واپس جاؤ اور اپنے شہر میں ہی اپنے ربّ کی عبادت کرو۔ چنانچہ حضرت ابوبکرؓ لوٹ آئے اور ابن الدغنہ نے بھی ان کے ساتھ ہی کوچ کیا۔ پھر ابن الدغنہ نے شام کے وقت قریش کے بڑے بڑے لوگوں میں چکر لگایا اور ان سے کہا ابوبکرؓ جیسے بہترین شخص کو ملک سے نہیں جانا چاہیے اور نہ اس کو نکالا جانا چاہیے۔ کیا تم اس شخص کو نکالتے ہو جو نادار کو کما کر دیتا ہے، صلہ رحمی کرتا ہے، عاجز کو سہارا دیتا ہے، مہمان نوازی کرتا ہے اور پیش آمدہ ضرورتوں میں مدد دیتا ہے۔ چنانچہ قریش نے ابن الدغنہ کی پناہ ردّ نہیں کی اور انہوں نے ابن الدغنہ سے کہا ابوبکرؓ سے کہو کہ اپنی چاردیواری میں ہی اپنے ربّ کی عبادت کرے۔ اسی میں نماز ادا کرے اور اسی میں جو چاہے پڑھے اور ہمیں اس سے تکلیف نہ دے اور نہ اس کا اعلان کرے۔ کیونکہ ہم ڈرتے ہیں کہ کہیں وہ ہماری عورتوں اور لڑکوں کو بہکا نہ دے۔ چنانچہ ابن الدغنہ نے حضرت ابوبکرؓ سے یہ کہہ دیا اور حضرت ابوبکرؓ بھی اس پر قائم رہے۔ وہ اپنی چاردیواری کے اندر ہی اپنے ربّ کی عبادت کرتے تھے اور اپنی نماز اعلانیہ طور پر ادا نہ کرتے تھے اور نہ ہی اپنی چاردیواری کے سوا کسی اور جگہ قرآن مجید پڑھتے۔ پھر اس کے بعد حضرت ابوبکرؓ کو خیال آیا اور انہوں نے اپنے گھر کے صحن میں ایک مسجد بنا لی اور اس میں نماز ادا کیا کرتے اور قرآن پڑھا کرتے۔ انہیں سن کر مشرکوں کی عورتیں اور ان کے بیٹے حضرت ابوبکرؓ کے پاس آن جمع ہوتے اور ان سے تعجب کرتے اور ان کو دیکھتے رہتے اور حضرت ابوبکرؓ بہت رونے والے شخص تھے۔ جب قرآن پڑھتے تو اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھتے اور اس بات نے مشرکین قریش کے بڑے بڑے آدمیوں کو گھبرا دیا۔ انہوں نے ابن الدغنہ کو بلا بھیجا۔ چنانچہ وہ آیا تو انہوں نے کہا ہم نے تو تمہاری پناہ کی وجہ سے ابوبکرؓ کو اس شرط پر پناہ دی تھی کہ وہ اپنے گھر میں ہی اپنے رب کی عبادت کرے۔ مگر وہ اس سے آگے بڑھ گیا ہے اور اس نے اپنے گھر کے صحن میں ایک مسجد بنا لی ہے اور اس مسجد میں نماز اور قرآن اعلانیہ پڑھنا شروع کر دیا ہے اور ہمیں ڈر ہے کہ کہیں وہ ہماری عورتوں اور ہمارے بیٹوں کو بہکا نہ دے۔ اس لئے تم اس کو روک دو۔ پس اگر وہ اس کی پابندی کرنا پسند کرے کہ اپنے گھر میں ہی رہ کر اپنے رب کی عبادت کرتا رہے تو کرے اور اگر اس کے اعلان کرنے پر ہی اصرار کرے تو اسے کہو کہ وہ تمہاری ذمہ داری تمہیں واپس کر دے۔ کیونکہ ہمیں یہ ناپسند ہے کہ ہم تمہاری ذمہ داری کو توڑیں اور ہم تو ابوبکرؓ کو اعلان نہیں کرنے دیں گے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں چنانچہ ابن الدغنہ حضرت ابوبکرؓ کے پاس آیا اور کہنے لگا تمہیں علم ہی ہے کہ جس بات پر میں نے تمہاری خاطر عہد کیا تھا۔ پس یا تو تم اس بات کے پابند رہو اور یا میری ذمہ داری مجھے واپس کر دو۔ کیونکہ میں یہ پسند نہیں کرتا کہ عرب لوگ یہ سنیں کہ ایک شخص کے متعلق کہ جس کی خاطر میں نے عہد کیا تھا میری ذمہ داری توڑ دی گئی ہے۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا اچھا میں تمہیں تمہاری پناہ واپس کرتا ہوں اور اللہ عز و جل کی پناہ پر راضی ہوتا ہوں اور نبی ﷺ ان دنوں مکہ میں ہی تھے۔ نبی ﷺ نے مسلمانوں سے کہا تمہاری ہجرت کا مقام مجھے دکھایا گیا ہے جہاں کھجوریں ہیں اور پتھریلے میدانوں میں واقع ہے اور وہ یہی مدینہ کے دو میدان ہیں۔ تو یہ سن کر جن مسلمانوں سے ہو سکا وہ مدینہ کی طرف ہجرت کر گئے اور جو حبشیوں کے ملک میں ہجرت کر گئے تھے وہ بھی اکثر آخر مدینہ کو لوٹ آئے اور حضرت ابوبکرؓ نے بھی مدینہ جانے کی تیاری کی تو نبی ﷺ نے فرمایا ذرا ٹھہر جائیں۔ کیونکہ میں بھی امید کرتا ہوں کہ مجھے بھی اجازت دی جائے۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا اور کیا آپؐ اس کی امید کرتے ہیں میرے ماں باپ آپؐ پر قربان؟ آپؐ نے فرمایا ہاں۔ چنانچہ حضرت ابوبکرؓ نے رسول اللہ ﷺ کی خاطر اپنے آپ کو روکے رکھا تا وہ آپؐ کے ساتھ ہی جائیں اور دو سواری کی اُونٹنیوں کو جو اُن کے پاس تھیں کیکر کے پتے چار مہینے تک چراتے رہے۔ ابن شہاب کہتے تھے عروہ نے کہا حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں ایک دن ہم حضرت ابوبکرؓ کے گھر ٹھیک دوپہر کے وقت بیٹھے ہوئے تھے، کسی کہنے والے نے حضرت ابوبکرؓ سے کہا رسول اللہ ﷺ اپنے سر پر کپڑا اوڑھے ہوئے آ رہے ہیں۔ آپؐ ایسے وقت آئے کہ جس میں آپؐ ہمارے پاس نہیں آیا کرتے تھے۔ تو حضرت ابوبکرؓ نے کہا میرے ماں باپ آپؐ پر قربان۔ خدا کی قسم! آپؐ جو اس وقت تشریف لائے ہیں تو ضرور کوئی بڑا کام ہے۔ کہتی تھیں اتنے میں رسول اللہ ﷺ آن ہی پہنچے اور اندر آنے کی اجازت مانگی۔ حضرت ابوبکرؓ نے اجازت دی۔ آپؐ اندر آئے۔ نبی ﷺ نے حضرت ابوبکرؓ سے کہا جو تمہارے پاس ہیں انہیں باہر بھیج دو۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپؐ پر قربان۔ گھر میں تو صرف آپؐ ہی کے گھر والے ہیں (یعنی عائشہؓ اور امّ رومانؓ ان کی والدہ) تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مجھے ہجرت کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ تو حضرت ابوبکرؓ نے کہا یا رسول اللہ! مجھے بھی اپنے ساتھ لے چلئے۔ میرے ماں باپ آپؐ پر قربان۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہاں (تم بھی میرے ساتھ چلو۔) پھر حضرت ابوبکرؓ نے کہا میرے ماں باپ آپؐ پر قربان تو پھر میری ان دو سواری کی اونٹنیوں میں سے ایک آپؐ لے لیجئے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا قیمتاً لوں گا۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں چنانچہ ہم نے جلدی سے دونوں کا سامان سفر تیار کر دیا اور ہم نے ان کے لئے توشہ تیار کرکے چمڑے کے تھیلہ میں ڈال دیا۔ حضرت ابوبکرؓ کی بیٹی حضرت اسماءؓ نے اپنے کمر بند سے ایک ٹکڑا کاٹ کر تھیلے کے منہ کو اس سے باندھا، اس لئے ان کا نام ذات النطاق ہوگیا۔ فرماتی تھیں پھر اس کے بعد رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ ثور پہاڑ کی ایک غار میں جا پہنچے اور اس میں تین راتیں چھپے رہے۔ حضرت عبداللہ بن ابوبکرؓ ان دونوں کے پاس جا کر رات ٹھہرتے اور اس وقت وہ چالاک اور ہوشیار جوان تھے اور اندھیرے ہی میں ان کے پاس سے چلے آتے اور مکہ میں قریش کے ساتھ ہی صبح کرتے جیسے وہیں رات گزاری ہے۔ جو تدبیر بھی ان کے متعلق سنتے وہ اس کو اچھی طرح سمجھ لیتے اور جب اندھیرا ہوجاتا تو غار میں پہنچ کر ان کو بتا دیتے اور حضرت ابوبکرؓ کا غلام عامر بن فہیرہؓ بکریوں کے ریوڑ میں سے ایک دودھیل بکری ان کے پاس چراتا رہتا اور جب عشاء کے وقت سے کچھ گھڑی گزر جاتی تو وہ بکری ان کے پاس لے آتا اور وہ دونوں تازہ دودھ پی کر رات گزارتے اور یہ دودھ ان دونوں کی دودھیل بکری کا ہوتا۔ عامر بن فہیرہؓ رات کے پچھلے پہر (گلے میں چلا جاتا اور) بکریوں کو آواز دینا شروع کر دیتا۔ تین رات تک وہ ایسا ہی کرتا رہا اور رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ نے بنودیل کے قبیلہ کے ایک شخص کو راستہ بتانے کے لئے اجرت پر رکھ لیا اور وہ بنو عبد بن عدی سے تھا۔ بہت ہی واقف کار راستہ بتانے کا ماہر تھا۔ خِرِّیت عربی میں اس شخص کو کہتے ہیں جو راہ دکھانے میں ماہر ہو۔ اس شخص نے عاص بن وائل سہمی کے خاندان کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لئے اپنا ہاتھ ڈبویا تھا اور وہ کفار قریش ہی کے مذہب پر تھا۔ آنحضرت ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ دونوں نے اس پر اعتبار کیا اور اپنی سواری کی اونٹنیاں اس کے سپرد کردیں اور اس سے یہ وعدہ ٹھہرایا کہ وہ تین دن کے بعد صبح کے وقت ان کی اونٹنیاں لے کر غار ثور پر پہنچے گا۔ عامر بن فہیرہؓ اور رہبر ان دونوں کے ساتھ چلے۔ وہ رہبر اُن تینوں کو سمندر کے کنارے کے راستہ سے لے کر چلا۔
حدیقۃ الصالحین 3906
ابن شہاب کہتے تھے کہ عبدالرحمٰن بن مالک مدلجی نے جو کہ سراقہ بن مالک بن جعشمؓ کے بھتیجے تھے، بتایا کہ ان کے باپ نے ان کو خبر دی کہ انہوں نے سراقہ بن جعشمؓ سے سنا۔ کہتے تھے کہ ہمارے پاس کفار قریش کے ایلچی آئے جو رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ ان دونوں میں سے ہر ایک کی دیت مقرر کرنے لگے، اس شخص کیلئے جو اُن کو قتل کرے یا قید کرے۔ اسی اثنا میں کہ میں اپنی قوم بنو مدلج کی ایک مجلس میں بیٹھا ہوا تھا کہ ان میں سے ایک شخص سامنے سے آیا اور آکر ہمارے پاس کھڑا ہو گیا اور ہم بیٹھے تھے، کہنے لگا اے سراقہ! میں نے ابھی سمندر کے کنارے کی طرف کچھ آدمی دیکھے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں وہی محمدؐ اور اس کے ساتھی ہیں۔ سراقہؓ کہتے تھے کہ میں نے شناخت کر لیا کہ وہی ہیں مگر میں نے اسے کہا وہ ہرگز نہیں ہیں، بلکہ تم نے فلاں فلاں کو دیکھا ہے جو ہمارے سامنے گئے تھے۔ پھر میں اس مجلس میں کچھ دیر ٹھہرا رہا۔ اس کے بعد اُٹھا اور گھر گیا اور اپنی لونڈی سے کہا میری گھوڑی نکالو، وہ ٹیلہ کے پرے ہی رہے، وہاں اس کو میرے لئے تھامے رکھو۔ چنانچہ میں نے اپنا نیزہ لیا اور اس کو لے کر گھر کے پیچھے کی طرف سے نکلا۔ میں نے نیزے کے بھال کو زمین پر رکھا اور اس کے اوپر کے حصہ کو نیچے جھکایا اور اسی طرح اپنی گھوڑی کے پاس پہنچا اور اس پر سوار ہو گیا۔ میں نے اس کو چمکایا۔ وہ سرپٹ دوڑتی ہوئی مجھے لے گئی۔ یہاں تک کہ جب ان کے قریب پہنچا تو میری گھوڑی نے ایسی ٹھوکر کھائی کہ میں اس سے گر پڑا۔ میں اٹھ کھڑا ہوا اور اپنے ترکش کی طرف ہاتھ جھکا کر میں نے اس سے تیر نکالے اور ان سے فال لی کہ آیا ان کو نقصان پہنچا سکوں گا یا نہیں۔ پس وہی نکلا جسے میں ناپسند کرتا تھا۔ (یعنی فال میرے خلاف نکلی) میں پھر اپنی گھوڑی پر سوار ہو گیا اور پانسے کے خلاف عمل کیا۔ گھوڑی سرپٹ دوڑتے ہوئے مجھے لئے جا رہی تھی اور اتنا نزدیک ہو گیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو قرآن پڑھتے سن لیا۔ آپؐ اِدھر اُدھر نہیں دیکھتے تھے اور حضرت ابوبکرؓ کثرت سے مُڑ مُڑ کر دیکھتے تھے۔ میری گھوڑی کی اگلی ٹانگیں زمین میں گھٹنوں تک دھنس گئیں اور میں اس سے گر پڑا۔ پھر میں نے گھوڑی کو ڈانٹا اور اٹھ کھڑا ہوا اور وہ اپنی ٹانگیں زمین سے نکال نہ سکتی تھی۔ آخر جب وہ سیدھی کھڑی ہوئی تو اس کی دونوں ٹانگوں سے گرد اٹھ کر فضا میں دھوئیں کی طرح پھیل گئی۔ اب میں نے دوبارہ تیروں سے فال لی تو وہی نکلا جسے میں ناپسند کرتا تھا۔ تب میں نے انہیں آواز دی کہ تم امن میں ہو۔ وہ ٹھہر گئے۔ میں اپنی گھوڑی پر سوار ہو کر ان کے پاس آیا۔ ان تک پہنچنے میں جو روکیں مجھے پیش آئیں ان کو دیکھ کر میرے دل میں یہ خیال آیا کہ ضرور رسول اللہ ﷺ کا ہی بول بالا ہوگا۔ میں نے آنحضرتﷺ سے کہا کہ آپؐ کی قوم نے آپؐ کے متعلق دیت مقرر کی ہے اور میں نے ان کو وہ سب چیزیں بتائیں جو کچھ کہ لوگ ان سے کرنے کا ارادہ رکھتے تھے اور میں نے ان کے سامنے زاد اور سامان پیش کیا مگر انہوں نے مجھ سے نہ لیا اور نہ مجھ سے کوئی فرمائش کی سوائے اس کے کہ آنحضرت ﷺ نے یہ کہا کہ ہمارے سفر کے متعلق حال پوشیدہ رکھنا۔ میں نے آنحضرت ﷺ سے درخواست کی کہ آپؐ میرے لئے امن کی ایک تحریر لکھ دیں۔ آپؐ نے عامر بن فہیرہؓ سے فرمایا اور اس نے چمڑے کے ایک ٹکڑے پر لکھ دیا۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ روانہ ہو گئے۔ ابن شہاب کہتے تھے عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ (راستہ میں) حضرت زبیرؓ سے ملے جو مسلمانوں کے ایک قافلہ کے ساتھ شام سے تجارت کر کے واپس آ رہے تھے۔ حضرت زبیرؓ نے رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کو سفید کپڑے پہنائے اور مدینہ میں مسلمانوں نے سن لیا کہ رسول اللہ ﷺ مکہ سے نکل پڑے ہیں اس لئے وہ ہر صبح حرہ میدان تک جایا کرتے اور وہاں آپؐ کا انتظار کرتے رہتے۔ یہاں تک کہ دوپہر کی گرمی انہیں لوٹا دیتی۔ ایک دن ان کا بہت دیر جو انتظار کرنے کے بعد لوٹے اور اپنے گھروں پر جب پہنچے تو ایک یہودی شخص اپنے ایک محل پر کچھ دیکھنے کے لئے چڑھا تو اس نے رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کے ساتھیوں کو دیکھ لیا جو سفید کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ سراب ان سے آہستہ آہستہ ہٹ رہا تھا۔ یہودی سے رہا نہ گیا اور بےاختیار بلند آواز سے بول اُٹھا اے عرب کے لوگو! یہ تمہارا وہ سردار ہے جس کا تم انتظار کر رہے ہو۔ یہ سنتے ہی مسلمان اٹھ کر اپنے ہتھیاروں کی طرف لپکے اور حرہ کے میدان میں رسول اللہ ﷺ کا استقبال کیا۔ آپؐ انہیں ساتھ لئے ہوئے داہنی طرف مڑے اور بنی عمرو بن عوف کے محلہ میں ان کے ساتھ اترے اور یہ دو شنبہ (سوموار) کا دن تھا اور ربیع الاوّل کا مہینہ۔ حضرت ابوبکرؓ لوگوں سے ملنے کے لئے کھڑے ہوئے اور رسول اللہ ﷺ خاموش بیٹھے رہے اور انصار میں سے وہ لوگ جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کو نہیں دیکھا تھا آئے اور حضرت ابوبکرؓ کو سلام کرنے لگے۔ یہاں تک کہ دھوپ رسول اللہ ﷺ پر پڑنے لگی۔ حضرت ابوبکرؓ آئے اور انہوں نے آنحضرت ﷺ پر اپنی چادر سے سایہ کیا۔ اس وقت لوگوں نے رسول اللہ ﷺ کو پہچانا اور رسول اللہ ﷺ بنو عمرو بن عوف کے محلہ میں دس سے کچھ اوپر راتیں ٹھہرے اور وہ مسجد بنائی گئی جس کی بنیاد تقویٰ پر رکھی گئی اور اس میں رسول اللہ ﷺ نے نماز پڑھی۔ پھر آپؐ اپنی اونٹنی پر سوار ہوئے اور لوگ آپؐ کے ساتھ پیدل چلنے لگے اور وہ اونٹنی مدینہ میں وہاں جا کر بیٹھی جہاں اب مسجد نبوی ہے۔ ان دنوں وہاں چند مسلمان نماز پڑھا کرتے تھے اور وہ سہیلؓ اور سہلؓ کے کھجوریں سکھانے کی جگہ تھی جو دو یتیم بچے حضرت سعد بن زرارہؓ کی پرورش میں تھے۔ جب آپؐ کی اونٹنی نے آپؐ کو وہاں بٹھا دیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اگر اللہ نے چاہا تو یہیں ہماری قیام گاہ ہو گی۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے ان دو لڑکوں کو بلا یا اور ان سے اس جگہ کی قیمت دریافت کی تا اسے مسجد بنائیں تو ان دونوں نے کہا نہیں یا رسول اللہ! ہم آپؐ کو یہ زمین مفت دیتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے ان سے یہ زمین مفت لینے سے انکار کیا اور اسے ان سے خریدا اور پھر وہاں مسجد بنائی اور رسول اللہ ﷺ اس مسجد کے بنانے کے لئے لوگوں کے ساتھ اینٹیں ڈھونے لگے اور جب اینٹیں ڈھو رہے تھے تو ساتھ ساتھ کہتے جاتے ’’یہ بوجھ خیبر کے بوجھ جیسا نہیں بلکہ اے ہمارے ربّ! یہ بہت بھلا اور پاکیزہ ہے‘‘ نیز فرماتے تھے ’’اے اللہ! اصل ثواب تو آخرت کا ثواب ہے اس لئے تو ان انصار اور مہاجرین پر رحم فرما‘‘ آنحضرت ﷺ نے مسلمانوں میں سے ایک شخص کے شعر پڑھے۔ اس کا نام مجھے نہیں بتلایا گیا۔ ابن شہاب نے کہا اور نہ ہی ہمیں دوسری احادیث سے یہ معلوم ہوا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے سوائے ان اشعار کے کبھی کوئی مکمل شعر کسی کا پڑھا ہو۔
حدیقۃ الصالحین 3615
حضرت براء بن عازبؓ کہتے تھے کہ حضرت ابوبکرؓ رضی اللہ عنہ میرے باپ کے پاس ان کے مکان میں آئے اور اس سے ایک پالان خریدی۔ انہوں نے حضرت عازبؓ سے کہا اپنے بیٹے کو میرے ساتھ بھیجو کہ وہ میرے ساتھ یہ اُٹھا کر لے جائے۔ حضرت براءؓ کہتے تھے چنانچہ میں ان کے ساتھ پالان اُٹھا کر لے گیا اور میرے باپ اس کی قیمت پر کھوانے کے لئے نکلے تو میرے باپ نے ان سے کہا ابوبکرؓ! وہ واقعہ تو مجھے بتائیں کہ جب آپؓ نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ سفر کیا تھا تو آپ دونوں نے کیا کِیا تھا؟ انہوں نے کہا ہاں ہم رات بھر چلتے رہے اور دوسرے دن بھی اس وقت تک کہ جب ٹھیک دوپہر کا وقت ہوگیا اور راستہ بالکل خالی ہوگیا۔ کوئی بھی اس پر نہیں گذرتا تھا اور ہمیں ایک لمبی چٹان دکھائی دی جس کا سایہ تھا۔ وہاں دھوپ نہیں آئی تھی۔ ہم اس کے پہلو میں اُترے اور میں نے نبی ﷺ کے لئے جگہ اپنے ہاتھ سے درست کی تا آپؐ وہاں سوئیں اور میں نے اس جگہ پر پوستین بچھا دی اور کہا یا رسول اللہ! سو جائیں اور میں آپؐ کے اردگرد سب طرف نگاہ رکھوں گا (یعنی پہرہ دوں گا۔) آپؐ سوگئے اور میں آپؐ کے اردگرد نگاہ ڈالنے کی نیت سے نکلا۔ میں نے اچانک کیا دیکھا کہ ایک چرواہا اپنی بکریاں لئے اسی چٹان کی طرف سامنے سے آرہا ہے۔ وہ بھی اس چٹان کے سایہ میں اسی طرح ٹھہرنا چاہتا تھا جس طرح ہم نے چاہا۔ میں نے پوچھا لڑکے تم کس کے ہو؟ اس نے کہا مدینہ والوں میں سے ایک شخص کا، یا (کہا) مکہ کے ایک شخص کا۔ میں نے پوچھا کیا تمہاری بکریوں میں دودھ ہے؟ اس نے کہا ہاں۔ میں نے کہا پھر کیا تم دودھ دوہو گے؟ اس نے کہا ہاں۔ اس نے ایک بکری لی۔ میں نے کہا تھن کو مٹی، بال، کیچڑ وغیرہ سے صاف کر دو۔ ابواسحاق کہتے تھے میں نے حضرت براءؓ کو دیکھا کہ وہ اپنے ایک ہاتھ کو دوسرے پر مار کر جھاڑتے تھے۔ اس نے لکڑی کے ایک پیالے میں تھوڑا سا دودھ دوہا۔ میرے پاس چھاگل تھی (سفر میں) مَیں نبی ﷺ کے لئے اُٹھا لایا تھا تا آپؐ اس سے سیر ہو کر پانی پئیں اور وضو کریں۔ میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور میں نے پسند نہ کیا کہ آپؐ کو جگاؤں۔ میں آپؐ کے پاس اس وقت آیا جب آپؐ خود جاگے۔ میں نے کچھ پانی دودھ پر ڈالا۔ یہاں تک کہ وہ نیچے تک ٹھنڈا ہوگیا۔ میں نے کہا یا رسول اللہ! پیجئے۔ (حضرت ابوبکرؓ کہتے تھے) آپؐ نے اتنا پیا کہ میں خوش ہوگیا۔ پھر آپؐ نے فرمایا کیا ابھی کوچ کا وقت نہیں آیا؟ میں نے کہا ہاں آگیا ہے۔ کہتے تھے جب سورج ڈھل چکا تو ہم وہاں سے روانہ ہوگئے اور سراقہ بن مالک ہمارا تعاقب کر رہا تھا۔ میں نے کہا یا رسول اللہ! ہمیں دشمن نے پالیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا غم نہ کریں۔ اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ نبی ﷺ نے اس کے خلاف دعا کی تو اس کا گھوڑا اس کے سمیت اپنے پیٹ تک سخت زمین میں دھنس گیا۔ زُہَیر نے شک کیا کہ آیا سخت کا لفظ کہا تھا یا نہیں۔ سراقہ کہنے لگا میں سمجھتا ہوں کہ آپ دونوں نے مجھ پر بددعا کی ہے۔ اس لئے میرے لئے اب دعا کریں۔ اللہ کے نام کا یہ وعدہ آپ سے کرتا ہوں کہ میں تعاقب کرنے والوں کو تم سے واپس کردوں گا۔ چنانچہ نبی ﷺ نے اس کے لئے دعا کی اور اس نے چھٹکارا پایا تو وہ جس کسی سے بھی ملتا یہی کہتا میں تمہاری جگہ دیکھ آیا ہوں۔ چنانچہ وہ جس کسی کو بھی ملتا، اسے واپس کر دیتا۔ کہتے تھے اور اس نے ہم سے وفاداری کی۔
حدیقۃ الصالحین 4234
حضرت عقبہ بن عامرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ ایک دن باہر تشریف لے گئے اور اُحد (میں شہید ہونے) والوں کی نمازِ جنازہ پڑھی۔ پھر آپؐ منبر کی طرف واپس تشریف لائے اور فرمایا میں تمہارے لئے پیش رو ہوں اور میں تم پر گواہ ہوں خدا کی قسم میں اس وقت اپنے حوض کو دیکھ رہا ہوں اور مجھے زمین کے خزانوں کی کنجیاں دی گئی ہیں یا (فرمایا) زمین کی کنجیاں۔ اور اللہ کی قسم مجھے تمہارے بارہ میں یہ ڈر نہیں کہ میرے بعد شرک کرو گے لیکن مجھے تمہارے بارے میں یہ ڈر ضرور ہے کہ تم ان کے لئے آپس میں مقابلہ کرنے لگو گے۔
حدیقۃ الصالحین 4085
حضرت عقبہؓ (بن عامر) سے روایت ہے کہ نبی ﷺ ایک دن باہر آئے اور اُحد والوں کی نماز جنازہ اسی طرح پڑھی جس طرح کہ میت کی پڑھا کرتے تھے، پھر آپؐ منبر پر تشریف لائے اور فرمایا کہ میں تمہارا پیش رَو ہوں اور میں تمہارے لئے گواہی دوں گا اور میں اس وقت اپنے حوض کو دیکھ رہا ہوں اور مجھے زمین کے خزانوں کی چابیاں دی گئی ہیں یا (فرمایا) زمین کی چابیاں اور (فرمایا) اللہ کی قسم! تمہارے متعلق مجھے یہ خوف نہیں کہ تم میرے بعد مشرک ہو جاؤ گے بلکہ تمہارے متعلق اس بات کا ڈر ہے کہ کہیں تم دنیا میں ایک دوسرے سے بڑھ کر حرص نہ کرنے لگو۔